اردو دنیا،نومبر2026:
29 اگست 2026 کی رات دس بج کر پچاس منٹ پر فون کی گھنٹی بجی۔بیگم آسیہ جعفری صاحبہ کی سسکتی ہوئی آواز نے ہمیں احساس دلا دیا اور وہی خبر انھوں نے سنائی جس کے لیے میں ذہنی طور پر تیار نہیں تھا کہ: ’’ارتضیٰ بھائی ضامن جعفری ہمیں چھوڑ گئے، میں تنہا رہ گئی۔‘‘ ظاہر سی بات ہے کہ اس جملے نے مجھے بھی سکتے میں ڈال دیا مگر خود کو سنبھالتے ہوئے میں نے کہا : ’’بھابی خدائے لم یزل کی مرضی کے آگے ہم سب مجبور ہیں۔ اس کی رضا میں ہم سب راضی ہیں مگر آپ خود کو ہرگز تنہا نہ سمجھیے۔‘‘ حالانکہ یہ تشفی اور تسلی میں خود کو بھی دے رہا تھا کیوں کہ ضامن بھائی سے کم از کم بارہ پندرہ سال پرانے تعلقات تھے اگرچہ وہ ہم سے عمر میں بہت بڑے تھے اور علم میں بھی مگر انھوں نے کبھی اس کا احساس نہیں ہونے دیا۔ ہم لوگوں کے درمیان بہت بے تکلف گفتگو ہوا کرتی تھی۔ جب میں قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کا ڈائرکٹر تھا تو وہ کونسل کی دعوت پر عالمی اردو کانفرنس میں شرکت کے لیے آسیہ بھابی کے ساتھ ہندوستان تشریف لائے تھے۔ پھر لکھنؤ، پٹنہ اور کئی علاقوں میں خوب گھومے تھے۔ لکھنؤ پہنچ کر تو جیسے ان کے بچپن کے دن لوٹ آئے ہوں۔ آسیہ بھابی بھی لکھنؤ کے اس سفر کو بار بار یاد کرتی رہی ہیں۔ انھوں نے ہمیشہ فون پر لکھنؤ کے سفر کی روداد سنائی۔
جب جب میں کینیڈا گیا تو انھوں نے بہت ضیافت کی۔ مجھے بہت عزیز رکھتے تھے۔ بہت محبت کرتے تھے۔ پچھلے دنوں ان کی کتاب ’عزم کا طواف‘ اور ’اثاثۂ جاوداں‘ نہایت تزک و احتشام کے ساتھ دہلی سے ہی شائع ہوئی، جس کی ادبی حلقوں میں نہ صرف ہندوستان، پاکستان بلکہ امریکہ اور یورپ میں بھی بڑی پذیرائی ہوئی۔ اُن کے کئی شعری مجموعے ہیں جن میں ’گُل افشانیِ گفتار‘ اُن کی مزاحیہ شاعری پر مشتمل ہے۔ وہ غزل کے شاعر تو ہیں ہی مگر طنز و مزاح پر اُن کی بہت اچھی گرفت ہے۔ اگر غزل کی بات کی جائے تو ان کا صرف ایک شعر ہی ان کی شناخت اور ابدی نیز ادبی زندگی کا ضامن ہے ؎
طوفان کر رہا تھا مرے عزم کا طواف
دنیا سمجھ رہی تھی کہ کشتی بھنور میں ہے
کسی شاعر کے لیے اس سے بڑی بات اور کیا ہو سکتی ہے کہ کوئی شعر اس کی زندگی ہی میں عالمگیر حیثیت حاصل کرلے اور ضرب المثل کے دائرے میں داخل ہو جائے۔ مذکورہ شعر کے خالق جناب ضامن جعفری ایسی ہی عظیم المرتبت شخصیتوں میں شامل ہیں۔ وہ ایک ایسے کہنہ مشق، قادرالکلام اور منجھے ہوئے تخلیق کار ہیں کہ جنھوں نے خوب سے خوب تر لکھنے کی سعیٔ کامیاب کی۔ ان کے شعری مجموعہ ’عزم کا طواف‘ میں اُن کی پوری زندگی کا ذہنی، مشاہداتی، ادراکی، ابعادی، شعوری اور لاشعوری نچوڑ شامل ہے۔ ضامن جعفری جس طرح کی شعری کائنات خلق کرتے ہیں اور جیسے نادر، نازک، جدید اور محظوظ کرنے والے استعارات، تشبیہات، تلازمات اور معنی خیز علامات کا استعمال کرتے ہیں وہ انہی کا خاصہ اور طرۂ امتیاز ہے۔ اُن کے تجدد میں تقدم ہے اور تقدم میں تجدد پیوست رہتا ہے۔ یہ پیوستگی اور امتزاج ہی اُن کے کلام کو تفاخر اور تقدس نیز تغزل اور تجمل کے زمرے میں داخل کر دیتی ہے۔ لہٰذا ان کی شعری بساط قدیم اور جدیدکا ایک خوبصورت سنگم ہے۔ وہ نہ تو روایت پرست ہیں اور نہ روایت شکن بلکہ وہ ان دونوں کا احترام بھی کرتے ہیں اور اپنی شاعری میں ان کے التزام کی کوشش بھی کرتے ہیں۔ وہ اپنی غزلوں کے لیے انوکھی ردیفیں اور قافیے کا استعمال کرتے ہوئے نئی زمینوں کی بھی تلاش کرتے ہیں جس سے اردو غزل میں اُن کا انفراد قائم رہتا ہے۔ جیسا کہ اوپر ذکر آچکا ہے کہ ان کے کئی شعری مجموعے مثلاً ’گل افشانیٔ گفتار‘، ’عزم کا طواف، ’اثاثۂ جاوداں‘ وغیرہ ہندوپاک سے شائع ہو کر مقبول عام ہوچکے ہیں۔
ضامن جعفری کی شخصیت اور ان کے احوال و آثار پر نظر ڈالنے سے یہ کہا جا سکتا ہے کہ کبھی میرانیس نے اپنے تعلق سے یہ کہا تھا کہ ؎
عمر گذری ہے اسی دشت کی سیاحی میں
پانچویں پشت ہے شبیر کی مداحی میں
اس شعر کا اطلاق ضامن جعفری پر بھی ہوتا ہے۔ خود ان کے الفاظ ہیں :
’’میرے والد سید موسیٰ جعفری مرحوم، کو لون تعلقدار کالج لکھنؤ (Colvin Taluqdar’s College)میں فارسی کے استاد تھے۔ اس سے قبل حبیبیہ کالج کابل میں پڑھاتے رہے۔ انھوں نے انگریزی اور فارسی میں ایم اے اور ایم او ایل اور بی ٹی کی اسناد حاصل کی تھیں۔ 1942 میں رائل انڈین آرمی میں شمولیت اختیار کی اور پھر راجپوتانہ رائفلز میں چلے گئے جہاں سے ان کو دوسری جنگ عظیم کے دوران محاذ جنگ پر بھیج دیاگیا۔ جنگ میں شدید زخمی ہونے کے بعد ان کا آرمی ایجوکیشن کور میں تبادلہ کر دیا گیا۔ 1947 میں تقسیم ہند کے موقعے پر ان کا تبادلہ پاکستان ہوگیا جہاں وہ 1957 میں فوج سے سبکدوش ہوگئے اور بعد میں سیالکوٹ کے ایڈمنسٹریٹر (میئر) ہوئے۔ میری انگریزی، اردو اور فارسی کی بنیادیں میرے والد اور میرے دادا نے رکھیں اور مضبوط کیں۔ دادا سید محمد علی جعفری مرحوم لاہور میں اسلامیہ کالج کے پرنسپل تھے۔ لکھنؤ میں والد کے مولانا صفی لکھنوی، ظریف لکھنوی اور قبلہ ناصر حسین صاحب یعنی تین نابغۂ روزگار شخصیت سے بہت قریبی مراسم تھے۔ میں نے صرف صفی لکھنوی کو دیکھا باقی دو میری پیدائش سے قبل رحلت فرما چکے تھے۔ گھر میں بھی بچپن سے شعر و ادب کا ماحول تھا۔
تعلیم کے بعد جوش ملیح آبادی مرحوم مجھے ترقی اردو بورڈ یعنی موجودہ اردو لغت بورڈ میں ملازمت دے کر لے آئے جہاں اُن دنوں وہ لسانی مشیر (لینگویج ایڈوائزر) تھے۔ وہاں مجھے جوش صاحب کے ساتھ ساتھ شان الحق حقی مرحوم اور نسیم امروہوی مرحوم کی سرپرستی حاصل ہوئی جو بعد میں زندگی بھر میرے کام آئی لیکن ایک عجیب بدقسمتی یہ ہے کہ ایسے علمی اداروں میں بھی رقابت و سیاست کا ماحول اکثر فضا کو مکدر کر دیتا ہے اور کیے رہتا ہے۔ چنانچہ کچھ عرصے بعد میں نے ایئرلائن کی ملازمت اختیار کرلی۔ 1970 کا آغاز تھا کہ میں وہاںسے بھی دِل برداشتہ ہوکر انگلستان چلا گیا۔
اگرچہ اس سے قبل بھی میرا بسلسلہ ملازمت کئی مرتبہ لندن آنا جانا ہو چکا تھا لیکن اس دفعہ کا آنا بہت مختلف نوعیت کا تھا۔ نہ کوئی ملازمت تھی، نہ کوئی ٹھکانہ تھا۔ میں کشتیاں جلا کر آیا تھا۔ شاید قدرت مجھے مستقبل میں پیش آنے والے مشکل وقت سے نبرد آزما ہونے کے لیے پہلے سے تیار کر چکی تھی۔ عین ممکن ہے کہ میرے عناصر اربعہ کے ہمراہ سیمابیت کا عنصر بھی اسی سبب سے میری فطرت میں شامل کر دیا گیا ہو۔ والد سے خوشنویسی اور بعد ازاں مشہورِ زمانہ خطاط محمد یوسف دہلوی سے خطاطی میں رہنمائی حاصل ہوئی۔ ماضی کے یہ تمام شوق ذرائع روزگار بن کر لندن کے ابتدائی ایام میں میرے بہت کام آئے۔
ایسیکس کاؤنٹی (Essex County) کے اے ڈویژن کی ٹیم میں تین دن مستقل پریکٹس میں بلا کر بیٹنگ اور باؤلنگ دیکھ کر مجھے ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔ بعد ازاں جلد ہی کمیونٹی ریلیشنز کمیشن (سی۔آر۔سی) اور ریس ریلیشنز بورڈ (آر۔ آر۔بی) میں انگریزی زبان سے نابلد اردو بولنے والے تارکین وطن کے لیے برطانوی قوانین اور معلومات کا انگریزی سے اردو ترجمہ کرنے کا جز وقتی کام متواتر ملنے لگا۔ کچھ عرصہ بعد شیفیلڈ ایجوکیشنل کمیٹی کے تحت یوتھ سینٹرز میں یوتھ لیڈر اور کرکٹ کوچ کے فرائض انجام دیے اور ساتھ ساتھ بی بی سی ریڈیو فورشیفلیڈ کے مختلف پروگراموں میں مہمان کی حیثیت سے شرکت کا موقع ملا۔ دو سال کی مستقل خانہ بدوشی اور تگ و دَو کے بعد مجھے لندن کے ہیتھر و ایئرپورٹ پر ایک کینیڈین ایئر لائن ہینڈلنگ کمپنی میں ملازمت مل گئی اور میں واپس لندن آگیا۔
ایک طرف تو لندن میں ستّر کی دہائی کا آغاز برطانیہ کی ٹرانسپورٹ اینڈ جنرل ورکر یونین نامی بے تحاشا طاقتور مزدور یونین سے ہوا تھا۔ کینیڈین کمپنی بہت تیز رفتاری سے اپنے قدم جما رہی تھی اور یہ بات نہ وہاں کی قومی ایئرلائن کو گوارا ہوئی نہ لیبر یونین نے برداشت کی۔ معاملات عدالت اور پھر ہڑتال تک جا پہنچے۔ آخرکار کمپنی انگلینڈ میں اپنے دروازے بند کرکے مجھے انگلینڈ سے کینیڈا لے گئی اور پھر کینیڈا ہی میرا مستقل مسکن بن گیا جہاں میں مختلف کاروباری سرگرمیوں میں مصروف رہا۔ خدا کا شکر ہے کہ قرطاس و قلم سے رابطہ کبھی نہیں ٹوٹا ہمیشہ قائم رہا۔‘‘
مذکورہ بالا عبارت سے ضامن جعفری صاحب کی شخصیت پر جہاں کچھ روشنی ضرور پڑتی ہے وہیں یہ بھی حقیقت سامنے آتی ہے کہ ضامن جعفری کا تعلق ماضی کے ترقی اردو بورڈ سے بھی تھا جو آج قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کی شکل میں موجود ہے لیکن یہ صحیح ہے کہ ان کا رشتہ قلم و قرطاس سے مرتے دم تک قائم رہا۔ وہ 28 فروری 1938کو بھرت پور سابق راجپوتانہ، موجودہ راجستھان ہندوستان میں پیدا ہوئے اور تقریباً 88 سال کی عمر میں 29 اگست 2026 کو مالک حقیقی سے جا ملے۔ جہاں تک ان کی شاعری کا تعلق ہے ان کے شعری مجموعے ’عزم کا طواف‘ پر بات کیجیے یا ’اثاثۂ جاوداں‘ پر یا ان کی طنزیہ اور مزاحیہ شاعری کے مجموعے ’گل افشانیٔ گفتار‘ کو موضوع بحث بنائیے۔ یہ بات بلاخوف و تردید کہی جا سکتی ہے کہ ان کی شاعری اہل فکر و نظر کو متوجہ بھی کرتی ہے اور اردو شاعری کی معیاری روایت کو آگے بھی بڑھاتی ہے۔
غالب نے مومن کے اس شعر:
تم مرے پاس ہوتے ہو گویا
جب کوئی دوسرا نہیں ہوتا
کے عوض اپنا پورا دیوان مومن کے نام کرنا چاہا تھا۔ ظاہر ہے مومن کے اس شعر میں سادگی کے ساتھ جس درجہ بلاغت اور معنی آفرینی ہے اسی نے غالب کو اس حد تک متاثر کیا تھا۔ ادبی تاریخ میں ایسے کئی شعرا ہیں جو صرف اپنے ایک شعر کی بنا پر ادب میں دوامی زندگی پا چکے ہیں۔ مثلاً رام نرائن موزوں کا یہی شعر:
غزالاں تم تو واقف ہو کہو مجنوں کے مرنے کی
دیوانہ مرگیا آخر کو ویرانے پر کیا گزری
انہیں بقائے دوام بخش گیا۔اس نوع کی کئی مثالیں پیش کی جا سکتی ہیں۔ جس کی یہاں گنجائش نہیں۔ بالکل اسی طرح ضامن جعفری کا ایک شعر جو ان کے شعری مجموعے کا نام بھی ہے یعنی ’عزم کا طواف‘ اس کا یہ شعر :
طوفان کر رہا تھا مرے عزم کا طواف
دنیا سمجھ رہی تھی کہ کشتی بھنور میں ہے
ایسا شعر ہے جس کی بنا پر یہ بات بلاخوف و تردید کہی جا سکتی ہے کہ اگر وہ اس شعر کے علاوہ کچھ بھی نہ کہتے جب بھی شعری ادب میں ان کا مقام محفوظ رہتا کیوں کہ یہ نہایت غیرمعمولی شعر ہے اور انسان کے اشرف المخلوقات ہونے کی طرف واضح اشارہ ہے کہ: ’’نگاہ مردِ مومن سے بدل جاتی ہیں تقدیریں‘‘۔ اس شعری مجموعے ’عزم کا طواف‘ کا طواف کرتے ہوئے یہ احساس توانا ہوتا جاتا ہے کہ اس کا شاعر طواف شعر کے ارکان سے بخوبی واقف ہے۔ اس کے شاعر کو اردو کے ساتھ ساتھ فارسی زبان پر بھی قدرت حاصل ہے۔ وہ موضوعات کو شعری پیکر عطا کرنے میں کامیاب اور کامران نظر آتا ہے۔ چند اشعار مشت نمونہ ازخروار ملاحظہ کیجیے اور غور فرمائیے کہ ان اشعار کو جدید اور قدیم شعری روایت کی توسیع ہی کا تو عنوان دیں گے۔
چشم گریاں سے ٹپک پڑتا ہے ضامن یہ سوال
کیسا گلشن ہے غزل خواں نہیں ہوتا کوئی
پردہ تو امتحان نظر کا ہے ایک نام
بینا ہے وہ جسے پس پردہ دکھائی دے
سایے کے بھلا کیا قد و قامت سے الجھنا
سورج سے تو نمٹو جو ہے دیوار کے پیچھے
لوگ نفرت علی الاعلان کیا کرتے ہیں
ہم گنہگار ہوئے ہیں کہ محبت کی ہے
ضامن جعفری کی شعری کائنات قاری کو قرأت کی بار بار دعوت دیتی ہے۔ اس مقام پر ان کے رثائی کلام کے مجموعے ’اثاثۂ جاوداں‘ پر بھی مختصر سی گفتگو ضروری ہے۔ ’اثاثۂ جاوداں‘ میں ضامن جعفری کے ساتھ ساتھ ان کے خاندان کے بارہ افراد کا کلام بھی شامل ہے جس میں خاص طور پر اُن کے والد محترم سید موسیٰ جعفری زار اور والدہ ماجدہ خورشید زہرا رضوی بھی شامل ہیں۔ انھوں نے اپنے جذبات و خیالات و احساسات کو مختلف صنف کے توسل سے صفحۂ قرطاس پر مرتسم کرنے کی بلیغ سعی کی ہے۔ انھوں نے اہل بیت، پیغمبر علیہ السلام کے افرادِ خاندان اور شہدائے کربلا کو رثائی رنگ و آہنگ میں بڑی خوبصورتی اور دل آویزی کے ساتھ پیش کیا ہے۔ اس مجموعے میں انھوں نے پہلے بارگاہِ خداوندی میں چند حمد تحریر کی ہیں۔ بعد ازاں رثائی کلام کے لیے نعت، منقبت، نوحہ، سلام اور دیگر اصناف سخن یعنی رباعی وغیرہ میں بھی رثائی عناصر کو بحسن و خوبی قلم کی گرفت میں لے کر اہل بیت بالخصوص شیر خدا حضرت علی اور امام حسن اور حسین کو خراجِ عقیدت پیش کی ہے۔ انھوں نے مذکورہ تمام شعری اصناف میں جہاں کردار نگاری اور سیرت نگاری سے کام لیا ہے وہیں شاعر نے صنعتِ تلمیح کا جگہ جگہ استعمال کرتے ہوئے تاریخی واقعات اور حادثات کو بھی شعری پیراہن عطا کیا ہے۔ ضامن جعفری کا یہ کام اس اعتبار سے بھی الگ نوعیت کا حامل ہے کہ انھوں نے اپنے افرادِ خاندان کے تمام شاعروں کے رثائی کلام کوبھی ’اثاثۂ جاوداں‘ میں شامل کرکے رثائی ادب کے دامن کو وسعت، معنویت اور کشادگی بخشی ہے۔
اسی طرح ’گل افشانیٔ گفتار‘ ان کی طنزیہ اور مزاحیہ شاعری پر مشتمل ہے۔ اس میں شامل کلام کو پڑھتے ہوئے اندازہ ہوتا ہے کہ انھوں نے طنزیہ اور مزاحیہ کلام کہتے ہوئے اس بات کا پورا خیال رکھا ہے کہ کسی کی دل آزاری نہ ہو اور نہ تو ابتذال کی کوئی صورت پیدا ہو۔ یہی وجہ ہے کہ ’گل افشانیٔ گفتار‘ کے مطالعے سے قاری ایک طرف سماج کی ناہمواریوں کی طرف متوجہ ہوتا ہے اور دوسری طرف سماج میں موجود مختلف مزاج کے کرداروں کی نفسیات سے بھی روبرو ہوتا ہے۔ کہا جاسکتا ہے کہ ضامن جعفری کے شعری سرمائے کا سنجیدگی سے مطالعہ اس استنباط کو تقویت بخشتا ہے کہ ان کی شاعری ہماری ادبی تاریخ کے مستقبل کی بہترین اور مضبوط ضامن ہے۔ چلتے چلتے اس بات کا ذکر بھی ضروری ہے کہ ضامن جعفری کے نثری مضامین پر مشتمل کئی کتابیں زیر طبع ہیں۔ دراصل ایک مختصر مضمون میں ان کی شخصیت اور ادبی فتوحات کا احاطہ کار مشکل ہے۔ ان پر تحقیقی مقالے لکھے جائیں تاکہ ان کے احوال و آثار پر اچھی، معلوماتی اور طویل گفتگو ہوسکے۔ اس کے بعد اردو کے ارباب فکر و نظر ضامن جعفری کی ادبی حیثیت کو بہتر طور پر سمجھ سکتے ہیں۔ میرا جہاں تک مطالعہ ہے میں یہ بات کہہ سکتا ہوں کہ ضامن جعفری کو اردو معیاری شاعری کا ضامن کہا جا سکتا ہے۔
Prof. Irteza karim
45,Lekh Ram Road, Near Mother Dairy,
Hindi Park, Daryaganj,
New Delhi-110002
Mob:9910074933
E-mail:karim.irteza@gmail.com


