رپورٹ:
صدیوں سے مختلف زبانوں، تہذیبوں، ادبی روایتوں اور ثقافتی تجربات کے باہمی میل جول کی سرزمین رہا ہے۔ یہاں زبانوں نے ایک دوسرے سے محض الفاظ اور محاورات ہی اخذ نہیں کیے بلکہ خیالات، اسالیبِ اظہار، ادبی اصناف اور تہذیبی اقدار کے تبادلے کے ذریعے ایک مشترکہ ثقافتی ورثے کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس تناظر میں اردو اور دیگر ہندوستانی زبانوں کے لسانی، ادبی و ثقافتی روابط کا مطالعہ ہندوستان کی کثیر لسانی شناخت، تہذیبی تنوع اور مشترکہ تاریخی شعور کو سمجھنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔
زبان کسی معاشرے میں محض ابلاغ کا وسیلہ نہیں ہوتی بلکہ وہ اس کی اجتماعی یادداشت، تاریخی تجربات، معاشرتی رویوں اور تہذیبی اقدار کی امین بھی ہوتی ہے۔ اردو کی تشکیل و ارتقا ہندوستان کے اسی کثیر لسانی ماحول میں ہوا، جہاں مقامی بولیوں اور زبانوں کے ساتھ فارسی اور عربی کے اثرات نے اس کے ذخیرۂ الفاظ، اسلوب اور ادبی مزاج کو وسعت عطا کی۔ دکن سے دہلی اور لکھنؤ تک اردو نے مختلف علاقوں کے لسانی و ثقافتی تجربات کو اپنے اندر جذب کیا۔ امیر خسرو کی ہندوی روایت، دکنی ادب، صوفی اور بھکتی تحریکوں کی ادبی روایت اور جدید ہندوستانی ادب اس باہمی تعامل کی نمایاں مثالیں ہیں۔ اردو اور ہندی سمیت دیگر ہندوستانی زبانوں میں پائے جانے والے مشترکہ محاورات، کہاوتیں، لوک روایتیں اور موضوعاتی مماثلتیں بھی اس تاریخی رشتے کی گواہی دیتی ہیں۔
اردو ادب کی شعری و نثری روایت میں ہندوستانی زندگی کے مختلف رنگ نمایاں ہیں۔ کلاسیکی شاعری، داستان، افسانہ، ناول، ڈراما اور صحافت نے یہاں کے سماجی تجربات، عوامی احساسات، رسم و رواج اور تہذیبی تنوع کو اپنے اظہار کا حصہ بنایا ہے۔ اسی طرح ہندوستان کی دیگر زبانوں کے ادب میں بھی ایسے موضوعات اور تجربات ملتے ہیں جو مختلف لسانی روایتوں کے درمیان فکری اور تہذیبی قربت کو واضح کرتے ہیں۔ اس اعتبار سے زبانوں کے باہمی روابط کا مطالعہ محض لسانی اثرات کی نشان دہی تک محدود نہیں رہتا بلکہ مشترکہ انسانی تجربات اور تہذیبی اقدار کی تفہیم کا وسیلہ بھی بنتا ہے۔
ان روابط کو مضبوط بنانے میں ترجمے کا کردار بھی غیرمعمولی اہمیت رکھتا ہے۔ ترجمہ مختلف زبانوں کے ادبی سرمائے، فکری مباحث اور ثقافتی تجربات کو وسیع تر قارئین تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ زبانوں کے درمیان مکالمے اور افہام و تفہیم کی راہیں ہموار کرتا ہے۔
قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان اور مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد کے باہمی اشتراک سے منعقدہ یہ دو روزہ قومی سمینار اسی علمی و تحقیقی ضرورت کے تحت عمل میں آیا۔ اس کا مقصد اردو اور دیگر ہندوستانی زبانوں کے باہمی رشتوں، مشترکہ ادبی روایتوں اور ثقافتی روابط کے مختلف پہلوؤں پر سنجیدہ علمی مکالمے کو فروغ دینا ہے۔ یہ اجتماع اس حقیقت کو اجاگر کرنے کا ایک اہم موقع بھی ہے کہ ہندوستان کی لسانی کثرت اس کی تہذیبی قوت ہے اور زبانیں ایک دوسرے سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی انفرادیت برقرار رکھ سکتی ہیں۔ اسی پس منظر میں سمینار کے افتتاحی اجلاس اور مختلف تکنیکی نشستوں میں اہلِ علم نے موضوع کے متنوع پہلوؤں پر اپنے خیالات اور تحقیقی نتائج پیش کیے۔
سی پی ڈی یو ایم ٹی آڈیٹوریم، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد میں قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، نئی دہلی، بہ اشتراک مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد، دو روزہ قومی سمینار بعنوان ’اردو اور دیگر ہندوستانی زبانیں: لسانی، ادبی و ثقافتی روابط‘ کا انعقاد کیا گیا، جس کے پہلے دن افتتاحی اجلاس کے علاوہ تین تکنیکی اجلاس منعقد ہوئے۔
افتتاحی اجلاس کی صدارت پروفیسر سید عین الحسن (وائس چانسلر، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد) نے کی۔ اس اجلاس کے دیگر شرکا میں پروفیسر ایس کے اشتیاق احمد (رجسٹرار، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد)، ڈاکٹر محمد شمس اقبال (ڈائرکٹر، قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، نئی دہلی)، پروفیسر گلفشاں حبیب (ڈین، اسکول آف لینگویجز، لنگوسٹکس اینڈ انڈولوجی، مانو، حیدرآباد)، پروفیسر محمد نسیم الدین فریس (سابق ڈین، اسکول آف لینگویجز، لنگوسٹکس اینڈ انڈولوجی، مانو، حیدرآباد) اور ڈاکٹر شمع کوثر یزدانی، اسسٹنٹ ڈائرکٹر (اکیڈمک)، قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، نئی دہلی، شامل رہے۔
صدارتی کلمات پیش کرتے ہوئے پروفیسر سید عین الحسن نے کہا کہ قومی اردو کونسل اور مانو کا امتزاج فطری امتزاج ہے، جس کی کوششوں میں زبان کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ زبان اگر اپنی شناخت باقی رکھتی ہے تو یہ زندگی کے کسی بھی میدان میں ماند نہیں پڑتی۔ زبان اپنا راستہ خود بناتی ہے، جس کا خوبصورت سلسلہ شاعری سے شروع ہوتا ہے۔ زبان بولی جانے کے ساتھ ساتھ خاموشی کے ساتھ بھی اپنا گہرا اثر چھوڑتی ہے۔ انھوں نے اردو زبان سے پیدا ہونے والی کیفیات پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ اردو میں یہ کیفیات دوسری زبانوں سے اختلاط اور میل جول سے ہی پیدا ہوئی ہیں۔
مہمانِ اعزازی پروفیسر اشتیاق احمد نے سمینار کے موضوع کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت ہی وسیع اور متنوع موضوع ہے، جس پر کافی علمی اور بامعنی گفتگو ہو سکتی ہے۔ مجھے امید ہے کہ ماہرین اپنے مقالات میں اس پر بہتر انداز میں روشنی ڈالیں گے۔
افتتاحی کلمات میں ڈاکٹر محمد شمس اقبال نے سمینار کے موضوع کی معنویت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا یہ سمینار ایسی جگہ، یعنی مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں منعقد ہو رہا ہے، جو اردو کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ قومی اردو کونسل نے زبان کے حوالے سے جو سمینار منعقد کیے یا کر رہی ہے، ان میں کونسل کی یہ کوشش رہی ہے کہ زبان کے ذریعے ہندوستان کی تکثیریت پر بھرپور گفتگو ہو اور زبان کی خوبصورتی کے ساتھ اس کی مختلف خوبیوں کو بھی واضح کیا جا سکے۔ قومی اردو کونسل نے اسی مقصد کے پیش نظر گزشتہ ڈھائی برسوں میں دو عالمی کانفرنسوں کے ساتھ ملک کے الگ الگ خطوں میں اردو اور دیگر ہندوستانی زبانوں کے تہذیبی، ثقافتی اور لسانی پہلوؤں کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے سمینارز اور پینل ڈسکشن منعقد کیے ہیں۔ یہ سمینار بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اردو کے مزاج میں ہندوستانیت شامل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے دوسری زبانوں سے جوڑ کر دیکھنے سے ہندوستان کے تکثیری سماج کی حقیقی تصویر سامنے آتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ مانو اور قومی کونسل مل کر مستقبل کے ہندوستان کی تعمیر میں اس زبان کے ذریعے اہم کردار ادا کر سکتی ہیں اور ’وکست بھارت 2047‘ کے وژن کو عملی طور پر مضبوطی عطا کرنے میں اس کا رول کلیدی ہو سکتا ہے۔
استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے پروفیسر گلفشاں حبیب نے تمام مہمانوں کا استقبال کیا اور اس دو روزہ سمینار کے مقاصد پر بھی روشنی ڈالی۔
کلیدی خطبے میں پروفیسر محمد نسیم الدین فریس نے اردو کی لسانی، ادبی اور تہذیبی روایت پر روشنی ڈالتے ہوئے تینوں کے تاریخی تناظر اور عملی جہت کو واضح کیا اور کہا کہ زبانوں کے باہمی اختلاط سے اخذ و قبول کا سلسلہ شروع ہوتا ہے، جس کے گہرے اثرات ایک دوسرے پر مرتب ہوتے ہیں۔ سنسکرت اور تَدبھَو کے بغیر اردو کے جملے لکھنا محال ہے، اس لیے کہ اس کا بنیادی ڈھانچہ ہند آریائی ہے۔ اردو نے مختلف علاقوں کی بولیوں سے بھی کافی استفادہ کیا ہے۔ اس حوالے سے یہ بہت ہی سیال زبان رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کی بہت سی کہاوتیں، محاورے اور تلمیحات ایسی ہیں جو ہندستانی تہذیب کی بہترین نمائندگی کرتی ہیں۔ انھوں نے اردو کی مختلف شعری اصناف سے اس کی بہت سی مثالیں بھی پیش کیں۔ ساتھ ہی اس ضمن میں ترجمے کی اہمیت اور اس کے کردار پر بھی گفتگو کی۔ آخر میں ڈاکٹر شمع کوثر یزدانی نے کلماتِ تشکر پیش کیے۔
افتتاحی اجلاس کی نظامت کے فرائض پروفیسر محمد عبدالسمیع صدیقی (ڈائرکٹر، سی پی ڈی یو ایم ٹی، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد) نے انجام دیے۔
پہلے تکنیکی اجلاس کی صدارت پروفیسر رحمت یوسف زئی اور پروفیسر رشبھ دیو شرما نے کی۔ اس تکنیکی اجلاس میں پروفیسر شہاب ظفر اعظمی (اردواور بہار کی علاقائی زبانیں: لسانی، ادبی اور ثقافتی تعلقات)، پروفیسر محمد جہانگیر وارثی (میتھلی اور اردو: لسانی اور تاریخی اشتراک)، پروفیسر نکہت جہاں (اردو پر پنجابی کا اثر: ماہیے کے حوالے سے)، پروفیسر مشتاق عالم قادری (اردو اور گوجری کے لسانی اشتراکات) اور جناب وقار قادری (مراٹھی دلت کتھا: ایک اجمالی جائزہ‘ نے اپنے مقالات پیش کیے۔ اس اجلاس میں نظامت کے فرائض ڈاکٹر نہاں رباب نے انجام دیے۔
دوسرے تکنیکی اجلاس کی صدارت پروفیسر محمد جہانگیر وارثی اور پروفیسر سید سجاد حسین نے کی۔ اس اجلاس میں پروفیسر سید محمود کاظمی (فکر اقبال پر ہندوستانی فکر وفلسفے کے اثرات)، پروفیسر احمد خان (اردو پر بین اللسانی تہذیب کے اثرات: تاریخی تناظرات اور برج بھاشا کا خصوصی حوالہ)، جناب مکرم نیاز (ہندوستانی زبانوں سے اردو تراجم کا ڈیجیٹل ڈیٹا بیس: ضرورت، امکانات اور علمی افادیت)، ڈاکٹر طلحہ فرحان (فیروزاللغات میں حرف ’ہ‘ سے وارد ہندی اسما اور اس کی لسانی و معنوی جہتیں) اور ڈاکٹر رمیشہ قمر (کنڑا اور اردو کی ہم آہنگی کے کچھ رنگ) نے اپنے مقالات پیش کیے۔ اس تکنیکی اجلاس میں نظامت کے فرائض جناب محمد فرقان عالم نے انجام دیے۔
تیسرے تکنیکی اجلاس کی صدارت پروفیسر صدیقی محمود اور پروفیسر وبھا شرما نے کی۔ اس اجلاس میں پروفیسر عزیز بانو (دکنی شاہناموں کی روایت، جدید اردو شاہنامے اور ادبی اثرات: ایک تعارف)، پروفیسر سید شجاعت علی (اردو) مراٹھی کا باہمی رشتہ: مختلف اصنافِ سخن کے حوالے سے)، پروفیسر فیروز عالم (کبیر: اردو کے تشکیلی عہد کی نمائندہ آواز) اور ڈاکٹر صابر علی سیوانی (اردو ہندی کے لسانی اور ثقافتی رشتے: کہاوتوں کے حوالے سے) نے اپنے مقالات پیش کیے۔ اس تکنیکی اجلاس کی نظامت کے فرائض محترمہ عصمت فاطمہ نے انجام دیے۔
آخر میں مانو ڈراما کلب کی ٹیم نے ’رستم و سہراب‘ کے عنوان سے ڈراما پیش کیا۔
سمینار کے دوسرے دن تین تکنیکی اجلاس منعقد ہوئے، جن میں مقالہ نگاروں نے موضوع سے متعلق مختلف مقالات پیش کیے۔
سمینار کے چوتھے تکنیکی اجلاس کی صدارت پروفیسر سید محمود کاظمی اور پروفیسر فضل اللہ مکرم نے کی۔ اس میں پروفیسر فہیم الدین احمد، (قدیم ہندوستان میں ترجمے کی روایت: نظری مباحث)،پروفیسر افتخار احمد، (اردو اور بنگلہ کے لسانی، تہذیبی اور ادبی روابط)، ڈاکٹر اجے مالویہ ]آن لائن[ (اردو اور دیگر زبانیں: لسانی، ادبی اور ثقافتی روابط) اور محترمہ عصمت فاطمہ (دکنی اردو اور تیلگو کے باہمی لسانی روابط) نے اپنے مقالات پیش کیے۔
پروفیسر فضل اللہ مکرم نے صدارتی کلمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ زبانیں اخذ و استفادہ سے ہی ترقی پاتی ہیں۔ اگر کسی بھی زبان نے اس عمل کو عملی طور پر نہیں برتا تو وہ تنگ ہوتی چلی جاتی ہے۔ اردو زبان کی خوبصورتی ہی یہ ہے کہ اس نے لین دین کے عمل کو مسلسل جاری رکھا۔ یہی وجہ ہے کہ یہ زبان تہذیبوں کے تنوع کو بھی واضح کرتی ہے۔ پروفیسر سید محمود کاظمی نے صدارتی خطاب میں سیشن کے تمام مقالات پر گفتگو کرتے ہوئے اردو الفاظ کے تہذیبی، ثقافتی اور لسانی پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور ترجمہ نگاری کی اہمیت کو واضح کرتے ہوئے اس کے بنیادی نکات کی طرف بھی مفید اشارے کیے۔ اس تکنیکی اجلاس میں نظامت کے فرائض ڈاکٹر صبا خاتون نے انجام دیے۔
پانچویں تکنیکی اجلاس کی صدارت پروفیسر محمد نسیم الدین فریس نے کی۔ اس سیشن میں پروفیسر سید سجاد حسین (اردو اور ہندی کا لسانی، ادبی و ثقافتی اشتراک)، پروفیسر وبھا شرما (مسافر الفاظ کی کہانی) اور ڈاکٹر شاکر رضا (پدماوت میں استعمال ہونے والے عربی اور فارسی کے اہم الفاظ) نے اپنے مقالات پیش کیے۔
صدارتی خطاب میں پروفیسر محمد نسیم الدین فریس نے سیشن کے مقالات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لسانی لین دین زبانوں کی خصوصیت ہوتی ہے۔ الفاظ مسافر ہوتے ہیں، لیکن زبانوں کے درمیان ان کی کوئی نہ کوئی منزل ضرور ہوتی ہے۔ اردو زبان کے تنوع کے پیش نظر اس کو کسی دائرے میں محصور نہیں کیا جا سکتا۔ اس تکنیکی اجلاس میں نظامت کے فرائض ڈاکٹر جرار احمد نے انجام دیے۔
چھٹے تکنیکی اجلاس کی صدارت پروفیسر شہاب ظفر اعظمی اور پروفیسر رضاء اللہ خان نے کی۔ اس میں پروفیسر ابو شہیم خان (اردو-ہندی زبان و ادب: وصل اور فصل کے درمیان)، پروفیسر آمنہ تحسین (دکن کی مشترکہ روایت اور نسائی ادب) ، ڈاکٹر محمد جابر اور ڈاکٹر انوپما پال ]آن لائن[ (دکنی اردو، فارسی، عربی اور کنڑا زبان کے باہمی لسانی روابط) نے اپنے مقالات پیش کیے۔
صدارتی خطاب میں پروفیسر شہاب ظفر اعظمی نے سمینار کے موضوع کی اہمیت اور اس کے عملی تنوع پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کشمیر سے کنیا کماری تک جو محاورے ہم بولتے ہیں، یہ سمینار تنوع کی وجہ سے اس کی عمدہ مثال ہے۔ پروفیسر رضاء اللہ خان نے اپنے صدارتی خطاب میں اردو اور دیگر زبانوں کے حوالے سے جدید ٹیکنالوجی کے تناظر میں گفتگو کی اور کہا کہ زبانوں کے بنیادی تقاضوں کو برقرار رکھتے ہوئے جدید تقاضوں، بالخصوص مصنوعی ذہانت کے چیلنجز کو بھی سامنے رکھنا ضروری ہے۔
اس تکنیکی اجلاس کے فوراً بعد اختتامی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت پروفیسر سید علیم اشرف جائسی (پروفیسر ایمریٹس، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد و کنوینر سمینار) نے کی اور کلماتِ تشکر ڈاکٹر محمد شمس اقبال (ڈائرکٹر ، قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، نئی دہلی) نے پیش کیے۔
اس میں پروفیسر مہ جبین غزال (میسور)، پروفیسر مشتاق عالم قادری (شعبۂ اردو، دہلی یونیورسٹی) اور محمد سلمان (ریسرچ اسکالر، مانو، حیدرآباد) نے دو روزہ سمینار کے حوالے سے اپنے تاثرات پیش کیے۔ انھوں نے سمینار کے موضوع کی اہمیت اور اس میں پیش کیے گئے مقالات کے تنوع پر بھی گفتگو کی اور کہا کہ اس معنی میں وسعتِ فکر و نظر کے اعتبار سے یہ سمینار بہت ہی کامیاب اور معنی خیز رہا۔ ساتھ ہی گذشتہ ڈھائی برسوں میں قومی اردو کونسل کی جو سرگرمیاں رہی ہیں، انھوں نے ان کو بھی سراہا۔ پروفیسر علیم اشرف جائسی نے زبانوں کے لسانی، ادبی، تاریخی اور ثقافتی پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ زبانوں کے الفاظ کے درمیان لین دین کے عمل سے تبدیلیاں واقع ہوتی ہیں، جس کا صحیح اندازہ لسانی پہلوؤں کو پیش نظر رکھے بغیر ممکن نہیں۔ اس سمینار کے لیے موضوع کے انتخاب میں یہی فکر کارفرما رہی۔
ڈاکٹر محمد شمس اقبال نے کلماتِ تشکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سمینار کے موضوع کے تعلق سے ہماری جو سوچ تھی، اس اعتبار سے سمینار کامیاب رہا۔ اس میں مقالہ نگاروں نے معنی خیز گفتگو کی۔ انھوں نے زبانوں کے حوالے سے قومی اردو کونسل کے ذریعے گذشتہ ڈھائی برسوں میں منعقد کیے گئے سمینارز اور پروگراموں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کونسل نے اردو زبان کے فروغ کے دائرے کو وسیع کرتے ہوئے قومی اہداف و مسائل سے جوڑنے کی کوششیں کی ہیں اور ہم نے اردو اور ہندستانی زبانوں کے باہمی رشتوں کے ساتھ وکست بھارت کی تعمیر اور نئی تعلیمی پالیسی 2020 سے جڑے مختلف پہلوؤں کو اردو زبان سے مربوط کر کے کئی اہم اور کامیاب سمینارز، مذاکرے اور پینل ڈسکشنز کا اہتمام کیا ہے ۔
آخر میں انھوں نے اس سمینار کے انعقاد میں معاون ادارے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، اس کے ذمے داران اور سمینار میں شرکت کرنے والے تمام اہل علم و دانش اور اساتذہ و طلبہ کا شکریہ ادا کیا۔آخری تکنیکی اجلاس اور اختتامی اجلاس کی نظامت کے فرائض جناب نایاب حسن نے انجام دیے۔
شام میں ’بزم سخن‘ کے عنوان سے مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت پروفیسر سید عین الحسن ( وائس چانسلر، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی حیدرآباد) نے کی جس میں جناب مصحف اقبال توصیفی،ڈاکٹر محسن جلگانوی، جناب سردار سلیم،جناب محبوب خان اصغر،پروفیسر مہ جبیں نجم غزال،جناب سیف نظامی،پروفیسر شیخ وسیم، پروفیسر افتخار احمد،شریف اطہر اور شیخ احمد ضیا نے اپنے کلام پیش کیے اور سامعین کو محظوظ کیا۔مشاعرہ کی نظامت پروفیسر محمد عبد السمیع صدیقی نے کی۔
دو روزہ قومی سمینار کے مختلف اجلاسوں میں پیش کیے گئے مقالات اور اہلِ علم کے اظہارِ خیال سے یہ حقیقت نمایاں ہوئی کہ اردو اور دیگر ہندوستانی زبانوں کے روابط ہندوستان کی مشترکہ تہذیبی تاریخ کا ایک اہم حصہ ہیں۔ زبانوں کے درمیان الفاظ، محاورات، ادبی اسالیب اور فکری تجربات کا تبادلہ ان کی ترقی و وسعت کا ذریعہ بنتا ہے۔ اس علمی اجتماع نے واضح کیا کہ ہندوستان کی لسانی تکثیریت محض مختلف زبانوں کی موجودگی کا نام نہیں بلکہ باہمی استفادے، مکالمے اور تہذیبی اشتراک کا ایک مسلسل عمل ہے۔
سمینار میں ترجمے کی اہمیت، ادبی روایتوں کے باہمی اثرات، لسانی تنوع اور جدید ٹیکنالوجی کے امکانات و چیلنجز پر ہونے والی گفتگو نے موضوع کی وسعت کو مزید نمایاں کیا۔ اس طرح یہ سمینار اردو اور دیگر ہندوستانی زبانوں کے درمیان علمی و تحقیقی روابط کو مستحکم کرنے اور مشترکہ ادبی و ثقافتی سرمائے کی تفہیم کو فروغ دینے کی ایک بامعنی کوشش ثابت ہوا۔
قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان اور مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد کا یہ باہمی اشتراک اس اعتبار سے بھی اہم ہے کہ اس کے ذریعے زبان و ادب کے فروغ کو وسیع تر قومی اور تعلیمی تناظر سے مربوط کیا گیا۔ ایسے علمی اجتماعات مستقبل میں بین اللسانی مکالمے، ترجمے، تحقیقی تعاون اور ہندوستان کی مشترکہ تہذیبی روایت کے تحفظ و فروغ کے لیے نئی راہیں ہموار کر سکتے ہیں



