اختر الایمان کی نظموں کا بیانیہ نظام ،مضمون نگار: لیاقت علی

November 12, 2026 0 Comments 0 tags

اردو دنیا،نومبر2026:

شاعری کی اصل قوت موضوعات کی غیر معمولیت کے بجائے معمول کے اندر مضمر غیر معمول کو منکشف کرنے کی تخلیقی استعداد میں پوشیدہ ہوتی ہے۔ زندگی اپنے ظاہری مظاہر میں جس قدر مانوس، مکرر اور غیر اہم دکھائی دیتی ہے، اس کے باطن میں انسانی وجود کی اتنی ہی پیچیدہ، متضاد اور ناقابلِ توضیح صورتیں متحرک رہتی ہیں۔ زندگی کی یہی دوہری ماہیت، اس کی ظاہری معمولیت اور داخلی پیچیدگی، اختر الایمان کے شعری بیانیے کی بنیادی اساس قرار پاتی ہے۔اخترالایمان جدید اردو نظم کے ان اہم شعرا میں شمار ہوتے ہیں جنھوں نے اردو شاعری کے مروجہ اسالیب اور موضوعاتی ترجیحات سے انحراف کرتے ہوئے اظہار و بیان کی ایک منفرد شعری جہت متعین کی۔ ’’اخترالایمان کوئی معمولی شاعر نہیں تھا کہ تقلید اور تتبع کے اس رجحان میںیکسر بہہ جاتا اور اپنی نظم کو نعرہ بازی اور نظریاتی تبلیغ کے حوالے کر دیتا۔‘‘1 ان کی شناخت بنیادی طور پر ایک نظم نگار کی حیثیت سے قائم ہوئی۔ ان کے شعری مجموعوں میں ’’گرداب‘‘، ’’تاریک سیارہ‘‘، ’’آبِ جو‘‘، ’’یادیں‘‘، ’’بنتِ لمحات‘‘ اور ’’نیا آہنگ‘‘ نمایاں ہیں، جب کہ ان کا کلیات ’’سروساماں‘‘ کے نام سے شائع ہوا۔ مجموعہ کلام ’’یادیں‘‘ پر انھیں ساہتیہ اکادمی ایوارڈ سے نوازا گیا۔
اختر الایمان کے یہاں شاعری زندگی سے ماورا کسی متخیل آرام گاہ کی تعمیر نہیں کرتی اور نہ ہی وہ تجربے کو کسی مجرد جمالیاتی آدرش کے تابع کر کے اس کی ناگوار حقیقتوں کو محو کرنے کی کوشش کرتی ہے،وہ زندگی کے ان منتشر، بظاہر غیر اہم اور روزمرہ مظاہر میں داخل ہوتی ہے جنھیں ہم دیکھنے کے باوجود محسوس نہیں کرتے۔ ان کی شعری بصیرت کا امتیاز اس انکشاف میں مضمر ہے کہ معمولی واقعہ اپنی ظاہری حدود کے اندر کبھی معمولی نہیں ہوتا، اس کے باطن میں تاریخ کی نامرئی تہیں، حافظے کے مدفون نقوش، انسانی رشتوں کے شکستہ امکانات اور شعور کی غیر ملفوظ کشمکشیں پوشیدہ رہتی ہیں۔وہ زندگی کی پوشیدہ اس شعری حقیقت کو منکشف کرتے ہیں جس پر خود زندگی کی تکرار نے پردہ ڈال رکھا ہوتا ہے۔’’آب جو‘‘ کے دیباچے میں اخترالایمان نے لکھا ہے :
’’(میری شاعری) ایک ایسے انسانی ذہن کی تخلیق ہے جو رات دن بدلی ہوئی سیاسی ، معاشی اور اخلاقی قدروں سے دوچار ہے، جو اس معاشرہ اور سماج میں زند ہ ہے جسے Ideal نہیں کہا جا سکتا۔ جہاں عملی زندگی اور اخلاقی قدروں کا ٹکرائوہے، جہاں انسان کا ضمیر اس لیے قدم قدم پر ساتھ نہیں دے سکتا کہ زندگی ایک سمجھوتہ کا نام ہے اور سماج کی بنیاد اعلٰی اخلاقی قدریں نہیں مصلحت ہے اور ضمیر کو چھوڑ ا اس لیے نہیں جا سکتا کہ اگر انسان محض حیوان ہو کر رہ گیا تو ہر اعلٰی قدر کی نفی ہو جائے گی۔ــ‘‘ 2
اسی تناظر میں اختر الایمان کے شعری امتیاز کو متعین کرنے اور سمجھنے کی کوشش کی گئی ہے کہ انھوں نے عام آدمی، معمولی واقعات، مانوس مناظر اور روزمرہ گفتگو کو اپنی نظموں میں کس طرح سے جگہ دی، ان کے یہاں روزمرہ تجربہ شعری تجربے میں کس طرح منقلب ہوتا ہے اور وہ کون سا جمالیاتی و ادراکی عمل ہے جس کے ذریعے ایک معمولی واقعہ اپنی فوری افادیت، خارجی شناخت اور واقعاتی محدودیت سے تجاوز کر کے ایک وسیع تر انسانی معنویت حاصل کر لیتا ہے۔شاید یہ کہنا غلط نہ ہوکہ زندگی کا نظم میں داخل ہو جانایا نظموں کا موضوع بن جانا بذاتِ خود کوئی غیر معمولی فنی کارنامہ نہیںہے، اصل تخلیقی مسئلہ ہے کہ شاعر روزمرہ کی مانوسیت کو کس طرح اپنے خلاف استعمال کرتا ہے، کس طرح ایک شناسا منظر کو اجنبیت کی ایسی روشنی میں رکھ دیتا ہے کہ قاری اس چیز کو بھی نئے سرے سے دیکھنے پر مجبور ہو جاتا ہے جسے وہ پہلے سے جاننے کا گمان رکھتا تھا۔ اختر الایمان کے یہاں یہ عمل مشاہدے، حافظے، داخلی فاصلے اور بیانیاتی تنظیم کے اس باہمی تعامل سے تشکیل پاتا ہے جس میں واقعہ اپنی پہلی معنویت سے محروم ہوئے بغیر معنوی امکانات کی متعدد سطحوں میں منکشف ہوتا ہے۔
مثال کے طور پر یہ نظم ملاحظہ کیجیے:
گلاب کیکر پہ کب اگے گا
کہ خار دونوں میں مشترک ہے
میں کس طرح سوچنے لگا ہوں
مجھے رفیقوں پہ کتنا شک ہے
یہ آدمیت عجیب شے ہے
سرشت میں کون سا نمک ہے
کہ آگ، پانی، ہوا، یہ مٹی
تو ہر بشر کا ہے تانا بانا3
اخترالایمان کی شعری کائنات میں نظم کسی مجرد خیال کی توضیح، کسی جذبے کی لفظی ترجمانی یا کسی واقعے کی بیانیہ بازآفرینی نہیں، بلکہ تجربہ وجود کی اس پیچیدہ داخلی حرکت کا نام ہے جس میں واقعہ، حافظہ، زمان، مکان، ذات اور غیرِ ذات ایک دوسرے میں مدغم ہو کر معنی کی ایک ایسی متحرک ساخت تشکیل دیتے ہیں جسے موضوعاتی تناظر میں گرفت میں نہیں لیا جا سکتا۔ اخترالایمان کا بنیادی امتیاز جدید انسان کے المیے، تنہائی، شکستِ رشتہ، تغیرِ اقدار یا احساسِ زیاں کو موضوع بنانے کہ ساتھ ایک ایسی شعری صورتِ حال میں منکشف ہے جس میں معنی قاری پر مسلط نہیں ہوتے بلکہ واقعے کی تہہ سے تدریجاً نمودارہوتے ہیں۔ ان کی نظم میں خیال پہلے سے مرتب شدہ نظریے کی صورت میں وارد نہیں ہوتا، وہ کسی منظر کی جزئیات، کسی معمولی واقعے، کسی مکالمے، کسی غیر متوقع یاد یا کسی داخلی ارتعاش سے اپنی معنوی تشکیل کا آغاز کرتے ہیں۔ جمیل جالبی لکھتے ہیںکہ:
’’ اخترالایمان کے ہاں جو تہہ داری ہے، جو رمزیت اور اشاریت ہے وہ اس کی شاعری میں معنی و مفہوم کے کئی جلوے قاری کو دکھاتی ہے اور یہی چیز ہے جو اس کی نظموں میں سلیقہ اور الفاظ کے برتنے کے ڈھنگ پر روشنی ڈالتی ہے۔ وہ اپنے مشاہدات اور جذبات کے اظہار کے لیے سخت محنت کرتا ہے اور اپنی ساری صلاحیت اس بات پر صرف کردیتا ہے کہ وہ نظم کو اول تا آخر مکمل تکنیکی آگاہی کے ساتھ پیش کر سکے جو موسیقی سے قریب ہو اور جس کے ذریعے خیال بھی بھر پور طریقہ پر ادا ہو جائے۔‘‘ 4
اخترالایمان کے بیانیے میں انسانی اقدار کازوال زندگی کے تجربے کو جانچنے کا ایک پیمانہ ہے۔ اخترماضی کو اس لیے یاد نہیں کرتے کہ اسے غیر مشروط طور پر بہتر ثابت کیا جائے، بلکہ اس کے ذریعے حال کی معنویت، اس کی کمزوریوں اور اس کے تضادات کو نمایاں کیا جاسکے۔ان کا مکالماتی بیانیہ ایک شعریاتی عمل ہے، کبھی حال اور ماضی ایک دوسرے کے بالمقابل آتے ہیں، کبھی موجودہ ذات اپنے ہی وجود کے روبرو ہوتی ہے، کبھی کوئی خارجی منظر حافظے کے اندر پوشیدہ کسی زمانے کو بیدار کر دیتا ہے، کبھی ایک کردار دوسرے کردار سے گفتگو کرتے ہوئے دراصل اپنے باطن کے کسی منقسم حصے سے مخاطب ہوتا ہے اور کبھی خاموشی خود ایک ایسی غیر ملفوظ گفتگو میں تبدیل ہو جاتی ہے جس کی معنوی شدت کہے ہوئے لفظ سے زیادہ ہوتی ہے۔ اس اعتبار سے اخترالایمان کے یہاں مکالمہ دو آوازوں کے اجتماع کے بجائے دو وجودی امکانات کا تصادم ہے۔ ان کی نظم میں ’’میں‘‘ بھی ایک واحد، غیر منقسم اور مستحکم وجود نہیں رہتا، وہ اپنے اندر متعدد زمانی اور نفسیاتی حوالوں کو مجتمع کیے ہوئے ایک ایسا منقسم شعور بن جاتا ہے جس میں ماضی کا شخص، حال کا شخص اور ممکنہ مستقبل کا شخص ایک دوسرے کو دیکھتے، پرکھتے اور کبھی کبھی مسترد کرتے ہیں۔ اس تناظر میںان کی مشہور نظم ’’ایک لڑکا‘‘ کو پیش کیا جا سکتا ہے۔ اس نظم کا لڑکا ایک زمانی پیکر ضرور ہے، مگر اس سے زیادہ وہ ذات کے اس مفقود امکان کا استعارہ ہے جو وقت کی مسلسل گردش میں کہیں پیچھے رہ گیا ہے۔ شاعر اپنے گزرے ہوئے وجود کو یاد کرتا ہوا دراصل اس وجود کی بازیافت نہیں کرتا بلکہ اس سے اپنے حال کا محاسبہ کراتا ہے۔ ماضی کی یہ مراجعت اس لیے بھی معنی خیز ہے کہ وہ حال کو تسکین نہیں دیتی بلکہ اس کے اطمینان کو متزلزل کرتی ہے۔ بچپن کا لڑکا ایک گزرے ہوئے زمانے کی تصویر سے زیادہ اس سوال کی علامت ہے کہ انسان اپنی عمر کے مختلف مراحل سے گزر کر آخر کس مقام پر اپنی شناخت سے بیگانہ ہو جاتا ہے۔ اس نظم میں زندگی کا بنیادی وصف حرکت ہے۔ لڑکا کبھی باغوں میں ہے، کبھی کھیتوں میں، کبھی جھیلوں کے پاس اور کبھی بستی کی گلیوں میں۔ لفظ ’’کبھی‘‘ کی تکرار یادداشت کے مختلف دریچوں کو کھولتی ہے :
کبھی آموں کے باغوں میں کبھی کھیتوں کی مینڈوں پر
کبھی جھیلوں کے پانی میں کبھی بستی کی گلیوں میں
کبھی کچھ نیم عریاں کم سنوں کی رنگ رلیوں میں
کبھی میلوں میں ناٹک ٹولیوں میں ان کے ڈیرے میں
تعاقب میں کبھی گم تتلیوں کے سونی راہوں میں
کبھی ننھے پرندوں کی نہفتہ خواب گاہوں میں
برہنہ پاؤں جلتی ریت یخ بستہ ہواؤں میں
(ایک لڑکا)
’’اخترالایمان تم ہی ہو‘‘ کا سوال نظم کی مرکزی معنوی گرہ ہے۔ اس میں صرف شناخت کی تصدیق مطلوب نہیں، بلکہ ماضی اور حال کے درمیان پیدا ہونے والے فاصلے کا حساب بھی پوشیدہ ہے۔ لڑکا گویا شاعر سے پوچھ رہا ہے کہ کیا موجودہ شخصیت واقعی اسی شخص کی توسیع ہے جس کے اندر کبھی آزادی، بیباکی اور تبدیلی کی آرزو موجود تھی؟اس اعتبار سے نظم کا بیانیہ خود احتسابی کی ایک صورت اختیار کر لیتا ہے۔’’ایک لڑکا‘‘ میں شاعر اپنے ماضی کے کردار کو دفن کردینے کا دعویٰ کرتا ہے:
میں اس لڑکے سے کہتا ہوں وہ شعلہ مر چکا جس نے
کبھی چاہا تھا اک خاشاک عالم پھونک ڈالے گا
لیکن نظم کا اختتام اس دعوے کو قطعی نہیں رہنے دیتا:
یہ لڑکا مسکراتا ہے یہ آہستہ سے کہتا ہے
یہ کذب و افترا ہے جھوٹ ہے دیکھو میں زندہ ہوں
اس نظم کے بارے میں شمیم حنفی لکھتے ہیں کہ:
’’ یہ لڑکا سرد مہر فضا میں زندگی کی حرارت ، توانائی اور مہم جوئی کی علامت بن کر مہزب انسان کے اجتماعی زوال کی طرف اشارہ کرتا ہے۔‘‘5
نظم ’’ڈاسنہ اسٹیشن کا مسافر‘‘میں حافظہ تقسیم ہند کے تاریخی تجربے تک لے جاتا ہے۔ نظم میں ایک معمولی سا سوال ماضی کی ایک پوری دنیا کو متحرک کردیتا ہے:
کون سا اسٹیشن ہے؟
ڈاسنہ ہے صاحب جی
اس کے بعد نظم کا مکالماتی بیانیہ بدلتی ہوئی بستی کے تناظر میں آگے بڑھتا ہے۔ ماضی کی آبادی اور موجودہ تجارتی صورتِ حال کے درمیان فاصلہ اس مکالمے میں نمایاں ہوتا ہے:
اس حقیر بستی میں
کون آ کے رہتا تھا
لیکن اب یہی بستی
بمبئی ہے دلّی ہے
نظم کے آخری حصے کو ملاحظہ کیجیے جو تقسیم کے تجربے سے مربوط اور تقسیم کے نتیجے میں بکھرنے والی زندگی اور ٹوٹنے والے تہذیبی روابط کا نوحہ ہے۔
ملک کا یہ بٹوارا
لے گیا کہاں اس کو
’’ڈاسنہ اسٹیشن کا مسافر‘‘ میں یہ مکالماتی اور زمانی شعریات اس معمولی خارجی واقعے کو اس طرح تہہ دار بناتی ہے کہ اسٹیشن جغرافیائی مقام نہ رہ کر حافظے کے ایک ایسے دروازے میں تبدیل ہو جاتا ہے جس سے ماضی حال میں داخل ہوتا ہے۔ سفر آگے کی طرف مگر شعور پیچھے کی طرف، جسم زمانی طور پر مستقبل کی سمت جب کہ حافظہ اسے اس مقام پر واپس لے جاتا ہے جہاں کچھ کبھی وقوع پذیر ہوا تھا۔ یہی داخلی اور خارجی حرکت کا تضاد نظم کو اس کی ڈرامائی معنویت عطا کرتا ہے۔ اخترالایمان کے یہاں منظرنامہ بھی اسی مکالماتی نظام کا ایک فعال جزو ہے۔ اسٹیشن، راستہ، مکان، مسجد، گلی یا کوئی معمولی منظر اپنی خارجی ہیئت سے تجاوز کر کے انسانی شعور کے داخلی نقشے میں شامل ہو جاتا ہے۔ اخترالایمان کے شعری نظام میں مکان اور زمان ایک دوسرے سے الگ تصورات نہیں رہتے، مکان زمانے کو محفوظ کرتا ہے اور زمانہ مکان کو معنی عطا کرتا ہے۔ ’’آخری ملاقات‘‘ میں یہی شعری منطق کا تجربہ ایک پیچیدہ صورت اختیار کرتا ہے۔ یہاں محبت اور اس کی فنا، ماضی اور حال، قربت اور فاصلے کے درمیان ایک ایسا کشمکش آمیز تعلق ہے جس میں لفظ اپنے ظاہر سے زیادہ اپنے باطن میں معنی پیدا کرتے ہیں۔ ’’جشنِ مرگِ محبت‘‘ جیسی ترکیب میں معنوی تضاد اس داخلی شکست کی علامت ہے جہاں ایک تعلق کے خاتمے کو ماتم کے بجائے جشن کے استعارے میں بیان کیا جاتا ہے۔ نظم کا مرکزی مصرعہ ہے:
آؤ کہ جشن مرگ محبت منائیں ہم!
یہاں محبت کی موت کا اعلان ایک ایسے تعلق کی معنوی تحلیل کا اظہار ہے جس کی توانائی اور تازگی باقی نہیں رہی۔ شاعر اس صورتِ حال کو یوں بیان کرتا ہے:
آتی نہیں کہیں سے دل زندہ کی صدا
سونے پڑے ہیں کوچہ و بازار عشق کے
اس نظم میں ماضی کی بازیافت کی خواہش موجود ہے، لیکن اختر اس حقیقت سے بھی آگاہ ہے کہ وقت گزرنے کے بعد پرانے تعلقات اپنی اصل صورت میں بحال نہیں ہو سکتے:
سوچا نہ تھا کہ آئے گا یہ دن بھی پھر کبھی
اک بار پھر ملے ہیں، ذرا مسکرا تو لیں!
اخترالایمان کے شعری بیانیے میںشکستہ ساختوں کا تصور مختلف سطحوں پر نمودار ہوتا ہے۔ یہ کبھی محبت کی موت ہے، کبھی ماضی کی گم شدگی، کبھی عمر کے اختتام کا احساس اور کبھی ایک پوری ساخت کے بکھر جانے کی صورت اختیار کرتا ہے۔ نظم ’’آمادگی‘‘ میں شکستہ ساخت یا انہدام کو اس منظرنامے کے ذریعے پیش کیا گیا ہے:
ایک اک اینٹ گری پڑی ہے
سب دیواریں کانپ رہی ہیں
ان تھک کوششیں معماروں کی
سر کو تھامے ہانپ رہی ہیں
نظم میں عمارت کی ساخت کے مختلف اجزا کا زوال ایک مسلسل عمل کے طور پر سامنے آتا ہے:
موٹے موٹے شہتیروں کا
ریشہ ریشہ چھوٹ گیا ہے
بھاری بھاری جامد پتھر
ایک اک کر کے ٹوٹ گیا ہے
لوہے کی زنجیریں گل کر
اب ہمت ہی چھوڑ چکی ہیں
نظم کا اختتام اس بکھراؤ کو انسانی تعلق کے امکان سے مربوط کرتا ہے:
سب کچھ ڈھیر ہے اب مٹی کا
تصویریں وہ دل کش نقشے
پہچانو تو رو دو گی تم
یہی شکستہ بیانیہ دوسری نظموں میں مختلف صورتوں میںبھی ملتاہے۔ ’’آخری ملاقات‘‘ میں محبت کی روایت شکستہ ہے، ’’ایک لڑکا‘‘ میں ماضی کا شعلہ مردہ قرار دیا جاتا ہے، ’’ڈاسنہ اسٹیشن کا مسافر‘‘ میں ایک تہذیبی دنیا گم ہو چکی ہے۔ نظم ’’موت‘‘ میں احساس کی زنجیر ٹوٹنے، فریاد کے ابھرنے اور مایوسی کے چراغ کے ٹمٹمانے کی تصویریں ایک اضطرابی فضا تشکیل دیتی ہیں:
ان نظموں کے باہمی مطالعے سے اخترالایمان کے شعری بیانیے کی وہ فکری جہات سامنے آتی ہیں جن میں فرد، معاشرہ، تاریخ اور وقت ایک دوسرے کے معنی متعین کرتے ہیں۔ ان کا شعری بیانیہ وجودی تشکیک، تاریخی آگہی اور تہذیبی محاکمے کا مرکب ہے۔اسی تناظر میں نظم ’’کاوش‘‘ میں زمانی شعور اور انسانی امکانات کی محدودیت، ’’فیصلہ‘‘ میں احساس سے گریز کی نفسیات، ’’متاع رائیگاں‘‘ میں اجتماعی شعور کا بحران، ’’قلوبطرہ‘‘ میں تاریخی و تہذیبی زوال، ’’اتفاق‘‘ میں تعلقات کی اتفاقی بازیافت، ’’زندگی کے دروازے پر‘‘ میں اجتماعی جمود اور ’’اظہار‘‘ میں داخلی احساس جیسے مسائل زیرِ بحث آتے ہیں۔ان کے شعری بیانیہ میں وقت واقعات کی ترتیب یا عمر کے گزرنے کا پیمانہ نہیں ہے بلکہ انسانی امکانات کو محدود اور اس کی معنویت کو متغیر کرنے والی قوت ہے۔ نظم ’’کاوش‘‘ میں یہ کیفیت براہِ راست بیان ہوئی ہے:
نیا دن روز مجھ کو کتنا پیچھے پھینک دیتا ہے
یہ آج اندازہ ہوتا ہے کہ میں آہستہ آہستہ
ہزاروں میل کی دوری پہ تم سے آ گیا اور اب
دنوں سالوں مہینوں کو اکٹھا کر کے گم گشتہ
دیار میں بیٹھا ہوں نہ کچھ آگے نہ کچھ پیچھے
( کاوش)
جدید انسانی تجربے کا ایک بنیادی تضاد یہ ہے کہ شعور فرد کو اپنی صورتِ حال کا ادراک بھی عطا کرتا ہے اور اسی ادراک کی شدت اسے اس سے گریز پر بھی آمادہ کرتی ہے۔ اخترالایمان کی نظم ’’فیصلہ‘‘ میں احساس کو زائل کرنے کی خواہش اسی تضاد کی شعری تشکیل ہے۔ یہاں احساس سے نجات کسی حقیقی مسئلے کے حل کے بجائے داخلی کشمکش کو معطل کرنے کی کوشش کرتی ہے۔
آج سوچا ہے کہ احساس کو زائل کر دوں
اپنے شوریدہ ارادے کو اپاہج کر لوں
اپنی مجروح تمنا کا مداوا نہ کروں
اپنی خوابیدہ محبت کا المناک مآل
اپنی بے خواب جوانی کو سنایا نہ کروں
اپنے بے کیف تصور کے سہارے کے لیے
ایک بھی شمع سر راہ جلایا نہ کروں
اخترالایمان کی نظم ’’قلوبطرہ‘‘ میں تاریخی و تہذیبی زوال کا بیان ایک ایسے شعری منظرنامے میں تشکیل پاتا ہے جس میں حسن، اقتدار، عشرت اور فنا کے عناصر باہم پیوست ہیں۔ نظم کے آخری حصے میں شاعر کا خطاب تاریخی کردار اور اس کی صورتِ حال کو ایک وسیع تر زوال کے تناظر میں پیش کرتا ہے:
عشرت پرویز میں کیا نالہ ہائے تیز تیز
اڑ گیا دن کی جوانی کا خمار
شام کے چہرے پہ لوٹ آیا نکھار
ہو چکے ہیں ہو رہے ہیں اور دامن داغدار
اس کا زریں تخت سیمیں جسم ہے آنکھوں سے دور
جام زہر آلود سے اٹھتے ہیں جھاگ
چونک کر انگڑائیاں لیتے ہیں ناگ
جاگ انطونی محبت سو رہی ہے جاگ جاگ
( قلوبطرہ)
جدید شہری اور سماجی زندگی میں انسانی تعلقات کی کمزوری اخترالایمان کی شاعری کا ایک نمایاں موضوع ہے۔ نظم ’’اتفاق‘‘ میں اجنبیت اور تعلق کی آرزو ایک ایسی صورت میں سامنے آتی ہے جس میں ملاقات کسی طے شدہ منصوبے یا سماجی رسم کے بجائے اتفاق پر منحصر ہے:
دیار غیر میں کوئی جہاں نہ اپنا ہو
شدید کرب کی گھڑیاں گزار چکنے پر
کچھ اتفاق ہو ایسا کہ ایک شام کہیں
کسی اک ایسی جگہ سے ہو یونہی میرا گزر
جہاں ہجوم گریزاں میں تم نظر آ جاؤ
اور ایک ایک کو حیرت سے دیکھتا رہ جائے!
(تفاق)
اخترالایمان کی شاعری میں احساس اور اظہار کے درمیان تعلق ایک بنیادی فنی و فکری مسئلہ ہے۔ انسانی تجربہ ہمیشہ مکمل طور پر زبان میں منتقل نہیں ہو پاتا، بعض کیفیات داخلی شعور میں موجود رہتی ہیں، مگر نہ پوری طرح لفظ بنتی ہیں اور نہ کسی خارجی عمل میں ڈھلتی ہیں۔ نظم ’’اظہار‘‘ میں اسی نامکمل اظہارکی صورت سامنے آتی ہے:
دبی ہوئی ہے مرے لبوں میں کہیں پہ وہ آہ بھی جو اب تک
نہ شعلہ بن کے بھڑک سکی ہے نہ اشک بے سود بن کے نکلی
گھٹی ہوئی ہے نفس کی حد میں جلا دیا جو جلا سکی ہے
نہ شمع بن کر پگھل سکی ہے نہ آج تک دود بن کے نکلی
( اظہار)
ان نظموں میں فرد نہ مکمل طور پر خود مختار ہے اور نہ محض خارجی حالات کا بے اختیار تابع۔ ان کی نظموں میں فرد کی داخلی شکست، بے حسی، معاشی جبر، جذباتی اقدار کی فرسودگی، حافظے کی اذیت اور مستقبل کے امکانات کی تحدید الگ الگ موضوعات کی حیثیت نہیں رکھتے، بلکہ ایک ایسے مربوط فکری نظام کی تشکیل کرتے ہیں جس میں انسان اپنی ذات اور اپنے عہد، دونوں کے سامنے جواب دہ ہے۔ نظم ’’ایک لڑکا‘‘ میں ماضی اور حال کے مابین قائم مکالمہ، ’’آخری ملاقات‘‘ میں محبت کی معنوی شکست، ’’ڈاسنہ اسٹیشن کا مسافر‘‘ میں تقسیم کے نتیجے میں پیدا ہونے والی تہذیبی گم شدگی، ’’متاع رائیگاں‘‘ میں اجتماعی بصیرت کا بحران، ’’زندگی کے دروازے پر‘‘ میں جمود اور حرکت کی متضاد کیفیات، ’’راہ فرار‘‘ میں تاریخی شعور سے گریز، اور ’’کاوش‘‘ و ’’بے تعلقی‘‘ میں وقت کے بدلتے ہوئے ادراک کی صورتیں، اسی وسیع تر شعری کائنات کے مختلف مظاہر ہیں۔ ان نظموں میں زندگی کی تفہیم کسی مجرد فلسفیانہ دعوے کے ذریعے نہیں، بلکہ تجربے کی داخلی پیچیدگی اور اس کے تضادات کے انکشاف سے ممکن ہوتی ہے۔ اخترالایمان کے شعری شعور کا امتیاز یہ ہے کہ وہ انسانی صورتِ حال کو نہ رومانوی تسکین میں تحلیل کرتے ہیں اور نہ اسے مایوسی کے کسی قطعی فیصلے کے حوالے کرتے ہیں۔ ان کے یہاں شکست اپنی معنویت رکھتی ہے، مگر وہ زندگی کی آخری تعبیر نہیں بنتی، اسی طرح آرزو کی بقا بھی کسی غیر مشروط امید کا نام نہیں، بلکہ ایک ایسے شعور کی علامت ہے جو ناکامی، محرومی اور تاریخی جبر کے باوجود سوال کرنے کی صلاحیت محفوظ رکھتی ہے۔ اخترالایمان کی شاعری میں بقا اور زوال، آگہی اور فرار، آرزو اور انحطاط ایک دوسرے کی ضد ہونے کے باوجود ایک ہی وجودی تجربے کے اجزا بن جاتے ہیں۔اختر کی انفرادیت یہ ہے کہ وہ فکری پیچیدگی کو مجرد خطابت کے بجائے مکالمے، علامت، بیانیہ، روزمرہ تجربے اور معنوی تکرار کے ذریعے شعری پیکر عطا کرتے ہیں۔ ان کے یہاں کردار فکری موقف کی تشکیل میں حصہ لیتے ہیں، مناظر تاریخی اور نفسیاتی معنویت کے حامل ہو جاتے ہیں اور علامتیں کسی ایک متعین مفہوم میں محدود ہونے کے بجائے نظم کے مجموعی سیاق میں اپنے معنی پیدا کرتی ہیں۔ یہی اسلوب ان کی شاعری کو موضوعاتی اہمیت سے بلند کرکے ایک ایسی فکری و جمالیاتی ساخت میں تبدیل کرتا ہے جس میں زندگی کا تجربہ اپنی پیچیدگی سمیت محفوظ رہتا ہے۔اسلوبیاتی سطح پر اختر الایمان کی اہمیت کا ایک بنیادی حوالہ ان کی زبان ہے، جس میں روزمرہ محاورے، عام گفتگو، غیر آرائشی جملوں اور بظاہر نثری ساختوں کو غیر معمولی شعری امکانات حاصل ہوتے ہیں۔ اردو شاعری کی ایک طویل روایت میں شعری زبان کی شناخت اکثر لغوی ندرت، استعاراتی تزئین، صوتی تناسب اور مخصوص طرزِ بیان کے ذریعے قائم کی جاتی رہی ہے، اخترالایمان اس روایت کو یکسر منسوخ کیے بغیر اس کے شعریاتی مفروضات پر نظرِ ثانی کی گنجائش پیدا کرتے ہیں۔ ان کے یہاں لفظ کی شعریت ہمیشہ اس کی لغوی آرائش سے متعین نہیں ہوتی، بلکہ اس مقام سے متعین ہوتی ہے جہاں لفظ کسی تجربے کی داخلی ساخت کے ساتھ اس طرح مربوط ہو جاتا ہے کہ اس کی عام معنویت ایک نئی ادراکی جہت اختیار کر لیتی ہے۔ ان کی نظم میں ایک سادہ سوال، روزمرہ کا کوئی فقرہ یا گفتگو کا کوئی غیر رسمی انداز اس لیے شعری نہیں کہ اسے مصرعوں میں رکھ دیا گیا ہے،بلکہ اس کی شعری حیثیت اس بیانیاتی سیاق سے پیدا ہوتی ہے جو اس لفظ کو ایک خاص زمانی، نفسیاتی اور جذباتی تناؤ میں داخل کرتا ہے۔ اختر الایمان کی زبان کو سادگی کی زبان کہہ کر محدود کر دینا صحیح نہیں ہوگا ، کیونکہ یہ ایک ایسی سادگی ہے جس کے پس پشت انتخاب، حذف، توقف، معنوی انعطاف اور تجربے کی پیچیدہ تنظیم کارفرما ہے۔ بڑی شاعری زبان کو غیر مانوس بنانے سے نہیں، مانوس زبان کے اندر پوشیدہ نامانوس حقیقت کو آشکار کرنے سے جنم لیتی ہے۔ اختر الایمان زبان کو اس مقام تک لے جاتے ہیں جہاں لفظ اپنی آرائشی حیثیت کھو کر تجربے کی حرارت حاصل کر لیتا ہے۔ ان کے یہاں شعر کی موسیقیت صرف عروضی ترتیب سے نہیں پیدا ہوتی، کبھی واقعے کی رفتار، کبھی مکالمے کا توقف، کبھی جملے کی شکست اور کبھی خاموشی کے وقفے خود ایک غیر مرئی آہنگ تشکیل دیتے ہیں۔شمس الرحمن فاروقی کے بقول :
’’لہجے کے حاکمانہ رنگ کی صلاحیت ، مصرعوں کے درو بست ان کے توازن ، لفظیات میں تکلف کی جگہ تقریباً شاہانہ بے پروائی اور معاصر دنیا کی خامی و خام کاری پر احتجاج اور برہمی ، ان سب باتوں سے ثابت ہوتا ہے کہ 75 برس کی عمر میں بھی اخترالایمان کی شاعری نہ صرف یہ کہ زوال آمادہ نہیں ہے بلکہ اس میں ایک نئی قوت کا امکان پیدا ہو رہا ہے۔ ‘‘6
حواشی:
1. ڈاکٹرمحمد فروز: اختر الایمان؛مقام ومرتبہ(منتخب تنقیدی مضامین اور نمائندہ نظمیں)، ایجوکیشنل پبلشنگ ہائوس ، دہلی، ص 29
2. عقیل احمد صدیقی:ـجدید اردو نظم:نظریہ او ر عمل ، ملتان بیکن ہائوس بکس، 2014، ص 221
3. کلیات اختر الایمان ، ایجوکیشنل پبلشنگ ہائوس، دہلی،2000، ص 460
4. ڈاکٹرمحمد فروز: اختر الایمان؛مقام ومرتبہ(منتخب تنقیدی مضامین اور نمائندہ نظمیں)، ایجوکیشنل پبلشنگ ہائوس ، دہلی، ص 29
5. شمیم حنفی: نئی شعری روایت، دہلی، مکتبہ جامعہ ، 1987، ص110
6. بحوالہ شاہد ماہلی(مرتب): اختر الایمان: عکس اور جہتیں، معیار پبلی کیشنز، دہلی، 2000، ص156

Dr. Liaqat Ali
Asst.Professor, Urdu
School of Humanities, IGNOU, Maidan Garhi, New Delhi-110068
Email: liaqatali@ignou.ac.in
Mob.: +91-7051446156

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Explore More

1857 کے بعد مثنوی اور نظم،مضمون نگار:تسنیم قمر

اردو دنیا، مئی 2026: انقلاب 1857 میں ناکامی کے بعد حکومت پر انگریزوں کے تسلط سے زندگی کے دیگر شعبوں کی طرح ادب میں بھی نئے نئے خیالات اور جدید

رضا نقوی واہی: اب جارہا ہوں یاس کی دنیا لیے ہوئے،مضمون نگار:عبدالحئی

اردو دنیا،اپریل 2026: اردومیں طنزومزاح کی روایات زبان کے ارتقاکے ساتھ ہی نموپانے لگی تھی۔ ولی دکنی اور جعفر زٹلی کے کلام میں مزاح نظر آجاتا ہے۔ جعفر زٹلی کے

تمل ناڈو کا ایک باکمال شاعر:گنڈو عبدالقادر شاکر،مضمون نگار:سید سجاد حسین

اردو دنیا، ستمبر 2026: محمد عبدالقادر شاکر 1865کو شہر وانمباڑی کے ایک متمول لبابین گھرانے میں پیدا ہوئے۔ وانمباڑی موجودہ ریاست تمل ناڈو کے ضلع ترپاتور کا ایک تجارتی شہر