اودھ کی کہاوتوں ،محاوروں اور اصطلاحات کا تہذیبی پس منظر،مضمون نگار:محمد عمر رضا

November 25, 2026 0 Comments 0 tags

اردو دنیا،نومبر2026:

ہر قوم کی تہذیب اس کی زبان، ادب، لوک روایت، کہاوتوں، محاوروں، ضرب الامثال اور تہذیبی اصطلاحات میں سب سے زیادہ محفوظ رہتی ہے ،کیونکہ زبان صرف اظہار کا ذریعہ نہیں بلکہ تہذیبی شعور کی محافظ بھی ہوتی ہے۔
تہذیب عربی زبان کا لفظ ہے جس کے لغوی معنی ہیں کاٹنا، چھانٹنا یا تراشنا۔ انگریزی زبان میں تہذیب کے لیے کلچر کا لفظ استعمال کیا جاتا ہے۔ اصطلاح عام میں کسی معاشرے کی بامقصد تخلیقات اور سماجی اقدار کے نظام کو تہذیب کہا جاتا ہے۔ کسی بھی معاشرے کی طرز زندگی اور طرز فکر سماجی رشتے، رہن سہن، عادات و اطوار،فنون لطیفہ اور روسوم وروایات وغیرہ تہذیب کے مختلف مظاہر ہوتے ہیں۔ جب دو قومیں یا چند افراد کسی ایک جگہ اکٹھا ہوتے ہیں تو ان کے روز مرہ کے معمولات، نشست و برخاست ،عادات و اطوار، لباس و پوشاک، حاجات و ضروریات وغیرہ ایک دوسرے میں مخلوط و مشترک ہو جاتے ہیں اورپھر رفتہ رفتہ ایک تہذیب جنم لیتی ہے۔ اور یہی تہذیب آگے چل کر کسی ایک قوم کا تشخص یا علامتی نشان بھی بن جاتی ہے۔
اس کے برعکس تمدن عربی لفظ مدن سے نکلا ہے جس کے معنی شہری زندگی اور منظم معاشرت کے ہیں۔ تمدن سے مراد انسانی زندگی کے مادی، سماجی اور سیاسی نظام، رہائش، تعمیرات، صنعت، تجارت، ذرائع و اسباب کی ترقی ہے۔ اصطلاح میں تمدن ایک ایسی تہذیب کو کہا جاتا ہے جو وسیع پیمانے پر پھیلی ہوئی ہو۔ اس میں سماجی، سیاسی اور اقتصادی نظام پروان چڑھ رہا ہوتا ہے۔ تمدن حقیقت میں ضروریات زندگی کی پیداوار ہے۔ زندگی بسر کرنے کے لیے جیسے جیسے ضروریات پیدا ہوتی ہیں وہ رفتہ رفتہ تمدن کو جنم دیتی ہیں۔ تمدن اور تہذیب کا ایک دوسرے سے بڑا گہرا تعلق ہے۔ بعض مورخین نے تہذیب کو اصل اور تمدن کو اس کے بطن سے نکلنے والی شاخ کہا ہے۔ تہذیب کا تعلق نظریات سے بھی ہے جب کہ تمدن کا تعلق اعمال سے ہوتا ہے۔ تہذیب اور تمدن میں فرق بیان کرتے ہوئے سید عبد اللہ بیان کرتے ہیں ۔
’’تہذیب کلچر کے معنوں میں اس سے مراد ہیں انفرادی و اجتماعی ،ذوقی و اخلاقی اور معاشرتی رویے اور اجتماعی عادات ۔وسیع تر معنوں میں اس میں فنون بھی شامل ہوں گے اور علوم بھی اور آداب و اخلاق بھی،لیکن قانون اور ارادت و تنظیمات کو اس میں علی العموم شامل نہیں کیا جاتا کیونکہ یہ تمدن میں آتے ہیں ۔تہذیب کسی تمدن کے آزادانہ نشو و نما پانے والے حصے یا رخ کو کہتے ہیں اور تمدن میں اس کے علاوہ شعبے بھی شامل ہیں ۔ ‘‘ 1
بلا شبہ ہر قوم کی تہذیبی بقا اور شناخت اس کی زبان سے وابستہ ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ماہرین لسانیات و سماجیات کسی بھی تہذیب کی شناخت کے لیے اس کو دستاویز قرار دیتے ہیں۔
اودھ کی تہذیب برصغیر کی ان چند ممتاز تہذیبوں میں شمار ہوتی ہے جنھوں نے اردو زبان و ادب کو بے مثال ادبی، لسانی اور ثقافتی سرمایہ عطا کیا۔ اودھ کی کہاوتیں، محاورے اور تہذیبی اصطلاحات صرف روزمرہ گفتگو کا حصہ نہیں بلکہ وہاں کے اخلاق، وضع داری، شائستگی، مزاح، خاندانی روایات اور معاشرتی اقدار کی بھرپور عکاس ہیں۔ اس لیے زبان اور تہذیب کا رشتہ نہایت گہرا مضبوط اور ناگزیر مانا جاتا ہے۔
کہا جاتا ہے کہ ہر قوم کی تہذیب اس کی زبان میں جھلکتی ہے۔ زبان میں موجود الفاظ، محاورے، کہاوتیں، ضرب الامثال، لوک گیت، دعائیں، سلام و دعا اور روزمرہ کے معمولات اس قوم کے مزاج اور تہذیبی شعور کا پتہ دیتے ہیں۔ اگر کسی قوم کی زبان میں احترام، شائستگی اور اخلاقی اقدار نمایاں ہوں تو اس سے اس معاشرے یا قوم کے تہذیب یافتہ ہونے کا اندازہ ہوتا ہے۔ ایک تہذیب کس طرح تشکیل پاتی ہے اور کن مراحل سے ہوکر گزرتی ہے بقول ڈاکٹر احمد طارق ملاحظہ ہو۔
’’کسی تہذیب کے بننے سنورنے اور اس کے خد و خال کے تعین میں اس خطے کے جغرافیائی حالات اہم کردار ادا کرتے ہیں جہاں وہ تہذیب نمو پزیر ہوتی ہے۔ کیونکہ انسان کی زندگی ،اس کے رسم و رواج اور اس کے اعتقادات کے تعین میں جغرافیائی حالات پوری طرح اثر انداز ہوتے ہیں ۔ در اصل تاریخی ، سیاسی، اور اقتصادی ضروریات کے پیش نظر کسی جغرافیائی خطے میں قیام کرنے والی مختلف قوموں کے درمیان جو اتحاد ،یگانگت ،یکجہتی اور ہم آہنگی کی فضا پیدا ہوتی ہے اسے ہی ہم تہذیب کے نام سے یاد کرتے ہیں ۔ ‘‘ 2
تہذیب زبان کو نئے نئے الفاظ، جدید اصطلاحات اور محاورات عطا کرتی ہے۔ جب کہ زبان تہذیب کو محفوظ رکھتی اور اسے نسل در نسل منتقل کرتی ہے۔ اس اعتبار سے دونوں ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔ جب کسی قوم کی تہذیب میں تبدیلی آتی ہے تو اس کی زبان بھی متاثر ہوتی ہے، اور جب زبان کمزور پڑنے لگتی ہے تو تہذیبی روایات بھی ماند پڑنے لگتی ہیں۔ اودھ کی تہذیب اس حقیقت کی بہترین مثال ہے۔
اودھ کی شائستگی، وضع داری، مہمان نوازی، رسم و رواج ،عادات و اطوار، تکلف بازی، احترامِ اور نفاست اردو زبان کے محاوروں، کہاوتوں، تہذیبی اصطلاحات اور روزمرہ کے اسالیب میں نمایاں نظر آتی ہے۔ تشریف لائیے ، حضور، قبلہ و کعبہ، جناب عالی، نوحہ گری، مانجھا،تیرہ تیزی ،مرغ بازی ،بٹیر بازی وغیرہ جیسے دیگر تہذیبی الفاظ و اصطلاحات صرف لغوی معنی نہیں رکھتے ہیں ،بلکہ اودھ کی تہذیبی اقدار اور معاشرتی روایات کی عکاسی بھی کرتے ہیں۔اسی لیے کہا جاتا ہے کہ اگر کسی قوم کی تہذیب کو سمجھنا ہو تو اس کی زبان محاوروں اور کہاوتوں کا مطالعہ کیا جائے، کیونکہ یہی عناصر اس قوم کی تہذیبی زندگی کے آئینہ دار ہوتے ہیں۔کسی بھی زبان میں موجود تہذیبی عناصر نسل در نسل زبانی و تحریری طور پر منتقل ہوتے رہتے ہیں۔اگرکوئی تہذیب زوال پذیر بھی ہو جائے تو انھیں کے ذریعے اس کی بازیافت ممکن ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ماہرین لسانیات اور سماجیات کسی بھی قوم کی تہذیب کو سمجھنے کے لیے اس کی زبان اور لوک ادب کا مطالعہ ضروری قرار دیتے ہیں۔
برصغیر کی تاریخ میں اودھ کو ایک منفرد مقام حاصل ہے۔ خصوصاً لکھنؤ نے اٹھارہویں اور انیسویں صدی میں علم و ادب، فنونِ لطیفہ، معاشرت، آدابِ زندگی اور زبان و بیان کے ایسے اعلیٰ نمونے پیش کیے جنھوں نے اردو ادب کو بے حد متاثر کیا۔ یہی وجہ ہے کہ آج بھی لکھنوی تہذیب کو اردو ادب کی سب سے نفیس، شائستہ اور باوقار تہذ یبوں میں شمار کیا جاتا ہے۔اودھ کی تہذیب کی سب سے نمایاں خصوصیات میں شائستگی، وضع داری، اخلاق، مہمان نوازی، احترامِ انسانیت، گفتگو کی نفاست، لباس، خوراک، میل جول اور آدابِ مجلس وغیرہ شامل ہیں۔
اودھ کے شعرا، ادبا اور نثر نگاروں نے اردو زبان کو نہ صرف ادبی حسن عطا کیا بلکہ اسے تہذیبی لطافت اور معاشرتی وقار بھی بخشا۔ میر انیس، مرزا دبیر، آتش، ناسخ، رتن ناتھ سرشار، عبدالحلیم شرر اور دیگر ادیبوں کی تخلیقات میں اودھ کی تہذیب پوری آب و تاب کے ساتھ جلوہ گر ہے۔ خصوصاً عبدالحلیم شرر نے اپنی تصنیف ’’گزشتہ لکھنؤ‘‘ میں اودھ کی معاشرت، رسم و رواج، آداب، تہوار، لباس، خوراک اور طرزِ زندگی کی ایسی جامع تصویر پیش کی ہے جو اس تہذیب کا مستند تاریخی سرمایہ سمجھی جاتی ہے۔
اردو ناول، افسانے، داستان، مرثیے اور خود نوشتیں اودھ کی تہذیب کے مطالعے کے اہم ذرائع ہیں۔ ان میں محفوظ کہاوتیں، محاورے اور تہذیبی اصطلاحات اس تہذیب کی تاریخی، سماجی اور ثقافتی شناخت کو آج بھی زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ اسی لیے اودھ کا تہذیبی سرمایہ اردو ادب کا ایک قیمتی ورثہ تصور کیا جاتا ہے، جس کا مطالعہ نہ صرف ادبی بلکہ سماجی اور ثقافتی اعتبار سے بھی بے حد اہم ہے ۔
یہاں سے اودھ کے چند مشہور و معروف محاورے پیش کیے جا رہے ہیں تاکہ ان کے ذریعے وہاں کی تہذیب کے مختلف پہلوؤں کوسمجھا جا سکے ۔
 لکھنؤ کا لوٹا ہونا
مطلب: ناقابل اعتمادہونایااپنا موقف بار بار بدلنا۔
در اصل لکھنؤ کا لوٹا جو پیتل اور تانبے سے بنتا تھا۔ گول تلی ہونے کی وجہ سے زمین پر ٹک نہیں پاتا، بار بار گرتا رہتا تھا ۔ برعکس دہلی کے جس کی تلی چوکور یا چپٹی ہوتی تھی۔اسی پس منظر میں یہ محاورہ ہر ا س شخص کے لیے بولنے لگے جوناقابل اعتماد تھااور ا پنا موقف بار بار بدلتا تھا۔
 زعفران کے کھیت میں ہونا
مطلب؛ بے حد خوش ہونا اور بے فکر رہنا۔
اودھ کی تہذیب میں یہ محاورہ اس وقت بولا جاتا تھا جب کوئی بہت زیادہ ہنستا اور بے فکر رہتا تھا۔ خاص طور پر نوابی دربار میں یہ مشہور تھا کہ جب کوئی زعفران کی کاشتکاری کرتا یا اس کے کھیت میں جاتا تو وہ بہت ہنستا اور بے جا خوش نظر آتا تھا۔ اس لیے دربار میں ایسے جملے بولے جانے لگے کہ میاں آج کل زعفران کے کھیت میں ہیں۔
 دسترخوان بڑھانا
مطلب: شکم سیر ہونے کے بعد برتنوں کو اٹھانا۔
اودھ خصوصاً لکھنوی تہذیب کی یہ اعلیٰ مثال تھی کہ جب دسترخوان پر بیٹھے لوگ شکم سیر ہو جاتے تو وہ یہ نہیں کہتے تھے کہ دسترخوان اٹھا لو، یا کھانا اٹھا لو۔ اس طرح کے جملے اس تہذیب میں بدشکونی اور بے برکتی پر متحمل مانے جاتے تھے۔اس لیے وہ مذکورہ جملے نہ بول کر یہ کہتے تھے کہ دسترخوان بڑھاؤ۔
 اللہ میاں کی گائے ہونا
مطلب: کسی کا بہت بھولا بھالا یا سیدھا سادھا ہونا۔
یہ محاورہ اکثر اودھ کی خواتین کی زبانی بولا جاتا تھا۔ ان کے گھروں کی کچھ لڑکیاں زمانے سے بالکل بے فکر لا تعلق رہتی تھیں ،بہت سی لڑکیاں تو ایسی تھیں کہ انھیں دنیا داری سے کوئی مطلب ہی نہیں تھا ۔یعنی وہ حد سے زیادہ بھولی بھالی ہوتی تھیں۔ اس لیے وہاںکی خواتین انھیں اکثر یہ کہتی تھیں کہ فلاں لڑکی تو اللہ میاں کی گائے معلوم ہوتی ہے۔
 بات کو بونگڑ بنانا یا بات کا بتنگڑ بنانا
مطلب: مبالغہ آرائی کرنایا بڑھا چڑھا کر بات بتانا۔
بونگڑ ودھی زبان میں بانس کے خالی حصے کو بولتے ہیں۔ اس کے علاوہ بونگڑ مبالغہ آرائی کے لیے بھی بولا جاتا تھا۔ جب بھی کوئی معمولی سی بات کو مرچ مصالحے کے ساتھ بہت بڑھا چڑھا کر بتاتا ،تو اس وقت یہ محاورہ منفی جملے میں بولا جاتا تھا کہ، میاں بات کوبونگڑ مت بناؤ اورپھر بعد میں کچھ اس طرح بولنے لگے کہ بات کابتنگڑ نہ بناؤ۔
 دیگو ں کا کھنکنا
مطلب کھانا بننا یا پکوان تیار ہونا۔
لکھنوی تہذیب میں ہر خوشی و غم کے موقع پر لوگوں کو مدعو کیا جاتا تھا ۔قریبی رشتے دار اور پڑوسی ان مواقع پر پیش پیش رہتے تھے۔جب بھی کوئی محفل یا تقریب منعقد ہوتی تو اس کے اختتام پر یا اسی کے دوران لوگ دیگوں کی آواز سے یہ اندازہ لگا لیتے تھے کہ یہا ں کھانے کا اہتمام ہے یا نہیں۔ کیونکہ ان کا کھنکنا اس بات کی علامت ہوتی کہ یہاں پکوان جاری ہے۔
 چکنی دال کا چمچہ بننا
مطلب: کسی مالدار یا دولت مند شخص کی خوشامد یا چاپلوسی کرنا۔
یہ محاورہ اکثر لکھنوی بیگمات کی زبانی بولا جاتا تھا۔ اس کا پس منظر کچھ یوں ہے کہ ان کی دال ہمیشہ دیسی گھی سے تڑکہ لگی ہوتی تھی ۔جب جب دال بنتی تب تب چمچہ سے دیسی گھی کا تڑکہ لگتا ۔اس طرح دال اور چمچہ کا چولی دامن کا رشتہ ہو گیا،کیونکہ اب بغیر دال کے چمچہ بیکار تھا۔بس اسی نسبت سے وہاں کی بیگمات نے ان درباریوں کو چکنی دال کا چمچہ بولنا شروع کر دیا جو اپنے آقاؤں کی دولت و جاگیر دیکھ کر ہمہ وقت ان کے آگے پیچھے پھرتے رہتے ،جی حضوری کرتے تھے۔
لکھنؤ کی کائنات ہونا
مطلب: ظاہری بناؤ سنگاردکھاوا کرنا، لیکن حقیقت میں حیثیت کچھ نہ ہونا۔
اس محاورے کا پس منظر یہ ہے کہ لکھنؤ کا چراغ بجھنے کے بعد جب نوابوں اور جاگیرداروں کی جاگیریں، عزت و شہرت سب کچھ ختم ہو گئی، تب بھی انھوں نے ظاہری طور پر اپنا ٹھاٹ باٹ ،شان و شوکت بر قرار رکھنا چاہی۔ لیکن حقیقت میں اب ان کا رعب ودبدبہ پہلے کی طرح نہیں رہاتھا ۔ ان کی اسی حالت کو دیکھ کر عوام انھیں طنزیہ طور پر یہ کہتی تھی کہ ہماری لکھنؤ کی کائنات بس دیکھنے کی ہے۔
 آسمان کے تارے توڑنا
مطلب: ناممکن کو ممکن بنانا یا بہادری کا دعویٰ
عہدنوابین میں شاہی فوج کا ایک بانکیـ نامی دستہ لڑائی اور بہادری میں بہت مشہور تھا ۔اس کی بہادری دور دور تک مشہور تھی۔ بہادری و شجاعت کے پیش نظر ان کی خود کی باتوں میں مبالغہ آرائی بھی پیدا ہونے لگی تھی ۔ ہر بات کو بڑا چڑھا کر کرنا ان کی عادت بن گئی۔ یہاں تک کہ وہ ناممکن کاموں کو ممکن بنانے کا دعویٰ کرنے سے بھی پیچھے نہیں ہٹتے۔ بعد میں ان کی شجاعت کو ثابت کرنے کے لیے اس طرح کے جملے بولے جانے لگے جو محال کاموں پر مشتمل تھے جیسے کہ آسمان سے تارے توڑنا۔
 ٹیڑھی ٹوپی ہونا
مطلب: غرور، تکبر، رعب و دبدبہ برقرار رکھنا۔
اہل لکھنؤکا یہ طرہ امتیاز تھا کہ وہ اپنی دو پلی ٹوپی کو ایک جانب ٹیڑھی رکھتے تھے ۔اس سے وہ اپنی شان و شوکت اور رعب و دبدبہ دکھانا چاہتے تھے۔ اگر کوئی ان سے ٹو پی سیدھی کرنے کو کہتا بھی تھا تو اس کو اپنی شان کے خلاف گردانتے ،یہاں تک کہ نوبت لڑائی جھگڑے تک جا پہنچتی تھی۔پھر بعد میں یہ محاورہ ہر مغرور اور متکبر شخص کے لیے عام ہو گیا۔
اب یہاں سے اودھ کی چند اہم کہاوتیں بھی بیان کی جا رہی ہیں جن سے بخوبی معلوم ہو سکے کہ کہاوتیں کسی بھی تہذیب کی حفاظت میں کس قدر رول ادا کرتی ہیں ۔تہذیب کے معنی خیز جملے انہی میں پوشیدہ ہوتے ہیں۔چند کہاوتیں ملاحظہ فرمائیں۔
 اندھیر نگری چوپٹ راجا
مطلب: جہاں کوئی قانون نہ ہو، ہر طرف بے انصافی اور بدانتظامی کا راج ہو۔
کہا جاتا ہے کہ قدیم اودھ میں ایک ایسا نادان بادشاہ یا نواب گزرا تھا جس کی سلطنت میں عقل و شعور کی کوئی قدر نہیں تھی۔ کسی طرح کا نظام یا قانون نہ ہونے کی وجہ سے سبزی اور مٹھائی دونوں ٹکا سیر میں بکتی تھیں۔ اسی کے پس منظر میں اودھ کے زوال کے وقت انگریزی راج کی نا انصافی و بد انتظامی پر بھی یہ کہاوت طنزاً بولی جانے لگی۔
کتے کی دم بارہ برس نلکی میں رکھی تب بھی ٹیڑھی کی ٹیڑھی نکلی
مطلب: کسی کی فطرت میں کج رَو ی، بری عادت وخصلت کا کبھی نہ بدلنا ۔
لکھنؤکی تہذیب میں نفاست پسند بیگمات براہِ راست گالی گلوچ یا بدزبانی کو سخت عیب مانتی تھیں۔ اس لیے وہ ایسے کاٹ دار جملے بطور طنز اودھ کے ان درباری، مصاحبین اور محل کے عیار خادموں کے لیے بولتی تھیں جو بار بار کی تنبیہ اور سزاؤں کے باوجود اپنی چغلی، جاسوسی اور چوری چکاری جیسی خصلتوں سے باز نہیں آتے تھے۔ لکھنؤکے شرفا انہی کج روی پر اڑے رہنے والے لوگوں کو بے نقاب کرنے کے لیے یہ کہاوت بولتے تھے۔
 نیا رنگ لائی گلہری
مطلب: کسی کم حیثیت، یا نااہل شخص کا اچانک اپنے رتبے سے بڑھ کر کوئی عجیب حرکت کرنا۔
اس کہاوت کا پس منظر یہ ہے کہ نوابی دربار کے نئے دولت مند، یعنی نئے نئے امیر بننے والے وہ مصاحبین جو نوابوں کی قربت پا کر اچانک اپنی حیثیت بھول جاتے اور نوابی ٹھاٹھ باٹ کی مضحکہ خیز نقل اتارنے لگتے تھے۔ بیگمات اور لکھنؤ کے شرفا جب بھی کسی کم ظرف انسان کو ایسی اوچھی حرکت کرتے دیکھتے تو اس کے لیے طنزاً کہتے تھے ،لو اب نیا رنگ لائی گلہری۔
بکرے کی ماں کب تک خیر منائے گی
مطلب: کسی عارضی بچاؤ یا مہلت کے باوجود ایک نہ ایک دن قانون کی گرفت میں آ جانا۔
اودھ کے تہذیبی پس منظر میں یہ کہاوت ان چغل خوروں اور سازشی مصاحبوں کے لیے بولی جاتی تھی جو نواب صاحب یا انگریز حکام کی قربت کا فائدہ اٹھا کر محل یا دربار میں مسلسل خرابیاں پیدا کرتے تھے اور ہر بار کسی نہ کسی بہانے سزا سے بچ نکلتے تھے۔ ایسے ہی شاطر لوگوں کو خبردار کرنے یا ان کے انجام کی پیشگوئی کرنے کے لیے یہ کاٹ دار جملہ بولا جاتاتھا کہ جتنی بھی مہلت مل جائے ایک دن حقیقت کھلنے پر تمھارا شکار ہونا طے ہے بالکل ویسے ہی جیسے قصائی کے گھر پلے بکرے کا ذبح ہونا یقینی ہوتا ہے۔
 جل تو جلال تو، آئی بلا ٹال تو
مطلب: کسی ناگہانی آفت، مصیبت یا ناپسندیدہ شخص سے فوری نجات پانے کے لیے وظیفہ کرنا۔
اودھ اور خاص طور پر لکھنوی معاشرے میں کچھ لوگ توہم پرستی اور نظربد کا خوف بہت زیادہ مانتے تھے۔ ان کے گھروں میں جب اچانک کوئی خوفناک آواز سنائی دیتی یاکسی آسیب کا وہم ہوتا تو خواتین فوراً یہ الفاظ بطورِ وظیفہ پڑھنا شروع کر دیتی تھیں تاکہ آنے والی مصیبت ٹل جائے۔ بعد میں یہ کہاوت ان لوگوں کے اچانک گھر آنے پر بطور طنزاستعمال ہونے لگی جنھیں اس معاشرے میں جھگڑالو یا منحوس سمجھا جاتا تھا۔
الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے
مطلب: خود قصوروار یا مجرم بے قصور شخص پر الزام لگائے یا اسے ڈانٹنے لگے۔
اودھ کی یہ کہاوت بازاروں عدالتوں اور تھانوں میں بہت رائج تھی کیونکہ اصل مجرم اپنی غلطی تسلیم کرنے کے بجائے دوسروں پر الزام لگا کر خود کو سچا ثابت کرنے کی کوشش کرتے تھے۔ یہ عوام کے مشاہدے اور معاشرتی انصاف کی نمائندہ کہاوت ہے۔
 کپڑا نہ لتہ، پان کھائے البتہ
مطلب: ضروری چیزوں پر خرچ کرنے کے بجائے غیر ضروری اور نمائش والی چیزوں پر خرچ کرنا۔
یہ کہاوت اودھ کی مشہور طنزیہ کہاوتوں میں سے ایک ہے۔اودھ کی تہذیب جس میں پان چبانا خوشحالی اور شوخی کی علامت سمجھا جاتا تھا۔ بعض لوگ مالی حالت خراب ہونے کے باوجود پان چبانے کو اپنی شان سمجھتے تھے۔ جب کہ وہ اپنی بنیادی ضروریات پوری نہ کرکے فقط دکھاوے، عیش، شوق یا غیر ضروری اشیا پر خرچ کرتے تھے۔ ان کی شوخی جھاڑنے کے لیے یہ کہاوت وجود میں آئی۔
 کھری مزدوری چوکھا کام
مطلب: خالص مزدوری دے کر بہترین کام ہوتا ہے۔
یہ کہاوت اودھ کی تاریخ تہذیب اور وہاں کے نوابوں کی فیاضی سے گہرا تعلق رکھتی ہے۔ جب 1784 میں اودھ شدید قحط کی لپیٹ میں آ گیا۔ نواب آصف الدولہ نے غریبوں کی عزتِ نفس کا خیال رکھتے ہوئے انھیں خیرات دینے کے بجائے روزگار دینے کا فیصلہ کیا اور لکھنؤ میں آصفی امام باڑہ ’’بڑا امام باڑہ‘‘ کی تعمیر شروع کروائی۔ دن و رات نواب کی طرف سے ہر مزدور کو اس کی کھری اور خالص مزدوری نقد یا اناج کی صورت میں دی جاتی تھی اس کے عوض مزدور بھی پورے اخلاص کے ساتھ کام کرتے تھے۔یہیں سے یہ کہاوت رائج ہوگئی کہ اگر دینے والا ہاتھ کھلا رکھے اور ’’کھری مزدوری‘‘ دے تو کام کرنے والا بھی دل لگا کر ’’چوکھا کام‘‘کرتا ہے۔
رسی جل گئی پر بل نہ گیا
مطلب: غرور، تکبر، اور ضد ختم نہ ہونا۔
یہ کہاوت اودھ کی تاریخ و تہذیب سے بڑا گہرا تعلق رکھتی ہے۔ نوابوں ، رئیسوں کی جاگیر یںجب ختم ہو گئیں، جب وہ مال و دولت سے بھی خالی ہو گئے۔ تب بھی ان کی خاندانی انا، غرور، تکبر اور ٹھاٹ باٹ کی عادتیں ختم نہ ہوئیں۔ جب بھی کسی ضرورت کے پیش نظر بازار جاتے تو اکڑ کا یہ عالم ہوتا کہ خریدار سے سیدھے منھ بات بھی نہیں کرتے تھے۔ اس رویہ کو دیکھ کر عوام میں یہ کہاوت عام ہو گئی کہ رسی جل گئی پر بل نہ گیا۔
 سو چوہے کھا کر بلی حج کو چلی
مطلب: بہت زیادہ بد اعمال شخص کا اچانک پرہیز گار ہوجانا۔
یہ کہاوت ہر اس شخص کے لیے بولی جاتی تھی جو پہلے اپنی خواہشات ،برائیوں اور بد اعمالیوں میں خوب مبتلا رہا ہو لیکن بعد میں اچانک سے مذہبی تقدس اور نیکی کا ظاہری لبادہ اوڑھ لیتا ہو یعنی توبہ و استغفار کر کے نیک اور پرہیزگار بن جائے ۔ ایسے شخص کو طنزیہ طور پر کہا جاتا تھا ،سو چوہے کھا کر بلی حج کو چلی۔
علاوہ ازیں یہ تمام کہاوتیں بھی اودھ سے تعلق رکھتی ہیں۔بادشاہوں کی محبت میں تو گدا تک مستغنی ہو جاتاہے، اپنے بچھڑے کے دانت سبھی پہچانتے ہیں ،شیخ کیا جانیں صابون کا بھاؤ،گھڑی میں ماشہ گھڑی میں تولہ،کم کھائے غم نہ کھائے،بھاگے بھوت کی لنگوٹی ہی سہی، قہر درویش بر جان درویش، اکیلی تو لکڑی بھی چولہے میں نہیں جلتی ،نیکی اور پوچھ پوچھ وغیرہ جن سے اودھ کے تہذیبی پس منظر کی شناخت کسی حدتک ممکن ہو پاتی ہے۔
حوالہ جات
1. سید عبد اللہ، کلچر کا مسئلہ، صفحہ نمبر 6،
2. ڈاکٹر احمد طارق، جدید اردو افسانے میں سماجی و ثقافتی جہات، صفحہ 31

Mohammad Umar Raza
Research Scholar
Centre for the Study of Urdu Culture,
Maulana Azad National Urdu University, Hyderabad-500032
Mob. 9927674962
Email: umarrazvi9962@gmail.com

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Explore More

امیر خسرو قوالی اور قو می یکجہتی کے علمبر دار ،مضمون نگار: آمینہ بیگم

اردو دنیا، اگست 2026: تاریخ کے مطالعے سے معلوم ہوتا ہے کہ ہندوستان زمانۂ قدیم ہی سے علم و فن کا گہوارہ رہا ہے۔ مسلم حکمرانوں نے ہمیشہ ماہرینِ فن

اکنامکس: تعارف برائے عوام،مضمون نگار:سید اطہر رضا بلگرامی

اردودنیا،جون 2026: سماجی علوم میں اکنا مکس (اقتصادیات یا معاشیات) واحد ایسا مضمون ہے جو زبان، طرز بیان، انداز تشخیص و تشریح اور اصطلاحات کے استعمال کے اعتبار سے دیگر

اساسِ ثلاثہ :فورٹ ولیم کالج، دہلی کالج اور علی گڑھ کالج،مضمون نگار: ابوبکرعباد

اردو دنیا،ستمبر2026: تصنیف و تالیف کی اصطلاح میں انیسویں صدی کونئے علوم کی ایک مبسوط کتاب سے تعبیر کیا جائے تو فورٹ ولیم کالج اس کتاب کا مقدمہ قرار پائے