ڈاکٹر راہی معصوم رضا کی شخصیت اور ان کا فن،مضمون نگار: انیس امروہوی

October 7, 2026 0 Comments 0 tags

اردو دنیا،اکتوبر2026:

مغربی اتر پردیش کے مشہور ضلع غازی پور کے قصبہ گنگولی میں یکم اگست 1927کو راہی معصوم رضا کی ولادت وہاں کے ایک معزز خاندان کے فرد جناب بشیر حسین عابدی کے گھر ہوئی۔ ان کے والد اپنے علاقے کے نہ صرف یہ کہ بڑے زمیندار تھے بلکہ ایک مشہور وکیل بھی تھے۔ انھوں نے اپنے وکالت کے پیشے کی وجہ سے غازی پور میں رہائش اختیار کی اور ان کا حویلی نما مکان ’’بشیر منزل‘‘ کے نام سے آج بھی وہاں موجود ہے۔ ڈاکٹر راہی کی شہرت اور عزت کو مدنظر رکھتے ہوئے ’’بشیر منزل‘‘ سے ملحق سڑک کا نام ’’راہی معصوم رضا روڈ‘‘ رکھا گیا ہے۔
راہی معصوم رضا کی ابتدائی تعلیم ایک مدرسے میں شروع ہوئی تھی۔ بچپن میں ہی صحت خراب ہونے کی وجہ سے راہی کے تعلیمی سلسلے میں رکاوٹ آتی رہی۔ ان کو پہلے بھوالی میں اور پھر دوبارہ صحت خراب ہونے کی وجہ سے کشمیر میں ٹی۔بی کا علاج کرانا پڑا، اس کی وجہ سے 1956 تک وہ یونیورسٹی میں داخلہ نہیں لے پائے۔ بعد میں انھوں نے 1960میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے اردو میں ایم۔اے مکمل کیا۔ اس سے قبل اے۔ ایم۔یو سے ہی انھوں نے بی۔اے بھی کیا تھا۔
راہی معصوم رضا کے دادا اعظم گڑھ ضلع کے تھیمکا بجائولی قصبے کے تھے جو بعد میں گنگولی منتقل ہو گئے تھے۔ راہی صاحب نے کبھی اپنے دادا کا گائوں بجائولی نہیں دیکھا تھا، اور نہ کبھی ان کو وہاں سے کوئی رغبت پیدا ہوئی۔ ان کا روحانی تعلق صرف گنگولی یا غازی پور سے ہی رہا۔
ڈاکٹر راہی نے اپنے گائوں گنگولی کے تعلق سے ہی اپنا ناول ’’آدھا گائوں‘‘ لکھا ہے اور وہاں کی اصل زندگی کو اس ناول کا حصہ بنایا ہے۔ اس ناول کا پورا پس منظر 1935کے آس پاس والی یعنی دوسری جنگ عظیم شروع ہونے سے پہلے کے زمانے سے متعلق ہے۔ یہ سب وہ زمانہ ہے جو راہی نے خود اپنی شعور کی بڑھتی عمر میں وہاں گزارا ہے۔
اے۔ایم۔یو سے ایم۔اے کرنے کے بعد راہی وہیں شعبہ اردو میں عارضی طور پر لیکچرار مقرر ہو گئے تھے۔ اسی دوران انھوں نے صدر، شعبہ اردو، آل احمد سرور صاحب کی نگرانی میں ’’طلسم ہوشربا میں ہندوستانیت‘‘ کے موضوع پر پی۔ایچ۔ڈی کی تیاری بھی شروع کر دی۔ داستان ’’طلسم ہوشربا‘‘ ہندوستان میں اسلامی دنیا کی سب سے مشہور نثری تخلیق میں سے ایک ہے۔ یہ اپنی جادوئی دنیا، شاندار بیانیہ انداز اور فارسی انداز میں کہانی کہنے کے ملے جلے طرز کے لیے بے حد مقبول ہے۔
1960کی دہائی کے ابتدائی برسوں میں راہی معصوم رضا اور نیرجہاں کے عشق کی داستانیں دھیمے دھیمے لہجے میں علی گڑھ یونیورسٹی کی فضائوں میں سنائی دینے لگی تھیں۔ 1966میں ایک ڈرامائی سین کی طرح راہی معصوم رضا نے نیرجہاں سے شادی کر لی۔ نیر جہاں طلاق شدہ تھیں اور اس سے قبل ان کی شادی رامپور کے شاہی خاندان کے لفٹیننٹ کرنل صاحبزادہ محمد یونس خان سے ہوئی تھی۔ کرنل صاحب ہندستانی فوج کی گڑھوال رائفل ریجیمنٹ میں تعینات تھے اور انھوں نے اپنی خرابیِ صحت کے مدنظر وقت سے پہلے ہی فوج سے سبکدوشی حاصل کر لی تھی۔ فوج سے رٹائر ہونے کے بعد انھوں نے علی گڑھ کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج میں ہاسپٹل سپرٹینڈنٹ کے طور پر ملازمت اختیار کر لی تھی۔
نیرجہاں، صاحب زادہ آفتاب احمد خاں کی پوتی تھیں، جو سرسید تحریک کے ایک اہم رکن تھے اور سرسید احمد خاں سے ان کی دور کی رشتہ داری بھی تھی۔ یہ رشتہ داری سرسید کے پوتے سرراس مسعود کی شادی ان کی پھوپی زہرہ بیگم سے ہونے کی وجہ سے قائم ہوئی تھی۔ حالانکہ دونوں خاندانوں کا پس منظر مختلف تھا۔ نیرجہاں کا خاندان افغانستان سے ہجرت کرکے آئے ہوئے پٹھانوں کا تھا۔ جب کہ راہی معصوم رضا کا خاندان شیعہ سیدوں کا تھا۔ نیر جہاں کا جنم یکم مارچ، 1930کو ہوا تھا۔ لہٰذا پہلے شوہر سے طلاق کے بعد راہی معصوم رضا سے شادی کے وقت ان کی عمر لگ بھگ چھتیس برس رہی ہوگی اور وہ ایک پختہ ذہن کی خوبصورت اور باوقار شخصیت کی مالک تھیں۔ جس زمانے میں بدرالدین طیب جی یونیورسٹی کے وائس چانسلر تھے، ان کو راہی معصوم رضا کے طور طریقوں سے اختلاف تھا اور اس کے ساتھ ہی اور بھی کئی لوگ تھے جو راہی صاحب کی بیباکی اور آزادیِ طبع کو پسند نہیں کرتے تھے۔ ادھر جیسے جیسے راہی معصوم رضا کا مطالعہ وسیع ہوتا جا رہا تھا ویسے ہی ان کی تخلیقات میں پختگی اور ترقی پسند تحریک کا عنصر نمایاں ہوتا جا رہا تھا۔ ان کی زندگی سے جدوجہد کرنے کی عادت بچپن سے ہی پڑ چکی تھی۔ ادھر ملک کی تقسیم اور معاشرے کی ٹوٹ پھوٹ بھی راہی صاحب کو متاثر کر رہی تھی، مگر وہ ہار ماننے والوں میں سے نہیں تھے۔ انھوں نے اپنا پی۔ایچ۔ڈی کا مقالہ مکمل کیا اور یہی وقت تھا جب زندگی سے جدوجہد کا اثر ان کی شاعری میں بھی نمایاں ہوتا جا رہا تھا۔
زہر ملتا رہا زہر پیتے رہے
زندگی بھی ہمیں آزماتی رہی
اور ہم بھی اُسے آزماتے رہے
ان کی تخلیقات میں ایک خاص قسم کی دیوانگی تھی، اس کی ایک اپنی ہی الگ دھن تھی۔ رضا صاحب اپنی اسی دھن میں مست رہنے والے تخلیق کار تھے۔
ہم کیا جانیں قصہ کیا تھا، ہم ٹھہرے دیوانے لوگ
اس بستی کے بازاروں میں روز کہیں افسانے لوگ
نیرجہاں سے شادی کی مخالفت کو انھوں نے بہت دلیری کے ساتھ برداشت کیا اور اپنے فیصلے پر قائم رہے۔ یہاں تک کہ انھوں نے علی گڑھ یونیورسٹی کی لیکچرار شپ کی ملازمت چھوڑکر بمبئی جانے کا فیصلہ کیا اور وہاں 1967سے باقاعدہ فلموں کے لیے لکھنا شروع کر دیا۔
راہی صاحب نے الٰہ آباد کے نکہت پبلشرز کے لیے شاہد اختر اور دیگر فرضی ناموں سے کئی ناول لکھے، جن میں سے کچھ جاسوسی ناول بھی تھے۔ رومانی دُنیا کے لیے بھی انھوں نے فرضی ناموں سے کئی ناول لکھے۔
ہندی فلموں میں رضا صاحب کا کیریر رشی کیش مکھرجی کی رومانی ڈراما فلم ’’ملی‘‘ سے شروع ہوا، جو 1975 میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس فلم کے مکالمے کافی پسند کیے گئے۔ اس طرح ہندی سنیما میں ان کی پہچان بنتی چلی گئی۔
ڈاکٹر راہی معصوم رضا کو پہلا فلم فیئر ایوارڈ بہترین مکالموں کے لیے 1978میں ریلیز ہوئی فلم ’’میں تلسی تیرے آنگن کی‘‘ کے لیے ملا تھا۔ اس کے ہدایت کار راج کھوسلہ تھے۔ یہ فلم پیار، ایثار اور معاشرے کے جذباتی رشتوں کے مرکزی تانے بانے پر بنائی گئی تھی۔ ان تمام موضوعات کو ناظرین تک پہنچانے میں راہی معصوم رضا کے لکھے مکالموں نے بہت عمدہ کردار نبھایا تھا۔
فلم ’’گول مال‘‘ (1979)، ’’قرض‘‘ (1980)، ’’جدائی‘‘ (1980) اور 1982میں ریلیز ہونے والی فلم ’’ڈسکو ڈانسر‘‘ جیسی کئی کامیاب فلموں میں کام کرنے کے بعد ڈاکٹر راہی صاحب کا اگلا اہم پروجیکٹ رومانٹک ڈراما فلم ’’طوائف‘‘ (1985) تھا جسے ہدایت کار بی۔آر۔ چوپڑا نے ڈائریکٹ کیا تھا۔ ایک طوائف کی اصل زندگی اور اس کی پیچیدگیوں کو دکھانے والی اس فلم میں راہی کے لکھے مکالموں نے کرداروں کو انسانی جذبات اور کہانی کی جذباتی گہرائی کو ناظرین تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس فلم کے لیے انھیں بیسٹ ڈائلاگ رائٹر کا فلم فیئر ایوارڈ بھی پیش کیا گیا تھا۔
ہندستانی ٹیلی ویژن پر راہی معصوم رضا نے سیریل ’’مہابھارت‘‘ کے لیے منظرنامہ اور مکالمے لکھے تھے۔ جب اس سیریل لکھنے کے لیے بی۔آر۔ چوپڑا نے راہی صاحب کا نام تجویز کیا، تب کافی لوگوں نے اس بات پر اعتراض کیا تھا، کہ یہ سیریل قدیم ہندستانی تہذیب پر مبنی ایک مذہبی سیریل ہوگا اور ایک مسلمان ہوتے ہوئے راہی صاحب اس موضوع کے ساتھ کیسے انصاف کر پائیں گے۔ لیکن بی۔ آر۔ چوپڑہ صاحب اس بات سے اچھی طرح واقف تھے کہ راہی صاحب ہندوستان کے قدیم اور روایتی ادب سے بہت اچھی طرح واقف ہیں اور ان کا مطالعہ بہت وسیع ہے۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ جب سیریل ’’مہابھارت‘‘ ٹی۔وی اسکرین پر دکھایا گیا تو یہ سیریل اس وقت کا کامیاب ترین ٹی۔وی شو بن گیا۔
اس کے بعد رضا صاحب نے ہنی ایرانی کے ساتھ مل کر یش چوپڑہ کی موسیقی ریز رومانی ڈراما فلم ’’لمحے‘‘ (1991) کا منظرنامہ اور مکالمے تحریر کیے۔ یہ فلم اپنے زمانے سے آگے کی سوچ والی فلم تھی، جس میں الگ الگ نسلوں کے درمیان پیار کے انوکھے رشتوں کو بیان کیا گیا تھا۔ راہی صاحب کے لکھے مکالموں نے فلم ’’لمحے‘‘ کی کہانی میں جذباتی اور ترقی پسند پہلوئوں کو نہایت خوبصورتی سے پیش کیا تھا۔ اس فلم کے ریلیز ہونے پر فلمی حلقوں اور فلمی ناقدین نے رضا صاحب کی بہت تعریف کی تھی۔ 37 ویں فلم فیئر ایوارڈ میں اس فلم نے مختلف زمروں میں سب سے زیادہ 5 ایوارڈ حاصل کیے تھے جن میں راہی صاحب کو بیسٹ ڈائلاگ رائٹر کے لیے ان کی زندگی کا تیسرا فلم فیئر ایوارڈ ملا تھا۔ فلم ’’لمحے‘‘ راہی صاحب کی زندگی میں ریلیز ہونے والی آخری فلم تھی۔
راہی صاحب تمباکو والا پان بہت کھاتے تھے اور سگریٹ پینے کے بھی عادی تھے جس کی وجہ سے ان کو منھ کا کینسر ہو گیا تھا، اور اسی بیماری میں 15مارچ 1992کو 64برس کی عمر میں ڈاکٹر راہی معصوم رضا صاحب کا انتقال ممبئی میں ہو گیا۔ راہی صاحب کے انتقال کے بعد ’’یش چوپڑہ فلمس‘‘ کی دو اور فلمیں، ’’پرمپرا‘‘ (1992) اور ’’آئینہ‘‘ (1993) بھی نمائش کے لیے پیش کی گئی تھیں۔ اِن دونوں ہی فلموں کے مکالمے ڈاکٹر راہی معصوم رضا کے تحریر کردہ تھے۔
ڈاکٹر راہی معصوم رضا کو ان کی ادبی تخلیقات اور فلمی خدمات کے پیش نظر حکومت ہند کی جانب سے پہلے پدم شری اور پھر پدم بھوشن کے اعزازات سے بھی نوازا گیا تھا۔
ڈاکٹر راہی معصوم رضا کے تحریر کردہ ناولوں میں ’’آدھا گائوں، دل ایک سادہ کاغذ، ٹوپی شکلا، نیم کا پیڑ، اوس کی بوند، کٹرہ بی آرزو‘‘ اور ’’سین نمبر 75‘‘ وغیرہ بے حد مقبول ہوئے۔ ناول ’’آدھا گائوں‘‘ ہندی میں پہلے شائع ہوا اور لگ بھگ ایک لاکھ سے زائد کاپیاں فروخت ہوئیں جو اپنے آپ میں ایک ریکارڈ ہے۔ ’’آدھا گائوں‘‘ کے بارے میں راہی صاحب کی فیملی دوست سبھاشنی علی نے ایک ملاقات میں بتایا تھا کہ ان کی بیوی نیر جہاں دیوناگری رسم الخط نہ پڑھ پانے کی وجہ سے ان کا یہ ناول نہیں پڑھ سکی تھیں۔ حالانکہ اس ناول پر اتنی زیادہ بات چیت ہوئی کہ اس ناول کی پوری کہانی ان کو یاد ہو گئی تھی۔
سبھاشنی علی نے یہ بھی بتایا تھا کہ ابتدا میں ڈاکٹر راہی معصوم رضا انجمن ترقی پسند مصنّفین کے بہت سرگرم رکن تھے،بعد میں وہ اس انجمن سے علیحدہ ہو گئے اور جنوادی لیکھک سنگھ سے منسلک ہو گئے تھے۔ حالانکہ ان کا تمام تخلیقی ادب اور فلمی تحریریں اردو میں ہی لکھی ہوئی ہیں، مگر وہ اردو زبان کو دیوناگری رسم الخط میں لکھنے کے حق میں تھے۔ نئی دہلی میں انجمن ترقی اردو (ہند) کے میوزیم میں ان کی بہت سی تحریریں اردو میں ہی اپنی اصل حالت میں موجود ہیں اور اب انجمن ان تمام تحریروں کو اُردو میں شائع کرنے کا پروگرام بنا چکی ہے۔
ڈاکٹر راہی معصوم رضا کے ذریعہ لکھے گئے ٹی۔وی سیریل ’’نیم کا پیڑ، کسی سے نہ کہنا‘‘ اور ’’مہابھارت‘‘ بے حد مقبول رہے، اور فلموں میں ’’میں تلسی تیرے آنگن کی‘‘ اور ’’ڈسکو ڈانسر‘‘ کی کہانیاں، منظرنامہ اور مکالموں کی وجہ سے بے حد مقبول رہیں۔ جن فلموں میں ڈاکٹر راہی معصوم رضا نے صرف مکالمے لکھے ان میں ہدایت کار رشی کیش مکھرجی کی فلم ’’ملی‘‘ (1975) اور ’’آلاپ‘‘ (1977)، ہدایت کار راج کھوسلہ کی فلم ’’میں تلسی تیرے آنگن کی‘‘ (1978)، ہدایت کار رشی کیش مکھرجی کی فلم ’’گول مال‘‘ (1979، ہدایت کار سبھاش گھئی کی فلم ’’قرض‘‘ (1980)، ٹی۔ رامارائو کی ہدایت میں بننے والی فلم ’’جدائی‘‘ (1980)، فلمساز بونی کپور اور ہدایت کار باپو کی فلم ’’ہم پانچ‘‘ (1980)، ہدایت کار ٹی۔ رامارائو کی فلم ’’جیون دھارا‘‘ (1982)، ہدایت کار دساری نارائن رائو کی فلم ’’آج کا ایم۔ایل۔اے: رام اوتار‘‘ (1984) ، ہدایت کار بی۔ آر۔ چوپڑہ کی فلم ’’طوائف‘‘ (1985)، فلمساز و ہدایت کار ٹی۔ رامارائو کی فلم ’’دوستی دشمنی‘‘ (1986)، فلمساز راجو میتھیو کی فلم ’’انوکھا رشتہ‘‘ (1986)، ہدایت کار بھارت رنگاچاری کی فلم ’’بات بن جائے‘‘ (1986)، ہدایت کار ٹی۔ رامارائو کی فلم ’’ناچے میوری‘‘ (1986)، ہدایت کار و فلمساز بی۔ آر۔ چوپڑہ کی فلم ’’عوام‘‘ (1987)، فلمساز و ہدایت کار یش چوپڑہ کی فلم ’’لمحے‘‘ (1991) اور ’’پرمپرا‘‘ (1993)، ہدایت کار دیپک سرین کی فلم ’’آئینہ‘‘ (1993) وغیرہ کافی مشہور رہیں اور عوام میں پسند کی گئیں۔ فلم ’’آلاپ‘‘ کے نغمے بھی ڈاکٹر معصوم رضا نے ہی تحریر کیے تھے۔ مشہور غزل گائک جگجیت سنگھ اور ان کی بیگم چترا سنگھ کی آوازوں میں راہی معصوم رضا کا لکھا نغمہ ’’ہم تو ہیں پردیس میں، دیس میں نکلا ہوگا چاند‘‘ بھی عوام میں بے حد مقبول ہو چکا ہے۔
ڈاکٹر راہی معصوم رضا اپنی تحریروں میں بھی بہت بیباک تھے۔ ان کے مکالموں میں بھی اکثر یہ بیباکی محسوس کی جا سکتی ہے۔ اگر ان کے ناول کا کوئی کردار اپنے ماحول میں گالیاں بکتا ہے تو انھوں نے اس کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی ہے۔ ان کی تحریروں کی بیباکی خاص طور سے ان کے تحریر کردہ مضامین اور چند کتابوں پر ان کے لکھے ہوئے تبصروں میں بھی نمایاں طور پر نظر آتی ہے۔ ان کا قلم ایسے موقعے پر دو دھاری تلوار کی طرح کام کرتا ہے، مگر ان کی یہ دو دھاری تلوار زہر میں بجھی ہوئی کہیں بھی نظر نہیں آتی۔

Anees Amrohvi
104/B, Yawar Manzil
I-Block Laxmi Nagar, Delhi-110092
Mob. 9811612373
E-mail: qissey@rediffmail.com

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Explore More

شاطر گورکھپوری کی یاد میں،مضمون نگار:ارشاد احمد

اردو دنیا، مارچ 2026: مجھےزندگی میں گورکھپور کی تین ادبی ہستیوں سے ملنے کا اتفاق ہوا۔ ان میں سے دو قلمکار اب خلد نشیں ہو چکے ہیں۔ ایک مسلم انصاری،

جمال اویسی: پاسدارِ شعر وسخن،مضمون نگار:مشتاق احمد

اردو دنیا،اپریل،2026: موجودہ عہد میں جن شاعروں نے اپنی سنجیدہ فکر، تخلیقی بصیرت اور فنّی مہارت کے ذریعے اردو شاعری کو تازہ لہجہ عطا کیا، ان میں جمال اویسی (28؍

کچھ یادیں کچھ باتیں قاسم خورشیدکی ،مضمون نگار: صدر عالم گوہر

اردو دنیا،دسمبر 2025: 30 ستمبر کی صبح فیس بک کھولتے ہی موبائل کی اسکرین پر ایک نوٹیفکیشن آیا۔ میں چونکا اور اس نوٹیفکیشن کو کھولا تو دیکھا کہ قاسم خورشید