تعلیم و تدریس میں مخفی عناصر کی اہمیت و افا دیت ،مضمون نگار:شہاب اللہ خان

October 6, 2026 0 Comments 0 tags

اردو دنیا،اکتوبر2026:

تمہید
تعلیم ایک منظم ،با مقصد اور شعوری عمل ہے جس کے ذریعہ فرد کی ذہنی ،اخلاقی،سماجی اور عملی صلاحیتوں کی نشو و نما کی جاتی ہے جب کہ اکتساب اس مسلسل عمل کا نام ہے جس کے ذریعہ انسان علم، مہارت، اقدار اور تجربات حاصل کر کے اپنے افکار و کردار میں مثبت تبدیلی پیدا کرتا ہے ۔تعلیم اور اکتساب باہم لازم و ملزوم ہیںاور ایک مہذب،باشعوراور متوازن شخصیت کی تشکیل میںبنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔
تعلیم و تدریس کو صرف ایک عمل یا فعل کہنا اس کے حق کے بالکل مخالف ہے ۔کہتے ہیں کہ ایک استاد اور شاگرد کا رشتہ ماں باپ کے رشتہ کے برابر و مترادف ہوتا ہے۔ ایک استاد جب بچوں سے پہلی مر تبہ رو برو ہوتا ہے تب وہ ان کے لیے ایک انجان اور اجنبی کی حیثیت رکھتا ہے لیکن کچھ عرصہ اور وقفہ گزرنے کے بعد بچوں کی لیے وہی معلم ایک والد ، بڑے بھائی، ذمہ دار، رہبراور معتبر شخص کے مما ثل بن جاتا ہے ۔ یہ اعتبار، عزت، خلوص اور محبت کیونکر پیدا ہو تی ہے ؟ یہ اس لیے پیدا ہوتی ہے کیونکہ ایک طالب علم کو ہمیشہ اپنے استاد کی جانب سے انفرادیت، مفاہمت، تحفظ، احسا سِ تقویت ، خود اعتمادی ، عزت نفس، دوستانہ ماحول ، باہمی احترام اور مثا لی شخصیت ملتی ہے اور جب تک ایک استاد اور شاگر د کے درمیان اس طرح کا رشتہ وا بستہ نہ ہو تب تک تدریس اور اکتساب دونوں ہی غیر موثر اور رسمی ثابت ہوتے ہیں۔
مخفی نصاب مفہوم و تعریف
درس و تدریس ایک ایسا عمل ہے جس میںحرکت و تبدیلی کا ہو نا ہی اس کے موثر اورمنا فع ہو نے کی علامت ہے۔ عام سے لفظوں میں پڑھنا پڑھانا نہایت سادہ اور عام سا نظر آتا ہے لیکن جب ہم اس کو علم تدریس کے چشمے اور بصیرت سے دیکھتے ہیں تو،تب ہمیں اس کی پیچیدگیاں اور اہمیت نظر آتی ہے۔
تدریس میں وہی چیزیں اہم نہیں ہو تیں جو نصاب میں لکھی ہو تی ہیں بلکہ ایسے بہت سے عناصر بھی لازمی ہوتے ہیں جو نظر نہیں آتے بلکہ طلبہ کی سیکھنے کی صلاحیت، رویوں اور کار کردگی پر گہرا اثر ڈالتے ہیں۔ تعلیمی ماہرین ان عوامل کو پو شیدہ نصاب یا کلاس روم کے مخفی عناصر بھی کہتے ہیں۔
موثر اور مفید تدریس کے لیے ضروری ہے کہ استاد اور شاگرد کے درمیان باہمی عزت و احترام، تعاون، طلبہ کی فعال شرکت، مناسب نظم و ضبط، خود اعتمادی ، متحرک اور تحفظ جیسے عناصر ضرور موجود ہوں۔
مخفی نصاب کے عناصر و نظریات
اس مضمون میں ہم ایسے عنا صر کے ساتھ ساتھ ایسے نظریات (Theories) کابھی ذکر کریں گے جو ایسے عناصر کو اہم قرار دیتے ہیںجو ہمیشہ مخفی ہو تے ہیں لیکن ان کی اہمیت اور افادیت ظاہری عناصر کے با لمقابل ہوتی ہے۔
(1)Philip .W Jackson نے اپنی کتاب Life in Classrooms (1968) میں پہلی بار Hidden Curriculum یعنی پو شیدہ نصاب کے تصور کو نما یاں کیا ہے ۔ پوشیدہ نصاب سے مراد اقدار، رویے، عادات اور سماجی اصول ہیں جو طلبہ غیر رسمی طور پر اپنے اساتذہ سے سیکھتے ہیں ۔ جیسے: وقت کی پا بندی ، نظم و ضبط، احترام ، باہمی تعاون اور ٹیم ورک ، مقابلے کا رجحان وغیرہ۔ ایک استاد کی بنیادی اور لازمی خصلت یہ ہو نی چاہیے کہ وہ ہمیشہ وقت کا پابند ہو ، اس کے کلاس روم میں ایک معیاری نظم و ضبط مو جود ہواور بچوں کے درمیان منا سب موازنہ آرائی پیدا کرنے والا ہو۔ طلبہ میںجب تک اپنے ہم جما عتوں سے موازنے اور مقابلے کا جذبہ مو جود نہیں ہوتا تب تک اکتساب، مقصود رفتار حاصل نہیں کر سکتا۔ فلپ۔ ڈبلیو۔ جیکسن نے مندجہ ذیل عناصر کو مخفی عناصر تسلیم کرتے ہوئے تدریس و اکتساب کے لیے موثر و مفید مانا ہے۔
وقت کی پا بندی
کسی بھی کام میں تسلسل اور پابندی اس کے کامیاب اور با مراد ہو نے کی علامت ہوتی ہے۔ تعلیم و تدریس کے معاملے میں وقت کی پابندی نہ صرف تعلیمی عمل کو بہتر بناتی ہے بلکہ شخصیت سازی،کردار سازی اور جماعت میں نظم و ضبط کو قائم رکھنے میں مدد کرتی ہے۔ اسی لیے طالب علم ہونے اور استاد بننے سے پہلے بنیادی خصلت وقت کی پا بندی ہے۔ اگر استاد یا طالب علم میں یہ خصلت مو جود نہیں ہے تو اس کا سیدھا سا مطلب یہ ہو گا کہ وہ صرف تعلیمی فعل سے ہی منسلک ہے۔
نظم و ضبط
نظم و ضبط کسی بھی تعلیمی ادارے کی کامیابی اور استحکام کا بنیادی ستون تصور کیا جاتا ہے۔ یہ طلبہ میں احساس ذمہ داری ، وقت کی پا بندی اور حسن اخلاق کو فروغ دیتا ہے ۔ موثر نظم و ضبط تعلیمی ما حول کو پُر امن، منظم اور تدریس کے لیے ساز گار بنا تا ہے۔ کسی بھی مقصد کے حصول کے لیے ایک منصوبے کے تحت نظام کو بنایا جاتا ہے تا کہ ہر عمل اس کے مقصد کے حصول میں صرف ہو اور کوئی بھی ایسا عمل سرزد نہ ہو جس سے وقت اور وسائل کا ضیاع ہو۔ یہ بات روشن ہے کہ اسکول کی ہر چیز طالب علم کے لیے بنی ہے اسی لیے تدریس و اکتساب سے متعلقہ ہر ایک شے کا نظم و ضبط سے ہونا بے حد لازمی ہے چا ہے اس کا تعلق کلاس روم سے ہو، استاد سے ہو، نظام اوقات سے ہو یا پھرخود طلبہ سے ہو۔
احترام اساتذہ
استاد کا احترام مخفی نصاب کا ایک بنیادی جز وہے جو طلبہ کے کردار میں شائستگی اور نظم و ضبط پیدا کرتا ہے ۔ تعلیمی ماحول میں معلم کی تو قیر، طلبہ میں اطا عت، انکساری اور حسن اخلاق کو فروغ دیتی ہے۔ یہ وصف طلبہ کی شخصیت سازی اور مثبت سما جی رویوںکی تشکیل میں موثر کردار ادا کرتا ہے۔
تعاون اور ٹیم ورک
تعاون اور اجتماعی کاوش طلبہ میں باہمی ہم آہنگی، اخوت اور ذمہ داری کے احساس کو مستحکم کرتی ہے۔ اجتماعی سر گر میوں میں شرکت سے طلبہ ایک دوسرے کے افکار کا احترام اور باہمی اشتراک کا سلیقہ سیکھتے ہیں۔ یہ عنصر مستقبل میں موثر قیادت اور کامیاب سماجی روابط کی بنیادیں فراہم کرتا ہے۔
مقابلے کا رجحان و جذبہ
مقابلہ بازی کارجحان طلبہ میں محنت، جستجواور اعلیٰ کار کر دگی کا جذبہ پیدا کرتا ہے ۔صحت مند مسا بقت طلبہ کو اپنی صلا حیتوں کو نکھارنے اور تعلیمی میدان میں امتیاز حاصل کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔ تاہم اعتدال کے ساتھ اختیار کی جانے والی مسا بقت ہی مثبت شخصیت سازی اور متوازن ذہنی نشو و نما کا سبب بنتی ہے۔
(2) Carl RogersکیHumanistic Theory کے مطا بق محبت، قبولیت اور احترام سیکھنے کے لیے بنیا دی ضرور تیں ہیں، استاد کا رویہ، لہجہ، زبان اور طلبہ کے ساتھ تعلقات۔ یہ ایسے عنا صر ہیںجو سیکھنے پر بہت اثر انداز ہو تے ہیں۔Carl Rogers نے کلاس روم کا ما حول (Classroom Climate) میں پو شیدہ نصاب کے تحت ان عنا صر کا ذکر کیا ہے۔
استاد کا دوستانہ رویہ
ایک استاد کی بنیادی خصلت یہ ہونی چاہیے کہ اس کا لہجہ نرم اور انداز بیان اُنسیت والا ہو ۔ وہ جب جب بچوں سے ہم کلام ہو تب تب بچے اس کو شوق سے سماعت کریں اور جس طرح سے ایک دوست کے ساتھ گفتگو کی جاتی ہے ٹھیک اسی طرح سے طلبہ اس سے ہم کلام ہوں۔
اگر طلبہ اپنے اساتذہ کے رویے اور سخت لہجے کی وجہ سے اس سے ہم کلام نہیں ہو تے ہیں تو اس کا سیدھا مطلب یہ ہے کہ استاد مثالی استاد بننے میں نا کا میاب ہیں۔
طلبہ کا اعتماد
بھروسہ حا صل کرنا ایک بہت اہم و معنی خیز لفظ ہے یہ ایک پہچان والے کو انجان اور ایک غیر کو اپنا بھی بنا سکتا ہے۔ دنیا کے ہر کام اور عمل میں بھروسہ ایک بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ درس و تدریس میں بھی اعتماد ایک یقین کی طرف لے کر جاتا ہے اور ایک یقین استاد کے لیے کامیابی کی راہ ہموار کرتا ہے۔ کلاس میں طلبہ کا استاد پر اعتمادد ہونا بے حد ضروری ہے اور وہ اعتماد پیدا کرنا ایک استاد کی ذمہ داری ہے۔ کہتے ہیں کہ ایک بچہ اپنے ماں باپ کا پڑھایا ہوا کاٹ سکتا ہے، بھائی بہن کا پڑھایا ہوا انکار کر سکتا ہے، لیکن اپنے استاد کا پڑھا یا ہوا نہیں کاٹ سکتا ہے کیونکہ وہ درس و تدریس کے میدان میں سب سے پُر اعتماد اپنے استاد کو مانتا ہے۔ اسی لیے استاد کو اپنی علمی لیا قت سے طلبہ کا بھروسہ جیتنا بہت ضروری ہو تا ہے۔
خوف یا دبائو کا موجود نہ ہونا
خوف اور ڈر، درس و تدریس میں صرف بگاڑ ہی پیدا کر سکتے ہیں۔ اگر کلاس روم میں استاد اپنی صلا حیت و لیا قت کی بجائے خوف اور ڈر کا استعمال کرتا ہے تو اس کا صاف مطلب ہے کہ وہ جماعت کے طلبہ کی مختلف صلاحیتوں کو تراشنے کے بجائے ان کو جڑسے کاٹنے کا کام کرتا ہے۔
با ہمی احترام
جس طرح سے خاندان ، سماج اور ملک کی ترقی کے لیے باہمی احترام کا ہو نا ضروری ہے اسی طرح سے درس و تدریس کے عمل و فعل میں ادب اور عزت بڑی اہمیت رکھتا ہے ۔ ادب پہلا قرینہ ہے محبت کے قرینوں میں۔ ادب سے ہی محبت کی شمع روشن ہو تی ہے۔
استاد اور طلبہ کے مابین باہمی احترام کا ہونا بے حد لازمی قرار دیا جاتا ہے کیونکہ با ہمی احترام مفاہمت ، آپسی تعاون اور مدد کے جذبے کو جنم دیتا ہے اور یہ سارے ایسے عناصر ہیں جو ایک اچھے تعلق اور رشتے کی راہ ہموار کرتے ہیں ۔ اسی لیے درس و تدریس کو پروان چڑھانے کے لیے کلاس میں طلبہ کے درمیان احترام اور خلوص کا ہو نا نہایت ضروری ہے۔
(3) Lenore jacobson اور Robert Rosenthal کے نظریے Pygmalion Effect کے تحت (Teacher Expectations) استاد کی مثبت توقعات طلبہ کی کار کر دگی کو بہتر بنا سکتی ہیں۔ یہ بات یقینی ہے کہ کلاس روم میں ہر صلاحیت اور انفرادیت والے بچے مو جود ہو تے ہیں اور اکثر اساتذہ انہی بچوں سے اچھی توقعات رکھتے ہیں جودرس و اکتساب میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں لیکن اس کا ہرگز یہ مطلب نہیںہو تا ہے کہ ہمیشہ ایک جیسے نتائج ہی حاصل ہوں بلکہ مثبت توقعات اور استاد کا پُر امید یقین بھی طلبہ کے نتائج پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ اسی لیے ایک استاد کو چاہیے کہ وہ ان طلبہ کے تعلق سے زیادہ مثبت توقعات رکھیں جو اکتسابی معاملے میں کمزور ہیںیا جن کی رسائی مقصودہ نتائج تک نہیں ہو پا رہی ہے۔
(4) Daniel Golemenکی Emotional Intelligence Theory کے مطا بق ایک استاد کے لیے بے حد ضروری ہے کہ وہ طلبہ کے جذبات کو سمجھنے والا ہو اور ان کے طرزعمل کے مطا بق ان کی موثر رہنمائی کرے۔ ڈینیل گولمین نے اپنے نظریہ میں ایسے عناصر کا ذکر کیا ہے جو طلبہ کے اکتساب میں مخفی طور پر مددگار ثابت ہو تے ہیں۔
خود بیداری
ایک طا لب علم کے ساتھ ساتھ استاد کے لیے بے حد ضروری ہے کہ وہ طلبہ کی کمزوریوں، صلاحیتوں اور جذبات کو پہچانے اور پھر ان عناصر کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک تدریسی لائحہ عمل اختیار کرے۔ مثال کے طور پر ایک طالب علم کے ساتھ ایک معلم کو بھی اس بات کا علم ہو نا چاہیے کہ اس کا شا گرد کس مضمون کو پسند کرتا ہے اور کس مضمون میں وہ بہت اچھا کر سکتا ہے۔
تقویت
کسی بھی کام کوکرنے کے لیے بنیادی چیز تقویت ہوتی ہے۔ بغیر تقویت کے کام کرنا غیر مفید ثابت ہو تا ہے۔ مثال کے طور پر ایک بھوکے انسان کے لیے کھانے کی جتنی اہمیت اور افا دیت ہو سکتی ہے وہ ایک پیٹ بھرے انسان کے لیے نہیں ہو سکتی ہے۔ ٹھیک اسی طرح وہ طالب علم جس میں تقویت موجود ہو اس کا اکتساب اور غیر تقویت شدہ طالب علم کا اکتساب ہمیشہ غیر مسا وی ہو تا ہے ۔
ہمدردی
بردباری، رحم دلی اور ہمدردی یہ ایسی صفات ہیں جو کسی انجان انسان کا بھروسہ جیتنے اور اس کو اپنا بنانے میں سب سے زیا دہ کار گر ثابت ہو تی ہیں۔ یہ ایک انسانی فطرت ہے کہ جب ایک انسان دوسرے انسان کو اس کے مطابق عزت اور توجہ دیتا ہے تو وہ انسان اس کو اپنا ہمدرد اور ساتھی بنا لیتا ہے اور اس کو اپنے دکھ اور سکھ میں ہمیشہ شامل کرتا ہے۔ درس و تدریس کے معاملے میں ہمدردی اور انسانی رحم دلی بڑی اہمیت کی حامل ہے۔یہ جما عت میں طلبہ اور اساتذہ کے درمیان ایک مستحکم رشتے کو ہموار کرتی ہے اور ایک مضبوط و مستحکم رشتہ اچھی تدریس اور اکتساب کا ضامن ہو تا ہے ۔
سماجی مہار تیں
سماجی مہارتوں سے مراد ایسی صلا حیتیں ہیںجن کی مدد سے ایک انسان دوسرے انسان کے ساتھ موثر، مثبت اور با وقار انداز میں تعلقات قائم کرتا ہے، بات چیت کرتا ہے، تعاون کرتا ہے اورپیش آنے والے مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کرتا ہے ۔
(5)Pierre Bourdieuکے نظریہ Cultural Capital Theory کے مطابق مختلف سماجی طبقات کے طلبہ مختلف قسم کے ثقا فتی وسائل اسکول لے کر آتے ہیں جو ایک استاد کے لیے بہترین حکمت عملی ثابت ہو سکتی ہے۔ طلبہ کی زبان، خاندان، معاشرتی پس منظر اور ثقافت ان کی تعلیم اور اکتساب پر گہرا اثر ڈالتی ہے۔ایک استاد کو چاہیے کہ وہ ایسے طلبہ کی شناخت کرے اور ان کے سماجی ضابطوں اور اقدار کو سامنے رکھتے ہوئے ان کی تعلیم و تعلم کا بندو بست کرے ۔ اگر کوئی بھی استاد طلبہ کے سماجی و ثقافتی پس منظر کو نظرانداز کرتا ہے تو وہ کبھی بھی طلبہ کی تعلیمی ضروریات تک رسائی حاصل نہیں کر سکتا ہے ۔
(6)Abraham Maslowکے نظریہ Maslow Hierarchy of Needs کے مطابق طلبہ میں تقویت اور تحریک کا پیدا کرنا ضروری ہے ۔ اگر کوئی استاد درس و تدریس سے پہلے طلبہ میں تحریک و تقویت پیدا نہیں کرتا ہے تو وہ طلبہ کے ساتھ ناانصافی کرتا ہے اور اس کی مثال ایسی ہے کہ کھانے کے وقت بھوک لگنے پر کسی انسان کو کھانا نہ دیا جائے بلکہ اس سے اور کام لیا جائے ظاہر ہے کہ اس سے اس کام کی افادیت اور تاثیر منفی ثا بت ہو گی۔
(7) Albert Bandura کی Social learning Theory کے مطابق طلبہ سب سے زیا دہ مشا ہدات اور تقلید کے ذریعہ سیکھتے ہیں ۔
استاد کے عمل، طرز عمل اور رویوں کو دیکھ کر بھی سیکھتے ہیں۔ طلبہ کے لیے استاد ایک مثالی شخصیت رکھتا ہے ۔ اس کا کرنا ،کہنا، بتانا سب کا سب طلبہ کے لیے بے حد ضروری اور لا زمی ہو تا ہے۔ اسی لیے ایک استاد کو ہمیشہ اپنے تعلیمی میدان میں، طرز عمل میں،طرز رسائی میں اور عادات و اطوار میں قابلیت کا پیکر ہونا چاہیے۔ یہ نظریہ تدریسی اور اکتسابی عمل میں عملی نمونہ کی اہمیت کو نمایاں کرتا ہے ۔ مشا ہداتی تعلیم طلبہ کی فکری، سماجی اور اخلاقی نشو و نما میں موثر کردار ادا کرتی ہے۔ البرٹ بنڈورا کے نظریہ معاشرتی تعلیم کے مطا بق اکتساب عمل محض تلقین کا مر ہون منت نہیں بلکہ مشا ہدہ، تقلید اور عملی تجربہ اس کے بنیا دی عوامل ہیں۔ طا لب علم اپنے اساتذہ اور معاشرتی ما حول کے ا فعال و کردار کو بغیر دیکھے ان کی پیر وی اختیار کرتا ہے۔ صالح نمونہ عمل، طلبہ کی فکری بالیدگی، اخلاقی ارتقااور عملی مہارتوں کے فروغ میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ معلم کا عمدہ کردار، شائستہ رویہ اور مثبت طرزعمل، طلبہ کی شخصیت سازی میں نہایت موثر ثابت ہوتا ہے۔ اس نظریہ کی روشنی میں تعلیمی اداروں میںایسا ماحول فراہم کرنا چا ہیے جو طلبہ کی علمی، اخلاقی اور سماجی نشو و نما کو مستحکم بنیا دیں فراہم کریں۔
اختتامیہ
مخفی نصاب تعلیم کا وہ غیر رسمی مگر نہا یت موثر پہلو ہے جو طلبہ کی شخصیت، کردار، اخلاق، معاشرتی رویوں اور عملی زندگی کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔
اگرچہ یہ رسمی نصاب کا حصہ نہیں ہوتا تاہم تعلیمی ماحول، اساتذہ کے طرز عمل، نظم و ضبط، باہمی تعلقات اور ادارہ جاتی اقدار کے ذریعہ طلبہ میں وقت کی پابندی، احساس ذمہ داری، تعاون، احترام انسانیت، خود اعتمادی، قیادت اور جذباتی پختگی جیسی اعلیٰ صفات پروان چڑھتی ہیں۔ فلپ ڈبلیو جیکسن، کارل راجرز، روز نتھل، ڈینیل گولمین، پیئربور دیو اور البرٹ بنڈوراکے نظریات اس حقیقت کی تائید کرتے ہیں کہ تعلیم و تدریس کی حقیقی کامیابی محض علمی معلومات کی منتقلی میں نہیں، بلکہ ایک صالح با کردار، ذمہ دار اور سماجی شعور سے آراستہ انسان کی تعمیر میں مضمر ہے۔ لہٰذا مخفی نصاب کو تعلیمی نظام کا لازمی جزو سمجھتے ہوئے اس کی اہمیت کو تسلیم کرنا اور عملی تدریس میں موثر انداز بروئے کار لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

Shahabullah Khan
Teacher, STS School
Aligarh Muslim University (AMU), Aligarh
4/482, Bhamola, Opposite Police Chowki
Civil Lines, Aligarh-202001
E-mail: shahabullahkhan50@gmail.com

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Explore More

قومی تعلیمی پالیسی 2020 اور زبان کی تعلیم،مضمون نگار: امتیاز احمد

اردو دنیا، اگست 2026: قومی تعلیمی پالیسی 2020 زبان کی تعلیم و تدریس کے لیے ایک بنیادی نظریاتی خاکہ پیش کرتی ہے جو کثیر لسانیت، ثقافتی تحفظ اور قومی یکجہتی

ٹیکنو پیڈاگوجی اور طلبہ کی ریاضیاتی تخلیقی صلاحیت،مضمون نگار:سید رضا الرحمان

اردو دنیا،نومبر2026: اکیسویں صدی کو معلومات، مواصلات اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی صدی قرار دیا جاتا ہے، جس نے انسانی زندگی کے مختلف شعبوں کی طرح تعلیم کے میدان میں بھی

استفساری تدریس اور مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت،مضمون نگار: محمد جمشید عالم

اردو دنیا،نومبر،2026: اکیسویں صدی میں تعلیمی نظام سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ ایسے افراد تیار کرے جو بدلتے ہوئے حالات میں موثر فیصلے کر سکیں، نئے مسائل