مرزا جعفر اوج کی مرثیہ نگاری ،مضمون نگار:محمد طارق

October 21, 2026 0 Comments 0 tags

اردو دنیا،اکتوبر2026:

مرثیہ اردو کی اہم ترین،زندہ اور متحرک صنف سخن ہے اس کی ابتدا دکن میں ہوئی۔ اس صنف میں ماحول، تہذیب اور زمانے کواپنے اندر سمولینے کی پوری صلاحیت ہے۔ یہ انفرادی طور پر کسی فرد یا قوم کی شاعری نہیں بلکہ پوری تہذیب ،قوم اور معاشرے کی آواز بن کر بلند ہوئی ہے۔ مرثیہ کے احساساتی آہنگ کو صبر و تحمل اورایثار و قربانی نے توانائی بخشی ہے۔ لہٰذا مرثیہ وہ صنف سخن ہے جس میں اردو کی دیگرشعری اصناف کا عکس دکھائی دیتا ہے ۔ مرثیہ گوئی کے سلسلے میں ڈاکٹر مسیح الزماں لکھتے ہیں کہ:
’’مرثیہ گوئی کے وسیع ذخیرے میں سے یہ چند مرثیے اوس سے پیاس بجھانے کی کوشش کے مصداق ہیں، لیکن اردو میں اس صنف کے آغاز کے چار سو سال بعد تک ایسی کوئی صورت نہ نکلی ہو تو اِن نگینوں کو ہی غنیمت سمجھاجانا چاہئے جن تک اردو مرثیہ کی ارتقائی شکل کی جھلکیاں نظرآتی ہیں۔‘‘ 1
جہاں تک مرزا دبیر کے بیٹے مرزا محمد جعفر اوج کا تعلق ہے تو ان کے مرثیے غزل کے عنصر کو ملحوظ رکھنے کے ساتھ عمدہ اورسنجیدہ زبان میں نظر آتے ہیں۔
مرزا محمد جعفر نام اور تخلص اوج تھا یہ تخلص ان کے والد مرزا دبیر نے استخارہ کی بناپر رکھاتھااور یہ مرزا اوج کے لیے اتناباعثِ شرف رہا کہ اوج نے مرزا دبیر ومیر انیس کے کلام کو کمالِ عروج تک پہنچایا۔ مرزا اوج کی شاعری کا آغاز عنفوان شباب سے شروع ہوگیا تھا۔ انھوں نے پہلا مرثیہ محض سولہ یا سترہ سال کی عمر میں پڑھا تھا۔ یہ مرثیہ خاصہ طویل ہے۔اس مرثیہ کا مطلع ملاحظہ کریں ؎
اس مرثیہ میں عید و محرم کا حال ہے
امید و یاس، شادی و ماتم کا حال ہے
مرزا اوج کی طبیعت مالِ دنیا کی جانب سے اتنی غنی تھی کہ کبھی کسی چیز کی تمنّا نہیں کی اور اپنی شاعری کو اس کا ذریعہ نہیں سمجھا اور نہ ہی اس کا کبھی حصہ بنے۔ ساری عمر نہایت سادگی سے بسر کی۔مرثیہ گوئی کی راہ میں قدم رکھا تو عمر کے آخر تک اس کو برقرار رکھا۔ اس کے ساتھ انھوں نے توکل علی اللہ کا بھی عملی مظاہرہ کیا ؎
تیرے کرم کا مجھ کو بھروسا ہے اے کریم
تیری عنایتوں کا سہارا ہے اے کریم
مرزا اوج کا یہ شعر ان کی سیرت کا بہترین نمونہ پیش کرتا ہے۔اس سلسلے میں پروفیسر مسعود حسن ادیب لکھتے ہیں کہ :
’’ہر شاعر کے ہر شعر سے اس کی سیرت کا استدلال کرنا صحیح نہیں ہو سکتا،لیکن جن مضامین کو کوئی شاعربار بار نظم کرتا ہو اُن سے اُس کے خیالات کا کچھ اندازہ ضرور ہو جاتا ہے۔پھرجن شاعروں نے اپنے خیالات نظر خود رکھ لیے ممکن ہے کہ وہ ان کی طبیعت اوران کے عمل کا صحیح عکس نہ ہوں لیکن انیس نے جو بات کہی ڈنکے کی چوٹ پر کہی۔‘‘2
مرزا اوج کو فن عروض سے بہت دلچسپی تھی۔ انھوں نے عروض اپنے والد محترم مرزا دبیر سے سیکھا تھا اور کم وبیش تیئیس برس کی عمر میں اس فن پر عبور حاصل کر چکے تھے۔ جس کا اظہار انھوں نے ’’میقاس الاشعار‘‘ کی صورت میں پیش کیا ہے۔اس کتاب کو ادب کی تاریخ میں ’’ارمغان‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس میں فنِ عروض و قافیہ کے تمام پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی ہے جو مرزا اوج کا معیاری نثری کارنامہ ہے ۔اس سلسلے میں سید خیرات احمد محب نے اپنے ایک خط میں مرزا اوج کے فن عروض کے متعلق یوں لکھا ہے کہ :
’’ہائے مرزا اوج مرحوم ۔ اب لوگوں کو معلوم ہوگا کہ علم عروض کیا ہے اور اس میں اُس مرحوم کو کمال کیسا تھا۔‘‘3
اس طرح نواب مرزا خاں داغ اور سید خیرات احمد محب جیسی شخصیتوں نے مرزا اوج کی عروض دانی اور اُن کی تصنیف ’’میقاس الاشعار‘‘کو مستند طور پر تسلیم کیا ہے۔ اس کتاب کا اوّل حصّہ علم عروض اور فنِ شعر سے تعلق رکھتا ہے اور دوسرا حصّہ علم ِ قافیہ سے متعلق ہے۔ پانچ ابواب پر مشتمل ہے اس کتاب کا خاتمہ فن تاریخ پر کیاگیاہے۔
مرزا اوج بڑے انہماک سے مرثیے کہتے اور روایات کی بہتری کے لیے ہمیشہ اپنے کومصروف رکھتے تھے۔ ان کو اپنے وقت اور اس کی قدرو منزلت کا اتنا خیال تھا کہ انھوں نے زندگی کے بیش قیمت لمحات کو کبھی ضائع نہیں کیا۔ ان کے ایک ہم عصر علی میاں کا مل ملاقات کے لیے آتے اکثر وبیشتر گھنٹوں نشست ہوتی تھی جو نسبتاً ادبی ہوا کرتی تھی ۔کبھی کبھی مرثیے کے متعلق تو کبھی کسی مضمون کو نئے ڈھنگ سے ادا کرنے یا اس میں کوئی نیا پہلو یا گوشہ پیدا کرنے کے متعلق گفتگو ہوا کرتی تھی۔
مرزا اوج اپنی شاعری کو زمانہ سے ہم آہنگ کر کے آگے بڑھ رہے تھے تاہم ان کا عمومی نظریہ شاعری یہی تھا کہ مشاہدہ میں جو چیز جس طرح آئے بے کم و کاست اسی طرح سادگی سے بیان کردی جائے۔ ان کا خیال تھاکہ رنگینیٔ الفاظ ، مبالغہ آرائی ، کلام میں حُسن تو پید اکرتے ہیں مگر اس حُسن میں حسن حقیقی مفقود اور حسنِ ظاہری نمایاں طور پر نمودار ہوتاہے اور وقتی طور پر ہماری آنکھوں کو خیرہ کرتاہے۔ تصنع و چسپہ کاری کے یہ پردے جب ہٹ جاتے ہیں تو صرف حسن حقیقی کی تڑپ ہی باقی رہ جاتی ہے اور وہی متاثر کرتی ہے۔
مرزا اوج ابتدا سے آخر تک اپنے اصولوں پر قائم رہے۔ ان کا یہ ماننا تھا کہ شاعری کی بنیاد ہمیشہ عمدہ ہونی چاہیے،کیونکہ اگرمضمون اچھا ہے تو سادگی سے ادا کرنے پر بھی ان خوبیوں کا حامل نظر آئے گاجو میزان شاعری پر معیار ی تسلیم کی گئی ہیں ۔مرزا اوج کہتے ہیں کہ ؎
مضمون سے ہیں خجل درِ مکتوں عدن عدن
پھیلی ہے بوئے مشکِ معافی ختن ختن
ان پھولوں کی ہے نکہت چمن چمن
ہر سو ہے بلبلوں کا اشارہ سمن سمن
صفحہ پہ یوں نشب نقوش مراد ہے
گویا سواد کشور مینو سواد ہے
مرزا اوج نے اپنی شاعری کی بنیاد میں فکری مضامین شامل کر کے کلام کو انفرادیت بخشی ہے۔ انھوں نے اپنے کلام میں فنّی لوازمات کا خاص خیال نہیں رکھا بلکہ وہ اس بات کے لیے ہمیشہ چاق و چوبند رہتے کہ شاعری میں ان کے جذبات و احساسات کی سچی ترجمانی الفاظ کے ذریعے ادا ہو جائے۔ ایک جگہ وہ لکھتے ہیں کہ ؎
کوئی سنے گل و بلبل کی داستاں کب تک
محاوروں کی خوش آمد چنیں چناں کب تک
یہ سردمہریوں کے ساتھ گرمیاں کب تک
غلط نمائی تخیل کا سما کب تک
ردیف و قافیہ کیا شے ہے جانتے ہی نہیں
فن ان کی طرح سے لاشے ہے ملتے ہی نہیں
جہاں ایک طرف مرزا اوج نے خالص فکری مضامین نظم کیے ہیں وہیں انھوں نے اپنی فلسفہ طرازی کو ایک معقول اسلوب دیا تھا لیکن مقبولیت نہ تو اتنے بنیادی ہیں کہ خود حسن بن جائے اور نہ ان میں لوازم کی ایسی آمیزش ہے کہ جو دل نشینی کی راہ پید اکردے ۔اس کی وجہ یہ تھی کہ مرزا اوج نے اپنا آہنگ دراصل جذبات عالیہ کی ترجمانی کے وقت پایا تھا۔ انھوں نے زمانہ کے ساتھ عام نظریۂ شاعری کو صرف اُس حدتک اپنا یا جہاں تک وہ یہ سمجھتے تھے کہ مرثیہ خیال آرائی کا شکار نہ ہوجائے۔ اس کے لیے مرزا اوج نے اپنی آواز بھی بلند کی اور عملی طور پر اپنے بیان رزم میں بلند آہنگی اور جوش بھی پید اکیا اور جو راستہ چُنا اس پر ثابت قدمی سے گامزن رہے۔
وہ چاہتے تھے کہ مرثیہ اپنے ادبی وقار کو برقرار رکھتے ہوئے صرف مرثیہ ہی رہے اس پر صنفِ غزل کا اثر نہ دکھائی دے۔ اس سلسلے میں مرزا اوج اپنی کتاب ’’معراج الکلام ‘‘ میں لکھتے ہیں کہ:
’’مرثیہ یوں کہنا چاہیے کہ وہ مرثیہ رہے واسوخت نہ ہو جائے۔ غزل کے اصول اور ہیں مرثیے کے قواعد اور۔‘‘4
مرزا اوج کی یہ کوشش ہمیشہ رہی تھی کہ ان کے ہم عصر مرثیہ گوبھی ان کی راہ پر چلیں لیکن ایسا نہ ہو سکا ۔ اوج نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مرثیہ میں صرف صحیح روایات کوہی نظم کیاجائے گا۔ وہ اس بات کے حامی نہ تھے کہ قدیم شعرا جن روایت سے وابستہ رہے انھیں مکمل طور پر تسلیم کیا جائے، بلکہ ان کا ماننا یہ تھا کہ جو کچھ نظم کیا جائے اس کی بنیاد تخیل پر نہ ہو کر نصوص پر مبنی ہو اور یہی وہ خصوصی نظریہ مرثیہ گوئی ہے جس میں وہ انفرادی حیثیت کے مالک نظر آتے ہیں۔ اس حوالے سے مرزا اوج نے اپنے ہم عصروں پر کوئی تنقید نہیں کی بلکہ آزادانہ طور پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔
مرزا اوج کی مرثیہ نگاری ایسے دور میں پروان چڑھ رہی تھی جب انیس و دبیر کا زور عروج پر تھا۔ ایسے میں اوج کے لیے یہ مسئلہ بڑا نازک تھا کہ وہ کس رنگ کو اپنائیں۔ دراصل مرزا اوج کی جس ماحول میں پرورش ہوئی تھی وہ ان کے والد مرزا دبیر کے اثر سے معمور تھا۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے ابتدائی مراثی میں رنگ دبیر کی جھلک نمایاں طور پر نظر آتی ہے لیکن دھیرے دھیرے وقت کے عام تقاضوں سے مجبور ہو کر وہ رنگ انیس پر مائل ہوتے ہوئے نظر آتے ہیں ۔حالانکہ ذہن میں پیوست وہ فضائیں آسانی سے نہ نکل سکیں اور مرزا اوج کے لیے ایک کشمکش پید اہوگئی اسی سلسلہ روز و شب نے انھیں ایک ایسے مقام پر پہنچا دیا جہاں میر انیس کی نازک خیالی،حسن لطافت اور حُسن اد انظر آتی ہے تو وہیں دوسری جانب تشبیہ و استعارات، تراکیب و بندش مرزا دبیر کی دکھائی دیتی ہیں۔ اس طرح مرزا اوج کے کلام میں میرا نیس و مرزا دبیر کا رنگ سمویا ہوا ہے۔غرض ان باتوں کے پیش نظر مرزا اوج کے ابتدائی کلام کے چند نمونے ملاحظہ کریں ؎
سرگرم نالہ طبع نزار ہے
گل چین بوستاں سخنِ بے قرار ہے
گلزار نظم رشک دہِ شعلہ زار ہے
صفحہ پہ خامۂ دو زبان اشک بار ہے
خط کے سو اوپر ہے گماں دردِ آہ کا
مسطر میں سوز غم ہے کسی بے گناہ کا
اس کے بعد مرزا اوج نے ایسا بھی کیاکہ رنگِ انیس و دبیر یکجا کرکے ایک مرقع پیش کیا یعنی میدانِ کربلا میں گرمی کی شدّت ہے اور ہر نفس اس کا شکار ہے۔ اس منظر کی مرزا اوج نے جو تصویر پیش کی ہے اس کے چند اشعار دیکھیں ؎
مشعل وصفت ہر ایک رگِ گل ہے مشتعل
گرمی سے کھولتا ہے عنا دل کا خونِ دل
ہر نخل تازہ بید کی صورت ہے جانگسل
مثلِ چراغ کشتہ ہیں اثمار مضمل
برداشت ہے محالی جو گرمیٔ سخت کی
سایہ پناہ ڈھونڈھ رہا ہے درخت کی
اس بند کا پہلا مصرعہ جو ہمہمہ یعنی شور پیدا کررہا ہے وہ اندازِ دبیر ہے جب کہ باقی مصرعے رنگِ انیس میں کہے گئے ہیں۔
غرض ان مثالوں سے یہ اندازہ ہوتاہے کہ مرزا اوج نے انیس و دبیر کے رنگ کو بھی ملحوظ رکھا اور دونوں کی جامعیت سے اپنی انفرادیت بھی قائم کرنے کی کوشش کی۔
حواشی
1. اردو مرثیہ کی روایت ، ڈاکٹر مسیح الزماں، دیباچہ۔ نگردین دیال روڈ ،لکھنؤ۔1969،صفحہ نمبر 8
2. انیسیات ۔سید مسعود حسن رضوی ادیب،اتر پردیش اردو اکادمی ،لکھنٔو ،1981،صفحہ نمبر 37
3. یادگار حامد ، سیدخیرات احمدمحب خط بنام حامد علی خاں بیرسٹر، 15 مئی 1917 ، مرتبہ مولانا صفی لکھنٔو، نظامی پریس لکھنٔو،صفحہ نمبر 241-242
4. معراجُ الکلام ۔جلد اوّل۔ مرزا محمد اوج، نظامی پریس ، لکھنؤ، 1924،صفحہ نمبر 4

Dr. MOHD TARIQ
F2, Naz Residency, New S.S. Nagar,
Aligarh-200201
Email: roomisir786@gmail.com

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Explore More

تمل ناڈو کا ایک باکمال شاعر:گنڈو عبدالقادر شاکر،مضمون نگار:سید سجاد حسین

اردو دنیا، ستمبر 2026: محمد عبدالقادر شاکر 1865کو شہر وانمباڑی کے ایک متمول لبابین گھرانے میں پیدا ہوئے۔ وانمباڑی موجودہ ریاست تمل ناڈو کے ضلع ترپاتور کا ایک تجارتی شہر

اختر الایمان کا فنی طریق کار،مضمون نگار:نوشاد عالم

اردو دنیا،نومبر2026: اخترالایمان ہمارے ان باکمال نظم نگاروں میں شامل ہیں جن کی انفرادیت مسلم ہے۔ اخترالایمان کا شعری اسلوب ہمارے سامنے ایک توانا حوالے کے طورپر ابھر کر آتاہے

قیصر الجعفری کی غزلیہ شاعری،مضمون نگار: محمد اویس سنبھلی

اردودنیا،جنوری 2026 اردو غزل کی تاریخ میں کچھ نام ایسے ہیں جو اپنی فکری وسعت، فنی مہارت اور اسلوب کی ندرت کے باعث ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ ان ہی