پریس ریلیز: 25اکتوبر2026:
وارانسی/ نئی دہلی: بنارس ہندو یونیورسٹی، وارانسی کے کامدھینو سبھاگار، ڈپارٹمنٹ آف ڈیری سائنس اینڈ فوڈ ٹیکنالوجی میں ’بھارت بودھ کے راہی‘ کی تھیم پر ایک قومی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کا اہتمام ماٹی ٹرسٹ نے کیا تھا۔ قومی اُردو کونسل نے اس کے مختلف تکنیکی سیشن میں اشتراک کیا جس میں ڈاکٹر راہی معصوم رضا کے فکر و فن سے متعلق مختلف موضوعات پر گفتگو ہوئی۔ واضح رہے کہ یہ کانفرنس ڈاکٹر راہی معصوم رضا صدی تقریبات کے تحت ملک بھر میں منعقد ہونے والے پروگراموں کا حصہ ہے۔ اس کانفرنس کے افتتاحی اجلاس میں جناب ہریش بھمانی (مہابھارت سیریل کے وائس اوور فنکار)، پروفیسر دنیش چندر رائے (وائس چانسلر، بابا بھیم راؤ امبیڈکر بہار یونیورسٹی، مظفر پور)، پروفیسر راجن کے آر سریواستو(رجسٹرار، بنارس ہندو یونیورسٹی، وارانسی)، جناب آصف اعظمی (مصنف و کنوینر،ماٹی) شریک رہے۔ اس اجلاس کی نظامت ڈاکٹر دھریندر کمار رائے (ڈپارٹمنٹ آف جرنلزم اینڈ ماس کمیونکیشن، بنارس ہندو یونیورسٹی، وارانسی)نے کی۔
پروفیسر دنیش چندر رائے نے صدارتی خطبہ پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر راہی معصوم رضا کے حوالے سے منعقد کی جانے والی تقاریب کو بے حد اہم قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ محض ایک شخص کو یاد کرنا نہیں بلکہ ہندوستان کی مشترکہ تہذیب کا جشن منانا ہے۔ وہ اس لیے کہ راہی کی تخلیقات میں یہاں کی مٹی کی خوشبو اور انسانوں کے وقار کو محسوس کیا جا سکتا ہے۔ ان میں اتحاد، اپنائیت اور بھکتی کے دھارے ملتے ہیں۔
جناب ہریش بھمانی نے کلیدی خطبہ پیش کیا اور راہی معصوم رضا سے اپنی قربت اور ان کی شخصیت کے گہرے اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے مہابھارت سیریل میں وائس اوور کی ذمہ داری ملنے کا تفصیلی ذکر کیا۔ انھوں نے راہی معصوم رضا کی دریائے گنگا اور غازی پور سے گہری انسیت کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔ اور کہا کہ راہی معصوم رضا فلم انڈسٹری کو خاص اہمیت دیتے تھے۔ ان کا خیال تھا کہ بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے سبب ہندوستانی زبان کو غیر معمولی مقبولیت نصیب ہوئی۔ راہی معصوم رضا اور ہندوستانی سنیما ایک دوسرے کا لازمی حصہ ہیں۔ اور اس کی سب سے بڑی مثال مہابھارت سیریل ہے۔
مہمان اعزازی پروفیسر راجن کے آر سریواستو نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ راہی معصوم رضا کو اپنی جڑوں سے گہری وابستگی تھی۔ انھوں نے ناولوں کے ذریعہ انھیں جڑوں کو دریافت کیا ہے۔ اس کے علاوہ فلمی مکالموں، نغموں اور غزلوں میں بھی انھوں نے فطرت اور ہندوستانی تہذیب کو زندہ کیا ہے۔
اس سے قبل جناب آصف اعظمی نے تعارفی کلمات پیش کرتے ہوئے راہی معصوم رضا کی خدمات اور ہندوستانی تہذیب سے متعلق ان کی کاوشوں پر روشنی ڈالی اور ’ڈاکٹر راہی معصوم رضا صدی تقریبات‘ کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔
’راہی کی شعری کائنات‘کے عنوان سے منعقد ہونے والے اجلاس کی صدارت پروفیسر شافع قدوائی (ڈائرکٹر،سرسید اکیڈمی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، علی گڑھ) نے کی۔ اس اجلاس میں پروفیسر مشرف علی(شعبۂ اردو، بنارس ہندو یونیورسٹی،وارانسی)، جناب عزیز نبیل(مدیر، دستاویز)، ڈاکٹر محمد اختر(مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، بھوپال کیمپس)، ڈاکٹر نسیم اختر(مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، سری نگر)، ڈاکٹر محمد شارق(شعبۂ اردو، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، علی گڑھ)، ڈاکٹر عبدالسمیع (شعبۂ اردو، بنارس ہندو یونیورسٹی، وارانسی)، ڈاکٹر لئیق احمد(وسنتا کالج، بنارس ہندو یونیورسٹی،وارانسی)، ڈاکٹر شفیع ایوب (مصنف و کالم نگار، دہلی)، ڈاکٹر سفینہ بیگم (جواہر لعل نہرو یونیورسٹی) نے راہی کی شعری کائنات کی تفہیم و تعبیر سے متعلق مقالے پیش کیے۔ اور نظامت کے فرائض ڈاکٹر فیضان الحق (ریسرچ اسسٹنٹ ،این سی پی یو ایل) نے انجام دیے۔ صدارتی خطبہ پیش کرتے ہوئے پروفیسر شافع قدوائی نے تمام مقالوں پر اظہار خیال کیا اور کہا کہ راہی معصوم رضا کی شعری کائنات بہت وسیع ہے۔ ان کی نظم 1857 رزمیہ شاعری کا ایک غیر معمولی نمونہ ہے۔ یہ نظم پہلی جنگ آزادی پر مختلف زاویے سے روشنی ڈالتی ہے۔
’کہانی کے راہی‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والے اجلاس کی صدارت پروفیسر احتشام احمد خان (ڈین، ماس کمیونکیشن اینڈ جرنلزم،مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد) نے کی جبکہ پروفیسر مینو اوستھی(صدر شعبۂ ہندی، وسنتا کالج، بنارس ہندو یونیورسٹی،وارانسی) نے کلیدی خطبہ پیش کیا۔ اس اجلاس میں جناب ویموش شکلا (نگری پرچارنی سبھا)، جناب مظفر غزالی (کالم نگارو صحافی، دہلی)، ڈاکٹر راجیش سرکار (شعبۂ سنسکرت، بنارس ہندو یونیورسٹی، وارانسی)، جناب ونے جیسوال (اسسٹنٹ ڈائرکٹر، ایس اے آئی ایل) اور ڈاکٹر منیش (شعبۂ ہندی، دہلی یونیورسٹی، دہلی)نے اپنے مقالے پیش کیے۔ صدارتی خطبہ پیش کرتے ہوئے پروفیسر احتشام احمد خان نے ڈاکٹر راہی معصوم رضا کی ادبی و علمی شخصیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ڈاکٹر راہی معصوم رضا ہندوستانی تہذیب و ثقافت کے نمائندہ قلم کار ہیں۔ ان کی تخلیقات میں جگہ جگہ ہندوستانی ثقافت کے عناصر موجود ہیں۔
تیسرے تکنیکی اجلاس بعنوان ’راہی کا سنیمائی جادو‘ کی صدارت پروفیسر اودھیش پردھان (سابق صدر، شعبۂ ہندی، بنارس ہندو یونیورسٹی، وارانسی) نے کی جبکہ کلیدی خطبہ پروفیسر انل رائے (شعبۂ ہندی، دہلی یونیورسٹی، دہلی) نے پیش کیا۔ اس اجلاس میں جناب وجیہہ الدین (سینئر اسسٹنٹ ایڈیٹر، ٹائمس آف انڈیا)، ڈاکٹر گیانیش سی پانڈے (ڈپارٹمنٹ آف میوزک، بنارس ہندویو نیورسٹی،وارانسی)، ڈاکٹر شانتی سوروپ سنہا (ڈپارٹمنٹ آف وزول آرٹس،بنارس ہندو یونیورسٹی،وارانسی)، ڈاکٹر وویک سنگھ (ڈپارٹمنٹ آف ہندی جرنلزم،بنارس ہندو یونیورسٹی،وارانسی)، و ڈاکٹر وپُل سنیل(شعبۂ ہندی، دہلی یونیورسٹی، دہلی) نے اپنے مقالے پیش کیے اور نظامت کے فرائض ڈاکٹر قاسم انصاری(شعبۂ اردو، بنارس ہندو یونیورسٹی،وارانسی) نے انجام دیے۔ صدارتی خطبہ پیش کرتے ہوئے پروفیسر اودھیش پردھان نے تمام مقالوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ڈاکٹر راہی معصوم رضا کو یاد کرنا ہم سب کے لیے بڑی خوش قسمتی کی بات ہے۔ ایسے قلمکاروں کو بار بار پڑھنے اور ان کی تخلیقات کو منظر عام پر لانے کی ضرورت ہے۔ راہی کا فن آسمان سے نہیں بلکہ ہندوستان اور اس کی جڑوں سے وابستہ ہے۔
ڈاکٹر راہی معصوم رضا کے متعلق اس کانفرنس میں طلبہ و اساتذہ کے علاوہ بڑی تعداد میں مختلف شعبوں کے دانشوران اور ادبا موجود رہے۔
(رابطہ عامہ سیل )



