اردو دنیا،نومبر2026:
خواجہ حیدر علی آتش کے تعلق سے ایک اہم مسئلہ جو عرصۂ دراز سے بنائے اختلاف رہا ہے، وہ ان کے تخلص یعنی لفظ ’’آتش‘‘ کی ملفوظی صورت سے متعلق ہے۔ چونکہ یہ لفظ سوم مفتوح اورسوم مکسور دونوں صورتوں کے ساتھ بولا جاتا ہے، یعنی اس کا تلفظ آتَش اور آتِش دونوں طرح زبانوں پر ہے، اور دونوں صورتیں صحیح سمجھی جاتی ہیں،اس لیے یہ فیصلہ کرنا ایک مدت سے مشکل کا سبب بنا ہوا ہے کہ خواجہ صاحب کے تخلص کی کون سی صورت درست قرار دی جائے۔یعنی خواجہ حیدر علی آتَش کہنا درست ہے یا خواجہ حیدر علی آتِش کہنا صحیح ہے۔
واضح رہے کہ یہاں اصل بحث طلب مسئلہ خواجہ صاحب مذکور کے تخلص کی درست ملفوظی صورت کی تحقیق ہے۔لیکن چونکہ لفظ ’’آتش‘‘ کے تلفظ کا اختلاف آج بھی بہت عام نہ سہی ،لیکن زبانوں پر موجود ہے،لہٰذا اس اختلاف کی صورت حال پر کچھ روشنی ڈال دینا ضروری معلوم ہوتا ہے۔یہ اس لیے بھی ضروری ہے کہ جو لوگ لفظ ’’آتش‘‘ کے تلفظ کی حقیقت سے پوری طرح آگاہ نہیں ہیں، ان میں سے کچھ لوگ سوم مفتوح یعنی ’آتَش‘ کو ہی درست سمجھنے کے قائل ہیں،اور جن کی زبانوں پر سوم مکسور یعنی ’آتِش‘ ہے، وہ اسی تلفظ کے صحیح ہونے پر اصرار کرتے ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اپنے اپنے استعمال کے مطابق لوگ خواجہ صاحب کے تخلص کی ایک صورت کو صحیح اور دوسری صورت کو غلط قرار دینے پر چاہے اصرار نہ کریں، لیکن اس پر مائل ضرور نظر آتے ہیں۔ملحوظ رہے کہ لفظ ’’آتش‘‘ کے تلفظ کی اختلافی صورت حال پر شمس الرحمن فاروقی نے اپنی کتاب’’لغات روزمرہ‘‘ میں کارآمد بحث کی ہے،اور اردو فارسی کی کئی مستند لغات کا حوالہ دے کر یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ یہ لفظ بفتح سوم یعنی ’’آتَش‘‘ کی صورت میں درست اور مرجح ہے۔اس لفظ کی بحث کا آغاز کرتے ہوئے انھوں نے لکھا ہے:
اردو میں لفظ’’آتش‘‘ کا تلفظ بر وزن ’’ترکش‘‘ بفتح سوم ہی رائج اور درست ہے۔بعض لوگ اس لفظ میں سوم مکسور (بر وزن ’’بارش‘‘) بولتے ہیں۔رائج تلفظ بفتح سوم (بر وزن ’’ترکش‘‘) ہے اور اب یہی مرجح ہے۔1
جیسا کہ درج بالا اقتباس سے ظاہر ہے،فاروقی صاحب اس لفظ کے دونوں تلفظ کے استعمال کے قائل ہیں،لیکن بفتح سوم یعنی ’’آتَش‘‘ کی صورت کو اس لیے درست اور قابل ترجیح قرار دیتے ہیں کہ ان کے خیال میں اب یہی تلفظ زیادہ رائج ہے۔اس بحث کو سمیٹتے ہوئے انھوں نے لکھا ہے:
’’مختصر یہ کہ دہلی میں اب بھی ’’آتش‘‘ بروزن ’’بارش‘‘ رائج ہے،چاہے بہت عام نہ ہو۔دہلی کے باہر بول چال میں’’آتش‘‘بر وزن ’’ترکش‘‘ ہی عام ہے۔’’آتش‘‘ سے بننے والے الفاظ میں بھی’’آتش‘‘ اب زیادہ تر بفتح سوم ہی بولا جاتا ہے۔‘‘2
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ’’فرہنگ آصفیہ‘‘ کے مولف مولوی سید احمد دہلوی نے اپنی فرہنگ میں نہ صرف ’’آتش‘‘ کو بطور لغت درج کیا ہے،بلکہ اس لفظ کی اصل اور تلفظ کے بارے میں بھی تفصیل سے کلام کیا ہے۔چنانچہ مناسب معلوم ہوتا ہے کہ لفظ’’آتش‘‘ سے متعلق صاحب آصفیہ کا اندراج یہاں نقل کر دیا جائے تاکہ تلفظ کے اختلاف کی مکمل صورت حال ہمارے پیش نظر رہے۔
آتش۔ اسم مؤنث۔ قدیم فارسی (آدیش، آدر، آتیش) ژ (آترس) ت (ادت) س (اگنی) ہندی (آگ)
تبدیل حروف اور علم زبان سے ان سب صورتوں کی اصل ایک ثابت ہوتی ہے۔البتہ لفظ آتش کے تلفظ میں اختلاف ہے۔اکثر فرہنگ نویسوں نے تو بکسر تا اور بفتح تا دونوں طرح روا رکھا ہے،مگر بعض نے صرف اخیر صورت کو مانا ہے،بلکہ پہلی صورت کی نسبت، گو زیادہ ہی کیوں نہ بولتے ہوں،ہمیں بھی تامل ہے، کیونکہ جہاں تک شعراے فارس کے اشعار ہماری نظر سے گذرے،ہم نے برابر سرکش اور مشوَّش وغیرہ کے ساتھ آتش کا قافیہ پایا۔
آہ تن سوز دروں سے شکل آتش ہے مرا
دل کسی آتش کے پرکالے پہ جو غش ہے مرا
(جرأت)
حریص و جہاں سوز و سرکش مباش
ز خاک آفریدندت آتش مباش
(سعدی)
دیوانہ ام ز خانہ مشوَّش برآمدہ
طوفانم از تنورِ پر آتش برآمدہ
(نظیری)
البتہ صاحب فرہنگ جہانگیری نے مولوی معنوی کا یہ شعر جس میں بکسر تائے فوقانی باندھا ہے،سنداً بیان کیا ہے:
گفت آتش من ہمانم آتشم
اندر آ تا تو بہ بینی تابِشم
مگر ہم اس موقع پر قدیم فارسی کے موافق ضرورت شعر کے باعث بکسر تا قافیہ باندھ دینا جائز خیال کر سکتے ہیں،نہ کہ اس کو ٹکسالی مانیں۔کیونکہ زبان ژند سے بھی، جس پر فارسی زبان کا مدار ہے اور نہایت پرانی زبان ہے، جس کے الفاظ نے مرور زمانہ کے باعث اس قسم کی تبدیلیاں اختیار کی ہیں،ثابت ہوتا ہے کہ لفظ آتَرس بفتح تائے فوقانی یہ لفظ حسب قاعدہ رائے مہملہ گر کے آتَس ہوا، پھر بشین معجمہ آتَش ہو گیا۔بلکہ یہی وجہ ہے کہ شعرائے فارس نے اپنے کلام میںبفتح تا ہی اس کا استعمال زیادہ کیا ہے۔اس جگہ ہمیں صاحب فرہنگ جہانگیری سے کلی اتفاق نہیں ہے۔لیکن اس صورت میں بھی ہم انھیں یہ نہیں کہہ سکتے کہ وہ غلطی پر ہیں۔کیونکہ قدیم فارسی اس امر کا بخوبی ثبوت دے رہی ہے کہ آتِش بکسر تائے فوقانی کی اصل آدیش یا آتیش ہے۔3
صاحب آصفیہ کے اس طویل اقتباس کو یہاں نقل کرنے کا مقصد یہی تھا کہ لفظ’’آتش‘‘ جو فارسی الاصل ہے، اس کی ابتدائی شکلوں کو بھی دیکھ لیا جائے،اور اس لفظ کے تلفظ میں زبر اور زیر کا جو اختلاف ہے ،اس کی حقیقت بھی ظاہر ہو جائے۔واضح رہے کہ نوراللغات میں’’ آتش‘‘ کے دونوں تلفظ کو صحیح کہا گیا ہے، لیکن کلام میں استعمال کے معاملے میں اس لغت کے مولف بھی صاحب آصفیہ کے ہم خیال ہیں۔اس ضمن میں نور اللغات کی عبارت حسب ذیل ہے:
’’آتش۔(ف) ژند کا لفظ آتَرس تھا،قدیم فارسی میں اتیش اور اس سے آتش ہو گیا۔بکسر تا و بفتح تا دونوں طرح صحیح ہے،لیکن اساتذہ کے کلام میں عموماً بفتح دوم پایا جاتا ہے۔‘‘ 4
فارسی کی ایک اہم لغت ’’غیاث اللغات‘‘ میں بھی آتش کو دونوں تلفظ کے ساتھ درست بتایا گیا ہے۔اس لغت کا اندراج ذیل میں ملاحظہ کیجیے:
’’آتش۔ تے کا زبر اور تے کا زیر دونوں طرح سے درست ہے بمعنی آگ،جہانگیری اور سراج اللغات سے اور برہان میں بکسر تا ہے۔‘‘5
مندرجہ بالاحوالوں کی روشنی میں، اتنی بات تو واضح ہو جاتی ہے کہ ’’آتَش‘‘ اور ’’آتِش‘‘ دونوں تلفظ کے درست ہونے کا اندراج لغات میں موجود ہے۔ لیکن اسی کے ساتھ یہ حقیقت بھی زور دے کر بیان کی گئی ہے کہ اساتذہ کے کلام میں ’’آتش‘‘ کو بفتح سوم ہی استعمال کیا گیا ہے۔اور اگر کہیںبکسر سوم یعنی آتِش کی مثال مل بھی جائے، تو اس کی حیثیت النادر کالمعدوم کی ہوگی۔اوپر’’ فرہنگ آصفیہ‘‘ کی نقل کردہ عبارت میں ’’آتَش‘‘ بفتح سوم کے استعمال کی مثالیں ہم جرأت، سعدی اور نظیری کے اشعار میں دیکھ چکے ہیں۔اس کی ایک اور مثال مولانائے روم کی غزل کے درج ذیل شعر میں ملاحظہ کیجیے:
در عشق آتشینش آتش نخوردہ آتش
بے چہرۂ خوشِ او در خوش ہزار ناخوش
جیسا کہ ظاہر ہے، یہ شعر غیر مردف غزل کا ہے۔ اس شعر کے پہلے مصرعے میں قافیہ ’’آتَش‘‘ ہے اور دوسرے مصرعے میں قافیے کا لفظ’’ناخوش‘‘ ہے۔ بظاہر یہ دونوں الفاظ بطور قافیہ بالکل غلط معلوم ہوتے ہیں،لیکن ایسا نہیں ہے۔ دراصل لفظ ’’خوش‘‘ کو فارسی میں ’’خَش‘‘ کے تلفظ کے ساتھ بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ چنانچہ یہاں مولانا نے اس لفظ کے اسی تلفظ یعنی ’’ناخَش‘‘ کے ساتھ آتَش کا قافیہ کیا ہے۔
لفظ’’آتش‘‘کے تلفظ کی دونوں صورتوں کے مستعمل ہونے کے باوجود یہ مسئلہ حل نہیں ہوتا کہ خواجہ حیدر علی آتش کے تخلص کو کس تلفظ کے ساتھ درست قرار دیا جائے۔یعنی ہم یہ کس طرح طے کریں کہ خواجہ صاحب کے تخلص کے طور پرلفظ ’’آتش‘‘ کی صحیح صورت کیا ہوگی؟ اس معاملے میں راقم الحروف کو ایسی سند دستیاب ہوئی، جس سے یہ مسئلہ ہمیشہ کے لیے حل ہو گیا۔خیال رہے کہ خواجہ آتش کی وفات پر ان کے احباب اور شاگردوں نے اردو اور فارسی میں بہت سی تاریخیں کہیں۔ ان میںمصحفی کے باکمال شاگرد اورخواجہ آتش کے استاد بھائی مظفر علی اسیر لکھنوی (1801-1882) کی فارسی میں دو ایسی تاریخیں مجھے دستیاب ہوئیں، جن سے خواجہ آتش کے تخلص کی درست صورت کا مسئلہ حل ہو گیا۔واضح رہے کہ یہ تاریخیں اسیر لکھنوی کے فارسی دیوان ’’گلشن تعشق‘‘ میں شامل ہیں۔ ان تاریخوں میں ایک تاریخ کا مادہ کامل الاعداد ہے، اور دوسری تاریخ میں ایسی کمال کی فنکاری کی گئی ہے جو داد سے مستغنی ہے۔پہلے وہ دونوں تاریخ ہائے وفات آپ ملاحظہ کریں:
(1)
عجیب شاعر بے مثل قانع و صابر
فصیح و صاحب ایجادِ معنیِ دلکش
سروش غیب چنیں گفت مصرع فوتش
نمودہ بزم جناں گرم جلوۂ آتش6
1263ہجری
(2)
دلم از مرگ آتش بود غم کش
ز آتش یافتم تاریخ آتش
ز غم تا و الف خود را سہ تا ساخت
تپش از دامن شیں نقطہ انداخت7
1263ہجری
یہاں درج بالا دوسری تاریخ وفات کا ترجمہ اس لیے پیش کر دیتا ہوں تاکہ اس میں کارفرما فنکاری کا سمجھنا آسان ہوجائے۔
(ترجمہ: میرا دل آتش کی موت سے غم میں مبتلا تھا۔ایسے میں لفظ’ آتش‘ سے مجھے خواجہ آتش کی تاریخ وفات حاصل ہو گئی۔وہ اس طرح کہ پہلے غم کی وجہ سے حرف تا اور الف نے خود کو تین گنا کرلیا اور پھر شدت غم کی تڑپ نے تینوں نقطے شین کے دامن سے نیچے گرا دیے۔)
جیسا کہ آپ نے غور کیا ہوگا، درج بالا پہلے قطعۂ تاریخ کے دوسرے مصرعے میں ’’دلکش‘‘ کو ’’آتش‘‘ کا قافیہ کیا گیا ہے، اور یہ بھی ظاہر ہے کہ چوتھے مصرعے میں ’’آتش‘‘ بطور تخلص استعمال ہوا ہے۔اسی طرح دوسری تاریخ کے پہلے شعر میں’’ غم کش‘‘ اور ’’آتش‘‘ ہم قافیہ الفاظ ہیں،اور یہاں بھی ’’آتش‘‘ کا قافیہ بطور تخلص لایا گیا ہے۔اس سے ثابت ہو گیا کہ اسیر لکھنوی نے اس لفظ کو بفتح سوم یعنی’’ آتَش‘‘ہی استعمال کیا ہے۔چونکہ اسیر لکھنوی اورخواجہ آتش، مصحفی کے ارشد تلامذہ میں تھے،اس لیے اس بات کا ہرگز امکان نہیں کہ خواجہ صاحب خود کو’’ آتِش‘‘کہتے ہوں، اور ان کے استاد بھائی انھیں’’ آتَش‘‘ سمجھتے ہوں۔ایسے میں خواجہ صاحب کے تخلص کی درست صورت یعنی’’ آتَش‘‘ بفتح سوم کے لیے مزید کسی ثبوت کی ضرورت باقی نہیں رہتی۔
اب درج بالادوسری تاریخ وفات میں اسیر لکھنوی کے فنکارانہ کمال کو بھی دیکھتے چلیں۔خیال رہے کہ آتش کا سنہ وفات 1263ہجری ہے۔دوسرے شعر کے پہلے مصرعے میں کہا گیا ہے کہ شدت غم کی وجہ سے حرف تا اور الف نے خود کو تین گنا کر لیا،یعنی یہ حروف بھی غم زدہ ہیں اور ان کے غم میں تین گنا اضافہ ہو گیا ہے۔واضح رہے کہ حساب ابجد کی رو سے حرف تا کے عدد چار سو ہیں،اور الف کا عدد ایک ہے۔اس طرح دونوں حروف کے اعداد کو تین گنا کرنے پر 1203بنتے ہیں۔ شعر کے دوسرے مصرعے میں شین کے تین نقطوں کے گرنے کی بات کہی گئی ہے، اور اس کی توجیہ غم کی شدت میں حرف شین کے تڑپنے سے کی گئی ہے۔چونکہ حرف شین کے عدد تین سو ہیں، اور جب نقطے گر گئے، تو وہ حرف سین رہ گیا، جس کے عدد ساٹھ ہوتے ہیں۔ اس طرح 1203 میں 60جمع کرنے سے مطلوبہ عدد یعنی 1263 حاصل ہوجاتا ہے۔
اس تمام بحث کا ماحصل یہ ہے کہ اگرچہ لفظ ’’آتش‘‘ کے تلفظ کی دونوں صورتیںدرست قرار دی گئی ہیں،اور آتش بکسر سوم بہت عام نہ سہی، آج بھی بولا جاتا ہے،لیکن مظفر علی اسیر لکھنوی کی تاریخوں کی روشنی میں خواجہ حیدر علی آتَش کہنا ہی درست ہے، اور خواجہ حیدر علی آتِش کہنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔
حواشی:
1 لغات روزمرہ،شمس الرحمن فاروقی، انجمن ترقی اردو (ہند)، نئی دہلی، تیسرا ایڈیشن 2011، ص 45
2 ایضاً ص 46
3 فرہنگ آصفیہ ، مولوی سید احمد دہلوی
4 نوراللغات ، مولوی نور الحسن نیر
5 نصیر اللغات ترجمۂ اردو غیاث اللغات،محمد نصیر الدین احمد خان،مطبع نول کشور لکھنؤ
6 گلشن تعشق، مظفر علی اسیر لکھنوی،مطبع نول کشور لکھنؤ، بار اول 1899،ص ص 213-214
7 ایضاً ص 214
Prof. Ahmad Mahfooz
Department of Urdu
Jamia Millia Islamia
New Delhi-110025
Mob: 9818952518
Email: amehfuz@gmail.com



