خصوصی بچوں کے مسائل اور شمولیاتی تعلیم ،مضمون نگار: احتشام تمیز

October 6, 2026 0 Comments 0 tags

اردو دنیا،اکتوبر2026:

خصوصی ضروریات والے بچوں کی تعلیم پر گفتگو سے پہلے تمہیدی طور پر یہ سمجھنا ضروری ہے کہDisability(معذوری) کیا ہے؟ عام طور پر معذوری کو جسمانی کمزوری یا کسی عضو کے متاثر ہونے سے تعبیر کیا جاتا ہے، لیکن جدید علمی تصور میں معذوری صرف فرد کی جسمانی یا ذہنی کیفیت کا نام نہیں، بلکہ فرد کی کیفیت اور اس کے ماحول میں موجود رکاوٹوں کے باہمی تعلق سے پیدا ہونے والی صورتِ حال بھی ہے۔ یہاںImpairment (نقص) اورDisability (معذوری) میں فرق سمجھنا ضروری ہے۔ نقص سے مراد جسمانی ساخت، حسی صلاحیت یا کسی جسمانی و ذہنی کارکردگی میں کمی یا تبدیلی ہے، جب کہ معذوری اس وقت زیادہ نمایاں ہوتی ہے جب یہ کیفیت فرد کی روزمرہ سرگرمیوں یا معاشرے میں شرکت کو محدود کرنے لگے مثلاً نابینا بچے کا Visual Impairment اس کی بینائی سے متعلق نقص ہے، لیکن اگر اسے Braille، Audio Material یا مناسب Assistive Technology دستیاب نہ ہو تو اس کی تعلیم میں پیدا ہونے والی رکاوٹ صرف بینائی کی کمی نہیں بلکہ تعلیمی ماحول کی عدمِ رسائی بھی ہے۔ اسی طرح Wheelchair استعمال کرنے والے بچے کے لیے Ramp اور Accessible Toilet کا نہ ہونا اس کی تعلیمی شرکت میں بڑی رکاوٹ بن سکتا ہے WHO کے ICF کے مطابق معذوری کو فرد کے نقص، سرگرمی میں دشواری اور معاشرتی شرکت میں رکاوٹ کے ساتھ ساتھ ماحول کے اثرات کے تناظر میں سمجھا جاتا ہے۔اسی طرح United Nations Convention on the Rights of Persons with Disabilities (UNCRPD) معذوری کو انسانی حقوق، مساوات، عزت، رسائی اور شمولیت کے تناظر میں دیکھتا ہے۔ ہندوستان میں (RPWD Ad-2016) بھی معذور افراد کے حقوق کو قانونی تحفظ فراہم کرتا ہے۔
معذوری پیدائشی بھی ہو سکتی ہے اور بیماری، حادثے، چوٹ، غذائی کمی یا دیگر طبی عوامل کے نتیجے میں بھی پیدا ہو سکتی ہے۔ تاہم اس کے اثرات کا انحصار صرف فرد کی حالت پر نہیں بلکہ خاندان کے تعاون، تعلیمی مواقع، معاشرتی رویوں، قابلِ رسائی ماحول اورمناسب سہولیات پر بھی ہوتا ہے۔اس لیے خصوصی بچے کے بارے میں بنیادی سوال یہ نہیں ہونا چاہیے کہ
’’وہ کیا نہیں کر سکتا؟‘‘
بلکہ یہ ہونا چاہیے
’’وہ کیا کر سکتا ہے، اور اسے آگے بڑھنے کے لیے کس معاونت کی ضرورت ہے؟‘‘
یہی سوچ Inclusive Education (شمولیاتی تعلیم) کی بنیاد ہے۔
’’معذوری جسم کی ایک حالت ہے، انسان کی صلاحیتوں اور ارادوں کی نہیں‘‘۔
کسی بھی معاشرے کی ترقی اور تہذیبی شعور کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ اپنے کمزور، محروم اور خصوصی افراد کے ساتھ کس طرح کا برتاؤ کرتا ہے۔ بچے کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں۔ بعض بچے پیدائش سے یا بعد از پیدائش جسمانی، ذہنی، حسی، ابلاغی یا تعلیمی مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔ ایسے بچوں کو خصوصی ضروریات والے بچے (Children with special needs (CWSN))کہا جاتا ہے۔
خصوصی ضروریات والے بچے بھی عام بچوں کی طرح خواب دیکھتے ہیں، محبت چاہتے ہیں، کھیلنا چاہتے ہیں، تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں اور زندگی میں آگے بڑھنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ ان کے اندر بھی بے شمار صلاحیتیں، تخلیقی امکانات اور کامیابی کی خواہش موجود ہوتی ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے انھیں بعض اوقات اضافی مدد، مناسب تعلیمی حکمتِ عملی، معاون ٹیکنالوجی، خاندانی تعاون اور ایسا سماجی ماحول درکار ہوتا ہے جہاں انھیں ترس نہیں بلکہ احترام، مساوات اور مواقع حاصل ہوں۔
بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں آج بھی بعض اوقات معذوری کو کمزوری، بوجھ، محرومی یا بدقسمتی کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ یہ رویہ خصوصی بچوں کے لیے ان کی اصل جسمانی یا ذہنی مشکل سے کہیں زیادہ بڑی رکاوٹ بن جاتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ معذوری کسی انسان کی مکمل شناخت نہیں ہوتی: یہ اس کی زندگی کا صرف ایک پہلو ہے۔ انسان کی اصل پہچان اس کی صلاحیت، شخصیت، کردار، ارادے اور کارکردگی سے ہونی چاہیے۔
خصوصی بچوں کی دنیا
ہر بچہ اپنی ذات میں امکانات کی ایک نئی دنیا ہوتا ہے۔ خصوصی بچے بھی اسی دنیا کا حصہ ہیں، لیکن ان کی زندگی کا سفر بعض اوقات نسبتاً زیادہ مشکل ہو جاتا ہے۔ ایک نابینا بچہ دنیا کو آنکھوں سے نہیں بلکہ لمس، آواز اور احساس کے ذریعے سمجھ سکتا ہے۔ سماعت سے محروم بچہ (Hearing Impaired) خاموشی میں ابلاغ کا دوسرا راستہ تلاش کرتا ہے۔ آٹزم اسپیکٹرم ڈس آرڈر (ASD) Autism Spectrum Disorder سے متاثر بچہ دنیا کو اپنے منفرد انداز میں سمجھ سکتا ہے، جب کہ جسمانی معذوری رکھنے والا بچہ محدود جسمانی حرکت کے باوجود وسیع خواب دیکھ سکتا ہے۔
اصل مسئلہ اکثر معذوری سے زیادہ معاشرے کے رویوں میں پوشیدہ ہوتا ہے۔ جب بچے کی صلاحیتوں کے بجائے اس کی کمزوریوں کو نمایاں کیا جاتا ہے تو اس کے اندر احساسِ محرومی، اعتماد کی کمی اور تنہائی پیدا ہو سکتی ہے۔ اس کے برعکس جب بچے کو قبولیت، محبت، مناسب رہنمائی اور مواقع ملتے ہیں تو اس کی پوشیدہ صلاحیتیں نمایاں ہونے لگتی ہیں۔اسی لیے جدید Special Education کا بنیادی فلسفہ یہ ہے کہ بچے کو صرف اس کی معذوری سے نہیں بلکہ اس کی صلاحیتوں اور انفرادی ضروریات کے تناظر میں دیکھا جائے۔
نفسیاتی پہلو
بچے کی شخصیت کی تعمیر میں محبت، قبولیت، خود اعتمادی اور حوصلہ افزائی بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ خصوصی ضروریات والے بچوں کے لیے یہ عوامل مزید اہم ہو جاتے ہیں، کیونکہ انھیں اپنی روزمرہ زندگی میں متعدد جسمانی، تعلیمی اور سماجی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔جب ایک بچہ اپنے ساتھیوں کو آسانی سے کھیلتے، دوڑتے، گفتگو کرتے یا تعلیمی سرگرمیوں میں کامیاب ہوتے دیکھتا ہے تو بعض اوقات وہ اپنے آپ کو دوسروں سے مختلف محسوس کرنے لگتا ہے۔ اگر ایسے موقع پر والدین، اساتذہ اور معاشرہ اس کی حوصلہ افزائی کرنے کے بجائے اسے نظرانداز کریں یا اس کا مذاق اڑائیں تو اس کے اندر low Self-Esteem، Anxiety، Stress اور احساسِ تنہائی پیدا ہو سکتا ہے۔
بعض بچے خاموشی اختیار کر لیتے ہیں، بعض غصے، چڑچڑے پن یا ضد کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہیں، جب کہ کچھ بچے سماجی میل جول سے دور رہنے لگتے ہیں۔ ایسے رویوں کو محض بدتمیزی یا ضد سمجھنے کے بجائے ان کے پسِ پشت موجود جذبات کو سمجھنا ضروری ہے ،بچے کو یہ احساس دلانا ضروری ہے کہ وہ قابلِ قدر ہے، اس کی رائے اہم ہے اور اس کی کامیابی کا معیار دوسروں سے موازنہ نہیں بلکہ اس کی اپنی پیش رفت ہے Counselling، Psychological Support، Emotional Support اور مثبت تعلیمی ماحول یہاں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اگر بچے کو بروقت رہنمائی، حوصلہ افزائی اور مناسب مدد فراہم کی جائے تو وہ اپنی صلاحیتوں کو بہتر طور پر بروئے کار لا سکتا ہے۔
سماجی رویے
خصوصی بچوں کی زندگی صرف ان کی جسمانی یا ذہنی حالت سے متاثر نہیں ہوتی بلکہ معاشرے کا رویہ بھی ان کی شخصیت اور مستقبل پر گہرا اثر ڈالتا ہے اگر معاشرہ مساوات، احترام اور انسانی وقار کو فروغ دے تو خصوصی بچے اعتماد کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرتے ہیں۔ لیکن اگر معاشرے میں تعصب، تمسخر، بے حسی اور امتیاز موجود ہو تو معذوری ایک Social Barrier بن جاتی ہے۔ اسکول میں مذاق اڑانا، چھیڑ چھاڑ، Bullying، کھیلوں اور اجتماعی سرگرمیوں سے دور رکھنا یا بچے کو محض اس کی معذوری کی بنیاد پر کمتر سمجھنا اس کی نفسیاتی نشوونما پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔
یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ خصوصی بچے رحم کے نہیں بلکہ حقوق، احترام اور مساوی مواقع کے مستحق ہیںایک نابینا بچہ شاعر، موسیقار یا استاد بن سکتا ہے۔ جسمانی معذوری رکھنے والا شخص سائنس، انتظامی امور، تعلیم یا کسی دوسرے شعبے میں کامیاب ہو سکتا ہے۔ اسی طرح آٹزم اسپیکٹرم پر موجود افراد اپنی منفرد صلاحیتوں کے ذریعے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔لہٰذا انسان کو اس کی معذوری سے نہیں بلکہ اس کی صلاحیت اور شخصیت سے پہچاننا چاہیے۔
خاندان
خصوصی بچے کی زندگی میں خاندان کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ والدین بچے کے پہلے اساتذہ، رہنما اور مربی ہوتے ہیں۔جب کسی خاندان میں خصوصی ضروریات والا بچہ پیدا ہوتا ہے تو والدین کو تشویش، بے یقینی اور مستقبل کے بارے میں متعدد سوالات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ ایسے میں خاندان کے لیے سب سے اہم مرحلہ بچے کو اس کی حقیقی حالت کے ساتھ قبول کرنا ہے۔ بچے کو چھپانے یا اس کی معذوری کو باعثِ شرمندگی سمجھنے کے بجائے اس کی صلاحیتوں کو پہچاننا چاہیے۔
والدین کو چاہیے کہ بچے کا دوسرے بچوں سے غیر ضروری موازنہ نہ کریں، اس کی چھوٹی چھوٹی کامیابیوں کو فروغ دیں، اس کی دلچسپیوں اور صلاحیتوں کو سراہیں اور Independent Living Skills کی حوصلہ افزائی کریں۔ضرورت پڑنے پر ماہرین، اساتذہ اور Counsellors سے رہنمائی حاصل کی جانی چاہیے۔ بچے کو خاندان کے فیصلوں اور سرگرمیوں میں شامل کرنا بھی ضروری ہے۔ بہن بھائیوں کا مثبت رویہ بچے کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔گھر کا ماحول ایسا ہونا چاہیے جہاں خصوصی بچہ خود کو الگ تھلگ نہیں بلکہ خاندان کا برابر کا فرد محسوس کرے۔دیہی علاقوں میں خصوصی بچوں کے مسائل ہندوستان کے دیہی علاقوں میں خصوصی بچوں کے لیے چیلنجز نسبتاً زیادہ پیچیدہ ہو سکتے ہیں۔ معذوری کے بارے میں آگاہی کی کمی، تربیت یافتہ اساتذہ کی قلت، قابلِ رسائی تعلیمی عمارتوں کا فقدان، معاون آلات تک محدود رسائی اور معاشی مشکلات بعض خاندانوں کے لیے بڑی رکاوٹ بن جاتی ہیں۔کئی علاقوں میں آج بھی معذوری کو قسمت، بدقسمتی یا سماجی شرمندگی سے جوڑ کر دیکھا جاتا ہے۔ نتیجتاً بعض بچے اسکول سے دور رہ جاتے ہیں اور اپنی تعلیمی صلاحیتوں کو بروئے کار نہیں لا پاتے۔
اس صورتِ حال کو تبدیل کرنے کے لیے صرف سرکاری اسکیمیں کافی نہیں۔Family Counselling، School Support، Local Participation اور Community Awareness کو بھی مضبوط بنانا ہوگا۔خصوصی بچوں کی شناخت، مناسب Assessment، Intervention اور مسلسل Follow-up کے لیے اسکول، خاندان، صحت کے مراکز اور متعلقہ ماہرین کے درمیان موثر رابطہ ضروری ہے۔
ہندوستان میں خصوصی تعلیم قانون سے عمل تک
ہندوستان میں گذشتہ برسوں کے دوران Special Educationاور Inclusive Education کے میدان میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ (RTE Act-2009) کے ذریعے بچوں کے تعلیم کے حق کو قانونی بنیاد فراہم کی گئی۔ (RPWD Act-2016) نے معذور افراد کے حقوق اور مساوی مواقع کو مزید مضبوط قانونی تحفظ فراہم کیا۔اسی طرح (NEP-2020) نے تعلیم کو زیادہ جامع، مساوی اور شمولیاتی بنانے پر زور دیا۔ پالیسی میں ایسے تعلیمی ماحول کی ضرورت کو اجاگر کیا گیا جہاں مختلف صلاحیتوں اور ضروریات رکھنے والے بچے تعلیمی عمل میں موثر طور پر شامل ہو سکیں۔Samagra Shiksha کے ذریعے بھی خصوصی ضروریات والے بچوں کے لیے مختلف نوعیت کی تعلیمی معاونت، Special Educators، Assistive Devices اور Home- Based Education سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی پر توجہ دی گئی ہے۔تاہم کسی بھی قانون یا پالیسی کی حقیقی کامیابی اس وقت سامنے آتی ہے جب اس کے فوائد آخری بچے تک پہنچیں۔ پالیسی بنانا اہم ہے، لیکن اس سے بھی زیادہ اہم اس کا Ground Level Implementation ہے۔
شمولیاتی تعلیم
Inclusive Education کا مقصد صرف خصوصی بچے کو عام اسکول میں داخل کرنا نہیں بلکہ اسکول کے تعلیمی، سماجی اور جسمانی ماحول کو اس طرح تبدیل کرنا ہے کہ ہر بچہ بامعنی طور پر سیکھ سکے۔شمولیاتی کلاس روم میں مختلف صلاحیتوں کے حامل بچے ایک ساتھ تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ اس سے خصوصی بچوں کو نہ صرف تعلیمی مواقع ملتے ہیں بلکہ ان کے اندر سماجی اعتماد بھی پیدا ہوتا ہے۔ دوسری طرف عام بچے بھی Diversity، Empathy، Cooperation اور Respect for Differences جیسے انسانی اوصاف سیکھتے ہیں۔
خصوصی تعلیم میںIndividualized Education Plan (IEP) ایک اہم تصور ہے۔ بچے کی موجودہ تعلیمی سطح، ضروریات اور اہداف کو سامنے رکھتے ہوئے مناسب تعلیمی Intervention Plan تیار کیا جا سکتا ہے۔ایک حساس استاد بچے کی کمزوری کو اس کی شناخت نہیں بننے دیتا: وہ اس کی پوشیدہ صلاحیت کو تلاش کرتا ہے۔
آج ٹیکنالوجی نے خصوصی تعلیم کے میدان میں نئی راہیں کھولی ہیں۔ ایسی بہت سی چیزیں ممکن ہو گئی ہیں جو ماضی میں خصوصی بچوں کے لیے مشکل سمجھی جاتی تھیں۔ نابینا اور کم بینا طلبہ کے لیے Braille Display، Screen Reader، Magnification Software اور دیگر معاون ٹیکنالوجیز اہم معاونت فراہم کر سکتی ہیں۔ سماعت سے محروم طلبہ کے لیے Accessible Digital Content،Hearing Devices اور Captioning مفید ہو سکتے ہیں۔ زبان اور ابلاغ کی مشکلات رکھنے والے بچوں کے لیے Augmentative and Alternative Communication (AAC) معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ اسی طرح Digital Learning، Smart Classroom اور مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) پر مبنی بعض تعلیمی وسائل مستقبل میں خصوصی بچوں کی تعلیم کو مزید قابلِ رسائی بنا سکتے ہیں۔لیکن ٹیکنالوجی خود مقصد نہیں: اصل مقصد یہ ہے کہ ٹیکنالوجی کو بچے کی Learning Needs کے مطابق استعمال کیا جائے۔
خصوصی بچوں کی تعلیم اور ترقی کے لیے مستقبل کی حکمتِ عملی صرف حکومت تک محدود نہیں ہونی چاہیے۔ خاندان، اسکول، اساتذہ، مقامی برادری اور سول سوسائٹی سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔سب سے پہلے خصوصی ضروریات والے بچوں کی بروقت Identification اور Assessment اور Intervention کو مضبوط بنانا ہوگا۔ اساتذہ کی Continuous Professional Development بھی ضروری ہے تاکہ انھیں مختلف ضروریات رکھنے والے بچوں کو سمجھنے اور بنیادی Inclusive Teaching Strategies استعمال کرنے کی تربیت حاصل ہو۔اسی طرح Counsellors، Therapists اور دیگر ماہرین کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانا ہوگا۔ دیہی علاقوں پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے تاکہ شہروں اور دیہات کے درمیان Special Education کی سہولیات کا فرق کم کیا جا سکے۔
خصوصی بچوں کے بارے میں ہماری سوچ میں بنیادی تبدیلی کی ضرورت ہے۔انھیں صرف ’’بچارے بچے‘‘ سمجھنے کے بجائے ’’صلاحیت رکھنے والے بچے‘‘ سمجھنا ہوگا۔ انھیں خیرات نہیں، مواقع چاہیں: ترس نہیں، احترام چاہیے؛ تنہائی نہیں، شمولیت چاہیے: اور محض داخلہ نہیں بلکہ معیاری تعلیم اور بامعنی شرکت چاہیے۔جب ہم کسی خصوصی بچے کے لیے اسکول کا دروازہ کھولتے ہیں تو ہم صرف ایک بچے کو تعلیم نہیں دیتے بلکہ ایک خاندان کو امید دیتے ہیں۔ جب ہم اسے خود مختار بناتے ہیں تو ہم پورے معاشرے کے مستقبل کو مضبوط کرتے ہیں۔ خصوصی بچوں پر خرچ ہونے والا سرمایہ دراصل کسی ایک بچے پر خرچ نہیں ہوتا؛ یہ ایک ایسے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے جہاں زیادہ سے زیادہ افراد باوقار، خود مختار اور فعال شہری بن سکیں۔
خصوصی ضروریات والے بچوں کی زندگی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ انسان کی قدر اس کی جسمانی یا ذہنی صلاحیتوں سے نہیں بلکہ اس کے انسان ہونے سے ہوتی ہے۔معذوری کسی بچے کے خوابوں، ارادوں اور مستقبل کا فیصلہ نہیں کرتی؛ اصل فیصلہ معاشرے کا رویہ، خاندان کا تعاون، تعلیمی مواقع اور مناسب سہولیات کرتی ہیں۔شمولیاتی تعلیم محض تعلیمی نظام کی اصلاح کا نام نہیں بلکہ یہ ایک انسانی، سماجی اور تہذیبی فکر ہے۔ اس کا مقصد صرف خصوصی بچوں کو اسکول میں داخل کرنا نہیں بلکہ انھیں ایسا ماحول فراہم کرنا ہے جہاں وہ سیکھ سکیں، آگے بڑھ سکیں، اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر سکیں اور معاشرے کے فعال رکن بن سکیں۔ہمیں ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہوگا جہاں کسی بچے کی معذوری اس کی منزل کا فیصلہ نہ کرے: جہاں اسکول کی عمارت، نصاب، تدریس اور معاشرتی رویے اس کے لیے رکاوٹ نہیں بلکہ سہارا بنیں؛ جہاں والدین اپنے خصوصی بچے کو بوجھ نہیں بلکہ امکانات کی ایک نئی دنیا سمجھیں؛ اور جہاں استاد ہر بچے میں کامیابی کی ایک نئی کہانی دیکھ سکے۔
خصوصی بچوں کو رحم نہیں، احترام چاہیے؛ ہمدردی سے زیادہ مواقع چاہیے؛ تنہائی نہیں، شمولیت چاہیے: اور محض اسکول میں داخلہ نہیں بلکہ معیاری اور قابلِ رسائی تعلیم چاہیے۔جب ہم کسی خصوصی بچے کے لیے اسکول کا دروازہ کھولتے ہیں تو ہم صرف ایک بچے کو تعلیم نہیں دیتے بلکہ ایک خاندان کو امید دیتے ہیں۔ جب ہم اسے خود مختار بناتے ہیں تو ہم پورے معاشرے کے مستقبل کو مضبوط کرتے ہیں۔ہمیں یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ خصوصی بچوں کی تعلیم اور ترقی صرف حکومت یا اسکول کی ذمہ داری نہیں۔ خاندان، اساتذہ، Special Educators، Counsellors، Therapists، مقامی برادری اور پورا معاشرہ اس ذمہ داری میں برابر کے شریک ہیں۔ قوانین اور پالیسیاں راستہ ضرور دکھاتی ہیں، مگر ان کی حقیقی کامیابی اسی وقت ممکن ہے جب ان کا نفاذ زمین پر نظر آئے اور آخری بچے تک سہولت پہنچے۔
آخرکار، ہماری کامیابی اس وقت ہوگی جب خصوصی بچہ خود کو معاشرے کا بوجھ نہیں بلکہ اس کا برابر کا حصہ محسوس کرے گا: جب اس کی شناخت اس کی معذوری سے نہیں بلکہ اس کی صلاحیت، شخصیت اور کارکردگی سے ہوگی؛ اور جب ہر بچے کو یہ یقین ہوگا کہ اس کے خواب بھی اتنے ہی قیمتی ہیں جتنے کسی دوسرے بچے کے خواب۔ معذوری نہیں، عزم کا ایک عنوان ہے۔جہاں امید زندہ ہو، وہیں پرواز ممکن ہے ہم سب کو مل کر ایسا معاشرہ تعمیر کرنا ہوگا جہاں ہر بچہ — چاہے وہ کسی بھی جسمانی، حسی، ذہنی یا تعلیمی ضرورت کے ساتھ زندگی گزار رہا ہو، اپنی صلاحیتوں کو پہچان سکے، تعلیم حاصل کر سکے، عزت کے ساتھ زندگی گزار سکے اور اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدل سکے۔کیونکہ ایک مہذب معاشرے میں کسی بچے کی قدر اس بات سے نہیں ہوتی کہ وہ کیا نہیں کر سکتا، بلکہ اس بات سے ہوتی ہے کہ وہ کیا کر سکتا ہے۔

Md. Ehtisham
Ward No 10 Darha, Mahammadia,
Dagarua, Purnia Bihar 854330.
Mob. 9519416068
Email: diploma6068@gmail.com

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Explore More

ڈیجیٹل عہد میں اردو زبان و ادب کی تشکیل،مضمون نگار:ندیم احمد

اردو دنیا،جون 2026: اردو زبان نے اپنی تاریخ کے ہر دور میں مختلف تہذیبی اور لسانی اثرات کو قبول کیا ہے۔ دکن کے درباروں سے لے کر دہلی اور لکھنؤ

اس سمندر میں بہت لعل وگہر،مضمون نگار:غضنفر

اردو دنیا،جون 2026: جو لوگ زبانوں کو قریب سے دیکھتے ہیں اور ان کی ساخت اور ماہیت کو سمجھتے ہیں وہ اس حقیقت سے اچھی طرح واقف ہیں کہ زبانیں

این ای پی 2020:تعلیم اور خواتین کی با اختیاری،مضمون نگار:ڈاکٹر سید مبین زہرا

اردو دنیا، جون 2026: کسی بھی معاشرہ کی ترقی میں تعلیم اہم رول ادا کرتی ہے۔ اس میں خواتین کی تعلیم کی اہمیت خاص طور پر محسوس کی جاتی ہے۔