نوآبادیاتی مزاحمت کا شعری استعارہ: راہی کا رزمیہ 1857،مضمون نگار: شافع قدوائی

October 7, 2026 0 Comments 0 tags

اردو دنیا،اکتوبر2026:

رزمیہ شاعری محض کسی تاریخی، تہذیبی اور دیومالائی قصوں کو ایک فنی تجربہ کے طور پر پیش نہیں کرتی بلکہ یہ انسان کی اجتماعی اور لاشعوری یادداشت میں موجود تاریخ اور اساطیری روایات کو ایک زندہ اور متحرک واردات کی صورت میں پیش کرتی ہے۔ یہ ایک ایسی شعری صنف ہے جہاں معلوم شدہ حقائق، دستاویزی شواہداور انسانوں کے حافظہ میں ثبت اسطور اورواقعات کے مابین تفریق ختم ہو جاتی ہے۔ شعری سطح پرتاریخ اور حکایت انسان کی تہذیبی اور آرزومندیوں کی تکمیل کا مرکزی حوالہ ہو جاتی ہے۔ رزمیہ شاعری زمانہ قدیم سے مختلف تہذیبوں میں مقبول رہی ہے اور میسوپوٹیمیا میں 8 صدی قبل مسیح لکھی جانے والی نظم The Epic of Gilgamesh دنیا کا قدیم ترین رزمیہ ہے۔ پشکن کی نظم Poltava جو 1709 میں پیٹر گریٹ کی سویڈن پر فتح پر مبنی مشہوررزمیہ ہے جو 1829 میں شائع ہوئی۔
مذہبی اور اساطیری طویل رزمیہ نظموں سے قطع نظر دنیا کے مختلف ملکوں میں تاریخی رزمیے بھی لکھے گئے جن کا منشا اصل تاریخی تنازعات، سیاسی جنگوں اور ملکوں کو محکوم بنانے والی مہموں کو تعبیر و تشریح اور عوامی حافظہ میں زندہ ر ہنے والی روایات سے ہم آہنگ کر کے ان کی ایک اجتماعی تہذیبی وقوعے کے طور پر صورت گری کرنا ہوتا ہے۔ کسی ملک میں ہونے والی اقتدار کی کشاکش اور پھر لبرل نقطہ نظر کی فتح کی شعری تجسیم کی سب سے بہتر مثال ولیم ورڈز ورتھ کی طویل نظم The Prelude or Growth of a poet’s mind کی ہے جو انقلابِ فرانس کی جدوجہد کے چشم دیدمشاہد ہ پر مبنی ہے۔ ورڈز ورتھ 1791–1792 کے دوران فرانس میں اقامت گزیں رہے اوران کی یہ نظم ایک نوع کی منظوم آپ بیتی ہے۔ یہ نظم کتابی شکل میں ورڈز ورتھ کے انتقال کے بعد 1850 میں شائع ہوئی۔ مگر اس سے قبل یہ نظم کو لرج کے رسالہThe Friend میں 1809 میں The French Revolution as it appeared to Enthusiast at its commencement کے نام سے شائع ہوئی تھی۔
20ویں صدی میں والٹ وہٹ نے مین امریکی خانہ جنگی پر نظمیں لکھیں اورڈیرک والکاٹDerek Walcottکی نظم Omeros نوآبادیات، جنگ، بے دخلی، ہجرت سے متعلق جانگسل احساسات کا ایک مرتعش رویا خلق کرتی ہے۔
برصغیر میں 1857 نو آبادیاتی تسلط کے خلاف ایک اجتماعی تجربے پر ابھرا اور ہندوستانیوں پر عرصۂ حیات تنگ کرنے والی حکومت کے خلاف خون آشام مزاحمت نے برطانوی سامراج کو متزلزل کر دیا تھا۔ عزت نفس اور غلامی کے خلاف لڑائی شمالی ہند کے ایک حصے میں لڑی گئی اور سپاہیوں کی بغاوت نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ ہندوستانیوں کو عارضی طور پر کئی مقامات پر فتح بھی حاصل ہوئی مگر آخر کار حکومت برطانیہ ہی فتح یاب ہوئی۔ مورخوں کے علاوہ عالموں، مفکروں، ادیبوں اور شاعروں نے بھی اس انقلاب آفریں عوامی جدوجہد کو اپنی تخلیقی تگ و تاز کا ہدف بنایا۔
اردو کی دونامور اور سر کردہ شخصیتوں نے جو 1857 کے چشم دید گواہ بھی تھے، اپنے مشاہدات نثر میں بیان کیے۔غالب نے دہلی میں شورش کے نقطہ آغاز 11 مئی 1857 سے لے کر یکم اگست 1858 تک پڑنے والے رن اور عوام پر مظالم کی خونچکاں داستان اپنے روزنامچے ’’دستنبو‘‘ میںخاصے جذباتی خروش کے ساتھ مشکل فارسی میں رقم کی ہے۔ غالب کی اس نثری تحریر سے حکومت برطانیہ کی غیر مشروط حمایت اور ہندوستانی عوام کے تئیں گہری نفرت اور بے زاری کا گہرا احساس ہوتا ہے۔
سر سید ہندوستان کے پہلے ایسے ادیب اور عوامی دانشور ہیں جنھوں نے اس موضوع پر چار متون تیار کیے۔ سر سید 1857 کے واقعات کے نہ صرف عینی شاہد تھے بلکہ انھوں نے حکومتِ برطانیہ کے ایک اہلکار کے طور پر ا س میں اپنا رول بھی ادا کیا تھا۔ بغاوت کے آغاز کے وقت وہ بجنور میں تعینات تھے اور انھیں ضلع کی ذمہ داری سپرد کر کے انگریز حکام چلے گئے تھے۔ ان کی چار کتابیں ’’رسالہ تاریخ سرکشی بجنور‘‘(1858)، مضمون ’’کیا سبب ہوا سرکشی ہند کاجواب ‘‘المعروف بہ’’ اسباب بغاوتِ ہند‘‘ (1858)، رسالہ ’’خیر خواہان مسلمانان ہند‘‘ (تین شمارے 1860 اور 1861) اور 1857 کے واقعات سے متعلق برطانوی سول سرونٹ اور ہندوستانی امور کے سکریٹری جان ولیم کے (Sir John William Kaye 1814-1876) کے نام تفصیلی خط (مورخہ 12 دسمبر 1869) ہے۔
برصغیر کی نوآبادیاتی تاریخ میں 1857 کو مرکزی اہمیت حاصل ہے کہ اس برس پورے شمالی ہند اور مشرقی ہند کو خاک و خون کے طوفان سے گزرنا پڑا تھا اور برطانوی جبر و استبداد نے ظلم کی نئی اور خونچکاں داستان رقم کی تھی مگر بعض استثنائی مثالوں سے قطع نظر ہندوستانی ادبیات میں ان لرزہ خیز واقعات پر مبنی کسی ایسے متن کا سراغ نہیں ملتا جو اس عدیم المثال تجربے کے ناقابل فراموش نقوش کو تخلیقی دبازت کے ساتھ اجاگر کرتا ہو اور جسے والٹیرٔ کے رزمیہ The Henriade (1723) کے ہم پلہ قرار دیا جا سکے ۔ 1857 میں دہلی کا محاصرہ کئی دنوں تک جاری رہا اور فصیل بندشہر کے باشندوںکو عدیم المثال صعوبتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اس طرح کی صورتحال فرانس میں ہنری چہارم کے دور میں پیش آئی تھی۔ جب 1723 میں پیرس کا محاصرہ کر لیا گیا تھا اور پھر ہنری چہارم نے مذہبی جنگوں کے خاتمے میں بہت اہم رول اد ا کیا تھا اور روشن خیالی کی جیت ہوئی تھی۔ ہندوستان کے ادیبوں نے1857 کے اس عظیم تجربے کو بڑی حد تک ضائع کر دیا۔ اردو کے بعض شعرا نے ان واقعات سے متاثر ہو کر مفرداشعار کہے اس ضمن میں بہادر شاہ ظفر کی متعدد غزلوں کا حوالہ دیا جا سکتا ہے مگر اس انقلاب آفریں واقعہ پر تفصیلی نظم سے اردو شاعری کا دامن تہی ہے۔
بنگالی کے مشہور شاعر اور وکیل ہیم چندر بندھو پادھیائے (1838–1903) نے 13 سال بعد یعنی 1870 میں ایک نظم ’’بھارت سنگیت‘‘لکھی تھی جس میں جارحانہ قوم پرستی کی ترویج کی گئی تھی۔نوآبادیاتی نظام کے خلاف شعر ی مزاحمت کی یہ غالباًپہلی کاوش تھی جس کی گونج پورے بنگال میں سنائی دی تھی اور یہ نظم اس زمانے کے سیاسی ڈسکورس کے ایک اہم متن کے طور پر ابھری تھی۔ مراٹھی پنڈت وشنو بھٹ گوڈسے نے 1883 میں اپنے وسطی اور شمالی ہندوستان کے سفر 1857-58 کی روداد لکھی اوران کا یہ سفرنامہ 1857 کے واقعات کی بازآفرینی کرتا ہے ۔ہندی کی مشہور شاعرہ سبھدرا کماری چوہان (1904–1948) نے ’’مکل‘‘ میں رانی لکشمی بائی کی مزاحمت پر ’’جھانسی کی رانی ‘‘ پر ایک منظوم ڈرامہ ’’جھانسی کی رانی‘‘لکھا (محولہ مجموعہ کلام مکل، 1930) جو ہندوستان میں جنگِ آزادی کا اساسی متن بن گیا اور اسے لاتعدادبار اسٹیج کیا گیا اور اسکولوں کے نصاب کا حصہ بھی بنا۔ اس کا یہ مصرعہ تو زبان زد عام ہے ؎
’’خوب لڑی مردانی وہ تو جھانسی والی رانی تھی‘‘
سبھدرا کماری چوہان کی زبان زد نظم میں پدراساس معاشرہ کے نظریات کی گونج صاف سنائی دیتی ہے۔ لڑنا بمعنی بہادری انسانی صفت ہے، اس کا تعلق مرد یا عورت سے نہیں،مگر اسے صرف مردکی صفت ٹھہرانا، ’’خوب لڑی مردانی‘‘ محل نظر ہے۔
اردو میں 1857 کو ایک کثیر حسی رزمیہ کا موضوع بنانے کا سہرا راہی معصوم رضا کے سر بندھتا ہے گو کہ ان کی اصل شہرت ان کے ناولوں علی الخصوص ’’آدھا گاؤں‘‘ اور مہابھارت کے اسکرپٹ رائٹر کے طور پر قائم ہے۔ راہی معصوم رضا نے ملکی، شخصی، عزت نفس، اخلاقی نقطہ نظر اور اسطوری رسومیات کے باہمی ادغام سے انقلاب اولین کی واقعاتی تعبیر و تشریح اور قارئین سے جذباتی مدارات کا اہتمام نہیں کیا بلکہ غلامی اور آزادی کی ازلی کشا کش اور انسانی نی عظمت کی سر بلندی کے جہد کو ایک لازمی جہت عطا کرنے کے لیے طویل نظم ’’1857‘‘ لکھی۔ یہ نظم ہندوستان کے اولین جنگِ آزادی کے تقریباً سو سال بعد سپردقلم کی گئی۔ راہی کے مطابق 1857 غیر منظم بغاوت یا سپاہیوں کی حکم عدولی نہیں بلکہ غیر ملکی تسلط کے خلاف عوامی بغاوت تھی جس کی ابتدا ضرورسپاہیوں کی بغاوت سے ہوئی تھی۔ راہی معصوم رضا کی نظم ایک نئے شعری بیانیہ کی تشکیل کرتی ہے جو ہندوستان کے عوام کی اجتماعی مزاحمت کی تخلیقی جہت کو آشکارا کرتی ہے۔ راہی معصوم رضا کے مطابق اس نظم کی ابتدا پہلی ا 22 جنوری 1955 کو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے مزمل ہوسٹل کے وارڈن روم سے ہوئی اور یہ 10 جولائی 1959 کو پایۂ تکمیل تک پہنچی۔ 292 صفحات پر مشتمل اور 1857 مختلف بحور میں یا بند اور آزاد نظم کی ہیئتوںپر مشتمل یہ نظم 1960 میں نیا کتاب گھر علی گڑھ اور فردوس پبلیکیشن الٰہ آباد سے شائع ہوئی۔ راہی معصوم رضا نے’’1857‘‘ کی تاریخ رقم نہیں کی بلکہ اس کے حسیاتی سطح پر اثرات کو واضح کیا ہے اور انھوں نے نظم کی غایت کو واضح کرتے ہوئے لکھا:
’’یہ کوئی تاریخ کی کتاب نہیں، یہ ایک طویل نظم ہے اور اس کے کئی کردار ہیں جن کی کوئی تاریخی حیثیت نہیں ہے وہ شاعر کی تخلیق ہیں اس کتاب سے تاریخی صحت کا مطالبہ نہ کیجیے۔ میرا موضوع تاریخ نہیں، صرف تاریخ شعر کا موضوع نہیں بن سکتی۔‘‘1
راہی شاعری کو تاریخ کے طور پر پڑھنے کی روش کے قائل نہیں تھے اور ان کا یہ خیال درست تھا کہ شاعر زندگی کا نقل نویس نہیں ہوتا اور نہ ادب زندگی کا آئینہ ہوتا ہے۔ تخلیق کار ہر خارجی واقعہ کو اپنے موضوعی تجربے کی تابناکی سے روشن ترکر دیتا ہے اور واقعہ کی ایک ایسی جہت سامنے آتی ہے جس سے لوگ واقف نہیں ہوتے۔ راہی نے درست لکھا کہ’’شاعر نقال نہیں ہوتا ، وہ خالق ہوتا ہے اور وہ ناقد ہوتا ہے جو اپنے ردو قبول سے قدر و قیمت کا تعین کرتا ہے۔‘‘2
راہی نے اپنی طویل نظم کے مقدمے میں 1857 کے واقعات اور ان کے وسیع تر مضمرات، تاریخ اور شعر کے باہمی ربط، معرکہ حق و باطل میں شکست و فتح کی نوعیت اور انسان کی جدوجہد پر تفصیلی اظہارخیال کیا ہے۔ راہی کی نثر پر خطابت کے اثرات واضح ہیں۔ انھوں نے لڑائی اور جنگ کے مابین فرق کو خاطر نشاں کرتے ہوئے لکھا کہ لڑائی ہارنے کا مطلب جنگ میں شکست سے دوچار ہونا نہیں ہے۔ لڑائی سے مراد جدوجہد اور سعی پیہم ہے اور راہی کا یہ قول کہ ’’میں کہنا چاہتا ہوں کہ انسانوں کی جیت ہوئی ہے اور ان کی جیت ہمیشہ ہوگی‘‘بھی ان کے رجائی اور رومانی نظر یہ حیات کی چغلی کھاتا ہے۔ انھوں نے یہ بھی لکھا کہ’’1857 اس نظم کا موضوع نہیں، اس کا موضوع کوئی سنہ نہیں ہے، اس کاموضوع انسان ہے جو کبھی نہیں ہارتا۔‘‘یہ بات صحیح ہونے کے باوجود Rhetorical Flourish سے زیادہ حیثیت نہیں رکھتی۔انسان کے نہ ہارنے پر یقین یقیناً کسی خارجی واقعہ کی تصدیق کا متقاضی ہو تاہے، لہٰذا اس نوع کے تجریدی بیان سے نظم کی شعری قدر و قیمت میںکوئی اضافہ نہیں ہوتا۔
راہی کے مطابق یہ نظم ان کے ذاتی تجربات کے تخلیقی اظہار سے عبارت ہے، اور اس کا تعلق کتابی علم سے نہیں ہے۔ 1857کے خالق نے لکھا ہے کہ’’میں نے یہ نظم چند کتابوں کی مدد سے اپنے کمرہ میں بیٹھ کر نہیں لکھی ہے میں نے اس لڑائی میں شرکت کی ہے، میں نے زخم کھائے ہیں، میں نے زخم لگائے ہیں‘‘3
لڑائی میں ذاتی سطح پر شرکت محض زوربیان یا خطیبانہ حربہ نہیںبلکہ یہ باور کراتاہے کہ شاعر نے واقعات کو اپنے حواس پر ایک زندہ تجربے کے طور پر قبول کرنے اور اپنے شعری پیکر کی صورت میں منقلب کرنے کی سعی کی ہے۔
شاعر کے نزدیک پہلی جنگِ آزادی دراصل بہار کی جدوجہد کا استعارہ ہے جس میںتحیر زائی کا وافر سامان موجود ہے۔1857کی دلدوز داستان صرف تشدد، ظلم اور خاک و خون سے عبارت نہیں بلکہ اس میں ہندو مسلم اور ہندوستانی زبانوں اور فنونِ لطیفہ کے باہمی ارتباط کے ایسے قصے موجود ہیں جن پر حیرت کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے ؎
کچھ اس طرح ہوں بیاں داستان جہد بہار
ہر ایک حلقہ زنجیر دیکھتا رہ جائے
ہر ایک روزن در کی پلک جھپکنے لگے
ہر ایک قفل کا حیرت سے منہ کھلا رہ جائے 4
یہ اشعارنظم کے سرنامے کے طور پر شامل ہیں۔ حلقہ زنجیرسے مراد ہندوستان کے عام انسان ہیں جو انگریزوں کے زیرنگیں ہیں اور وہ زندگی کی آزمائشوں اور کشاکش سے واقف نہیں ہیں۔ آزادی کی جستجو دراصل ’’بہار‘‘ کے مترادف ہے جس کا ہر شخص متمنی ہے۔ جہد بہار کا اصل مقصد حلقہ زنجیر، دیوار زندان اور قفل کو شکست کرناہے بظاہر یہ عمل ناممکن محسوس ہوتا ہے اور اس کی ادنیٰ سی مثال بھی حیرت کے داعیوں کو متحرک کر تی ہے۔
نظم کا آغاز و ا حد متکلم کے مشاہدات اور محسوسات کے بیان سے ہوتا ہے۔نظم کا راوی سڑک پر نکلتا ہے تو اسے ہر سو قتل و غارت کے مناظردیکھنے کو ملتے ہیں اور آزادی کے متوالوں کی درخت سے جھولتی لاشیں نظر آتی ہیں اور اسے زندگی اور مقتل میں کوئی فرق نظر نہیں آتا۔ نظم کے ابتدائی حصے کا عنوان یہ آدمی کی گزرگاہ ہے اور پہلے بند میں وطن عزیز کی آزادی کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والوں کا عمداً نام نہیں لیا گیاہے اور کلمہ استفسار ’’کون‘‘سے تاثر کو دوچند کیا گیا ہے ؎
یہ راستے پہ ہیں مصلوب کو ن لوگ آخر
یہ راستہ ہے کہ ویرانیوں کا جنگل ہے
سڑک کے دونوں طرف یہ درخت لاشوں کے
یہ زندگی کی گزرگاہ ہے کہ مقتل ہے5
راہی معصوم رضا کی نظم فنی تراش خراش کے لحاظ سے منفرد اور ان کی تخلیقی تازہ کاری کا ثبوت پیش کرتی ہے۔ ہندوستان میں رہنے والے اور مختلف مذاہب پر کاربند عوام میں اتحاد اور موانست کا ذکر عام طور پر کیا جاتا ہے مگر ذہن انسانی کے سب سے طاقتور وسیلے ’’زبان‘‘ اور فنونِ لطیفہ کی وساطت سے جنگ آزادی کی اشاعت و ترویج کے ذکر سے اردو شاعری کے صفحات عام طور پر عاری ہیں۔
مذہبی رواداری سے قطع نظر راہی نے پہلی جنگِ آزادی میں دانشورانہ اتحاد کی نئی مثالیں تلاش کیں۔ بھوجپوری،اودھی ،کھڑی بولی اور بھاشا کسی طرح اقتدار کے خلاف ایک نیااظہاری میڈیم وضع کر رہی ہیں، راہی نے اس کی نشاندہی کی کوشش کی ہے اور جنگ آزادی میں ان بولیوں کے Contributionکا اعتراف کرنے کے لیے راہی نے ان بولیوں کا بیک وقت ذکر کیا ؎
بھوجپوری بھی دیکھ رہی تھی دور تک رستہ
اودھی کے ہر چار طرف بھی تھا گہرا سناٹا
ایک اُپی تلوار بنی بیٹھی تھی میٹھی بھاشا
اور تاریخ بھی دیکھ رہی تھی رنگ کھڑی بولی کا 6
مختلف مذاہب کے پیروکاروں کا ذکر یہاں نہیں ہے بلکہ انسانی فطرت کی سب سے مظہر زبان اور بولی کو باہمی اتحاد کا پیکر بنایا گیا ہے۔ اسی طرح فنونِ لطیفہ پر غلامی کے اثرات کس طرح مرتب ہوتے ہیں اس کا بیان دیکھیے ؎
غم غم غم طبلہ بولا
سارے گاما پادھا نی سا
گھنگھرو نے یہ ٹھوکر کھائی
پاچھن چھن چھن شیشہ ٹوٹا7
راہی معصوم رضا نے اس طویل نظم کو مختلف منظر ناموں میں تقسیم کیا ہے اور ہر منظر نامے کا ایک عنوان بھی قائم کیا ہے۔ ابتدا میں راوی دو رویہ درختوں سے آباد سڑک سے گزر تاہے جہاں درختوں پر لاشیں لٹکی ہوئی ہیں اور اس منظر کو ’’ آدمی کی گزرگاہ‘‘سے تعبیر کیا گیا ہے جو اصلاً مقتل ہے۔ آزادی اور عزت نفس پر اصرار کی قیمت اکثر انسان کو اپنی جان سے ادا کرنا پڑتی ہے، اس لحاظ سے انسانی تاریخ ایسے افراد کی سرکوبی اور ان پر شدید مظالم کی داستان سناتی ہے۔ اس طرح اقدار کی پاسداری کرنے والی زندگی مقتل کی ایک صورت بن جاتی ہے۔ شاعر نے بغاوت کے اثرات کا ذکر ماں کی خود کلامی سے جو اپنے بچے کو لوری سنا رہی ہے، کے ذریعے کیا ہے۔ 1857 کی جنگ کس طرح ایک شدید قسم کا خانگی تجربہ میں منقلب ہوئی تھی ، اس کے اظہار کا سب سے موثر وسیلہ ایک ایسی لوری ہے جو شمالی ہند علی الخصوص مشرقی یوپی اور بہار میں اب تک مقبول ہے۔
آجا ری نندیا تو آ کیوں نہ جا
را جا کو مورے سلا کیوں نہ جا
آتی ہوں بی بی آتی ہوں
را جا کو تورے سلاتی ہوں8
ہر منظر کے بعد’’ کرانت کتھا‘‘کے عنوان سے ایک ٹکڑا شامل ہے جس میں داستان سنانے والا راوی سامعین کو مخاطب کر کے کہتا ہے ؎
’’سنو بھائیو، سنو بھائیو کتھا ستاون کی
کا ن کھول کر سنو کتھاہے کر انت کے پہلے ساون کی‘‘
ساون ہندوستان میں نشاط اور بہجت کا موسم ہوتا ہے اور آزادی کی پہلی لڑائی کو ساون سے تعبیر کرنا شاعر کی تخلیقی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔
نظم کا سب سے موثر حصہ منگل پانڈے کی قربانی اور پھراس کا بیان ایک فوجی کی زبان سے ہے جو چھٹیوں میں اپنی بیوی سے ملنے آتا ہے۔ کتھا نامہ کا یہ جوان اپنی بزدلی پر اس قدر شرمسار ہے کہ وہ نہ تو بیوی سے آنکھیں ملا پاتا ہے اور نہ گاؤں والوں کا سامنا کر پاتا ہے۔ وہ بالکل چپ چاپ رہتا ہے اور سپاہی ، بہت پوچھنے پر منگل پانڈے کا ذکر کرتا ہے اور کہتا ہے ؎
کام پتنگے کا ہے اپنے دیپک پر مر جانا
منگل پانڈے تھا ہم میں سب سے بڑا دیوانہ
ایسی ہو ا تھی کہ بدھ کا کھیل ہی کھیل رہے تھے بچے
انتیس مارچ کوبیرک پور میں لڑ گئے منگل پانڈے9
کسی بلند تر مقصد کے لیے اپنی جان نچھاور کرنے والے تختہ دار پر چڑھتے ہوئے بھی شاداں و فرحاں اور ناز اںہوتے ہیں، نظم کا راوی کہتا ہے ؎
اب تک یاد ہے پھانسی کے پھندے میں اینٹھن گردن کی
سنو بھائیو! سنو بھائیو! کتھا سن ستاون کی10
سپاہی خود پر لعنت بھیجتے ہوئے کہتا ہے ؎
ہم تو خاک رہ وفا بھی بن گئے
آج منگل کا بول بالا ہے
سر سے اونچے اس کے تلوے بھی
تختہ دار پر ستاروں سے اونچا ہے‘‘11
راہی معصوم رضا نے اپنی اس نظم میں بھوجپوری کے متعدد ٹکڑے اور اودھی کے متعدد محاوروں اور فقروں کو شامل کر کے، اس نظم کو رنگارنگ تہذیبی اور لسانی وحدت کے طور پر پیش کیا ہے ۔ نظم کی انتہائی الم ناک صورت حال کو وقفہ وقفہ سے کم کرنے کے لیے شاعر نے رومانی طرزِ اظہاربھی اختیار کیا ہے مثلاً بھوجپوری میں ایک مرد کی خواہش کا اظہار دیکھیے ؎
گوری سن کے ارجیا ہمار گگریا چھلکت باے نا
گنڈ چھینک کے بپٹھل بارن تو ہرے گھڑے کا موڑ
چلو پھر ہم ہوں پی لئیں کا بگڑی تمھار
بدن وا چھلکت بائے نا
گوری سن کے ارجیا ہمار گگریا چھلکت باے نا 12
یہ غالباً اردو کی پہلی ایسی طویل نظم ہے جس میں بولیوں بھوجپوری، اودھی اور برج بھاشا کا تخلیقی طور پر تواتر کے ساتھ استعمال کیا گیا ہے۔
نظم میں میرٹھ، دہلی، جھانسی، کانپور، لکھنؤکے واقعات کاتاریخی اور دستاویزی بیانیہ بلکہ عوامی حافظہ میں محفوظ ان دلدوز واقعات کے اثرات کو مرتعش حسی منظروں کے توسط سے پیش کیا گیا ہے۔ انگریز کی حکومت کے روشن خیالی ، ترقی اور انسان دوستی کے بیانیہ کو فنکارانہ شعورکے ساتھ شکست ہمہ جہت کی ترقی کی ضامن ریل ، جس میں انگریزوں اور ہندوستانیوں کے لیے الگ الگ ڈبے ہیں، عدم مساوات اور نسلی تفریق کی گواہ بن کر ابھرتی ہے اور انگریزوں کے غیر انسانی رویے کو نشان زد کرتی ہے:
یہ ریل کی پٹری ہے کہ دھا من کی جوڑی
چھو لیں جسے یہ سانپ وہ ہو جاتے ہیں کوڑھی
بھگوڑوںکو ڈسنے یہ تلے بیٹھے ہیں موذی
ان کے لیے انسان ہیں کس کھیت کی مولی13
میرٹھ سے اٹھنے والی عوامی بغاوت کی طرح پورے ملک عوام کی دھڑکن بن سکتی ہے، اس کی تفصیل درج ذیل ڈرامائی اشعار میں موجود ہے ؎
کلکتہ سے پشاور تک ہوا اک موسم
یہاں نہ شورزیادہ ہے، نہ وہاں یہ ہے کچھ کم
ایک طرح کے زخم دلوں پر، ایک طرح کا مرہم
ایوانوں میں نعرے گونجے، انگریزوں میں ماتم14
پورے ملک میں انقلاب کی صدا گونجنے لگی تو یہ مظاہرفطرت جس پر رومانی سائے لرزاں نظرآتے ہیں، آلاتِ حرب کی صورت میں نمایاں ہوتے ہیں:
جو کنول دیکھ کے آتا تھا فقط یاد کوئی
وہ کنول اب کسی تلوار سے کچھ کم بھی نہیں15
راہی معصوم رضا مذہبی اور مسلکی تعصب سے پوری طرح پاک تھے ۔ اس نظم میں جب عوام طوق غلامی اتار پھینکنے پر کمر بستہ ہو جاتے ہیں تو ان کوInspire کرنے کے لیے کرشن، رام ، بھیم ، ارجن کے ساتھ اسلام کے چاروں خلفا کا ذکر کیا جاتا ہے۔ شیخین کا مدحیہ پیرایے میں ذکر، مسلکی عقائد سے ماورا ہونے کا بھی اشاریہ ہے، اس نوع کی مثالیں اردو شاعری میں بہت کم ملتی ہیں ؎
پھر وہی داستان دہرائو
زور بازوئے حیدری لاؤ
ذہن فاروق کی چمک دکھلاؤ
نوراسلام کی دمک دکھلاؤ
عشق صدیق و اعتماد غنی
پھر ہو اک بار شغل صف شکنی
منبر پرچم فضا میں لہرائے
اس چمن میں پھر بہار آئے
یوں کھینچو، رام کی بان بنو
کرشن کا چکر بن کر وار کرو
بھیم کا گزر، بان ارجن کا
گورا تو بلبلہ ہے صابن کا16
دہلی، کانپور اور جھانسی میں ہندوستانیوں اور انگریز فوجوں کے تصادم اور ابتدائً حکومت برطانیہ کی پسپائی اور بعض ہندوستانیوں کی غداری کی تفصیل اور ان کے عوام پر پڑنے والے اس کے اثرات کا حسیاتی سطح پر ادراک کر ناآسان کام نہیں ہے، مگر راہی معصوم رضا نے یہ تخلیقی کارنامہ انجام دیا اور پیرن کے اشعار مبنی بر صداقت ہیں ؎
میں مورخ نہیں ہوں، ایک شاعر ہوں میں
دل کی دھڑکن بتانا میرا کام ہے
جس کہانی سے تاریخ واقف نہیں ہے
وہ کہانی سنانا میرا کام ہے17
جا گ دیوانوں کے دامن کی ہوا لایا ہوں
تحفہ خون شہیدانِ و وفا لایا ہوں
جھانسی میں رانی لکشمی بائی کی قیادت میں عوام نے ہندوستانی عوام اور فوجیوں نے کس طرح دادِ شجاعت دی، نظم اسے تخلیقی ارتکازکا ہدف بناتی ہے اور اس جنگ میں عوام کی شمولیت اس حد تک تھی کہ ماں اپنے بچوں کو میدان میں سلامت نہ آنے کی دعا دیتی تھیں ؎
مسکراتے ہوئے جانے کی رضا دیتی ہوں
جائو بیٹوں تمھیں مرنے کی دعا دیتی ہوں18
آزادی کی جنگ کی ابتدا باعث اضطراب اور اندوہ نہیں بلکہ باعث انبساط اور اہتزازہے ؎
خاک اطراف کی خوش رنگ ہوا چاہتی ہے
تھوڑی ہی دیر میں اب جنگ ہوا چاہتی ہے
نظم کا اختتامی حصہ ایک مختصر غنائیہ ’’ گومتی‘‘ پر مشتمل ہے جس میں بوڑھے شاعر، مولوی، انگریز افسروں، حضرت محل اور گومتی وغیرہ کردارکے طور پر استعمال کیے گئے ہیں اور ان کے مکالموں سے 1857 کا شعری بیانیہ خلق کیا گیا ہے۔
راہی معصوم رضا کی نظم1857 موضوع کی پیش کش میں تخلیقی اختراع، شعری محاسن کی نادر کاری اور اجتماعی حافظہ کی حسیاتی سطح پر باز دید کے باعث اردو میں ایک تخلیقی بیانیہ کے طور پر قائم کرتی ہے، مگر یہ افسوس کا مقام ہے کہ اس کی خاطر خواہ پذیرائی نہیں ہوئی اور اردو تنقید کے ناخن پر یہ قرض ہنوز باقی ہے۔
حواشی
1 راہی معصوم رضا: 1857، صفحہ 4، نیا کتاب گھر علی گڑھ، 1960
2 ایضاً صفحہ 5
3 ایضاً صفحہ 7
4 ایضاً صفحہ 10
5 ایضاً صفحہ 13
6 ایضاً صفحہ 33
7 ایضاً صفحہ 38
8 ایضاً صفحہ 20
9 ایضاً صفحہ 54
10 ایضاً صفحہ 55
11 ایضاً صفحہ 75
12 ایضاً صفحہ 18
13 ایضاً صفحہ 44
14 ایضاً صفحہ 153
15 ایضاً صفحہ 157
16 ایضاً صفحہ 167
17 ایضاً صفحہ 178
18 ایضاً صفحہ 232

Prof. Shafey Kidwai
HOD, Dept of Journalism
AMU, Aligarh- 202002
Mob.: 9412317370
Email: shafeykidwai@gmail.com

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Explore More

ضامن جعفری: معیاری شاعری کا ضامن،مضمون نگار:ارتضیٰ کریم

اردو دنیا،نومبر2026: 29 اگست 2026 کی رات دس بج کر پچاس منٹ پر فون کی گھنٹی بجی۔بیگم آسیہ جعفری صاحبہ کی سسکتی ہوئی آواز نے ہمیں احساس دلا دیا اور

میں کیسے لکھتاہوں ،مضمون نگار: خوشونت سنگھ، مترجم:جاویدعالم

اردودنیا،فروری 2026: مجھےان لوگوں پر رشک آتا ہے جو یہ کہتے ہیں کہ لکھنے میں انھیں کیف و سرور حاصل ہوتا ہے۔ میرے ساتھ ایسا بالکل نہیں ہے۔ اگر میں

انجم مانپوری: صحافی، شاعر اور طنز و مزاح نگار،مضمون نگار:محمد جمیل اختر جلیلی

اردو دنیا،دسمبر 2025: انجم مانپوری کااصل نام ’نورمحمد‘ ہے،جب کہ قلمی نام ’انجم مانپوری‘ ہے۔ معروف اپنے قلمی نام سے ہی ہوئے، ان کی پیدائش 1300ھ مطابق 1881 میں ضلع