اردو دنیا،اکتوبر2026:
ممتاز ادیب، شاعر اور مکالمہ نویس راہی معصوم رضا یکم اگست1926کو غازی پور کے گاؤں گنگولی میں پیدا ہوئے تھے ۔ اس اعتبار سے 2026 ان کی صدی سالگرہ کا سال ہے ۔ کئی ادبی اداروں نے ان کی سالگرہ کا جشن منانے کے لیے خصوصی پروگراموں اور اشاعتوں کا اہتمام کیا ہے۔ اس موقع پر وہ تمام باتیں اور تنازعات ایک ساتھ منظر عام پر آگئے ہیں جن کا تعلق راہی کی شخصیت اور ادبی زندگی سے ہے۔ راہی اردو اور ہندی کی مشترکہ گنگا جمنی تہذیب کی پیداوار تھے اور وہ تمام زندگی اس کی آبیاری کرتے رہے۔ وہ خالص ارد و کے ادیب تھے اور اسی میں ان کی تعلیم وتربیت بھی ہوئی تھی مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کی پذیرائی اردو سے زیادہ ہندی حلقوں میں ہوئی او ر اس حدتک ہوئی کہ لوگ انھیں ہندی کا ادیب سمجھنے لگے۔ ان کا شہرہ آفاق ناول ’’آدھاگاؤں ‘‘ بھی پہلی بار ہندی میں شائع ہوا اور اس کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس کے 10 ایڈیشن شائع ہوئے اور دس لاکھ سے زیادہ نسخے فروخت ہوئے جو اپنے آپ میں ایک ریکارڈ ہے۔ شاید ہی کسی اردو ادیب کو ہندی میں اتنی مقبولیت اور پذیرائی ملی ہو۔ ان کی شہرت کا دوسرا بڑا حوالہ ٹی وی سیریل ’مہابھارت ‘ہے، جس نے مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔ اس مقبول عام ٹی وی سیریل کے مکالمے راہی نے لکھے تھے اورکچھ لوگوں کو اس بات پر سخت اعتراض تھا کہ ’مہابھارت ‘ جیسے مذہبی رزمیہ کے مکالمے ایک مسلمان کیسے لکھ سکتا ہے۔ ’مہابھارت ‘ کے پروڈیوسر، ڈائرکٹر بی آر چوپڑہ کو اس سلسلے میں خاصی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا اور ان پر مکالمہ نگار تبدیل کرنے کا دباؤ بھی پڑامگر انھوں نے رجعت پسندوں کے آگے سرنگوں نہیں کیا ۔
راہی کی سب سے زیادہ تخلیقات چونکہ ہندی میں شائع ہوئی ہیں ، اس لیے بیشتر لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ وہ ہندی میں ہی لکھتے تھے ، لیکن اب یہ انکشاف ہوا ہے کہ ان کا اپنا رسم الخط اردو تھا ۔ انھوں نے نہ صرف ’آدھا گاؤں ‘ ارد و میں لکھا بلکہ ’مہا بھارت‘ کے مکالمے میں بھی ارد و میں لکھے جنھیں بعد کو ناگری میں تبدیل کیا گیا۔ معروف اسکالر ڈاکٹر اطہر فاروقی نے اپنے ایک طویل مضمون میں راہی کے حوالے سے کچھ انکشافات کیے ہیں۔ وہ لکھتے ہیں:
’’مجھے یکم مارچ 2026کو راہی معصوم رضا کے آرکائیوز کو دیکھنے کا موقع ملا جہاںان کے دیگر مسودوں کے علاوہ ان کے مشہور زمانہ ناول ’آدھا گاؤں ‘ کا قلمی مسودہ مرقومہ 29جولائی 1964بھی دریافت ہوا ۔ اس کے ساتھ مشہور ٹی وی سیریل ’مہابھارت ‘ کے ایپی سوڈز بھی راہی کے قلم سے ارد و میں لکھے ہوئے ملے ۔ اس دریافت سے راہی سے متعلق ہندوستان کے ادبی معاشرے کا یہ زاویہ نظر مکمل طورپر تبدیل ہونا طے ہے کہ ان کا تعلق ہندی ادب سے ہے ۔ اب یہ پروپیگنڈہ بھی کہ راہی اردو کے لکھنے والے نہیں تھے ،ختم ہوجائے گا۔ راہی کے ہزاروں صفحات میں کم از کم مجھے ان کے اپنے قلم سے لکھی ہوئی ایک سطر بھی ناگری میں نہیں ملی ۔ اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ وہ ناگری رسم خط سے واقف نہیں تھے یااسے استعمال نہیں کرتے تھے۔‘‘
(روزنامہ ’انقلاب ‘ نئی دہلی ،2اگست 2026 )
راہی معصوم رضا کی علمی وادبی سرگرمیوں کا دائرہ بہت وسیع ہے۔ انھوں نے ناول نگاری کی ، شاعری میں نام کمایا ، سیاسی اور سماجی مسائل پر اظہار خیال کیا ۔ فلم اور ٹی وی سیریلوں کے لیے مکالمے لکھے ۔ ادب میں ان کا داخلہ شاعری کے توسط سے ہوا ۔ ناول نگاری سے قبل ہی وہ اس میں کمال حاصل کرچکے تھے ۔ انھوں نے پہلی جنگ آزادی کو بنیاد بناکر ’رزمیہ کرانتی ‘ لکھی جو 1857کی صدی کے موقع پر1957میں منظر عام پر آئی۔ سبھی جانتے ہیں کہ 1857کی جنگ آزادی پر کم ہی لوگوں نے قلم اٹھایا ہے۔ راہی نے اپنی رزمیہ کو پورے سیاق وسباق کے ساتھ، مہارت کے ساتھ قلم بند کیا ہے۔ اس کتاب میں ’کرانتی کتھا‘ پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ان کے تین شعری مجموعے ’ایک پھیری والا ‘، ’شیشے کے مکان والے ‘ اور’ غریب شہر‘ہندی میں شائع ہوچکے ہیں ۔ ان مجموعوں میں شامل اشعار میں راہی کے ضمیر کی گونج صاف سنائی دیتی ہے ۔ ہندی میں راہی کی کتاب ’چھوٹے آدمی کی بڑی کہانی ‘ ویرعبدالحمید کی داستان ہے جنھیں ان کی بہادری کے لیے ’پرم ویرچکر‘سے سرفراز کیا گیا تھا۔ اس سوانح کو راہی نے ملک کی حفاظت میں عام آدمی کی جان قربان کرنا اور مادروطن کے تئیں فرائض کو پورا کرنے کے پس منظر میں پیش کیا ہے ۔ راہی نے ہندی میں 10 ناول لکھے جن میں ’آدھا گاؤں ‘ اور ’ٹوپی شکلا ‘ خاص اہمیت کے حامل ہیں۔
یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ راہی معصوم رضا کی ادبی اور شعری خدمات پر ارد و میں بہت کم لکھا گیا ہے۔ اس کی وجہ شاید راہی کو ہندی کا ادیب تسلیم کرنا رہی ہو۔ اس سے بڑاالمیہ کیا ہوسکتا ہے کہ راہی پر ابھی تک کسی اردو ادارے نے کوئی مونوگراف شائع نہیں کیا ۔ سوائے ساہتیہ اکادمی کے جس نے 2007میں کنور پال سنگھ کے ایک مونوگراف کو اردو میں ترجمہ کراکے شائع کیا تھا۔ 117 صفحات کے اس مختصر مونوگراف کا ہندی سے اردو ترجمہ محمدہادی رہبر نے کیا ہے۔ اس کے علاوہ اردو میں راہی معصوم رضا پر کوئی کتاب تلاش بسیار کے بعد بھی نہیں ملی۔ معروف ترقی پسند ادیب اور دانشور پروفیسر قمر رئیس نے اپنی کتاب ’ترقی پسند ادب کے معمار ‘ میں راہی معصوم رضا کا تعارف محض ڈھائی صفحہ میں کرایا ہے۔ یہ ایک تکلیف دہ حقیقت ہے کہ راہی معصوم رضا کی ادبی قدرومنزلت کا تعین کرنے میں اردو معاشرے نے کوتاہی کا ثبوت دیا۔ اس کی طرف ڈاکٹر اطہر فاروقی نے بھی اپنے مذکورہ بالا مضمون میں اشارہ کیا ہے۔ وہ لکھتے ہیں:
’’بیسویں صدی کے ہندستانی ادیبوں میں راہی معصوم رضا کا شمار ان معدودے چند اہل قلم میں ہوتا ہے جنھیں غیر معمولی مقبولیت حاصل ہوئی مگر ان کی ادبی قدرومنزلت کا تعین اردو کا علمی معاشرہ یونیورسٹیوں کے اردو شعبوں کی سیاست کی وجہ سے عام ہونے والی غلط فہمیوں کے سبب کرہی نہیں سکا۔ ان کے اسکرپٹ رائٹر اور فلم کے مکالمہ نگار ہونے کی شناخت بھی اس قدر غالب آگئی کہ ان کی ادبی کاوشیں اردو کے ادب نواز معاشرے کی نظروں سے پوری طرح اوجھل ہی ہوگئیں۔
راہی معصوم رضا کے ارد و سے شغف کے بارے میں ڈاکٹر اطہر فاروقی لکھتے ہیں :
’’راہی معصوم رضا اردو کے ایک صاحب اسلوب شاعر تھے جن کے 7 شعری مجموعے ، جی ہاں اردو رسم الخط ہی میں شائع ہوئے ہیں ۔ انھوں نے اپنے تمام ناول بھی اردو ہی میں لکھے لیکن جن میں سے صرف ایک ناول ’محبت کے سوا‘ ہی 1950میں ارد و میں شائع ہوسکا ۔ بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ اردو معاشرہ اس ناول سے بھی واقف نہیں۔ راہی نے مہابھارت کا اسکرپٹ، اسکرین پلے اور ڈائیلاگ بھی صرف اردد میں لکھے تھے۔ ارد ومعاشرے نے راہی کی تحریر وں کو خود ہی ’ہندی ‘ تحریریں کہہ کر نہ پڑھنے کا جواز بھی ڈھونڈلیا ہے۔ (’انقلاب ‘ نئی دہلی ، مورخہ2اگست 2026)
راہی معصوم رضا کا ادبی سفر الہ آباد سے شروع ہوا۔ بچپن میں ٹی بی کی بیماری کی وجہ سے وہ اپنی تعلیم مکمل نہیں کرسکے ۔ انھوں نے باقی تعلیم علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میںپوری کی اور وہاں درس وتدریس سے بھی وابستہ رہے۔ علی گڑھ کے زمانہ قیام سے متعلق راہی کی کئی اچھی بری کہا نیاں بیان کی جاتی ہیں اور ان میں ایک کہانی وہ بھی ہے جس کی وجہ سے انھیں علی گڑھ بدر کیا گیا ۔وہ1954کے آس پاس علی گڑھ آئے اور اپنے بڑے بھائی پروفیسر مونس رضا (سابق وائس چانسلر دہلی یونیورسٹی) کے ساتھ رہنے لگے۔علی گڑھ میں وہ اپنی منفرد شناخت بنانے میں کامیاب رہے۔ یہاں انھوں نے اردو میں ایم اے کرنے کے بعد ’طلسم ہوشربا‘ پر ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی اور یہیں شعبہ اردو میں ایڈہاک پر پڑھانے لگے ۔ انھوں نے تقریباً 4 برس شعبہ ارد و میں عارضی استاد کی حیثیت سے خدمات انجام دیں ۔ انھیں علی گڑھ سے والہانہ لگاؤ تھا اور یہی وجہ ہے کہ وہ یہاں سے کہیں اور نہیں جانا چاہتے تھے۔ انھوں نے اپنے ناول ’سین 75‘کا انتساب ان الفاظ میں کیا ہے:
’’میں تین ماؤں کا بیٹا ہوں ، نفیسہ بیگم ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور گنگا۔یہ ’سین 75‘ناول اپنی تینوں ماؤں کی نذر کرتا ہوں ۔ نفیسہ بیگم مرچکی ہیں ۔ اب یاد نہیں آتیں، باقی دونوں مائیں زندہ ہیں اور یاد بھی ہیں۔‘‘
علی گڑھ کو انھوں نے ہمیشہ ’ماں ‘ کا درجہ دیا ۔لیکن 1967میں مجبوراً انھیںعلی گڑھ کو الوداع کہنا پڑا۔ علی گڑھ میں ہی انھوں نے ترقی پسند تحریک میں شمولیت اختیار کی۔ اس وقت یونیورسٹی میں پروفیسر نورالحسن، ڈاکٹر عبدالعلیم، ڈاکٹر ستیش چندر، پروفیسر رشید احمد صدیقی اورپروفیسر آل احمد سرورجیسے اساتذہ تھے۔ راہی نے یہیں 1945میں پروگریسیو رائٹر ایسوسی ایشن کی رکنیت حاصل کی اور وہ تمام عمر ترقی پسند تحریک کا اہم حصہ رہے۔ لیکن علی گڑھ ان کے لیے اس وقت اجنبی بن گیا جب انھوںنے دل کے ہاتھوں مجبور ہوکر ایسا قدم اٹھایا جس کی وجہ سے علی گڑھ کی زمین ان کے لیے تنگ ہوگئی۔ یوں بھی علی گڑھ میں ان کے مخالفین کا بھی ایک حلقہ تھا، جو موقع کی تاک میں بیٹھا ہوا تھا۔اس واقعہ کو کنور پال سنگھ نے جو راہی کے قریبی دوست اور علی گڑھ میں ان کے ہم جماعت بھی تھے، ان کے مونوگراف میں ان الفاظ میں بیان کیا ہے:
’’1965میں راہی کے مخالفوں کو ایک موقع میسر آیا ۔ نیّر جہاں سے شادی کیا کی کہ علی گڑھ میں طوفان بپا ہوگیا ۔ نیّر جہاں کرنل یونس کی شریک حیات تھیں، جو نواب رامپور کے سالے تھے۔ مشہور مورخ اور اس وقت ڈین فیکلٹی آف آرٹ پروفیسر نورالحسن نواب رامپور کے داماد تھے۔ موجودہ وائس چانسلر علی یاور جنگ بھی نواب رامپور کے قریبی رشتے دار تھے ۔ اوّل تو سبھی نے راہی کوسمجھانے کی کوشش کی کہ نیّر جہاں سے شادی مت کرو ۔ تم عارضی طورپر لیکچرار ہو ، نوکری جاسکتی ہے ۔ راہی نے کہا جان بھی چلی جائے تو بھی پروانہیں ، نوکری تو بہت چھوٹی چیز ہے۔ راہی انتہا کے جذباتی، انا پرست اور ضدی تھے۔ ان دنوں پروفیسر آل احمد سرور صدر شعبہ اردو تھے۔ ان کی صدارت میں سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی۔ باہمی اتفاق سے سلیکشن کمیٹی نے فیصلہ لیا کہ راہی کو ادب کی سمجھ نہیں ہے، اس لیے ان کا تقرر نہیں ہوسکتا۔ یونیورسٹی کی تاریخ میں یہ سب سے بھدا مذاق تھا۔ راہی نے ہر ممکن کوشش کی، اس سلسلے میں انھوں نے عدالت کا دروازہ بھی کھٹکھٹایا لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا، علی گڑھ ان کے لیے بیگانہ ہوگیا۔‘‘
(کنورپال سنگھ :’مونو گراف راہی معصوم رضا‘ صفحہ 12)
اس کے بعد راہی نے دہلی اور لکھنؤ میں لیکچرر شپ حاصل کرنے کی کوشش کی ۔ دہلی میں ہی آل انڈیا ریڈیو میں انھیں 800 روپے کی نوکری آفر ہوئی مگر انھوں نے اسے قبول نہیں کیا ۔ معروف ہدایت کار اور فلم سازآرچندرا کا تعلق علی گڑھ ہی سے تھا اور وہ راہی کے شناسا تھے ۔ ان ہی کے توسط سے راہی کی فلمی دنیا تک رسائی ہوئی اوروہ 1967میںبمبئی چلے گئے اور یہاں انھوں نے ایک نئی جدوجہد شروع کی جو خاصی مشکل تھی ۔ فلمی دنیا میں رہ کر اپنی شناخت بنانا اس دور میں بھی ایک مشکل ترین کام تھا ، لیکن انھوں نے اس چیلنج کو قبول کیا ۔
ابتدائی دور میں علی گڑھ ہی میں راہی کی ملاقات الہ آباد کے مشہور زمانہ نکہت پبلی کیشنز کے مالک عباس حسینی سے ہوئی ، جو اس زمانے میں الہ آباد سے اردو ماہنامہ ’نکہت ‘ نکال رہے تھے ۔ عباس حسینی کا سب سے بڑا کارنامہ ’جاسوسی دنیا ‘ کی اشاعت ہے جس کے ذریعہ انھوں نے ابن صفی جیسے شہرہ آفاق جاسوسی ناول نگار کو اردودنیا سے متعارف کرایا ۔ اسی ادارے سے ایک اور ماہانہ سلسلہ ’رومانی دنیا ‘ بھی شائع ہوتا تھا ۔ راہی نے یہیں سے شاہد اختر کے قلمی نام سے ناول لکھنا شروع کیا ۔یہ وہ دور تھا جب پورے ملک میں نکہت پبلی کیشنز کی دھوم تھی ۔
نظریاتی طورپر راہی معصوم رضا ترقی پسند افکار کے حامل تھے اور یہ وہ زمانہ تھا جب پورے ملک میں ترقی پسند تحریک اپنے عروج پر تھی اور تمام ہی ادیب اس سے وابستگی پر فخر محسوس کرتے تھے۔ ممتاز انور نے لکھا ہے :
’’ڈاکٹر راہی معصوم رضا نے 1945میں ترقی پسند مصنّفین کی رکنیت قبول کی اور آخر تک اس سے جڑے رہے ۔ اس بات کی گواہ ان کی تحریریں ہیں ، جن میں مذہب کے نام پر ملک وقوم کو تقسیم کرنے والی طاقتوں اور تنظیموں کی انھوں نے آخری دم تک مخالفت کی۔ قدامت پرستی کو وہ بالکل برداشت نہیں کرتے تھے۔ انھوں نے ہندستانی تہذیب کا بڑی گہرائی سے مطالعہ کیا تھا، لہٰذا ان کی تحریروں میں ہندستانی تہذیب کی جھلکیاں دکھائی دیتی ہیں اور ساتھ ہی اس ملی جلی تہذیب کو باقی رکھنے کا جذبہ بھی۔ ان کی نظر میں نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری کائنات ایک کنبہ ہے۔ یہاں کو ئی نہ چھوٹا ہے اور نہ بڑا بلکہ سب برابر ہیں۔ ان کی نظر میں انسانیت سے بڑا کوئی دھرم نہیں تھا۔ ان کی تحریریں انسانیت کے لیے ہیں ۔‘‘(’ترقی پسند ادب کے معمار، صفحہ 262، دہلی 2006)
راہی معصوم رضا کو یوں تو اپنے شہرہ آفاق ناول ’آدھا گاؤں ‘ سے ملک گیر شہرت حاصل ہوچکی تھی لیکن ان کی ناموری کو اس وقت پرلگ گئے جب انھوں نے مشہورزمانہ ٹی وی سیریل ’مہابھارت ‘کے مکالمے لکھے۔ اس کے توسط سے پہلی بار وہ ادبی حلقوں سے نکل کر عام لوگوں تک پہنچے۔
Mr. Masoom Moradabadi
Z-103, Taj Enclave
Geeta Colony
Delhi-110031
Mob.: 9810780563
Email: masoom.moradabadi@gmail.com



