بانو سرتاج: قومی یکجہتی کی علمبردار مصنفہ،مضمون نگار:قیام نیر

October 22, 2026 0 Comments 0 tags

ادو دنیا،اکتوبر2026:

بانو سرتاج کا اصل نام بانو سرتاج قاضی تھا۔ ابتدا میں انھوں نے اس نام سے لکھنا شروع کیا تھا لیکن بعد میں قاضی ہٹاکر صرف بانو سرتاج کے نام سے لکھنے لگیں۔ وہ 17جولائی 1945کو پاندھر کوڑ میں پیدا ہوئیں جو ضلع ایوٹ محل ، مہاراشٹر میں ہے ۔ بعد میں چندر پور مہاراشٹر میں رہنے لگیں۔ چھ دہائیوں تک وہ اردو اور ہندی زبان وادب کی خدمت کرتی رہیں۔ 13اگست 2026کو اپنے مالک حقیقی سے جاملیں۔
بانو سرتاج کا تعلیمی ریکارڈ بڑا شاندار تھا۔ انھوں نے اردو، ہندی اور تاریخ میں ایم، اے کیا تھا۔ ایجوکیشن میں پی ایچ۔ڈی، گاندھیائی افکار میں پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما، بی ایڈ اور ڈپلوما ان رورل سروسیز بھی کر چکی تھیں۔ درس و تدریس سے جڑی تھیں۔ایک طرف وہ تعلیمی نظام سے وابستہ تھیں تو دوسری طرف ان کی گہری وابستگی ادب سے بھی تھی۔ وہ اردو اور ہندی کے علاوہ مراٹھی اور انگریزی زبان میں بھی لکھتی تھیں۔ ان کی ایک کہانی پرویڈیو فلم ’’گڑیا‘‘ اور ایک کہانی ’’تیسرے راستے کے مسافر‘‘ پر ایک ٹی وی سیریل ’’کشمکش‘‘ کے نام سے ٹیلی کاسٹ ہوا۔ انھوں نے دوسری زبانوں ہندی، مراٹھی اور انگریزی سے اردو میں ترجمے بھی کیے۔
بانو سرتاج نے مختلف اصناف ادب پر طبع آزمائی کی ہے۔ یوں تو اردو ادب کی تاریخ میں بہت سی خواتین قلمکاروں کے نام ملتے ہیں۔ شعر وادب کے ہر اصناف پر خواتین قلمکاروں کی خدمات ناقابل فراموش رہی ہیں۔ قدرت نے انھیں افسانہ طرازی کا ملکہ عطا کیا ہے۔ گھریلو الفاظ، گھریلو محاورے اور گھریلو ضرب الامثال پر عورتوں کی گرفت زیادہ مضبوط ہوتی ہے۔ انھوں نے بہت سے گھریلو الفاظ کو وقار عطا کیا ہے۔ رسم و روایات، رہن سہن کے طور طریقے اور بچوں کی پرورش پرداخت سے بھی خواتین اچھی طرح واقف ہوتی ہیں۔ خود بھی کہانی سننا اور بچوں کو سنانا ان کی فطرت میں شامل ہے۔ خواتین نسوانی کردار اور بچوں کے جوش و خروش اور ان کی نفسیات سے اچھی طرح واقف ہوتی ہیں اس لیے ان کی تحریروں میں فطری رنگ ہوتا ہے۔ بانو سرتاج بھی ایسی ہی قلمکاروں میں سے ایک ہیں۔ انھوں نے بچے اور بڑے دونوں کے لیے لکھا اور خوب لکھا۔ وہ ایک کثیر الجہات مصنفہ تھیں۔ انھوں نے بچوں کے ادب پر بہت زیادہ کام کیا ہے۔ اپنی تعلیمی اور تدریسی صلاحیت کو بروئے کا ر لاتے ہوئے انھوں نے بچوں کے لیے مختلف موضوعات پر ان کی نفسیات، ان کے ذہنی ارتقا اور ان کی زبان کا خیال رکھتے ہوئے کہانیاں، ڈرامے، مضامین اور ناول لکھے۔ بچوں کے ادب سے ان کی گہری وابستگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ادب اطفال کے لیے انھیں صدر جمہوریہ ہند کی جانب سے 2015 میں ایوارڈ دیا جاچکا ہے۔
بانو سرتاج نے بچوں کے لیے پچاس سے زیادہ کہانیوں کے مجموعے شائع کروائے ۔ ان میں جب جاگو تبھی سویرا، آئی برسات آئی، چناؤ کا چکر، گھمنڈ کا سر نیچا، وطن کے لیے ، بارہ کہانیاں دوکی وغیرہ اہم ہیں ۔ ان مجموعوں کی کہانیوں کے ذریعے انھوں نے بتانے کی کوشش کی ہے کہ ایک اچھا ادیب بچوں کو کہانی، ڈرامے، ناول اور مضامین کے ذریعے زندگی کی بنیادی قدروں سے روشناس کراتے ہوئے انھیں محبت، اخوت، ہمدردی، رواداری، انصاف اور وطن سے محبت کرنے کا جذبہ پیدا کراتا ہے۔ بانو سرتاج نے بچوں کے لیے تخلیقی ادب پیش کرتے ہوئے قومی اور سماجی مسائل کو مؤثر انداز میں پیش کیا ہے۔ ان کے ادب اطفال میں قومی یکجہتی کا تصور خاص اہمیت رکھتا ہے۔ وہ اپنی کہانیوں میں بچوں کو ذات، مذہب، زبان اور علاقائی اختلاف سے بالا تر ہوکر انسانیت اور وطن کی مشترکہ قدروں سے وابستہ ہونے کا پیغام دیتی ہیں:
’’ایک گاؤں میں ایک بڑھیا رہتی تھی۔ ایک رات اس کے گھر مہمان آیا۔ بو لا’’میں ایک سوداگر ہوں میں تھک گیا ہوں‘‘ مجھے اپنے گھر میں ایک رات کے لیے ٹھہرنے اور آرام کرنے کی اجازت دیں ۔ صبح میں چلا جاؤں گا۔ جو کچھ آپ معاوضہ مانگیں گی، دے دوں گا۔
بڑھیا نے بخوشی اجازت دے دی۔ اس کے لیے آرام دہ بستر لاکر دیا۔ سوداگر نے بڑھیا سے پوچھا ’’مجھے کھانے کے لیے کچھ مل سکے گا؟ سخت بھوک لگ رہی ہے۔ ‘‘1
بانو سرتاج کی کہانیوں میں مختلف طبقوں ، مختلف علاقوں اور مختلف پس منظر رکھنے والے کردار ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے نظر آتے ہیں۔ اس سے بچوں کے ذہن میں اور دل و دماغ میں یہ خیال پیدا ہوتاہے کہ مذہب، ذات، زبان اور علاقائی اختلاف کے باوجود انسانیت اور وطن سے محبت سب کو ایک دوسرے سے جوڑتی ہے۔ چکی کے دو پاٹ، امیر غریب دو ہاتھ، دو پرندے دو بھائی، اچھی سوچ کا پھل، دو باپ دو بیٹے ، لو ٹ کے بدھو گھر کو آئے، بن کانٹوں کا گلاب اور بڑا کون وغیرہ میں قومی یکجہتی کا جذبہ پیدا کرنے کی کوششیں کی گئی ہے۔
بانو سرتاج نے بچوں کے لیے کئی ڈرامے بھی لکھے ہیں۔ انوکھی بی کی سرائے (2011)، یک بابی ڈرامے (2012)، مجھے شکایت ہے (1996)، گھر واپسی کا طویل سفر (2014، ترجمہ شدہ) اور ایک انار سو بیمار (1992) جیسے ڈراموں کے مجموعے لکھ کر مصنفہ نے بچوں کے ادب میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے۔ ان مجموعوں میں بچوں کی جمہوریت، بہادررانی درگا، دھرم راج کی عدالت، ایک بیمار سو انار، دلوں کے فاصلے، دکھوا میں کاسے کاٹوں، عدل اکبر، شیواجی کا انعام، انصاف کی ڈگر پر، وطن کے لیے ، ہم ایک ہیں وغیرہ کے ذریعے مصنفہ نے انسانی اقدار، محبت، اخوت، تعاون، قربانی اور اچھے کردار کو اہمیت دی ہے جو قومی یکجہتی کے بنیادی ستون ہیں۔ مذہبی رواداری ، بچوں کے ادب میں بہت ضروری ہے کیونکہ کم عمری ہی میں بچے اگر دوسروں کے مذاہب کا احترام کرنا سیکھ جاتے ہیں تو یہ جذبہ ان کے اندر ساری زندگی قائم رہتا ہے۔ ساتھ ہی بچوں کے اندر بھائی چارگی اور انسان دوستی پروان چڑھ جائے تو آگے چل کر وہ ایک اچھا شہری بن جاتا ہے۔
بانو سرتاج نے اپنے ڈراموں کے ذریعے بچوں کے اندر شعور پیدا کرنے کی کوشش کی ہے کہ مذہب، ذات پات، زبان، علاقہ اور ثقافت کے اختلاف کے باوجود سب ایک قوم کا حصہ ہیں۔ اس سے معاشرے میں آپسی اتحاد، میل جول اور بھائی چارے کی بنیاد مضبوط ہوتی ہے ۔
مختصر یہ کہ مصنفہ نے بچوں کے ڈراموں کے ذریعے قومی یکجہتی کے فروغ کا پورا خیال رکھا ہے۔
’’گھر واپسی‘‘ بانو سرتاج کے ڈراموں کا ایک ایسا مجموعہ ہے جس میں مختلف زبانوں کے ڈراموں کا ترجمہ اردو میں کیا گیا ہے۔ ہندی، انگریزی، مراٹھی، بنگالی اور گجراتی کے ڈراموں کو اردو میں ترجمہ کرکے انھوں نے قومی یکجہتی کا بڑا ثبوت دیا ہے۔ ان ہی کے الفاظ میں:
’’گھر واپسی کا طویل سفر ‘‘ڈرامہ ہائے رنگا رنگ کا مجموعہ ہے۔ اس میں کل 21ڈرامے ہیں۔ جن میں اردو (1)، ہندی (12)، مراٹھی (3) ، انگریزی (2) گجراتی (1) اور بنگالی (1) ڈرامے ہیں۔ یہ وہ ڈرامے ہیں جنھیں 1992سے آج تک میں نے مختلف اوقات میں اردو کا جامہ پہنایا ہے۔ ان میں ہندی، انگریزی اور مراٹھی کے ڈرامے راست ان ہی زبانوں سے پیش کیے گئے ہیں۔ گجراتی اور بنگالی کے ڈرامے ہندی سے اردو میں ترجمہ کیے گئے ہیں۔ بیگم حضرت محل ، بہادر رانی درگاوتی، اور پان دے جیٹھی ہندوستانی تاریخ کی بے مثال خواتین کی عظمت، ہمت اور بہادری کے مظہر ڈرامے ہیں۔ ’’کون ہارا کون جیتا‘‘ ڈراما ہندوستان کی سنہری تاریخ میں ہندو مسلم اتحاد کا مظہر ایک زریں باب ہے۔ بھارتندو ہریش چندر ، رویندر ناتھ ٹیگور ، اچاریہ چتر سین شاستری ، مدھوکر آشتی کر، جیونت دیوی، اوجن اور نیل کرینتھی ہندی ، بنگالی ، مراٹھی ، انگریزی ادب کے سنگ میل قرار دیئے جاتے ہیں۔‘‘2
بانو سرتاج نے بچوں کے لیے کئی ناول بھی لکھے ہیں۔ ’’جنگل میں منگل‘‘ (1998)، اور ’’پکیا اور پریچھم‘‘ (2012)بہت اہم سمجھے جاتے ہیں۔ ’’جنگل میں منگل‘‘ ناول میں چھوٹے چھوٹے کئی ناول شامل ہیں۔ ’’چار دوست‘‘، بچھڑے مل گئے‘‘ اور ’’بھیڑیے کا حملہ‘‘ وغیرہ ’’پکیا اور پریچھم ‘‘ میں بھی چھوٹے چھوٹے ناول شامل کیے گئے ہیں ان میں ’’بھج من پیارے کرشن کریم‘‘ ، ’’دوست وہی جو مصیبت میں کام آئے‘‘ اور ’’ٹوٹی گڑیاں جڑ گئیں‘‘ وغیرہ اہم ہیں۔ اس اقتباس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے:
’’چندر بھاگا نے اسے میٹھی ڈانٹ لگائی، اپنی صحت کا خیال رکھ۔ تو بیمار پڑ گئی تو ہم کہاں جائیں گے؟ کیسے جئیں گے؟ کسی اچھے ڈاکٹر کو دکھا۔ دوا دارو کا روپیہ میں دوں گی۔ ابھی سے کمر میں اکڑن اچھی نہیں۔ آجا بائی۔ جلدی سے کام پر آجا۔۔۔۔ رام رام۔۔۔۔۔ کرشن کرشن وہ لوٹنے لگی تھیں کہ کریم پر ان کی نظر اٹک گئی۔ وہ اشتیاق بھرے نظروں سے اسے دیکھ رہا تھا۔ چندر بھاگا کے دماغ میں اتھل پتھل مچ گئی۔ وہ پتھر کی طرح کھڑی رہ گئیں۔ آخر انھوں نے کریم کو نزدیک آنے کا اشارہ کیا۔ کریم دوڑ کر ان کے پاس پہنچ گیا۔ مسکرا کر اس نے پوچھا ’’آپ چندرا، دادی ہیں نا؟ سفید مکان والی؟‘‘ 3
بانو سرتاج نے بچوں کے لیے لکھے گئے ناولوں میں اپنے اس تصور کو کرداروں ، واقعات اور اخلاقی رویوں کے ذریعے پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ وہ بچوں کو مختلف مذاہب، ذات اور فرقے کے اختلافات کے باوجود ایک دوسرے کی عزت اور احترام کرنا سکھاتی ہیں۔ ان کے ناولوں میں مذہبی رواداری، مذہبی دوستی، باہمی تعاون اور انسان دوستی وغیرہ کا پورا خیال رکھا گیا ہے تاکہ ان کے اندر قوم اور وطن کے تئیں ایک مثبت سوچ پیدا ہوجو قومی شعور بیدارکرنے کا ذریعہ بنے۔ دیکھیے اقتباس:
’’بچو! ادیب احساس جگانے کا چھوٹا سا، بہت چھوٹا سا کام کرتا ہے۔ دئے اورجگنو کی طرح! روشنی اور دئیے کو پھیلنے کے لیے جگہ کی کمی نہیں ۔۔۔۔بس پھیلانے والا چاہیے۔
تم پکیا اور پریچھم کی کہانی پڑھو اور بس اتنا کرو کہ کسی کے گھر برتن مانجھتی، آنگن جھاڑتی، بچوں کو پارک میں ٹہلاتی ہوئی لڑکی یا ہوٹل کی بھٹی دہکانے، اخبار فروخت کرنے، اسکول کے باہر میٹھی گولیاں فروخت کرکے یا کچڑا بنتے دس سے بارہ سال کے لڑکوں سے کہو۔
’’دیکھو ! یہ ایک کتاب ہے۔ اس میں تم جیسے بچوں کی کہانی ہے۔ بہت طویل نہیں ہے مگر دلچسپ ہے۔ تمہیں پسند آئے گی۔ ‘‘4
بانو سرتاج افسانہ لکھنے میں بھی مہارت حاصل کر چکی ہیں۔ ان کے پانچ افسانوی مجموعے شائع ہوچکے ہیں۔ ان کے افسانوںمیں انسانی رشتوں اور سماجی زندگی کے مسائل کو موضوع بنایا ہے۔ ان کے بیشتر افسانے قومی یکجہتی کی مثال پیش کرتے ہیں ۔ آج کا انسان مختلف دائروں کے حصار میں قید ہے۔ مذہب، ذات، طبقے، زبان، علاقائیت اور تعصب جیسے دائرے میں گھرے ہوئے ہیں۔ قومی یکجہتی کی تشکیل اس وقت ہوسکتی ہے جب انسان ان محدود دائروں سے نکل کر وسیع انسانی اور قومی شعور تک پہنچے۔ بانو سرتاج نے اپنے افسانوں کے ذریعے انسان کو ان دائروں اور حصاروں سے نکلنے کا مشورہ اپنے افسانوں کے ذریعے دیا ہے۔ انھوں نے اپنے افسانوں کے ذریعے سماجی زندگی کے مثبت اور منفی دونوں رویوں کو پیش کیا ہے۔
بانو سرتاج کے افسانوی مجموعے ’’دائروں کے قیدی‘‘ (1992)، اس کے لیے (1994)، ذرا سی کمی (2001)، اپنے ہاتھوں میں تھاما ہوا میزان (2009)اور دھندلی پرچھائیاں (2014)بے حد اہم ہیں۔ ان مجموعوں کے کچھ افسانوں میں انھوں نے قومی یکجہتی کی مثال پیش کی ہے۔ قومی یکجہتی صرف سیاسی یا جغرافیائی اتحاد نہیں ہے بلکہ مختلف مذاہب اور طبقات کے افراد ایک دوسرے کے درد کو سمجھیں اور ایک دوسرے کی مدد کے لیے کھڑے ہوں۔ بانو سرتاج کے افسانوی ادب میں انسانی جذبات اور معاشرتی تعلقات کا مطالعہ قومی یکجہتی کے موضوع کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔ قومی یکجہتی کے موضوع پر ان کے افسانے ’’تحفہ، گھر کا چراغ، دھندلی پرچھائیاں، اس کے لیے، اجڑی کوکھ کا بوجھ، نہ غم تیرا نہ غم میرا، اماں‘‘ اور ’’عورت‘‘ وغیرہ اہم ہیں۔ اس بات کو اس اقتباس سے سمجھا جاسکتا ہے:
’’سوال ہار کا نہیں ہے۔ میں نے زندگی کی حقیقتوں کو بہت قریب سے دیکھا ہے۔ آپ کی دنیا لائبریری اور آپ کے خزانے تک محدود ہے۔ میں نے رشتوں کی وسیع دنیا میں آنکھیں کھولیں اور پرورش پائی ہے۔ بزرگوں سے ، ہم عمروں سے، بچوں سے کیسے تعلقات رکھے جاتے ہیں یہ میں خوب اچھی طرح جانتی ہوں ۔ جنھیں ہم پسند کرتے ہیں ان کے لیے کیا کچھ کیا جاسکتا ہے اور جنھیں ہم پسند نہیں کرتے ان سے کیسے نبھایا جاتا ہے اور یہ آرٹ بھی مجھے آتا ہے۔ دراصل یہ سب جاننا ہی زندگی کو صحیح طریقے سے جینا ہے۔‘‘5
بانو سرتاج کے افسانوی ادب کا قومی یکجہتی کے حوالے سے مطالعہ یہ واضح کرتا ہے کہ مصنفہ نے اتحاد کا تصور، انسانی رشتوں ، رواداری ، ہمدردی، اخلاقی اقدار اور مشترکہ تہذیبی زندگی کے ذریعے قومی یکجہتی کی بنیاد تلاش کرنے کی کوشش کی ہے۔
بانو سرتاج کے افسانوں کا بنیادی مقصد انسان دوستی، مذہبی رواداری ، باہمی احترام، ہمدردی، مشترکہ تہذیب اور بھائی چارہ ہے۔ ان کے افسانوں میں زندگی میں پیش آنے والے مسائل کے ساتھ ساتھ انسانی ہمدردی ، باہمی تعاون اور سماجی ہم آہنگی کے عناصر نمایاں ہیں۔
بانو سرتاج بچوں کے لیے بہت سے مضامین بھی لکھ چکی ہیں۔ ان مضامین کے ذریعے انھوں نے بچوں کی اصلاح کرنے کی کوشش کی ہے۔ انھوں نے اپنے مضامین میں بچوں کی تعلیم و تربیت ، رہن سہن، صحت کی دیکھ بھال اور اچھے شہری بننے کے ساتھ ساتھ ان کے اندر قومی یکجہتی کا جذبہ پیدا کرنے کی بھی کوشش کی ہے۔
بانو سرتاج کے مضامین کے دو مجموعے ’’مآل‘‘ (2007)اور ماحصل(2005)شائع ہوچکے ہیں۔ ’’مآل‘‘ میں ڈاکٹر شباب للت کی شاعر میں ہندی دیومالائی علائم ، سلیمان خطیب کامشن اور ان کی زبان، ہندی کے مسلمان شعرا، اٹل بہار کی شاعری میں قومیت ، قومی یکجہتی میں خواتین قلم کاروں کا حصہ وغیرہ شامل ہیں۔ عنوانات ہی سے ظاہر ہے کہ بانو سرتاج نے اس کتاب میں قومی یکجہتی پر کتنا زور دیا ہے، ان کی ایک اور کتاب (مضامین کا مجموعہ) ’’ماحصل‘‘ کے عنوان سے شائع ہوئی ہے۔ اس میں قومی یکجہتی کے متعلق جو مضامین شامل ہیں وہ اس طرح ہیں۔ ’’بھرتری ہری اردو میں، حملۂ چین اور اردو شاعری، اردو شاعری میں ہندو تہوار، جنگ آزادی میں اردو شاعری کا حصہ اور اردو شاعری میں ہندوستانیت‘‘ ۔
بانو سرتاج نے کم و بیش ہر کتاب میں قومی یکجہتی کومضبوط کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس کتاب کی فہرست پر نظر ڈالنے ہی سے معلوم ہوجاتا ہے کہ ان کے موضوعات بے حد متنوع اور منفرد ہیں۔
بانو سرتاج نے بہت سے طنز و مزاح پر مبنی مضامین بھی لکھے ہیں۔ تیرا ممنون ہوں (2004)، اور خطرے کا الارم(2010)۔ دونوں مجموعوں میں شامل مضامین میں قومی یکجہتی کی جھلک نمایاں ہے۔ پہلے مجموعے میں علمی اور ادبی حلقوں میں پائی جانے والی کمزوریوں اور خامیوں ، رسم و رواج میں پائی جانے والی اندھی عقیدت اور طرح طرح کی پابندیوں اور خود پسندی جیسے موضوعات کو مزاح کے پیرائے میں پیش کیا گیا ہے۔ خطرے کا الارم میں بھی بانو سرتاج نے زندگی میں رونما ہونے والے مختلف واقعات اور سماج کی جڑوں میں پوشیدہ بدعنوانیوں کے خلاف طنز و مزاح کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔
بانو سرتاج کی ایک کتاب ’’اردو شاعری اور قومی یکجہتی ‘‘ ہے۔ اس کتاب میں مصنفہ نے براہ راست قومی یکجہتی جیسے موضوع پر قلم اٹھایا ہے۔ اس موضوع پر یہ ایک بہت ہی اہم کتاب ہے۔ ہر دور میں مختلف مذہبوں، تہذیبوں، علاقوں اور زبانوں میں اتحادو اتفاق اردو شاعری کے اہم موضوعات رہے ہیں۔ بانو سرتاج کی اس کتاب میں جتنے بھی شاعروں کو شامل کیا گیا ہے سب کی شاعری میں قومی یکجہتی اور گنگا جمتی تہذیب کی عکاسی ملتی ہے۔ عنوانات ہی سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے جیسے اردو شاعری میں گرونانک، اردو شاعری میں شری کرشن ، اردو شاعری میں ہولی، اردو شاعری میں شری رام، اردو شاعری میں دیوالی کی جگمگاہٹ ، اردو شاعری میں عید کی مٹھاس ، اردو شاعری اور شریمد بھگوت گیتا، اردو شاعری کے عیسائی شاعر، قومی یکجہتی اور اردو شاعری اور غیر مسلم شعرا کا نعتیہ کلام وغیرہ ۔ ان عنوانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ بانو سرتاج نے ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی تہذیبی حوالوں کو اردو شاعری میں تلاش کرکے اردوکے سیکولر اور مشترکہ تہذیبی مزاج کو سامنے لانے کی کوشش کی ہے۔
بانو سرتاج کا اسلوب بیان، سادہ، رواں اور شگفتہ ہے۔ کہیںکہیں تو ان کے کردار کی زبان، مکالمے اور موقع محل کی مناسبت سے تشبیہ و استعارے کا استعمال اتنا دلنشیں اور دلکش ہوتا ہے کہ قارئین کچھ دیر کے لیے سوچنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔
بانو سرتاج اردوکی ایک اہم قلمکار تھیں۔ انھوں نے مختلف اصناف ادب پر بہت ساری کتابیں لکھیں ہیں۔ ان کے ادبی اور عملی کارناموں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ قومی یکجہتی پر انھوں نے جتنا لکھا ہے اور اپنے قلم کے ذریعے اسے قائم رکھنے کی جتنی کوششیں کی ہیں یہ ان کا ایک بہت بڑا کارنامہ ہے۔
حواشی:
1. دو تھیلی گیہوں، مشمولہ ’’بارہ کہانیوں دوکی‘‘بانو سرتاج، قسیم گرافکس، مالی گائوں، 2018، ص:16
2. گھر واپسی کا طویل سفر، بانو سرتاج، موڈرن پبلشنگ ہائوس، نئی دہلی، 2014، میری بات، ص:8
3. پکیا اور پریچھم۔ بانو سرتاج نرالی دنیا پبلی کیشنز، نئی دہلی، 2012، ص:9
4. ایضاً،ص:22
5. افسانہ ’’کیل برٹنگابچپن‘‘ مشمولہ، اپنے ہاتھوں میں تھا ما ہوا میزان۔ بانو سرتاج۔ نرالی دنیا پبلی کیشنز۔ 2009 ص:18

Dr. Qayam Naiyar
M.A. Triple, Ph.D. D.litt, Ex-HoD of Urdu
At+P.O. Bardaha, Via: Kamtaul, Dist: Madhubani
Bihar, Pin-847304
Mob: 9973743606
Email: drqayamnaiyar@gmail.com

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Explore More

جوگندرپال کی افسانہ نگاری ،مضمون نگار:مجیب احمد خان

اردودنیا،فروری 2026: اردوافسانے کی تاریخ میں جو گندر پال کا نام ایک منفرد اور وقیع مقام کا حامل ہے۔ افسانہ ان کے لیے محض ایک ادبی اظہار نہ تھا، بلکہ

جمال اویسی: پاسدارِ شعر وسخن،مضمون نگار:مشتاق احمد

اردو دنیا،اپریل،2026: موجودہ عہد میں جن شاعروں نے اپنی سنجیدہ فکر، تخلیقی بصیرت اور فنّی مہارت کے ذریعے اردو شاعری کو تازہ لہجہ عطا کیا، ان میں جمال اویسی (28؍

ڈاکٹر راہی معصوم رضا کی شخصیت اور ان کا فن،مضمون نگار: انیس امروہوی

اردو دنیا،اکتوبر2026: مغربی اتر پردیش کے مشہور ضلع غازی پور کے قصبہ گنگولی میں یکم اگست 1927کو راہی معصوم رضا کی ولادت وہاں کے ایک معزز خاندان کے فرد جناب