راہی معصوم رضا کے ناولوں کا اجمالی جائزہ، مضمون نگار: ابوہریرہ

October 16, 2026 0 Comments 0 tags

اردو دنیا،اکتوبر2026:

یکم اگست 1927 کو ضلع غازی پور کے گنگولی میں پیدا ہونے والے راہی معصوم رضا (1927) ایک بہتر شاعر، اہم ناول نگار، نقاد، فلم اور ٹی وی کے معروف اسکرپٹ رائٹر، مکالمہ نویس، سیاسی و سماجی مسائل پر گہری نظر رکھنے کے ساتھ ثقافتی کارکن کی حیثیت سے بھی جانے جاتے ہیں۔ راہی معصوم رضا کی اہم شناخت ایک اچھے ناول نگار کےطورپر ہے۔ ان کے ناول تقسیم کا کرب،سرمایہ دارانہ نظام کی مخالفت، گنگا جمنی تہذیب کی پاس داری، ہندو مسلم اتحاد کی وکالت، نسلی امتیازات اور ذات پات پر چوٹ، فرقہ وارانہ فسادات کا رنج و الم، آزاد ہندستان کی سیاسی، سماجی اور معاشی صورت حال کو پیش کرتے ہیں۔راہی معصوم رضا کی ناول نگاری کی ابتدا عباس حسینی کے نکہت پبلی کیشنز، الٰہ آباد کے لیے شاہد اختر اور آفاق حیدر جیسے ناموں سے جاسوسی اور رومانی ناول لکھنے سے ہوئی۔(1) اس خالص پیشہ ورانہ وابستگی کے باوجود راہی معصوم رضا نے اپنے اندر کے فن کار کو زندہ رکھا اور اپنے اصل نام سے بھی اردو رسم الخط میں کئی ناول لکھے جن میں محبت کے سوا (1950)دستیاب ہے ، وہیں ان کے دوسرے اردو ناولوں جیسے سڑک،(2) ڈوب چلا میخانہ(3) اور سحر کے انتظار میں (4) کے اشتہارات ان کی کتابوں میں ملتے ہیں۔راہی معصوم رضا کے دستیاب ناولوں کی تفصیل مع اولین اشاعت درج ذیل ہے:
1۔محبت کے سوا: 1950، حلقۂ ادب، بشیر منزل غازی پور
2۔آدھا گاؤں :ستمبر 1966، اکشر پرکاشن، نئی دہلی
3۔ ٹوپی شکلا : 1967،راج کمل پرکاشن، نئی دہلی
4۔ہمت جون پوری: 1969،راج کمل پرکاشن، نئی دہلی
5۔ اوس کی بوند: 1970 ،راج کمل پرکاشن، نئی دہلی
6۔ دل ایک سادہ کاغذ:1973،راج کمل پرکاشن، نئی دہلی
7۔ سین 75 : 1977 ،راج کمل پرکاشن، نئی دہلی
8۔ کٹرا بی آرزو:1978 ،راج کمل پرکاشن، نئی دہلی
9۔ اسنتوش کے دن:1986 ،راج کمل پرکاشن، نئی دہلی
10۔نیم کا پیڑ :2003، راج کمل پرکاشن، نئی دہلی
مذکورہ ناولوں میں ’محبت کے سوا‘ اردو رسم خط میں شائع ہوا جب کہ آدھا گاؤں بعض ناگزیر حالات کی بناپر دیوناگری رسم خط میں شائع ہو کر منظرِ عام پر آیا۔ آدھا گاؤں کو راہی معصوم رضا نے صدیوں پرانی ماہ محرم کی روایات، مشرقی اترپردیش کی مقامی تہذیب، بھوجپوری زبان (جسے راہی خود بھوجپوری اردو کا نام دیتے ہیں)(5) اور اردو مرثیے کی چاشنی میں گھول کر تخلیق کیا تھا، آدھا گاؤں کے ابواب کے نام راہی نے میر انیس کے مرثیوں کے مصرعوں پر رکھے تھے اور ان کی بندش ایسی تھی کہ جب تک قاری کو داستانِ کربلا درست زمانی ترتیب کے ساتھ یاد نہ ہو، وہ پوری کہانی کو سمجھ نہیں سکتا۔ کم و بیش یہی قصہ راہی کے دوسرے ناول ’ کٹرا بی آرزو‘ کا بھی ہے۔ اِن دونوں ناولوں کے اصل نسخے (جو کہ اردو رسمِ خط میں ہیں اور خود راہی معصوم رضا کی تحریر میں ہیں) انجمن ترقی اردو (ہند) نئی دہلی میں محفوظ ہیں۔
ذیل میں راہی کے ناولوں پر اجمالی روشنی ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
محبت کے سوا
محبت کے سوا راہی معصوم رضا کا پہلا ناول ہے۔یہ ایک لڑکی ملک تاج کی داستان ہے جو اپنے اُس شوہر ساحر کے انتظار میں اپنی زندگی کے بیس سال گزار دیتی ہے جو دیش بھکتی کے الزام میں حوالۂ زندان کر دیا جاتا ہے۔اُس کا شوہر اپنے اصولوں سے سمجھوتا نہ کرنے اور اپنے نظریات پر قائم رہنے کی بنا پر قید و بند کا سزاوار ٹھہرتا ہے لیکن بالآخر قید کی صعوبتوں سے تنگ آکر سرکار سے معافی مانگ لیتا ہے تاکہ اپنی محبت بھری دنیا میں واپس لوٹ سکے، مگر معافی مانگنے میں اسے بیس سال کا عرصہ گزر جاتا ہے۔ اُدھر ان بیس سالوں میں اُس کی بیوی اشتراکی کارکن بن چکی ہوتی ہے جسے اپنے شوہر کی جواں مردی اور اصول پسندی پر ناز ہوتا ہے۔ شوہر کے جیل سے باہر آتے ہی دونوں میں اختلافات بڑھتے ہیں، بیوی کا سوال ہوتا ہے کہ اگر معافی ہی مانگنی تھی تو ابتدا میں ہی مانگ لینی چاہیے تھی، زندگی کے قیمتی بیس سال ضائع کرنے کا حاصل کیا ہے۔ یہیں دونوں کے رشتوں میں درار پڑتی ہے اور محبت کی کڑیاں بکھر جاتی ہیں۔
طویل ترین تقاریر ناول کے حسن کو خراب کرتی ہیں۔ راہی کا یہ ناول نظریے کا منشور بن گیا ہے، حقیقی زندگی سے اس کا رشتہ کم کم ہی محسوس ہوتاہے۔ چوں کہ اب تک کی تحقیق کے مطابق یہ راہی کا پہلا ناول ہے اور اس کی اشاعت (1950) کے وقت راہی کی عمر کل 23 برس تھی، اس لحاظ سے ناول اپنے پلاٹ، کردار نگاری اور منظر نگاری جیسی صفات سے متصف ہےجسے راہی نے بہتر طور پر برتنے کی کوشش کی ہے۔
آدھا گاؤں
ادب میں راہی معصوم رضا اسی آدھا گاؤں کی وجہ سے جانے اور پہچانے گئے اور انھیں اردو اور ہندی میں ممتاز مقام ملا۔ آدھا گاؤں کی کہانی مشرقی اتر پردیش کے ضلع غازی پور کے ایک چھوٹے سے گاؤں گنگولی کی کہانی ہے۔ نیم سوانحی طرز پر لکھے گئے اس ناول کا زمانہ 1940 سے 1952 کے آس پاس کا ہے۔ دوسری جنگِ عظیم، تقسیم ہند اور زمیں داری کا خاتمہ اس ناول کی مرکزی بنیادیں ہیں، جن کے سہارے ناول کی تعمیر کی گئی ہے۔ناول کی کہانی گنگولی کے سیّدواڑے کی ہے جو دو پٹیوں-اتر پٹی اور دکھن پٹی- پر مشتمل ہے۔ پوری کہانی انھیں پٹیوں کے چند گھروں میں رہنے والے سیّد صاحبان کے ارد گرد گھومتی ہے۔ ان کے علاوہ گاؤں کی دیگر برادریوں کی نمائندگی بھی معاون کرداروں کے ذریعے ہوتی ہے۔
دس ابواب پر مشتمل اس ناول میں راہی نے ابتدائیہ (ہندی میں اونگھتا شہر) کے عنوان سے مقدمہ لکھا ہے جس میں غازی پور کی تاریخ پر روشنی ڈالی ہے اور پھر اِ س ناول کی وجہ تصنیف بتاتے ہوئے ناول کا خاکہ پیش کیا ہے۔ ناول کی ابتدائی چار ابواب سیّد صاحبان کی خوش حالی اور امن کا زمانہ ہے جن میں محرم ہے، مجلسیں ہیں،تبرک کی تقسیم کا ہنگامہ ہے، مرثیہ خوانی، سوز خوانی، تحت خوانی، حدیث خوانی کی روایات کی عکاسی ہے۔ دونوں پٹیوں کی آپسی رقابت داری اور ایک دوسرے کو زیر کرنے کے قصے، جھگڑے اور خوش گپیاں شامل ہیں، انھیں کہانیوں کے بیچ تقسیم ہند کے مباحث بھی داخل ہوتے نظر آتے ہیں۔
اگلے ابواب میں دوسری جنگِ عظیم کی ہنگامہ خیزی بڑے ہی ڈرامائی انداز میں بیان ہوئی ہے۔ شکر کی خرید و فروخت پر انگریزی سرکار کی لگائی گئی پابندی سیّدانیوں کے نذر و نیاز میں رخنہ انداز ہوتی ہے تو سوتی کپڑوں کی قلت سے بے چاری عورتوں کے کندھے ٹاٹ کا دوپٹہ اوڑھنے کی وجہ سے چھِل جاتے ہیں۔ گاؤں گاؤں گھوم کر انگریزی سرکار کی پولیس لڑائی کے لیے چندہ وصولتی ہے اور فوج کے لیے جوان لڑکے اٹھا لیے جاتے ہیں، سرکار لڑائی کا خرچ نکالنے کے لیے ڈیڑھ گنا لگان وصول کرتی ہے۔ بالآخر عام عوام کا غصہ تھانہ قاسم آباد پر پھوٹ پڑتا ہے، سرکار کے خلاف بغاوت ہو جاتی ہے۔ یہاں راہی نے بڑی ہی چابک دستی سے قصے کو بوجھل بنائے بغیر 1942 کے بھارت چھوڑو تحریک کا منظرنامہ پیش کر دیا ہے۔
ان ابواب میں ملک کا ماحول خراب ہونے ،محرم کی مجلسوں کے پھیکی پڑنے،چوبی تعزیوں کی تعداد گھٹنے جیسے عوامل کے ساتھ تقسیم کے المیے کا بھی بیان ہے۔
اسی موڑ پر راہی معصوم رضا نے ’درمیانیہ ‘ (ہندی میں بھومیکا) کے عنوان سے ایک اور مقدمہ لکھا ہے جس میں انھوں نے کچھ ایسے سوالات اٹھائے ہیں جو تقسیم ہند کا کرب جھیلنے والے ، ہندستان نہ چھوڑنے والے ہر آدمی کے سوالات ہیں۔ اسی میں راہی نے غازی پور اور گنگولی سے اپنی لازوال محبت کا اعلان بھی کیا ہے اور اپنے اعظم گڑھ کے ہونے -جیسا کہ بعض حضرات راہی کے اعظم گڑھ کا ہونے کا دعوا کرتے ہیں- کی کھلے لفظوں تردید کی ہے۔
ناول کا آخری باب سیّد صاحبان کی زبوں حالی، ان کی صدیوں پرانی اقدار اور شان و شوکت کےشکست و ریخت کی کہانی بیان کرتا ہے۔ سیّد زادے جوتے کی دکان کھولنے پر مجبور ہو جاتے ہیں اور سیّدانیوں کے نکاح کے لیے اب کھری ہڈّی اور اعلا حسب و نسب کوئی اہمیت نہیں رکھتا اور سیّد صاحبان کے گھر بوسیدہ ہو کر زمیں دوز ہو رہے ہوتے ہیں۔
’آدھا گاؤں‘ بنیادی طور پر چند گھروں کی کہانی ہے مگراس کا دائرہ پورے ہندستان پر محیط ہے۔ یہ ناول ذات پات پر مبنی تفریق اور اونچ نیچ کے خلاف دستاویز بھی کہا جا سکتا ہے۔ راہی معصوم رضا نے اس ناول میں ذات برادری کی سطح پر آ رہی تبدیلی کو بھی بڑے فن کارانہ انداز میں پیش کیا ہے۔
راہی معصوم رضا کا آدھا گاؤں ایک ایسے خطے کی کہانی ہے جو سرحد سے ہزاروں کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور یہ بیان کرتا ہے کہ تقسیم کا نقصان اُس خطے کو کس قدر اور کیسے ہوا۔
ٹوپی شکلا
ٹوپی شکلا تقسیمِ ہند کے بعد پیدا ہونے والے حالات کا بیان ہے۔ یہ ایک ایسے ہندستان کی کہانی ہے جس نے مسلم لیگ کے دو قومی نظریے کی پرزور مخالفت کی اور اپنی صدیوں پرانی ہندستانی تہذیب سے وفاداری کاثبوت دیا۔ ناول دو مرکزی کرداروں بلبھدر نرائن شکلا عرف ٹوپی شکلا اور سیّد ضرغام حسین زیدی عرف عِفّن کے ارد گرد گھومتی ہے۔اٹھارہ ابواب پر مشتمل یہ ناول اُس دور کی کہانی ہے جب تقسیمِ ہند کے زخم بالکل تازہ تھے، جب ملک میں نئے فرقہ وارانہ موضوعات سر اٹھا رہے تھے، آدمی کی قابلیت و صلاحیت اس کا مذہب اور اس کی زبان طے کرنے لگی تھی۔
ناول بنارس، غازی پور اور علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی کے ماحول میں پروان چڑھتا ہے۔ ٹوپی کے والد اور دادی اردو اور فارسی بولنے ، سمجھنے، لکھنے اور روزمرہ کی زندگی میں برتنے والے ہوتے ہیں۔ ٹوپی اسی ماحول میں بڑا ہوتا ہے دوسرا مرکزی کردار عفن سرکاری افسر کا بیٹا ہوتا ہے جس کے اکثر و بیشتر عزیز و اقارب پاکستان جا چکے ہوتے ہیں اور وہاں سے اسے پاکستان آنے کے لیے خط لکھتے ہیں۔
راہی کے دونوں مرکزی کردار اپنے ارد گرد کی شدت پسندی سے نبرد آزما ہوتے ہیں۔ یہ ناول حالات سے سمجھوتا نہ کرنے اور اپنے اصولوں پر قائم رہنے کی روداد پیش کرتا ہے۔ حقیقتاً یہ ناول صدیوں پرانی گنگا جمنی تہذیب کے شکست و ریخت کی داستان ہے۔
ہمّت جونپوری
ہمّت جونپوری آدھا گاؤںاور ٹوپی شکلا سے قدرے مختلف ناول ہے۔ تین ابواب پر مشتمل یہ ناول اس ہمت جونپوری نامی کردار کی کہانی ہے جو اپنی پیدائش سے لے کر موت تک معاشرے میں اپنے جائز حقوق، نیک نامی اور اپنے خوابوں کو مکمل کرنے کی لڑائی لڑتا ہے۔ راہی معصوم رضا نے اس ناول کو سوانحی انداز میں لکھا ہے۔ پہلا باب – جو کہ پورے ناول کا تقریباً ستّر فی صد حصہ ہے- ہمت جونپوری کے آبا و اجداد کی تفصیلات پر مشتمل ہے جو جونپور سے غازی پور ہجرت کر کے آئے ہوتے ہیں مگر اپنے نام سے جونپوری کا لاحقہ لگانا فراموش نہیں کرتے۔ ہمت کے خاندان میں شعر و شاعری کا خوب چرچا ہے، مثنوی نگاری پر خصوصی توجہ ہے۔ واقعتاً اس ناول کو مکمل طور پر سمجھنے کے لیے قاری کا مثنوی کی تعریف، اجزائے ترکیبی اور اس کی روایت سے واقف ہونا ضروری ہے، اور کہیں کہیں تو مثنوی کی فنی خوبیوں اور خامیوں، ابواب بندی کی باریکیوں اور مثنوی میں تاریخ نگاری جیسے باریک نکات سے آگاہی بھی لازمی ہو جاتی ہے۔
ناول کے دوسرے باب میں ہمّت جونپوری فلمی دنیا میں اپنی قسمت آزمانے ممبئی(ناول میں بمبئی) چلا جاتا ہے ۔اس باب میں راہی نے خود اپنے آپ کو ناول کے ایک کردار کے روپ میں پیش کیا ہے جس سے ہمت جونپوری کی ملاقات ہوتی ہے اور ہمت راہی سے اپنی فلم میں گانے لکھوانے کا وعدہ لیتا ہے اور اپنے دوستوں میں اس بات پر فخر کرتا ہے کہ مشہور شاعر راہی معصوم رضا اُسے پہچانتا ہے، لیکن راہی اُسے دھوکہ دے کر نکل جاتے ہیں ۔
ناول کے تیسرے اور آخری باب میں ہمت کی اس مفلسی کا بیان ہے جو اسے ممبئی میں کام نہ ملنے کی وجہ سے پیش آئی۔ ساتھ ہی اس میں ممبئی کی داداگری، شرپسند عناصر کی سیاسی جماعتوں کے ذریعے پشت پناہی، غریبی، جرائم اور جسم فروشی جیسے مسائل کو راہی نے کہانی کی صورت میں پیش کر کے خوابوں کی نگری ممبئی کی قلعی کھولی ہے۔ یہ ناول ہمت جونپوری کے ناکام و نامراد ہو کر غازی پور واپس لوٹتے وقت بس سے کچل کر مر جانے پر ختم ہوتا ہے۔
ناول غازی پور اور ممبئی جیسے شہروں کے ماحول مقامی تہذیب و ثقافت کا بیان کرتا ہے۔ ہمت جونپوری کی ماں چوں کہ درزی برادری سے تعلق رکھتی ہے، اس لیے راہی نے یہاں بھی ذات پات اور اونچ نیچ کو موضوع بنایا ہے۔ ناول میں اردو، ہندی اور بھوجپوری کے حوالے سے بھی دل چسپ باتیں سامنے آتی ہیں۔
اوس کی بوند
اوس کی بوند تقسیم ہند کے بعد تیزی سے پنپتی ہندو مسلم منافرت اور اس سے نبرد آزما ہونے والے کرداروں کی کہانی ہے۔ ناول کے دو مرکزی کردار شہلا اور وقار اللہ عرف وحشت انصاری ہیں۔ شہلا کے داداکنور وزیر حسن خاں زمیں دار اور مسلم لیگ کے بڑے حامی ہوتے ہیں لیکن پاکستان بن جانے کے بعد یہ کہہ کر پاکستان جانے سے انکار کر دیتے ہیں کہ بزرگوں کی دہلیز نہیں چھوڑی جاتی، لیکن ان کا اکلوتا بیٹا علی باقر -جو کہ تحریک پاکستان کاسخت مخالف ہوتا ہے- اپنے باپ کی اس نصیحت کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنی بیوی عابدہ کوطلاق دے کر اپنی بیٹی شہلا کو چھوڑ کر پاکستان چلا جاتا ہے جس کے غم میں شہلا کی دادی ہاجرہ پاگل ہوجاتی ہے۔
دوسرے مرکزی کردار وقار اللہ عرف وحشت انصاری حیات اللہ انصاری کا بیٹا ہے۔ حیات اللہ انصاری بھی مسلم لیگ کے حامی اور زور دار مقرر ہوتے ہیں لیکن پاکستان جانے سے انکار کر دیتے ہیں اور کانگریس کی رکنیت اختیار کر کے اپنا سیاسی وجود قائم رکھنے کی جد و جہد جاری رکھتے ہیں۔ان کا بیٹا وحشت، علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی سے وکالت کی ڈگری لے کر غازی پور کی دیوانی عدالت میں پریکٹس کرتا ہے، شعر کہتا ہے اور ڈائری لکھتا ہے۔
کنور وزیر حسن خاں کا گھر تین چار ہزار سال قدیم ہوتا ہے جس میں ایک قدیم مندر اسی طرح موجود ہوتا ہے۔
ناول میں شہلا اپنے دادا کی موت اور اس کی ذاتی ملکیت پر شر پسند عناصر کے قبضے کے خلاف قانونی لڑائی لڑتی ہے، جس کے لیے وہ وحشت انصاری ایڈوکیٹ کے پاس جاتی ہے، جس سے وہ محبت بھی کرتی ہےمگر وحشت انصاری مندر کا کیس لینے سے انکار کر دیتا ہے اور شہلا کو ہندو وکیل کرنے کا مشورہ دیتا ہے۔ راہی معصوم رضا نے یہاں بھی غیر ضروری تفصیلات سے گریز کرتے ہوئے شہر میں فساد کا منظر دکھایا ہے جس میں شہلا کی عصمت دری کے بعد اس کا قتل کر دیا جاتا ہے۔
ناول کا انتساب راہی نے اپنی بیوی نیّرہ رضا اور اپنی بیٹی مریم رضا کے نام کیا ہے، ساتھ ہی ڈیڑھ صفحے کے مقدمے میں راہی نے اپنے ناولوں میں  گالیوں کی موجودگی کے حوالے سے لکھا ہے کہ میرے کردار اپنے اپنے گھروں میں اور سڑکوں پر گالیاں ہی بکتے ہیں، اس لیے میں گالیاں ہی لکھوں گا، اگر وہ گیتا کے شلوک بکیں گے تو میں گیتا کے شلوک ہی لکھوں گا۔ راہی کہتے ہیں کہ میں کوئی ناجی جرمن ادیب نہیں ہوں کہ اپنے کرداروں پر اپنا حکم چلاؤں اور انھیں گالیاں بکنے پر توپ سے اُڑا دوں۔
یہ ناول بھی ٹوپی شکلا کی طرح صدیوں پرانی گنگا جمنی تہذیب کی شکست کا بیانیہ ہے۔
دل ایک سادہ کاغذ
دل ایک سادہ کاغذ کو راہی معصوم رضا کی خود نوشت بھی کہا جا سکتا ہے ۔ اس ناول کے مختصر سے مقدمے میں انھوں نے پہلے تو اسے اپنی خود نوشت ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے مگر فوراً ہی اس کی تردیدبھی کر دی ہے۔ ہر چند راہی معصوم رضا نے یہ تردید کر دی ہے لیکن اس کی کہانی راہی کی اصل زندگی کے واقعات سے کڑی در کڑی میل کھاتی ہے اور راہی نے اس ناول میں جگہ جگہ اپنے مرکزی کردار کی زبانی جو اشعار اور نظمیں لکھوائی ہیں، وہ راہی کی اپنی نظمیں ہیں اور ان کے شعری مجموعوں میں موجود ہیں۔ راہی کا اسے اپنی خود نوشت ہونے کا امکان ظاہر کرنا ہی اس شک کو جنم دیتا ہے۔
کہانی غازی پور کے زیدی وِلاسے شروع ہوتی ہے بمبئی کی تاریک فلمی دنیا میں ختم ہو جاتی ہے۔ ناول کا مرکزی کردار سیّد رفعت علی زیدی عرف رفّن ہے جو شاعر ہو کر باغی اعظمی تخلص اختیار کرتا ہے۔ ناول کے ابتدائی دو ابواب غازی پور کی مقامی تہذیب، بھوجپوری اردو، تقسیمِ ہند کے سانحے اور زمیں دار گھرانوں کے ٹھاٹھ باٹ کے بیان میں ہے۔
باغی اعظمی تاریخ کا استاد ہو کر جگہ جگہ اسکولوں میں تقرری کے لیے مارا مارا پھرتا ہےبالآخر اسے نرائن گنج نامی قصبے کے ایک اسکول میں تاریخ پڑھانے کی جگہ مل جاتی ہے۔ ناول کا خاصا بڑا حصہ نرائن گنج کے حصے پر محیط ہے۔ یہ ایک نیم قصباتی علاقہ ہوتا ہے جہاں راہی معصوم رضا نے آزاد ہندستان کے اُتار چڑھاؤ کی کامیاب تصویر کھینچی ہے۔
اس ناول میں اردوکی زبوں حالی، اسکولوں ، اخباروں، مقبولِ عام تجارتی اداروں سے اردو کی جگہ ہندی کے رواج پانے کو بھی جگہ جگہ اس طرح بیان کیا ہے کہ ناول بوجھل نہیں ہوا اور مطلب کی بات بھی کہہ دی گئی۔
دل ایک کاغذ میں بھی تقسیم کا کرب ہے۔ صدیوں کی رچی بسی گنگا جمنی تہذیب کا مرثیہ ہے۔کہیں کہیں ڈھاکہ کی سیاسی صورت حال کا ذکر بھی آتا ہے کہ کیسے وہاں اردو اور بنگالی بولنے والے مسلمان ہی باہم گتھم گتھا ہیں۔ علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی کا ذکر اس میں بھی خوب خوب ہے۔
سین75
راہی معصوم رضا کا یہ ناول پوری طرح سے ممبئی کی فلمی دنیا کا بیان ہے۔ اسی ناول کے انتساب میں راہی نے خود کو تین ماؤں یعنی نفیسہ بیگم ، علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی اور گنگا کا بیٹا کہا ہے۔ ناول کا مرکزی کردار علی امجد بنارس سے فلمی دنیا میں اپنا مستقبل بنانے ممبئی آتا ہے جہاں اس کا سامنا ایسے سماج سے ہوتا ہے جو حددرجہ رذالت پسند ہے، جو اپنے فائدے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے اور جس کے پاس سماجی اقدار کے نام پر جھوٹ، مکر، فریب، فحاشی اور بغض و حسد کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے۔ یہ ناول بنیادی طور پر فلمی دنیا میں اپنے ستارے کے بلند ہونے کا خواب دیکھنے والے اداکاروں، قلم کاروں، شاعروں، ہدایت کاروں کے جد و جہد اور اتار چڑھاؤ کی کہانی ہے۔ راہی کا یہ ناول اس لیے بھی اہم ہو جاتا ہے کہ ہندستانی فلم انڈسٹری نے سنیما کے نام جو کچھ سماج کے سامنے پیش کیا ہے، اس کا حقیقی زندگی سے کیا تعلق، یہ ناول بہت باریک بینی سے اس پر روشنی ڈالتا ہے۔
کٹرا بی آرزو
راہی معصوم رضا کے اہم ترین ناولوں میں کٹرا بی آرزو کا بھی شمار ہے۔ یہ ناول بنیادی طور پر 26 جون 1975 سے 21 مارچ 1977 تک اندرا گاندھی سرکار کے ذریعے نافذ کی گئی ایمرجنسی کو بنیاد بنا کر لکھا گیا ہے۔ ناول کا انتساب راہی معصوم رضا نے اپنے دو دوستوں-عزیز قیسی اور بمل دت- کے نام کیا ہے جنھوں نے فلم رائٹرس ایسو سی ایشن کی میٹنگ میں اُس تجویز کی مخالفت میں راہی کا ساتھ دیا تھا جس میں کہا جا رہا تھا کہ سارے قلم کار اندرا گاندھی کی حمایت کریں۔
ناول کی کہانی الٰہ آباد شہر کے ایک چھوٹے سے محلے کٹرا میر بلاقی کی ہے جہاں سیدھے سادھے اور ان پڑھ لوگ اپنی روزمرّہ کی زندگیوں میں مصروف ہوتے ہیں۔ تقسیم ہند کا کرب اس ناول میں بھی کہیں کہیں در آیا ہے۔
ناول کے کئی ایک مرکزی کردار ہیں جن میں دیش راج عرف دیش جو ایک موٹر میکنک ہوتا ہے اور ابتدا میں کمیونسٹ خیالات کا حامی ہوتا ہے مگر بعد میں اندرا گاندھی کی پالیسی اسے اچھی لگنے لگتی ہے کیوں کہ سرکار نے اسے گیرج کھولنے کے لیے قرض جاری کیا ہوتا ہے۔ دیش کی محبوبہ بِلّو ہوتی ہے جو جنتا لانڈری چلاتی ہے ، زبان کی تیز کنجوس لڑکی ہوتی ہے جس کا خواب ہوتا ہے کہ وہ ایک ایک پیسہ جوڑ کر اپنا گھر بنائے گی اور پھر دیش سے بیاہ رچا لے گی۔آشارام نامی نوجوان جو کمیونسٹ خیالات کا مبلغ اور سرکار کی پالیسیوں کا ناقد ہوتا ہے جس پر سی آئی ڈی کو شک ہوتا ہے کہ یہ شخص سرکار کا تختہ اُلٹنے کی سازش کا سرغنہ ہے اور کٹرا میر بلاقی میں یہ سازش رچی جا رہی ہے۔ شمسو میاں میکینکوں کے استاد ہوتے ہیں جن کی ایک بیوہ منہاز اور ایک کنواری شہناز بیٹیاں ہوتی ہیں جن کے نکاح کی فکر انھیں دن رات کھائے جاتی ہے جب کہ ان کا اکلوتا بیٹا عبد الرحمٰن پاکستان جا چکا ہوتا ہے۔ اِتواری بابا ایک بھکاری کا دل چسپ کردار ہے جو بھیک مانگتا ہے اور انکم ٹیکس چُکاتا ہے۔بھولو پہلوان، ماسٹر بدر الحسن نایاب مچھلی شہری، پریما، بابو رام آزاد وغیرہ بھی اہم کردار کے طور پر سامنے آتے ہیں۔
راہی معصوم رضا کا یہ ناول ایمرجنسی کے خاتمے کے فوراً بعد شائع ہوایعنی جس وقت یہ لکھا جا رہا تھا جب اندرا گاندھی سرکار کی تاناشاہی اپنے عروج پر تھی اور راہی اسے دیکھ اور سن رہے تھے۔ یہ ناول ان ہزاروں لوگوں کی داستان ہے جو ایمرجنسی کے زمانے میں قید اور نظر بند کیے گئے، اس ناول میں راہی نے طنز کے تیز نشتروں سے خاصا کام لیا ہے ، چناں چہ جب ناول کا کردار دیش آشارام کا پتا نہ بتانے کے الزام میں سی آئی ڈی کے ذریعے مشقِ ستم بنایا جاتا ہے اور اس کے ہاتھ پاؤں توڑ دیے جاتے ہیں، وہ اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھتا ہے اور بکّیاں چلنے لگتا ہے تو وہ دن رات تھوڑی تھوڑی دیر میں اندرا گاندھی زندہ باد مسز گاندھی زندہ باد کا نعرہ بلند کرتا ہے اور جس آشا رام پر سرکار کا تختہ پلٹنے کی سازش کا الزام ہوتا ہے، وہی آشارام کانگریس کے ٹکٹ پر انتخاب میں حصہ لیتا ہے۔
یہ ناول بھی بنیادی طور پر اردو میں سوچا اور اردو میں لکھا گیا ہے۔ انجمن ترقی اردو (ہند) میں اس ناول کا اصل اردو نسخہ بھی موجود ہے۔ اس ناول میں بھی اردو فارسی کے الفاظ کی جگہ سنسکرت آمیز الفاظ کو جگہ دی گئی ہے۔ اردو اور ہندی ناول نگاری میں کٹرا بی آرزو جیسا ناول بہ مشکل ہی نظر آتا ہے جس میں اتنی بے باکی سے سیاسی حالات پر تبصرہ ہو۔ یہ بھی دل چسپ بات ہے کہ اکثر ایسے موضوعات پر لکھتے وقت اکثر ناول نگارلمبی لمبی تقریریں کرنے لگتے ہیں لیکن راہی نے قصے کو ذرا بھی بوجھل نہیں ہونے دیا ہے۔
اسنتوش کے دن
راہی معصوم رضا کا یہ ناول 1984 کے ممبئی فسادات کو بنیاد بنا کر لکھا گیا ہے۔ ناول کا انتساب راج کمل پرکاشن کی مالک شیلا سندھو کے نام کیا گیا ہے۔ اس ناول میں بھی ایک مختصر سا بیان درج ہے جس میں راہی نے لکھا ہے کہ اس ناول کے سارے کردار میرے تخلیق کردہ ہیں، اللہ میاں کے نہیں، لہٰذا اللہ میاں کے تخلیق کردہ کسی شخص سے میرے کردار مماثلت پا جائیں تو میں معافی چاہتا ہوں۔ ناول کے مقدمے کے طور پر راہی نے اپنی ایک بے عنوان نظم لکھی ہے۔ راہی کی اس نظم کا عنوان 17 مئی 1984 ہے اور یہ نظم ان کے آخری شعری مجموعے غریبِ شہر میں شامل ہے جس کے اختتام پر 1جون 1984 کی تاریخ بھی درج ہے۔ (6)
ناول کی کہانی ممبئی شہر کی ہے۔ ناول کا مرکزی کردار عباس رضا موسوی ہے جو ایک ہفتہ وار نئی آواز اور ماہنامہ ادب کا مدیر ہے۔ عباس سیکولر مزاج کا آدمی ہے اور اپنی جڑیں ہندستان کی گنگا جمنی تہذیب میں تلاش کر کے خوش ہوجاتا ہے۔
یہ ناول ممبئی فسادات کی دل دوز کہانی بیان کرتا ہے کہ کیسے زبان ، مذہب اور علاقائی شناخت کے نام پر ہزاروں لوگ قتل کر دیے گئے اور نیتاؤں نے کس طرح اپنے مفاد کی خاطر اس فساد کو جاری رہنے دیا۔ راہی نے اس ناول میں بڑے فن کارانہ انداز میں قصہ درقصہ کے پیرائے میں ممبئی کی جھُگی بستیوں میں پنپنے والے جرائم، غنڈوں کی سرپرستی میں نشہ بیچنے والے نوجوانوں کی حالت زار اور چھوپڑیوں میں رہنے والی لاکھوں لاکھ آبادی کی زبوں حالی کا بیان کیا ہے۔ اسی زمانے میں مسلم نوجوانوں اور خلیج ممالک میں کام کی غرض سے جانے اور اس پیسے سے آنے والی خوش حالی اور مسلم معاشرے پر ہونے والے اثرات کو بھی راہی نے بیان کیا ہے۔ جرائم کی سیاسی سرپرستی اور مندربنام مسجد، مراٹھا بنام غیر مراٹھا، اردو /ہندی بنام مراٹھی جیسے تنازعوں کو بھی راہی نے ناول کے کینوس پر ابھارا ہے۔ یہ پورا ناول دراصل راہی کے اس سب سے چھوٹی اقلیت یعنی ہندستانیت کی تلاش میں لکھا گیا ہے جس اقلیت کا خاکہ انھوں نے اپنی نظم سب سے چھوٹی اقلیت میں پیش کیا ہے۔
نیم کا پیڑ
نیم کا پیڑ راہی معصوم رضا کا آخری ناول ہے۔ بنیادی طور پر یہ ولایت جعفری کا افسانہ تھا، جعفری صاحب ڈی ڈی لکھنؤ کے ڈائریکٹر تھے، انھوں نے یہ افسانہ راہی معصوم رضا کو سیریل اسکرپٹ کے روپ میں تبدیل کرنے کے لیے پیش کیا۔ نیم کا پیڑ سیریل کے کل 58 ایپی سوڈس جاری ہوئے جس میں راہی معصوم رضا بطور اسکرپٹ رائڑ 26 ایپی سوڈس میں ہی شامل رہ سکے، بعد ازاں ان کا انتقال ہو گیا، آگے کی کہانی ولایت جعفری نے ہی مکمل کی۔ یہ ناول راہی معصوم رضا کے نام سے ہی راج کمل پرکاشن سے شائع ہوتا ہے ، پربھات رنجن نے اس ناول کو ٹی وی اسکرپٹ سے ناول کی شکل میں منتقل کیا۔
نیم کا پیٹر زمیں دارانہ نظام سے شروع ہو کر جمہوری نظام حکومت پر ختم ہوتا ہے۔علی ضامن میاں اور مسلم میاں جو بالترتیب مدرسا خُرد اور لکشمن پور کلاں کے زمیں دار اور خالہ زاد بھائی ہوتے ہیں،یہ دونوں باغات اور زمینات کے لیے باہم دست و گریباں ہوتے ہیں اور بات مقدمے بازی تک پہنچ جاتی ہے۔ علی ضامن میاں کا اسامی بُدھئی اس ناول کا اہم کردار ہے،بُدھئی اپنے بیٹے سُکھی رام کی ولادت پر اس یقین کے ساتھ نیم کا درخت لگاتا ہےکہ اس کا بیٹا بھی نیم کے درخت کی طرح پھلےگا پھولےگا اور اُس کی طرح بے گاری کرنے کے بجائے پڑھ لکھ کر بڑا آدمی بنے گا۔ سُکھی رام بُدھئی کے خوابوں کے برعکس سیاست کے چنگل میں گرفتار ہوکر ممبر پارلیمنٹ بن تو جاتا ہے لیکن اس حصول یابی کے لیے وہ جرائم کا بھی سہارا لیتا ہے اور عام سیاست دانوں کی طرح بد عنوانی بھی کرتا ہے،یہ صورت حال دیکھ کر بُدھئی کا سارا یقین مایوسی میں بدل جاتا ہے۔
راہی معصوم رضا نے اس ناول میں یہ دکھانے کی کوشش کی ہے کہ کس طرح ملک آزاد ہونے کے بعد بھی خود مختار ریاست اور ترقی کے سارے دعوے دم توڑ رہے ہیں۔ ناول میں نیم کا پیڑ راوی کے کردار میں ہے اور ایک عہد کے اُتار چڑھاؤ کی کہانی سناتا ہے۔راہی معصوم رضا کے مہابھارت اور دیگر ناولوں کی طرح یہ بھی وقت کی کہانی ہے۔ناول میں فیض کے مصرع’ وہ انتظار تھا جس کا یہ وہ سحر تو نہیں‘ کی بازگشت بھی سنائی دیتی ہے۔ راہی کے دوسرے ناولوں کی طرح اس میں بھی بھوجپوری اور اودھی کا خوب استعمال کیا گیا ہے جس سے ناول کی دل چسپی میں اضافہ ہوا ہے۔
مجموعی طور پر دیکھا جائے تو راہی معصوم رضا کے ناول خالص ہندستانی تانے بانے میں بُنے نظر آتے ہیں۔ ان کے کردار گاؤں دیہات اور قصبوں میں جنم لیتے ہیں۔ راہی اپنے استعارے اور تلمیحات بھی ہندستانی دیومالاسے خلق کرتے ہیں۔ اردو زبان اور اردو شاعری کے حوالے جس طرح راہی کے ناولوں میں پیش آئے ہیں، انھیں دیکھ کر پورے یقین کے ساتھ یہ کہا جاسکتا ہے کہ اردو کی شعری روایت راہی کا دامن نہیں چھوڑتی۔ چنانچہ ہندی کے معروف ناول نگار اور راہی کے دوست کملیشور لکھتے ہیں:
اُس زمانے میں راہی کے جو کالم آیا کرتے تھے، وہ فارسی لِپی میں آیا کرتے تھے، اُس پر بڑا خوب صورت پرنٹ ہوا کرتا تھا-فرام دی ڈیسک آف راہی معصوم رضا – وہ ایک چوڑا سا پیلے کاغذ کا ہوتا تھا اور اُس پر یہ چیزیں ہوتی تھیں۔(7)
قابلِ غور بات یہ ہے کہ راہی کے یہ کالم کملیشور کے رسائل ساریکا (1978-1967) اور گنگا (1984-1988) کے لیے آیا کرتے تھے۔ کملیشور کے بیان سے واضح ہوتا ہے کہ راہی آخر عمر تک اردو رسمِ خط میں ہی لکھتے رہے۔کملیشور کے ذکر کردہ کاغذات انجمن ترقی اردو(ہند) ، نئی دہلی کے آرکائیوز میں ملاحظہ کیے جا سکتے ہیں۔ چناں چہ غالب گمان ہے کہ آدھا گاؤں اور کٹرا بی آرزو ہی کی طرح ان کے دیگر ناول بھی (جن کی زبان اردو ہی ہے) فارسی رسمِ خط میں ہی لکھے گئے ہوں گے۔ حالاں کہ یہ تحقیق طلب امر ہے اور بنا کسی ثبوت کے حتمی بات نہیں کہی جا سکتی۔
حوالہ جات:
1. राही मासूम रज़ा के साथ सुदीप अंतरंग बातचीत (इंटरव्यू), वागम्य पत्रिका राही मासूम रज़ा विशेषांक, संपादक एम फ़ीरोज़ अहमद, अप्रैल-सितंबर 2008
2. موجِ گل موجِ صبا، راہی معصوم رضا، ص26-25، عوامی کتاب گھر، بشیر منزل، غازی پور ، مئی 1953
3. نیا سال، راہی معصوم رضا، ص 64، عوامی کتاب گھر، بشیر منزل، غازی پور، مارچ 1952
4. ایضاً
5. آدھا گاؤں،(ہندی) راہی معصوم رضا، ص21، راج کمل پرکاشن، نئی دہلی، پچیسواں ایڈیشن 2022
6. غریبِ شہر، راہی معصوم رضا، ص67، ساحر پبلشنگ ہاؤس، بمبئی، اکتوبر 1992
7. راہی کے پُرکھے، کملیشور، ابھینو کدم(راہی معصوم رضا نمبر)، مدیر جے پرکاش دھوم کیتو، جلد5، شمارہ 7-6، نومبر 2001 تا اکتوبر 2002)

Abu Horairah
Research Scholar
Dept. of Urdu
University of Delhi, Delhi 110007
Mob. 9936474486
Email. rafiwaseem382@gmail.com

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Explore More

جنگل میں منگل،افسانہ نگار: منشی پریم چند

اردو دنیا،جولائی 2026: دیبی پانڈے موضع مادھو گنج کے ایک غریب برہمن تھے۔ اس پر مصیبت یہ کہ شادی بھی کر چکے تھے۔ بڑی مشکلوں سے روٹیاں نصیب ہوئیں۔ نہ

علی امام نقوی کے افسانے،مضمون نگار:عبدالسمیع

اردو دنیا،نومبر2026: علی امام نقوی کا شمار اردو کے اہم افسانہ نگاروں میں ہوتا ہے۔ انھوں نے اپنے فکر و فن سے جدید اردو افسانے کی دنیا کو وسعت بخشی۔وہ9

شمس الرحمن فاروقی کے افسانے : ہند ایرانی تہذیب کابیانیہ ، مضمون نگار: محمد ارشد

اردو دنیا،نومبر 2025 شمس الرحمن فاروقی نے ادبی دنیا میں نقاد اور جدیدیت کے بنیاد گزار کی حیثیت سے اپنی منفرد شناخت قائم کی۔ افسانے اور ناول کی شکل میں