اردو دنیا،نومبر2026:
سلام بن رزاق اردو کے ایسے مایہ ناز ادیب ہیں، جن کی تخلیق اور ترجمہ نگاری دونوں کے اعتراف میں ساہتیہ اکادمی ایوارڈ سے نوازا گیا۔وہ ایک ممتاز فکشن نگار کے ساتھ ساتھ بچوں کے قلمکار، ترجمہ نگار اور فلمی رائٹر بھی ہیں۔ ادبی حلقوں میں بحیثیت افسانہ نگار سلام بن رزاق کا تخلیقی سفر کوئی نصف صدی پر محیط ہے۔
اردو دنیا کے ممتاز افسانہ نگار سلام بن رزاق کی پیدائش 15 نومبر 1941کو مہاراشٹر کے پنویل میں ہوئی۔ ابھی ان کی عمر صرف چھ برس تھی کہ ان کی والدہ کا انتقال ہو گیا۔ سلام بن رزاق کی پڑھائی میٹرک (SSC) تک ہی ہو پائی۔ گھریلو حالات اور تنگ دستی کے سبب وہ اپنی پڑھائی مزید جاری نہ رکھ سکے ۔
میٹرک پاس ہونے کے بعد وہیں ضلع بورڈ میں دو سال تک بحیثیت ٹیچر خدمات انجام دیں۔ 1963 میں وہ بمبئی آگئے اور بمبئی کے میونسپل کارپوریشن Muncipal Corporation) ) کے شعبہ تعلیم میں تدریسی خدمات انجام دینے لگے۔ 1989 میں ہیڈ ماسٹر ہو کر سبکدوش ہوئے۔ 1999میں وہ میرا روڈ آئے اور زندگی کے آخری وقت 7 مئی 2024 تک یہیں رہے۔
سلام بن رزاق کی تعلیم و تربیت میں ماں کا اہم رول رہا ہے۔ان کی علمی وادبی بنیادیں گھریلو فضا میںاستوار ہوئیں۔ان کی والدہ نہایت دیندار اور اخلاقی اقدار کی پاسدار خاتون تھیں۔ گھر میں ہر جمعرات کو محلے کی خواتین کی مذہبی نشست منعقد ہوتی تھی جس میں اسلامی اور اخلاقی حکایت پر مشتمل کتابیں پڑھ کر ان کی ماں سنایا کرتی تھیں۔ سلام بن رزاق بھی اپنی ماں کے پہلوسے لگ کر قصے سنا کرتے اور بعد میں انھیں قصوں کو نمک مرچ لگا کر اپنے دوستوں کو سنایا کرتے۔ مسلسل سماعت اور تکرار نے ان کے ذہن میں کہانی کی ساخت ،کردار اور بیانہ اسلوب کی ابتدائی سمجھ پیدا کر دی۔ جب وہ نویں جماعت میںتھے تو جماعت کے نصاب میں شامل مراٹھی کے مشہور ادیب وی، سی، کھانڈیکر کی کہانی ’’آئی‘‘( ماں) نے ان پر گہرا اثر ڈالا۔اس کہانی میں انھیں اپنی والدہ کی جھلک محسوس ہوئی۔ شاید اسی لیے انھوں نے اس کہانی کا ترجمہ اردو میں کیا،جو روز نامہ’’ انقلاب‘‘ کے ادبی صفحہ پر شائع ہوئی۔یہ فکشن کی ان کی پہلی تحریر تھی۔
سلام بن رزاق نے نویں جماعت تک آتے آتے محرم کی مجلسوں اور وعظ کی محفلوں میں پڑھی جانے نظمیں اور مرثیے بھی لکھنے شروع کر دیے تھے، جو دین دنیا اور آستانہ جیسے مذہبی پرچوں میں شائع ہوئے، جب کہ کچھ نظمیں ’’ہماری زبان‘‘،’’بیسویں صدی‘‘ اور ’’شمع‘‘ جیسے پرچے و رسائل میں جگہ پاتی رہیں۔ اس زمانے کی ایک نظم جس کا عنوان’’قاتل‘‘ تھا ۔’’ہماری زبان‘‘میں شائع ہوئی تھی۔ اس نظم کے چند اشعار یہ ہیں:
ہر تمنا کا گلا گھونٹ دیا ہے میںنے
اپنی ہر خواہش معصوم کا قاتل ہوں میں
ہاتھ آلودہ ہیں آپ اپنے لہو سے میرے
داغ دامن کے نمایاں ہیں ستاروں کی طرح
میں گنہ گار ہوں،قاتل ہوں، اذیت رس ہوں
کون دیکھے مگراس جرم وگناہ کے پیچھے
کونسی تلخ حقیقت ہے برہنہ اندام
میری ہر خواہش معصوم کا قاتل ہے کون؟
سلام بن زاق نے تخلیقی سفر کا آغاز شاعری سے کی لیکن ممبئی آنے کے بعد شاعری کرنا بالکل ترک کر دیا۔ اس سے متعلق مراٹھی زبان کے ادیب جینا بڑے نے سلام بن رزاق سے ایک انٹرویو کے دوران سوال کیا:
’’سوال: سلام صاحب آپ کی ابتدا شاعری سے ہوئی پھر آپ نثر کی طرف کیسے آگئے ؟‘‘
’’سلام بن رزاق: نسیم حجازی، صادق حسین سر دھنوی وغیر ہ کی کتابیں ہم پڑھتے تھے۔ پھر کسی وقت خیال آیا کہ شاعری میں، میں اپنے خیالات کو جیسا چاہتا تھاویسا ڈھال نہیں پارہا ہوں۔ پھر میں نے افسانوں کی طرف اور مرہٹھی ترجموںکی طرف توجہ کی اور وہ لکھے گئے ،چھپنے لگے اور پسند کیے گئے۔ ریسپانس ملنے لگا تومیں اپنی بات کو زیادہ وضاحت اور صراحت کے ساتھ بیان کرنے لگا۔ شاعری میںنے چھوڑ دی ہے لیکن شاعری میں نے پڑھنا نہیں چھوڑا ۔‘‘1
سلام بن رزاق نے اپناپہلا افسانہ ’’رین کوٹ‘‘ 1962 میں لکھا ،جو رسالہ شاعر (ممبئی) میں شائع ہوا۔ اس کے بعد انھوں نے یکے بعد دیگر ے کئی افسانے تخلیق کیے۔ ان کے چار افسانوی مجموعے جن میں ’’ننگی دو پہر کا سپاہی‘‘ 1977، ’’معبر‘‘ 1987، ’’شکستہ بتوں کے درمیان‘‘ 2001 اور’’ زندگی افسانہ نہیں‘‘ 2012 میں منظر عام پر آچکے ہیں۔’’ شکستہ بتوں کے درمیان‘‘ کے تخلیقی معیار کو سراہتے ہوئے 2004 میں ساہتیہ اکادمی جیسے باوقار انعام سے نوازا گیا۔ جدیدیت کے بعد ہم عصر افسانے کی جونئی نسل ہمارے سامنے آتی ہے، اس میں سلام بن رزاق کا نام اہم ہے۔ نفسیاتی سطح پر اپنے کرداروں کے درون میں اترنے کی بے پناہ صلاحیت سلام بن رزاق میں موجود ہے۔ عام آدمی کے حالات و وسائل، جذبات و احساسات اور آرزو اور امنگوں کی حقیقی عکاسی سلام بن رزاق نے اپنے افسانوں میں کی ہے۔ فسادات اور نئے سماجی اور مذہبی تناظر کو بھی انھوں نے اپنے افسانوں میں جگہ دی ہے۔
سلام بن رزاق نے اردو افسانے کی سنجیدہ اور متوازن روایت کو نئی توانائی عطا کرتے ہوئے اس کی رفتار کو باوقار انداز میں آگے بڑھایا۔ انھوں نے فکری دیانت اور فنی بصیرت کے ساتھ نہ تو ترقی پسند تحریک کی فضا کو قبول کیا اور نہ ہی جدیدیت کے رجحانات کے سحر میں گرفتار ہوئے۔ بلکہ ان دونوں انتہاؤں سے شعوری فاصلہ رکھتے ہوئے انھوں نے اپنی ایک منفرد اور معتدل راہ متعین کی، جہاں زندگی کی سچائیاں بھی موجود ہیں اور فن کی لطافت بھی۔ ان کے افسانوں میں عصری آگہی، فکری گہرائی اور اسلوبی پختگی کا ایسا حسین امتزاج ملتا ہے جو انھیں اپنے عہد کے نمایاں اور باوقار افسانہ نگاروں کی صف میں ممتاز مقام عطا کرتا ہے۔قرۃ العین حیدر نے جب ان سے سوال پوچھا:
’’ آپ ترقی پسند ہیں یا جدیدیت پسند؟ ‘‘
سلام نے جواب دیا ’’ہم نہ ترقی پسند ہیں نہ جدیدیت پسند۔ بس جو سمجھ میں آتا ہے لکھتے رہتے ہیں۔
قرۃ العین حیدر نے دوسرا سوال کیا تمہارا امام کون ہے؟ سردار جعفری ،شمس الرحمن فاروقی یا باقر مہدی؟
سلام نے بڑا نفیس جواب دیا کہ ہمارا کوئی امام نہیں۔ ہم امت ِبے رسول ہیں۔
عینی آپا جواب سن کر بولیں’’ گڈ‘‘ اور ہنس پڑیں، اس کے بعد بڑی دیر تک دونوں کے درمیان ’’آگ کا دریا‘‘ اور دوسرے ادبی موضوعات پر گفتگو ہوئی‘‘۔2
افسانہ نگاری کے علاوہ مراٹھی اور ہندی سے ترجمہ کا کام بھی انھوں نے بہت ہی انہماک سے کیا۔ مراٹھی زبان وادب کے نامور ادیب جی، اے، کلکرنی کے افسانوں کو سلام بن رزاق نے اردو میں ترجمہ کیا جو کہ ’’ـجی، اے، کلکرنی کی کہانیاں‘‘ کے نام سے 2005 میں شائع ہوئی۔ اس کے علاو ہ مراٹھی کے ناول ــ’’ماہم کی کھاڑی‘‘ اور ہندی کی ’’سم سامئک کہانیاں‘‘ کو ’’عصری ہندی کہانیاں‘‘ کے نام سے اردو میں ترجمہ کیا۔ ’’سم سامئک کہانیاں‘‘ جس کو دھننجے و رما نے مرتب کیا ہے۔ اس پر 1988 میں ساہتیہ اکادمی ایوارڈ سے نوازا گیا۔
مراٹھی اور ہندی سے اردو زبان میں کیے گئے تراجم محض لسانی تبدیلی کا عمل نہیں بلکہ تہذیبی، فکری اور ادبی روابط کو مستحکم کرنے کا ایک موثر ذریعہ ہیں۔ ان تراجم کے ذریعے مختلف زبانوں کے ادب و ثقافت، رسوم و روایات، سماجی مسائل اور فکری رجحانات اردو قارئین تک پہنچتے ہیں، جس سے اردو ادب کے دائرۂ فکر میں وسعت پیدا ہوتی ہے۔ خصوصاً مراٹھی اور ہندی ادب میں موجود علاقائی زندگی، عوامی احساسات، دیہی تہذیب اور سماجی حقیقت نگاری جب اردو قالب میں منتقل ہوتی ہے تو اردو ادب نئی معنویت اور تنوع سے آشنا ہوتا ہے۔
سلام بن زاق افسانہ نگار اور ترجمہ نگارکے ساتھ ساتھ مضمون نگار بھی ہیں۔ان کے زیادہ تر مضامین ادبی شخصیت پر مبنی ہیں ،جو تذکر ے کے نام سے 2015 میں نئی دہلی سے شائع ہو چکی ہے۔اس کے علاوہ کئی مضامین دیگر کتب و رسائل میں بکھرے ہوئے ہیں۔ سلام بن رزاق نے متعد دادیبوں اور شاعروں پر مضامین بھی لکھے ہیں جن میں غالب، غیاث احمد گدی، عصمت چغتائی، باقر مہدی ،علی سردار جعفری، راجندرسنگھ بیدی اور ساغر سرحدی پر مضامین کافی اہم ہیں۔ مضامین کے مجموعہ ’’تذکرے‘‘کے حوالے سے سلام بن رزاق لکھتے ہیں کہ:
’’ان مضامین کو لکھنے اور کتابی شکل دینے کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ نوجوان نسل ادب کی ان معتبر ہستیوں کی چند نا تمام جھلکیوں سے ہی سہی آگاہی حاصل کر سکے جنھوں نے اپنے عہد میں شعرو ادب کو نئی بلندیوں سے آشنا کیا تھا‘‘۔ 3
’’غالب کے حضور میں‘‘ـ اس مضمون میں سلام بن رزاق نے غالب کے حوالے سے لکھاہے کہ:
’’غالب کی سیر کیے بغیر اردو ادب کا ہفت خواہ طے نہیں کیا جا سکتا۔۔۔ غالب کی شاعری میں اردو شاعری کا سارا جو ہر سمٹ آیا ہے ۔یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ اگر غزل اردو شاعری کی آبرو ہے تو غالب کی شاعری اردو غزل کی آبرو ہے۔‘‘4
اسی طرح اپنے مضمون ’’ورجینا ولف سے سب ڈرتے ہیں ‘‘میں قرۃالعین حیدر کے بارے میں سلام بن رزاق ایک جگہ لکھتے ہیں:
’’ــــمیں سمجھتا ہوں ان کی پاک باطنی، ان کی نفاست اور طہارت، نیز ادب کے تیئں ان کے شوق ریاضت کے پیش نظر انھیں اردوادب کی ورجینا وولف کی بجائے رابعہ بصریـــ کہنا زیادہ مناسب ہوگا۔‘‘5
سلام بن رزاق نے افسانہ نگاری، مضمون نگاری، ترجمہ نگاری و دیگر نثری اصناف کے ساتھ ساتھ بچوں کے ادب میں بھی نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ ان کی ادبی شخصیت کا ایک اہم پہلو بچوں کے ادب سے ان کی غیر معمولی وابستگی ہے۔ بچوں کی نفسیات، ان کے جذبات، ذہنی رجحانات و فکری تقاضوں سے ان کی گہری واقفیت نے ان کی تحریروں کو نہایت موثر، دلچسپ اور سبق آموز بنا دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کا تخلیق کردہ ادب سادہ، سلیس، بامقصد اور بچوں کے معیار کے عین مطابق نظر آتا ہے۔
وہ بچوں کے ادب کو محض تفریح کا ذریعہ نہیں سمجھتے، بلکہ اسے بچوں کی اخلاقی، ذہنی اور فکری تربیت کا اہم وسیلہ تصور کرتے ہیں۔ ان کی تحریروں میں اصلاحی پہلو نمایاں ہوتا ہے، تاہم اس میں کہیں بھی وعظ یا تصنع کا احساس نہیں ہوتا، بلکہ کہانی، کردار اور واقعات کے ذریعے وہ بچوں کے ذہن و دل پر گہرا اثر ڈالتے ہیں۔
انھوں نے ایک انٹرویو میں، جو انھوں نے ای ٹی وی اردو کو دیا، اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ چونکہ شروع ہی سے ان کا بچوں سے قریبی رابطہ اور تعلق رہا، اسی لیے انھیں بچوں کے ادب سے خصوصی دلچسپی پیدا ہوئی۔ وہ کہتے ہیں کہ جب بھی انھیں وقت ملتا ہے، وہ بچوں کے لیے ڈرامے، کہانیاں اور مضامین تحریر کرتے ہیں۔ اس بیان سے اندازہ ہوتا ہے کہ بچوں کے ادب سے ان کی وابستگی وقتی یا رسمی نوعیت کی نہیں، بلکہ ایک سنجیدہ فکری وابستگی ہے۔ یہی سبب ہے کہ ان کی تحریروں میں بچوں کی نفسیات اور ان کی معصوم دنیا کی حقیقی عکاسی ملتی ہے۔
انھوں نے بچوں کے ادب کے حوالے سے کئی اہم اور یادگار کتابیں پیش کیں جن میں’’ننھے کھلاڑی ‘‘، ’’فرشتے سے بہتر انسان بننا‘‘ اور ’’بادل کی آپ بیتی‘‘ خاص طور پر قابلِ ذکر ہیں۔ ان تصانیف میں بچوں کے لیے نہایت دلچسپ، سبق آموز اور اخلاقی کہانیاں و مضامین شامل ہیں جو ان کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کے یہاں زبان کی سادگی اور اسلوب کی روانی بچوں کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے، جب کہ مقصدیت ان تحریروں کو ادبی وقعت عطا کرتی ہے۔ اس کے علاوہ سلام بن رزاق نے ’’بال واڑی‘‘ کے نام سے بچوں کے لیے ایک ڈرامہ بھی تحریر کیا، جو ان کی فنی ہمہ گیری اور بچوں کی دلچسپیوں سے واقفیت کا مظہر ہے۔ انھوں نے صرف طبع زاد ادب ہی تخلیق نہیں کیا بلکہ مراٹھی لوک کہانیوں کو اردو میں منتقل کرکے بچوں کے ادب کے دائرے کو وسیع کیا۔ ان تراجم کے ذریعے انھوں نے مختلف تہذیبوں اور ثقافتوں کے قصوں کو اردو خواںبچوں تک پہنچانے کی کامیاب کوشش کی، جو ان کی ادبی بصیرت اور کشادہ ذہنی کا ثبوت ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ سلام بن رزاق نے بچوں کے ادب میں جو خدمات انجام دی ہیں، وہ اردو ادب کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ ان کی تحریریں نہ صرف بچوں کے لیے دلچسپی کا باعث ہیں ،بلکہ ان کی ذہنی، اخلاقی اور فکری تربیت میں بھی معاون ثابت ہوتی ہیں۔
سلام بن رزاق نے جاپان کی زین کہانیوں کو اردو میں تراجم کر کے ’’زین کہانیاں ‘‘کے نام سے ایک کتاب شائع کی۔سلام بن رزاق اس کتاب کی اشاعت کے حوالے سے لکھتے ہیں کہ:
’’اس معمولی مجموعے کی اشاعت کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ اردو کا عام قاری زین کے عظیم فلسفے سے واقفیت حاصل کرے۔اس کے علاوہ سنجیدہ اور صاحب ذوق ادبا زین فلسفہ و ادب کی طرف راغب ہوں اور اس گنج بے بہا سے مزید آب دار موتی چن کر اردو کے دامن کو ثروت مند بنا سکیں‘‘۔6
ان کے علاوہ انھوں نے ’’گا ہے گاہے بازخواں ‘‘ کے نام سے ایک کتاب شائع کی جس میں ا اردو کے 14 کلاسیکی افسانے اور ان کے تجزیے شامل ہیں، جنھیں خود سلام بن رزاق نے کیا ہے۔اس مجموعے میں پریم چند کا ’’پوس کی رات‘‘سعادت حسین منٹو کا ’’ٹھنڈا گوشت‘‘ کرشن چندر کا ’’دو فر لانگ لمبی سڑک‘‘ راجندر سنگھ بیدی کا ’’لاجونتی‘‘ عصمت چغتائی کا ’’جڑیں‘‘ قرۃالعین حیدر کا ’’نظارہ درمیاں ہے‘‘انتظار حسین کا ’’مورنامہ‘‘ سریندر پرکاش کا ’’گاڑی بھر رسد‘‘ غیاث احمد گدّی کا ’’پرندہ پکڑنے والی گاڑی‘‘ رتن سنگھ کا ’’ ہزاروں سال کی رات‘‘ اقبال مجید کا ’’آگ کے پاس بیٹھی عورت‘‘ قاضی عبدالستار کا ’’پیتل کا گھنٹہ‘‘ نیر مسود کا ’’تحویل‘‘ شامل ہیں۔
وہ بنیادی طور پر افسانہ نگار ہیں اور اس فن میں انھیں مہارت حاصل ہے۔ انھوں نے اپنے افسانوں میں روز مرہ کی زندگی، واقعات، تجربات اور مشاہدات کو پیش کیا ہے۔ اعلیٰ قدروں کے زوال، رشتوں کے بکھراؤ، مذہب اور سیاست میں ہونے والی تبدیلیاں، بے سمتی ذات کی شناخت، اخلاقی زوال، فسادات، گنگا جمنی تہذیب، سیاسی، سماجی اور مذہبی صورت حال کو اپنے افسانوں کا موضوع بنایا۔
سلام بن رزاق نے اپنے افسانوں میں تاریخی، تہذیبی اور معاشرتی شعور سے اپنا تخلیقی نظام قائم کیا۔ انھوں نے فکشن کے رائج سانچوں کو توڑ کر اظہار کے نئے رویوں کو فروغ دیا ہے۔ سلام بن رزا ق اپنے دور کے ان تخلیق کاروں میں سے ہیں جن کے بغیر اردو فکشن کی تاریخ مکمل نہیں ہو سکتی۔ بحیثیت افسانہ نگار ان کی انفرادیت مسلم ہے۔ ان کی تحریروں کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ وہ اپنے عہد اور ماحول کے تضادات کی ترجمانی کرتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کا ہر افسانہ اردو افسانوی ادب میں ایک قیمتی اضافہ تصور کیا جاتا ہے۔ ان کے افسانے محض کہانیاں نہیں بلکہ زندگی کی جیتی جاگتی تصویریں ہیں۔ ممبئی کی تیز رفتار زندگی اور اس کی دھڑکتی ہوئی فضا کے ساتھ ساتھ مہاراشٹر کے مقامی حالات، ہندوستانی مسلم معاشرے کی روایات، گھریلو زندگی کے نشیب و فراز، مرد و عورت کے نفسیاتی تعلقات، محبت کے لطیف احساسات، سماجی بدعنوانیاں اور فسادات کے اثرات بھی ان کی تحریروں میں پوری شدت کے ساتھ جلوہ گر ہوتے ہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ انھوں نے اپنے گرد و پیش کے ہر رنگ کو نہایت فنکاری سے افسانوں میں سمو دیا ہے۔ ان کے افسانوں کا اسلوب نہایت سادہ، دلکش اور رواں ہے، جس کی وجہ سے قاری ابتدا سے آخر تک پوری دلچسپی کے ساتھ کہانی سے جڑا رہتا ہے۔ وہ افسانہ لکھنے سے پہلے اس کے تمام پہلوؤں کو اپنے ذہن میں مکمل طور پر ترتیب دے لیتے ہیں، پھر اپنی تخلیقی بصیرت اور فنی مہارت سے اسے اس انداز میں صفحہ ٔ قرطاس پر منتقل کرتے ہیں کہ تحریر میں ایک خاص کشش اور تاثیر پیدا ہو جاتی ہے۔ یہی روانی اور فنی پختگی قاری کو مسلسل اپنی گرفت میں رکھتی ہے۔
سلام بن رزاق نے افسانہ نگاری، ترجمہ نگاری، مضمون نگاری، ادبِ اطفال اور دیگر ادبی اصناف میں گراں قدر خدمات انجام دے کر اردو ادب کے دامن کو وسعت بخشی۔ ان کی ادبی کاوشیں فکری بالیدگی، فنی پختگی اور عصری شعور کی آئینہ دار ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی ادبی خدمات کو علمی و ادبی حلقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا اور انھیں متعدد اعزازات و انعامات سے نوازا گیا، جن میں دو مرتبہ ساہتیہ اکادمی ایوارڈ بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ بھی مختلف ادبی و ثقافتی اداروں نے ان کی خدمات کے اعتراف میں انھیں کئی اہم اعزازات سے سرفراز کیا، جو ان کی ادبی عظمت اور مقبولیت کا واضح ثبوت ہیں۔سیکڑوں افسانوں کے تخلیق کار، مترجم، مصنف فلم رائٹربالآخر 17 مئی 2024 کو اس دار فانی سے کوچ کر گئے۔
حوالہ جات:
1. محمد نسیم، ڈاکٹر، سلام بن رزاق کی افسانوی جہات، ص37، روشان، پرنٹس، دہلی، 2024
2. ایضاً، ص38
3. سلام بن رزاق ،تذکرے، ص10، ایم، آر، پبلی کیشنز، دہلی، 2015
4. ایضاً ،ص12
5. ایضاً ،ص74
6. ایضاً، زین کہانیاں، ص15، عرشیہ پبلی کیشنز، دہلی 2021
Md. Sarfraz
Research Scholar
Departement of Urdu
Maulana Azad National Urdu University
Hyderabad-500032, Gachibowli
Mob.: 7300902563
Emil: mdsarfraz973@gmail.com

