اردو دنیا،نومبر2026:
اخترالایمان ہمارے ان باکمال نظم نگاروں میں شامل ہیں جن کی انفرادیت مسلم ہے۔ اخترالایمان کا شعری اسلوب ہمارے سامنے ایک توانا حوالے کے طورپر ابھر کر آتاہے جس سے صرف نظر کرکے ان کی شاعری کی تفہیم نہیں کی جاسکتی۔ان کے منفرد اسلوب کی اساس عام بول چال کی زبان اور نامانوس الفاظ کے خوبصورت اور ہنرمند استعمال پر قائم ہے۔
اخترالایمان کا شعری اسلوب ان کے موضوعات کی ہی طرح ہمہ جہت اور ہمہ گیری کے باعث اپنی انفرادیت کے گہرے نقوش ثبت کرتا ہے۔یہ بھی خاطر نشان رہے کہ ان کا شعری اسلوب ایسا نہیں کہ اسے روایت سے کوئی علاقہ نہ ہو اور یہ یکسر جدید لسانی محاورے کا مظہر ہو بلکہ ان کے اسلوب کو روایت و جدت کا حسین امتزاج قراردیا جاسکتاہے۔مختلف فنی اورتکنیکی طریق کار کی مدد سے وہ ایک ایسا دلآویز اسلوب وضع کرنے میں کامیاب ہوئے جو عام بول چال کی زبان سے نہ صرف کامل طورپر ہم آہنگ ہے بلکہ بعد کی نسل کے لیے اپنے اندر ثروت مند اندوختہ بھی رکھتا تھا۔اس لیے ایسی شاعری اپنے انداز اور پیش کش کی تفہیم کا تقاضا کرتی ہے۔اخترالایمان کے طریق اظہار کی تفہیم کے لیے پروفیسر عقیل احمدصدیقی نے بجا طورپر اسے تین حصوں میں تقسیم کیاہے۔
اول ۔’لیریکل‘( غنائی)
دوم’۔ بیانیہ‘ اور
سوم:۔’ڈرامائی‘1
اخترالایمان کے ابتدائی دور کی نظموں میں غنائی انداز پیش کش کو مرکزیت حاصل ہے۔ بعد کی نظموں میں بھی یہ غنائی طرز اظہار جابجا ملتاہے لیکن اسے وہ مرکزیت حاصل نہیں جو ابتدائی دورکی نظموں کا خاصہ ہے۔غنائی انداز کی حامل نظموںمیں ان کی مختصر نظموں کوبھی کافی اہمیت حاصل ہے۔اس دورکی نظموں میں غنائیت کا سبب یہ ہے کہ ان میں تجربات ،محسوسات اور تاثر کو پیکر سازی کے ساتھ ساتھ رمزیت و ایمائیت کے توسط سے پیش کرنے کی طرف میلان ملتاہے۔ غنائی نظموں میں تاثر اور مرکزیت کو برقراررکھنے کے لیے انھوںنے علامت سازی اور پیکر سازی کی تکنیک سے بھرپور استفادہ کیاہے۔
اسی غنائی نظموں والے ابتدائی دور میں ان کے یہاں اپنے معاصرین میراجی، ن۔م راشد اور فیض احمد فیض کے طریق اظہار کے اثرات بھی دکھائی دیتے ہیں۔ اخترالایمان کی نظموں ’انجان‘،’پل پل روپ بھرے‘ اور ’اجنبی‘ میں میراجی کے نرم و نازک لہجے اور ہندی محاورے کا عکس صاف جھلکتا ہے۔ دوسری طرف اخترا لایمان کے یہاںراشد کے فارسی آمیز اثر کوسمجھنے کے لیے ’قلوبطرہ‘ اور ’پیمبر گل‘ کا مطالعہ مفیدہے۔ فیض کو اپنے معاصرین میں غیر معمولی مقبولیت حاصل تھی اور اس عہد کے کم و بیش تمام شعرا نے ان کی پیروی کرتے ہوئے ان کے طرز میں کچھ نہ کچھ کہاہے۔اخترالایمان کے شعری اسلوب میں بھی فیض کا انداز ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔ چند مثالیں ملاحظہ کریں:
فسانۂ گل رنگیں قبا و نغمۂ شوق
طویل ڈھلتی ہوئی رات،انتظار کے گیت
تڑپ کی آگ میںجلتے ہوئے زمان و مکاں
مئے نشاط میں بھٹکے ہوئے خمار کے گیت
مزہ نہ دیں گے ابھی، ان کو احتیاط سے چھیڑ
خزاں نصیب! ابھی تک ہیں کچھ بہار کے گیت
’پیمبرِ گُل‘
آج سوچا ہے کہ احساس کو زائل کردوں!
اپنے شوریدہ ارادہ کو اپاہج کرلوں
اپنی مجروح تمنا کو مداوا نہ کروں
اپنی خوابیدہ محبت کا المناک مآل
اپنی بے خواب جوانی کو سنایا نہ کروں
اپنے بے کیف تصور کے سہارے کے لیے
ایک بھی شمع سرِ راہ جلایا نہ کروں
اپنے بے سود تخیل کو بکھر جانے دوں
زندگی جیسے گزرتی ہے گزر جانے دوں!
’فیصلہ ‘
یہ امر تسلیم شدہ ہے کہ اخترالایمان کی انفرادیت اور ان کی شناخت کا معتبر اور توانا حوالہ غنائی نظمیں نہیں بلکہ ان کی وہ نظمیں ہیں جن میں بیانیہ اور ڈرامائی تکنیک بروئے کار لائی گئی ہے۔ اخترالایمان کے یہاں غنائی نظموں سے بیانیہ اور ڈرامائی طرز اظہار کی طرف جانے کا عمل بقول پروفیسر عقیل احمد صدیقی (اخترالایمان کے شعری مجموعہ) ’تاریک سیارہ ‘ سے ہوتا ہے۔ غنائی اور بیانیہ نظموں کے درمیان فرق کی وضاحت اور دونوں کے اتصال کی طرف وہ ہماری توجہ مبذول کراتے ہیںـ:ـ
’’بیانیہ نظموں میںعام طورپر ماضی کے کسی تجربے کا بیان ہوتاہے جب کہ غنائی نظموں میں جو کچھ ہے اس کا تعلق زمانۂ حال کے تجربوں اور ان کی کیفیات سے ہے یا کہ ماضی کا کوئی تجربہ بہ صیغۂ حال بیان ہواہے۔(و ہ نظمیں جو بیانیہ ہوتے ہوئے بھی ڈرامائی ہیں جیسے ایک لڑکا ،یادیں)۔‘‘2
اخترالایمان کی شاعری متنوع اسالیب اور رنگا رنگ فنی تدابیر اور حکمت عملیوں کے توسط سے اپنا ہیولی تشکیل دیتی ہے۔ ان کی نظموںمیں رومانی و غنائی اسلوب بھی جلوہ فگن ہے ،علامتی و استعاراتی اسلوب بھی اپنی بہاریں دکھلارہاہے، تمثیلی و طنزیہ اسلوب بھی ہے، نثری ساخت بھی اپنی کشش سے دل لبھاتی ہے، بول چال اور غیر مانوس الفاظ سے تشکیل شدہ شعری تجربہ بھی( جسے ہم نارومانی اور کھردرا اسلوب کہتے ہیں) قاری سے ہم کلام ہے۔ مکالماتی اسلوب سے ڈرامائیت بھی پیدا ہورہی ہے اور کبھی اظہار کے یہ جملہ پیرائے کسی نظم میں یکجا ہوکر کرشمے کا روپ دھارلیتے ہیں۔ غرض’ نئی دنیا کے شکستہ آدمی کی داستان‘ اسالیب کے اس نوع بہ نوع وسیلوں سے ترسیل کی آسودگی سے ہم کنار ہوتی ہے۔ وارث علوی نے اپنے مضمون ’اختراالایمان کی شاعری کے چند پہلو‘ میں اخترالایمان کے شعری اسلوب کی اسی خصوصیت کی نشان دہی کی تھی:
’’ان(ا خترالایمان) کے یہاں تجربات کے زیادہ سے زیادہ علاقوں کوزیر نگیں لانے کی حوصلہ مندی نے اخترالایمان کو کسی ایک طرز سخن کی پابندی قبول کرنے سے باز رکھا۔اس معنی میں ان کی ہر نظم زبان لفظیات اور اسلوب، لب و لہجہ اور آہنگ کا ایک نیا ہنگام دروں بست پیش کرتی ہے اور اسی لیے ان کے یہاں تواتر، تکرار اور یک آہنگی کا وہ احساس نہیں ہوتا جو فیض اور راشد کی شاعری میں نظر آتاہے۔‘‘3
اخترالایمان نے جس نئی شعری لغت سے اپنا کھردرا اور ناتراشیدہ اسلوب مرتب کیا وہ روزمرہ کی زبان اور نامانوس الفاظ کے فن کارانہ تصرف پر استوار ہے۔ انھیں اپنے شعری تجربے کے اظہار کے لیے آرائشی انداز قبول نہیں۔ ان کے یہاں شعوری طورپر عام بول چال اور نامانوس الفاظ کے استعمال سے اردو شاعری کے روایتی قاری کو جھٹکا محسوس ہوتاہے۔ فطری اور بے ساختہ لہجے کے برتاؤ نے ان کی شاعری میں ایک نوع کی موسیقیت کی فضا خلق کی ہے۔ عام بول چال کی زبان سے پیدا ہونے والے آہنگ کو نشان زد کرتے ہوئے پروفیسر شمیم حنفی لکھتے ہیں:
’’اس رویے ( آرائشی بیان سے شعوری گریز) نے ان کی نظموں میں ایک مختلف الجہات قسم کی موسیقیت کو راہ دی ہے۔جیسے ڈھولک کی تھاپ پر کوئی کھردرا گیت گایا جارہاہویا بنگال کے باؤل اپنے اکتارے کی دھن پرگانے کے علاوہ دیوانہ وار رقص بھی کرتے جاتے ہوں۔‘‘4
اخترالایمان کی وہ نظمیں جن کی زبان نثر ی ترتیب، غیر روایتی اور غیر شاعرانہ لفظیات کے عمل سے تشکیل پاتی ہے ان میں ’عہد وفا‘ ،’بنت لمحات‘، پس دیوار چمن‘، ایک لڑکا، باز آمد‘،مفاہمت ‘ اور’رویائے صادقہ‘ شامل ہیں۔
اخترالایمان کا منفرد اسلوب جو عام بول چال اور نثریت سے قریب تر ہے اس کی تفہیم کے لیے ان کی نظموں ’مفاہمت ‘ اور’ کارنامہ‘ کے چند ٹکڑے دیکھیں :
جب اس کا بوسہ لیتا تھا سگریٹ کی بو نتھنوں میں گھس جاتی تھی
میں تمبا کو نوشی کو اک عیب سمجھتا آیا ہوں
لیکن اب میں عادی ہوں، یہ میری ذات کا حصہ ہے
وہ بھی میرے دانتوں کی بد رنگی سے مانوس ہے، ان کی عادی ہے
جب ہم دونوں ملتے ہیں، لفظوں سے بیگانہ سے ہو جاتے ہیں
کمرے میں کچھ سانسیں اور پسینے کی بُو، تنہا رہ جاتی ہے!
ہم دونوں شاید مردہ ہیں،احساس کا چشمہ سوکھا ہے
یا پھر شاید ایسا ہے یہ افسانہ بوسیدہ ہے
( مفاہمت)
عظیم کام کروں کوئی، ایک دن سوچا
کہ رہتی دنیا میں اپنا بھی نام رہ جائے
مگر وہ کام ہو کیا ذہن میں نہیں آیا
زمانے بعد سمندر کنارے بیٹھا تھا
عظیم شئے ہے سمندربھی میرے دل نے کہا
وہ کیا طریقہ ہو میں اس کا بھاگ بن جاؤں
سمجھ میں آیا نہیں کوئی راستہ بھی جب
تو جھنجھلا کے سمندر میں کردیا پیشاب
(کارنامہ)
ان کا ایک اسلوب، ہمہ گیر استعاراتی و علامتی نظام پرمبنی ہے۔ان کی علامتوں کو دیکھ کر محسوس ہوتاہے کہ ان کی علامتیں انفرادی و اجتماعی اور داخلی و خارجی صورت حال کو پیش کرنے کا موثر وسیلہ ہیں۔ان کے یہاں علامتی طرز اظہار کی متعدد صورتوں سے سابقہ پڑتا ہے۔ اخترالایمان کے یہاں علامتی طرز اظہار کی ایک صورت یہ ہوتی ہے کہ وہ کسی کردار کو بطور علامت استعمال کرتے ہیں۔ کبھی کسی سانحہ کو شعری تجربہ بنا کر علامتی پیرائے میں پیش کردیتے ہیں۔کہیں کہیں علامتوں کا استعمال لفظ کی سطح تک ہوتا ہے تو کہیں کہیں پوری نظم علامتی رنگ و آہنگ لیے سامنے آتی ہے۔ علامتی و استعاراتی اسلوب ان کا محبوب اسلوب ہے۔ علامتی اسلوب کی نمائندہ نظمیں ’مسجد‘’ تنہائی میں‘، ’پرانی فصیل‘، موت‘ ’اعتماد‘،’پگڈنڈی‘ اور’جواری‘ ہیں۔ ان میں ’پگڈنڈی‘ اور’ جواری ‘ کو عام طورپر ناقدین نے عمدہ علامتی نظم تسلیم کیا ہے جہاں علامت چیستاں نہیں بنی۔ اور وہ انفرادی و اجتماعی دونوں سطحوں کے تقاضوں کی تکمیل کرتی ہے۔
پروفیسر محمد حسن نے اپنے مضمون ’اخترالایمان کی شاعری‘ میں علامت کے استعمال کی تین صورتیں بتائی ہیں۔ ایک یہ کہ شاعر اس سے اپنی فکری کم مائیگی کو چھپانے اوراپنی شاعری کی آرائش و زیبائش کرنے کا کام لیتاہے۔ دوسرا یہ کہ شاعر علامت کو سخن کا پردہ بنانا چاہتاہے اور اپنے مافی الضمیر پر یا تو مصلحت کے پیش نظر بعض دوسری وجوہ سے لطیف پردہ ڈالنا چاہتاہے اور تیسرا طرز علامت کے استعمال کا یہ بتایا کہ شاعر صرف انبساط کو زیادہ کرنے کے لیے بعض لطیف گوشے تاریک یا دھندلکے ہی چھوڑدیتاہے تاکہ قاری خود اپنی کوشش سے مفہوم کی بازیافت کرسکے ‘ ۔’پگڈنڈی ‘ ،’جواری‘ اور ’موت ‘ کے مطالعہ سے اندازہ ہوتاہے کہ وہ علامت سازی کے ہنر سے آگاہ ہیں۔ یہ نظمیں چیستاں نہیں بنیں بلکہ اس میں قاری خود کو شریک محسوس کرتاہے ۔ علامت کی ان تین صورتوں کی وضاحت کے بعد پروفیسر محمد حسن نے اخترالایمان کی علامت نگاری پر معنی خیز تبصرہ کرتے ہوئے لکھاہے:
’’ہر علامت Symbol در اصل ایک طرح کی کہہ مکرنی ہے، چیستاں یا پہیلی نہیں ہے۔کہہ مکرنی کا جواب خود اسی کے اندر موجود ہوتاہے اور سننے والا اس مشترکہ رابطہ تک ذرا سی کوشش کے بعد پہنچ سکتاہے۔ دوسرے Symbolاستعمال کرتے وقت شاعر کو ندرت احساس و اظہار کے ساتھ ساتھ یہ بھی خیال رکھنا پڑتاہے کہ مشترک سماجی ذخیرۂ احساس سے اس کا رابطہ نہ ٹوٹے۔ ان دونوں باتوں کو جس قدر احتیاط کے ساتھ اخترا لایمان نے برتا ہے، اس کی بنا پر کہا جاسکتاہے کہ وہ ہمارے کامیاب ترین علامتی Symbolistشاعر ہیں‘‘۔5
اخترالایمان کی فنی ہنرمندی اور صناعی کا تیسرا رخ وہ اسلوب ہے جس میں ڈرامائیت کو مرکزیت حاصل ہے۔ ڈرامائی اسلوب کی حامل نظموں میں ’موت‘ ’تاریک سیارہ‘، ’خاک و خون‘،’ ایک کہانی‘ اور’جب آنکھ کھلی‘ شامل ہیں۔ ان نظموں میں ڈرامائیت ان کے اختتامیے میں مضمر ہے اور کبھی کبھی ابتدا ئیوں میں بھی ڈرامائیت پیدا کرکے وہ قاری کواپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ ڈرامائی عنصر کے لیے وہ مکالمے کو بطور ٹول استعمال کرتے ہیں۔ ان کی علامتی اور بیانیہ تکنیک پر مشتمل نظموںکا ڈرامائی عنصر بھی اسی مکالمے کا مرہون منت ہے۔ ہمیں ان کی مختلف نظموں میں خود کلامی اور طنزیہ اسلوب کے ساتھ ڈرامائیت کے عناصر سے سابقہ پڑتا ہے۔ انھوں نے اپنے ڈرامائی اسلوب کو پرقوت بنانے کے لیے تمثیلی ڈرامائی عنصر کو بھی آزمایا۔ ڈرامائیت کی فضا کو مزید ثروت مند بنانے کے لیے انھوں نے تمثیلی عنصر پر زیادہ توجہ نہیں کی۔ ان کے تمثیلی ڈرامائی عنصر سے آراستہ نظم ’اعتماد‘ ان کے تمثیلی تجربے کی عمدہ مثال ہے۔ ان کی ڈرامائی نظم’تاریک سیارہ ‘(ایک کشمکش)، اس میں دو حریفوں خواب اور حقیقت کی کشمکش سے ڈرامائیت پید ا کی گئی ہے ۔اس کے دوبند دیکھیں:
جان من حجلۂ تاریک سے نکلو، دیکھو
کتنا دل کش ہے سیہ رات میں تاروں کا سماں
آسماں چھلکے ہوئے جام کے مانند حسیں
خلد میں دودھ کی اک نہر سی ہے کاہکشاں
آسماں خود ہی نگوں سر ہے اسے کیا دیکھوں
رات کے پاس ہے کیا مرگ تبسم کے سوا
جس کے ذروں میں ہے اب تک مرے ماضی کا لہو
میں نے باندھا ہے اسی خاک سے پیمان وفا!
اس میں کوئی شبہ نہیں کہ اختر الایمان کے ڈرامائی اسلوب کا رنگ بیانیہ اور مکالماتی تکنیک پر مشتمل نظموں میں زیادہ واضح ہوکر ابھرا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ان کی بعض نظمیں ایسی ہیں جو یک بت ہزار شیوہ کی مانند مختلف اسالیب سے آراستہ ہیں۔’عہد وفا‘،’باز آمد،’نیاآہنگ‘، ’بنت لمحات‘، ’ڈاسنہ اسٹیشن کامسافر ‘، اور ’تبدیلی‘ میں بیک وقت متنوع اسالیب جلوہ گر دکھائی دیتے ہیں۔
ان کے یہاں علامتی اور بیانیہ تکنیک کی حامل نظموں مثلاً ’ایک لڑکا،’یادیں‘،’قبر‘، ’کل کی بات‘ وغیرہ میں ڈرامائی انداز نمایاں ہے جب کہ طنزیہ اسلوب اور خود کلامی پر مشتمل نظموں میں ڈرامائی عنصر کا رنگ مدھم ہے۔
اخترالایمان نے شعوری طورپر رومانی اور غنائی لہجے سے گریز کیا ہے۔ ایسا نہیں کہ ان کے یہاں مترنم لب و لہجہ نہیں ملتا تاہم ان کی انفرادیت اظہار کے جن وسائل پر استوار ہے ان میں ڈرامائیت اور بیانیہ کی تکنیک کو غیر معمولی حیثیت حاصل ہے۔بیانیہ کی تکنیک کا راست تعلق شاعر کے تجربات و مشاہدات کے اظہار سے ہے۔ اس میں مکالمہ اور ڈرامائی عناصر سے کشش اور جاذبیت کو برقرار رکھنے کا کام لیا جاتاہے۔مکالمہ اور ڈرامائی عنصر کی شمولیت کے طفیل ان میں ایک نوع کی تہہ داری پیدا ہوجاتی ہے جس کے باعث یہ نظمیں سپاٹ طریق اظہار سے محفوظ ہو جاتی ہیں۔ان کی بیانیہ تکنیک کے حوالے سے پروفیسر عتیق اللہ انھیں اپنے دور کے’ باز گو‘ اور’ ڈرامہ کار بازگو‘ کہتے ہیں:
’’بیانیہ کی تکنیک ان کی دلچسی کاخا ص محور بن گئی ۔ ان کی اکثر نظمیں’ محاضرہ‘ اور ’ خود گزشت‘جیسے عناصر کی شمولیت کے باعث ایک دم قاری کو اپنی طرف متوجہ کر لیتی ہیں۔ ان میں بڑی فن کاری کے ساتھ ڈرامائی نقل اور بیانیہ عنصر کو شامل کرکے خلط ملط کردیا گیا ۔اس معنی میں اخترالایمان ہمارے دور کے ’باز گو‘ بھی ہیں ،ڈرامہ کار باز گو بھی۔ ڈرامائی عناصر کے اعتبار سے ہم ان کو اکثرنظموںمیں دیکھنے کے عمل سے دوچار ہوتے ہیں اور بازگوئی کے عنصر کے باعث ہم انھیں سنتے ہیں‘‘۔6
انھوں نے بیانیہ کی تکنیک کو مختصر اور طویل دونوں طرح کی نظموں میں آزمایا ہے۔ یہ بات سامنے کی ہے کہ مختصر نظم میں بیانیہ کی تکنیک زیادہ کارآمد اور سود مند ثابت نہیں ہوتی لیکن اسے اخترالایمان کی صناعی کہہ سکتے ہیں کہ ’عہد وفا‘، ’بیداد‘ ’شیشے کا آدمی، وقت کی کہانی ‘ اور ’قبر ‘ اختصار کے باوجود بیانیہ تکنیک کی عمدہ مثالیں قرار دی جاسکتی ہیں۔ـ
طنزیہ اسلوب بھی اخترالایمان کی شعری انفراد و امتیاز کا ایک خاص نشان ہے۔ طنز کو ایک ادبی حربے کے طورپر برتنے کا رجحان اردو شاعری کی توانا روایت کا اہم حصہ ہے۔ تخلیق کاروں نے طنز کے وسیلے سے غم دوراں اور غم جاناں دونوں کے مسائل سے نبرد آزما ہونے کی سعی کی ہے۔ اخترالایمان کے یہاں طنز کے اسلوب کی مختلف سطحیں ہیں۔ کبھی وہ مجموعی انسانی صورت حال کو نشانۂ طنز و تشنیع بناتے ہیں اور کبھی انفرادی فکر اور ذاتی عمل پر طنز کے وسیلے سے اپنا کرب بیان کرتے ہیں۔ ان کے یہاں طنز کی اس صورت سے بھی ہمارا سابقہ پڑتاہے جہاں ہمیں اس کی ایک نیم فلسفیانہ سطح نظر آتی ہے اور زندگی کے المیہ آہنگ سے جس کا رشتہ بہت توانا اورمستحکم ہوتا ہے۔’ فرار کی خواہش‘ کا حوالہ بھی ا ن کے طنزیہ اسلوب کی ایک جہت قرار پاتی ہے۔ طنزیہ اسلوب کی حامل نظموں میں ’عہد وفا‘، ’ پرانی فصیل ‘،قبر‘، ’حسن پرست، میرا دوست ابوالہول‘ اور ’شیشہ کاآدمی، راہ فرار، ’ایک احساس‘ وغیرہ شامل ہیں۔ عا م طورپر ’راہ فرار‘ اور ’ ایک احساس ‘ کو اس اسلوب کی نمائندہ اورکامیاب نظموں میں شمار کیا جاتاہے۔
مری تنہائیاں مانوس ہیں تاریک راتوں سے
مرے رخنوں میں ہے الجھا ہوا اوقات دامن کا
مرے سائے میں حال و ماضی رُک کر سانس لیتے ہیں
زمانہ جب گزرتاہے بدل لیتاہے پیراہن
یہاں سرگوشیاں کرتی ہے ویرانی سے ویرانی
فسردہ شمعِ امید و تمنا لَو نہیں دیتی
یہاں کی تیرہ بختی پر کوئی رونے نہیں آتا
یہاں جو چیز ہے ساکت،کوئی کروٹ نہیں لیتی
اخترالایمان کے شعری اسلوب کو دریافت کرتے ہوئے ہماری نگاہ ان چھوٹی لیکن اہم فنی تدابیر پر بھی ہونی چاہیے جن سے ان کا منفرد طریق اظہار تشکیل پاتا ہے۔ اس سے میری مراد یہ ہے کہ ان کی نظموں کی ابتدا کیسے ہوتی ہے، وہ کس طرح انجام کو پہنچتی ہیں اور نظم کے داخلی آہنگ اور لہجے کی تعمیر میں کن عناصر سے استفادہ کیا گیا ہے وغیرہ۔
نظم نگاری کے دوران اخترالایمان جو اہم فنی تدابیر اختیار کرتے ہیں ان میں سے ایک یہ ہے کہ وہ اپنی نظموں کی ابتدا بغیر کسی تمہیدکے یک لخت انداز میں کرتے ہیں۔ عام بول چال کی زبان اور نثر سے کامل طورپر ہم آہنگ غیر روایتی اور غیر رسمی شعری زبان سے وہ قاری کے لیے آزمائش کا توشہ تیار کرتے ہیں۔نظم کے آغاز ہی سے ایک درشت وکرخت تاثر کو ابھارنا جیسے ان کی منصوبہ بند کوشش ہو۔ ان کی نظموں کی ایک بنیادی خصوصیت امیجری کا کمال ہے۔ انھیں لفظوں کی مدد سے اشیا کی صورت گری کا ہنر خوب آتاہے۔ایک تکنیک جس کا وہ ہنرمندانہ استعمال کرتے ہیں اس کا تعلق افسانوی تکنیک سے ہے ۔ ان کی بعض نظموں کے ابتدائیوں کو پڑھ کر افسانوی صنف کی یاد تازہ ہوجاتی ہے۔نظم نگاری میں تیسری تکنیک جسے وہ بروئے کار لاتے ہیں وہ یہ ہے کہ ان کی نظمیں بلا تمہید کے بقول پروفیسر عتیق اللہ Doggerel طریقے سے شروع ہوجاتی ہیں۔ چوتھی تکنیک کا تعلق بھی افسانوی تکنیک سے ہے۔ وہ اپنی نظموںکے اختتامیوں میں اینٹی کلائمکس کے تاثر کو ابھار تے ہیں۔ گویاوہ اپنی نظموں میں صرف شعری لوازمات کا اہتمام نہیں کرتے بلکہ افسانوی تکنیک سے بھی استفادہ کرتے ہیں۔
غرض اخترالایمان کے شعری اسلوب اور ان کے فنی طریق کار کے مطالعہ سے اندازہ ہوتا ہے کہ انھوں نے انتہائی ہنرمندی کے ساتھ متنوع طریق اظہار کو منتخب کیا ہے۔ انھوں نے رومانی و غنائی پیرایہ اظہار کو بھی برتا اور بیانیہ و ڈرامائی اسلوب پر بھی انتہائی سلیقہ مندی سے اپنی مہر ثبت کی۔ علامتی و استعاراتی طرز ادا ،نثری ساخت سے مماثل اور طنزکا طریق اظہار کو بھی بروئے کار لائے۔ اسالیب کے تنوع کے ساتھ ساتھ مختلف فنی تدابیر کے استعمال سے اپنے یکتا و یگانہ اسلوب کو توانائی و استحکام عطا کیا۔ ان کے اسالیب اور دیگر فنی تدابیر کے مطالعے سے یہ نتیجہ اخذ کیا جاسکتاہے کہ ان کا شعری اسلوب ان کی افتاد طبع، تفکیری رویے ، تخلیقی وفور سے سرشار ذہن اور روایت و جدت کے حسین امتزاج کا مستند اور کامیاب نمونہ ہے ۔
حوالہ جات
1. جدید اردو نظم:نظریہ و عمل ،ایجوکیشنل بک ہاؤس علی گڑھ، ایڈیشن 2012 ص345
2. ایضاً ص 347
3. وارث علوی ’اختر الایمان کی شاعری کے چند پہلو‘ مشمولہ ’سوغات‘ شمار ہ1991 ص37
4. شمیم حنفی’اخترا لایمان کی شاعری‘( محمود ایاز کی یاد میں) مشمولہ ’سہ ماہی اردو ادب‘ اخترا لایمان نمبر، انجمن ترقی اردو(ہند) نئی دہلی،شمارہ236-7 جلد 59-60 (اکتوبر 2015-تا مارچ 2016،ص 415
5. پروفیسر محمد حسن ’اخترالایمان کی شاعری‘ معیار ‘ 7 اخترالایمان نمبر، معیار پبلی کیشنز، دہلی 2000، ص 133-134
6. پروفیسر عتیق اللہ ’اخترا لایمان :ایک متبادل نظم گو‘ مشمولہ سہ ماہی ‘اردو ادب‘ اختر الایمان نمبر، انجمن ترقی اردو(ہند) نئی دہلی، شمارہ236-7 جلد 59-60(اکتوبر 2015-تا مارچ ص 489-490
7. کلیات اخترالایمان (مرتبہ) بیدار بخت۔ سلطانہ ایمان، ایجوکیشنل پبلشنگ ہاؤس، دہلی 2017
Dr. Naushad Alam
Academy of Professional Development of Urdu
Medium Teachers (APDUMT)
Noam Chomsky Complex,
Jamia Millia Islamia New Delhi-110025
Mob.: 9971260657
Email: naushadalam1@gmail.com



