اردو دنیا،نومبر2026:
بیسویں صدی میں اردو نظم میں موضوع اور ہیئت و اسلوب کی سطح پر غیر معمولی تبدیلی واقع ہوئی۔ ترقی پسند تحریک اور حلقۂ ارباب ذوق کے شعرا نے اپنے مخصوص نقطۂ نظر سے زندگی کے مسائل کو دیکھا اور انھیں اپنی تخلیقات میں پیش کیا۔ ترقی پسند شعرا نے خارجی اور اجتماعی زندگی کے مسائل کو بہت اہمیت دی اور حلقے کے شعرا نے داخلی مسائل اور انفرادی زندگی کے مسائل کو اپنی فکر کا مرکز بنایا۔ ان شعرا نے زندگی اور اس سے وابستہ مسائل کو الگ ا لگ خانوں میں تقسیم کر دیا۔ جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ دونوں مکتبِ فکر کے ادیبوں کے یہاں مجموعی زندگی کے مسائل کی ترجمانی نہیں ہو سکی اوران شعرا کی شاعری زندگی کی وسعت اور ہمہ گیری کا احاطہ کرنے سے قاصر رہی۔ لیکن ان شعرا کی کوششوں سے نظم میں مختلف النوع موضوعات در آئے اور ہیئت و اسلوب اور زبان وبیان کی سطح پربھی زبردست تبدیلی رونما ہوئی۔
اختر الایمان اس اعتبار سے بھی منفرد ہیں کہ انھوں نے کسی نظریے کی پابندی کو قبول کیے بغیر حیات انسانی کے مختلف پہلوؤں پر نظر ڈالی اور آشوب زیست کو آزادانہ طور پر پیش کیا۔ اسی لیے ان کی شاعری کوکسی مخصوص نظریے کی ترجمان شاعری نہیں کہا جا سکتا۔ یہی سبب ہے کہ ان کی شاعری ترقی پسند تحریک اور حلقۂ ارباب ذوق سے وابستہ ادیبوں اور شاعروں کے لیے الجھن کا سبب بنی رہی۔ ان کے یہاں موضوع سیاسی ہو یا سماجی، اقتصادی ہو یا تہذیبی، خارجی ہو یا داخلی، انفرادی ہویا اجتماعی ہر ایک کی کارفرمائی ہے۔ بلا شبہ اخترالایمان کے یہاں اس عہد کے اہم رجحانات کی بازگشت بھی موجود ہے۔ ان کی شاعری مر وجہ رجحانات کے کسی زمرے میں پوری طرح نہیں آتی۔ اس لیے کہ اخترالایمان نے اپنی شاعری کو پابند رسوم نہیں بننے دیا۔ ان کی شاعری میں زندگی کا وسیع تر منظرنامہ سامنے آتاہے۔ اخترالایمان نے خود اپنی شاعری کے بعض پہلوؤں کی نشاندہی کی ہے۔ دو اقتباس ملاحظہ کیجیے:
’’ اس (شاعری ) کے اجزا میں زندگی کی جمالیاتی قدریں بھی شامل ہیں سماجی، معاشی، سیاسی، اور اخلاقی قدروں کی اتھل پتھل بھی۔دن پر دن پیش آنے والے حالات کا محاکمہ اور محاسبہ بھی خوشگوار تصورا ت کی ترویج اور تنقید بھی۔ مختصر یہ کہ جتنی بڑی اور لامتناہی زندگی ہے اتنی ہی بڑی چیز شاعری ہے۔ خصوصاً آج کی شاعری جس کا پس منظر اب قومی نہیں بین الاقوامی ہوگیا ہے کوئی واقعہ حادثہ، یا سانحہ کہیں بھی ہو، زمین کے کسی بھی گوشے میں وہ ہمارا واقعہ، حادثہ یا سانحہ ہے۔‘‘1
’’یہ شاعری مشین میں نہیں ڈھلی ایک ایسے انسانی ذہن کی تخلیق ہے جو دن رات بدلتی ہوئی سیاسی معاشی اور اخلاقی قدروں سے دوچار ہے۔جو اس معاشرہ اور سماج میں زندہ ہے جسے آئیڈیل نہیں کہاجاسکتا، جہاں عملی زندگی اور اخلاقی قدروں میں ٹکراؤ ہے تضادہے‘‘2
اخترالایمان بلند پایہ شاعر تو تھے ہی شعر وادب کا گہرا شعور رکھتے تھے۔ ادبی منظر نامے پر جو کچھ رونما ہو رہا تھا اس پر ان کی گہری نظر تھی۔ اختر الایمان اردو کی ادبی روایت سے پوری طرح باخبر بھی تھے۔ ان کے مجموعوں کے پیش لفظ، مذاکرات، انٹرویوزاوردیگر بیانات سے ان کی ادبی بصیرت کا اندازہ لگایاجاسکتا ہے۔ اخترالایمان نے’’آب جو‘‘ سے ’’زمین زمین ‘‘ تک اپنے سبھی مجموعوں کے پیش لفظ تحریر کیے جس میں انھوں نے اپنی شاعری کے بارے میں اس عہد کی ادبی صورت حال کے بارے میں بڑی معنی خیز اور توجہ طلب باتیں کہی ہیں۔ مثلاً شاعری کیا ہے ؟ شاعری کو کیسا ہو نا چاہیے؟آج کی شاعری کس نوع کی شاعری ہے؟ شاعری سے زندگی کاکیا رشتہ ہے؟ آج کے سماج میں شاعری کا کیا رول ہونا چاہییے؟ ان کی شاعری کا پس منظر کیا ہے؟ ان کی شاعری کن کن مسائل سے سروکار رکھتی ہے؟ شاعر کو اپنے معاشرے میں کیا کردار ادا کرنا چاہیے؟وغیرہ۔
اخترالایمان نے اپنے پیش لفظ میں ان وضاحتوں سے اپنی شاعری کا جواز پیش کیا ہے اور یہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ ان کی شاعری کا اپنے عہد کے مسائل اور زندگی کے مختلف پہلوؤں سے بڑا گہرا تعلق ہے۔ اپنی شاعری کی توجیہات کے ساتھ اس عہد کے ادبی رجحانات اور تحریک پر بڑی بے باکی سے اظہار خیال کیا ہے۔ انھوںنے شاعری کی صالح قدروں کو سراہا بھی ہے اور خامیوں پر نکتہ چینی بھی کی ہے۔ ترقی پسند اور جدید شاعری نیز پورے عہد کی ادبی صورت حال کے بارے میں انھوں نے جو نشاندہی کی ہے اس سے ان کی بصیرت اور ادبی نقطۂ نظر کا اندازہ ہوتا ہے۔ لیکن اس پہلو پر نظر ڈالنے سے پہلے اخترالایمان کے ادبی تصورات پر نظر ڈالتے ہیں۔ یہ اقتباسات ملاحظہ کیجیے:
ــ’’اگر کوئی پوچھے شاعری ہے کیا تو اس کا کوئی تسلی بخش جواب نہیں ۔سمجھنے اور سمجھانے کے لیے کہہ سکتے ہیں یہ ایک ایسا مرکب ہے جو ذہن کے دارالعمل میں تیار ہوتا ہے اور اس کے اجزا میں زندگی کی جمالیاتی قدریں بھی شامل ہیں۔ سماجی ،معاشی،سیاسی اور اخلاقی قدروں کی اتھل پتھل بھی۔ دن پر دن پیش آنے والے حالات کا محاکمہ اور محاسبہ بھی اور خوشگوار اور ناخوشگوار تصورات کی ترویج اور تنقید بھی ۔مختصر یہ کہ جتنی بڑی اور لامتناہی زندگی ہے اتنی ہی بڑی چیز شاعری ہے۔ ‘‘ 3
شاعری سے متعلق ایک اور اہم بات یہ کہوں گا جو کچھ میں نے لکھا ہے وہ اس وقت نہیں لکھا جب ان تجربات اور محسوسات کی منزل سے گذر رہا تھا جو میری نظموں کا موضوع ہیں۔ انھیں اس وقت قلمبند کیا ہے۔ جب وہ تجربات اور محسوسات یادیں بن گئے تھے۔ جب ہر نشتر کے لگائے ہوئے زخم مندمل ہو گئے تھے۔ ہر طوفان گذر کر سطح ہموار ہو گئی تھی۔اور ہر رفتہ اور گذشتہ تجربے کی صدائے بازگشت مجھے یوں محسوس ہو رہی تھی جیسے ان سے وابستہ بھی ہوں اور نہیں بھی۔ یہی وجہ ہے میری شاعری میں ایک یاد کا سارنگ ہے اور یہ شاعری بیک وقت داخلی بھی ہے اور خارجی بھی۔ 4
’’شاعری میرے نزدیک ’’ذات‘‘کے اس اظہار کا نام ہے جو تلمیحات، استعارات، علامتوں اور لفظی تصویروں یا امیجری کی مدد سے پیش کیا جاتا ہے‘‘ 5
’’یہ پوری شاعری واحد متکلم کی شاعری ہے۔‘‘ 6
’’میری شاعری کا بیشتر حصہ علامتی شاعری پر مشتمل ہے‘‘ 7
ان وضاحتوں سے یہ عندیہ بھی ملتا ہے کہ اخترالایمان اپنی شاعری کو مروجہ شاعری سے الگ محسوس کرتے تھے۔ اگر ایسانہ ہوتا توشاید ان وضاحتوں کی ضرورت بھی نہ ہوتی۔اخترالایمان کے عہد کے ادبی منظرنامے پر نظر ڈالیں تویہ حقیقت سامنے آتی ہے کہ کسی ایسے شاعر کے لیے جو کسی تحریک سے وابستہ نہ ہو اس کا اس عہد کے ادبی منظر نامے پر اپنے وجود کو قائم رکھنا کس قدر مشکل اور صبر آزما ہے۔
اخترالایمان کواس بات کاشدید احساس تھا کہ نظم کی سنجیدہ تفہیم اور قرأت کا حلقہ غز ل کے مقابلے میں بہت محدود ہے۔ جس طرح ادبی جلسوں اور مشاعروں میں غزل کی پزیرائی ہوتی ہے نظم کے لیے ابھی تک ایسی فضا ہموار نہ ہو سکی۔ وہ اس بات سے بخوبی واقف تھے کہ نظم سننے کی نہیں پڑھنے کی چیز ہے۔ غزل کے دومصرعوں کے مقابلے میں نظم کئی مصرعوں پر مشتمل ہوتی ہے ظاہر ہے نظم کو سن کر اس کی فوراََ تفہیم مشکل امر ہے۔ یہی سبب ہے کہ مشاعروں کا مزاج نظم کے مزاج سے میل نہیں کھاتا۔ اختر الایمان کو دکھ یہ تھا کہ ہماری ادبی فضا پر ابھی بھی غزل کا رنگ غالب ہے۔ اور عام طورسے نظم کی تفہیم میں بھی وہی طریقہ اختیار کیا جاتا ہے جو غزل کے لیے مستعمل ہے۔ انھوںنے اپنے قاری سے غزل کی فضا سے نکل کر اپنی نظموں کی قرات کا مطالبہ کیا۔ اخترالایمان کی بے اطمینانی اور شکایت صرف اپنے عہد کی شاعری کو لے کر نہیں تھی بلکہ پور ی شاعری اور ادبی صورت حال سے تھی۔ انھوں نے کہا:
’’ہماری شاعری کے مزاج میں ابھی تک سنجیدگی نہیں آئی اور اس کا اظہار ابھی رومانی ہے۔ ہمارے بڑے بڑے شاعروں کی کوشش یہ ہے جو غم ہواسے غم جاناں بنا دے۔بات چاہے جہاں سے نکلے اسی کی جوانی تک پہنچ جا ئے۔ نتیجہ یہ ہے کہ پوری شاعری ابھی د ل لگی بازی کی نذاہورہی ہے۔ یار لوگ بیٹھے ہیں معشوق کے قصے سنتے ہیں اور گھر چلے جاتے ہیں۔ نہ کوئی سنجیدہ بات سننے آتے ہیں نہ کچھ گرہ میں لے جا تے ہیں۔ یہ بات ان کے ذہن ہی میں نہیں آتی ہماری شاعری کا ہماری زندگی کے مختلف پہلوؤں سے کوئی دور کا واسطہ بھی ہے جو کچھ بھی ہے ابھی تک حسن وعشق کا نعرہ ہے‘‘ 8
اس اقتباس سے اخترالایمان کی بے اطمینانی صاف ظاہر ہے۔ اختر الایمان کے ان خیالات سے اختلاف کیا جاسکتا ہے لیکن انھوں نے جن پہلوئوں کی طرف اشارہ کیا ہے اسے نظر انداز بھی نہیں کیا جاسکتا۔ آج بھی غزل گو شعرا کے یہاں زندگی کے گوناگوں تجربات اور اپنے عہد کے مسائل کے ادراک کے باوجودحسن و عشق کا پہلو ان سب پر غالب ہے۔ چونکہ شہرت کا بہترین ذریعہ غزل تھی اس لیے انھوں نے اس طرف زیادہ توجہ دی۔ غزل اردو شاعری کی نمائندہ بن گئی۔
اخترالایمان کے نزدیک شاعری کو مکمل زندگی کا ترجمان ہونا چاہیے۔ اس لیے انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ زندگی کے مختلف پہلوئوں پر پیدا ہونے والے مسائل اور تجربات کے اظہار کے لیے نظم کو وسیلۂ اظہار بنایا جائے۔ شاعری میںمحض حسن و عشق کا اظہار نہیں ہے، بلکہ شاعری میں تمام تلخ و شیریں تجربات کا اظہار ہونا چاہیے۔ اخترالایمان کے نزدیک غزل جو آج بھی ہماری سب سے مقبول صنف سخن ہے لیکن اپنے خاص مزاج کے سبب وہ آج بھی روایتی حسن و عشق کے موضوعات سے باہر نہ نکل سکی۔ زندگی کی مختلف سطحوں پر جو تغیرات اور تبدیلیاں رونماہورہی ہیں اس کے لیے دو مصرعے ہی کافی نہیں ہیں۔اس کے مقابلے میں نظم ایسی صنف ہے جس میں زندگی کے مختلف تجربات و مشاہدات کو آسانی سے پیش کیا جاسکتا ہے۔ ’زمین زمین‘ کے پیش لفظ میں لکھتے ہیں:
’’ نظم ایسی صنف ہے جس کا احاطہ کرنا مشکل ہے زندگی سے متعلق کوئی ایسا موضوع نہیں جس پر نظم نہیں کہی جاسکتی، اخلاقی، سیاسی، معاشی، سماجی، نفسیاتی، روحانی کوئی بھی موضوع ہو نظم کا کینویس اتنا بڑا ہے کہ اس پر جو رنگ فنکا ر ڈھنگ سے استعمال کرے گا اچھالگے گا‘‘ 9
بلاشبہ نظم کی ہیئت میںبہت وسعت ہے کہ حیات وکائنات کے مختلف مسائل اور تجربات کووضاحت کے ساتھ بیان کیا جا سکتا ہے۔ لیکن غزل کے حوالے سے اخترالایمان کے تمام اعتراض کو تسلیم کرنے میں تامل ہے۔ غزل کے مخصوص مزاج اور عشقیہ جذبات کے غالب ہونے تک تو بات کسی حد تک ٹھیک ہے لیکن صنف غزل پر ان کے دوسرے اعتراضات کو تسلیم کرنے میں تامل ہے۔
اخترالایمان نے نظم کی بھر پور حمایت کی اور اسے ہی اپنے اظہار کا ذریعہ بنایا۔ اخترالایمان نے اس بات کی تردید کی ہے کہ وہ غزل کے مخالف ہیں۔ دراصل اختر الایمان شاعری کا جتنا وسیع تصور رکھتے تھے اس لحاظ سے غزل کا دائرہ بہت محدود ہے۔ دوسرے اختر الایمان کا یہ ماننا تھا کی شاعری کرتے وقت اس پہلو پر بھی نظر رکھنی چاہیے کہ اس سے زبان و بیان کا دائرہ وسیع ہو۔ اخترالایمان کا اس بات پر اصرار تھا کہ بدلتی ہوئی زندگی اور اس کے مسائل کے اظہار کے لیے زبان وبیان کی وسعت ضروری ہے۔بقول اخترالایمان:
’’اگر آپ واقعی چاہتے ہیں کہ شاعری میں پھیلائوآئے اس میں نئے تجربات ہوںتو آپ کو نظم کی طرف توجہ دینی ہی پڑے گی‘‘10
اخترالایمان شاعری میں تجربات کے قائل تھے۔ ان کا خیال تھا کہ موضوع کی مناسبت سے زبان و بیان کا پیرایہ تلاش کرنا چاہیے اور شاعری کے لیے ضروری ہے کہ ہیئت و اسلوب اور زبان و بیان کی نئی راہیں تلاش کی جائیںلیکن یہ تمام تجربے اسی وقت بار آور ہوسکتے ہیں جب موضوع اس کا تقاضاکرے۔ اگر موضوع اور زبان وبیان میں ہم آہنگی نہیں تویہ تمام تجربے شعبدہ بازی ثابت ہوں گے۔ بنیادی چیزیہ ہے کہ خیالات کے اظہار کے لیے مناسب پیرایہ تلاش کیا جائے جسے دیکھ کر یہ لگے کہ اس موضوع کی پیش کش کے لیے اس سے بہتر اور کوئی طریقۂ اظہار تلاش نہیں کیا جاسکتا ہے۔ انھوں نے اس خیال کا اظہار کیا کہ عروض اور ردیف و قافیے کی پابندیاں ضرورت کے مطابق توڑی جاسکتی ہیں لیکن ان تمام باتوں کے ساتھ شعری بیان پر قدرت بھی لازم ہے۔ اگر شعری بیان موثر اور طاقتور ہے تو تجربہ پسندی میں کوئی ہرج نہیں۔ ظاہر ہے کہ اگر تجربہ برائے تجربہ نہیں بلکہ اس سے شعری بیان کے ساتھ ساتھ فکر و خیال کے اظہار کے نئے دریچے واہوں تو مستحسن ہے۔ چنانچہ اخترالایمان کے یہاں معریٰ اور آزاد نظموں کے ساتھ نثری ساخت کے قریب کی نظمیں بھی موجود ہیں لیکن خیال ہیئت و اسلوب سے پیوست ہے۔ زبان وبیان کے مختلف رنگ وآہنگ اسی سوچ کا نتیجہ ہیں ۔
اختر الایمان نے شاعر ی کومذہب سے تعبیر کیا ہے۔چنانچہ انھوں نے زندگی کے ساتھ ایسا کوئی سمجھوتا نہیں کیا جو ان کی شاعر ی کو مجروح کرتا ہو۔ یہی وجہ ہے کہ اخترالایمان کسی تحریک یا رجحان کے پابند نہیں رہے۔ انھوں نے کسی نظریے کو بنیاد بنا کر یا خارجی دبائو کے تحت شاعر ی نہیں کی۔ اختر الایمان کی شاعری کا ابتدائی دور ترقی پسند تحریک کے عروج کا زمانہ تھا۔ بیشتر شعرا اس تحریک سے وابستہ تھے۔ اس زمانے میں ترقی پسند تحریک سے وابستگی شہرت کی ضمانت تھی۔ مگر اخترالایمان اس سے دور دور ہی رہے ۔بلاشبہ اخترالایمان کے یہاں اس طرح کے موضوعات ہیں جو ترقی پسند شعرا کو بہت محبوب رہے ہیں مگر اخترالایمان کی طرزفکر اور طرز اظہار ان سے مختلف رہا ہے۔ اختر الایمان اقتصادی ،سیاسی اورسماجی نظریے کے طور پراشتراکیت کے قائل تھے لیکن اختر الایمان نے شعر وادب میں کسی نظریے کے جبر کو کبھی تسلیم نہیں کیا۔ انھوں نے کہا :
’’ترقی پسند تحریک میں کوئی خرابی نہیں ہے اس کے چلانے والوں میں دیانت داری کی کمی تھی ان کی وجہ سے یہ تحریک نہ چل سکی 11
جیسا کہ پہلے ذکر کیا گیا کہ اختر الایمان اقتصادی ،سیاسی اور سماجی نظریے کے طور پر اشتراکیت کے قائل تھے لیکن شعر و ادب کو کسی نظریے کے تابع کر نے کے خلاف تھے۔ دراصل ترقی پسند تحریک کے زیر اثر جس قسم کی بلند بانگ اور کھوکھلے قسم کی شاعری کی جارہی تھی اختر الایمان کواس سے اختلاف تھا۔ اخترالایمان کا کہنا تھا کہ ترقی پسند شعرا نے مارکس کے جمالیاتی تصور کو نظر انداز کر کے صرف کسانوں اور مزدوروں کی ہی زندگی کی پیش کش کو اپنی فکر کا مر کز بنالیا اور زندگی کے دوسرے مسائل کو نظر انداز کر دیااور ان کی شاعری مارکس کے جمالیاتی فلسفے سے محروم ہوگئی، جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ ان کی شاعری یک رخی ہو کر رہ گئی۔ اس تحریک کی نمائندگی کر نے والے شعرا کی شاعری چند موضوعات تک محدود ہو کر رہ گئی۔ترقی پسند شعرا کی شاعری پر اختر الایمان کا اعتراض یہ بھی تھا کہ یہ شعرا سوویت یونین کے مسائل اور وہاں کی سیاسی سماجی صورت حال کو بنیاد بنا کر شاعری کر رہے ہیں ان کی شاعری اپنے ملک کے حالات اور گردوپیش کی زندگی سے صحیح ربط نہیں رکھتی۔ ترقی پسند شعرا نے ہنگامی موضوعات کو اولیت دی اور اسی کو اپنی شاعری میں نظم کیا۔
عام طور سے ترقی پسند شعرا کی شاعری داخلی تجربے کا حصہ نہ بن سکی ۔ اخترالایمان بلند بانگ اور کھوکھلے قسم کی شاعری کے ہمیشہ خلاف تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ شاعری میں شاعر کا اپناتجربہ ہونا چاہیے۔ اخترالایمان نے ہنگامی موضوعات پر بھی نظمیں تخلیق کی ہیں۔لیکن ان مسائل کو فوراََ قلم بند نہیں کر دیا ،بلکہ واقعات کے گزرجانے کے بعد جب وہ واقعہ ان کا تخلیقی تجربہ بن گیا ہے تب نظم تخلیق کی ہے۔
اختر الایمان کا اصرار اس بات پر تھا کہ اگر فن پارے کی تخلیق میں اپنی ذات اور خلوص شامل نہ ہو تو اچھی اور سچی شاعری وجود میں نہیں آسکتی۔ ردیف اور قافیہ وزن ا ور بحر کی پا بندی محض سے شاعری نہیں ہوسکتی۔ جب تک اس میں شاعری کی جمالیاتی قدریں اور شاعرانہ عوامل کی کارفرمائی نہ ہو شاعری شاعری نہیں ہوسکتی۔ ترقی پسند وں کے بارے میں اخترالایمان کا یہ خیال ہے کہ ’’اکثر ترقی پسندوں کی شاعری Versification یعنی کلام موزوں سے آگے نہیں جاتی‘‘ تو اس کا سیدھا سا مطلب یہی ہے کہ ان کی شاعری میں ان کی اپنی ذات اور اپنا خلوص شامل نہیں ہے۔ انھوں نے شاعری کی جمالیاتی قدروں کو نظر انداز کردیا جس سے ان کی شاعری اثرو تاثیر سے محروم ہوگئی۔اختر الایمان نے شاعری کے لیے ایک اصطلاح وضع کی جسے وہ ’‘حصار‘‘ کے اندراور’ ’حصار ‘‘کے باہر والی شاعری سے موسوم کرتے ہیں۔
’’ حصار‘‘ کے اندر والی شاعری وہ ہے جو ہم اکثر مشاعروں میں سنتے ہیں۔
’’حصار ‘‘کے باہر والی شاعری وہ ہے جس میں نئے تجربات نئے میلانات اور نئے شعور کی ترجمانی اور نمائندگی ہوتی ہے۔میں اس سلسلے کا آغاز غالب اور حالی سے کرتا ہوں۔ شاعری میں فکر کا عنصر یہیں سے شامل ہاتا ہے۔اور بعد میں کچھ نئے تجربے آزاد عظمت اللہ خاں اور ڈاکٹر بجنوری نے بھی کیے تھے۔ میں اپنی شاعری کا شمارہ اسی ’’حصار‘‘ سے باہر والی شاعری میں کرتا ہوں ‘‘ 12
اختر الایمان نے اپنی شاعری کو ’’حصار ‘‘ کے باہر والی شاعری کہا ہے۔ حصار کے باہر والی شاعری کیا ہے۔ جدید شعرافکروخیال اور زبان و بیان کی آزادی پر زور دینے کے باوجود چند چیزوں کے اسیر ہو گئے۔ جدید شاعروں کے یہاں بھی اظہار اور تجربے کی یکسانیت بہت زیادہ ہے۔ ترقی پسند تحریک کا زور کم ہونے کے بعد جدید یت کا دور شروع ہوا لیکن جدیدیت بھی اصولوں کی شکار ہوگئی۔ انھوں نے بھی بعض موضوعات کو پائو ں کی زنجیر بنا لیا۔ اختر الایمان نے نظریاتی وابستگی سے خود کو الگ رکھا ۔انھوں نے اپنی تخلیقی آزادی سے کوئی سمجھوتا نہیں کیا بلکہ اپنے شعور کی وساطت اور آزاد فکری رویے سے اپنا تخلیقی سفرطے کیا۔ ان تحریکوںکے حوالے سے انھوں نے ایک انٹر ویومیں فرمایا:
’’جدیدیت اور ترقی پسند تحریک دو مختلف سیاسی و نظریاتی ممالک کے تابع تھیں۔ دونوں ہی اپنے آقائوں کے سامنے اپنی افادیت دیر تک قائم نہ رکھ سکیں۔ ‘‘ 13
اخترالایمان کی شاعری آزاد فکری رویے کی شاعری ہے۔ ان کی شاعری اور دوسری تحریروں کے مطالعے سے یہ بات واضح ہو تی ہے کہ ان کی شاعری کسی محدود دائرے کی شاعری نہیں ہے۔ دراصل اخترالایمان نے شاعری کو زندگی کے مماثل قرار دے کر شاعری کے دائرے کو بے کنار کردیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ زندگی سے وابستہ کوئی بھی واقعہ یا مسئلہ ان کی شاعری کا موضوع بن جاتا ہے۔ اور انھوں نے نئی شاعری کا مستقبل اس ادبی نسل سے وابستہ کیا ہے جو کسی تحریک سے وابستہ نہیں ہے۔
اخترالایمان کے ادبی تصورات کے جائزے سے یہ واضح ہوتا ہے کہ ان کے یہاں فن کا تمام تر تصور تخلیقی عمل کے نصب العین کی بنیاد پر قائم ہے۔انھیں یہ فکر بھی لاحق رہی کہ اردوشاعری غزل کے مخصوص موضوعات اور لفظیات کے حصار سے باہر نہیں آسکی۔اخترالایمان نے شعری اظہار کے لیے نئے موضوعات کے ساتھ زبان و بیان کے نئے پیرائے بھی تلاش کرنے پر زور دیاجس سے اظہار کے نئے امکانات روشن ہوں۔ واضح رہے کہ یہ تمام شعری لوازمات بقول اخترالایمان تخلیقی فکر کے تابع ہوں۔ اخترالایمان تحریکوں او ر رجحانوں والی شاعری سے متفق نہیں تھے تو اس لیے کہ یہ شعرا اس بے کنار زندگی سے وابستہ تمام طرح کے مسائل کا احاطہ نہیں کرسکتے ۔وہ اپنے مخصوص اور محدود دائرے میں ہی رہ کر زندگی کے حقائق بیان کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ظاہر ہے ایسی صورت میں مکمل زندگی کی ترجمانی نہیں کی جا سکتی ۔یہی وجہ ہے تقریباََ پچاس سالہ تخلیقی سفر میں کسی تحریک سے وابستہ نہیں ہوئے۔ بقول اخترالایمان انھوں نے زندگی کے ساتھ ایسا کوئی سمجھوتا نہیں کیا جو ان کی شاعری کو مجروح کرتا ہو۔
حواشی:
1. اختر الایمان :سروساماں (پیش لفظ)
2. اختر الایمان :آب جو (پیش لفظ)
3. اختر الایمان :سروساماں (پیش لفظ)
4. اختر الایمان :یادیں ( پیش لفظ )
5. اختر الایمان : بنت لمحات ( پیش لفظ )
6. اختر الایمان :نیا آہنگ ( پیش لفظ )
7. اختر الایمان :یادیں ( پیش لفظ )
8. اختر الایمان: بنت لمحات ( پیش لفظ )
9. اختر الایمان :زمین زمین ( پیش لفظ )
10. بیدار بخت: اختر الایمان سے ایک گفتگو ،شب خون ، الہ آباد، ص 3، جون1998
11. عطاء الحق قاسمی: اختر لاایمان سے ایک گفتگو، عالمی ادب نمبر، ص 220 ،1997
12. اختر الایمان : بنت لمحات (پیش لفظ )
13. اطہر فاروقی : گفتگو ان کی،انجمن ترقی اردو ہند، ص23، 2006
Prof. Shah Alam
Department of Urdu
Jamia Millia Islamia
New Delhi-110025
Mob. 9868669498
Email: salam8@jmi.ac.in



