اردو دنیا،اکتوبر2026:
ادب کی دنیا میں کچھ نام ایسے ہوتے ہیں جو محض کتابوں کے صفحات پر درج نہیں رہتے بلکہ وقت کے ساتھ ایک پورے عہد کی علامت بن جاتے ہیں۔ ان کے الفاظ اپنی تخلیق کے زمانے سے نکل کر آنے والی نسلوں کے حافظے کا حصہ بن جاتے ہیں۔ راہی معصوم رضا بھی ایسا ہی ایک نام ہے۔ وہ صرف شاعر، ناول نگار یا مکالمہ نگار نہیں تھے: وہ ہندستانی تہذیب کے ان حساس ترجمانوں میں شامل تھے جنھوں نے اپنے قلم سے گاؤں کی مٹی، انسان کی داخلی کشمکش، رشتوں کی پیچیدگی، مذہبی ہم آہنگی اور بدلتے ہوئے ہندوستان کی تصویر کشی کی۔
میری راہی معصوم رضا سے پہلی شناسائی ان کے شہرہ آفاق ناول ’’آدھا گاؤں‘‘کے ذریعے ہوئی۔ اسے پڑھتے ہوئے مجھے محسوس ہوا کہ میں کسی ایک ناول کو نہیں بلکہ ایک پورے عہد کو پڑھ رہا ہوں۔ گنگولی کا گاؤں، وہاں کے لوگ، ان کے باہمی رشتے، رسم و رواج، سیاسی اور سماجی تبدیلیاں اور تقسیمِ ہند کے زخم—سب کچھ اس طرح زندہ ہو کر سامنے آتا ہے کہ قاری خود کو اس ماحول کا حصہ محسوس کرنے لگتا ہے۔ یہی راہی کی تخلیقی قوت تھی کہ وہ بڑے تاریخی واقعات کو محض تاریخ کے طور پر بیان نہیں کرتے بلکہ انھیں عام انسان کی زندگی میں اترتے ہوئے دکھاتے ہیں۔
راہی معصوم رضا 1927میں اتر پردیش کے ضلع غازی پور کے گاؤں گنگولی میں پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق ایک علمی و ادبی خانوادے سے تھا۔ ابتدائی تعلیم کے بعد وہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی پہنچے، جہاں کی علمی اور فکری فضا نے ان کی شخصیت اور ادبی شعور کو نئی وسعت عطا کی۔ انھوں نے اردو ادب میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور پی ایچ ڈی کی سند بھی علی گڑھ ہی سے حاصل کی۔ علی گڑھ اس زمانے میں محض ایک تعلیمی ادارہ نہیں تھا بلکہ ایک فکری اور تہذیبی مرکز بھی تھا، راہی کی شخصیت پر اس ماحول کے اثرات ان کی پوری تخلیقی زندگی میں محسوس کیے جا سکتے ہیں۔
ان کا ادبی سفر شاعری سے شروع ہوا۔ شاعر ان کے اندر ابتدا ہی سے موجود تھا، مگر بعد میں ناول نگاری نے انھیں ایک الگ شناخت عطا کی۔ ’’آدھا گاؤں‘‘ ان کی ادبی زندگی کا وہ سنگِ میل ہے جس نے اردو ناول کو ایک نئی سمت دی۔ اس ناول میں تقسیمِ ہند کو کسی سیاسی دستاویز کے طور پر نہیں بلکہ انسانی رشتوں کے المیے کے طور پر دیکھا گیا ہے۔ ہندو اور مسلمان ایک دوسرے سے الگ خانوں میں نہیں بلکہ ایک مشترکہ معاشرت کے افراد کی حیثیت سے سامنے آتے ہیں۔ جاگیرداری، مذہبی شناخت، طبقاتی کشمکش، محبت، نفرت اور بدلتے ہوئے سماجی حالات سب ایک دوسرے میں اس طرح پیوست ہیں کہ ناول ایک پورے معاشرے کا آئینہ بن جاتا ہے۔
ان کے دوسرے ناولوں میں بھی یہی بیباکی اور تخلیقی آزادی نظر آتی ہے۔ ’’ٹوپی شکلا‘‘، ’’دل ایک سادہ کاغذ‘‘، ’’ہمت جونپوری‘‘، ’’اوس کی بوند، سین 75‘‘ اور دوسرے کام ان کی فنی وسعت کے گواہ ہیں۔ راہی کسی ایک موضوع یا ایک اسلوب کے پابند نہیں تھے۔ ان کے ہاں زندگی اپنی تمام پیچیدگیوں کے ساتھ موجود ہے۔ وہ انسان کو اس کی مذہبی یا سماجی شناخت سے پہلے ایک انسان کے طور پر دیکھتے ہیں۔
یہی نظریہ بعد میں ان کے فلمی کام میں بھی نمایاں ہوا۔
ممبئی کی فلمی دنیا میں داخل ہونے کے بعد راہی معصوم رضا کی شناخت ایک نئے انداز میں ہوئی۔ جس شاعر اور ناول نگار کو ادبی حلقے جانتے تھے، فلمی دنیا نے اسے ایک غیر معمولی مکالمہ نگار کے طور پر دریافت کیا۔ یہ تبدیلی بظاہر حیرت انگیز تھی، مگر حقیقت میں راہی کے اندر موجود تخلیقی استعداد ہی کا ایک نیا اظہار تھی۔
فلمی مکالمہ نگاری میں ان کا کمال یہ تھا کہ وہ الفاظ کو کردار کے مزاج سے الگ نہیں کرتے تھے۔ ان کے مکالمے مصنوعی ادبی زبان نہیں بولتے؛ کردار اپنی سماجی حیثیت، نفسیات اور تجربے کے مطابق گفتگو کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے لکھے ہوئے جملے فلمی پردے سے نکل کر عام بول چال کا حصہ بن جاتے تھے۔
’میں تلسی تیرے آنگن کی‘، ’نکاح‘، ’طوائف‘، ’گول مال‘، ’قرض‘، ’لمحے‘، ’اندھا قانون‘ اور متعدد دوسری فلموں میں ان کی مکالمہ نگاری نے کہانی کو محض واقعات کا سلسلہ نہیں رہنے دیا بلکہ کرداروں کے جذبات اور باطن کی آواز بنا دیا۔ انھوں نے یہ ثابت کیا کہ فلمی مکالمہ اگر زندگی کی سچائی سے جڑا ہو تو وہ ادب سے کم موثر نہیں ہوتا۔
ان کی مکالمہ نگاری کو فلم فیئر ایوارڈ سے بھی سراہا گیا اور انھیں بہترین مکالمہ نگاری کے لیے متعدد مرتبہ اعزاز حاصل ہوا۔ لیکن ان کے لیے اصل انعام شاید وہ تھا جو انھیں عوام کی زبان سے ملا۔ ان کے مکالمے یاد کیے گئے، دہرائے گئے اور فلموں سے باہر بھی زندہ رہے۔
راہی معصوم رضا کی فلمی کامیابیوں میں راج کھوسلہ کے ساتھ ان کا تعلق بھی خاص اہمیت رکھتا ہے۔ راج کھوسلہ اپنے زمانے کے نہایت کامیاب اور صاحبِ بصیرت ہدایت کار تھے۔ جب انھوں نے ’میں تلسی تیرے آنگن کی‘کے لیے راہی کو منتخب کیا تو یہ محض ایک پیشہ ورانہ فیصلہ نہیں تھا؛ یہ ایک فنکار کا دوسرے فنکار کی تخلیقی صلاحیت پر اعتماد بھی تھا۔ راہی نے کرداروں کے جذبات، رشتوں کی نزاکت اور گھریلو زندگی کی کشمکش کو اس زبان میں بیان کیا جس میں بناوٹ نہیں بلکہ زندگی کی حرارت تھی۔ فلم کی کامیابی اور راہی کو ملنے والا اعزاز اس تخلیقی اشتراک کی توثیق تھا۔
اسی طرح بی۔ آر۔ چوپڑا کے ساتھ ان کا تعلق بھی ہندستانی فلمی تاریخ کا اہم باب ہے۔ ’نکاح‘ جیسی حساس اور سماجی موضوع کی فلم میں راہی کے مکالموں نے کرداروں کے دکھ، معاشرتی دباؤ اور انسانی رشتوں کی پیچیدگی کو بھرپور اظہار دیا۔ ان کے ہاں جذبات کبھی نعرہ نہیں بنتے؛ وہ کردار کی زندگی سے پھوٹتے ہیں۔
لیکن راہی معصوم رضا کی تخلیقی زندگی کا سب سے غیر معمولی باب ’مہابھارت‘ سے وابستہ ہے۔
جب بی۔ آر۔ چوپڑا نے ہندوستان کے عظیم رزمیے کو ٹیلی ویژن پر پیش کرنے کا فیصلہ کیا اور اس کے مکالموں کی ذمہ داری راہی معصوم رضا کو سونپی تو یہ ایک جرات مندانہ انتخاب تھا۔ ایک مسلمان ادیب کا ہندو مذہب کی عظیم ترین رزمیہ روایت کے مکالمے لکھنا بعض لوگوں کے لیے سوال کا باعث بن سکتا تھا، مگر راہی نے اسے مذہبی حدود کے بجائے ادبی اور انسانی سطح پر دیکھا۔
انھوں نے ’مہابھارت‘کو محض ایک مذہبی داستان کے طور پر نہیں برتا بلکہ انسانی کرداروں، اخلاقی سوالات، اقتدار کی کشمکش، فرض، محبت، انتقام اور تقدیر کی عظیم داستان کے طور پر پیش کیا۔ ان کے مکالموں میں بھیشم کی عظمت، ارجن کی کشمکش، کرشن کی حکمت اور دوسرے کرداروں کے باطن کی آواز سنائی دیتی ہے۔
یہاں راہی کی گنگا جمنی تہذیبی بصیرت اپنے عروج پر نظر آتی ہے۔ انھوں نے کسی روایت کو باہر سے دیکھنے کے بجائے اس کے اندر داخل ہو کر اس کی روح کو سمجھنے کی کوشش کی۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے مکالمے مذہبی شناخت کی دیواروں سے بلند ہو کر انسانی تجربے کی زبان بن گئے۔
’مہابھارت‘ کی مقبولیت غیر معمولی تھی۔ جب یہ سیریل نشر ہوتا تو ملک کے بے شمار گھروں میں لوگ اپنے معمولات روک کر ٹیلی ویژن کے سامنے بیٹھ جاتے۔ اس مقبولیت میں اداکاروں، ہدایت کار اور پوری ٹیم کی محنت شامل تھی، مگر راہی کے مکالموں نے کرداروں کو وہ زبان عطا کی جس کے ذریعے وہ عوام کے ذہن میں ہمیشہ کے لیے محفوظ ہو گئے۔ اس سیریل کے حوالے سے ’میں وقت ہوں‘جیسا تصور بھی نہایت اہم ہے۔ وقت کو ایک کردار کی طرح سامنے لانا اور اس کے ذریعے پوری داستان پر ایک فلسفیانہ نظر ڈالنا راہی کی تخلیقی بصیرت کی مثال ہے۔ وقت یہاں صرف واقعات کا گواہ نہیں بلکہ انسانی اعمال، ان کے نتائج اور تاریخ کے مسلسل بہاؤ کا خاموش مبصر بن جاتا ہے۔ اس تصور نے ’مہابھارت‘ کے بیانیے کو محض ایک داستان نہیں رہنے دیا بلکہ اسے فکر و فلسفے کی ایک وسیع دنیا میں تبدیل کر دیا۔
راہی معصوم رضا کی زبان کا ایک اور دلچسپ پہلو ان کی لسانی اختراع تھی۔ انھوں نے اردو اور ہندی کے تہذیبی مزاج کو اس طرح باہم ملایا کہ بعض نئے مرکبات نہ صرف قابلِ فہم رہے بلکہ عوامی زبان کا حصہ بن گئے۔ ’’ماتا شری‘‘، ’’پتا شری‘‘ اور ’’بھراتاشری‘‘ جیسے استعمال اسی تہذیبی آمیزش کی مثالیں ہیں۔ اردو کے مانوس ’’امی جان‘‘، ’’ابو جان‘‘ اور ’’بھائی جان‘‘ جیسے محبت آمیز اسالیب کو ہندی کے سانچے میں ڈھالنے کا یہ عمل محض لفظوں کا کھیل نہیں تھا: اس کے پیچھے ہندستانی تہذیب کے مشترکہ مزاج کی گہری سمجھ موجود تھی۔
راہی کے ہاں زبان کبھی محض اظہار کا وسیلہ نہیں بنتی۔ زبان کردار کی شناخت بھی ہے اور معاشرے کی تاریخ بھی۔ ان کے ناول ہوں، فلمی مکالمے ہوں یا ٹیلی ویژن کے ڈرامے—وہ زبان کے ذریعے تہذیب کو زندہ رکھتے ہیں۔ یہاں ان کی شخصیت کا ایک اور پہلو سامنے آتا ہے: خود داری۔
وہ اپنے فن اور اپنی رائے کے بارے میں نہایت حساس تھے۔ انھیں غیر ضروری مداخلت پسند نہیں تھی۔ شاید یہی وجہ تھی کہ فلمی دنیا کی چکاچوند میں رہتے ہوئے بھی ان کے اندر کا ادیب کبھی مرنے نہیں پایا۔ انھوں نے شہرت کو اپنی اصل شناخت پر غالب نہیں آنے دیا۔
اس کی گواہی ان کی شاعری دیتی ہے۔
ان کے اشعار میں ایک ایسی تنہائی اور ہجرت کا کرب محسوس ہوتا ہے جو بڑے شہر کی بھیڑ میں بھی انسان کو اپنے اندر سے آواز دیتا رہتا ہے
ہم تو ہیں پردیس میں، دیس میں نکلا ہوگا چاند
اپنی رات کی چھت پر کتنا تنہا ہوگا چاند
یہاں چاند صرف چاند نہیں رہتا۔ وہ وطن، گاؤں، گھر، یاد اور دور رہ جانے والے لوگوں کی علامت بن جاتا ہے۔ پردیس میں بیٹھا ہوا شاعر آسمان کے اسی چاند کو دیکھتا ہے جو شاید اس کے گاؤں کی چھت پر بھی چمک رہا ہے۔ فاصلے کے باوجود ایک ہی آسمان دونوں جگہ موجود ہے، مگر احساس کی دنیا میں مسافت بے حد طویل ہو چکی ہے۔
راہی کی شاعری میں شہر کی تنہائی بھی ہے اور اپنے اندر کے زخموں کی آگہی بھی۔ یہی وہ کیفیت ہے جس نے ان کی شخصیت کو محض فلمی مصنف بننے سے بچائے رکھا۔ ممبئی نے انھیں مکالمہ نگار کے طور پر پہچانا، مگر ان کے اندر کا شاعر اپنی مٹی سے وابستہ رہا۔
اسی شاعر کی ایک خوب صورت جھلک فلم ’آلاپ‘ میں بھی ملتی ہے۔ اس فلم کے گیت راہی معصوم رضا نے لکھے تھے۔ ان گیتوں میں ان کی شاعرانہ فکر، سادگی، احساس اور موسیقیت نمایاں ہے۔ افسوس کہ فلم کو وہ کامیابی نہیں مل سکی جس کی اس کے فنکاروں کو توقع تھی، اور نغمہ نگاری کے میدان میں راہی کو زیادہ مواقع بھی حاصل نہ ہوئے۔
فلم ’آلاپ‘ کے حوالے سے میری معروف موسیقار ’’جے دیو‘‘ سے ہونے والی ملاقات بھی یاد آتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم کی کامیابی یا ناکامی کا اثر پوری ٹیم پر پڑتا ہے، مگر موسیقار اور نغمہ نگار اکثر اس کا زیادہ بوجھ اٹھاتے ہیں۔ ان کے مطابق ’آلاپ‘کی کہانی اور اسکرپٹ میں صلاحیت تھی اور فلم میں امیتابھ بچن، ریکھا اور اسرانی جیسے فنکار بھی موجود تھے، مگر مجموعی طور پر فلم وہ اثر پیدا نہ کر سکی جس کی توقع تھی۔
جے دیو صاحب راہی کے ساتھ گیتوں پر تفصیل سے گفتگو کرتے تھے۔ انھیں یقین تھا کہ راہی کی شاعری اور ان کی موسیقی ایک خوب صورت امتزاج پیدا کرے گی۔ فلم کی ناکامی کے بعد وہ امکان پوری طرح سامنے نہ آ سکا۔
’آلاپ‘ کے لیے راہی کے لکھے ہوئے گیتوں میں ’چاند اکیلا جائے سکھی ری‘، ’آئی رت ساون کی‘، ’کاہے منوا ناچے‘، ’زندگی کو سنوارنا ہوگا‘ اور دوسرے نغمے شامل تھے۔ ان گیتوں کو دیکھتے ہوئے اندازہ ہوتا ہے کہ اگر راہی کو نغمہ نگاری میں مسلسل مواقع ملتے تو شاید ہندستانی فلمی شاعری میں ان کا ایک الگ مقام بنتا۔
قسمت کبھی کبھی کسی فنکار کی صلاحیت کو ایک خاص راستے تک محدود کر دیتی ہے۔ راہی کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہوا۔ نغمہ نگار ان کے اندر موجود تھا، مگر مکالمہ نگار راہی نے اتنی بڑی کامیابی حاصل کی کہ ان کی دوسری صلاحیتیں پس منظر میں چلی گئیں۔
ٹیلی ویژن کے میدان میں ’نیم کا پیڑ‘ بھی ان کے اہم کاموں میں شمار ہوتا ہے۔ اس میں دیہی ہندوستان، سماجی ناہمواری، سیاسی کشمکش، جاگیردارانہ ذہنیت اور عام آدمی کی زندگی کو موضوع بنایا گیا۔ پنکج کپور نے بدھئی رام کے کردار کو یادگار انداز میں ادا کیا۔ یہ سیریل اس ہندوستان کی تصویر پیش کرتا تھا جو بڑے شہروں کی چکاچوند سے دور گاؤں کی پگڈنڈیوں، کچے گھروں، غربت، سیاسی مفادات اور عام انسان کی چھوٹی چھوٹی امیدوں میں سانس لیتا تھا۔
’نیم کا پیڑ‘ میں بھی راہی کی زبان سب سے نمایاں قوت بن کر سامنے آتی ہے۔ ان کے مکالموں میں مٹی کی خوشبو، زندگی کا تجربہ اور سماجی شعور ایک ساتھ موجود ہے۔ اسی سیریل کا ٹائٹل گیت بھی اپنی جگہ یادگار رہا، جس کے بول ندا فاضلی نے لکھے اور جگجیت سنگھ نے آواز دی:
من کی بات سنے ہر کوئی، دل کے درد کو جانے کون
آوازوں کے بازاروں میں خاموشی پہنچانے کون
یہ اشعار بھی راہی کی تخلیقی دنیا سے ایک معنوی رشتہ قائم کرتے محسوس ہوتے ہیں—وہ دنیا جہاں انسان بولتا بہت ہے، مگر اس کے دل کی اصل آواز سننے والا کم ہوتا ہے۔
راہی معصوم رضا کی سب سے بڑی ادبی خصوصیت شاید یہی تھی کہ وہ بڑے موضوعات کو عام انسان کی زندگی سے جوڑ دیتے تھے۔ ان کے ہاں گاؤں صرف گاؤں نہیں، پورے ہندوستان کی علامت بن جاتا ہے؛ چاند صرف چاند نہیں رہتا، وطن کی یاد بن جاتا ہے؛ مکالمہ صرف فلمی جملہ نہیں رہتا، کردار کی داخلی آواز بن جاتا ہے؛ اور ’مہابھارت‘ صرف ایک رزمیہ نہیں رہتی، انسانی تقدیر اور اخلاقی کشمکش کی کائناتی داستان بن جاتی ہے۔ وہ ان ادیبوں میں سے تھے جنھوں نے اپنی شناخت کو کسی ایک خانے میں بند نہیں ہونے دیا۔ شاعر تھے تو ناول نگار بھی؛ ناول نگار تھے تو مکالمہ نگار بھی؛ مکالمہ نگار تھے تو نغمہ نگار بھی۔ مگر ان تمام شناختوں کے پیچھے ایک ہی بنیادی شخصیت تھی—ایک ایسا انسان جو اپنی مٹی، اپنی زبان اور اپنے عہد سے گہرا رشتہ رکھتا تھا۔ ان کے فن میں گنگا جمنی تہذیب کی روح موجود تھی۔ وہ تقسیم کے زخموں کو جانتے تھے مگر نفرت کے ترجمان نہیں بنے۔ انھوں نے اختلاف کے باوجود انسان کو مرکز میں رکھا۔ ان کا ادب ہمیں یہ احساس دلاتا ہے کہ تہذیبیں دیواروں سے نہیں بنتیں، میل جول سے بنتی ہیں: زبانیں ایک دوسرے سے لڑتی نہیں، ایک دوسرے کو مالا مال کرتی ہیں: اور فنکار کی اصل شناخت اس کی مذہبی یا سماجی شناخت سے کہیں وسیع ہوتی ہے۔راہی معصوم رضا کا قلم اسی وسیع انسانی شناخت کا قلم تھا۔
آج جب ان کے ناول پڑھے جاتے ہیں، ان کے مکالمے سنے جاتے ہیں یا ’مہابھارت‘ کے کرداروں کی زبان میں ان کے الفاظ دوبارہ سنائی دیتے ہیں تو محسوس ہوتا ہے کہ راہی صرف اپنے زمانے کے آدمی نہیں تھے۔ انھوں نے اپنے عہد کی آواز کو اس طرح محفوظ کیا کہ وہ آنے والے زمانوں تک پہنچ گئی۔
ان کی عظمت کا اعتراف صرف اس بات میں نہیں کہ انھوں نے کتنی کتابیں لکھیں یا کتنی فلموں کے لیے مکالمے تحریر کیے۔ اصل عظمت یہ ہے کہ انھوں نے مختلف فنون کے درمیان ایک ایسا پل قائم کیا جس پر ادب، سنیما، ٹیلی ویژن، شاعری اور ہندستانی تہذیب ایک دوسرے سے ملتے ہیں۔
راہی معصوم رضا نے ادب کو پردہ سیمیں تک پہنچایا اور پردہ سیمیں کو ادب کی گہرائی عطا کی۔ انھوں نے ثابت کیا کہ اچھا مکالمہ بھی شعر کی طرح دل میں اتر سکتا ہے، ایک ناول بھی تاریخ کی طرح کسی عہد کو محفوظ کر سکتا ہے اور ایک ٹیلی ویژن سیریل بھی پورے ملک کے اجتماعی حافظے کا حصہ بن سکتا ہے۔
وہ چلے گئے، مگر ان کے لفظ باقی ہیں۔
Sadre Alam Gauhar
At+Po-Pursaulia
Distt – Madhubani – 847226 (Bihar)
Mob.: 7715980144
Email: gauhersadre@gmail.com



