راہی معصوم رضا: ’طلسم ہوش ربا‘ سے ’مہابھارت‘ تک،مضمون نگار:منتظر قائمی

October 16, 2026 0 Comments 0 tags

اردو دنیا،اکتوبر2026:

معروف مکالمہ نگار، اسکرپٹ رائٹر، شاعر اور ادیب ڈاکٹر راہی معصوم رضا نے اپنی خود نوشت میں ایک جگہ تحریر کیاہے کہ میں تین ماؤں کا بیٹا ہوں نفیسہ بیگم، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور گنگا۔ راہی کی شخصیت، فکر ،فن اور نظریے کی تعمیرو تشکیل میں ان تینوں ماؤں کا بہت اہم رول رہا ہے۔ نفیسہ بیگم کی آغوش میں راہی نے آنکھیں کھولیں تو گنگاکی لہروں کی انگلیاں پکڑ کر ریت پر چلنا اور فکر و فن کے دریا کو عبور کرنا سیکھا۔ گنگا کے ساحل کی مٹی کو اپنے جسم پرایسا ملا کہ اس کی خوشبو تاعمر ان کے بدن سے لپٹی رہی جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ ان کی تمام تر تخلیقات میں گنگا کے پانی کی روانی، وسعت اور پاکیزگی نظر آتی ہے۔ علی گڑھ کی علمی اورادبی فضاؤں نے راہی کو نئی زمین اور نئے آسمان کا پتہ دیا۔
ڈاکٹرسید معصوم رضا عابدی المعروف بہ راہی معصوم رضا نے مشرقی اتر پردیش کے ایک مردم خیز ضلع غازی پور کے ایک بڑے ہی باوقار علمی، ادبی اور زمیندار گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد سیدبشیر حسن عابدی اپنے وقت کے نامی گرامی وکلاء میں سے ایک تھے۔ بچپن میں راہی بڑے ہی مذہبی اور دیندار تھے مگر جب ہوش سنبھالا تو غازی پور اورگنگولی میں پھیلی ہوئی غربت و افلاس، کسانوں اور مزدوروں کی بے بسی، لاچاری اور بدحالی نے راہی کو چین سے بیٹھنے نہیں دیا پھر انھوں نے استحصال شدہ طبقے کی آواز بن کر ان کے حقوق کے لیے جد و جہد کرنا شروع کر دیا۔ راہی اوائل عمری میں مارکسزم پر جوایمان لے آئے تو تاعمر اسی مسلک پر قائم رہے۔ آغاز جوانی میں مساوات کا ایسا بھوت چڑھا کہ راہی نے اپنی اشرافیہ شناخت کی فخریہ چُرکی میں سے سید اور عابدی کا سابقہ اور لاحقہ ہی کتر ڈالا تاکہ وہ ایک عام آدمی جیسے لگ سکیں۔ راہی مزاجاً تھوڑاضدی اور اپنی بات پر اڑ جانے والے انسان تھے اور ایک بار جو ٹھان لیتے تھے اس کو منزل تکمیل تک پہنچا کر ہی دم لیتے تھے۔
ایک دفعہ کا ذکر ہے کہ غازی پور نگر پالیکاکے انتخاب کے دوران راہی کے والد کے مقابلے میں ایک مقامی کمیونسٹ لیڈر ببّر رام امیدوار ہوگیا ایسے نازک وقت میں جب راہی کے سامنے اپنے باپ اور کمیونسٹ لیڈر میں سے کسی ایک کا انتخاب اور اس کی حمایت کا سوال پیدا ہوا تو راہی نے اس کمیونسٹ لیڈر کو نہ صرف یہ کہ ووٹ دیا بلکہ اس کی بھرپور حمایت کی اور وہ لیڈر الیکشن میں کامیاب بھی ہوا۔ڈاکٹر راہی معصوم رضا کے بہت قریبی دوست کنور پال سنگھ ان کی شخصیت، ادبی اور نظریاتی میلان پریوں تبصرہ کرتے ہیں۔
’’راہی کی زندگی جن مشکلات میں گزری، انھوں نے سماج میں جو تضادات دیکھے ، ان سبھی کو انھوں نے ایک عام آدمی کی طرح نظر انداز نہیں کیا بلکہ یہ سبھی برائیاں ان کے دل میں چبھتی رہیں۔ راہی غلط کام کو دیکھ کر خاموش بیٹھنے والوں میں سے نہیں تھے۔ ممبئی جاکر انھوں نے عوام الناس میں پھیلے ان تنازعات کو فلم کے ذریعہ پیش کرنے کی کوشش کی، انھوں نے سماج میں جو برائی دیکھی اسے وہیں تحریری شکل دے کر اس پر طنز کیا۔ ان کی ذاتی زندگی میں جن لوگوں کی وجہ سے مشکلات پیدا ہوئیں ان مشکلات کو کھلے ذہن سے اپنی تحریروں سے ذریعہ اظہار عطا کیا۔‘‘
راہی انسانیت کو مذہب، نسل، ذات، فرقہ اور طبقات میں منقسم نہیں دیکھنا چاہتے کیونکہ انھوں نے اپنی فکر اور شعور کے ذریعہ انسانیت کی وہ معرفت حاصل کر لی تھی جہاں سب کے دکھ سکھ، خوشی غم اوردرد مشترک ہوتے ہیں جن کا کوئی مذہب، فرقہ، نسل اور کوئی ذات نہیں ہوتی ہے۔ اسی لیے وہ اپنی بیشتر تخلیقات میں ہمیشہ ہی فرقہ پرستی کے مکر و فریب ، چال بازی اورزہر افشانی کو اجاگر کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ ’آدھا گاؤں ‘، ’ٹوپی شکلا‘ ، ’کٹرہ بی آرزو، ‘ ’اوس کی بوند‘، ’ سین 75 ‘اور ’ہمت جونپوری‘ جیسے ناولوں میں راہی ہندوستانیت، قومیت، وطنیت، سیکولرزم کے دلدادہ نظر آتے ہیں ۔ وہ تمام قسم کی سیاسی مصلحت کوشی اور خودغرضی کی سخت مخالفت کرتے ہیں جو سماج کو مذہب، فرقہ، زبان اور علاقائیت کے نام سے استحصال کرتے ہیں۔راہی تاعمر سیکولرزم، مساوات، امن، رواداری، بھائی چارہ اور انسان دوستی کے پیروکار رہے اور فرقہ پرستی کو وہ ایک سانپ سے تعبیر کرتے ہیں جو کہ سیاست کے بطن سے پیدا ہوئی ہے۔ ان کے تمام ناول خواہ وہ ’آدھاگاؤں‘، ’ٹوپی شکلا‘، ’ہمت جونپوری‘، ’اوس کی بوند‘، ’کٹرہ بی آرزو‘، ’ دل ایک سادہ کاغذ‘ ، ’محبت کے سوا‘ اور ’نیم کا پیڑ ‘ تک میں جگہ جگہ فرقہ پرستی پر زور دار حملہ کیا ہے۔ ملک میں پھیلی ہوئی فرقہ پرستی کے لیے وہ انگریزوں کو ذمہ دار قرار دیتے ہیں۔ انگریزوں کا پھوٹ ڈالو اور راج کرو والا نسخہ اتنا کیمیا ثابت ہوا ہے کہ انگریزوں کے ہندوستان چھوڑ کے چلے جانے کے بعد بھی جہاں ان کی اور تمام چیزوں کو اپنایا گیا وہیں اس نسخہ کیمیا کوسیاسی پارٹیوں نے خوب استعمال کیا۔راہی کا کہنا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے بٹوارے کی بنیاد اسی دن پڑ گئی جب فورٹ ولیم کالج میں اردو اور ہندی زبان کے لیے علاحدہ علاحدہ شعبہ قائم کیا گیا۔
راہی نے اپنی تخلیقات میں یہاں کی مٹی، رنگ، موسم، ادب، تہذیب اور ثقافت سب میںایک ایسی دنیا کا خواب دیکھا جہاں انسان کو اس کے مذہب، ذات، رنگ ، نسل میں تقسیم کر کے نہ دیکھا جائے بلکہ اسے ایک ہندوستانی کے بطور دیکھا جائے۔’دل ایک سادہ کاغذ‘ میں راہی معصوم رضا نے سوانحی انداز اختیار کیا ہے جہاں اپنی زندگی سے وابستہ کہانیوں کو قارئین کے سامنے پیش کیا ہے ۔ان کی شاعری سے لے کر ناول تک کے غالب موضوعات تقسیم وطن ،ہندو مسلم فساد، فرقہ پرستی، تنگ نظری کی سیاست، طبقاتی کشمکش، دنگے فساد اور بلوے وغیرہ رہے ہیں۔ انھوں نے ایک ادیب کے طور پر نہ صرف یہ کہ ان کے مضر اور منفی اثرات کو قاری پر عیاں کیا ہے بلکہ اس سے ایک قدم اور آگے بڑھ کر قارئین کو ان سے باز رہنے کی تلقین کرتے ہیں۔ ان کی تحریروں میں حب الوطنی رواداری، بھائی چارا اور امن و امان کے قصیدے اور گیت گائے گئے ہیں۔ ’1857‘کے رزمیہ میں وہ ہندوستان کی اول جنگ آزادی کے گیت گاتے ہوئے غدر کے ہنگاموں کو ایک نئے تناظر میں ایک نظم ’ طوفان سے پہلے ‘ میں ایک ایسی جنگ کا نقشہ کھینچتے ہیں جس میں ہر مذہب، ذات، نسل، عقیدے اور مسلک کے لوگ باہم مل کر اور اپنے تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر اس جنگ میں شریک ہوئے۔ اس کی منظر کشی کچھ اس ڈھنگ سے کرتے ہیں ؎
کہیں ابرو پہ ہیں محرابِ عباد ت کے شکن
کہیں منبر کی زباں پر ہیں بغاوت کے سخن
کہیں آوازِ اذاں میں ہے وہ پیغامِ دہل
سُن کے جن کو صفِ اعدا میں پڑی ہے ہلچل
کہیں میناروں پہ دشمن کے لیے داریں ہیں
کہیں تکبیر میں تلوار کی جھنکاریں ہیں
غدر کے ہنگاموں کو یاد کرنا کہیں بے وقت کی راگنی تو نہیں ہے اس سوال کا جواب راہی بہت ہی مدلل انداز میں دیتے ہیں۔انھوں نے اس کا جواب یوں دیا ہے کہ ہم اگرچہ غدر کی لڑائی ہار گئے تھے مگر اس کا یہ ہر گز مطلب نہیں ہے کہ ہم جنگ ہار گئے۔
ہر چند کہ شاعری یا تخلیق کو انسان کے وجدان یا جذبات کی ترنگ یا شعور کی رو کا نام دیا جاتا ہے جسے وہ ایک مخصوص ذہنی اور جذباتی کیفیت کے زیر اثر تحریر کر تا ہے ۔ راہی کا کہنا ہے کہ شاعر یا ادیب جو کچھ بھی تحریر یا تخلیق کرتا ہے وہ شعورکے عالم میں اور بہت سوچ سمجھ کر تخلیقی اظہار کرتا ہے وہ لاشعوری، بیہوشی یا نیم ہوشی کی کیفیت میں کچھ بھی تحریر نہیں کرتا ہے۔وہ اپنی ایک شعری تخلیق کے مجموعے ’1857‘کے دیباچے میں ایک جگہ فرماتے ہیں کہ:
’’شاعری کی بنیاد شعور پر ہے لا شعور پر نہیں۔ وجدان، شاعرانہ لہر اور اس قسم کی دوسری اصطلاحیں گمراہ کن ہیں اور انھیں وہی شعرا استعمال کرتے ہیں جو اپنے محرکات سے واقف نہیں ہوتے۔ یا جو اپنے محرکات کی نشاندہی سے گھبراتے ہیں‘‘۔
معروف ناقد اور دانشورپروفیسر احتشام حسین کہتے ہیں کہ شاعر یا ادیب کبھی بھی غیر جانبدار نہیں ہو سکتا ہے وہ ہمیشہ جانبدار ہوتا ہے۔ظاہر ہے جب تک وہ جانبدار نہیں ہوگا اس وقت تک کسی مجبور، مظلوم، محصور،مقہور،ستم رسیدہ کی یا استحصال ہونے والے کے حق میں یا حمایت میں آواز کیسے اٹھا سکتا ہے۔ راہی کے خیالات بھی اسی نوعیت کے ہیں وہ جانبداری کے سوال پر کہتے ہیں کہ’ میں اس بات کو تسلیم نہیں کرتا کہ شاعر کو غیر جانبدار ہونا چاہیے۔ غیر جانبداری کا مطالبہ اصل میں فرار کی ایک شکل ہے کوئی زندگی کے معاملات میں غیر جانب دار کیسے ہو سکتا ہے اور کوئی گردو پیش کے معاملات میں بے نیاز کیسے ہو سکتا ہے ۔بے حس، احمق اور پاگل ضرور غیر جانبدار بھی ہو سکتے ہیں اور بے نیاز بھی ۔لیکن شاعر نہ تو بے حس ہو تا ہے نہ پاگل اور نہ ہی احمق۔ وہ تو ایک قسم کا دیوانہ بھی نہیں ہوتا ہے۔ ‘
ہماری قدیم تہذیب و ثقافت اور تاریخ پر راہی معصوم رضاکی نگاہ بہت گہری ہے وہ ہماری تاریخ و تہذیب سے فقط فیضان اور سبق ہی حاصل نہیں کرتے ہیں بلکہ وہ ہماری قدیم تاریخ اور تہذیب کو ہم عصر موضوع اور مسائل میں تلاش کرتے ہیں۔علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے زمانے میں تحقیق کے لیے جس موضوع کا راہی نے انتخاب کیا اس سے بھی راہی کی تاریخی اور ثقافتی سمجھ کی راہیں ہموار ہوتی ہیں۔’طلسم ہوش ربا: ایک مطالعہ‘ جیسے بہت ہی آزمائشی موضوع پر انھوں نے اپنا تحقیقی مقالہ لکھا۔ داستان سرائی، داستان گوئی اور داستان نویسی کی روایت بہت قدیم ہے جس کی ایک کڑی ’ طلسم ہوش ربا‘ بھی ہے ۔الف لیلیٰ، قصہ ء چہار درویش، داستانِ امیر حمزہ اور طلسم ہوش ربا جیسی داستانوں کو وہ ہماری ادبی اور تہذیبی میراث قرار دیتے ہیں خواہ وہ نظم میں لکھی گئی ہو یا نثر میں۔ ان تمام داستانوں میں ہندوستان کی قدیم تہذیب و ثقافت اور قدیم تاریخ جلوہ گر نظر آتی ہے۔راہی کا کہنا ہے کہ گیان چند جین سے لے کر وقار عظیم تک کے داستانی شناوروں نے اس کے ماخذ اور منبع، اصل نقل یا عربی فارسی پر ہی اپنی تحقیق و جستجو مرکوز رکھی ہے جب کہ راہی معصوم رضا کا اس داستان کی ہندوستانیت پر زور ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اردو زبان کے اوپر جو ایک قسم کی غیر ملکی زبان ہونے کا بہتان لگایا جاتا ہے اس کا سِدّباب انہی داستانوں کے ذریعہ ممکن ہے ۔ اردو زبان کے متعلق کہا جاتا ہے کہ یہ زبان عربی اور فارسی کی طرف دیکھتی ہے جب کہ اس زبان کے قواعد ہندی اور سنسکرت قواعد سے ماخوذ ہیں۔اس زبان کے حروف میں کچھ ایسے صوتی حروف شامل کیے گئے ہیں جو عربی اور فارسی میں نہیں ہیں۔ مثال کے طور پر جھ، چھ، پھ بھ جیسے صوت۔اس لیے جب وہ ان داستانوں کا مطالعہ کرتے ہیں تو ان کی توجہ کہانی کے ماخذ، اصل، نقل، فارسی، عربی، دیومالائی، اساطیری،افسانوی غیر افسانوی جیسے نقطوں کی طرف نہیں رہتی ہے بلکہ وہ اس کی ہندوستانیت پر اپنی تمام تر توجہ مرکوز کرتے ہیں۔اس مطالعہ اور ادبی مشاہدے میں وہ اپنے سے پیشتر کئی ادیبوں اور ناقدوں کے نظریات اور خیالات سے انحراف اور اجتناب کرتے ہیںجس کے متعلق وہ ’طلسم ہوش ربا‘ کے دیباچہ میں ایک مقام پر کہتے ہیں کہ
’’ اس مطالعہ میں جس ہندوستان کا مطالعہ کیا جارہا ہے یہ وہی ہندوستان ہے جس کے بادشاہ واجد علی شاہ تھے۔ اور واجد علی شاہ کا ’ ہندوستان ‘ایساگیا گذرا نہیں تھا جیسا کہ حسن عسکری اور عزیز احمد نے سمجھ لیا ہے۔ یہ کوشل دیش بہت پرانا ہے۔شراوستی اور ایودھیا کی کہانیاں صدیوں سے آنکھیں ملاتی ہیں۔ رام چند سے واجد علی شاہ تک زندگی کی ایک طویل داستان پھیلی ہوئی ہے اور تہذیب کی کوئی اتنی بڑی عمارت صرف منفی قدروں کی بنیاد پر تعمیر نہیں ہو سکتی۔ حسن عسکری اور عزیز احمد لکھنؤ کو طوائفوں کی بستی سمجھتے ہیں اس لیے انھوں نے طلسم کی شہزادیوں کو بھی طوائف کہا ہے اور اس بات کو نظر انداز کر دیا ہے کہ اودھ کے حافظے میں سیتا سے لے کر بیگم حضرت محل تک کی کہانیاں محفوظ ہیں۔‘‘
داستان میں وہ اس بات پر اپنازور صرف کرتے ہیں کہ ان کی جائے وقوع کیا ہے جس سے ان داستانوں کا افسانوی محلِ وقوع دریافت کیا جاسکے اور یہ بتایا جا سکے کہ ہماری ادبی اور تہذیبی جڑیں کہاں کہاں پیوست ہیں۔ راہی انہی داستانوں کے محل وقوع کے ذریعہ اس قدیم ہندوستان کو دریافت کرتے ہیں جس کی تاریخ ہزاروں سال کی ہے ۔جس طرح مرثیہ لکھنؤ کے زوال کے دنوں میں اپنے عروج پر تھا اسی طرح’ طلسم ہوش ربا‘ بھی لکھنوی تہذیب کے زوال کے ایام کی تخلیق ہے۔ وہ جس تاریخ اور تہذیب کی بات کرتے ہیں اس میں جہاں ایک طرف کاشی، شراوستی اور ایودھیا بستے ہیں وہیں دہلی، لکھنؤ، آگرہ بھی موجود ہیں۔ اس کی آبیاری بدھ مذہب کے عہد میں ہوئی جب یہ کوشل دیس کے نام سے دنیا میں مشہور تھا۔انھوں نے اس نقطہ کی بھی وضاحت کی ہے کہ قدیم عہد میں شہر کو ہی ملک تصور کیا جاتا تھا ۔ اس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ ان داستانوں میں نیشنلزم کا تصور آج کے نیشنلزم کے تصور سے میل نہیں کھاتا ہے اور نہ ان سے یہ تقاضہ ہی کیا جاسکتا ہے۔ طلسم ہوش ربا میں ہندوستان خطہء اودھ تک محدود تھا باقی گجرات، مالوہ، دکن،کشمیر اوربنگال ملک کی شکل میں نظر آتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اکثر ہم داستان گویوں کی زبانی سنتے ہیں کہ افراسیاب 60,000ملکوں کا بادشاہ تھا۔ انھوں نے اپنے تحقیقی مطالعہ میں اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ طلسم ہوش ربا میں مقامات، دریا، پہاڑ، باغ، جھیل، تالاب اور نہروں کو دیکھ کر یہی لگتا ہے کہ داستان گویوں یا داستان نویسوں نے ایسی بہت سی جگہوں اور مقامات کا نقشہ کھینچا ہے جس کے سہارے ہم اندازہ لگا سکتے ہیں کہ وہ اپنی فطرت، ماحول اور موسم کے لحاظ سے ہندوستان اور اس کے قریب کے ممالک ہو سکتے ہیں۔ اس میں چین، عرب، شام، ایران، عراق، مصر اور روم جیسے ممالک کا ذکر ملتا ہے اور اسی کے ساتھ سنگل دیپ اور سرن دیپ بھی مل جاتے ہیں جوکہ سری لنکا سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ راہی یہ بات کہنے پر مجبور ہو جاتے ہیں کہ ایسی تمام بحثیں اور بہتان بے بنیاد ہو جاتے ہیں کہ ان تخلیقات کے ماخذ کیا ہیں، تراجم کیا ہیں، اصل ہیں یا نقل اور فارسی ہیں یا عربی بلکہ اس کو داستان گویوں نے جس ہندوستان کے روایتی، ثقافتی، اساطیری اور تاریخی قالب میں ڈھال کر پیش کیا ہے وہ میرے نزدیک زیادہ اہم ہو جاتا ہے۔ ایک جگہ راہی کہتے ہیں کہ ’یہ دنیا کا فی بڑی ہے لیکن یہ بات صاف طور سے نظر آتی ہے کہ داستان گویوں نے صرف انہی علاقوں یا شہروں کے نام لیے ہیں جن سے ہندوستان کا تعلق رہا ہے۔‘
اس بات کا بھی جواب یہیں پر مل جاتا ہے کہ آخر راہی معصوم رضا کیسے ’مہابھارت‘ جیسے شہرۂ آفاق سیریل کے مکالمے اور اسکرین پلے اتنی کامیابی اور اعتماد کے ساتھ تحریر کر لے گئے۔اس کے پس پردہ ان کی تحقیق ’طلسم ہوش ربا: ایک مطالعہ ‘ نے ہندوستانی اساطیری اور دیو مالائی قصوں، کہانیوں اور داستانوں کو بہت قریب سے دیکھنے، سمجھنے اور پرکھنے کا راہی کو ایک نایاب موقع عنایت فرمایا۔مہابھارت میں حفظ ِمراتب، آداب و القاب ،زبان و بیان ، کرداروں کی باہمی گفتگو غرض کہ ہر ایک پہلو پر راہی کی گرفت بڑی مضبوط ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ انھوں نے ہندی یا سنسکرت کے نامانوس اور بھونڈے الفاظ اور جملوں کا استعمال کیا ہے بلکہ خوش ذائقہ، شیریں اور مترنم الفاظ سے مہابھارت کو سجایا ہے۔ مہابھارت میں ہندی، سنسکرت اور اودھی زبان کی چاشنی سے ایک ایسا مکالمہ تیار کیا گیا جس کا جادو عوام کے سر چڑھ کر بولا۔ مغل اعظم کے مکالمے آج بھی لوگوں کی زبان پر ہیں اسی طرح مہابھارت کے بعض مکالمے آج بھی لوگوں زبان پر ہیں۔ مہابھارت جیسے رزمیہ کو دوبارہ تحریر کرتے ہوئے اس کے متعلق راہی کا خیال تھا کہ ’’چار ہزار برس پرانی اس داستان کو اگر ہم آج کے دور سے نہیں جوڑ پاتے تو اس سیریل کو بنانے کا کوئی فائدہ نہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ میں نے اس کو لکھنا اس لیے قبول کیا کہ میں جانتا تھا کہ میں اس کو کانٹمپروری (ہم عصر)بنا سکتا ہوںاور میں ہندوستان کے گزرے ہوئے کل کو آج کے ہندوستان سے جوڑ سکتا ہوں ۔‘‘
جیسے فلم ’ مغل ِ اعظم ‘ میں راوی ہندوستان ہے اور فلم کی ابتدا میں کہتا ہے ’میں ہندوستان ہوں، ہمالیہ میری سرحدوں کا نگہبان اور گنگا میری پوترتا کی سوگندھ، تاریخ کی ابتدا سے میں اندھیرے اور اجالو ں کا ساتھی رہا ہوں اور میر ی خاک پر سنگ مرمر میں لپٹی ہوئی چادریں دنیا سے یہ کہہ رہی ہیں کہ ظالموں نے مجھے لوٹا ،مہربانوں نے مجھے سجایا اور نادانوں نے مجھے زنجیریں پہنا دیں اور میرے چاہنے والوں نے انھیں کاٹ پھینکا۔ میرے چاہنے والوں میں ایک انسان کا نام جلال الدین محمد اکبر تھا۔‘
اسی انداز ، تیور اور تمکنت کے ساتھ مہا بھارت میں بھی راوی جب یہ کہتا ہے کہ ’ میں سمے ہوں اور آج مہا بھارت کی امر کتھا سنانے جا رہا ہوں۔یہ مہا بھارت کیول بھرت ونش کی کوئی سیدھی سادی یُدھ کتھا نہیں ہے ۔یہ کتھا ہے بھارتیہ سنسکرتی کے اتار چڑھاؤ کی اور ستیہ استیہ کے یُدھ کی، یہ کتھا ہے اندھیرے سے جوجھنے والے اجالے کی اور یہ کتھا میرے سوا کوئی دوسرا سنا بھی نہیں سکتا۔‘
راہی کی تخلیقی زندگی کا سب سے عظیم کارنامہ ’مہابھارت‘ کے مکالمے اور اسکرین پلے ہے جو در اصل ایک قدیم رزمیہ سے ماخوذ ہے جو اپنے اندر مذہبی، دیومالائی، تاریخی اور فلسفیانہ افکار کو سمیٹے ہوئے ایک لاکھ سے زیادہ اشلوکوں میں پھیلا ہوا ہے۔دنیا کا سب سے بڑا ادبی کارنامہ ہندومذہب اور تہذیب میں اس قدر مقبول ہے کہ اس کو پانچویں وید کا مرتبہ اور مقام حاصل ہے۔ اس رزمیے کے متعلق یہ کہا جاتا ہے کہ اس کائنات میں جو کچھ بھی موجود ہے وہ اس رزمیے میں ہے اور جو نہیں ہے وہ بھی اس میں کہیں نہ کہیں مل جائے گا۔ جیسے پچھلے زمانوں میں لوگ دیوانِ حافظ کے کسی ورق کو کھول کر اپنے دل کا حال معلوم کر لیتے تھے ویسے ہی مہابھارت کے اشلوک بھی انسان کی ہر قدم پر رہنمائی کرتے ہیں۔ مشہور ٹی وی چینل’ اسٹار پلس ‘ نے بھی 2013 میں ’ مہابھارت ‘ سیریل بنایا اس کابھی بجٹ تقریباً سو کروڑ روپئے تھا جو کہ ٹی وی شوز کی تاریخ میں ابھی تک کا یہ سب سے بڑا بجٹ ہے۔ مگر جو مقبولیت اور محبوبیت بی آر چوپڑہ کے ’مہابھارت‘ کو نصیب ہوئی وہ آج تک کسی دوسرے سیریل کو نہیں ملی۔
یہ سیریل آج بھی اتنا ہی مقبول اور پسند کیا جاتا ہے جتنا کہ دوردرشن پر اپنے ٹیلی کاسٹ کے زمانے میں مقبول تھا۔ کہا جاتا ہے کہ جس دن یہ سیریل دور درشن پر ٹیلی کاسٹ ہوتا تھا اس وقت ہندوستان تھم جاتا تھا بازار میں رونق کم ہو جاتی تھی دفتروں میں چہل پہل نہیں رہتی تھی، سڑکیں اور گلیاں سنسان ہو جاتی تھیں اور گھروں میں ہر کوئی ٹیلی ویژن کے سامنے ہی دیکھا جاتا تھا۔ ’مہابھارت ‘کے پروڈیوسر بلدیو راج چوپڑہ المعروف بی آر چوپڑہ نے اس سیریل کے فارسی اور عربی زبان کے سب ٹائٹل کے حقوق سے ہی اربوں کی کمائی کی۔ اس سیریل کے سب ٹائٹل کے کاپی رائٹ ہندوستان سمیت دنیا کی ہر بڑی زبان میں فروخت ہوئے۔ کہا جاتاہے کہ اس سیریل کے سب ٹائٹل کا سب سے پہلا خریدارایران تھا جس نے بی آر فلمز کو بہت بڑی رقم ادا کرکے حاصل کیا تھا۔ اس کے علاوہ انڈونیشااور دیگرعرب ممالک اور یورپی ممالک نے بھی سب ٹائٹل اور حقوق خرید کر اپنے یہاں نشر کیا۔ اس عظیم رزمیے کو راہی نے اپنے قلم کے ذریعہ ٹیلی ویژن کے چھوٹے پردے پر ایسا تحریر کیا کہ راہی کو دنیا اس دور کا دوسراوید ویاس کہتی ہے جس نے ’مہابھارت ‘ کو ہندوستان کے گھر گھر پہنچا دیاجس کی وجہ سے راہی ادب کی مہابھارت سے فاتح بن کر نکلے ۔

Dr. Muntazir Qaimi
Department (Urdu)
FAA Govt. PG College
Mahmudabad (Awadh), Sitapur
Mob: 08127934734
Email: muntazirqaimi@gmail.com

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Explore More

مصنوعی ذہانت اور تخلیقی ادب،مضمون نگار: جاوید احمد شاہ

اردودنیا،فروری 2026: دورحاضر میں انسان بے انتہا ترقی کر چکا ہے۔ ابھی معلوم نہیں اس کی پرواز کہاں تک ہو گی۔ روز بروز سائنس انسان کی رہنمائی کرتا ہوا نظر

ہندوستانی تہذیب وثقافت اورمراثی ٔ انیس کے خواتین کردار،مضمون نگار: شبیب نجمی

اردودنیا،جنوری 2026: میرانیس کا شماراردوزبان وادب کے عظیم شعرا میں ہوتا ہے۔ان کا اصل کارنامہ یہ ہے کہ انھوں نے صنف مرثیہ کو وہ بلندی عطا کی کہ انیس اورمرثیہ

کرناٹک میں معاصر اردو ادب : ایک جائزہ،مضمون نگار:ڈاکٹرانوپما پول

اردو دنیا، مئی 2026: سرزمین کرناٹک تاریخی، تہذ یہی اور ثقافتی لحاظ سے اہمیت کی حامل ہے۔ زمانہ قدیم سے یہاں کئی سلاطین نے حکمرانی کی ہے۔ نداس، موریہ، چالوکہ،