اردو دنیا،اکتوبر2026:
فیض الحسن فضا ابن فیضی 1923 میں قصبہ مئو ناتھ بھنجن میں پیدا ہوئے۔ یہ قصبہ شاہجہاں کی بیٹی بیگم جہاں آرا کو جاگیر میں ملا تھا۔ قدیم زمانے سے مئو ناتھ بھنجن پارچہ بافی کے لیے مشہور ہے۔ تعلیم و تعلم سے بھی اس قصبہ کا گہرا رشتہ رہا ہے۔ یہاں کے جامعہ عالیہ عربیہ کو مشرقی یوپی کا اولین ادارہ ہونے کا شرف حاصل ہے ۔ مولانا سخاوت علی جونپوری کے خلیفہ اور مولانا شبلی نعمانی کے استاد مولانا فیض اللہ مئوی نے اس ادارے کو 1868 میں قائم کیا تھا۔ فضا ابن فیضی کی ابتدائی تعلیم اسی ادارے میں ہوئی۔
فضا ابن فیضی کے والد مولانا منظور حسن فارغ التحصیل عالم تھے۔ ان کا ذریعۂ معاش تجارت تھا۔ تکمیل تعلیم کے بعد فضا صاحب نے بھی اسی تجارت کو اپنا ذریعۂ معاش بنایا ۔ فضا صاحب کے دادا مولانا ابوالمعالی محمد علی فیضی اپنے دور کے مشہور عالم دین تھے۔ حدیث و تفسیر اور تحقیق و تصنیف ان کا خاص علمی میدان تھا۔ اسی کے ساتھ شعر وادب کا بھی ذوق رکھتے تھے۔ اردو، عربی ، فارسی تینوں زبانوں میں شعر کہتے تھے۔ فضا صاحب کو شعری وراثت یہیں سے ملی اور عرب شعرا کی طرح اپنی نسبت دادا کی طرف منسوب کرتے ہوئے خود کو فضا ابن فیضی لکھتے رہے۔
فضا ابن فیضی کا تعلیمی سلسلہ جامعہ عالیہ عربیہ سے شروع ہوا ۔ دینی تعلیم کے ساتھ عربی و فارسی علوم بھی حاصل کیے اور جامعہ اسلامیہ فیض عام مئو سے سند فراغت حاصل کی، ان کے اساتذہ میں مولانا محمد سلیمان، مولانا عبداللہ شائق، مولانا محمد احمد ، مولانا عبدالرحمن جیسے جید علما تھے۔ دورانِ طالب علمی سے ہی فضا صاحب کو شاعری کا ذوق ہوا جس میں روز بروز پختگی آتی گئی۔ انھوں نے مئو کے مشہور فارسی عالم فیض الحسن فیض سے مشورئہ سخن لیا اور مولانا فیض صاحب جب تک باحیات رہے، شاگردی کا یہ سلسلہ برقرار رہا۔
فضا ابن فیضی عربی و فارسی کے جید عالم تھے جس کا ثبوت ان کے اشعار سے ملتا ہے انھوں نے طویل مدت تک شاعری کی۔ ان کی شعری توانائی اور رعنائی کا معترف برصغیر کا ہر صاحب نظر نقاد ہے انھوں نے اپنی شاعری کا آغاز غزل سے کیا ان کی پہلی تخلیق ان ہی کے قول کے مطابق غزل کے فارم میں تھی لیکن جلد ہی نظم کی طرف مائل ہوگئے۔ کیونکہ طبیعت کا رجحان زیادہ دور تک غزل کا ساتھ نہیں دے سکا، طویل مدت تک نظم گوئی کے بعد غزل کی طرف مراجعت ہوئی۔ دونوں ادوار میں دونوں صنف کے ساتھ ان کا تعلق برقرار رہا، نظم گوئی کے دور میں غزل سے رشتہ یکسر ختم نہیں ہوا۔ گاہے گاہے غزلیں کہتے رہے۔ اسی طرح جب غزل کی طرف مائل ہوئے تو اس دور میں بھی نظم کہتے رہے۔ یہ الگ بات کہ غزلوں کی تعداد نظموں سے کہیں زیادہ ہے۔
فضا ابن فیضی نے تشبیہات و استعارات کے نئے نئے پیکر تراشے ہیں۔ انھوں نے جن ترکیبوں کو اپنی شاعری میں استعمال کیا ہے، اسے پوری طرح اردو کا مزاج عطا کیا ہے۔ فنی آگہی، زبان دانی اور شعری تجربوں نے ان کے اسلوب بیاں کو نیا آہنگ شاعری عطا کیا ہے۔
ان کے یہاں لب و لہجے کے ساتھ ساتھ فکر و خیال کی جدت اور تنوع کا ایک نیا جہان ملتا ہے جو ان کی فنکارانہ صلاحیتوں کو سند اعتبار بخشتا ہے۔ ان کے تجربے اور خیال کی عکاسی کے ساتھ عصری حسیت اور بصیرت کا رشتہ کہیں کمزور نظر نہیں آتا ہے۔ زندگی کے مسائل، سماجی اور تہذیبی عوامل کو اپنے پختہ شعور کی بھٹی میں تپا کر جب فن پارے کا پیکر ڈھالتے ہیں تو اس فن کو ابدیت حاصل ہوجاتی ہے انھوں نے بہت سی نظمیں ہنگامی حالات اور وقتی ضرورت کے تحت تخلیق کی ہیں۔ مگر اس انداز میں کہ وہ جزو زندگی بن گئیں۔
غزلوں اور نظموں کے علاوہ فضا ابن فیضی نے رباعیات بھی تخلیق کی ہیں اور رباعی کے تمام لوازمات کو برتا ہے۔ یقینا رباعی کا فن ارتکاز کا مطالبہ کرتا ہے رباعی میں ایک ایک لفظ اپنی جگہ اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ مخصوص بحر کے ساتھ ساتھ مصرعوں کی ترتیب اور موزونیت اس فن کے لیے لازمی ہیں۔ خیال کی اہمیت اور فکر کی ندرت تجربہ و ادراک کے بغیر ممکن نہیں اور ان خصوصیات کے ساتھ ہی رباعی کی مکمل تخلیق ہوتی ہے۔ فضا صاحب کے یہاں یہ مواد پوری فراوانی کے ساتھ موجود ہے۔ بالکل اسی طرح جس طرح ان کی غزلوں اور نظموں میں نظر آتا ہے۔
فضا ابن فیضی کا اسلوب بیان، بلندی افکار اور مضامین کے تنوع کا جو انداز ان کی غزلوں اور نظموں میں پایا جاتا ہے، وہ سب ان کی رباعیوں میں بھی موجود ہے۔ ان کے کلام کی پختگی سے معلوم ہوتا ہے کہ ہر اسلوب و آہنگ میں ان کا رنگ یکساں ہے۔ مواد کی فراوانی اور فکر کی توانائی ان کی رباعیوں کا خاص وصف ہے۔ فضا صاحب کے یہاں جس طرح رمزیت، ایمائیت، محرومیت، محزونیت، سوز و گداز، ناز و انداز جیسے غزل کے موضوعات پوری آب و تاب کے ساتھ نظر آتے ہیں، اسی طرح یہ تمام لوازمات ان کی رباعیوں میں بھی موجود ہیں۔ ان کا آہنگ و اسلوب اور لب و لہجہ خاص ان کا اپنا ہے جو ان کی پہچان ہے۔ انھوں نے غزل اور غزل سے متعلق اپنے خیالات کی ترجمانی اپنی رباعی میں ’’کرب تخلیق فن‘‘ کے عنوان سے کچھ اس طرح کی ہے ؎
دل خون ہو، تب شعر کنول بنتا ہے
افکار کا اک تاج محل بنتا ہے
آساں نہیں تربیت وجدان و شعور
مشکل سے کوئی جذبہ غزل بنتا ہے
غزل افکار کا اک تاج محل ہوتا ہے اور یہ ہنر وجدان و شعور کی خاص تربیت کے بعد پیدا ہوتا ہے ۔ غزل محض لفظوں کی جادوگری اور شعبدہ بازی نہیں ہے، بلکہ اس میں نکتہ سنجی اور دروں بینی کی ضرورت ہوتی ہے۔ فضا ابن فیضی نے ’’شعبدہ گر‘‘ کے عنوان سے اپنی اس فکر کا اظہار ایک رباعی میں کیا ہے :
وہ کام کرو نکتہ نگر کہلائو
روحِ ادب و جانِ ہنر کہلاؤ
برتو نہ وہ اسلوب سخن دیدہ ورو!
لفظوں کے فقط شعبدہ گر کہلاؤ
فضا کے یہاں عصری حسیات کے ساتھ ساتھ وقت اور زمانے کے حالات کا گہرا مطالعہ ملتا ہے ۔ ان کی فکر انگیزی پر مشتمل دو رباعیات ’’خبرنامہ‘‘ اور ’’مسیحا‘‘ کے عنوان سے ملا حظہ فرمائیں ؎
کڑوی ہے مگر بات ہے سچی دراصل
کٹتی ہے یہاں روز نئی لاشوں کی فصل
اک فاختۂ امن نے کل مجھ سے کہا
زندہ ہے ابھی خونی عقابوں کی وہ نسل
پھولوں کو مہکنے کی سزا دیتے ہیں
مرہم کو جراحت کا صلہ دیتے ہیں
اس دور کے ٹھہرے ہیں مسیحا وہ لوگ
جو روح کو زخموں کی قبا دیتے ہیں
مندرجہ بالا رباعیات میں حالات پر تیکھا طنز بھی ہے اور تشویش کا اظہار بھی یہ رباعیات فضا صاحب کی صالح فکر و نظر کی عکاس ہیں ۔ فضا صاحب وقت اور حالات سے مرعوب نہیں ہوتے بلکہ ان پر شدید تنقید کرتے ہیں اور یہ ایک با صلاحیت شاعر کی فکری و ذہنی عظمت کی علامت ہے۔ حالات و واقعات کی غیر متوازی روش پر ان کا نظریہ واضح اور حقیقت پسندانہ ہے۔ کچھ ایسا ہی انداز ان کی ایک رباعی میں ملتا ہے جس کا عنوان ’’جرم بے گناہی‘‘ ہے ۔ ملاحظہ فرمائیں ؎
حق بات کی تائید کروں تو مجرم
حالات پہ تنقید کروں تو مجرم
تم جرم کی تخلیق کرو تو معصوم
میں جرم کی تردید کروں تو مجرم
فضا ابن فیضی خود بینی اور خود شناسی کی حقیقت سے آشنا تھے۔ ان کا یقین تھا کہ خود شناسی خداشناسی کا ذریعہ ہے۔ انھیں اپنی ذات کا عرفان تھا۔ وہ اپنے کمال فن کو اچھی طرح جانتے اور پہچانتے تھے۔ اپنے اسی کمال فن کے ذریعہ شعر و ادب کی سنگ تراشی جس خوبصورت انداز میں انھوں نے کی ہے اس سے فن آزر بھی شرمندہ ہے۔ ان کی تحریروں نے رگِ گل میں بہارِ نو کا لہو جاری کردیا۔ ’’ذہن تازہ کار‘‘ میں ان کی اس فنکاری کا مشاہدہ کیا جا سکتا ہے ۔
تخئیل میں فن کا چم و خم رکھتا ہوں
پوجیں جسے آزر وہ صنم رکھتا ہوں
تحریر میں ہیں میری خط و خال بہار
ہاتھوں میں رگِ گل کا قلم رکھتا ہوں
اپنی ذات کے عرفان کی وضاحت ان کی رباعی ’’خود شناسی‘‘ میں بھی دیکھنے کو ملتی ہے ۔
ہم شیوئہ گل بادِ صبا کو پایا
ہم رشتۂ لب حرف دعا کو پایا
کہتے ہیں اسے ذات کا عرفاں شاید
ہم خود میں جو ڈوبے تو خدا کو پایا
فضا صاحب منکسر المزاج، کم گو، تہذیب پسند اور وضع دار شخصیت کے مالک تھے۔ ان کے نزدیک ایک اچھے بشر کی پہچان یہی اوصاف ہیں اور یہ انداز یوں ہی کسی انسان میں پیدا نہیں ہو جاتے بلکہ میر تقی میر کے قول کے مطابق ؎
مت سہل ہمیں جانو، پھرتا ہے فلک برسوں
تب خاک کے پردے سے انسان نکلتے ہیں
وہ ہمیشہ ان صحت مند اقدار کے حامی رہے ہیں اور ان کا جابجا اظہار ان کی شاعری میں ہوتا رہا ہے۔ ان کی ایک رباعی ’’تعمیر شخصیت‘‘ میں اس وصف کا مشاہدہ کیا جا سکتا ہے ؎
گلگونۂ رخسار بشر بنتا ہے
سرچشمۂ ادراک نظر بنتا ہے
ڈھلتا نہیں ہیرے میں یوں ہی پارئہ سنگ
صدیوں میں کوئی عیب ہنر بنتا ہے
فضا ابن فیضی کے نزدیک اصول پرستی اور اصول پسندی اچھے انسان کے لیے ضروری ہے۔ اصول پرستی اچھے کردار کی ضمانت ہوتی ہے ۔ جو لوگ اصول پسند نہیں ہوتے، ان کے یہاں کردار کشی عام بات ہوتی ہے۔ یہ کردار کشی اپنی بھی ہوسکتی ہے اور اپنوں کی بھی۔ ان کی ایک رباعی جس کا عنوان ہی ’’کردار کشی‘‘ ہے ، ملاحظہ فرمائیں ؎
کردار کے پھولوں کو نہ سولی پہ چڑھاؤ
معصوم رسولوں کو نہ سولی پہ چڑھاؤ
اے زندگیِ نو کے علم بردارو!
خود اپنے اصولوں کو نہ سولی پہ چڑھاؤ
فضا صاحب عظمتِ رفتہ کی پاسداری اور پاسبانی کے قائل تھے۔ ماضی کی تہذیبی روایتیں زندگی کا قرینہ سکھاتی ہیں۔ انھیں اقدار کے میزان میں قوموں کا عروج و زوال تُلتا ہے۔ وہی ہماری تاریخ اور ہمارے بزرگوں کی بنائی ہوئی شاہراہ ہے جس پر چل کر ہم آج کی منزل کا پتہ پاتے ہیں، عظمت رفتہ کے زوال پر فضا صاحب کافی رنجیدہ ہیں جس کا اظہار ’’کاروان رفتہ‘‘ کے عنوان سے کیا ہے ؎
وہ میرے قبیلے ، مرے طبقے کے لوگ
اوجھل ہوئے آنکھوں سے قرینے کے لوگ
شائستہ کب اتنی ہے یہ امروز کی نسل
آتے ہیں بہت یاد وہ پہلے کے لوگ
فضا ابن فیضی کی شاعری میں جہاں عصری حسیات اور سنجیدہ احساسات کا بھرپور فنکارانہ استعمال ملتا ہے، وہیں کلاسیکی کیفیات، سلگتے جذبات اور جمالیاتی نشاط کی فکر انگیزیاں اور شگفتہ طرازیاں بھی موجود ہیں۔ ان کا رومانی ذہن وجدان و شعور اور عرفان و بصیرت کی روشنی سے منور ہوتا ہے۔ شاعری کے یہ لوازمات ان کی غزلوں اور نظموں کے ساتھ ساتھ ان کی رباعیوں میں بھی موجود ہیں۔ اردو شاعری کے ہر دور میں عشقیہ جذبات و احساسات رباعی کا حصہ رہے ہیں، اگرچہ اس میں تصوف، اخلاق، پند و نصائح اور دیگر سماجی موضوعات استعمال ہوئے ہیں ، مگر عموماً دیکھا جاتا ہے کہ عشقیہ مضامین سے مزین رباعی زیادہ مقبول ہوئی ہے۔ چاہے وہ دکنی ادب ہو یا شمالی ہند کی شاعری ہو۔ فضا ابن فیضی نے ان روایتوں سے انحراف نہ کرتے ہوئے اپنی بعض رباعیات میں جمالیاتی اور کلاسیکی موضوعات پیش کیے ہیں۔ جیسے ’’شب عنبریں‘‘ عنوان کے تحت ان کی ایک رباعی ہے ؎
مستی میں جنوں بھیگ رہا تھا کل رات
کونین کی آنکھوں میں نشا تھا کل رات
کیا کہئے، کوئی پھول کی خوشبو کی طرح
پیراہن خلوت میں بسا تھا کل رات
فضا ابن فیضی تشبیہات و استعارات کے ذریعہ جذبہ و تخیل کی نئی معنویت سے روشناس کراتے ہیں۔ ’’شگفتن گل ہائے ناز‘‘ اور ’’شعلۂ عریاں‘‘ یہ دو رباعیاں ان کے اس تجربہ کا پتہ دیتی ہیں ؎
بے موسم گل مہک رہا ہے وہ بدن
پیمانہ صفت چھلک رہا ہے وہ بدن
افسون صبا ہے کہ میرے ہاتھ کا لمس
غنچے کی طرح چٹک رہا ہے وہ بدن
سانچے میں شباب کے ڈھلتے ہوئے وہ جسم
غمزوں کے فشار سے مچلتے ہوئے وہ جسم
خلوت میں لپک اٹھتے ہیں کو ندے کی طرح
آغوش کی گرمی سے پگھلتے ہوئے وہ جسم
اسی ضمن میں ان کی ایک رباعی ’’بیت الغزل‘‘ بھی توجہ کے لائق ہے ؎
یہ بحث نہیں ، کیا لکھو، کیا نہ لکھو
مقصد یہ ہے، جو کچھ لکھو، اچھا لکھو
احساس میں تیرے گی غزل کی خوشبو
ان کا نہ سہی اپنا ہی قصا لکھو
فضا ابن فیضی زندہ ادب کے ترجمان تھے اور زندہ ادب وہ ہے جو ماحول اور سماج کے نشیب و فراز کی سچی عکاسی کرتا ہے۔ فضا ابن فیضی نے اپنی شاعری میں معاشرے کی تباہ حالی اور تہذیب کی کج روی کی عاجزانہ انداز میں عکس بندی کی ہے۔ وہ بیدار اور بالیدہ شعور کے مالک تھے۔ اپنے گرد و پیش کے حوصلہ فرسا حالات سے چشم پوشی نہ کرتے ہوئے تہذیبی نقصانات کا برملا اظہار کرتے تھے۔ ان کی کچھ رباعیاں ’’ہار گئے‘‘ کی ردیف میں ہیں ۔ ان رباعیات کو انھوں نے ’’اعترافِ شکست‘‘ کا عنوان دیا ہے۔ ان رباعیات میں فضا صاحب کی قادر الکلامی پوری طرح ابھر کر سامنے آتی ہے۔ ’’اعتراف شکست‘‘ کی کچھ رباعیاں درج ذیل ہیں ؎
سب عشوہ و انداز و فسوں ہار گئے
سو عالمِ آشوب و سکوں ہار گئے
کھا جائیں گے یوں چوٹ یہ معلوم نہ تھا
ہم عقل کی بازی میں جنوں ہار گئے
ساز و قدح و رنگ و نوا ہار گئے
یا دولت و ناموس و قبا ہار گئے
لگتے ہیں تہی دست سے، لیکن یارو!
یہ بھی نہیں معلوم کہ کیا ہارگئے
وہ رنگ، وہ رعنائی ، وہ رس ہار گئے
وہ ناقہ ، وہ محمل وہ جرس ہار گئے
اے دل کی جواں دھڑکنو! پیچھا چھوڑو
جینے کے لیے تھا جو نفس ہار گئے
دل ہار گئے، ذہین و نظر ہار گئے
جیتی ہوئی سب شرط ہنر ہار گئے
حالات کی سختی نے قلع توڑ دیا
لو، آج ہم اک اور سحر ہار گئے
فضا ابن فیضی نے اپنی رباعیات میں ان تمام موضوعات پر طبع آزمائی کی ہے جو شاعری کی دیگر اصناف میں پائے جاتے ہیں ۔ غزلوں، نظموں، قطعات اور ترانوں کی طرح حمد و نعت و مناجات میں بھی ان کی قادر الکلامی اور بیدار ذہنی دیکھنے کو ملتی ہے۔ اردو رباعیات کی تاریخ میں مذہبی شاعری حمد، نعت اور منقبت پر مشتمل خاصی تعداد میں رباعیاں موجود ہیں۔ تقریباً تمام رباعی گو شعرا نے اس موضوع کو اپنایا ہے۔ فضا ابن فیضی کے یہاں بھی حمد، نعت اور دعائیہ کلام رباعی کی صورت میں موجود ہیں۔ نعت میں انھوں نے کافی احتیاط سے کام لیتے ہوئے عقیدے کو متزلزل ہونے سے محفوظ رکھا۔ نبیؐ کی شان میں گفتگو کرتے وقت ان کی عالمانہ صفت کو فضا صاحب نے بڑے خوبصورت اور مدلل انداز میں پیش کیا ہے۔ لفظ ’’ امی‘‘ جو نبی اکرمؐ کے لیے اکثر استعمال ہوتا ہے ، فضا صاحب نے اس لفظ کے عمومی معنی سے احتراز کرتے ہوئے ایک الگ تشریح پیش کی ہے جو نبیؐ کی شان کے عین مطابق ہے ۔ ’’ نبی امی‘‘ عنوان کے تحت ان کی یہ رباعی اس لفظ کی تفہیم و تشریح میں معاون ہوگی ؎
محدود ہیں کس تنگ گلی تک ہم لوگ
پہنچے نہ تری حرف رسی تک ہم لوگ
’’ دانشکدئہ غار حرا‘‘ کے فاضل
اُمی تجھے کہتے ہیں ابھی تک ہم لوگ
اسی انداز کی دوسری رباعی ’’امیت بعد نبوت‘‘ ملاحظہ فرمائیں ؎
افہام بھی، تفہیم بھی بیکار گئی
’’اقراء‘‘ کی وہ تقدیم بھی بیکار گئی
اُمی کا یہ مطلب ہے بہ الفاظ دگر
جبریل کی تعلیم بھی بیکار گئی
اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ رسول اکرم ؐ کو جبریل نے بحکم خداوندی ’اقراء‘ کی پہلی تعلیم دی۔ آپ نے کسی دنیاوی درس گاہ میں کسی انسان کے سامنے زانوے درس تہ نہیں کیا۔ ان کی تمام تعلیمات جبریل امین کے ذریعہ اللہ کے حکم سے ہوئیں ۔ فضا ابن فیضی فارغ التحصیل عالم اور سلفی العقیدہ تھے اس لیے ان کے یہاں افکار و عقائد میں لغزش کی امید نہیں کی جاسکتی۔ عقیدہ وایمان کی حقیقت سے وہ بخوبی واقف تھے، اس لیے نبی آخر الزماںؐ کے تعلق سے گفتگو کرتے وقت وہ ہر پہلو کو نظر میں رکھتے تھے۔ انھوں نے اپنی نعتیہ شاعری میں جابجا ’’اُمی‘‘ لفظ کی حقیقت کو سمجھنے اور سمجھانے کی کوشش کی ہے۔ مندرجہ بالا دو رباعیوں کے علاوہ ایک اور رباعی اسی خیال کی تشریح ہے ۔
’’ تلمیذ جبریل‘‘ کے عنوان سے درج ذیل رباعی ملاحظہ کریں ؎
معیار حرا بافتۂ جبرئیل
میزان نفس تافتۂ جبرائیل
خاکم بدہن ، کیوں تجھے نا خواندہ کہوں
اے شیخ سند یافتۂ جبرائیل
نعتیہ فکر کے ساتھ ساتھ حمدیہ اور دعائیہ انداز بھی ان کی رباعیات میں دیکھنے کو ملتے ہیں ۔ اللہ ’رب العالمین‘ ہے۔ ساری دنیا اسی کے فیض و کرم کی محتاج ہے۔ وہ اپنی رحمتیں ان پر بھی نازل کرتا ہے جو اس پر ایمان لاتے ہیں اور ان پر بھی جو اس سے منحرف ہیں۔ اس کے جود و کرم کی بارش سب پر یکساں ہے۔ بندوں کے اعمال کے حساب سے سزا اور جزا کا معاملہ الگ ہے۔ لیکن کسی گناہ کے یا حکم الٰہی سے انکار کے سبب مخلوق پر آب و دانہ کی نوازش کا سلسلہ نہیں رکتا۔ یہی اس کی ربوبیت ہے۔ کیونکہ وہ رحیم و رحمن ہے۔ فضا ابن فیضی نے کچھ رباعیاں ان موضوعات کے تحت تخلیق فرمائی ہیں۔ ان میں سے تین رباعیاں ’’ربوبیت‘‘، ’’حرف سوختہ‘‘ اور ’’عرفان‘‘ کے عنوان سے یہاں پیش کی جا رہی ہیں ؎
جود و کرم و رافت و احساں سب پر
رحمت کا سحاب گوہر افشاں سب پر
انسان و ملائکہ، چرند اور پرند
فیضان ربوبیت ہے یکساں سب پر
ناکام ہوں، کامیاب کر دے یارب
تاریک ہوں آفتاب کر دے یارب
ہے لب پر جو یہ سوختہ سا حرفِ دعا
اس شعلے کو اب گلاب کر دے یارب
دل کی تڑپ، آنکھوں کو نظر کب دے گا
اس راکھ کو بالیدہ شرر کب دے گا
اے تو ، کہ تری ذات سے خود روکش ذات
مجھ کو مرے مرنے کی خبر کب دے گا
فضا ابن فیضی کی رباعیات کے تعلق سے یہ مختصر خاکہ ان کی رباعی گوئی کو سمجھنے میں یقینا معاون ہوگا۔ نہ صرف ان کی رباعی گوئی، بلکہ جملہ آہنگ شاعری کی ادنیٰ سی جھلک ان تحریروں کی روشنی میں دیکھی جاسکتی ہے، اس بات سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ موجودہ دور کے رباعی گو شعرا میں ان کا منفرد مقام ہے۔ ان کی شاعری میں دیگر اصناف کی طرح رباعیات بھی اسلوبیاتی تنوع کی نادر مثال ہیں۔
Dr. Imteyaz Nadeem
Global Pharma
Sattar Market, Faizi Gate
Doman Pura, Maunath Bhanjan U.P-275101
Mob. 9889283360
Email: faheembooks@gmail.com



