اردو دنیا،اکتوبر2026:
تاریخ ادب اردو شاہد ہے کہ یاس یگانہ چنگیزی کو زیر اور ان کے قد کو کم کرنے کے لیے ان کا پورا ادبی عہد مصروفِ کار تھا۔ ایسے میں ان کی شاعرانہ عظمت پر توجہ دینے والا ایک کشادہ ذہن، کشادہ قلب اور انصاف پسند فنکار سامنے آیا جس نے نہ صرف یاس یگانہ کی حمایت کی بلکہ ان کی شاعری کے مقام و مرتبے کی تفہیم کے لیے ایک پوری کتاب تصنیف کردی اور وہ فنکار تھا اردو اور ہندی کا معروف ناول نگار، ڈراما نگار، مکالمہ نگار اور شاعر راہی معصوم رضا۔
اس سے قبل کہ یاس یگانہ کی ذات اور ان کی ادبی خدمات کے متعلق راہی کے معروضی اور غیرجانبدارانہ خیالات سے استفادہ کیا جائے، ضروری معلوم ہوتا ہے کہ یگانہ کے ادبی مناقشے اور دیگر احوال پر مختصر روشنی ڈالی جائے۔
لکھنؤ میں سکونت کے دوران یگانہ نے احساسِ ذات اور یاسِ خودی کا اظہار اس شدت سے کیا کہ ان کے مقامی معاصر شعرا ان سے بدظن ہوگئے۔ وہ پہلے سے ہی احساسِ برتری اور دبستانی اختصاص کے سبب کسی کو نہیں گردانتے تھے، اس پر غضب یہ ہوا کہ عظیم آباد کا ایک شاعر ان کی شاعری اور زبان دانی پر نہ صرف کلام کرنے لگا بلکہ ان کی غالب پرستی کو بھی نشانہ بنانے لگا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ معرکے، مجادلے اور مناقشے کا وہ سلسلہ شروع ہوا جو یگانہ کی موت پر جاکر ختم ہوا اور وہ شاعر ادبی معرکوں اور تنازعات کا محض ایک تاریخی حوالہ بن کررہ گیا۔ جب کہ اصل یہ ہے کہ یگانہ اپنے عہد کا ایک بڑا اور قادرالکلام شاعر تھا مگر اس کی شاعری چشمکوں اور معرکوں کے شور میں دب کر رہ گئی۔ یگانہ کو اگر تھوڑی بہت شہرت ملی تو وہ ’غالب شکن‘ اور ’شہرتِ کاذبہ‘ کی وجہ سے ملی، اور کمال ہے کہ انھیں تصنیفات نے ایک ایسی زمین تیار کردی جو میدانِ جنگ بن کر رہ گئی۔ مرزا غالب یگانہ کے ہم عصر شعرا کے لیے آئیڈیل تھے۔ اس لیے یگانہ نے قصداً غالب کو اپنا ہدف بنایا تھا کہ اپنے معاصرین کو زیر کرسکیں۔ حالانکہ ادب میں اس طرح کا رویہ مستحسن نہیں ہوسکتا، لیکن اس کا کیا کیا جائے کہ یگانہ کے مزاج میں حد درجہ کجی تھی، ساتھ میں جنگجویانہ انداز و ڈھب الگ سے تھا۔ حالانکہ وہ غالب کے کلیتاً منکر نہیں تھے۔ اس ضمن میں ان کا ایک مضمون بعنوان ’میرزا غالب اور میں‘ رسالہ مخزن میں شائع ہوا تھا جس میں انھوں نے اصل صورت حال کی توضیح پیش کی تھی اور اسے ڈاکٹر نجیب جمال نے نقل کیا تھا۔ ملاحظہ کریں:
’’میں نے غالب پر جو کچھ لکھا وہ بعض مقامی ضرورتوں سے مجبور ہوکر لکھا جس سے محض لکھنؤ کے چند نافہموں کی چشم کشائی مقصود تھی۔ یہ بحث صفی و عزیز و ثاقب کی چشم کشائی کے لیے چھیڑی گئی تھی، اور آج ختم ہوگئی۔‘‘ (رسالہ مخزن، جون 1918، ص 52)
یگانہ کا مسئلہ یہ تھا کہ وہ اپنے دور سے بالکل الگ مزاج اور سوچ رکھتے تھے۔ انھوں نے الگ الگ وقتوں میں عظیم آباد، کلکتہ، علی گڑھ، حیدرآباد، لکھنؤ اور لاہور جیسے بڑے شہروں میں سکونت اختیار کی۔ مگر حیرت کی بات ہے کہ کوئی جگہ انھیں راس نہیں آئی۔ ان کی پوری زندگی بیگانگی اور تنہائی کا شکار رہی۔ ان کے یہاں احساسِ تفاخر اس قدر حاوی تھا کہ انھیں نہ کوئی جگہ جچی اور نہ کوئی فنکار۔ وہ میر و غالب اور پھر اقبال جیسے شعرا کے مقابل میں یا تو خود کو کھڑا کرتے رہے یا ان کو کم تر آنکتے رہے اور اپنی انا کی تسکین کا سامان فراہم کرتے رہے۔ خود کو کبھی لسان العصر، ابوالمعانی اور امام الغزل قرار دیتے رہے، اور معاصرینِ کو اکساتے رہے ؎
کون ہوں، کیا ہوں دیکھ لیں اہلِ نظر
آبروئے لکھنؤ، خاکِ تنظیم آباد ہوں
ان سطور میں جیسا کہ ظاہر ہے یگانہ کی زیادہ تر ادبی لڑائیوں اور چشمکوں کی طرف اشارے کیے گئے ہیں، لیکن میں یگانہ کے ان حامیان کا بھی ذکر کرنا چاہوں گا جنھوں نے ان کے شاعرانہ مرتبے اور ان کی لسانی مہارتوں کا اعتراف کیا ہے۔ ان میں نیاز فتح پوری، مجنوں گورکھپوری، شاہد احمد دہلوی، عبدالماجد دریابادی، آل احمد سرور اور باقر مہدی کے ساتھ ڈاکٹر راہی معصوم رضا کے نام بھی آتے ہیں۔ یاس یگانہ چنگیزی کے متعلق راہی کی کتاب شاہین پبلشر کے زیراہتمام 1967 میںالہ آباد سے شائع ہوئی۔ اس کتاب کے ابتدائیہ میں راہی نے اس کی وجہ تخفیف بیان کرتے ہوئے لکھا ہے:
’’یگانہ چنگیزی پر مقالہ لکھنے کی ضرورت اس لیے محسوس ہوئی کہ یگانہ ایک بحث طلب شخصیت ہے۔ ان کے بارے میں نہ تو ان کی زندگی میں غیرجانبداری اور ناقدانہ ہمدردی سے سوچا گیا اور نہ ان کے مرنے کے بعدیا غالب شکن اور ’شہرت کاذبہ‘ کے ہنگاموں میں یہ بات تقریباً نظرانداز کردی گئی کہ یگانہ شاعر بھی تھے… اس کتاب کا مقصد یہی ہے کہ یگانہ اور ان کی شاعری کو سمجھنے اور پرکھنے کی کوشش کی جائے، ان کی خوبیوں اور خامیوں کا تجزیہ کیا جائے اور جدید اردو شاعری میں ان کے مقام کا تعین کیا جائے… میں نے کوشش کی ہے کہ بزمِ شعر میں یگانہ کو وہ جگہ مل جائے جس پر ان کا حق ہے۔‘‘
(یاس یگانہ چنگیزی: راہی معصوم رضا، الہ آباد، 1967، ص 8)
راہی معصوم رضا نے ابتدائً یگانہ کے سوانحی احوال اور ان کے عصری پس منظر کو صراحت کے ساتھ بیان کیا ہے۔ بعدازاں ان کی شاعری کو دو حصوں یعنی ’یاس عظیم آبادی‘ اور پھر ’یگانہ ’چنگیزی‘ کا بہت ہی معروضیت کے ساتھ جائزہ پیش کیا ہے۔ ان کی تحریر سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ کیا حالات تھے جنھوں نے یاس کو یگانہ بنا دیا— یگانہ عظیم آباد میں علامہ جمیل مظہری کے شاگرد تھے اور انھیں اس بات پر فخر تھا کہ اپنے عہد کے ایک استاد فن اور عظیم المرتبت شاعر کے آگے انھوں نے زانوئے ادب تہہ کیا تھا۔ حالانکہ جمیل مظہری کے یہاں موضوعات کا تنوع تھا اور اس پر مستزاد یہ کہ تشکیک کا بڑا غلبہ تھا، لیکن شاگرد نے استاد سے صرف فن لیا، ان کا نظریہ اور اسلوب نہیں؟ یگانہ کی شاعری پڑھیں یا نثر، ان کے یہاں نہ کوئی روایتی انداز و اسلوب ہے اور نہ کوئی بندھا ٹکا نظریہ یا رجحان۔ وہ اپنے موقف کی ترسیل کے دوران ہر طرح کی بندش اور قدغن سے آزاد ہیں۔ وہ زندگی کو متحرک اور ناقابلِ فن تصور کرتے ہیں اور ہر لمحہ زندگی اور انسانیت کی بقا اور اس کے ارتقا میں یقین رکھتے تھے۔ اس بات کو انھوں نے اپنی تصنیف آیات وجدانی (ص 62) میں بھی فرمایا تھا کہ انسانیت جب تک زندہ ہے، پچھلے سبق سے آگے بڑھنے کی کوشش کرتی رہے گی۔ مثال کے طور پر یہ اشعار دیکھیے ؎
رفتارِ زندگی میں سکوں آئے کیا مجال
طوفان ٹھہر بھی جائے تو دریا بہا کرے
کارگاہِ دنیا کی نیستی بھی ہستی ہے
اک طرف اجڑتی ہے، اک سمت بستی ہے
وہی نیرنگیٔ طسم ہوا
موج کیا اور بُلبلا کیا ہے
موج ہوائے خاک اگر آشنا نہ ہو
دنیائے گرد و باد کی نشو و نما نہ ہو
صورت نہ پکڑے جلوۂ بے معنیٔ حباب
قطرہ اگر اسیرِ طلسمِ ہوا نہ ہو
ہمیں اس امر کا احساس کراتے ہیں کہ یگانہ نہ صرف زندگی کے مختلف رنگوں سے واقف ہیں بلکہ ان رنگوں کو مزید گہرا ہوتا ہوا دیکھنا بھی پسند کرتے ہیں۔ ان اشعار کے متعلق راہی معصوم رضا کا خیال ہے کہ زندگی کا ارتقا اور جذبۂ انسانیت کسی سماجی شعور کے راستے نہیں آیا ہے بلکہ وہ ان کی غیرت کے راستے آیا ہے اور اس جذبے نے یاس کا ساتھ جبھی نہیں چھوڑا۔ یگانہ نے بہت بلندی سے چیزوں کو دیکھا اور محسوس کیا۔ جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ انھیں ہر چیز چھوٹی اور معمولی نظر آئی۔ شاید یہی سبب تھا کہ وہ اپنے عہد کی مروجہ عشقیہ شاعری سے بہت اوپر اٹھ گئے۔ ان کے یہاں لب و رخسار اور گل و بلبل کے ذکر و اذکار کی کوئی گنجائش نہ تھی اور اگر کبھی بھولے سے حسن کا ذکر بھی کیا تو ہمیشہ عشق کو ہی مقدم رکھا۔ راہی نے یاس عظیم آبادی کے اور بھی بہت سے اشعار نقل کیے ہیں اور یہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ یاس یگانہ نے پرانے بتوں کو توڑنے کا کام کیا ۔ سب سے پہلے تشبیب کو درکنار کیا۔ اس کے بعد تمام روایتی موضوعات سے دوری بنائی اور پھر حقائق کی ترجمانی کو اصل شاعر ی کا جوہر قرار دیا۔ جیسا کہ اوپر عرض کیا گیا کہ یاس کے یہاں زندگی کو اولیت حاصل ہے اس لیے حسن و عشق دونوں کے لیے ان کا رویہ حقارت آمیز ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ ’آیاتِ وجدانی‘ میں انھوں نے فرمایا کہ:
’’غزل بہت وسیع چیز ہے۔ محض عورت اور مرد کے معاملات تک محدود نہیں…. حقیقی شاعری کے لیے زندگی کے حقائق کیا کم ہیں کہ انھیں چھوڑ کر رومان کی طلسم بندیوں سے دل بہلایا جائے۔‘‘
(آیاتِ وجدانی (جدید)، یگانہ چنگیزی، ص 134-59)
حالانکہ یاس کا یہ نظریہ ہماری پوری غزلیہ روایت کی نفی ہے، مگر چونکہ وہ حسن و عشق کے شعور میں زندگی اور اس کے تعمیری پہلوؤں کو اجاگر کررہے تھے، اس لیے بعض پارکھی نظروں نے اس کی قدر بھی کی اور ستائش بھی۔ مثلاً مجنوں گورکھپوری کا یہ اقتباس دیکھیں:
’’غزل جو اب تک صرف حسن و عشق کی شاعری سمجھی جاتی رہی ہے، یگانہ نے اسے زندگی کی شاعری بنا دیا انسان و کائنات کے ہستی کے رموز و اشارات کو اپنی غزلوں کا موضوع قرار دیا…یگانہ پہلے شاعر ہیں جو ہم کو زندگانی کا ’جبروتی‘ رخ دکھاتے ہیں اور ہمارے اندر سعی و پیکار کا ولولہ پیدا کرتے ہیں۔‘‘
(آیاتِ وجدانی و جدید، مجنوں گورکھپوری، ص 1)
اس اقتباس کے متعلق راہی فرماتے ہیں کہ یاس کی شاعری کے متعلق مجنوں نے بہت ہی اچھی اور مناسب تاویل پیش کی ہے۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ یاس کی کجی اور ضد نے ان کے کلام میں جو حسن اور توانائی پیدا کی اسے مجنوں نے دیکھ لیا تھا جب کہ باقر مہدی اس کو نہیں دیکھ پائے۔ اس لیے یہ بات بلا تردد کہی جاسکتی ہے کہ یاس کی شاعری کا جو حسن ہے، اس میں نرمی، معصومی اور سپردگی کا خمیر نہیں ہے۔ بطور مثال یہ رباعی ملاحظہ کریں ؎
سنتے نہیں پھر جو ہم بگڑ جاتے ہیں
دشمن ہو کہ دوست سب سے لڑ جاتے ہیں
ہلنے کے نہیں اپنی جگہ سے کبھی یاس
ہٹتے نہیں جب بات پہ اڑ جاتے ہیں
یہ رباعی ایک طرح سے یاس کی پوری زندگی اور شخصیت کی تفسیر ہے۔ یہاں راہی یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ یاس لکھنؤ میں سکونت سے قبل بھی نہ صرف خودپسند تھے بلکہ باغیانہ مزاج بھی رکھتے تھے اور اس باغیانہ مزاج اور خودپسندی کو وہ سرکش قرار دیتے ہیں نیز اس خودپسندی اور بغاوت کو وہ یاس کی شاعری کا بنیادی پتھر بھی ثابت کرتے ہیں۔ انھوں نے یاس کی ایک بڑی خصوصیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ باغی اور سرکش ضرور تھے مگر وہ جس معاشرے میں رہتے تھے، اس کے ساتھ انھوں نے کبھی بغاوت یا غداری نہیں کی۔ ان کا مزاج سب کو ساتھ لے کر چلنے والا تھا، یعنی وہ ’واسودیو کٹمبکم‘ (Vasudhaiva Kutumbakam) کے نظریے کے حامی تھے۔ یگانہ ایک ایسے معاشرے کا خاکہ اپنے ذہن میں رکھتے تھے جو نہ مسلم معاشرہ ہو، نہ ہندو معاشرہ ہو اور نہ آریہ سماجی معاشرہ ہو، بلکہ وہ آدم معاشرہ ہو۔ اس دعوے کی دلیل کے طور پر وہ یاس کے چند اشعار نقل کرتے ہیں ؎
بندے نہ ہوں گے جتنے خدا ہیں خدائی میں
کس کس خدا کے سامنے سجدہ کرے کوئی
کیا خبر تھی یہ خدائی اور ہے
ہائے میں نے کیوں خدا لگتی کہی
دہائی ہے دلِ درد آشنا دہائی ہے
کہ آہِ سرد پہ تہمت ہے دل دکھانے کی
راہی نے یاس کے یہاں احساسِ تنہائی اور شدتِ اَنا کا ذکر کئی مقامات پر کیا ہے، یعنی یہ چیزیں لکھنؤ پہنچنے سے پہلے بھی ان کے اندر موجود تھیں۔ ان کے مطابق یاس سماجی اور سیاسی معاملات سے بے خبر نہیں تھے، لیکن ملک میں چلنے والی تحریکوں سے علاحدگی نے ان کے اندر تنہائی کا ایک شدید احساس پیدا کردیا تھا اور یہی وجہ تھی کہ ان کے اندر انا کا نشتر اور تیز ہوگیا تھا مگر یہاں یاس کے مزاج اور نفسیات پر غور کرنا ہوگا۔ انھیں تنہائی عزیز تھی اور وہ قصداً اپنے خول میں سمٹ کر رہنا پسند کرتے تھے۔ وہ یہ ضرور چاہتے تھے کہ ان کے اشعار لوگوں تک پہنچیں، لیکن وہ جان بوجھ کر اپنے قارئین اور سامعین سے دور رہنا چاہتے تھے۔ اب اسے یاس کی انفرادیت کہیں یا کلبیت، کہنا مشکل ہے۔
راہی نے یگانہ کو اردو کے جدید شعرا میں نہ صرف اہم قرار دیا ہے بلکہ ان کے دورِ دوم کی شاعری کو زیادہ قابلِ قدر ثابت کیا ہے، مگر یہاں آکر ان کی راہ میں کئی رکاوٹیں آئیں۔ لکھنؤ میں مخالفین کی یلغار نے انھیں اکسایا اور انھوں نے نہ صرف اپنے مقامی معاصرین بلکہ فراق و جوش جیسے مشاہیر کو بھی نشانے پر لیا اور انھیں کچا اور ناپختہ شاعر گردانا۔ یگانہ کے اس انحرافی رویے نے بہتیرے شعرا کو ناراض کردیا۔ جواب میں ان کے مخالفین نے بھی انھیں نشانہ بنایا اور غالب شکنی کے الزام میں ہر طرف سے معتوب بھی کیا۔ اس طرح یگانہ کے شاعرانہ جوہر اور ان کی خدادادصلاحیت، دونوں کو نقصان پہنچا۔ اس ضمن میں راہی کا یہ اقتباس صورت حال کی حقیقی عکاسی کرتا ہے:
’’انھیں غالب کے پرستاروں نے دھکا دے کر غالب شکنی کے کگار تک پنچا دیا۔‘‘
(یاس یگانہ چنگیزی، راہی معصوم رضا، ص 209)
اس کے بعدترقی پسند مصنّفین نے بھی یگانہ کو پورے طور پر اپنے نشانے پر لیا اور ان کی شاعرانہ حیثیت کو خاک میں ملانے کا کام کیا۔ وہ اس لیے کہ یگانہ ترقی پسند تحریک کو ادب کے لیے غیرضروری اور ضرر رساں تصور کرتے تھے، لیکن ان تمام نامساعد حالات کے باوجود یگانہ کی شاعری کے مداحوں کی بھی کمی نہیں تھی— راہی معصوم رضا نے اپنی تصنیف ’یاس یگانہ چنگیزی‘ میں اس بات کی وضاحت کی کہ یگانہ کے شاعرانہ مقام و مرتبے تک پہنچنے کے لیے ان کے متنازعہ بیانات اور ان کی ادبی جنگوں سے باہر نکلنا ہوگا۔ تب ہی جاکر ان کے ساتھ انصاف ہوگا۔ اس ضمن میں وہ فرماتے ہیں کہ ’آیاتِ وجدانی‘ اور ’نشتر یاس‘ یگانہ شناسی کے لیے بہت اہم حوالے ہیں، اس لیے ان پر توجہ مرکوز رکھنی ہوگی۔ وہ یگانہ کی شاعری کا جائزہ لیتے ہوئے رقمطراز ہیں:
’’یگانہ چنگیزی زمانے کے سرد و گرم سے متاثر ہوئے، لیکن وہ زندگی جیسی نعمت سے آزردہ نہیں ہوئے۔ زندگی جیسی نعمت سے آزردہ نہ ہونا بڑی حرارت کا کام ہے۔ یہ وہ بنیادی قدر ہے جس پر یاس کی شاعری کی ٹھوس عمارت کھڑی ہے… یاس کی شاعری کا حسن اس کی توانائی میں ہے اور وطن کی تعمیر نو کے اس عہد میں ہمیںا س توانائی کی ضرورت ہے، جو ہمیںسرد و سرگرم سے متاثر ہونے کے باوجود یہ سکھائے کہ زندگی جیسی نعمت سے آزردہ نہیں ہوا کرتے۔‘‘
(یاس یگانہ چنگیزی: راہی معصوم رضا، ص 62)
مذکورہ بالا اقتباس کی روشنی میں اگر یاس یگانہ کے شعری سرمایے پر نظر ڈالی جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ انھوں نے اپنی غزلوں اور رباعیوں کے ذریعے اپنے عہد اور بعد کے معروف شعرا کو بڑے پیمانے پر متاثر کیا۔ جوش اور فراق کا ذکر اوپر آچکا ہے۔ حالانکہ ان کے اور جوش و فراق کے راستے الگ الگ تھے مگر فکری اعتبار سے یگانہ مذکورہ دونوں مشاہیر سے قریب ہیں۔
اب یہاں مشتے نمونہ از خروارے کے طور پر یاس یگانہ کی چند رباعیاں ملاحظہ کرلیں ؎
ساجن کو سکھی منا لو، پھر سو لینا
سوتی قسمت جگا لو پھر سو جانا
سوتا سنسار سننے والا بیدار
اپنی بیتی سنا لو پھر سوجانا
——
دنیائے دنی مجھ سے عداوت رکھے
جھوٹی سچی ہزار تہمت رکھے
تیرے دم سے ہے اپنی دنیا آباد
اے درد! خدا تجھے سلامت رکھے
——
وہ مست کہ بے پیے چھلکتا جائے
نشہ میں شباب کے بہکتا جائے
آئینہ کا سامنا کرے گا کیوں کر
اپنے سائے سے جو بھڑکتا جائے
ان رباعیوں کے غائر مطالعے سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان کا اچھا خاصا اثر فراق اور ان کے ’روپ‘ کی رباعیوں پر پڑا۔ کچھ یہی حال جوشؔ کا بھی ہے۔ وہ بھی کہیں نہ کہیں یگانہ سے متاثر دکھائی دیتے ہیں۔ یہ یگانہ کا ہی اثر تھا کہ جوش نے ایک فلم ’من کی جیت‘ کے لیے جو گانا لکھا اس میںا یک بول اس طرح تھا کہ یگانہ کے ایک شعر کا پورا مصرعہ اس میں آگیا۔ جوش کے گانے کا بول تھا ؎
دنیا یہی دنیا ہے تو کیا یاد رہے گی
اب یگانہ کا پورا شعر دیکھیں ؎
ہر شام ہوئی صبح تو اک خوابِ فراموش
دنیا یہی دنیا ہے تو کیا یاد رہے گی
راہی معصوم رضا نے یہاں یہ باور کرانے کی کوشش کی ہے کہ یگانہ صرف ایک متنازعہ شخصیت نہیں تھے بلکہ وہ ایک منجھے ہوئے قادرالکلام شاعر بھی تھے، نیز یہ کہ ان کے افکار اور لب و لہجے سے ان کے ہمعصروں اور بعد کے شاعرو ںنے بھی استفادہ کیا۔ جہاں تک یگانہ چنگیزی کی غزلیہ شاعری کا تعلق ہے، تو اس سلسلے میں بھی راہی نے کھل کر اظہارِ خیال کیا ہے۔ انھوں نے یاس یگانہ کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے لکھا کہ انھوں نے لکھنؤ والوں کی سطحی جذباتیت اور لفظی بازیگری سے باہر نکل کر زندگی کی سنگلاخ زمین پر قدم رکھا۔ یہی نہیں، انھوں نے غزل کو اس کے مستقل کرداروں کے انجمن سے باہر نکالا۔ یعنی یاس یگانہ کے یہاں ناصح، واعظ، رقیب، ترک بچہ، نحیف اور بے غیرت عاشق نظر نہیںا ٓتے۔
اخیر میں اب اتمامِ حجت کے طور پر یاس یگانہ کے چند غزلیہ اشعار ملاحظہ کریں۔ ان اشعار کی قرأت سے اندازہ ہوجائے گا کہ یہ نہ صرف موضوعات اور لب و لہجے کے اعتبار سے الگ ہیں بلکہ اپنے پیش روؤں اور ہم عصروں سے بھی جدا اور منفرد ہیں ؎
دنیا سے یاس جانے کو جی چاہتا نہیں
اللہ رے حسن گلشنِ ناپائیدار کا
——
سایۂ دیوار سے لپٹے پڑے ہو خاک پر
اٹھ چلو ورنہ وہ کافر بدگماں ہوجائے گا
——
دردِ دل صیاد کو کچھ کچھ سنایا جائے
گھٹ کے مر جاؤں تو پھر لطفِ گرفتاری نہیں
——
پھاڑے کھاتی ہے ہمیں یہ ملگجی پوشاک یاس
جامۂ تن بتاؤ دھجیاں کیوں کر کریں
Dr. Nassem Ahmad Naseem
Kali Bagh, Bettiah
West Chmparan- 845438 (Bihar)
Mob.: 7011548240
E-mail: ahmad.naseem7011@gmail.com


