اردو دنیا،اکتوبر2026:
اردو شاعری اور تنقید کی تاریخ میں مرزایگانہ چنگیزی (1884-1956) شعری اورلسانی استناد کو عظمت کا معیار سمجھنے کے خلاف سرگرم عمل رہنے کے سبب موضوع بحث بنے رہے۔ انھوں نے غزل کے روایتی موضوعات کے برعکس اپنے تجربے اورمشاہدے کو غزلیہ پیکر میں پیش کرنے کو ترجیح دی۔ شکست ذات، المیاتی انجام، کرب، تنہائی جیسے موضوعات نے انھیں جدید غزل کے پیش روؤں میں ممتاز ومنفرد مقام عطا کیا۔ یگانہ کی متنازع فیہ شخصیت اور ان کی تحریروں کے پس منظر سے واقف ہونے کے لیے نیرمسعود (1936-2017) کی کتاب ’’یگانہ: احوال وآثار‘‘ (1991) معتبر ومستند حوالے کی حیثیت رکھتی ہے۔
یگانہ کے متنازع فیہ شخصیت ہونے اور غیرروایتی فکر کے حامل ہونے کے سبب ان کے متعلق معروضی رائے قائم کرنے میں اربابِ نقد کو مختلف دشواریاں پیش آتی رہی ہیں۔ ایک طرف لکھنؤکے لسانی مقتدرہ کا یگانہ کے ادبی وجود کو قبول کرنے میں تذبذب کا رویہ تھا،دوسری طرف یگانہ کا کسی لسانی Canonکو معتبرنہ سمجھنے کامعاملہ تھا اوراپنی ادبی عظمت پر اصرار کامعاملہ بھی شدید تھا۔ اس کے ساتھ ہی یگانہ کے مذہبی تصورات بھی اہل لکھنؤ کوبرگشتہ کرنے کے اہم محرک تھے۔
زیرمطالعہ کتاب ایک ایسے مصنف کے موے قلم کا نتیجہ ہے جن کے پاس یگانہ کے متعلق معلومات کا کچھ حصہ براہ راست ان کے دیکھے ہوئے اور بیشتر حصہ ان کے اپنے والداور یگانہ کے قریبی دوست مسعود حسن رضوی ادیب سے سنے ہوئے ہیں۔
کتاب کا پہلا مضمون ’’یگانہ:بحوالہ ادیب‘‘ ہے، یہ بات کہی جاسکتی ہے کہ یگانہ کے دوستوں میں مسعود حسن رضوی ادیب ہی وہ شخص ہیں جوملاقات سے لے کر اخیروقت تک سلسلۂ رفاقت میں قائم رہے۔ حتیٰ کہ دونوں لکھنؤ کے ایک ہی قبرستان کربلائے منشی فضل حسین خاں میں مدفون ہیں، اس سلسلے کا آغاز اس وقت ہوا جب کہ ادیب نے اپنی پہلی کتاب امتحانِ وفا جو لارڈٹینسن کے منظوم المیہ افسانہ کا ترجمہ ہے، اس میں یگانہ کا ایک شعر نقل کیا۔ شعر ہے:
نیرنگ حسن وعشق کی وہ آخری بہار
تربت تھی میری اور کوئی اشک بار تھا
لکھنؤ میں یگانہ کی دوستی ادیب کے علاوہ مولوی احمد بیخود موہانی سے بھی تھی۔ امرواقعہ یہ ہے کہ بیخود کے وسیلے سے یگانہ کا ادیب سے مراسم کا آغاز ہوا۔ لکھنؤ میں صفی، ثاقب اورعزیز کے ذریعہ قائم شدہ انجمن معیار ادب کے ردعمل میں جب بیخود اور یگانہ نے انجمن خاصانِ ادب قائم کیا تو ادیب بھی اس میں شامل تھے۔ یگانہ نے لکھنؤ میں جب اپنی مالی پریشانی کو دور کرنے کے لیے کتابوں کی فروخت کا ماہنامہ ’’نظارہ‘‘ میرٹھ میں اشتہار دیا توادیب نے ان کتابوں کو خریدنے سے اس لیے منع کردیا تھا کہ وہ ایسی حالت میں اپنے دوست کا سامان نہیں خریدسکتے۔ ادیب نے یگانہ کی قدرشناسی کا ایک نمونہ یوں پیش کیا کہ انھوں نے اپنی کتاب ’’ہماری شاعری‘‘ (1926) میں تڑپ کے نمونے کے طور پر اپنے معاصر شاعر یگانہ کا یہ شعر نقل کیا:
دھواں سا جب نظر آیا سوادمنزل کا
نگاہ شوق سے آگے تھا قافلہ دل کا
اور بلندیِ خیال کی مثال میں یگانہ کا یہ شعرنقل کیا:
بجز ارادہ پرستی خدا کو کیا جانے
وہ بدنصیب جسے بخت نارسا نہ ملا
ادیب سے کسی نے شکایت کی کہ یگانہ کا یہ شعر سمجھ میں نہیں آیا توادیب نے یگانہ کے اس شعر کی خصوصیات پرروشنی ڈالتے ہوئے لکھا کہ:
’’اب ذرا شعر کے اندازِبیان پرنظر کیجیے،خوش نصیبی اوربدنصیبی کا معیار بناناشاعر کا مقصود نہیں ہے۔ اس کے نزدیک تومذکورہ معیار بنانا بالکل مسلم ہے۔ اس لیے اپنے بخت نارسائی پر پست خیال لوگوں کی طرح واویلا نہیں مچاتا بلکہ خوش ہوتا ہے اورفخر کے لہجے میں کہتا ہے کہ جس بدنصیب کو بخت نارسا نہیں ملا وہ خدا کو کیا جانے، وہ اپنے ارادوں کا بندہ ہوکر رہ جاتا ہے۔ خدا شناسی اور خدا پرستی کی اگر تلاش ہے تو مجھ سے خوش نصیبوں کودیکھو جنھیں بخت نارسا کی بدولت یہ فضیلتیں حاصل ہوئی ہیں۔ شاعر اپنے اس خیال کی بنا پر ظاہری بدنصیبی کو حقیقی خوش نصیبی سمجھتا ہے اور اس طرح غم میں خوشی، مصیبت میں تسکین اورمایوسی میں امید کا ایک زبردست پہلو نکال کر اپنے دل کو افسردہ اورطبیعت کومردہ نہیں ہونے دیتا اورمردانہ وار تمام تکلیفوں کا مقابلہ کرنے کو تیار رہتا ہے۔‘‘
(بحوالہ یگانہ: احوال و آثار،ص:15)
نیرمسعود کے مطابق یگانہ کی کتاب ’’غالب شکن‘‘ بھی ادیب کی تحریک کانتیجہ ہے۔ نیرمسعود لکھتے ہیں:
’’کہ 1933 میں یگانہ کی رباعیوں کامجموعہ ’ترانہ‘ شائع ہوا… تو ادیب نے ترانے کی رسید میں یگانہ کو خط لکھا، اس میں یہ بھی لکھا گیا کہ اگر یہ رباعیاں کتاب میں شامل نہ ہوتیں توبہتر تھا۔ اس کے جواب میں 25 دسمبر 1933 کو یگانہ نے ادیب کو ایک لمبا خط لکھا جس میں غالب اورغالب پرستوں پر مختلف اعتراضات کے علاوہ غالب کے سلسلے میں اپنے موقف کی وضاحت بھی کی۔ ادیب کو یہ خط اس قابل معلوم ہوا کہ اس کوچھپوادیا جائے۔ انھوں نے یگانہ کو خط لکھ کر یہی خیال ظاہر کیا۔
(یگانہ: احوال و آثار،ص:16)
یگانہ کا یہ مکتوب 1934 میں کتابی شکل میں غالب شکن کے عنوان سے منظرعام پر آیا۔
یگانہ کی شخصیت اور ان کی صلاحیت کا اصل جوہر وہاں کھلتا ہے جہاں وہ کسی شاعر سے ادیب سے علمی مباحثہ میں مصروف ہوتے ہیں۔ نیرمسعود نے یگانہ کے اس پہلو پر زیادہ توجہ صرف کی ہے۔ انھوں نے یگانہ کے علمی معرکوں کے پس منظر کی وضاحت کی ہے۔ جب یگانہ 1905 میں لکھنؤ آئے۔ اس وقت وہاں کے ادبی منظرنامے پر صفی، ثاقب اورعزیز وغیرہ شعرا مقبول تھے۔ ان شعرا پر نیرمسعود نے یوں تبصرہ کیا ہے:
’’جنھوں نے لکھنؤ کی روایتی غزلیہ شاعری سے کسی قدر انحراف کرکے غالب کی تقلید اختیار کی تھی۔ ان مقبول عام مشاعروں کی خوشنودی حاصل کیے بغیر کسی بیرونی شاعر کا لکھنؤ کے ادبی میدان میں قدم جمانا دشوار تھا۔ لیکن یاس عظیم آبادی کے تیوروں سے بہت جلد ظاہر ہونے لگا کہ انھیں ان شاعروں کی کوئی خاص پروا نہیں اوران کے مقابلے میں شہر کے پرانے استادوں کو زیادہ مستند سمجھتے ہیں۔ چنانچہ انھوں نے شادعظیم آبادی کا شاگرد ہونے کے باوجود لکھنؤ میں میرانیس کے نواسے پیارے صاحب رشیدسے اپنی چند غزلوں پر بھی اصلاح لی، اس سے لکھنؤ کی فضا میں ایک کشیدگی سی پیدا ہوئی اور یاس پر اعتراضات ہونے لگے کہ ان کی زبان ٹکسالی اور مستند نہیں ہے۔ (یگانہ: احوال وآثار، ص:30)
نیرمسعود نے اقتباس بالا میں اس معرکہ کی بنیادی وجہ کی نشاندہی کی ہے۔ انھوں نے زبان کے Canonisation کے مسئلہ کو اختلاف کا سبب قرار دیا ہے۔ امرواقعہ یہ ہے کہ اہل لکھنؤ خود کو اہل زبان اورمستند تصور کرتے تھے۔ اپنے علاوہ دوسری جگہ کے ادبا کو غیرمستند گردانتے تھے۔ یہ تنازع اور غیرفصیح ہونے، محاوروں کے درست اور نادرست ہونے پرمبنی تھا۔ اہل زبان اور غیراہل زبان کے درمیان امتیاز برتنے پر قائم تھا۔ اگر غورکیاجائے تویہ بات سامنے آتی ہے کہ اس طرح کے مناقشات کی تہہ میں مرکز اور حاشیے کے مابین کشمکش کا تصور محرک معلوم ہوتا ہے۔ زبان میں مستند سمجھے جانے کے پس پردہ مقتدرہ کے حاوی ہونے کانقطۂ نظر کارفرما ہوتا ہے۔ یگانہ کو اس بات کا گہرا ادراک تھا۔ یگانہ نے عروض کے موضوع پر چراغ سخن (1914) کے عنوان سے ایک کتاب تحریر کی ہے۔ کتاب کے آخر میں اہل زبان اور زبان داں کے عنوان سے ایک مضمون شامل ہے، جس میں اہل زبان اور زبان داں کے امتیازات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ وہ لکھتے ہیں:
’’اہل زبان کی پہچان کیا ہے۔اہل زبان وہ شخص ہے جس کو اپنی زبان کے متعلق یہ یاد نہ ہو کہ کب سیکھی، کیونکر سیکھی اور کس سے سیکھی یعنی بغیر صرف ونحو حاصل کیے بچپنے سے اس زبان میں گفتگو کرتا رہا ہو۔ دوسری پہچان یہ ہے کہ ہر بات ہر مضمون کو اپنی زبان میں سوچے، اپنی زبان کے الفاظ میں ذہن نشین کرے… اور زبان داں وہ ہے جو اہل زبان ہونے کے علاوہ زبان اردو کی صرف ونحو وماہیت وماخذ الفاظ سے بھی واقف ہو۔ زبان داں ہونے کے لیے تحقیق و تدقیق شرط ہے۔ اکثر اہل لکھنؤ کو یہ کہتے سنا ہے کہ لکھنؤکا رہنے والا اہل زبان ہے اور باہر کا ایک متنفس بھی اہل زبان نہیں اور بڑی تعریف کی تویہ کہہ دیا کہ ہاں باہر کا فلاں شخص زبان داں ہے مگر اہل زبان نہیں ہے۔ عجیب الٹی بات ہے۔ زبان داں ہونا تو اکتساب و تحقیق پرمنحصر ہے مگر اہل زبان ہونا داخل فطرت ہے۔ لکھنؤ والا اہل زبان تو ضرورماناجائے گامگر اس سے یہ نہیں لازم آتا کہ وہ زبان داں بھی ہو۔ اہل لکھنؤ کے علاوہ باہرکے رہنے والے جن کی زبان مادری اردو ہے، وہ سب اہل زبان ہیں مگر ہر شخص زبان داں نہیں۔ صوبہ اودھ کے بیشتر شہر مثلاً میرٹھ، آگرہ، کانپور، الہ آباد، بنارس، جونپور، فیض آباد، بریلی، رامپور، مرادآباد وغیرہ، صوبہ پنجاب میں دہلی،صوبہ بہار میں عظیم آباد، گیا،مظفرپور اور صوبہ بنگال میں مرشدآباد،مٹیابرج یہ سب مقامات ایسے ہیں جہاں مسلمانوں کے معزز خاندان امرا وشرفا کی زبان مادری اردو ہے۔ یہ سب اہل زبان ہیں مگر زیادہ تر وہی لوگ جو خاص شہر کے باشندے ہیں اورمضافات شہر میں بھی اکثر فصحاپائے جاتے ہیں، ان سب امرا وشرفا کے روزمرے اورمحاورے زبان اردو میں داخل ہیں اورمستند ہیں۔‘‘ (چراغِ سخن، ص:92)
اقتباس بالا میں یگانہ نے اہل زبان اور زبان داں کی جو تعریف بیان کی ہے اس سے اتفاق کیا جاسکتا ہے۔ لیکن اکیسویں صدی کے ربع اول میں جب کہ ان علاقوں میں معزز شرفا کا تصور بدل چکا ہے۔ گلوبلائزیشن کے زیراثر وہاں کی زبان اور تہذیب نے مختلف اثرات کو قبول کرلیا ہے۔ روزمرہ اور محاورے تبدیل ہوچکے ہیں۔ ایسی صورت حال میں ان علاقوں کے لسانی اظہار کے معیاری ہونے کے مسائل پر غور و خوض کے لیے نئے طرزفکر کی ضرورت ہے۔ اس مضمون میں یگانہ نے زبان کے سلسلے میں ایک نکتے کی بات کہی ہے۔ وہ لکھتے ہیں:
’’لکھنؤ کے چندخاندانوں کے وہ مخصوص محاورات جو مستورات کی زبانوں کے سوا اور کہیں نہیں پائے جاتے ہیں وہ Local tongue یعنی مقامی زبان میں شمار کیے جائیں گے۔ ہندوستان کی عام زبان میں داخل نہیں ہیں۔ کیوں کہ ان مخصوص ومحفوظ محاورات سے علمی زبان کو کوئی فائدہ پہنچتا ہے نہ شعرا ان محاورات کو قیدِ نظم میں لاتے ہیں۔ اسی طرح اور شہروں کے وہ محاورات جو کسی خاص مقام سے تعلق رکھتے ہیں، وہ بھی لوکل سمجھے جائیں گے۔ مگرلغات میں سب درج کرنے کے قابل ہیں۔‘‘
(ایضاً،ص:92)
یگانہ نے اہل زبان کی جن خصوصیات کی نشاندہی کی ہے ان سے اہل زبان کے تصور کا ایک نیا زاویہ فراہم ہوتا ہے۔ نتیجے میں دبستان کی مرکزیت کا نظریہ معدوم ہوتا ہوا معلوم ہوتا ہے۔
یگانہ کے غالب شکن تصورات کے پس پردہ بھی وہ رویہ کارفرما ہے جو ہر نوع کی عقیدت پسندی کو چیلنج کرتا ہے۔ یگانہ بنیادی طور پر غالب کی شعری عظمت کے منکر نہیں تھے بلکہ وہ غالب کی اندھی تقلید کے خلاف تھے۔ نیرمسعو دنے غالب کی شاعری پریگانہ کی تنقید کا خلاصہ یگانہ ہی کے الفاظ میں درج کیا ہے۔ وہ ملاحظہ کیجیے:
’’غالب کیا ہے؟ زیادہ سے زیادہ ہندوستان کا ایک بلندخیال دقت پسند شاعر جو بسااوقات اپنے اوٹ پٹانگ تخیلات کی بھول بھلیاں میں گم ہوجایا کرتا ہے اور اس کے ساتھ ہی وہ پرلے سرے کا بے سُرا بھی ہے۔ پرانا چور اور چور کے ساتھ گونگابھی ہے۔ مضمون چرانے کو چراتا ہے مگر ہضم نہیں کرسکتا۔ تصرف کی قدرت نہیں رکھتا، چوری کھل جاتی ہے۔ زبان ا یسی گونگی کہ نفس مطلب کو شاعرانہ زبان میں ادا نہیں کرسکتا۔ ٹھونس ٹھانس کے تک بندی کرلیتا ہے۔‘‘
(بحوالہ یگانہ: احوال و آثار، ص:40)
اقتباس بالا سے یہ محسوس ہوتا ہے کہ نیرمسعود یگانہ کو کلام غالب میں صرف خامیاں ہی خامیاں تلاش کرنے والے شخص کی حیثیت سے باور کرانا چاہتے ہیں۔ امرواقعہ اس کے برعکس ہے۔ یگانہ کلام غالب کے محاسن کے قائل بھی ہیں ان کی شعری عظمت کو تسلیم کرتے ہیں۔ یگانہ ایک جگہ لکھتے ہیں:
’’اس کا مطلب یہ نہیں کہ غالب اپنے صحیح مرتبے سے گھٹ جائیں گے۔ ہاں ناجائز طور پر جو آسمانِ خلعت خواہ مخواہ یاروں نے پہنادیا ہے، وہ اتر جائے گا۔‘‘
(غالب شکن، ص:11)
غالب شکن ہی میں دوسری جگہ تحریر کرتے ہیں:
’’مجھے کیا ضرورت تھی کہ غالب کے ان عیوب ونقائص کی تشہیر کرتا۔ مگر غالب پرستوں کی کورانہ عقیدت نے تمام شعراے ماضی وحال کے حقوق چھین کر سب غالب کو دے دیے ہیں۔ سب کے کارناموں کو فراموش کرکے غالب کو اردو کا واحد نمائندہ بناکر پیش کیا ہے۔‘‘
(غالب شکن،ص:2)
یگانہ کے اس رویے کی تحسین کی جانی چاہیے کہ وہ ہر طرح کے Dogmaکے خلاف تھے۔ ہر اس طرزفکر کے منکر تھے جو عقیدت کے منصب پر فائز ہو جائے۔ اگر یہ کہا جائے تو بے جانہ ہوگا کہ یگانہ مرکز گریز (Centrifugal) رویے کے حامل تھے۔
یگانہ کے مرکز گریز رویے کی تحسین کے باوجود یہ بات کہی جاسکتی ہے کہ غالب کے متعلق ان کے خیالات کو وقت نے غلط ثابت کردیا۔ امتدادِزمانے کے ساتھ غالب کی عظمت کے اعتراف کا سلسلہ دراز تر ہوتاجارہا ہے۔
نیرمسعود نے یگانہ کے ان تنقیدی اعتراضات کا بھی ذکر کیا ہے جو انھوں نے اپنے معاصر شعرا پر کیا ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ نیرمسعود یگانہ کے ان اعتراضات کو ان کی احساس کمتری کا زائیدہ قرار دیتے ہیں۔ وہ لکھتے ہیں:
’’ابھی وہ اپنے لکھنوی حریفوں کے زوال سے پوری طرح آسودہ بھی نہ ہوئے تھے کہ اردو کی شعری فضا میں کچھ اورنام گونجنے لگے۔ یہ تھے اصغرگونڈوی، فانی بدایونی، حسرت موہانی، جگرمرادآبادی اور جوش ملیح آبادی اور یگانہ کو محسوس ہوا کہ ان کا نام ان ناموں کے پیچھے پڑگیا ہے، وہ غصے سے بے قابو ہوگئے…
نیرمسعود آگے یگانہ کی تنقیدی حیثیت پرمزید تبصرہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں:
’’ان معاصروں کی شاعری پر ان کے اعتراضات خالص تنقیدی نقطۂ نظر سے قابل غور ہوسکتے تھے لیکن ان کے لہجے کی برافروختگی اور ناشائستگی نے ان کی تنقید کی سنجیدگی اور وزن کو ختم کردیا۔‘‘
(یگانہ:احوال و آثار، ص:41)
یہ بات بلاخوف تردید تسلیم کی جاسکتی ہے کہ یگانہ میں تنقیدی صلاحیت بدرجۂ اتم پائی جاتی تھی۔ انھوں نے اپنے معاصرین کے کلام کے جن معائب پر روشنی ڈالی ہے انھیں لوگوں نے تسلیم کیا ہے۔ انھوں نے کلام جوش پر جو رائے دی ہے، وہ ملاحظہ کیجیے:
’’وہ زیادہ سے زیادہ جوشیلے، رنگیلے، چٹکیلے، بھڑکیلے الفاظ نظم کرکے سمجھ لیتے ہیں کہ شعربن گیا۔ مگر کم سے کم الفاظ، سادہ سہل وبرجستہ الفاظ سے زیادہ سے زیادہ معنی پیداکرنا ان کے بس کی بات نہیں ہے۔‘‘
(بحوالہ یگانہ: احوال وآثار،ص:41)
نیرمسعود نے یگانہ کی ان غیرمعروف تحریروں کو بھی شامل کیا ہے، جو ماہنامہ نظارہ میرٹھ کے دسمبر 1915 سے ستمبراکتوبر1916تک کے شماروں میں شائع ہوئی تھیں۔ یگانہ کی یہ تحریریں اس سے قبل حوالے میں نظر نہیں آتی ہیں۔ یگانہ کی عادت تھی کہ وہ مطالعہ کے وقت اس صفحے پر اپنے تبصرے درج کردیا کرتے تھے، حسب عادت انھوں نے نظارہ میں شائع شدہ محمدیوسف جعفری رنجور عظیم آبادی کی نظم ’’حالت زار‘‘ کا فارسی ترجمہ کردیا ہے۔ اس کے علاوہ مذکورہ رسالے سے نیرصاحب نے یگانہ کے آٹھ مضامین کا ذکر کیا ہے۔ ان میں سے تین مضامین کی معنویت ابھی تک قائم ہے۔ ایک کا عنوان بعض شعراے عظیم آباد (فروری 1916) ہے، جس میں عظیم آباد کے فارسی گوشعرا کا تذکرہ ہے، دوسرا قابل ذکر مضمون الفاظ مہند بہ عطف و اضافت (اپریل مئی 1916) ہے، اس بحث کی معنویت ابھی تک محسوس کی جاسکتی ہے۔ اس کی تلخیص یگانہ کے الفاظ میں ملاحظہ کیجییـ:
’’ماحصل اس بحث کا یہ ہے کہ جن الفاظ کو بہ اعتبار معنی وصورت عربی یا فارسی الفاظ سے کچھ بھی مشابہت یا مناسبت یاکوئی تعلق ہو وہ مہند کہے جائیں گے اوران میں عطف و اضافت مخل فصاحت یا غلط نہ ہوگی۔ ہاں محض ہندی الفاظ جیسے ہاتھ پاؤں آنکھ ناک وغیرہ قابل عطف و اضافت نہیں ہیں۔ بہ اعتبار معنی وبہ اعتبار قالب جن الفاظ کو عربی یا فارسی سے تعلق ومناسبت ہے ان میں عطف واضافت ہرگزہرگز غلط یا غیرمستحسن نہیں ہوسکتی۔ اسی کلیے پر زبان اردو کی اصلاح کا دارومدار ہے۔باقی ہر شخص اپنے فعل کامختار ہے۔‘‘
(بحوالہ یگانہ: احوال وآثار،ص:65)
یگانہ آتش کے معتقدین میں سے تھے۔ ان میں ایک دلچسپ مضمون کلام آتش بہ رنگ صائب (ستمبر اکتوبر 1916) ہے۔ مضمون کے عنوان سے بظاہر ایسا لگتا ہے کہ اس میں کلام آتش کے اس پہلو کی نشاندہی کی گئی ہے جو صائب کے مماثل ہو لیکن ایسا نہیں کیا گیا ہے۔ بقول نیرمسعود آتش کے ایک شعر کی تشریح کے ضمن میں انھوں نے مختصرا صائب کے رنگ پر بھی روشنی ڈالی ہے۔ باقی مضمون میں آتش کے چند اشعار درج کیے گئے ہیں اور ان کی شرح کے ساتھ فنی محاسن بیان کیے گئے ہیں۔
صفی، ثاقب اور عزیز سے معرکہ کے دوران یگانہ نے عزیز کو خاص طور سے نشانہ بنایا تھا۔ ان کے خلاف ایک مکمل کتاب شہرت کاذبہ المعروف بہ خرافات عزیز کے عنوان سے لکھی تھی۔ اس کتاب میں عزیز کے کلام کی خامیوں کو نشان زد کیا گیا ہے۔عزیز کے کلام کی لسانی اور فنی اعتبا ر سے غلطیاں اجاگر کی گئی ہیں۔ اس سے یگانہ کی تنقیدی صلاحیت اور فنی دسترس کا اندازہ ہوتا ہے۔ یگانہ کے تنقیدی درک سے واقف ہونے کے لیے عزیز کے ایک شعر پر یگانہ کا تبصرہ دیکھیے۔ عزیز کا شعر ہے:
جماہی آئی پھولوں کو ادھر ذکر صراحی سے
ادھر غنچوں نے شاخوں پر ہر اک پور اپنی چٹکائی
نیر مسعود لکھتے ہیں:
’’یگانہ کو اس شعر پر دو اعتراض ہیں؛ ایک یہ کہ جماہی آنے سے مراد کلی کا کھل کر پھول بن جانا توہوسکتا ہے لیکن پھول جس کا منہ پہلے ہی کھل چکا ہوتا ہے اس کے لیے جماہی آنے کا ذکر مناسب اظہار نہیں ہے۔ دوسرا اعتراض یہ ہے کہ ’’ہر اک پور اپنی چٹکائی‘‘ کا مفہوم یہ نکلتا ہے کہ غنچے میں کئی پوریں ہوتی ہیں اور وہ کئی بار چٹکتا ہے۔ یہ خلاف واقعہ ہے اس لیے کہ ایک غنچہ ایک ہی بار چٹکتا ہے۔‘‘ (ص:75)
نیرمسعود نے یگانہ کے اعتراضات کو بڑی حد تک درست قرار دیا ہے۔ کتاب میں تصنیفات مرزا یگانہ کی فہرست، سن اشاعت اور مقام اشاعت بیان کرنے کاالتزام کیا گیا ہے، جو تحقیقی اعتبار سے اہمیت کا حامل ہے۔ کتاب کے آخر میں یگانہ کے کلام کا مختصر انتخاب شامل ہے،جو نیرمسعود کے شعری ذوق کا عمدہ نمونہ ہے۔
نیرمسعود نے زیرمطالعہ کتاب میں یگانہ کی شخصیت، اس کے مزاج اور ان کے علمی نقوش کو تحقیقی وتنقیدی اعتبار سے بیان کیا ہے۔اس میں لکھنؤ کے قیام سے لے کر ان کے انتقال تک کے واقعات اس طرح ترتیب دیے گئے ہیں کہ ان کی پوری شخصیت کے ارتعاشات اور زندگی کے نشیب وفراز متشکل ہوگئے ہیں۔ اس کتاب کاامتیاز یہ ہے کہ اس میں مصنف نے معروضیت اور غیر جانب داری کا حددرجہ لحاظ رکھا ہے۔ واقعات کے بیان میں جذبات کی شمولیت سے حتی الامکان گریز کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں مصنف کا اسلوب قابل تحسین ہے جو تشبیہا ت و استعارات سے معریٰ ہوتا ہے۔ ان کی تنقیدی وتحقیقی نثر کی انفرادیت یہ ہے کہ وہ قطعیت سے مزین ہوتی ہے۔ نیرمسعود نے اپنے دعوؤں کو مدلل کرنے کے لیے چھوٹے سے چھوٹے حوالو ں کو درج کرنے کا جس طرح التزام کیا ہے وہ انھیں تحقیق کے اعلیٰ مرتبے پر فائز کرتا ہے۔
Dr. Moidur Rahman
Associate Professor
Department of Urdu A.M.U
Aligarh-202002
Mob.: +91 8126410482
Email: moidjamia@gmail.com



