اردو دنیا،اکتوبر2026:
اردو ادب کی تاریخ میں بعض شخصیات ایسی گزری ہیں جنھیں کسی ایک صنف ، زبان یا فکری دبستان کے حوالے سے بیان کرنا ان کے تخلیقی وجود کے ساتھ ناانصافی معلوم ہوتا ہے۔ ڈاکٹر راہی معصوم رضا ایسی ہی ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے ۔ وہ شاعر تھے، ناول نگار تھے، محقق اور استاد تھے، فلمی کہانی اور مکالمہ نگار تھے اور سب سے بڑھ کر ایسے حساس فنکار تھے جنھوں نے ہندوستانی معاشرے کی تہذیبی، سماجی، سیاسی اور تاریخی پیچیدگیوں کو نہایت گہرائی سے محسوس کیا۔
ان کے تخلیقی شعور کی تشکیل میں مشرقی اترپردیس کا گنگا کنارے آباد دیہی معاشرہ، گنگا جمنی تہذیب، تقسیمِ ہند کا المیہ، ہندو مسلم تعلقات، جاگیردارانہ نظام، ذات پات، طبقاتی کشمکش، انسانی محبت، مذہبی رواداری، سیاسی جبر اور جدید انسان کی تنہائی بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ان کے ادب کے موضوعات الگ الگ جزیرے نہیں بلکہ ایک دوسرے سے جڑے ہوئے تجربات ہیں۔ یہی ربط ان کے فن کو ادبی اظہار سے بلند کرکے ایک تہذیبی دستاویز بنا دیتا ہے ۔
راہی معصوم رضا یکم ستمبر 1927 کو غازی پور کے گنگولی گاؤں میں پیدا ہوئے۔ گنگولی کی مٹی، وہاں کی بول چال، ہندو مسلم معاشرت، لوک روایتیں، رسم و رواج، تہوار، خاندانوں کے باہمی رشتے اور عام لوگوں کی روزمرہ زندگی ان کی تخلیقی شخصیت کے بنیادی عناصر بنے۔ بعد میں جب وہ شہر اور پھر ممبئی پہنچے تو بھی ان کے اندر کا گنگولی ان کے ساتھ رہا۔
راہی معصوم رضا کے ادبی سفر کا آغاز شاعری سے ہوا۔ شاعری ان کی تخلیقی شخصیت کی بنیاد تھی۔ بعد میں ناول نگاری نے انھیں وسیع ادبی شہرت دی اور فلم و ٹیلی ویژن نے ان کی آواز کو عام ناظرین تک پہنچایا، لیکن شاعر راہی ان کی تمام تخلیقی سرگرمیوں کے اندر کہیں نہ کہیں موجود رہا۔
ان کی شاعری میں محبت، تنہائی، ہجرت، یاد، سماجی اضطراب، سیاسی شعور، آزادی پسندی، خودداری اور انسان دوستی کے جذبات نمایاں ہیں۔ ان کا شعری مزاج کلاسیکی روایت سے رشتہ رکھتے ہوئے بھی اپنے عہد کے مسائل سے آنکھ نہیں چراتا۔ وہ روایت کو دہراتے نہیں بلکہ اسے نئے تجربے میں ڈھالتے ہیں۔
1952 میں ان کا پہلا شعری مجموعہ نیا سال شائع ہوا۔ اس کے بعد موجِ گل موجِ صبا، رقصِ مے، اٹھارہ سو ستاون، اجنبی شہر، اجنبی راستے اور غریبِ شہر جیسے مجموعوں نے ان کے مسلسل شعری سفر کی گواہی دی۔ ان کی ہندی شاعری کا مجموعہ ایک پھیری والا بھی ان کی لسانی اور تخلیقی وسعت کا اہم ثبوت ہے۔
راہی کی شاعری کی ایک بنیادی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں ذاتی تجربہ رفتہ رفتہ اجتماعی تجربے میں تبدیل ہوجاتا ہے۔ شاعر کی اپنی تنہائی صرف اس کی تنہائی نہیں رہتی، وہ جدید انسان کی تنہائی بن جاتی ہے۔ ہجرت صرف شاعر کا وطن چھوڑنا نہیں رہتی، وہ لاکھوں بچھڑے ہوئے لوگوں کا کرب بن جاتی ہے۔ یاد صرف کسی ایک شخص کی یاد نہیں رہتی، وہ پوری تہذیبی دنیا کی یاد بن جاتی ہے۔راہی کی معروف غزل کا مطلع ہے ؎
اجنبی شہر کے اجنبی راستے،
میری تنہائی پر مسکراتے رہے
میں بہت دیر تک یونہی چلتا رہا،
تم بہت دیر تک یاد آتے رہے
یہاں ’’شہر‘‘ اور ’’راستے‘‘ صرف خارجی منظرنامے نہیں بلکہ شاعر کی داخلی کیفیت کے استعارے ہیں۔ ’’اجنبی شہر‘‘ جدید شہری زندگی کا وہ ماحول ہے جہاں انسان لوگوں کے ہجوم میں رہ کر بھی اپنے آپ کو بے گھر محسوس کرتا ہے۔ اس کے مقابل ’’یاد‘‘ ایک ایسا داخلی گھر ہے جہاں شاعر بار بار واپس جاتا ہے۔
’’میری تنہائی پر مسکراتے رہے ‘‘میں راہی نے راستوں کو انسانی صفت عطا کردی ہے۔ یہ محض تشخیص نہیں بلکہ ایک پورا نفسیاتی منظر ہے۔ گویا شہر شاعر کی تنہائی سے واقف ہے مگر اسے سہارا دینے کے بجائے اس کی اجنبیت پر مسکراتا ہے۔ یہ مسکراہٹ دراصل شہر کی بے حسی کی علامت بن جاتی ہے۔
دوسرے شعر میں جسمانی سفر اور ذہنی سفر ایک دوسرے میں گھل جاتے ہیں۔ شاعر چلتا رہتا ہے، مگر اس کی یاد ایک جگہ ٹھہری رہتی ہے۔ ’’بہت دیر تک‘‘ کی تکرار وقت کو صرف طول نہیں دیتی بلکہ انتظار اور یاد کی شدت بھی بڑھاتی ہے۔ یوں چند سادہ الفاظ ایک ایسے انسان کی تصویر بنادیتے ہیں جو راستے میں آگے بڑھ رہا ہے لیکن اپنے باطن میں پیچھے رہ گیا ہے۔اسی غزل کے یہ اشعار راہی کے مزاحمتی شعور کی طرف اشارہ کرتے ہیں ؎
زہر ملتا رہا، زہر پیتے رہے
روز مرتے رہے، روز جیتے رہے
زندگی بھی ہمیں آزماتی رہی
اور ہم بھی اسے آزماتے رہے
’’زہر ‘‘یہاں زندگی کی تلخیوں، محرومیوں اور مسلسل آزمائشوں کی علامت ہے۔ مگر شاعر زہر پینے کے باوجود زندگی سے دست بردار نہیں ہوتا۔ ’’روز مرتے رہے، روز جیتے رہے‘‘ میں انسانی زندگی کی ایک بنیادی حقیقت پوشیدہ ہے ۔ انسان ہر دن کسی نہ کسی دکھ ، محرومی یا شکست سے گزرتا ہے ، مگر ہر نئی صبح کے ساتھ دوبارہ اٹھنے کی کوشش بھی کرتا ہے ۔
’’زندگی بھی ہمیں آزماتی رہی ‘‘کے ساتھ’’ہم بھی اسے آزماتے رہے ‘‘ایک نہایت معنی خیز فکری تصور ہے۔ شاعر زندگی کا محض مظلوم کردار نہیں، وہ اس کا مقابل بھی ہے۔ حالات انسان کو آزماتے ہیں، لیکن انسان بھی اپنے حوصلے، ارادے اور تخلیقی قوت سے حالات کو آزمانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
راہی کی شاعری میں ہجرت ، وطن سے دوری اور اپنے گزرے ہوئے ماحول کی یاد نہایت گہری ہے ۔ یہ احساس ان کی شاعری میں جذباتی نوحہ نہیں بنتا بلکہ تہذیبی یادداشت کی صورت اختیار کر لیتا ہے ۔ ان کے یہاں چاند بار با رایک ایسی علامت کے طور پر آتا ہے جو دوریوں کے باوجود انسانوں کو ایک آسمان کے نیچے جوڑے رکھتا ہے ؎
ہم تو ہیں پردیس میں، دیس میں نکلا ہوگا چاند
اپنی رات کی چھت پر کتنا تنہا ہوگا چاند
یہ شعر اپنی سادگی کے باوجود غیر معمولی تاثیر رکھتا ہے ۔ شاعر پردیس میں ہے اور اس کے تصور میں اپنا دیس ہے ۔ لیکن وہ براہ راست وطن کو یاد کرنے کے بجائے اپنے اور وطن کے درمیان ایک خاموش رشتہ قائم کرتا ہے ۔ چاند دونوں جگہ موجود ہے ۔ یہی ایک چاند شاعر کو اپنے گھر، اپنے لوگوں اور اپنے ماضی سے جوڑتا ہے ۔ لیکن شاعر کی تنہائی اس چاند کو بھی تنہا بنا دیتی ہے یہ دراصل انسان کی نفسیات ہے کہ جب وہ خود تنہا ہوتا ہے تو فطرت کی ہر شے میں اپنا عکس دیکھنے لگتا ہے ؎
جن آنکھوں میں کاجل بن کر تیری کالی رات
ان آنکھوں میں آنسو کا اک قطرہ ہوگا چاند
رات نے ایسا پینچ لگایا ٹوٹی ہاتھ سے ڈور
آنگن والے نیم میں جا کر اٹکا ہوگا چاند
چاند بنا ہر دن یوں بیتا جیسے یگ بیتے
میرے بنا کس حال میں ہوگا کیسا ہوگا چاند
اسی طرح راہی کی معروف غزل کا یہ مطلع دیکھئے ؎
جن سے ہم چھوٹ گئے اب وہ جہاں کیسے ہیں
شاخِ گل کیسی ہے، خوشبو کے مکاں کیسے ہیں
یہاں ’’جہاں‘‘ کسی ایک جگہ کا نام نہیں بلکہ ایک مکمل تہذیبی دنیا ہے۔ ’’شاخِ گل‘‘ اور ’’خوشبو کے مکاں‘‘ ماضی کی جمالیاتی یاد کو مجسم کرتے ہیں۔ شاعر صرف لوگوں کو نہیں پوچھتا، وہ ان کے ماحول، ان کی خوشبو، ان کے موسم اور ان کے گھر تک کو یاد کرتا ہے ؎
کہیں شبنم کے شگوفے ، کہیں انگاروں کے پھول
آکے دیکھو مری یادوں کے جہاں کیسے ہیں
اس شعر میں یاد کا پورا تضاد موجود ہے۔ شبنم اور انگارے، نرمی اور تپش، خوشی اور کرب—سب ایک ہی دنیا میں جمع ہوگئے ہیں۔ ماضی صرف خوشیوں کی تصویر نہیں، اس میں بچھڑنے کی آگ بھی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ راہی کی یاد محض جذباتی نوستالجیا نہیں بلکہ ایک پیچیدہ تہذیبی تجربہ بن جاتی ہے۔
راہی کی شاعری میں ’’چراغ ‘‘ ایک بار بار آنے والی اور کثیر المعانی علامت ہے ؎
دل میں یادوں کے چراغ جلتے ہیں
یا بہاروں میں باغ جلتے ہیں
چراغ یہاں روشنی سے زیادہ یاد کا استعارہ ہے۔ رات کی تاریکی میں ماضی زیادہ روشن ہوجاتا ہے۔ جو لوگ یا لمحے دن کی مصروفیت میں پس منظر میں چلے جاتے ہیں، تنہائی کی رات میں وہ پوری شدت سے سامنے آجاتے ہیں ؎
جگمگاتا ہے اور وہ چہرہ
رات میں جب چراغ جلتے ہیں
یہاں چراغ یاد کو روشن کرنے والی شے بن جاتا ہے۔ ایک خارجی روشنی باطن میں چھپی ہوئی ایک پرانی تصویر کو جگادیتی ہے۔
لیکن راہی کا چراغ صرف یاد کا چراغ نہیں۔ وہ زندگی کا بھی چراغ ہے ؎
موت کی روشنی بڑھانے کو
زندگی کے چراغ جلتے ہیں
یہاں زندگی اور موت کو ایک دوسرے کے مقابل نہیں بلکہ ایک ہی تسلسل کے دو مرحلوں کے طور پر دیکھا گیا ہے۔ ایک چراغ بجھتا ہے، دوسرا جل اٹھتا ہے ؎
ایک بجھتا ہے، اک سلگتا ہے
زیست کے یوں چراغ جلتے ہیں
یہ تصور راہی کی شاعری کو مایوسی سے بچاتا ہے۔ فرد فنا ہوسکتا ہے، لیکن زندگی کا سلسلہ باقی رہتا ہے۔
اور پھر ؎
شعلہ شعلہ ہو دل اگر راہی
آندھیوں میں چراغ جلتے ہیں
یہ شعر ان کے پورے شعری فلسفے کا استعارہ معلوم ہوتا ہے۔ آندھی حالات کی سختی، جبر، ناامیدی اور شکست کی علامت ہے، جب کہ چراغ انسان کے اندر موجود حوصلے کی۔ شاعر کہتا ہے کہ روشنی کے لیے آندھی کا رکنا ضروری نہیں،اگر دل میں شعلہ موجود ہو تو آندھیوں میں بھی چراغ جل سکتے ہیں۔
راہی جب شہر کی زندگی کو دیکھتے ہیں تو انھیں اس کی ظاہری رونق کے پیچھے چھپی ہوئی روحانی اور ذہنی ویرانی بھی دکھائی دیتی ہے ۔ ان کے نزدیک شہر صرف عمارتوں اور سڑکوں کا نام نہیں، وہ ایسا معاشرہ ہے جہاں انسان لوگوں کے ہجوم میں بھی تنہا ہے ۔ یہ کیفیت ان اشعار میں دکھائی دیتی ہے ؎
ہم کیا جانیں قصہ کیا ہے، ہم ٹھہرے دیوانے لوگ
اس بستی کے بازاروں میں روز کہیں افسانے لوگ
یہاں ’’دیوانے لوگ‘‘ صرف عاشق نہیں بلکہ وہ لوگ بھی ہوسکتے ہیں جو معاشرے کے ظاہری اصولوں سے مطمئن نہیں۔ بازار میں ہر روز افسانے بنتے ہیں، لیکن شاعر ان افسانوں کے پیچھے موجود اصل انسانی کہانی کو دیکھنا چاہتا ہے ؎
یادوں سے بچنا مشکل ہے، ان کو کیسے سمجھائیں
ہجر کے اس صحرا تک ہم کو آتے ہیں سمجھانے لوگ
یہاں ’’ہجر کا صحرا‘‘ ایک وسیع داخلی تنہائی کا استعارہ ہے۔ دوسروں کی نصیحت اس درد کا علاج نہیں ہوسکتی جسے خود جھیلا نہ گیا ہو۔
اسی غزل میں ؎
ہم تو دل کی ویرانی بھی دکھلاتے شرماتے ہیں
ہم کو دکھلانے آتے ہیں ذہنوں کے ویرانے لوگ
یہ شعر جدید معاشرتی زندگی پر ایک گہرا طنز ہے۔ دوسروں کی اصلاح، رہنمائی اور نصیحت کا دعویٰ کرنے والے لوگ خود اندر سے کتنے ویران ہیں، شاعر اس تضاد کو نہایت سادگی سے بے نقاب کرتا ہے۔ راہی کے طنز کی خوبی یہ ہے کہ وہ شور نہیں مچاتا،ایک خاموش مسکراہٹ کے ساتھ معاشرے کے اندر چھپے ہوئے تضاد کو نمایاں کردیتا ہے ؎
اس محفل میں پیاس کی عزت کرنے والا ہوگا کون
جس محفل میں توڑ رہے ہوں آنکھوں سے پیمانے لوگ
یہ شعر راہی کے شعری مزاج کی ایک اچھی مثال ہیں ۔ ان کی شاعری میں مایوسی کے باوجود امید کا چراغ بجھنے نہیں پاتا ۔ وہ بہتر مستقبل کے لیے مسلسل جدوجہد اور جستجو کو ضروری تصور کرتے ہیں ۔
کہا ہے کس نے جہاں میں خدا نہیں ملتا
خلوص شرط ہے ڈھونڈو تو کیا نہیں ملتا
ہر ایک جسم کی تخلیق ایک جیسی ہے
ہر ایک چہرے سے کیوں دوسرا نہیں ملتا
کچھ ایسے موڑ بھی آئے وفا کی راہوں میں
جہاں سے آگے خود اپنا پتا نہیں ملتا
تمہارا عکس ہے محفوظ جس میں صدیوں سے
نہ جانے کیوں وہی اک آئنہ نہیں ملتا
ہم آکے گاؤں سے پچھتائے شہر میں راہی
یہاں کسی کا بھی اصلی پتہ نہیں ملتا
راہی کی شاعری کا ایک روشن پہلو یہ ہے کہ گہرے دکھ اور سماجی اضطراب کے باوجود وہ زندگی سے بھاگنے کے بجائے اسے پوری شدت کے ساتھ قبول کرتے ہیں ۔ وہ انسان کو بے عملی اور شکست خوردگی کی طرف لے جانے کے بجائے مسلسل سفر اور جدوجہد کا حوصلہ دیتے ہیں ؎
منزل نہیں ہے پاس تو کیا رہ گزر تو ہے
اس دشت زندگی میں غبار سفر تو ہے
یہاں منزل کا نہ ملنا زندگی کی ناکامی نہیں۔ اصل بات سفر کا جاری رہنا ہے۔ ’’غبارِ سفر‘‘ اس بات کی علامت ہے کہ انسان نے کوشش کی، راستہ طے کیا اور زندگی کو جمود کے بجائے حرکت کے طور پر قبول کیا ؎
دنیا اگر نظر بھی پھرا لے تو غم نہیں
میری نظر کے ساتھ تمہاری نظر تو ہے
یہاں ایک محبت بھری نظر پوری دنیا کی بے اعتنائی کا مقابل بن جاتی ہے۔ انسان کو ہمیشہ پوری دنیا کی تائید درکار نہیں؛ کبھی ایک مخلص نگاہ بھی زندگی کے لیے کافی ہوتی ہے ؎
جینا ہی جب ہے ہم کو تو ہنس کے جئیں گے ہم
دولت نہیں ہے ہاتھ میں لیکن ہنر تو ہے
یہاں راہی کی خودداری اور زندگی سے مثبت وابستگی نمایاں ہے۔ دولت کی کمی کو شکست نہیں بنایا گیا؛ انسان کے پاس اگر صلاحیت، ہنر اور اپنی ذات پر اعتماد موجود ہے تو محرومی کے باوجود زندگی باوقار طریقے سے گزاری جاسکتی ہے ؎
راہی مجھے سیاہئی شب کیا ڈرائے گی
پہلو میں قلب بن کے نقیب سحر تو ہے
یہاں رات کے مقابل صبح کی امید ہے۔ ’’نقیبِ سحر‘‘ ایک نہایت خوب صورت استعارہ ہے ۔ رات کتنی ہی طویل کیوں نہ ہو، صبح کا امکان انسان کے باطن میں زندہ رہتا ہے۔
راہی کے یہاں عشق محض رومانی کیفیت نہیں بلکہ انسانی وقار اور آزادی سے وابستہ ایک تجربہ بھی ہے ؎
اتنی سی بات کا اتنا بڑا افسانہ بنا
کوئی دیوانہ ہوا ہے، کوئی دیوانہ بنا
اس شعر میں محبت کے ساتھ انسانی رویوں کی طنزیہ تصویر موجود ہے۔ معمولی واقعات کس طرح معاشرتی گفتگو اور افسانہ سازی میں غیر معمولی شکل اختیار کرلیتے ہیں، شاعر اسے نہایت برجستگی سے بیان کرتا ہے ؎
اجرت ہجر نہ مانگ اپنا گریبان نہ بیچ
عشق کرنا ہو تو کر عشق کو پیشہ نہ بنا
یہ شعر راہی کے تصورِ عشق کی اخلاقی بنیاد واضح کرتا ہے۔ عشق اگر سودا بن جائے تو اس کی روح باقی نہیں رہتی۔ شاعر محبت کو کسی صلے، معاوضے یا فائدے سے وابستہ نہیں دیکھنا چاہتا۔
اور غزل کا یہ شعر خودداری کی انتہائی بلند سطح کو پیش کرتا ہے ؎
مکتبِ عشق کا یہ پہلا سبق ہے راہی
ہاتھ کٹوا لے مگر ہاتھ کو پیالہ نہ بنا
یہاں عشق زندگی کے وسیع تر اخلاقی تصور میں تبدیل ہوجاتا ہے۔ شاعر انسان کو یہ درس دیتا ہے کہ حالات چاہے کتنے ہی سخت کیوں نہ ہوں، اپنی عزت اور خودداری کا سودا نہ کیا جائے۔ ’’ہاتھ کٹوا لے‘‘ ایک انتہائی شدت آمیز اظہار ہے، لیکن اس کے ذریعے شاعر خودداری کی اس حد کو بیان کرتا ہے جہاں انسان محرومی قبول کرسکتا ہے مگر ذلت نہیں۔
یوں راہی کی شاعری میں چار بنیادی دھارے مسلسل بہتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں،یاد اور ہجرت، تنہائی اور اجنبیت، مزاحمت اور خودداری، اور اندھیروں کے باوجود بہتر مستقبل کی امید۔ یہی عناصر ان کی نثر میں زیادہ وسیع سماجی اور تاریخی صورت اختیار کرتے ہیں۔
Dr. Muzaffar Husain Ghazali
F-18/14 A, Abul Fazal Enclave, Part-II
Shaheen Bagh, Jamia Nagar, Okhla
New Delhi- 110025
Mob.: 9810371907
Email: drmhghazali@gmail.com



