اردو دنیا،نومبر2026:
ہمارے یہاں جس طرح ادب عالیہ کے مختلف اصناف ہیں اسی طرح لوک ادب جسے عوامی ادب کہا جاتا ہے اس کی بھی مختلف صنفیں ہیں۔ گیت اور شاعری کا شمار ادب عالیہ کے ساتھ لوک ادب کے بھی اہم اصناف میں کیا جاتا ہے اور نثر کے مقابلے شاعری کی مقبولیت آج بھی زیادہ ہے۔غزل، نظم،مثنوی، مرثیے ہوں یا پھر لوک گیت، چار بیت، دکھڑے، ٹھمری، جھومر، سوہر، لوری وغیرہ یہ ہمیشہ سے عوام و خواص کے پسندیدہ اصناف رہے ہیں۔
اردو میں لوک گیت Folk songکیا، کیسے اور کیوں؟ اس کو سمجھنے سے قبل یہ جاننا ضروری ہے کہ لوک ادب کیا ہے۔ الفاظ اور جملوں کے معمولی اختلاف سے لوک ادب کی بہت سی تعریفیں کی گئی ہیں۔ سہل الفاظ میں ہم یوں کہہ سکتے ہیں:
لوک ادب کا اطلاق ان زبانی (Oral) قصے، کہانیوں، ڈراموں، کہاوتوں، محاوروں اور گیتوں پر ہوتا ہے جو سینہ بہ سینہ ہم تک پہنچا ہے اور جس کا تخلیق کار کوئی ایک فرد نہیں بلکہ پورا سماج اور معاشرہ ہوتا ہے۔ان قصے، کہانیوں ڈراموں اور گیتوں کی بنیاد صدیوں پرانی تہذیب و تمدن، ثقافت و معاشرت ہوتی ہے۔ یہ دیہی اور قصباتی لوگوں کے اجتماعی جذبات و احساسات کی ترجمانی کرتے ہیں۔ ادب عالیہ اور عوامی ادب میں بنیادی فرق یہی ہوتا ہے کہ اول الذکر تحریری شکل میں موجود ہوتا ہے اور اس کا کوئی ایک مصنف ہوتا ہے جب کہ آخرالذکر بیانیہ اور ملفوظی ہوتا ہے۔ یہ محض حافظے کی بنیاد پر نسل در نسل اور ملک در ملک سفر کرتا ہے اور کوئی فرد واحد اس کا خالق نہیں ہوتا ہے بلکہ یہ عوام کے رنج والم، خوشی وغم کے تجربات و مشاہدات کا نتیجہ ہوتا ہے جو عوامی زبان میں ہی بیان کیا جاتا ہے۔
لوک ادب(Folk Literature) قدیم ترین ہے اس لیے ادب عالیہ کے سوتے اس سے جاکر ملتے ہیں۔ اگر ادب عالیہ کو بلند و بالا درخت مانا جائے تو بلاشبہ لوک ادب کو اس کی جڑ تسلیم کرنا پڑے گا۔ لوک ادب کی تاریخ انسانی زبان کی تاریخ سے وابستہ ہے۔ اس لیے ہر زبان کا اپنا عوامی ادب ہے۔یہ بھی حقیقت ہے کہ دنیا میں پائی جانے والی بیشمار زبانوں اور بولیوں نے مرور زمانہ کے ساتھ ایک دوسرے کے لوک ادب پر اپنے اثرات ڈالے ہیں۔اردو زبان کا اپنا کوئی لوک ادب نہیں ہے یہ بات جتنی غلط ہے اتنی ہی یہ بات درست ہے کہ اردو اور ہندی لوک ادب کے کئی پہلو مشترک ہیں۔ بطور خاص اردو اور ہندی لوک گیتوں میں بڑی مماثلت پائی جاتی ہے۔اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ دونوں زبانوں کی لسانی بنیاد کھڑی بولی ہے۔ اور اردو صرف کھڑی بولی کی نہیں بلکہ برج بھاشا، اودھی، ہریانوی اور بھوجپوری سبھی کی روایتوں کی امین ہے اور اس کی مثال سب سے زیادہ لوک گیتوں میں ہمیں نظر آتی ہے۔ اس لیے اردو کے لوک گیتوں کی تاریخ میں سبھی زبانوں کی مشترکہ جھلک ملتی ہے۔ علی جواد زیدی کا یہ شکوہ بجا ہے:
’’ناقدین ادب نے روایتوں کے اس تسلسل کو عام طور سے نظر انداز کردیا ہے جو پراکرتوں اور اپ بھرنشوں سے عوامی شاعری کے نمونے کے طور پر ہمیں ملا تھااور جن پر ہمارا جائز حق ہے۔ کیا ہم یہ بھول سکتے ہیں کہ ہمارے صوفیوں اور سنتوں نے انھیں بے جھجھک ذریعہ اظہار بنایا ہے۔آج ضرورت بھی ہے اور ہندی کے پھیلاؤ نے یہ سہولت بھی پیدا کردی ہے کہ قدیم عوامی اور لوک گیت کے جو نمونے دیوناگری یا گجراتی وغیرہ دوسری لی پیوں میں ملتے ہیں ان سے ہم ہندی کی طرح اپنا رشتہ بھی جوڑیں۔ نہیں،میں نے غلط کہا۔ رشتے تو پہلے سے موجود ہیں اور جڑے ہوئے ہیں۔ان کو نئے معلومات کی روشنی میں پھر سے جانچنا پرکھنا ہے اور ان پر اپنے پن کی چھاپ گہری کرنا ہے۔ ہم اپنے قدیم تہذیبی ورثے کو نادانی میںبے شرکت ہندی کے حوالے کیوں کردیں۔‘‘1
لوک گیت کا خالق کوئی ایک فرد نہیں ہوتا بلکہ یہ گیت عموماًغیر شخصی اور گمنام ہوتے ہیں۔ ان کا کوئی تحریری ماخذ نہیں ہوتا بلکہ یہ سینہ بہ سینہ یاد داشتوں میں محفوظ رہتے ہیں۔الفاظ اور جملوں کے معمولی اختلاف سے یہ اکثر دیہی علاقوں میں ایک ہی طرز پر گایے جاتے ہیں۔ اس کی تحریری سند نہ ہونے کی وجہ ایک یہ بھی بیان کی جاتی ہے کہ لوک گیت جب تحریری شکل اختیار کرلیتے ہیں تووہ اس رنگا رنگی سے محروم ہوجاتے ہیں جو مختلف علاقوں کی تہذیب و ثقافت اور مزاج کی بوقلمونیوں سے پیدا ہوتی ہے۔اس میں لطافت، جاذبیت اور مٹھاس اس کی قرأت سے نہیں اسے گانے اور گنگنانے پر منحصر ہے۔
لوک گیتوں کی تقسیم علاقائی پس منظر میں بھی کی جاتی ہے جیسے راجستھانی لوک گیت،پنجابی لوک گیت، ہریانوی لوک گیت،بنگالی لوک گیت وغیرہ۔لوک گیت کا مذہب اور دھرم سے بھی گہرا ربط رہا ہے۔مندروں اور مٹھوں میں ہمیشہ سے بھکتی کے گیت گائے جاتے رہے ہیں اسی طرح مزاروں اور خانقاہوں میں ایسے صوفیانہ گیت گائے جاتے تھے جو عوامی زبان میں ہوتے تھے اوراس طرح یہ گیت مقامی زبانوں کی ترقی کا ذریعہ بھی بنے۔
ڈاکٹر مجیب الاسلام کے مطابق لوک گیت کی تعریف اس طرح کر سکتے ہیں:
’’لوک گیت عوامی ادب کی وہ مشہور صنف سخن ہے جو انسانی پیدائش سے ظہور میں آئی۔ اس کی جغرافیائی حد بندیاں تو ضروری ہیں لیکن اس کے باوجود یہ عوام کے دلوں میں محفوظ رہنے والاوہ قیمتی سرمایہ ہے جسے ضبط تحریر میں نہیں لایاجاتا تھا۔یہ ان پڑھ عوام کے داخلی جذبات کا فطری اظہار ہے ۔ ان کا خاص کام خواتین کے جذبات کا بے اختیار اظہاراور ان کے بھر پور احساسات کا بیان ہوتا ہے۔لوک گیتوں کا تعلق ان طبقوں سے ہوتا ہے جن کی زبان روزی روٹی اور رہنے سہنے کے طریقے ایک سے ہوتے ہیں۔ لوک گیت کسی ایک شخص ،گروہ یا برادری کے نہیں ہوتے بلکہ یہ سارے سماج کا مشترکہ سرمایہ بن جاتے ہیں۔اسی لیے ہر گھر میں بلا تفریق گائے جاتے ہیں۔لوک گیت کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ داخلیت اور خارجیت دو قالب ہوتے ہوئے بھی ایک روح ہوکر گیت میں ڈھلتے ہیں۔ یہ قلبی واردات کے ساتھ بعض خارجی عناصر کوبھی اپنے اندر جذب کرلیتے ہیںجس سے ایک دلنشین غنائی کیفیت پیدا ہوتی ہے۔ ‘‘ 2
پنڈت رام نریش ترپاٹھی اپنی کتاب ،گرام گیت، کویتا کومدی کے صفحہ 4 پر لوک گیت کے متعلق لکھتے ہیں:
’’ان پڑھ دیہاتیوں کے دلوں سے نکلے وہ جذباتی بول جو شعری اور لسانی پابندیوں سے آزاد ہوں پھر بھی ان میں لحن اور ایک قسم کا میٹھا سر ہو‘‘۔
دیگر اصناف کی طرح لوک گیت کی تعریف کو بھی کئی مختلف انداز میں پیش کیا گیا ہے مگر یہاں انہی دو پر اکتفا کیا جاتا ہے۔ اس سے لوک گیت کا ایک بھرپور خاکہ ہمارے سامنے آجاتا ہے کہ لوک گیت دیہی عوام کے دلی جذبات کا فطری اظہار ہے جس میں ایک لحن اور میٹھا سر ہوتاہے۔جو کسی طربیہ ،حزنیہ اور المیہ جذبے سے گزرنے کے نتیجے میں وجود میں آتا ہے اور سینہ بہ سینہ چلتے ہوئے نسل در نسل منتقل ہوتا ہے۔لوک گیت کی زبانی روایت یعنی اس کا تحریری شکل میں نہ ہونا بھی اس کی ایک خوبی ہے کہ اس سے اس کا دائرہ محدود نہیں ہوتا بلکہ ہرزمانے میں گانے اور سننے والے اس میں اپنے حساب سے اضافہ کرتے ہیں اور اگلی نسل کو منتقل کر دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ لوک ادب کے اصناف کے فروغ میں زمان و مکان کے حدود قائم نہیں ہوتے اس کا دائرہ عہد بہ عہد وسیع تر ہوتا جاتا ہے اور یہ بھی حقیقت ہے کہ لوک گیت کے ارتقا اور فروغ میں مردوں سے زیادہ خواتین کا اہم کردار رہا ہے۔ لوک گیت کے حوالے سے ذہن میں ایک اہم سوال یہ بھی ابھرتا ہے کہ کیا اس کا شمار شاعری میں کیا جاسکتا ہے؟اس ضمن میں یہ بات بڑی اہمیت رکھتی ہے کہ لوک گیت گرچہ شاعری کے مروجہ اصول ،بحر ،وزن ،قافیے اور ردیف کی پابندی سے آزاد ہوتے ہیں اور یہ دیہی عوام کے دلوں کے جذبات واحساسات کی عکاسی کرتے ہیں اور ان میں اور شاعری میں کوئی ظاہری مناسبت معلوم نہیں ہوتی ہے پھر بھی اگر علامہ شبلی نعمانی کا یہ مشہور قول درست تسلیم کیا جائے جو ان کی تصنیف، شعر العجم میں درج ہے کہ ’’احساس جب الفاظ کا جامہ پہن لیتا ہے تو شعر بن جاتا ہے‘‘یا پھر یہ کہ’’جو چیز دل پر استعجاب، حیرت یا جوش پیدا کرے وہ شعر ہے‘‘۔ تو پھر کہا جاسکتا ہے کہ لوک گیت کا شمار بھی شاعری میں ہے اور ہونا چاہیے۔
انسانی تہذیب و تمدن کی عمر جتنی طویل ہے لوک گیت کی روایت بھی اتنی ہی قدیم ہے ۔’رگ وید‘ جیسی قدیم ترین کتاب میں اس کا ذکر ملنایہ اس بات کا ثبوت ہے کہ زمانہ رگ وید سے قبل بھی لوک گیت گائے جاتے تھے۔ عوام الناس اپنے دلی جذبات و احساسات ،خوشی وغمی ،ہجر و وصال ،موت وحیات اور دکھ ،درد کا اظہار اس کے ذریعے کیا کرتے تھے۔ زبان وبیان کے لحاظ سے لوک گیت کے ارتقا پر اگر نظر ڈالیں تو مختلف زبانوں اور زمانوں سے گزرتے ہوئے اس کی رسائی اردو تک ہوئی ہے ۔ کون سے گیت کب اور کس عہد میں سب سے پہلے لوگوں نے گائے، اس کے وقت کا تعین یقینادشوار ہے مگر بعض گیتوں کے موضوع اور اس کی لفظیات سے اس عہد کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے جب وہ گیت وجود میں آئے ہوں گے۔اس سلسلے میں اظہر علی فاروقی اپنی کتاب’ لوک گیت ‘میں لکھتے ہیں:
گیت کب بنے اور کس نے بنائے۔ اس کا پتہ لگانا گویا آب ظلمات کو تلاش کرنا ہے۔ وقت کا تعین بہت دشوار ہے۔ البتہ بعض گیت ایسے ہیں جو اپنے عہد کی خاص یاد گار ہیں اور وہ اس طرح معلوم ہوجاتا ہے کہ خاص خاص اسلحہ، ہتھیار، لباس، پوشاک، زیوروں کے نام اور کھانوں وغیرہ کا ذکر کچھ اس طرح آجاتاہے جو اپنے عہد کی یاد تازہ کردیتا ہے۔ مثال کے طور پر چندواقعات لیجیے،جن گیتوں میں اس قسم کا بیان ہے کہ لڑکی شوہر کی تلاش میں خود سرگرداں ہے، یا اپنے باپ کے انتخاب پر نظر ونقد کا حق رکھتی ہے یا اپنے بزرگوں سے اپنی شادی کی التجا کرتی ہے تو سمجھ لینا چاہیے کہ یہ گیت اس عہد عتیق کی یاد دلارہے ہیں جب قدیم ہندوستان میں سوئمبر کی رسم تھی۔اسی طرح جن گیتوں میں مغلوں سے لڑنے ،ان کو پکڑنے اور جنگ کرنے کا ذکر ہے وہ عہد اس کی یادگار ہیں۔ انگرکھا، کلاہ، چوڑیدار پائیجامہ وغیرہ مغلیہ عہد کی یادگار ہیں۔ ڈھال، تلوار،تیرکمان وغیرہ انگریزی حکومت سے پہلے کی چیزیں ہیں۔ یہ گیت جس میں یہ ذکر ہے کہ’’سوتن ریل میرے پیا کو لے کر بھاگ گئی‘‘ انگریزی عہد حکومت کی یادگار ہونا چاہیے۔ اس لیے کہ اس سے پیشتر ریل گاڑی کا وجود نہ تھا‘‘۔3
اس طر ح سے بعض لوک گیتوں کے زمانہ وجود کا تعین کیا جاسکتا ہے۔اس میں مستعمل زبان، الفاظ، جملے اور اشیا کے نام کے سہارے یہ اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ یہ گیت کب سب سے پہلے لوگوں کی زبان سے نکلے ہوں گے۔ لوک گیت کا کینوس بہت وسیع ہے۔ اس میں ہر نوع کے موضوعات سمٹ آتے ہیں۔ فنی اور موضوعاتی سطح پر اس کا جائزہ لیا جائے تو اس کے مختلف اقسام نظر آتے ہیں۔ہر خوشی اور غمی کے مواقع پر کوئی نہ کوئی لوک گیت مل جاتا ہے۔ تمام طرح کے موسم، سردی، گرمی، بسنت، بہار،برکھا رت اورموسم کے لحاظ سے کھیتوں میں پیدا ہونے والی فصلیں، بچوں کی ولادت کے مرحلے ،جوانی کے نشیب وفراز ،شادی کی مختلف رسومات اور موت کی واردات یعنی کہہ سکتے ہیں کہ یہ لوک گیت مہد سے لحد تک کے موضوعات کو محیط ہیں۔
ولادت، چھٹی، مہندی، ہلدی، ابٹن، شادی، نکاح، رخصتی، ہجر، فراق، پورے سال کے الگ الگ موسم، سردی، گرمی، بسنت، بہار، مختلف تہوار، فصلوں کی بوائی، کٹائی، تیاری، فاقہ مستی اور خوشحالی ہر موسم اور مواقع پرعوام اپنے دلی جذبات و احسات کو گیت کی شکل میں لے، سر اور تان کے ساتھ بیان کرتے ہیں جس میں دیہی پن، سادگی،برجستگی ،معصومیت اور دلکشی ہوتی ہے۔کسی سننے والے کو سمجھ میں نہ آئے تو بھی وہ اس کی خاص غنائیت میں گم ہوجاتا ہے اور اس کی نغمگی،چاشنی اور لطیف احساس سے لطف اندوز ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا۔ لوری، شہانے، جھومر، رخصتی، بارہ ماسہ، برہا، بدیسیا، سوہر، ماہیے، جھولے، دکھڑے وغیرہ، لوک گیت کی بہت سی قسمیں ہیں، تاہم یہاں ان کی اہم اقسام درج کی جاتی ہیں۔
لوری
لوری اس لوک گیت کو کہتے ہیں جو مائیں اپنے بچوں کو سلانے یا بہلانے کے لیے تھپک تھپک کرسناتی ہیں، یا یوں کہہ سکتے ہیں کہ لوری سے مراد وہ سریلے اور پیارے بول ہیں جو عورتیں اپنے بچوں کو سلانے کے لیے دھیمے اور میٹھے سروں میں گنگنا تی ہیں۔ لوری کے الفاظ بہت سادہ اور عام فہم ہوتے ہیں۔ یہ لوریاں جو لوک گیت کی ایک قسم ہے اس کا شمار بچوں کے ادب میں ہے۔ بلکہ بچوں کے ادب کا آغاز ہی لوریوں سے ہوتا ہے ۔وہ جب دنیا میں آنکھیں کھولتا ہے تو سب سے پہلے اسے لوریاں سنائی جاتی ہیں۔ بچوں کوبہلانے اور سلانے کی خاطر مائیں یہ سلسلہ تقربیاً7 برس کی عمر تک جاری رکھتی ہیں۔عام طور سے ان لوریوں میں پہلے بچوں کی تعریف ،پھر مستقبل کی خوبصورت آرزوئیں اور نیند سے متعلق میٹھے جملے ہوتے ہیں تاکہ بچہ اس کی مٹھاس میں مست ہوکر سوجائے۔بطور مثال چند مشہور لوریاں ملاحظہ کیجیے:
للّا للّا لوری ،دودھ کی کٹوری،دودھ میں بتاشا ،مناّ کرے تماشا۔
چندا ماما دور کے ،کھوئے پکائیں دودھ کے، آپ کھائیں تھالی میں، منیّ کودیں پیالی میں، پیالی گئی ٹوٹ، منّاگیا روٹھ، نئی پیالی لائیں گے، منّے کومنائیں گے۔
سوجا سوجا میرے راج دلارے سوجا،نندیا رے نندیا آبھی جا،میرے راجا کی انکھین میں گھل مل جا۔
آئو سہاگن جھولا جھلانے، نور نظر کو اپنے منانے، اللہ نبی کے جائوں میں واری،لعلوں سے میں نے جھولا سنواری،جھولے گی میری بٹیا پیاری،آنکھوں میں اس کی آئی خماری۔
دور جدید میں جہاں ہماری پرانی قدریں اور تہذیبیں مٹتی جارہی ہیں وہیں لوری بھی قصہ پارینہ بنتی جارہی ہے۔ یہ صنف پوری طرح ختم تو نہیں ہوئی ہے لیکن رفتہ رفتہ معدوم ضرور ہو گئی ہے۔
شہانے
شہانے اس گیت کو کہتے ہیں جو شادی کے موقع پر دلہن کو سجاتے اور سنوارتے وقت خواتین گاتی ہیں جس میں دلہن کے جذبات و احساسات کا اظہار ہوتا ہے۔ شہانے میں کپڑوں ،زیوروں اور دیگر ساز وسامان کی فرمائشوں کا ذکر ہوتا ہے۔
جھومر
جھومریہ لوک گیت کی بہت ہی معروف اور مقبول قسم ہے یہ شادی میں دلہا اوردلہن کے گھرپرگایا جاتا ہے۔یہ بڑے دلنشیں، دلکش، رومانی، عشقیہ اور جذباتی گیت ہوتے ہیں۔ عام طور سے نو شادی شدہ اور نوجوان کنواری دوشیزائیں یہ گیت گاتی ہیں۔
رخصتی
یہ گیت اس وقت گائے جاتے ہیں جب دلہن رخصت ہوکر میکے سے سسرال جاتی ہے۔اس میں دلہن کی وداعی اور حزن والم کی کیفیات کو بڑے مغموم انداز میں بیان کیا جاتا ہے۔اس موضوع پرامیر خسرو سے منسوب یہ گیت بہت مشہور ہے:
کاہے بیاہی بدیس رے ،لکھی بابل مورے
بھائیوں کے دئے محلے دو محلے،ہم کو دیا بدیس رے، لکھی بابل مورے
ہم تورے بابل بیلے کی کلیاں،گھر گھر مانگی جائے رے ،لکھی بابل مورے
برہا؍بدیسیا
برہا اور بدیسیااس لوک گیت کو کہتے ہیں جس میں ہجر وفراق کے مضامین بیان کیے جاتے ہیں۔اس گیت کو بعض علاقوں میں پردیسیا بھی کہا جاتا ہے یہ بدیسیا کا مترادف ہے جس میں ایک بیوی اپنے شوہر کو پردیس رخصت کرتے ہوئے یا ان کی جدائی میں اپنی دلی کیفیات اور لطیف جذبات کا اظہار کرتی ہے:
میرے ساجن تم کو پردیس ہی جانا تھا
تو میرے ساجن گونا کیوں لائے
کس کے ہاتھ چٹھی لکھ بھیجوں اور کس سے سندیسا کہلائوں
کوّے سے چٹھی بھیجوں اور پنچھی سے سندیسا کہلائوں
ان کے علاوہ بھی لوک گیت کی بہت سی قسمیں ہیں جن کا احاطہ یہاں ممکن نہیں تاہم یہ کہا جا سکتا ہے کہ یہ لوک ادب کی اہم اور مقبول صنف رہی ہے۔ جس کی مقبولیت میں آج بھی کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ ہاں! ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا کے دور میں اس کے پیشکش کی نوعیت میں تبدیلی ضرور آئی ہے۔بیسویں اور حالیہ صدی میں بھی لوک گیت کی مقبولیت کا یہ عالم ہے کہ بہت سے لوک گیت پہلے تھیٹروں اور پھر فلموں میں بھی پیش کیے گئے جس کے ذریعے ان کا شہری کرن کرنے کی کوشش کی گئی جو کہیں نہ کہیں کامیاب بھی رہی۔ڈاکٹر میمونہ دلوی کا یہ دعویٰ درست ہے ۔وہ لکھتی ہیں:
’’عوام میں گائے جانے جانے والے کئی لوک گیت بھی متعدد فلموں میں پیش کیے گئے اور آج بھی ہورہے ہیں۔ان میں سے کئی گیتوں میں تھوڑا رد وبدل کیا گیاہے ۔بعض میں اضافہ اور بعض لوک گیت جوں کے توں استعمال کیے گئے ہیں۔ بطور مثال کچھ مشہور گیت کے بول درج ذیل ہیں:
بریلی کے بازار میں جھمکا گرا رے
میں میکے چلی جائوں گی تم دیکھتے رہیو
اٹریا پے کون بھوجی،دیا تو جلادو
نظر لاگی راجہ تورے بنگلے پر،میں جوہوتی بیلا چنبیلی،لپٹ رہتی راجا تورے بنگلے پر
لوک گیت عوامی بولیوں ہی سے جنم لیتے ہیں۔ بھوجپوری، اودھی اور برج بھاشایہ تینوں بولیاں،ہندی اوراردو علاقے کی عوامی بولیاں ہیں۔ ان میں لوک گیتوں کا ایک عظیم سرمایہ موجود ہے۔ ہندی اردو فلموں میں گیت نگاروں نے ان بولیوں میں موجود گیتون کو اپنایااور موسیقاروں نے بھی عوامی دھنوں پرگیتوں کو ترتیب دیا۔ آرزو لکھنوی، کیدار شرما، پردیپ، شیلیندر، شکیل بدایونی اور مجروح سلطان پوری، وغیرہ نے ہندی اردو فلموں کولوک گیت اور سنگیت سے مالامال کر دیا۔ ان گیتوں میں آتما،رنگ اور رس ہے۔انداز اور لہجہ ہے اور ایک مخصوص کیریکٹر ہے۔‘‘4
پروفیسر ابن کنول کا بھی یہ خیال ہے کہ ایک طرف عورتوں نے بعض فلمی گیتوں کو اپنے اندازپر ڈھال لیا تو دوسری جانب لوک گیتوں کی مقبولیت اس قدر بڑھی کہ فلم والوں نے انھیں فلموں کے لیے استعمال کرنا شروع کردیا۔
وہ انہی گیتوں کی جانب اشارہ کرتے ہیں جو پہلے بیان کیا گیا۔البتہ ایک اور گیت کو یہ لوک گیت شمار کرتے ہیںجو فلم روٹی ،کپڑا اور مکان میں منوج کمار اور زینت امان پر فلمایا گیا ہے۔
ہائے ہائے یہ مجبوری
یہ موسم اور یہ دوری
مجھے پل پل ہے تڑپائے
تری دو ٹکیہ دی نوکری
مرالاکھوں کا ساون جائے
اس کے علاوہ بھی بہت سے لوک گیت ہیں جو تھوڑی تبدیلی کے ساتھ فلمی دھنوں پر گائے اور سنے جارہے ہیں۔بہت سے لوک گلوکار اورگلوکارہ سوشل میڈیا کے توسط سے لوک گیت کو فروغ دے رہے ہیں جو خوش آئند بات ہے ۔بس خدشہ یہ ہے کہ صدیوں سے چلتے آرہے یہ سیدھے سادے دیہی گیت شہر کے ہجوم میں پہنچ کرکثرت رد وبدل سے اپنی اصلی شناخت نہ کھو دیں ۔حالانکہ یہ آسان نہیں ہے ۔آج بھی تقریباً 70 فیصدی ہندوستان گائوں اور قصبات میں بستا ہے جہاں لوری، جھولے، پالنے، ماہیے، شہانے، جھومر، رخصتی بدیسیا اور برہا کی تان کھلی فضاؤں میں رقص کرتی ہے اور کانوں میں رس گھولتی ہے۔یہ لوک گیت انسان کے جذبات واحساسات کی غیر مصنوعی اور فطری آواز ہیں اور فطرت انسان کو ہمیشہ اپنی جانب کھینچتی ہے۔اس لیے لوک گیت کے مستقبل کے حوالے سے میرا خیال یہ ہے کہ مرور ایام کے ساتھ اس میں جزوی تبدیلی ضرور آئے گی جوکہ زمانہ قدیم سے چلی آرہی ہے لیکن لوک گیت کی یہ قدیم ترین صنف ختم نہیں ہوگی کیونکہ یہ فطرت کے خمیر سے تیار ہوتی ہے ۔ہر عہد اور ہرخطے کے انسانوں میں جو فطری اور نیچرل جذبات و احساسات ہوتے ہیں وہ تقریباًیکساں ہوتے ہیں جس کے اظہار کے لیے لوک ادب اور لوک گیت پہلا اور بنیادی وسیلہ بنتے ہیں کیونکہ اس کے لیے مروجہ شعری اور ادبی اصولوں کی ضرورت پیش نہیں آتی ہے۔
حوالے
1. علی جواد زیدی ،لوک گیت کی زندہ روایت، مشمولہ، اردو میں لوک ادب(مرتبہ قمر رئیس)سیمانت پرکاشن ،نئی دہلی، 1990، ص59
2. مجیب الاسلام، دلّی کے اردو لوک گیت، مشمولہ، اردو میں لوک ادب (مرتبہ قمر رئیس)سیمانت پرکاشن، نئی دہلی، 1990، ص284
3. اظہر علی فاروقی ،لوک گیت، ادارہ انیس اردو الہ آباد، ص4
4. ڈاکٹر میمونہ دلوی، کوکن اور ممبئی کے اردو لوک گیت، سعد اے دلوی پرنٹ، باندرہ ممبئی، ص34
Md. Arshad Hamraz
Department of Urdu ,
Maulana Azad National Urdu university,
Gachibowli,Hyderabad.500032
Mob. 9536236908
Email: m.arshad01995@gmail.com


