مولانا ابوالکلام آزاد: ایک وطن دوست رہنما ،مضمون نگار:فیروز بخت احمد

November 10, 2026 0 Comments 0 tags

اردو دنیا،نومبر2026:

تقسیم ہند سے قبل اور بعد کے حالات کے تناظر میں مولانا ابوالکلام آزاد کی شخصیت بہت ہی اہم ہے۔ انھوں نے پارٹیشن کو ہولناک خیال کیا۔ ان کے نزدیک مسلمانوں کے مسائل کا حل پاکستان قطعی نہیں تھا۔ پاکستان قدرتی طور پر تمام مسلمانوں کا مسکن نہیں بن سکتا تھا اور نہ ہی تقسیم کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات استوار رہ سکتے تھے۔ مولانا کے نزدیک اصل مسئلہ معاشی تھا ساتھ ہی مسئلہ جماعتوں کے بیچ اختلافات کا نہیں بلکہ طبیعتوں کے درمیان پائے جانے والے اختلافات کا تھا۔ مولانا نے اپنے سیاسی ساتھیوں پہ زور دیا کہ تقسیم کا نتیجہ مفید نہ ہوگا، نفرت بالآخر باہمی جنگ کا سرد آغاز ہوگی۔ جوچیز نفرت پر بن رہی ہو اس کے متعلق کوئی مثبت رائے قائم کرنا مشکل ہے، کوئی نہیں کہہ سکتا کہ انجام کیا ہوگا، دونوں کے مابین سردجنگ چلتی رہے گی۔
بقول مولانا آزاد کے بھتیجے نورالدین احمد(راقم الحروف کے والد ماجد) جن کو انھوں نے اپنی اولاد کی طرح پالا تھا، مولانا کی سب سے بڑی خوبی یہ تھی کہ وہ کسی کو نہ تو برا کہتے اور نہ ہی کسی کی غیبت کرتے تھے۔ اس سلسلہ میں انھوں نے ایک واقعہ بیان کیا کہ جب تحریکِ پاکستان زور شور سے رواں دواں تھی تو مولانا ابوالکلام آزاد دہلی سے الہ آباد جا رہے تھے تو راستے میں علی گڑھ اسٹیشن پر ان کے ساتھ نارواسلوک کیا گیا۔ نورالدین صاحب نے بتایا کہ جب پنڈت سُندر لال نے دوسرے روز اخبار میں پڑھا کہ مولانا صاحب کے ساتھ یہ حرکت ہوئی تو فوراً وہ الہ آباد اسٹیشن پہنچے اور مولانا کی دلجوئی کی کہ یہ نہایت ہی افسوس کی بات ہے کہ آپ کے ساتھ بدسلوکی کی گئی تو مولانا بجائے غصّے کے مسکرائے اور بولے، ’’پنڈت جی کیا کیا جائے، اپنی ہی اولاد ہے، ہوگئی شرارت۔ اب اس پر افسوس کرنے سے کیا حاصل۔ ہم کو کام تو ان سے ہی لینا ہے۔‘‘ الغرض مولانا کی زبان سے کوئی بُرا کلمہ یا شکوہ شکایت یا کوئی ناگوار بات کسی نے نہ سنی۔ 90سالہ مالک رام جو ’’ترجمان القران‘‘ کے مدیر ہیں، فرماتے ہیں، ’’مولانا آزاد کے کردار کے اندر جو دو چیزیں لاجواب تھیں، وہ یہ تھیں کہ وہ اپنے مخالف کو برا کہنا جانتے ہی نہ تھے۔ مالک رام نے بتایا، ’’مولانا کے ساتھ کیا کچھ نہیں کیا گیا، کیا کچھ نہیں کہا گیا لیکن میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ مولانا کی زبان سے قائد اعظم، لیاقت علی خان یا مسلم لیگ کے دوسرے لیڈر یا خود مسلم لیگ کے متعلق بدگوئی سنی ہی نہیں۔ حالانکہ ’’قومی تقسیم کی تحریک والے رہنمائوں نے مولانا پر الزام تراشی کی بوچھارسی کر رکھی تھی۔‘‘
جہاں تک مولانا آزاد کی ذاتی زندگی کا تعلق ہے، وہ ایماندار اور صاف گو انسان تھے۔ باوجود اس کے کہ جب وہ وزیر تعلیم تھے، ان کے باورچی خانہ میں چھ چائے کے کپ ایک جیسے نہیں تھے کہ اگر کچھ لوگ آجائیں تو ایک جیسے کپوں میں چائے دے دی جائے۔ ایمانداری ایسی کہ لوگ دانتوں تلے انگلی دباتے اوران کے اپنوں کو اکثر شکایت ہو جاتی۔ ایک مرتبہ ہوا یہ کہ آئی سی سی آر کہ جس کے وہ پہلے چیئر مین تھے، وہاں لائبریرین کی کوئی اسامی خالی تھی۔ اس دوران مولانا دہلی سے باہر تھے۔ جہاں تک نورالدین صاحب کا تعلق تھا، وہ کوئی ملازمت یا بزنس نہیں کرتے تھے، کیونکہ طبیعتاً کچھ آرام طلب تھے۔حالانکہ اچھے خاصے کوالی فائڈ تھے مگر اس بات کی عادت پڑ گئی تھی کہ وزیر کے بھتیجے ہیں، ان کے ساتھ رہتے ہیں، تو زندگی آرام سے ہی گزر رہی ہے۔ بہت سے لوگ بھی ان کے تعلق سے یہی سوچتے تھے، مگرکلکتہ کے سینٹ زیویئرز کالج سے فارغ ہونے کے بعد وہ خود بھی کسی کام سے جڑنا چاہتے تھے۔ جب مولانا کے پرائیویٹ سکریٹری، جناب محمد اجمل خان کے ذریعہ انھیں پتہ چلا کہ ایک لائبریرین کی پوسٹ خالی ہے، تو انھوں نے اجمل صاحب سے عرض کیا کہ وہ ملازمت انھیں دے دی جائے۔فوراً دفتری میمو بنا اور انھیں لائبریرین کی پوسٹ پر فائز کر دیا گیا۔ کچھ عرصہ بعد جب مولانا آزاد کو پتہ چلا تو وہ بڑے تیغ پا ہوئے اور انھوں نے اس بات کا برا مانا کہ اجمل خاں نے انھیں وہ پوسٹ دلوا دی ۔ اجمل خاں نورالدین صاحب کو بہت پسند کرتے تھے اور باوجود اس کے کہ انھوں نے مولانا سے نورالدین صاحب کی وکالت کری کہ لڑکا کوالی فائڈ ہے اور آخرکار ان کے بیٹے کی طرح ہے تو اس ملازمت میں کیا حرج ہے ۔ اس پر مولانا نے جواب دیا کہ تبھی تو وہ نہیں چاہتے کہ ان کا بھتیجا ، کسی سرکاری ادارے میں ، جس کے سربرا ہ وہ ہیں ، ملازمت کرے ۔ لوگ کہیں گے کہ مولانا اقربا پرورری کر رہے ہیں ۔ لہٰذا مولانا نے فوراً آرڈر دیا کہ نورالدین کو نوکری سے ہٹایا جائے اور جتنے دن انھوں نے کام کیا ہے ، اس کے بدلے انھیں ایک روپیہ کا معاوضہ دیا جائے۔
ہندوستان کے مسلم رہنمائوں میں بہادر شاہ ظفر کے بعد مولانا واحد ایسے لیڈر تھے جنھوں نے آزادی ہند کے لیے ہندوئوں اور مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کیا تھا۔ انگریزوں کا ہندوستان پر قبضہ ایک لمحہ بھی برداشت کرنے کو تیار نہیں تھے۔ اپنی ایک تقریر میں انھوں نے کہا تھا کہ انگریزوں کے غلام رہ کر مسلمان ہندوستان میں زندگی بسر کریں، یہ جائز نہیں ہے۔ اس لیے انھوں نے ’’الہلال‘‘ کے ذریعے مسلمانوں کو یاد دلایا تھا کہ آزادی کی راہ میں قربانی اور جاں فروشی ان کا قدیم ورثہ ہے۔ ان کا فرض یہ ہے کہ ہندوستان کی تمام جماعتوں کو اس راہ میں اپنے پیچھے چھوڑ دیں۔ انھوں نے کہا کہ ان کی صدائیں بیکار نہ گئیں۔ مسلمانوں نے اب آخری فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ اپنے ہندو، سکھ، عیسائی، پارسی اور جین بھائیوں کے ساتھ مل کر اپنے ملک کو غلامی سے نجات دلائیں گے۔ جب انگریزی بیوروکریسی نے دیکھا کہ یہ آدمی تو تمام ہندو اور مسلمانوں کو متحد کرنے میں کامیاب ہو رہا ہے تو یہ بات وہ برداشت نہ کر سکے۔ اس لیے مولانا کے اخبار ’الہلال‘ کو ضبط کر لیا گیا اور اس کی تمام ضمانت کا پیسہ بھی ضبط ہو گیا۔پھر جب (البلاغ) کے نام سے دوبارہ جاری کیا گیا تو 1916 میں انھیں نظر بند کر دیا گیا۔ بقول انگریزوں کے مولانا اس اعتبار سے بہت خطرناک تھے کہ انھوں نے انگریزوں کے خلاف ہندؤں اور مسلمانوں کو متحد کر دیا تھا۔
تقسیم کو آخری وقت تک روکنے کی کوشش رہی مولانا کی۔ مولانا سے جب کسی نے دریافت کیا کہ پارٹیشن کے بارے میں وہ کیا سوچتے ہیں تو انھوں نے کہا، ’’کیا تلوار سے پانی کے دھارے کو حصوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے؟‘‘ مولانا کے خلاف خود مسلمانوں اور بعض مسلم رہنماؤں کے ذریعہ شخصیت کی غلط تصویر پیش کی گئی، تاہم انھوں نے اس کی پروا کیے بغیر مائونٹ بیٹن سے کئی ملاقاتیں کیں مگر ملک کی تقسیم سے متعلق اس نے اپنی بات کو بالاتر رکھا اور ملک کو دو ٹکڑے ہونے سے بچانے کی تمام تدبیریں مولانا کو ناکام ہوتی نظر آئیں۔
مولانا کا دل اس بات سے بالکل بیٹھ چکا تھا۔ ایک ہندوستان، متحد اور بڑا ہندوستان اور ہندو مسلم دوستی کا ضامن ہندوستان پارٹیشن کا شکار بن گیا تھا، فرقہ وارانہ ذہنیت کا لقمہ بن رہا تھا اور ان کے خوابوں کی دنیا اُجڑ چکی تھی۔ جشنِ آزادی میں وہ شریک تو ہوئے، مگر آدھے دل سے کیونکہ وہ مشن جس کے لیے وہ تمام عمر کوشاں رہے شرمندہ تعبیر نہ ہو سکا۔ کسی بھی قسم کی قربانی کے ذریعہ انھوں نے ہندوستان کی تقسیم کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ جیلوں میں اذیت جھیلی، اپنی شریک حیات زلیخا بیگم کے جنازے تک میں شریک نہ ہو سکے۔ یہ سب قربان کرنے پر بھی انھیں ان کے خوابوں کا ہندوستان حاصل نہ ہو سکا۔
ان کو مسلمانوں سے متعلق شکوہ تھا کہ یہ تاریخ و تجزیہ کے انسان نہیں بلکہ افتاد و ہنگامہ کی مخلوق ہیں۔ ہندو پاک کی آزادی خون میں ڈوب کر طلوع ہوئی۔ فرقہ وارانہ فسادات برطانوی مِشن کے زمانہ میں ہی شروع ہو چکے تھے۔ جب مشن ہندوستان میں تھا تو اس نے بھی اس جانب عدم توجہی کا ثبوت دیا کہ چلو آپس ہی میں مر کٹ رہے ہیں، نوا کھالی، سلہٹ، بہار، گڑھ مُکیشر، امرتسر، لاہور، راولپنڈی، غرض کہ کوئی جگہ ایسی نہ تھی جہاں خون نہ بہا ہو۔ مولانا نے ان دنوں دہلی کی شاہی جامع مسجد میں مسلمانوں کو خطاب کرتے ہوئے ایک دل گداز تقریر کی تھی، ’’… میں نے تمھیں پکارا، تم نے میری زبان قطع کرلی۔ میں نے قلم اٹھایا، تم نے میرے ہاتھ قلم کر دیے۔ میں نے چلنا چاہا، تم نے میرے پائوں توڑ دیے۔میں نے کروٹ لینا چاہی، تم نے میری کمر توڑ دی۔ تم نے غفلت و انکار کی وہ تمام یادیں تازہ کر دیں جو روبہ انحطاط قوموں کا مقدر ہوتی ہیں۔‘‘
آج نہ صرف مسلمان کو بلکہ ہندوستان کی تمام قوموں کو مولانا آزاد جیسے رہنما کی ضرورت ہے۔ ایک ایسی ہی تقریر کی ضرورت ہے جو انھوں نے دہلی کی جامع مسجد کی سیڑھیوں سے کی تھی اور جس کا ردِّ عمل یہ ہوا تھا کہ مسلمانوں کی ٹوٹتی ہوئی ہمت سنبھل گئی تھی مایوسی دور ہونے لگی تھی، ان کے حوصلے اور عزائم جاگ اٹھے تھے اور ایک بڑے طبقہ کا سوچنے کا ڈھنگ بدلا تھا، انداز بدلے تھے۔ مسلمانوں کے فیصلوں میں تبدیلی آئی۔ آج ملک کا صالح ذہن محسوس کرتا ہے کہ مولانا آزاد بڑے محب وطن اور قومی رہنما بھی تھے۔ ان کا سیاسی نظریہ ہندو مسلم اتحاد کا امین بھی رہا اور ہندوستان کی جنگ آزادی کی راہ کے لیے روشن چراغ کا کام بھی انجام دیتا رہا ہے اور آج بھی موجود ہے۔ آئندہ بھی ملک کی سا لمیت اور ترقی کے لیے ان کے افکار و خیالات، ان کے حوصلے و عزائم، ان کا صبر و ضبط اور جنگِ آزادی کی منزلوں میں ان کے نقشِ قدم ہماری رہنمائی کرتے رہیں گے اور مضبوط اور خوشحال ہندوستان بنانے میں معاون ثابت ہوتے رہیں گے۔ مولانا ایک عالم دین، مفکر، دانشور اور ادیب کی حیثیت سے نہایت بلند مرتبہ رکھتے ہیں۔ گو ان کی زندگی کا ایک بڑا حصہ سیاست کی نذر ہوا، پھر بھی ’ان کی علمی، ادبی، سیاسی، مذہبی اور سماجی تحریریں میں انھیں صنف اوّل کے مصنّفین میں جگہ دلانے کے لیے کافی ہیں۔ جوں جوں زمانہ گزرتا جائے گا اور حقائق سامنے آتے جائیں گے ان کی قدر و قیمت میں اضافہ ہوتا جائے گا اور وہ عظیم سے عظیم تر ہوتے جائیں گے۔

Firoz Bakht Ahmad
A-202, Adeeba Market & Apts
Near Rahmani Masjid, Main Road
Zakir Nagar, Okhla, Road
New Delhi-110025
Mob.: 9810933050
Email: firozbakhtahmed08@gmail.com

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Explore More

قاسم خورشید:حیات اورادبی کارنامے،مضمون نگار:توقیرعالم

اردو دنیا،اپریل2026: قاسم خورشیداردوزبان کے نامور ادیب ، افسانہ نگار، مصور،ڈرامہ نویس، ناقد، براڈ کاسٹر ، اور شاعر خوش نوا تھے۔ وہ ہمہ جہت اوصاف کے حامل انسان تھے۔ عصر

راہی معصوم رضا اور یاس یگانہ شناسی،مضمون نگار: نسیم احمد نسیم

اردو دنیا،اکتوبر2026: تاریخ ادب اردو شاہد ہے کہ یاس یگانہ چنگیزی کو زیر اور ان کے قد کو کم کرنے کے لیے ان کا پورا ادبی عہد مصروفِ کار تھا۔

ڈاکٹر راہی معصوم رضا— گنگا جمنی تہذیب کے امین،مضمون نگار: شاہ فیصل

اردو دنیا،دسمبر 2025: ادب کی دنیا میں بعض نام ایسے ہوتے ہیں جو عہد کی روح بن کر باقی رہتے ہیں۔ڈاکٹر راہی معصوم رضا بھی انہی میں سے ایک ہیں