قومی اردوکونسل کا چھبیسواں اردو کتاب میلہ6تا14جنوری2024 ممبئی میں منعقد ہو گا

December 14, 2023 0 Comments 0 tags

 

اردو زبان اور کتابوں سے محبت رکھنے والے کثیر تعداد میں شرکت کریں: پروفیسر دھننجے سنگھ

  نئی دہلی: قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ذریعے اردو کے فروغ کے لیے مختلف اسکیمیں چلائی جاتی ہیں،جن میں سے ایک اہم اسکیم اردو کتاب میلہ بھی ہے۔ کونسل ہر سال دس روزہ کتاب میلے کا انعقاد کرتی ہے، جس میں ملک کے مشہور و معروف اردو پبلشرز اپنی عمدہ علمی و ادبیکتابوں کے ساتھ شریک ہوتے ہیں۔ اس کے لیے ملک کے مختلف علاقوں بالخصوص اردو آبادی پر مشتمل شہروں کا انتخاب کیا جاتا ہے، تاکہ وہاں کے لوگوں میں اردو زبان اور اردو کتابوں کے تئیں نئے سرے سے شوق و رغبت اور دلچسپی پیدا کی جائے۔ اس مرتبہ کونسل نے ممبئی کے معروف تعلیمی و ثقافتی ادارے انجمن اسلام کے اشتراک سے باندرہ کرلا کمپلیکس ،ممبئی میں اس میلے کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ کتاب میلہ 6جنوری 2024سے 14 جنوری2024 کے دوران منعقد کیا جائے گا۔ کونسل کے ڈائریکٹر پروفیسردھننجے سنگھ نے اس میلے کے تئیں غیر معمولی جوش و جذبے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہاراشٹر میں اردو کے شائقین اور اس زبان سے محبت کرنے والے کثیر تعداد میں پائے جاتے ہیں،ہزاروں اردو میڈیم اسکول اور کالجز برسرِ کار ہیں اور طلبا میں بھی اردو سیکھنے کا غیر معمولی شوق پایا جاتا ہے، اس لیے ہم نے اس سال مہاراشٹر کے مرکزی شہر ممبئی میں کونسل کے قومی اردو کتاب میلے کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے،مجھے امید ہے کہ اس کتاب میلے میں شہر ممبئی اور مضافات کے تمام محبان اردو غیر معمولی دلچسپی کا مظاہرہ کریں گے ،بڑی تعداد میں کتابیں خرید کر ان کا مطالعہ کریں گے جس سے ان کے علمی و ادبی ذوق کی تسکین ہوگی۔ انھوں نے بتایا کہ اس میلے میں ہندوستان بھر کے درجنوں ناشرینِ کتب شرکت کریں گے اور ہر قسم کی علمی و ادبی کتابیں بہت مناسب قیمتوں پر بہ آسانی دستیاب ہوں گی۔ پروفیسر سنگھ نے کہا کہ کونسل کے کتاب میلے ہمیشہ کامیاب رہے ہیں اور اب تک اس کے زیر اہتمام مختلف شہروں میں پچیس میلے منعقد کیے جاچکے ہیں، پچھلے سال تملناڈو کے شہر وانمباڑی میں اس کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں شائقین علم و ادب نے کم و بیش پچاس لاکھ کی کتابیں خرید کر ایک ریکارڈ قائم کیا تھا۔ انھوں نے توقع ظاہر کی کہ ممبئی کتاب میلے کے تئیں اردو طبقہ اس سے زیادہ ذوق و دلچسپی کا مظاہرہ کرے گا اور یہ میلہ پچھلے اردو کتاب میلوں سے بھی زیادہ کامیاب ثابت ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Explore More

عصمت کا تخلیقی سفر: ایک تحقیقی جائزہ مضمون نگار:۔ جمیل اختر

عصمت کا تخلیقی سفر: ایک تحقیقی جائزہ     جمیل اختر برصغیرکی ممتاز فکشن نگار قرۃ العین حیدر کا کہنا ہے کہ ’’ہمارے اکثر ناقدین لکیر کے فقیر ہیں‘‘ یہ بات

برہان پور میں نظمیہ شاعری، مضمون نگار: بسم اللہ عدیم برہان پوری

اردو دنیا، فروری2024 بابِ دکن، دارالعیار،برہان پور کا ادبی و شعری اسکول مستند مانا جاتا ہے  اور اس کا شہرہ بھی ہے۔ اس اسکول کے سر براہ مولانا عثمان خاں

نیر مسعود کی غیرافسانوی خدمت: مہ جبیں خاں

نیر مسعود اردو ادب میں ایک کثیر الجہات شخصیت کے مالک ہیں۔ان کے علمی و ادبی کارنامے مختلف النوع ہیں۔ ان کا شمار جہاں اردو کے صف اول کے افسانہ