اچھا مزاح وہ ہے جو ہنسانے کے ساتھ سوچنے پر بھی مجبور کرے: پاپولر میرٹھی،مضمون نگار: فرقان احمد سردھنوی

November 25, 2026 0 Comments 0 tags

اردو دنیا،نومبر2026:

فرقان احمد سردھنوی:سب سے پہلے اپنے تعلیمی پس منظر اور ادبی سفر کے آغاز کے بارے میں بتائیے۔
پاپولر میرٹھی: میری ابتدائی تعلیم فیض عام انٹر کالج، میرٹھ میں ہوئی۔ میں وہاں طلبہ یونین کا صدر بھی رہا۔ میری ادبی زندگی کا ایک اہم واقعہ اسی زمانے میں پیش آیا، جب کالج میں ایک بڑا مشاعرہ منعقد ہوا۔ اس میں ہندوستان اور پاکستان کے ممتاز شعرائے کرام شریک تھے اور نظامت محترم وسیم بریلوی صاحب نے کی۔ انھوں نے مجھے ابتدا ہی میں کلام پڑھنے کی دعوت دی اور میرے تعارف میں پیش گوئی کی کہ آج کا یہ مزاحیہ شاعر مستقبل میں بڑا شاعر بن کر ابھرے گا۔ اسی مشاعرے میں میرا یہ شعر بہت پسند کیا گیا ؎
میں یہ کہتا ہی رہا میں تو نہیں دیوانہ
یہ الگ بات میری جیب سے پتھر نکلے
یہی مشاعرہ مجھے مشاعروں کی دنیا سے متعارف کرانے کا سبب بنا۔
ف ا س:میرٹھ کالج سے آپ کی وابستگی اور ادبی تربیت کیسے ہوئی ؟
پ م: میں نے میرٹھ کالج سے بی کام اور ایم اے اردو کیا اور تقریباً سات برس اس کے شعبۂ اردو سے تدریسی طور پر وابستہ رہا۔ میرے لیے میرٹھ کالج علمی و ادبی تربیت کا اہم مرکز رہا۔
مجھے ڈاکٹر بشیر بدر صاحب جیسے ممتاز شاعر سے استفادہ کا موقع ملا۔ میری پی ایچ ڈی کا رجسٹریشن ابتدا میں انہی کے زیر نگرانی ہوا، لیکن بعد میں ان کے میرٹھ کالج چھوڑنے کے باعث میں نے اپنا تحقیقی کام پروفیسر خالد صاحب کی نگرانی میں مکمل کیا۔
ف ا س:آپ کی شاعری میں طنز و مزاح کا رجحان کیسے پیدا ہوا؟
پ م: مزاح شاید میری طبیعت میں شروع ہی سے موجود تھا۔ میں نے اپنے ارد گرد کے معاشرے، لوگوں کے رویوں اور روزمرہ زندگی کے تضادات کو غور سے دیکھا اور محسوس کیا کہ ان میں مزاح کے بے شمار پہلو موجود ہیں۔ میری کوشش رہی کہ مزاح محض ہنسانے کے لیے نہ ہو بلکہ اس کے اندر کوئی فکر بھی موجود ہو۔ میں سمجھتا ہوں کہ اچھا طنز وہ ہے جو انسان کو ہنسائے بھی اور سوچنے پر مجبور بھی کرے۔
ف ا س:آپ کے مشاعراتی سفر میں کون سا واقعہ سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے ؟
پ م: 1989 کا کراچی کا مزاحیہ مشاعرہ میری زندگی کا ایک اہم سنگ میل ہے۔ اس مشاعرے کی صدارت عظیم مزاحیہ شاعر دلاور فگار صاحب نے کی تھی۔ ہندوستان سے اتفاقاً میں ہی واحد شاعر تھا جو کراچی پہنچ سکا، کیونکہ دوسرے مزاحیہ شعرا کو ویزا نہیں مل سکا تھا۔
پاکستان ایمبیسی میں معروف شاعر محبوب ظفر صاحب ملازمت کرتے تھے اور میں ان کے ساتھ پہلے مشاعرہ پڑھ چکا تھا۔ انہی کی کوشش سے میرا ویزا ممکن ہوا۔ کراچی کے سامعین نے جس محبت سے میرے کلام کو سنا اور داد دی، اس نے میرے حوصلے کو بہت بڑھایا۔ اس کے بعد بیرون ملک مشاعروں کا سلسلہ چل نکلا۔
ف ا س:دلاور فگار صاحب کے ساتھ آپ کی کوئی خاص یاد؟
پ م: دلاور فگار صاحب کی محبت میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔ انھوں نے کراچی کلب میں میری موجودگی میں میرے عنوان سے ایک طویل نظم ’پاپولر میرٹھی، اکبر الہ آبادی کی نظر میں‘ پڑھی تھی۔ یہ نظم میری کتاب میں بھی موجود ہے۔
ایک بڑے مزاحیہ شاعر کا اپنے ہم عصر کے لیے اس محبت سے نظم کہنا میرے لیے ناقابل فراموش واقعہ ہے۔ میں اسے اپنی ذات کا اعزاز کم اور دلاور فگار صاحب کی محبت و شفقت کا ثبوت زیادہ سمجھتا ہوں۔
ف ا س:بیرون ملک مشاعروں کے حوالے سے آپ کے تجربات کیسے رہے؟
پ م: اللہ تعالیٰ نے مجھے دنیا کے مختلف ملکوں میں اردو زبان اور شاعری کی نمائندگی کا موقع دیا۔ پاکستان کے علاوہ امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا، ماریشس، سنگاپور، متحدہ عرب امارات، قطر، عمان، بحرین اور سعودی عرب سمیت کئی ملکوں میں مشاعرے پڑھے۔
یہ میرے لیے صرف سفر نہیں تھے بلکہ اردو کے عالمی رشتے سے جڑنے کے مواقع تھے۔ ہر جگہ ہندستانی اردو شاعر کی حیثیت سے جو محبت ملی، اسے میں ہمیشہ اللہ تعالیٰ کا کرم سمجھتا ہوں۔
ف ا س:دبئی اور قطر سے آپ کی ادبی وابستگی خاصی گہری رہی ہے۔
پ م: جی ہاں، دبئی اور قطر سے میرا ادبی تعلق بہت پرانا ہے۔ قطر تقریباً 30 مرتبہ جانے کا موقع ملا اور دبئی میں بھی متعدد عالمی مشاعروں میں شرکت کی۔
قطر میں مرحوم مصیب الرحمن صاحب نے میری اردو کتاب ’ڈبل رول ‘ شائع کی ۔ مجھے جشن جگن ناتھ آزاد، جشن محشر بدایونی، جشن شہزاد احمد اور جشن امجد اسلام امجد جیسی اہم ادبی تقریبات میں شرکت کا شرف بھی حاصل ہوا۔
ف ا س:دہلی کے مشاعروں سے آپ کی طویل وابستگی کے بارے میں کچھ بتائیے۔
پ م: دہلی میں محترمہ کامنا پر شاد جی کے جشن بہار کے عالمی مشاعرے میں تقریباً پندرہ بیس برس تک مسلسل شرکت کی۔ اسی طرح ڈی سی ایم کے مشاعروں میں بھی تقریباً پندرہ برس تک شرکت کا موقع ملا اور محترم مادھو جی کی محبتیں ہمیشہ حاصل رہیں۔
لال قلعہ میں اردو اکادمی کے آزادی مشاعرے میں بھی 1990 سے مسلسل شرکت کرتا آیا ہوں۔ مختلف ٹی وی چینلوں پر بھی میرا کلام نشر ہوتا رہا ہے۔ ان مواقع کو میں اپنی ذات کی کامیابی نہیں بلکہ اردو کی محبت کا نتیجہ سمجھتاہوں۔
ف ا س:اپنی اہم کتابوں کے بارے میں بتائیے۔
پ م: میری کتابوں میں ہنس کر گزار دے، ڈبل رول، پاپولر کلام (ہندی)، غالب اور میں (ہندی) اور ’یادوں کے دریچے‘ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مرحوم مناظر عاشق ہرگانوی نے میرے فن و شخصیت پر ’ذکر، فکر اور فن‘ مرتب کی۔
’یادوں کے در یچے‘ میری نثری کاوش ہے، جس میں میری یادیں، مشاہدات اور تجربات شامل ہیں۔ نثر میں میں پہلے بھی لکھتا رہا، لیکن لاک ڈاؤن کے دوران مجھے زیادہ وقت ملا تو میں نے ان یادوں کو باقاعدہ کتابی صورت دی۔ میرے طنزیہ و مزاحیہ مضامین مختلف معروف اردو جرائد میں بھی شائع ہوتے رہے ہیں۔
ف ا س:طنز و مزاح کے بارے میں آپ کا بنیادی نظر یہ کیا ہے ؟
پ م: میرے نزدیک طنز و مزاح صرف قہقہہ پیدا کرنے کا نام نہیں۔ اچھا مزاح وہ ہے جو ہنسانے کے ساتھ سوچنے پر بھی مجبور کرے۔
میں نے ہمیشہ کوشش کی کہ میرے مزاح میں شگفتگی کے ساتھ فکر، اور قہقہے کے ساتھ تہذیب موجود ہو۔ کسی فرد کی دل آزاری یا تضحیک کو میں مزاح نہیں سمجھتا۔ معاشرے کی کمزوریوں پر ضرور بات ہونی چاہیے، لیکن شائستگی اور انسانیت کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوٹنا چاہیے۔
ف ا س:آپ کی شاعری کی نمایاں خصوصیت کیا ہے؟
پ م: میری کوشش ہمیشہ یہی رہی کہ شعر سادہ، رواں اور عام قاری کے لیے قابلِ فہم ہو، لیکن اس میں ادبی حسن بھی موجود رہے۔ میں مشکل الفاظ کے ذریعے اپنی علمی برتری ثابت کرنے کے بجائے ایسی بات کہنا پسند کرتاہوں جو دل تک پہنچے۔
اگر میرے کلام کی کوئی شناخت ہے تو وہ شاید سادگی، شگفتگی اور برجستگی ہے۔
ف ا س:کیا آپ سمجھتے ہیں کہ مزاحیہ شاعر کے لیے سماجی شعور ضروری ہے؟
پ م: بالکل۔ مزاح نگار اپنے زمانے سے الگ نہیں رہ سکتا۔ اسے اپنے معاشرے کے مسائل، تضادات اور رویوں کا مشاہدہ کرنا پڑتا ہے۔ لیکن سماجی شعور کے ساتھ اخلاقی شعور بھی ضروری ہے۔ میری کوشش رہی کہ میں معاشرے کی خرابیوں پر ہنسوں، لیکن انسان پر نہیں۔
ف ا س:آپ نے اردو کے بزرگ شعرا کی ایک پوری نسل دیکھی ہے۔ اس دور کی کوئی خاص بات؟
پ م: یہ میری خوش نصیبی ہے کہ مجھے اردو کے بہت سے بزرگ شعرا کی صحبت اور محبت حاصل ہوئی۔ ہمارے زمانے میں بڑے اور چھوٹے شاعر ایک دوسرے کا احترام کرتے تھے۔ بڑے شعرا نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے تھے۔
آج بھی بہت اچھے شاعر موجود ہیں، لیکن مجھے اس دور کی وہ باہمی محبت بہت یاد آتی ہے۔ میرے نزدیک ادب میں اچھا اخلاق بھی اچھی شاعری جتنا ہی اہم ہے۔
ف ا س:آپ کو اپنے ادبی سفر میں سب سے زیادہ خوشی کس بات سے ملتی ہے؟
پ م: میرے لیے سب سے بڑی خوشی یہ ہے کہ میری شاعری لوگوں تک پہنچے اور سامعین نے اسے محبت دی۔ مشاعرے کی داد اپنی جگہ، لیکن جب کوئی شخص برسوں بعد میرا شعر یاد کر کے سناتا ہے تو مجھے بہت خوشی ہوتی ہے۔
شاعر کی اصل زندگی اس کے قارئین اور سامعین میں ہوتی ہے۔
ف ا س:آپ کے لیے مشاعرہ کیا حیثیت رکھتا ہے ؟
پ م: مشاعرہ شاعر اور سامع کے درمیان براہ راست رابطے کا نام ہے۔ میں نے نصف صدی سے زیادہ عرصے میں ہزاروں سامعین کے سامنے کلام پڑھا ہے۔ مشاعرے نے مجھے عوام کے مزاج کو سمجھنے اور اپنی شاعری کو بہتر بنانے کا موقع دیا۔
ف ا س:کیا مشاعرے نے آپ کی شاعری کو بھی متاثر کیا؟
پ م: یقیناً ۔ مشاعرے نے مجھے یہ سکھایا کہ شعر صرف کتاب کے صفحے پر نہیں، آواز اور احساس کے ذریعے بھی زندہ ہوتا ہے۔ سامعین کے ردِ عمل سے شاعر کو اندازہ ہوتا ہے کہ اس کی بات کس حد تک دل تک پہنچی۔
ف ا س:نثر کی طرف آپ کی توجہ کیسے ہوئی ؟
پ م: نثر میں دلچسپی مجھے بہت پہلے سے تھی۔ میں مضامین اور یادداشتیں لکھتا رہا ہوں، لیکن لاک ڈاؤن میں وقت ملا تو میں نے اپنی پرانی یادوں، مشاہدات اور ادبی تجربات کو زیادہ باقاعدگی سے لکھا۔ اسی کا نتیجہ ’یادوں کے در یچے‘ ہے۔
ف ا س:آپ کے خیال میں شاعر کے لیے نثر لکھنا کس حد تک مفید ہے؟
پ م: نثر شاعر کے مشاہدے کو وسیع کرتی ہے۔ شاعری میں بات چند مصرعوں میں کہنی ہوتی ہے، جب کہ نثر میں تفصیل سے اپنے تجربات اور خیالات بیان کرنے کا موقع ملتا ہے۔ میرے لیے دونوں اصناف ایک دوسرے کی تکمیل کرتی ہیں۔
ف ا س:آپ نے ٹی وی اور دوسرے ذرائع ابلاغ پر بھی کام کیا۔ اسے کس نظر سے دیکھتے ہیں؟
پ م: آج کے زمانے میں شاعر کے لیے ذرائع ابلاغ بہت اہم ہیں۔ مختلف ٹی وی چینلوں پر میرے کلام کی نشر و اشاعت ہوتی رہی ہے۔ اس سے اردو شاعری نئے سامعین تک پہنچتی ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں جدید ذرائع کو اردو کے فروغ کے لیے مثبت انداز میں استعمال کرنا چاہیے۔
ف ا س:اپنی ادبی زندگی میں آپ کس چیز کو سب سے بڑا اعزاز سمجھتے ہیں؟
پ م: میرے لیے سب سے بڑا اعزاز کسی سند یا انعام سے زیادہ لوگوں کی محبت ہے۔ مجھے بڑے شعرا کی شفقت ملی، ملک و بیرونِ ملک مشاعروں میں پڑھنے کا موقع ملا اور قارئین نے میری کتابوں کو پسند کیا۔ یہ سب میرے لیے بہت قیمتی ہے۔
ف ا س:پچاس سالہ سفر میں کوئی ایسی خواہش جو ابھی باقی ہو ؟
پ م: میری بڑی خواہش اب شہرت یا اعزاز کی نہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ میری شاعری، نثر، مضامین اور یادیں محفوظ ہو جائیں تاکہ آنے والی نسلیں ان سے استفادہ کر سکیں اور سب سے بڑھ کر یہ خواہش ہے کہ جب تک زندگی ہے، قلم چلتا رہے۔
ف ا س:آپ کی شاعری میں کوئی ایسا شعر جسے آپ اپنی شناخت سمجھتے ہیں؟
پ م: میرے کئی اشعار کو سامعین نے محبت دی، لیکن ابتدائی زمانے میں جس شعر نے مجھے مشاعروں کی دنیا میں نمایاں کیا، وہ یہی ہے ؎
میں یہ کہتا ہی رہا میں تو نہیں دیوانہ
یہ الگ بات میری جیب سے پتھر نکلے
یہ شعر آج بھی میرے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ اس کے ساتھ میری مشاعراتی زندگی کی ایک یاد وابستہ ہے۔
ف ا س:اتنے طویل ادبی سفر کے بعد آج آپ اپنی زندگی کو کس نظر سے دیکھتے ہیں؟
پ م: میں اپنی زندگی کو اللہ تعالیٰ کی عطا سمجھتا ہوں۔ ایک طالب علم سے شاعر، استاد، محقق اور نثر نگار تک کا سفر آسان نہیں تھا، لیکن ہر مرحلے پر بزرگوں کی دعائیں اور لوگوں کی محبت شامل رہی۔ میں نے یہ سیکھا کہ شہرت عارضی ہے، مگر اخلاق اور محبت دیر پا ہیں۔ اسی لیے آج بھی اپنے آپ کو سب سے پہلے ایک طالب علم سمجھتا ہوں۔
ف ا س:اپنے ادبی سفر میں کن شخصیات کو خصوصی طور پر یاد کرنا چاہیں گے؟
پ م: اپنے والدین اور اساتذہ کے ساتھ میں ان تمام بزرگ شعرا کو یاد کرنا چاہوں گا جنھوں نے محبت اور حوصلہ دیا۔ ڈاکٹر بشیر بدر، وسیم بریلوی، دلاور فگار اور بہت سے دوسرے بزرگوں کی شفقت میرے لیے سرمایہ ہے۔ میں ان تمام لوگوں کا شکر گزار ہوں جنھوں نے میرے کلام کو سنا، پڑھا اور آگے پہنچایا۔
ف ا س:ا نئی نسل کے شاعروں کے لیے آپ کیا نصیحت کریں گے ؟
پ م: مطالعہ کریں، بزرگوں کو پڑھیں، اپنے عہد کو سمجھیں اور جلدی شہرت کے پیچھے نہ بھا گیں۔ شعر کہنے سے پہلے اچھا انسان بننا ضروری ہے۔
ادب میں مقابلہ ہونا چاہیے، دشمنی نہیں۔ ایک شاعر دوسرے شاعر کی خوبی کو تسلیم کرے، یہی ادبی صحت کی علامت ہے۔
ف ا س:آخر میں اپنے قارئین اور محبان اردو کے نام کیا پیغام دینا چاہیں گے؟
پ م: میری پوری زندگی کا حاصل اگر ایک لفظ میں بیان کرنا ہو تو وہ شکر ہے۔ اللہ تعالیٰ نے مجھے میری توقع سے کہیں زیادہ عزت، محبت اور مواقع عطا کیے۔
میں اپنے قارئین، سامعین، دوستوں، اساتذہ، بزرگ شعرا اور تمام محبان اردو کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ اگر میری شاعری نے کسی کے لبوں پر مسکراہٹ پیدا کی، کسی دل کو خوشی دی یا کسی نوجوان کو اردو ادب کی طرف متوجہ کیا تو میں اسے اپنی سب سے بڑی کامیابی سمجھوں گا۔میرا یقین ہے کہ اردو صرف ایک زبان نہیں، ہماری مشترکہ تہذیبی میراث ہے۔ اسے آنے والی نسلوں تک پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
یہی میری زندگی کا حاصل ہے، یہی میری سب سے بڑی خوشی اور یہی میری آخری خواہش ہے۔

Dr. Furqan Ahmed Sardhanvi
Mohalla Burha Babu, Near Deepak Furniture
Sardhana District
Meerut- 250342 (UP)
Mob.: 9927141402
furqansardhanvi@gmail.com
Dr. Popular Meeruthi
333, Nizam Cottage
Karam Ali, Meeruth City
Meeruth-250002 (UP)
Mob.: 9412704614
popularmeeruthi@gmail.com

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Explore More

یوگا کی عصری معنویت ،مضمون نگار:عبدالحافظ فاروقی علیگ

اردو دنیا،جون 2026: اکیسویں صدی کا انسان بظاہر ترقی کی معراج پر فائز ہے، مگر اس کی داخلی دنیا ایک اضطراب، بے اطمینانی اور فکری انتشار کا شکار دکھائی دیتی

گمنام فلمی نغمہ نگار ،مضمون نگار: خلیق الزماں نصرت

اردو دنیا،اپریل 2026: 1931 میں جب پہلی بولتی فلم عالم آرا بنی تو اس سے پہلے کے فنکار ہی اس میں ایکٹنگ کرتے تھے اور گانے بھی گاتے تھے ہم

شریف احمد قریشی کی فرہنگ نویسی: زبان، ادب اور ثقافت کی زندہ میراث ،مضمون نگار:شہپرشریف

اردو دنیا،اپریل2026 ادب کی دنیا میں ایسے افراد بہت کم ہوتے ہیں جو اپنی تمام علمی و فکری صلاحیتیں محض اپنی زبان، معاشرے اور اپنی تہذیب کے تحفظ و فروغ