اردو دنیا، اکتوبر 2026:
غالب فطر تاً انفرادیت پسند اور جدت پسند تھے۔ وہ شاعری میں بھی پرانی اور پامال روشوں سے ہٹ کر چلے اور خطوط میں بھی انھوں نے اپنی ایک علیحدہ راہ نکالی۔ حالی نے ان کی اردو خطوط نگاری کی بڑی وجہ ضعف اور مصروفیات بیان کی ہیں۔ لیکن اس میں بڑا دخل ان کی انانیت اور جدت پسندی کا بھی ہے۔ انھوں نے خطوط نگاری کو مشغلے کے طور پر اپنایا اور بڑے اہتمام سے خطوط لکھے۔ ان کا حلقۂ احباب بہت وسیع تھا جس میں ہر سطح، رتبے اور حیثیت کے افراد شامل تھے جن میں بے تکلف دوست، شاگرد، اہل علم و قلم، ثقہ افراداور والیانِ ریاست و نوابین کے علاوہ ایسے لوگ بھی تھے جن سے غالب کی کبھی بالمشافہ ملاقات نہ ہوئی تھی لیکن ان کے نام خطوط میں غالب نے ایسی اپنائیت اور خلوص کا اظہار کیا ہے گویا وہ ہمیشہ سے انھیں جانتے ہوں۔
غالب نے خطوط نگاری میں القاب و آداب کا رائج الوقت، پر تصنع اور آرائشی انداز بالکل ترک کر دیا اور اس کی جگہ بے تکلف اور سلیس اسلوب اختیار کیا۔ پنج آہنگ میں انھوں نے لکھا ہے کہ مکتوب الیہ کو اس کی حالت کے موافق کسی ایک لفظ سے پکارنا اور پھر فوراً اپنے مطلب کی بات شروع کر دینا چاہیے۔ القاب و آداب میں بے تکلفی کے ساتھ غالب نے خطوط میں ہمیشہ مدعا نگاری اور مطلب براری کو مرکزی اہمیت دی۔ وہ مطلب کی بات بغیر تمہید اور لفاظی کے براہ راست بیان کرنا شروع کر دیتے ہیں اور جہاں بات یا مد عاختم ہوتا ہے خط بھی ختم کر دیتے ہیں۔ ان کے خطوط کے موضوعات میں زندگی کی ہمہ رنگی موجود ہے۔ وہ اپنوں کی پریشانیوں اور رنج و ملال پر ان کی دلجوئی کرتے ہیں، خوشیوں اور مسرتوں پر دل سے خوشی کا اظہار کرتے ہیں۔ وہ اپنے خطوط میں کوئی نہ کوئی بات ایسی ضرور لکھتے ہیں جس سے مکتوب الیہ خوش ہو جاتا ہے یا اس کاتر دداور پریشانی رفع ہو جاتی ہے۔ وہ اپنے شاگردوں کو اصلاح دینے میں بھی تہذیب و وضع داری کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑتے۔ خط کا جواب جلد از جلد دینا ان کی ترجیحات میں شامل تھا اور وہ خط میں تاریخ ، دن بلکہ وقت تک لکھ دیتے تھے۔
ان کے خطوط کی سب سے اہم صفت شوخی و ظرافت اور تازگی و شگفتگی ہے۔ انھیں زندگی میں بہت سی تکالیف و مشکلات کا سامنار ہا لیکن انھوں نے ہر غم کو ہنسی میں اڑا دیا۔ اپنے کلام میں ہم ایک خود دار خود پسند اور خود بین غالب سے ملتے ہیں۔ خطوط میں ہم اْس غالب سے ملتے ہیں جو خودار ہوتے ہوئے حالات کے سامنے بے دست و پا ہوگیا ہے۔ جو مادی ضرورتوں کے لیے امرا کے در پر جبیں سائی کرنے سے بھی گریز نہیں کرتا۔ یہ خطوط سوانحی اور تاریخی اعتبار سے بھی اہم ماخذ و مصادر کا درجہ رکھتے ہیں۔ ان میں اْن کی نجی زندگی کے حالات و واقعات کے ساتھ اجتماعی، معاشرتی اور سیاسی زندگی کے بھی بعض پہلو روشن ہو کر ہمارے سامنے آتے ہیں۔
غالب نے اپنے خطوط کے ذریعے نہ صرف اپنی ذاتی زندگی، دوست احباب، اعزا واقربا،حالات کی ستم ظریفی اور اپنی شاعری کے سلسلہ میں گفتگو کی بلکہ دوسرے شعرا کے کلام کی اصلاحات کرکے ان کے معائب و محاسن کی نشاندہی بھی کی۔یہی وجہ ہے کہ ان کے خطوط اردو تنقید اور اصلاحِ شعر کا اہم ماخذ ہیں۔ غالب نے اپنے خطوط کے ذریعہ شعرا کے کلام کی علمی، فنی اورلسانیاتی و عروضی بنیاد پر اصلاح کی۔ غالب دوسروں کے کلام پراصلاح محض ذوق کی بنیاد پر نہیں بلکہ علمِ عروض، بیان اور زبان کی صحت کی بنیاد پر کرتے تھے۔وہ شعر کے اوزان، قوافی، ردیف، محاورہ، تذکیروتانیث، واحدجمع اور معانی پر توجہ دیتے تھے۔اگر کسی شعر میں لفظ غیر موزوں ہوتا تو وہ اس کے بدلے بہترلفظ تجویز کرتے۔ انھوں نے اپنے خطوط کے ذریعہ شعرا کے کلام کی تنقید و رہنمائی کا کام بھی انجام دیا۔غالب نے اپنے عہد کے دیگر شعرا کے کلام پر کئی طرح کی اصلاحیں کیں جن میں لفظوں کے انتخاب، محاورات کا درست استعمال اور معانی وبیان میں خوبصورتی اور دلکشی شامل تھی۔ انھوں نے خاص طور پر اس بات پر زور دیا کہ کلام میں سادگی، فطری پن اور معنی کی گہرائی ہونی چاہیے، جیسا کہ ان کی اپنی شاعری میں نظر آتی ہے۔ اس سلسلہ میں غالب نے لفظوں کے چست درست انتخاب پر زور دیا۔ مشکل اور ناپسندیدہ الفاظ کے بجائے سادے اور بامعنی الفاظ کو ترجیح دی۔ محاورات کا برمحل استعمال کیا اور ان کے غلط استعمال کو سختی سے منع کیا۔ کلام میں خوبصورتی اور دلکشی پیدا کرنے کے لیے انھوں نے نئے انداز اور منفرد تراکیب کا استعمال کیا۔ان کا خیال تھا کہ شاعری میں سادگی اور فطری پن ہونا چاہیے، تاکہ بات آسانی سے دلوں میں اتر جائے۔ غالب نے کلام میں معنی کی گہرائی پر بھی زور دیا تاکہ سننے والے اور پڑھنے والے کو سوچنے کا موقع ملے۔غالب کے خطوط میں جگہ جگہ دوسرے شعرا کے اشعار پر تبصرے اور اصلاحات ملتے ہیں۔مثلاً انھوں نے اپنے شاگردوں جیسے عارف، مومن، ذوق وغیرہ کے اشعار پر اپنی مفصل رائے پیش کی۔وہ خط کے توسط سے بتاتے تھے کہ شعر میں کہاں لغزش ہے اور کس طرح اسے درست کیا جاسکتا ہے۔
غالب کی یہ اصلاحات شعرا کی تربیت کی غرض سے ہوتی تھیں۔ان کا مقصد صرف تنقید نہیں بلکہ شعری تربیت تھا۔ وہ اصلاح اس نیت سے کرتے تھے کہ شاعر اپنے فن میں پختگی پیدا کرے۔ان کے خطوط میں اصلاح کے ساتھ ساتھ ادبی اصول بھی بیان ہوئے ہیں۔ مثلاًایک خط بنام ہرگوپال تفتہ میں غالب لکھتے ہیں:
’’تمھارے شعر میں تردد تھا، اس کا جواب میں نے یہ لکھا ہے۔ تم کو بھی معلوم رہے:
رفت آنچہ بہ منصور، شنیدی تو و من ہم
اے دل سخنے ہست، نگہ دار زباںرا
تردد یہ کہ ’’آنچہ بہ منصور رفت‘‘ نہیں دیکھا’آنچہ برمنصور رفت‘ درست ہے، جواب، ہائے موحدہ’علیٰ‘ کے معنی بھی دیتی ہے، پس جو کچھ ’بر‘ سے مراد تھی وہ ہائے موحدہ سے حاصل ہوگئی اور اگر ہائے موحدہ کے معنی معیت کے لیں تو بھی درست ہے۔‘‘1
غالب کے خطوط میں کی گئی یہ اصلاحات اردو میں ادبی تنقید اور اصلاحِ زبان کی بنیاد قرار دی جا سکتی ہیں۔ ان کی نثر میں جو سادگی، سوجھ بوجھ اور فکری گہرائی ہے، وہ اصلاح کو موثر اور دلنشین بنا دیتی ہے۔غالب نے خطوط کے ذریعے شعرا کے کلام کی تصحیح ذوق وشوق اور محبت کے ساتھ کی۔انھوں نے شاعری کے فنی اصولوں کو آسان زبان میں سمجھایا اور اصلاح کو ادب کی خدمت بنا دیا۔اس سلسلہ میں غالب نے اپنے شاگرد حالی یا ذوق کے شاگردوں جیسے شعرا کے اشعار کی اصلاح کی۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ کتنی باریکی سے کلام کی درستگی کرتے تھے۔غالب کی اصلاح سے مترشح ہوتا ہے کہ وہ محض مطلب نہیں دیکھتے تھے، بلکہ زبان کی صفائی، محاورے کی درستی اور روانی پر بھی زور دیتے تھے۔
ایک اور خط میں غالب اپنے شاگرد کو لکھتے ہیں:
’’لفظوں کی کمی یا زیادتی سے شعر کا لطف جاتا ہے۔شعر وہی بہتر ہے جس میں خیال صاف اور زبان شستہ ہو۔‘‘2
غالب کا درج بالا انداز ظاہر کرتا ہے کہ غالب صرف استادِ شعر نہیں بلکہ اصلاحِ زبان و ذوق کے معمار تھے۔ انھوں نے اردو شاعری کو علمی، لسانی اور فکری بنیاد عطا کی۔
تذکیر و تانیث کے سلسلہ میں خود غالب نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ تذکیر وتانیث کی بحث متفق علیہ جمہور نہیں ہے خواہ وہ حروف تہجی کے متعلق ہو یا دوسرے الفاظ کے بارے میں اور یہ بحث ہے بھی اتنی پرانی کہ اس پرنہ جانے کتنے قرن بیت گئے لیکن ہنوز روزاول ہی ہے۔اپنے ایک خط بنا م انورالدولہ شفق میں لکھتے ہیں:
’’تذکیر وتانیث کا دائرہ بہت وسیع ہے، ’دہی‘: بعض کہتے ہیں ’دہی اچھا‘ بعض کہتے ہیں ’دہی اچھی‘، ’قلم ‘: کوئی کہتا ہے ’قلم ٹوٹ گیا‘،کوئی کہتا ہے ’قلم ٹوٹ گئی‘، فقیر ’دہی‘ کومذکر بولتا ہے اور قلم کو بھی مذکر جانتا ہے، علیٰ ہٰذا القیاس، ’شنگرف‘ بھی مذبذب ہے کوئی مذکر اور کوئی مونث کہتا ہے۔ میں تو ’شنگرف‘ کومونث کہوں گا، خلاصہ یہ کہ اس ہیچمداں کے نزدیک ’کردن‘ کا متعدی ’کنانیدن‘ ہے اور ’شنگرف‘ مونث۔‘‘3
ایک دیگر خط میں مزید لکھتے ہیں:
’’تذکیر وتانیث ہرگز متفق علیہ جمہور نہیں، اے لو ’لفظ‘ اس ملک کے لوگوں کے نزدیک مذکر ہے،اہل یورپ اس کومونث بولتے ہیں، خیر جو میری زبان پر ہے وہ میں لکھ دیتا ہوں۔ اس باب میں کسی کا کلام حجت اوربرہان نہیں ہے۔ …اس کا قاعدہ منضبط نہیں، الف مذکر، ب ت ث مونث، جیم مذکر، ح خ مونث، دال ذال مونث، رے زے مونث، سین شین مذکر، ص ض ط ظ مونث، عین غین مذکر، ف مونث، قاف، کاف، لام ، میم،نون مذکر، واو، ہے، یے مونث، ہمزہ مذکر، لام الف حروف مفردہ میں نہیں، مگر بولنے میں مذکر بولا جائے گا، مثلاً ’لام الف کیا خوب لکھا ہے‘ کہیں گے ’کیا خوب لکھی ہے‘ نہیں کہیں گے۔‘‘4
درج بالا خط میں غالب‘ جس صلح جویانہ اورمنصفانہ رنگ میں نظر آتے ہیں اس میں نہ کوئی’اجتہاد‘ ہے نہ تفاخر علمی کی جھلک بلکہ انھوں نے ایک طرح سے اپنا نقطۂ نظر واضح کرنے کی سعی کی ہے۔ غالب کے اس خط کی سب سے بڑی اہمیت یہی ہے کہ یہ خط حروف تہجی کی تذکیروتانیث پرمشتمل ہے۔
منشی شیو نرائن آرام کے نام ان کے ایک قطعہ پر اپنی رائے دیتے ہوئے غالب لکھتے ہیں:
’’قصۂ خاصان شاہی‘ میں نے دیکھا، اصلاح کے باب میں سونچا کہ اگر سب فقروں کومقفیٰ اور عبارت کو رنگین بنانے کا قصد کروں تو کتاب کی صورت بدل جائے گی اورشاید تم کو بھی یہ منظورنہ ہو، ناچار اس پر قناعت کی کہ جو الفاظ ٹکسال باہر تھے وہ بدل ڈالے، مثلاً ’وے‘ کہ یہ گنواربولی ہے، ’وہ‘ یہ ٹھیٹ اردو ہے، ’کرانا‘ یہ بیرونجات کی بولی ہے، ’کروانا‘ یہ فصیح ہے، ’راجے‘ یہ غلط ہے، ’راجہ‘ صحیح ہے، کہیں کہیں روابط وضمائر نامربوط تھے، اون کو مربوط کردیا ہے اورایک جگہ ’گہنے بسے‘ یہ لفظ میری سمجھ میں نہ آیا: اس کو تم سمجھ لینا، باقی اورسب مربوط اور خوب اور صاف ہے، حاجت اصلاح کی نہیں۔‘‘ 5
درج بالا خط میں غالب بلاغت اور معنوی توازن کی اصلاح کرتے ہیںیعنی مفہوم میں تضاد نہ ہو بلکہ زور پیدا ہو۔غالب کے خطوط سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ شعرا کووزن، قافیہ اور ردیف کی درستی،محاورے اور زبان کی صفائی، خیال اور معنی کی گہرائی پر توجہ دینے کی ہدایت دیتے تھے۔یہی وجہ ہے کہ ان کے خطوط اردو تنقید، زبان اور فنِ اصلاحِ شعر کا بنیادی سرمایہ مانے جاتے ہیں۔ غالب کے یہ خطوط اس بات کا ثبوت ہیں کہ وہ شاگردوں کو محبت سے سمجھاتے تھے،لفظ، محاورہ، اور خیال — تینوں پہلوؤں کی اصلاح کرتے تھے،اور اصلاح کو ادبی تربیت کا حصہ سمجھتے تھے۔
مرزا غالب اردو ادب میں نہ صرف ایک عظیم شاعر تھے بلکہ اصلاحِ شعر کے ماہر اور باریک بین نقاد بھی تھے۔ انھوں نے اپنے خطوط کے ذریعے کئی شعرا کے کلام کی اصلاح کی۔ ان کے خطوط میں شاگردوں کے اشعار پر علمی، فنی اور لسانی بنیادوں پر تبصرے ملتے ہیں۔ غالب اصلاح دیتے وقت شعر کے وزن، قافیہ، ردیف، محاورے اور معنی سب پہلوؤں کو دیکھتے تھے۔ان اصلاحات سے معلوم ہوتا ہے کہ غالب کی نظر نہ صرف فنِ شاعری پر گہری تھی بلکہ وہ زبان کی صفائی، خیال کی وضاحت اور معنی کی صحت پر بھی زور دیتے تھے۔شاعری میں زبان اورادبیت کے وہ حددرجہ قائل تھے اور اس کی خلاف ورزی پر نیز معیارِ شاعری کے خلاف تخلیق کیے گئے اشعار پر وہ چیں بہ جبیں ہوجاتے تھے۔ اس سلسلے میں منشی شیونراین آرام کو ایک مکتوب میں لکھتے ہیں:
’’بھائی!
حاشا ثم حاشا، اگر یہ غزل میری ہو، ’اسد اور لینے کے دینے پڑے‘ اوس غریب کو میں کچھ کیوں کہوں؟ لیکن اگر یہ غزل میری ہو تو مجھ پرہزار لعنت، اس سے آگے ایک شخص نے یہ مطلع میرے سامنے پڑھا اورکہا کہ قبلہ آپ نے کیا خوب مطلع کہا ہے:
اسد اس جفا پر بتوں سے وفا کی
مرے شیر، شاباش، رحمت خدا کی
میںنے یہی اون سے کہا کہ اگر یہ مقطع میرا ہو تومجھ پرلعنت۔‘‘ 6
غالب کے خطوط اردو شاعری کی تنقید، زبان کی درستی اور ادبی تربیت کے لیے قیمتی سرمایہ ہیں۔انھوں نے نہ صرف اپنے خطوط میں تمام لوازماتِ خطوط نگاری کا اہتمام کیا بلکہ اپنے عہد کے شعرا کے کلام کی ادبی، لسانی اور عروضی اصلاحات بھی کیں۔
حواشی
1. خطوط غالب، مرتبہ مالک رام، انجمن ترقی اردو ہند، علی گڑھ 1962، ص:13
2. ایضاً،ص:32
3. ایضاً،ص:204
4. ایضاً،ص: 228
5. ایضاً،ص:427
6. ایضاً،ص:437
Dr. Mohammad Sharib
Assistant Professor in Urdu
P.G. Department of Language & Literature
Fakir Mohan University, Balasore, Odisha-756089
Mob. 7032775100
Email: mohdsharibkhan54@gmail.com



