علی امام نقوی کے افسانے،مضمون نگار:عبدالسمیع

November 11, 2026 0 Comments 0 tags

اردو دنیا،نومبر2026:

علی امام نقوی کا شمار اردو کے اہم افسانہ نگاروں میں ہوتا ہے۔ انھوں نے اپنے فکر و فن سے جدید اردو افسانے کی دنیا کو وسعت بخشی۔وہ9 نومبر 1945کو ممبئی میں پیداہوئے۔ گھرکی معاشی حالت اچھی نہ ہونے کے سبب اسکول کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد والد کے کام میں ہاتھ بٹانے لگے۔والد کے کاروبار سے بیزار ہوئے تو ممبئی میں مختلف قسم کے روزگارسے وابستہ ہوکر اپنی معاشی حالت میں بہتری لانے کی کوشش کی۔ آخرکارایران قونصلیٹ میں ملازم ہوگئے اور وہاں سے 1997 میں سبکدوش ہوئے۔
رسمی تعلیم سے محروم ہونے کے باوجود علی امام نقوی نے اپنامطالعہ جاری رکھا۔ ان کے اندر پوشیدہ تخلیقی جوہر کا اظہار اسکول کے زمانے میں ہی ہونے لگا تھا لیکن اشاعت کا مرحلہ 1960 کے بعد طے ہوا۔ ملازمت کے دوران گھریلوحالات جب معمول پر آنے لگے تو انھوں نے افسانہ نگاری پر توجہ دی اور مختلف رسائل و اخبارات کو اپنی تخلیقات ارسال کیں۔ ان کے ابتدا ئی افسانے لوگوں کو اپنی طرف متوجہ نہ کرسکے لیکن رفتہ رفتہ ان کے افسانوں میں درآئی صلابت اورپختگی، مدیران اور قارئین کی توجہ منعطف کرنے میں کامیاب ہوگئی۔وقفے وقفے سے ان کے افسانوں کے 5مجموعے اور 2ناول منظرعام پرآئے۔
علی امام نقوی کے افسانوں کا پہلا مجموعہ’نئے مکان کی دیمک‘ 1980 میں شائع ہوا۔ اس میں 18 افسانے شامل ہیں۔ 21 افسانوں پر مشتمل دوسرا مجموعہ ’مباہلہ‘ 1988 میں چھپا۔ اس مجموعے میں شامل افسانے علی امام نقوی کی افسانہ نگاری کے بہترین نمونے ہیں۔ ان افسانوں نے ان کی ادبی شناخت قائم کرنے میںاہم کردار ادا کیا،نیز یہ افسانے جدید اردو افسانہ کی تاریخ میں منفرد اور اہم افسانے قرار پائے۔1991 میںان کا ناول’تین بتی کے راما‘ منظرعام پرآیا،جس نے علی امام نقوی کو بطور ناول نگار نئی شناخت عطا کی۔ان کے 15 افسانوں پر مشتمل مجموعہ ’گھٹتے بڑھتے سائے‘ 1993 میں شائع ہوا۔ ملازمت سے سبکدوشی کے ایک سال بعد1998 میں افسانوں کا چوتھامجموعہ ’موسم عذابوں کا‘ منظرعام پر آیا۔ ان کا دوسرا ناول ’بساط‘ 2000 میں اور ان کے افسانوں کا آخری مجموعہ ’کہی ان کہی‘ 2012 شائع ہوا۔ 10 مارچ 2014 کے دوپہر کو ممبئی میںعلی امام نقوی کا انتقال ہوااور وہیں سپردخاک ہوئے۔
علی امام نقوی کی افسانہ نگاری کا آغاز گذشتہ صدی کی ساتویں دہائی میں ہوا۔ یہ وہ زمانہ تھا جب صنف افسانہ فکری اور فنی سطح پر کئی تجربوں سے ہمکنار ہوکر نئی آب و تاب کے ساتھ اپنی جڑوں سے رشتہ قائم کررہی تھی۔ اس عہد کے تقریباًتمام افسانہ نگار فکر و خیال میں ندرت پیدا کرنے کے ساتھ اظہار اور بیان کے نئے راستے دریافت کرنے میں مصروف تھے۔ علی امام نقوی نے بھی ان تجربوں سے استفادہ کیا اور اردو افسانے کو ایک نئی راہ دکھانے کی کوشش کی۔ ان کے افسانوں کا پہلا مجموعہ ’نئے مکان کی دیمک‘ شمیم پبلی کیشن ممبئی سے 1980 میںشائع ہوا۔ اس کا انتساب والدین اور بڑی بہن کے نام ہے۔ ابتدا میں افسانہ نگار کا مختصر تعارف موجود ہے جس سے نام، ولدیت، پتہ، تاریخ پیدائش وغیرہ کا علم ہوتا ہے۔
’نئے مکان کی دیمک‘میں شامل افسانوں کا تعلق مختلف موضوعات سے ہے ۔مثلاً ’رام بجار‘ انسان کے دہرے جذبے یعنی ہمدردی اور ریاکاری سے عبارت ہے۔ اس میں خلوص اور ڈھونگ کو مخصوص نقطۂ نظر سے پیش کیاگیا ہے جب کہ ’نئے مکان کی دیمک‘میں حیات و کائنات کی پراسرار پرتوں کو کھولنے کی سعی کی گئی ہے۔ ’دانتوں میں گھر ی زبان‘ احساس وجود کی اور خوداعتمادی کی عمدہ مثال ہے۔ اس مجموعے کے دوسرے افسانے بھی اپنے موضوع اور پیش کش کے لحاظ سے متاثر کن ہیں۔
علی امام نقوی کو بھی احساس تھا کہ ’نئے مکان کی دیمک‘ اہم اور متاثرکن افسانہ ہے۔ اس کی انفرادیت کے سبب ہی اسے مجموعے کا نام دیا گیا ہے۔ زمان ومکان اور وجود وعدم کے مباحث ہماری علمی روایت میں اہم موضوع کی صورت میں ازل سے موجود ہیں۔شعرو ادب میں بھی ان کا اظہار ہوتا رہا ہے۔ اس لیے یہ موضوعا ت نئے تو نہیں کہے جاسکتے لیکن افسانے میں انھیں اس طرح پیش کرنا کہ زمان و مکان اور وجود و عدم کی سرحدیں ایک دوسرے میں اس طرح مدغم ہوجائیں کہ انھیں الگ کرنا ممکن نہ ہو اور قصہ گوئی کا فن بھی متاثر نہ ہو، فکشن کی تاریخ میں کم ملتی ہیں۔ایسے مباحث کو افسانے کا حصہ بنا دینا تخلیقی ہنر مندی کے ساتھ فکر وخیال اور زمان و مکان کے مباحث سے گہری واقفیت کا متقاضی ہے۔ ’نئے مکان کی دیمک‘ میں افسانہ نگار نے کائنات اور کائناتی وجود کے ساتھ جو تخلیقی رویہ اختیار کیاہے وہ قابل توجہ ہے۔ افسانہ پڑھتے ہوئے شاد عظیم آبادی کے درج ذیل شعر کی معنویت ذہن کے نہاں خانوں میںروشن ہونے لگتی ہے ؎
سنی حکایتِ ہستی تو درمیاں سے سنی
نہ ابتدا کی خبر ہے نہ انتہا معلوم
’نئے مکان کی دیمک‘کا ابتدائی حصہ ملاحظہ کیجیے:
’’ہڈیوں کے اس پنجرے پر گوشت پہلے منڈھا گیاتھایا گوشت کے اس پیکر میں پنجرہ بعد میں رکھا گیا، اس کا اسے کچھ پتہ نہ تھا۔ البتہ وہ یہ ضرور جانتی تھی کہ وہ اس پنجرے اور اس پہ منڈھے گوشت میں گذشتہ اٹھائیس برسو ں سے قید ہے۔‘‘1
روح و جسم کی کشاکش اور ہم آہنگی سے متعلق بہت سی باتیں کہی جاتی ہیں۔ کبھی یہ کہا جاتا ہے کہ انسانی وجود بلکہ تمام مخلوقات کی اصل اس کی روح ہے اور روح کے بغیر مادّی وجود باقی نہیں رہتا۔ انسان روح کے بغیر ہار مونس کا صرف مجسمہ رہ جاتاہے۔ یعنی جسم کی حیثیت ثانوی ہے اور روح کے بغیر اس کی ثانوی حیثیت بھی برقرار نہیں رہتی۔ اس کے برعکس روح آزاد ہوتی ہے اور جسم سے آزاد ہوکر بھی اس کی حرکت و عمل میں تعطل اور جمود واقع نہیں ہوتا۔ روح کے تعلق سے جو باتیں کہی جاتی ہیں انھیں مابعدالطبیعاتی مطالعات کا حصہ قرار دیا جاسکتا ہے۔ روح ایک ماورائی اورتصوراتی شے ہے جس کے بارے میں کوئی ٹھوس اور قطعی بات کہنا یا کوئی حتمی مفروضہ قائم کرنامناسب نہیں۔ گذشتہ چند برسوں میں جسم کی اہمیت اور اس کے قائم بالذات ہونے پر اصرار کیا جانے لگا ہے۔ یہ بھی کہاجاتا ہے کہ جسم کے بغیر روح بھی اپنا وجود ثابت نہیں کرسکتی۔ اس لیے دونوں کی ثنویت اور دوئی والے مباحث اب بہت بامعنی نہیں رہے۔ علی امام نقوی نے دونوں نظریات کو سامنے رکھاہے کہ روح جسم میں مقید بھی ہوتی ہے اوراس سے آزاد بھی ۔روح کا آزاد اور قائم بالذات وجود ہے یا نہیں ،اس خالص علمی اور مابعدالطبیعاتی بحث کے کسی ایک نظریے کوتخلیقی سطح پر درست یا غلط بتانے سے وہ گریز کرتے ہیں۔افسانے کا حسن اسی نکتے میں پوشیدہ ہے کہ افسانہ نگار کسی ایک رخ پر اصرار نہیں کرتا۔ انسان کب اور کیسے وجود میں آیا، یہ عقدہ آج تک لاینحل ہے۔ مذاہب کی اپنی دلیلیں ہیں۔ ابتدائے آفرینش سے متعلق کوئی سائنٹفک نظریہ حتمی نہیں ہے۔زمان و مکان اور وجود و عدم کی بحث جتنی قدیم ہے اتنی ہی پیچیدہ ہے۔ ’نئے مکان کی دیمک‘اسی نکتہ کی طرف اشارہ کر تاہے۔
’نئے مکان کی دیمک ‘بظاہر خود کشی اور اسلامی تصور زمان و مکان اور دونوں جہان سے وابستہ فلسفے پر مشتمل ہے جس میں زندگی، موت، جسم، روح غرض ہر چیز کی ایک حد مقرر ہے، جس کی پابندی لازمی ہے۔ اس سے انحراف کے لیے کوئی گنجائش نہیں رکھی گئی ہے۔ اگر کوئی اس حد کی پامالی کا مرتکب ہوتا ہے تو اسے اپنے اعمال پر نظرثانی کرنالازمی ہے۔ افسانہ نگار نے اسلامی تصور جسم و روح ،فنا و بقا اور نظام الٰہی سے استفادہ کرتے ہوئے اس افسانے کی تشکیل کی ہے۔ اس میں اس نکتے کو نمایاںکیاگیا ہے کہ انسان کو وقتی اختیار اورقدرت حاصل ہے مگر یہ اختیار اور قدرت بھی کسی بڑے اختیاراور قدرت کے زیردست ہے۔
’دانتوںمیں گھر ی زبان‘ ہندوستان میں آباد اقلیتی اور اکثریتی فرقے کی نفسیات پر مبنی ایک خوبصورت افسانہ ہے۔ تقسیمِ ہند اور پھر نقل مکانی کے نتیجے میں بہت سے خاندان بکھر گئے۔ یہ افسانہ ٹوٹے ہوئے ایک خاندان کی روداد پیش کر تاہے۔
مجموعہ میں شامل آخری افسانہ ’منھ زور گھوڑیاں‘ فسادات پر مبنی ایک دردناک کہانی ہے جس کا انتساب معروف شاعر زکی انور کے نام ہے۔ کہانی مختلف نسل کی گھوڑیوں اور ایک شہسوار کی ہے لیکن اسے پڑھتے ہوئے زکی انور کی شخصیت اور ان کی شہادت آنکھوں کے سامنے آجاتی ہے۔ فرقہ وارانہ فسادات میں زکی انور نے جو رویہ اختیار کیا تھا اسے ایک جری اور باہمت شخص بھی انجام دینے سے کتراتا ہے۔
’کانفرنس‘کا شمارعلی امام نقوی کے نمائندہ افسانوں میں ہوتا ہے۔ عالمی انسانی تاریخ میں کانفرنس کی کئی شکلیں ملتی ہیں۔ مختلف سیاسی، معاشرتی، مذہبی، اقتصادی، معاشی، تہذیبی اور ادبی موضوعات پر کانفرنسیں منعقد ہوتی رہتی ہیں۔ علی امام نقوی نے اس افسانے میں جانوروں کی کانفرنس منعقد کی ہے۔ہماری ادبی تاریخ میں ایسی کانفرنس کی روایت قدیم زمانے سے چلی آرہی ہے۔ پنج تنتر اور کلیلہ و دمنہ کی حکایتوں میں بھی ایسی کانفرنس کا تذکرہ ملتا ہے۔ ادبی تنقید میں ایسے قصوں کو تمثیلی داستان کا نام دیا جاتا ہے۔ علی امام نقوی نے اس روایت سے استفادہ تو کیا ہے لیکن یہاں تمام جانور اپنی اصل شکل میں موجود ہیں۔تنقیدی زبان میں اسے تمثیلی اورتجریدی عمل قرار دیا جاسکتاہے مگر جانوروں کو ان کی اصل شکل میں نہ دیکھنے سے افسانہ کی اثر انگیزی متاثر ہوسکتی ہے۔ پھر اس افسانے کا طنزیہ لب ولہجہ بھی غیرمتاثر ہوجائے گا۔ اس لیے جانور کو اس کی اصل خوبیوں کے ساتھ دیکھنا،افسانے کی معنوی دنیا کو وسیع کرتا ہے۔ جانور جب انسانوں کی سی باتیں کرنے لگتے ہیں تو اس کا اثر کانفرنس میں موجود جانوروں پر کیاہوتاہے؟ ایک اقتباس دیکھئے:
’’یہ کیسی انسانوں کی سی باتیں کرنے لگے؟‘‘ جیگور نے آنکھیں پھیلا کر مداخلت کی۔
’’کیوں حرج ہی کیاہے؟‘‘
’’ان کی بات نہ کرودوستو، ورنہ نت نئی آفتوںسے دوچار ہونا پڑے گا کہ جب جب بھی وقت کی باگ ان کے ہاتھوں نے سنبھالی تب تب تباہیاں نازل ہوئی ہیں۔ہماری دُہائیاں ، فریادیں کچھ بھی تو ان پر اثر نہیں کرتیں ۔ کرگس پر بیٹھ کر آتشیں بیٹ سے یہ آبادیاں ویران کرتے ہیں۔۔۔۔ہماری اپنی توکیا حیثیت، ان کے اپنے ان کے رحم وکر م پر جیتے ہیں !اور ہماری اموات …اس پر ا ن کاتبصرہ صرف اتنا ہواکر تاہے کہ ہر مفضول افضل کا ہدیہ ہواکر تاہے۔‘‘2
جانوروں کی کانفرنس میں ایک جانور کی زبان سے انسان کے بہیمانہ رویے پر جو تبصرہ کیا گیا ہے اس کی صداقت سے انکا ر ممکن نہیں ۔انسان جب جب بے لگام ہواہے ظلم وجبر اور خاک وخوں کا طوفان بے تمیزی اٹھ کھڑا ہوا ہے۔اس نے اپنی ذاتی منفعت اور خود غرضی کے لیے پوری کائنات کا نقصان کیاہے۔ زمین پر بسنے والے جانوروں اور انسانوں کی فریادیں بے اثر ثابت ہوئی ہیں ۔ ایسے میں جنگل اور انسانی آبادیوں کے قوانین یکساں ہوجاتے ہیں۔ ایک اقتباس ملاحظہ ہو:
’’کس انسان کی بات ہورہی ہے؟وہ جس کی سرشت میں بد دیانتی کوٹ کوٹ کر بھری ہے، مکر اور دغا جس کا اوڑھنا او ر بچھوناہے‘‘۔
’’نہیں ، میں اس کا ذکر کر رہی ہوں جس نے امن کا نعرہ دیا ہے، جس نے عالمی سطح پر ہمدردی کی تحریکیں چلائی ہیں‘‘۔
’’اس میں اس کا اپنا مفاد تھا ۔اس نے اپنے فوق البشر ہونے کا اعلان لاشوں پر کھڑے ہوکر کیاہے۔‘‘3
علی امام نقوی نے جانوروں کے کردارسے انسانی معاشرے پر جو شب خون ماراہے وہ بڑا ہی کاری اور دیرپا ہے۔ کسی ٹھوس نتیجے پر پہنچے بغیر خون خرابہ کے ساتھ کانفرنس کا اختتام ہوجاتا ہے۔ انسانی تاریخ کے اوراق سے ایسی کئی کانفرنسیں بطور مثال پیش کی جاسکتی ہیں جو خون خرابے پر ختم ہوئیں۔اس کے باوجود پُرامن کانفرنس یا امن و امان کی بحالی اور علم و ادب کے فروغ کے عمل میں کانفرنس کی اہمیت سے انکا رنہیں کیاجاسکتا۔ دیکھنے، سننے اور اخذو جذب کرنے کا سلسلہ کبھی منقطع نہیں ہوتا۔ اس ضمن میں افسانے کا یہ جملہ بڑا معنی خیز معلوم ہوتا ہے:’’آنکھ دیکھنے سے، کان سننے سے اور زمین بارش سے نہ کبھی سیر ہوئی نہ ہوگی۔‘‘
’نئے مکان کی دیمک‘ میں شامل تمام افسانوں پر گفتگو ایک مختصر تحریر میں ممکن نہیں لیکن اتنا کہا جاسکتا ہے کہ اس میں شامل افسانوں کے مطالعے سے علی امام نقوی کے مشاہدے کی گہرائی اور ایک خاص اسلوب کی دریافت کی کوشش کا احساس ہوتا ہے۔
علی امام نقوی کے افسانوں کا دوسرا مجموعہ ’مباہلہ‘ 1988 میں شائع ہوا۔ اس کی اشاعت سے علی امام نقوی کی شناخت بطور افسانہ نگار مستحکم اور معتبر ہوئی۔ اس مجموعے میں 22 افسانے ہیں ۔ ان میں سے بیشتر افسانے اس عہد کے مختلف رسالوں کی زینت بن چکے تھے۔ خاص طورسے’ ڈونگر واڑی کے گدھ‘ نے ادبی حلقے کو متوجہ اور متاثر کیا۔یہ کہاجاسکتا ہے کہ اردو افسانے کی تاریخ میں علی امام نقوی اپنے صرف اس افسانے سے ہی زندہ رہ سکتے ہیں۔
’ڈونگر واڑی کے گدھ ‘اپنی نوعیت کا منفردافسانہ ہے۔ ’ڈونگر واڑی کے گدھ‘کا اسلوب اسطور اور دیو مالا سے قریب ہے۔ آخر کے چند جملے حذف کردیے جائیں اورمکالمے کی زبان کو راست بیانیہ میں منتقل کر دیاجائے تواسے اساطیری کہانیوں میں شمار کیاجا سکتا ہے۔ افسانہ نگار کا مقصد اسطور کی بازیافت اور دیومالا کی تخلیق نو نہیں ہے بلکہ اس کے سایے میں معاشرے کا بدنما اورخوفناک چہرہ دکھانا ہے۔ گدھ وہیں آتے ہیں جہاں انھیں مردہ گوشت ملتاہے۔ گدھوں کو دیکھ کر اندازہ ہو جاتاہے کہ آس پاس کہیںکوئی مردار موجود ہے۔ یہ افسانہ اتنا بلیغ اور جامع ہے کہ اس کی ہر سطر کچھ کہتی نظر آتی ہے۔ افسانے کا بیشتر حصہ مکالمے پر مشتمل ہے۔ فنی سطح پر ایسے افسانوں کو قدر کی نگاہ سے نہیں دیکھا جاتا لیکن اس موضوع کا تقاضہ یہی تھا کہ اسے مکالمے کی صورت میں پیش کیا جائے۔
افسانہ ’سراب‘ ایک مختلف قسم کا افسانہ ہے۔ موضوع کی سطح پر اسے جنسی افسانہ کہا جاسکتا ہے۔ علی امام نقوی نے اسے ابہام کے پردے میں کمال خوبی کے ساتھ بیان کیا ہے۔ جنس اور اس کی لفظیات سے ناآشنا قاری اس سے محظوظ نہ ہوسکے گا بلکہ اس کی بہترتفہیم بھی نہ کرسکے گا۔ دو عورتیں ایک خاص قسم کے درد سے بے چین ہوتی ہیں، حکیموں اورڈاکٹروں کی دواؤں کا کوئی اثر نہیں ہوتاہے۔ ایک درویش صفت شخص انھیں یہ بتاتاہے :
’’تمھارادرد اس صورت میں زائل ہوگا جب تم کسی ٹنڈ منڈ خرمے کے درخت کے قریب پہنچو اور اپنے جسم کے زیریں حصہ کو اس بے برگ وبار درخت سے مس کردو۔ تمھارے جسم کے تمسک سے وہ بے برگ وثمر درخت مزین ہوگا ، اس پر خرمے آجائیں گے اورتم درد سے نجات پا جاؤگی۔‘‘4
’سراب‘ کی فضا دھندلی ہے اورافسانہ نگار نے تخلیقی سطح پر اس دھند سے بہت کام لیاہے۔ قاری آخر تک یہی سوچتارہتاہے کہ آخر یہ خرمے کا درخت کہاں ہے اور شیخ سے ملاقات کے بعد جب خود سپردگی کی گھڑی آتی ہے تو قاری کچھ کچھ سمجھنے لگتاہے۔
’مباہلہ‘میں شامل کہانیوں کی زبان ان کی دیگر کہانیوں سے بہت الگ تونہیں ہے مگر اس میں شامل بیشتر افسانوں میں زبان ایک مخصوص لہجے میں ڈھلتی نظر آتی ہے اور مکالمے نسبتاً چست اور رواں ہوگئے ہیں۔ کرداروں کے مطابق وہ خالص بمبیا اردو لکھنے میں یقین رکھتے ہیں مگر بیانیہ میں ان کا اسلوب تخلیقی نثر میں ڈھل جاتا ہے۔مباہلہ میں شامل افسانے علی امام نقوی کی ادبی شناخت میں اہم حیثیت رکھتے ہیں۔
’گھٹتے بڑھتے سائے‘ علی امام نقوی کے افسانوں کا تیسرا مجموعہ ہے جسے تخلیق کار پبلشرز، دہلی نے 1993 میں شائع کیاتھا، اس میں پندرہ افسانے شامل ہیں۔ علی امام نقوی نے اس مجموعے کا انتساب اپنے بھائی قدرت اللہ نقوی اوراپنے بچوں کے نام کیا ہے اورنیچے مصحفی کا بہت ہی خوبصورت شعردرج ہے:
چلی بھی جا جرسِ غنچہ کی صدا یہ نسیم
کہیں تو قافلۂ نو بہار ٹھہرے گا
غلام ہمدانی مصحفی کا یہ شعرعلی امام نقو ی کے تقریباً تمام افسانوں پرصادق آتا ہے۔ علی امام نقوی ان فنکاروں میں سے ہیں،جو اپنے مستقبل سے مایوس نظر نہیں آتے۔ان کے افسانوں میں غصہ،بے چینی اورکبھی کبھی بے یقینی نظرآتی ہے مگریہ جذبات مجموعی تاثر میں منقلب نہیں ہوتے۔ علی امام نقوی کا افسانہ ’ایک لمبی سڑک‘ غصہ اوربے چینی کی تصویرکشی پر مشتمل ہے۔ خوب سے خوب تر کی تلاش انسانی سرشت کا حصہ ہے۔ اسی تلاش و جستجو میں وہ فریب کا شکار بھی ہوتا ہے ۔ اس کہانی میں ممبئی کے نام نہاد مہذب اور پاکیزہ معاشرہ کو طنزکا نشانہ بنایا گیا ہے۔ دومتضادمعاشرے اور محل وقوع کی پیش کش سے علی امام نقوی نے یہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ جگہ یامقام اہم نہیں ہوتا بلکہ اس سے وابستہ لوگ اور ان کا سلوک اہم ہوتا ہے۔ انسانیت اورشرافت میخانوں میں بھی بحال رہتی ہے جب کہ عبادت گاہوں اور تعلیم گاہوں میں جرائم کا ارتکاب ممکن ہے۔
علی امام نقوی کے افسانے پڑھتے ہوئے یہ محسوس ہوتا ہے کہ وہ اپنے افسانوں کے ذریعے فردکوصالح معاشرہ کا احترام کرنا سکھاتے ہیں اور توقع رکھتے ہیں کہ بحیثیت انسان وہ جس ماحول میں سانس لے رہا ہے اسے اپنے بُرے اعمال واقدام سے آلودہ نہ کرے۔
’شائبہ‘ اور’ جھب‘نفسیاتی پیچیدگی اور ذہنی مرض پرمشتمل عمدہ افسانے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں افسانوں کے کرداربھی یکساں ہیں۔ دونوں میں ذکو اور شبنم موجودہیں۔ گھرانہ ایک جیسا ہے۔ علی امام نقوی کی زندگی اور سوانح سے آشنا قاری یہ سمجھ سکتا ہے کہ ان دونوں کہانیوں کا تعلق ان کی بستی سے ہے۔ کیونکہ جس گائوں کا ذکرہے اس کا نام عبداللہ پورہے اوراتفاق سے ان کا آبائی وطن بھی عبداللہ پور،ضلع میرٹھ ہے۔
’موسم عذابوں کا‘ پندرہ افسانوں پر مشتمل علی امام نقوی کے افسانوں کا چوتھا مجموعہ ہے جسے تخلیق کار پبلشرز، دہلی نے1998 میں شائع کیا تھا۔ پیش لفظ کے عنوان سے اس مجموعے میں شامل تحریرپر افسانے کا گمان ہوتا ہے۔ پیش لفظ کے آخری پیراگراف کی پہلی سطرسے معلوم ہوتا ہے کہ علی امام نقوی کے یہاں شناخت اب بھی ایک اہم مسئلے کی حیثیت رکھتی ہے اور اس کے حصول کے لیے مزید لکھنا چاہتے ہیں۔ عمرکی اس منزل میں بھی ان کے تخلیقی سوتے خشک نہیں ہوئے۔
علی امام نقوی کے افسانے ممبئی کی بے حدمصروف زندگی کی ایسی تصویریں ہیں جن کا مشاہدہ ہم آئے دن کرتے ہیں مگرکبھی ان پرغوروفکرکرنے کی زحمت نہیں کرتے۔ افسانہ ’ریپ‘ کا مواد روزنامہ اخباروں میں شائع ہونے والی سرخیوں سے ماخوذ ہے۔ ریپ کی خبروں پر غصہ آنا فطری ہے لیکن اپنے غصے کا رخ زیادتی کی شکار ان عورتوں اورلڑکیوں کی طرف کرتے ہوئے اور انہی کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے یہ سوال کیا جاتاہے کہ آخر دیر رات خواتین کو گھرسے نکلنے کی ضرورت کیا ہے؟ وہ گھر میںکیوں نہیں رہتیں؟ اس ’کیا‘ اور’کیوں‘ کا جواب نہیں ہوتا۔خود کو مطمئن کرنے کے لیے کوئی مضحکہ خیز جواز تلاش کرلیاجاتا ہے۔ علی امام نقوی نے افسانے میں جس سچویشن کوپیش کیا ہے اس سے لرزہ طاری ہوجاتا ہے کہ شیطان کس طرح مسیحائوں کوبھی اپناشکاربنالیتا ہے۔
افسانہ ’دیوث‘ کاموضوع بھی عام زندگی سے تعلق رکھتا ہے۔ علی امام نقوی کی زبان ’بمبیا اردو‘میں بہت گل وبوٹے کھلاتی ہے۔ ’دیوث‘ اس کی بہترین مثال ہے۔
علی امام نقوی کے اکثرافسانوں میں انسانی قدروں اور تہذیبی اشتراک کے تئیں جو والہانہ جذبہ ملتا ہے اسے فنکارکی انسان دوستی سے تعبیرکیا جاسکتا ہے۔ممبئی ایک ایسی جگہ ہے جہاں ہندوستان کی ملی جلی تہذیب سڑکوں اورکارخانوں میں نظرآتی ہے۔انھوں نے اپنے افسانوں میں ہرطرح کے کردارپیش کیے ہیں ۔’دیوث‘ میں خالص بمبیّا بولنے والا بابو ہے تو ’لقاکبوتر‘ میں پوربیا بولنے والی منڈلی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ علی امام نقوی ہرقسم کی زبان لکھنے پرقدرت رکھتے ہیں:
’’ہم لوگن کوتُہری فکرتھی، ای واسطے تُہارجیسے منئی کوہم سب بھرت ہیں۔ ناہی تو خودہی سوچ سرو! توسے حجام گیری ناہووت ہے۔ ای بمبئی ماسارے! اچھے اچھے چیں بول جات ہیں اورتو، کم بختی مارے! دادابنے کا سوچت ہے۔‘‘5
یہ خالص پوربیالہجہ ہے۔ بمبیّا زبان کا ایک نمونہ دیکھیے:
’’یہ جواپن تیرے تھوبڑے پہ تھوکا ہے نا۔ یہ سمجھائے گا تیرے کو۔ ابے جھوپڑی کے! ابھی تھوڑاٹائم آگے اپن تیرے کوبولا ہوتا کہ پون پل پراپن بھڑواگیری کرتا ہے۔ بولاتھاکہ نہیں؟ اکھّی دنیا، سالی میرے کوبھاڑوبولتی ہے۔ ڈھیّوث بولتی۔‘‘6
علی امام نقوی کے افسانوں میں بیانیہ اور کرداروں کے مکالمے سے یکساں طور پر کام لیا گیا ہے۔ وہ حسب ضرورت کرداروں سے مکالمے ادا کراتے ہیں۔ یہ کردار اپنی مخصوص زبان اپنے ساتھ لاتے ہیں اوراپنے سلوک، رویے اور سرگرمیوں سے افسانے کواہم اور یادگار بناتے ہیں۔ ’لقا کبوتر‘ میں سجادخان بہت اہم اوردیرتک یادرہنے والا کردار ہے۔ علی امام نقوی کبھی کبھی سچویشن ہی کو کردارکی شکل میں پیش کردیتے ہیں جس سے کہانی میں دلچسپ ابہام پیدا ہوجاتا ہے اور کہانی کشمکش کے بعد بالکل آخر میں قاری پر کھلتی ہے۔اس قسم کے افسانوں میں’ مسیحائی‘ اور’ریپ‘ شامل ہیں۔
علی امام نقوی کے افسانوں کا آخری مجموعہ ’کہی ان کہی‘ 2012 میں شائع ہوا جس میں 14افسانے ہیں۔ ان افسانوں کا کینوس نہایت وسیع ہے۔ ان افسانوں میں ایک وسیع سیاسی، معاشی اور معاشرتی زندگی کی تصویر موجود ہے۔
علی امام نقوی کے افسانوں کے مطالعے سے احساس ہوتا ہے کہ وہ ماضی یا مستقبل سے زیادہ حال میں زندہ اور درپیش مسائل کو حل کرنے میں یقین رکھتے ہیں۔ وہ ماضی کی بھول بھلیوں اور مستقبل کی خوش کن تصویوریں ابھارنے کے بجائے انسانی دکھ اور معاشرتی پریشانیوں کو اپنے فکر وخیال کا حصہ بناتے ہیں۔ وہ اپنے عہد کے افسانوی اسلوب اور تجربے سے متاثر بھی ہوئے اور ابتدائی دور میں مبہم، علامتی افسانے بھی تخلیق کیے لیکن وقت کے ساتھ ان کے فن میں تبدیلی آتی گئی۔یہی وجہ ہے کہ ان کے یہاں ہر سطح پر تازگی کا احساس ہوتا ہے۔ ان کے اہم افسانوں میں نہ تو ابہام ہے اور نہ ہی روایتی انداز بیان۔ اس لیے ان کا قاری الجھن کا شکار نہیں ہوتا۔ علی امام نقوی کی افسانہ نگاری اردو افسانے کی روایت کو آگے بڑھاتی ہے اورعصری حقائق و حسیت سے اپنے عہد کے قاری کو روشناس بھی کراتی ہے۔
مجموعی طور پر کہا جا سکتا ہے کہ علی امام نقوی نے اپنی تخلیقات کے ذریعے جدید اردوفکشن کی سمت و رفتار متعین کرنے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ انھوں نے اردو فکشن کو نئے موضوعات اورجدید تکنیک سے روشناس کرایا۔ان کی کہانیاں جدید اردو فکشن میںنمایاں مقام رکھتی ہیں۔ جدید اردوفکشن پر جب بھی گفتگو یا بحث کی جائے گی تو علی امام نقوی کا ذکر ناگزیر ہوگا۔
حوالے
1. نقوی،علی امام ۔نئے مکان کی دیمک،ممبئی:شمیم پبلی کیشنز،1980، ص؛33
2. ایضاً،ص؛65
3. ایضاً،ص؛66-67
4. ایضاً،ص؛54
5. ایضاً،ص؛55
6. ایضاً،ص؛144

Dr. Abdus Sami
Assistant Professor
Department of Urdu, BHU,
Varamnasi-221005
Mob: 9891553520
Email: abdussami0543@gmail.com

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Explore More

پریم چند کی کہانیاں

زبان اور اس کی ترقی کے ساتھ ساتھ اس کے ادب کو سمجھنا، جاننا اور اس کی بازدید بھی ایک اہم عمل ہے، منشی پریم چند کا شمار اردو کے

وارث علوی اور افسانہ کی تنقید ،مضمون نگار:تنویر احمد

اردو دنیا،ستمبر 2026: وارث علوی جدید اردو تنقید میں بڑی اہمیت کے حامل ہیں۔ شاعری اور فکشن دونوں کے حوالے سے ان کے تنقیدی کارنامے موجود ہیں۔ لیکن وہ بنیادی

جلال لکھنوی کی غیر مطبوعہ داستان بالا باختر: ایک تعارف، مضمون نگار: محمد سعید اختر

جلال لکھنوی (1834-1909) کا شمار اردو کے ممتاز شعرا میں ہوتا ہے۔ شاعری کے علاوہ لغت نویسی، تاریخ گوئی اورزبان دانی کے حوالے سے بھی ان کی اہم خدمات ہیں۔