اردو دنیا،نومبر2026:
بیسوی صدی کے نصف آخر میں جی اے کلکرنی (1923-1987)کی شناخت مراٹھی ادب میں ایک ممتاز اور صاحب اسلوب کہانی کار کی حیثیت سے قائم ہوئی، ان کی کہانیوں کی خوبی یہ ہے کہ وہ صرف زندگی کے روز مرہ احوال و کوائف کو ہی بیان نہیں کرتیں بلکہ انسانی وجود، تقدیر، مذہب، اقتدار، خوف، تنہائی،نا انصافی اور سماجی جبر و زیادتی جیسے بنیادی امور کو بھی اساطیری اور علامتی لبادے میں بیان کرتی ہیں۔ ان کی کہانیوں میں داستانوں کی سی فضا، ماورائی عناصر، مذہبی شناخت اور ہندو مذہب کے اساطیر کے علاوہ یونانی و افریقی اساطیر و ماحول بھی ملتے ہیں جومحض تزئینِ کلام کا آلہ ہی نہیں بنتے بلکہ انسانی زندگی کے پیچیدہ مسائل کی تفہیم کا وسیلہ بھی بنتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ سلام بن رزاق نے مراٹھی کہانی کاروں میں جی اے کلکرنی کو ’’میرِ کارواں‘‘ 1کا خطاب دیا ہے۔
کلکرنی کی کہانیوں کے اسلوب ومزاج کی تفہیم کے لیے ان کی مختلف کہانیوں کے حوالے سے گفتگو کرنا زیادہ مفید معلوم ہوتا ہے۔
یہاں ان کے سر فہرست اساطیری و مذہبی عناصر پر مشتمل کہانیوں پر خامہ فرسائی کرنا زیادہ مناسب معلوم ہوتا ہے کیونکہ ان کا غالب رجحان اسی سمت رہا ہے، ان کی وہ کہانیاں جن میں مذکورہ خصوصیات ہی مرکزی نقطے پر مشتمل ہیں، وہ ’’سادھو‘‘، ’’پرساد‘‘، ’’مکتی‘‘، ’’سوامی‘‘ اور ’’قاصد‘‘ ہیں۔ ’’قاصد‘‘ کہانی علامتی، اساطیری اور تہذیبی روایت کی شمولیت سے ایک ایسی دنیا تخلیق کرتی ہے جس میں قدیم ہندوستان،مذہبی اقدار و روایت ، سیاسی نظام اور انسانی مفاد باہم متصادم دکھائی دیتے ہیں، رتھ، نیلا شاہی پرچم، راج ہنس، نیلی دھند، پگڈنڈی، مندر، دھرم شاسن، پروہت، بھکشو اور سمراٹ جیسے ہندوستانی عناصر، کہانی میں خالص قدیم ہندوستانی تہذیبی پس منظر کا نقشہ کھینچتے ہیں۔
’’تو پھر غور سے سنو! سمراٹ کا پیغام ایک ڈوم کے بارے میں ہی ہے۔ اُس ڈوم کا نام ’’کال مکھ‘‘ ہے۔ سمراٹ کو شیلیشور مندر میں بشارت ہوئی تھی کہ کال مکھ کو تین دن کے اندر اندر موت کی سزا نہ دی گئی تو پورے ملک پر زبردست آفتیں نازل ہوں گی ۔ ملک پر غنیم کا حملہ ہوگا۔ بے گناہوں کا قتل عام ہو گا اور خون کی ندیاں بہیں گی۔ یہاں تک کہ خود سمراٹ بھی موت کے گھاٹ اتار دئیے جائیں گے ۔ سمراٹ نے فی الفور مجھے یہ پیغام دے کر روانہ کیا تھا کہ کال مکھ کی کھال کھینچ کر تمام رعایا کے سامنے اسے کھولتے تیل کے کڑھاؤ میں ڈال دیا جائے ۔ آج سورج غروب ہونے سے قبل اس پر عمل ہونا لازم ہے کیوں کہ بشارت کے مطابق آج تیسرا اور آخری دن ہے۔ اب یہ پیغام جوں کا توں رعایا تک پہنچانا تمہارا فرض ہے ۔ یا د رکھو اگر اس میں رتی بھر کوتا ہی ہو گی تو خود تمہاری کھال کھینچی جائے گی اور تم کھولتے تیل کے کڑھاؤ میں ڈبوکر مار ڈالے جاؤ گے کال مکھے کا نام اچھی طرح ذہن نشین کر لو‘‘۔2
اس تہذیبی منظرنامے کے پیچھے اصل سوال اقتدار اور سچائی کا ہے۔
اسی رنگ و روپ کی کہانی ’’سادھو‘‘ بھی ہے، ایک عمدہ کہانی ہونے کے علاوہ اس میں مزید مراٹھی دیہی زندگی کے ماحول،فلسفیانہ رنگ اور ماورائی فضا کا بیانیہ بھی ملتاہے، ایک تھکے ہوئے سادھو کی گاؤں میں آمد اور اس کی مبہم و پراسرار ذات، شروع ہی سے کہانی کو قدیم عہد میں لے جاتی ہے،
وہ تھکا ماندہ سادھو اس گاؤں میں پہلی بار داخل ہوا تھا۔ مگر اس نے گاؤں کی حدود میں اس اعتماد سے قدم رکھا جیسے گاؤں کے سارے گلی کوچے اس کے دیکھے بھالے ہوں ۔
گاؤں کے کنارے بہت ساری عورتیں پانی بھر رہی تھیں ۔ جن میں بوڑھی ، جوان ، بھی شامل تھیں ۔ ان مختلف العمر عورتوں پر نظر پڑتے ہی وہ ٹھٹک گیا زمانہ حال کی لمحہ لمحہ بدلتی بساط پر جینے والے ان بے بضاعت لوگوں پر اسے بڑا ترس آیا۔ ان میں سے ایک ایک کے مستقبل کا احوال وہ کھلی کتاب کی طرح پڑھ سکتا تھا۔ خصوصاً اُس کی نگاہیں اُس دوشیزہ پر جم کر رہ گئیں جو کنویں کی مینڈھ پر جھکی ڈول سے پانی کھینچ رہی تھی ۔ اس کے جھلمل کرتے لباس سے پتہ چلتا تھا کہ وہ ایک نو بیا ہتا دلہن ہے،
سادھو کے دیکھتے ہی دیکھتے اُس کا چہرہ مسخ ہو گیا اور ہلدی کی گانٹھ جیسا پُر کشش بدن مردہ ڈھور کی مانند پھولنے لگا۔ سادھو نے گھبرا کر چہرہ دوسری جانب پھیر لیا اور بھرائی ہوئی آواز میں ایک راہ گیر سے بولا‘‘اس لڑکی کو دیکھتے ہو وہ ابھی کنویں میں ڈوب کر مر جائے گی۔ ’’۔۔۔۔۔۔ ‘‘وہاں جو کچھ ہونا تھا اُس نے اپنی نگاہ پیش بین سے پہلے ہی دیکھ لیا تھا۔‘‘3
اس طرح کی دوسری پیش گوئیاں بھی کہانی میں موجود ہیں جس سے ہندوستانی سماج میں بھوشیہ وانی کی اہمیت کا پتا ملتا ہے،
اس کہانی میں ہندوستانی رزمیہ روایت،بالخصوص ’’رامائن‘‘ اور ’’مہابھارت‘‘ کے واقعات کی تلمیحات کا اشارہ ملتا ہے جس کا مرکزی نقطہ یہ ہے کہ انسان اپنی اتھاہ کوشش کے باوجود تقدیر کے پیچیدہ جال سے نجات نہیں پا سکتا۔چونکہ شروع میں ہی کلکرنی کے غالب رجحان و موضوع اور اسلوب کے تعلق سے یہ بات علم میں آ چکی ہے کہ وہ تقدیر ،کرما،اور اساطیر کے گرد ہی کہانی کو بنتے ہیں ۔
’’مکتی‘‘ کہانی بھی اسی طرز و اسلوب اور اساطیری عناصر پر مشتمل ہے،اس میں بھی بقیہ کہانیوں کی طرح ہندوستانی میتھولو جی کا ریپیٹیشن تو ہے لیکن اس کا تخلیقی استعمال بڑی جدت سے کیا گیا ہے،کہانی میں مذکور کردار کو ’’مہابھارت‘‘ کے ’’ ایکلویہ ‘‘کے کردار اور اس سے وابستہ تہذیبی روایت کو جدید انسانی لبادے میں پیش کیا گیا ہے، بس یہاں کرداروں کے نام ’’شیوانگ‘‘ اور ‘‘بیراگی‘‘ ہیں دونوں ہی مکتی کے متلاشی ہیں، شیوانگ کا کردار ایکلویہ کا مرکزی استعارہ ہے جواپنی لیاقت و صلاحیت کے باوجود سماجی تعصب کا شکار ہے، اس کی تیر زنی میں دسترس اس کی ناموری اور عزت کا سبب بننے کے بجائے ‘‘شراپ‘‘ کا سبب بنتی ہے جس سے وہ جسمانی و روحانی اذیت میں مبتلا ہو جاتا ہے،اس کے بالمقابل ‘‘بیراگی‘‘بھی نجات کا خواہاں ہے مگر اس کا طریقہ کار مختلف ہے یوں دونوں کرداروں کی تلاش الگ الگ راستوں سے گزرتی ہوئی ایک ہی نقطہ پر پہنچتی ہے کہ، حقیقی مکتی کیا ہے؟ شیوانگ کی ماں کا آگ میں کود جانا ماں کی ممتا، سماجی ناانصافی اور نسلی وطبقاتی تعصب کے خلاف ایک شدید احتجاجی و علامتی عمل ہے گو اس کہانی میں کلکرنی قدیم اساطیر کو استعمال میں لا کر اپنے عہد میں انسانی حقوق اور سماجی انصاف کے لیے آواز بلند کرتے نظر آتے ہیں۔
کلکرنی کی’’سوامی‘‘ اور ’’پرساد‘‘کہانی بھی اسی طرز کے اساطیری و مذہبی پیکر میں ملبوس ہے بس فرق یہ ہے کہ یہاں مذہبی پاکھنڈ اور تقدیر کے سامنے انسانی بے بسی کو بیان کیا گیا ہے،’’سوامی‘‘ میں ڈھلتے سورج کا منظر اور آبائی گاؤں میں راوی کی اجنبیت اس تہذیبی زوال کا بیانیہ ہے جس میں نئے دور کاانسان ایسی زندگی گزار رہا ہے جہاں وہ اپنی جڑوں سے دور ہوتا جا رہا ہے ،کہانی میں مٹھ کو مذہبی مرکزیت حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ معاشی و سماجی طاقت بھی حاصل ہے۔ کہانی کے اختتام میں روشنی کا بجھ جانا اور راوی کا زیرِ زمین مندر میں دھکیل دیا جانا مذہبی اقتدار کے تاریک پہلو کا پتا دیتا ہے جب کہ ’’پرساد‘‘ کہانی کے کام سے ہی مذہبی رنگ نمایاں ہوتا ہے اور یہاں بھی بقیہ کہانیوں کی طرح مذہبی رنگ موجود ہے ،مرکزی کردار پرساد کی غرض سے گاؤں میں داخل ہوتا ہے، پرساد جو عام طور پر برکت اور تقدس کی علامت ہوتا ہے،وہی پرساد کلکرنی کی کہانی میں پراسرار آزمائش کا پیش خیمہ ہے، مرکزی کردار کے پاؤں کا بے جان ہو جانا اسی مذکورہ تصور کا اعادہ ہے کہ انسان تقدیرکے سامنے بے بس نظر آتا ہے۔
اب تک یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ کلکرنی تقدیر پر مبنی تصور کو کسی نہ کسی صورت کو مانتے ہی نہیں بلکہ وہی تصور ان کی دیگر کہانیوں ’’طواف‘‘، ’’کیری‘‘، ’’باولا‘‘، ’’اہنکار‘‘ میں بھی الگ الگ صورت میں موجود ہے لیکن ان کی یہ کہانیاں سابقہ کہانیوں سے ذرا مختلف ہے کیوں کہ ان میں مذہب ،مندر اور اساطیر کے بجائے عام انسانی زندگی کو کہانی کا مرکزی موضوع بنایا گیا ہے،ان کہانیوں میں گھر، خاندان، سماجی رسوم اور سماجی رشتے مرکزی موضوع ہیں۔ ’’طواف ‘‘ میں ‘‘دادا صاحب‘‘ کی موت کے بعد خاندان میں انتشار و بد نظمی پیدا ہو جاتی ہے ،’’شانتکا ‘‘کا کردار ہندوستانی عورتوں کی جدوجہد، ازدواجی مشکلات اور سماجی ناقدری کا مظہر ہے۔ یوں ’’طواف‘‘ میں مذہب صرف عبادت کا ہی درس نہیں دیتا بلکہ انسانی زندگی، خاندانی نظام، معاشرتی تعلقات اور اخلاقی رویوں کو بھی عبادت گردانتا ہے، کہانی میں موجود مورتی پوجا،پھول چڑھانا، تلسی کے پتے توڑنااور بتی جلانا وغیرہ اوصاف مراٹھی ہندو گھرانے کے مذہبی ماحول سے آگاہ کراتے ہیں۔ اور ’’کیری‘‘ میں کلکرنی کا تہذیبی بیانیہ مزید دلچسپ ہو جاتا ہے یہاں دیہی معاشرے کے نچلے طبقے کی انسانی زندگی کے مصائب و آلام کا مشاہدہ ملتاہے،اس میں کلکرنی نے غریب طبقے کی تنگی، عورت کے ساتھ ناانصافی، ازدواجی رشتوں کی ناقدری اور خود داری جیسے زندگی کے اہم موضوعات پر روشنی ڈالی ہے،بنا بٹن کی قمیص، ،جلی ہوئی راکھ،دھوئیں سے بھرا چولہا،پرانا سیتا پھل کا درخت،،خاردار جھاڑیاں،منگل سوتر،تلسی کے پتے، دودھ بھات،کنواں،مور،درخت،دھنگروں کی جھونپڑیاں اورکمہار واڑہ جیسے عناصر اس کہانی کو مخصوص مراٹھی دیہی تہذیب سے جوڑتے ہیں، یہاں تہذیب صرف مذہبی امور میں نہیں بلکہ لباس، خوراک، رہن سہن، پیشوں اور سماجی طبقاتی تقسیم میں بھی ظاہر ہوتی ہے۔‘‘تانی ماؤسی‘‘ جو کہانی کا مرکزی کردار ہے ظلم اور محرومی کے باوجود اپنی عزتِ نفس برقرار رکھتی ہے،‘‘میں نے اتنے دن برداشت کیا لیکن آج حد ہو گئی۔ اب اس گھر میں یا تو میں رہوں گی یا وہ رانڈ رہے گی‘‘ ۔4
‘‘بھاؤ راؤ‘‘ کی بے وفائی اور خاندان کے نازیبا رویے عورت کے تئیں سماج میں ہونے والے ظلم اور ناقدری کو ظاہر کرتے ہیں۔ اسی طرح کے عناصر ’’باؤلا‘‘‘ اور ’’اہنکار‘‘ بھی ہیں جس میں انسان دوستی، سماجی زندگی، فطرت نگاری اور تقدیر کے باہمی تعلق کو بیان کیا گیا ہے،
کلکرنی کی کچھ کہانیوں کا موضوع مختلف ہے جس میں سے ایک ’’غلام‘‘ ہے اس میں کلکرنی اپنے معمول سے ہٹ کر ہندوستانی تہذیب سے الگ جغرافیائی اور تہذیبی منظر تخلیق کرتے ہیں، کہانی میں مرکزی کردار مسافر بظاہر ندی کے منبع کی تلاش میں ہے،کہانی میں ’’المکتوب مکتوب‘‘ کی تکرار کلکرنی کے اسی نظریے کا ریپیٹیسن ہے جس میں انسانی کوشش کو پہلے سے طے شدہ فیصلے کے سامنے بے بس ہونا پڑتا ہے، غلام کا توانا جسم، کٹی ہوئی زبان اور بے جان چہرہ کہانی کے اختتام تک قاری کو باندھے رکھتی ہے، کلکرنی نے اس میں ریگستان، غلاموں کی منڈیاں،حبشی پہرے دار اور سنگِ مرمر کے معابد جیسے مختلف تہذیبی حوالوں کو یکجا کرکے قاری کو عربی افریقی دنیا میں داخل کر دیا ہے۔
ایمرا غلام کو لیے باہر آیا۔ غلام کے بدن پر چابک کے نشان تھے جو اب دھندلے پڑ گئے تھے اور اس کے سینے پر داغنے کا نشان تھا۔ جس کی شکل ہلال کی سی تھی ۔ لیکن غلام کا چہرہ بے جان تھا۔ جیسے ابھی اُس میں خون اور جان ڈالنا باقی ہو۔
ہاں ایک بات ایمرا پوچھ رہا تھا۔ ’’تمہیں غلام کو برتنے کا تجربہ تو ہے نا ؟‘‘
اُس سوال کو سنتے ہی مسافر کے جیسے تن بدن میں چنگاریاں بھر گئیں۔ اُس نے تیزی سے اپنی چھاتی کے بٹن کھول دیے اس کے سینے پر ایک موٹا چمکیلا نشان تھا۔ چاقو سے لمبا گہر از خم لگانے کے بعد اُس میں روزانہ خشک مٹی بھرتے رہیں تو موٹی رسی کی مانند ایسا اُبھرا ہوا نشان بن جاتا ہے۔ اتنا عرصہ گذر جانے کے بعد بھی اُس نا قابل برداشت تکلیف کو یاد کر کے مسافر کانپ اٹھا۔ اُس نے اپنا بایاں پنجہ ایمرا کو دکھایا جس کی تین انگلیاں ٹوٹی ہوئی تھیں۔
’’غلام سے کیسا سلوک کیا جاتا ہے اس کا مجھے خوب تجربہ ہے۔ میں خود ایک خانہ بدوش جماعت کا غلام رہا ہوں۔ اس نے نہایت تلخی سے کہا۔ اس کے علاوہ میرے ساتھ میرا ایک رفیق بھی ہے۔ ایک بار اُس نے ایک بلبلاتے اونٹ کی گردن اپنی بغل میں دبا کر اُسے زمین بوس کر دیا تھا لہذا اس بابت تمہیں فکر کرنے کی ضرورت نہیں ۔‘‘5
کلکرنی اپنی کہانی کے ڈکشن کو مزید وسعت دیتے ہوے ہندوستانی اور افریقی اساطیر و تہذیبی روایت سے آگے جا کر یونانی اساطیر کو بھی اپنی کہانیوں میں پیش کرتے ہیں، ’’پرامتھیوس‘‘ اور ’’آرفی یس‘‘ اس کی شاندار مثال ہے، جس میں انہوں نے یونانی اساطیر کو مراٹھی تہذیب اور فکری جہات سے آراستہ کر کے کہانی میں نئے معنی پیدا کر دیے ہیں، ان کہانیوں میں اساطیری کردار محض ماضی کے دیومالائی کردار نہیں رہتے بلکہ انسانی وجود، محبت، فن، تقدیر اور داخلی کرب کی علامت بن کر ابھر آتے ہیں،’‘‘پرامتھیوس‘‘میں دیومالائی روایت کے مطابق انسان کو آگ فراہم کرنے والا کردار جدید معنی اختیار کرلیتا ہے،آگ یہاں علم، شعور اور آزادی کی علامت بن جاتی ہے جس سے پرامیتھوس انسان کو جہالت سے نکال کر علم کی روشنی عطا کرتا ہے، لیکن ان تمام مادی اور علمی حصول کے بعد بھی انسان اپنی داخلی تنہائی سے مکمل طور پر نجات حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوپاتا۔
پرامتھیوس آگ لیے ہوئے زمین پر ایک سورج کی مانند طلوع ہوا جس نے مجبور اور بے بس انسانوں کی راتیں بھی روشن کر دیں ۔ وہ جوں ہی آگ لیے ہوئے زمین پر اترا تاریکی سے بے شمار احسان مند ، بے بس اور لاچار ہاتھ آگے بڑھے۔ اندھیرے میں شکر گزاری کے کلمات گونجے اور ان الفاظ کی لرزش سے رات کا عملی پردہ تھر تھرانے لگا۔
پر امتھیوس کا دل جوش مسرت سے بھر گیا۔
لیکن اُس مسرت کے لمحے میں بھی اُسے وہ فاقہ زدہ گدھ اچھی طرح یاد تھا جو اُس ویران بلند پہاڑی کی وادی میں دوسرے مردار خور گدھوں سے الگ ، کاو تنہا بیٹھا تھا۔6 غرضیکہ کہ کلکرنی قدیم یونانی اساطر کا استعمال کرکے جدید انسان کے روحانی بحران کو بیان کرتے ہیں،یہ کہانی سوال بھی پیدا کرتی ہے کہ کیا علم اور مادی ترقی انسانی وجود کو سکون فراہم کرتی ہے؟ وہیں دوسری کہانی ’’آر فی یس‘‘میں یوریڈائس کی موت کے بعد آرفی یس اپنی موسیقی کی قوت سے عالمِ اموات تک پہنچتا ہے، اس کی موسیقی ایسی روحانی تاثیر رکھتی ہے کہ پاتال کی طاقتیں بھی اس سے متاثر ہوتی ہیں لیکن یوریڈائس کو واپس لانے کی شرط کہ ‘‘وہ پیچھے مڑ کر نہ دیکھے‘‘، انسانی کمزوری اور بے صبری کی طرف اشارہ کرتی ہے۔ آرفی یس کا مڑ کر دیکھ لینا یہ دکھلاتا ہے کہ انسان تقدیر کے سامنے کتنا بے بس وہ بے سہاراہے۔
’’پھر دیوتا آرفی یس سے مخاطب ہوا ۔ ‘‘ آرفی یس! تم واقعی خوش قسمت ہو۔ دیوی کی سفارش کے مد نظر جو آج تک نہیں ہوا وہ ہونے جا رہا ہے۔ مگر اسے یاد رکھو یہ ایک استثنائی صورت ہے۔ یوریڈائس تمہارے ساتھ جائے گی مگر ایک شرط پر “ آرفی یس سراپا سماعت بنا دیوتا کی آواز سن رہا تھا۔ دیوتا نے آگے کہا۔ جب تک تم دونوں روشنی کی دنیا میں قدم نہیں رکھتے تب تک تم مڑ کر اُسے دیکھنے کی کوشش نہیں کرو گے۔ ورنہ وہ اُسی وقت واپس اس اندھیرے کا لقمہ بن جائے گی۔7
مختصر یہ کہ جی اے کلکرنی کی کہانیوں میں مذکور اساطیر محض ماضی کا استحضار یا مذہبی قصوں کی تکرار نہیں ہیں بلکہ وہ جدید انسانی زندگی کے بنیادی سوالات کی تفہیم کا ایک تخلیقی وسیلہ ہیں کلکرنی کا کمال یہ ہے کہ وہ ہندوستانی دیہی زندگی، مذہبی رسوم، لوک عقائد اور اساطیری روایت کو جدید انسانی مسائل کے ساتھ اس طرح مربوط کر دیتے ہیں کہ ماضی اور حال کے درمیان ایک معنوی رشتہ قائم ہو جاتا ہے، ان کی کہانیوں میں مندر،کنواں،تلسی،مورتی،سادھو،شراپ،آگ،جنگل، دریااور دھند محض اشیا یا مناظر نہیں رہتے بلکہ انسانی نفسیات، سماجی طاقت، تقدیر اور تہذیبی روایت کی علامت بن جاتے ہیں۔ اسی لیے ان کی کہانیوں کا تہذیبی مطالعہ محض رسم و رواج کو پیش نہیں کرتا بلکہ اس تہذیب کے اندر موجود تضادات، طاقت کے بے جا استعمال اور مذہبی تصورات کو سمجھنے کا موقع فراہم کرتا ہے، ان کی کہانیوں میں انسان مسلسل کسی نامعلوم منزل، نجات یا سچائی کی تلاش میں سر گرداں رہتا ہے، مگر ہر قدم پر اسے اپنی حد، تقدیر کے سامنے بے بسی اورتلخ سماجی حقیقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہی کشمکش ان کی کہانیوں کو محض داستانوی کہانی نہیں رہنے دیتی بلکہ انہیں انسانی وجود کے مسائل و آلام پر مشتمل فکری تخلیقات میں تبدیل کر دیتی ہے۔اپنی کہانیوں میں اساطیری عناصر، تہذیبی شعور اور فلسفیانہ فکر منفرد انداز میں پیش کرنے کے باعث ہی جی۔ اے۔ کلکرنی کا شمار مراٹھی کہانی کاروں کے نمایاں و ممتاز شخصیات میں ہوتا ہے۔
حوالہ:
1. جی اے کلکرنی کی کہانیاں،ص،نمبر 26 مترجم سلام بن رزاق ناشر، رام پنڈت اشاعت اول، 2005
2. قاصد ،ص 36
3. سادھو ،ص 40
4. کیری، ص 258
5. غلام، 52
6. پرامتھیوس،ص 152
7. آرفی یس ،ص 161
Mohd Faizanullah
J Block, Building No. J-26, 4th floor Abul Fazal Enclave jamia nagar new Dehli-110025
Mob. 8090406755
Email: mohdfaizannadwi0@gmail.com



