اختر الایمان کی مختصر نظمیں ایک جائزہ ،مضمون نگار:شفیع ایوب

November 11, 2026 0 Comments 0 tags

اردو دنیا،نومبر2026:

اخترالایمان اردو نظم کے ان اہم شعرا میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے جدید اردو شاعری کو ایک نئی فکری جہت عطا کی۔ ان کی شاعری میں زندگی کی تلخ حقیقتوں، انسانی نفسیات، معاشرتی تضادات اور فرد کے داخلی کرب کی بھرپور عکاسی ملتی ہے۔ وہ ترقی پسند تحریک کے عہد میں سامنے آئے، لیکن ان کی شاعری کسی مخصوص نظریے یا ادبی تحریک کی پابند نہیں رہی۔ ان کا انفرادی شعری اسلوب انھیں اپنے ہم عصروں سے ممتاز کرتا ہے۔اردو کی نظمیہ شاعری کے حوالے سے وہ ایک ممتاز اور منفرد شناخت رکھتے ہیں۔
اختر الایمان کی شاعری کی سب سے نمایاں خصوصیت اس کا حقیقت پسندانہ رویہ ہے۔ وہ زندگی کو رومانوی تصورات کے بجائے اس کی اصل صورت میں دیکھنے اور پیش کرنے کے قائل ہیں۔ ان کے یہاں ماضی کی یادیں، حال کی بے اطمینانی، انسانی رشتوں کی پیچیدگیاں اور بدلتے ہوئے معاشرتی اقدار اہم موضوعات کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کی نظموں میں جذبات کی شدت ضرور ہے، لیکن اس کا اظہار عموماً ضبط، تفکر اور غیر جذباتی لہجے کے ذریعے ہوتا ہے۔ وہ روزمرہ زندگی کے معمولی واقعات سے بھی گہرے انسانی اور سماجی معنی اخذ کرتے ہیں۔ ان کی شاعری میں مکالماتی انداز، بیانیہ تکنیک ، ڈرامائی انداز کی خوبصورت مثالیں موجود ہیں۔ ان کے اہم شعری مجموعوں میں ’گرداب‘، ’ سب رنگ ‘ ، ’تاریک سیارہ‘، ’آب جو‘، ’ یادیں‘ ، ’بنتِ لمحات‘، ’ نیا آہنگ ‘ ، ’ سرو ساماں ‘، ’ زمین زمین‘اور ’ زمستاں سرد مہری کا ‘ قابلِ ذکر ہیں۔ ان مجموعوں کے مطالعے سے ان کے فکری ارتقا، اسلوبی تجربات اور انسانی زندگی کے بارے میں ان کے بدلتے ہوئے نقطہ نظر کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔ ان کی نظموں میں کردار نگاری اور واقعاتی تسلسل کے عناصر بھی ملتے ہیں، جو ان کے شعری اظہار کو ایک خاص ڈرامائی کیفیت عطا کرتے ہیں۔
اخترالایمان نے اردو نظم کو محض جذبات کے اظہار کا وسیلہ نہیں رہنے دیا، بلکہ اسے زندگی کے سنجیدہ مطالعے اور انسانی تجربات کی ترجمانی کا مؤثر ذریعہ بنایا۔ ان کی شاعری کی اہمیت اس بات میں مضمر ہے کہ وہ قاری کو زندگی، معاشرے اور اپنی ذات پر نئے سرے سے غور کرنے کی دعوت دیتی ہے۔ یہی فکری گہرائی اور فنی انفرادیت انھیں جدید اردو نظم کے اہم اور معتبر شعرا میں شامل کرتی ہے۔وہ تقریباً پچاس سال تک ہندوستان کی فلمی دنیا سے وابستہ رہے۔ انھوں نے روزی روٹی کے لیے فلموں میں اسکرپٹ نگاری کی اور مکالمے لکھے ۔ منفرد ، ممتاز اور معتبر شاعر ہونے کے باوجود انھوں نے فلموں کے لیے نغمے نہیں لکھے۔ حالانکہ ان کے ہم عصروںمیں شکیل بدایونی، ساحر لدھیانوی، کیفی اعظمی اور مجروح سلطان پوری وغیرہ اپنی فلمی نغمہ نگاری کے لیے ہی شہرت رکھتے ہیں۔ لیکن اختر الایمان نے اپنی شاعری کو اپنا دین دھرم ، ایمان بتایا۔ وہ شعری معیار سے کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے تھے۔ جن لوگوں نے ان کی نظموں کا سرسری طور پر جائزہ لیا انھیں ان نظموں میں دھند کی کیفیت نظر آئی۔ ان لوگوں نے اخترالایمان پر یہ بھی الزامات لگائے کہ وہ داخلی ہیں، شکست خوردہ ذہن رکھتے ہیں۔ مستقبل سے ناامید اور حال سے بے زار شاعر ہیں، لیکن محض اپنے عہد سے بے زاری کا احساس اور حزنیہ یا جذبات اضمحلال کا بیان اچھی یا بری شاعری کی پہچان نہیں ہوتا، بلکہ دیکھنا یہ ہوتا ہے کہ اس قسم کا تجربہ، تخلیقی اور فنی تجربہ بن پایا بھی ہے یا نہیں۔ اخترالایمان کی شاعری میں ان کیفیات نے تخلیقی تجربے کی صورت اختیار کی ہے اور اسی لیے اخترالایمان پر لگائے گئے یہ الزامات خود بخود رد ہوجاتے ہیں۔ اخترالایمان اپنی شاعری سے متعلق ’’یادیں‘‘ کے پیش لفظ میں لکھتے ہیں۔
’’اپنی شاعری سے متعلق ایک اور اہم بات یہ کہوں گا جو کچھ میں نے لکھا ہے وہ اس وقت نہیں لکھا جب ان تجربات اور محسوسات کی منزل سے گزر رہا تھا جو میری نظموں کا موضوع ہیں۔ انھیں اس وقت قلم بند کیا ہے جب وہ تجربات اور محسوسات یادیں بن گئے تھے۔ جب ہر نشتر کے لگائے ہوئے زخم مندمل ہوگئے تھے۔‘
(پیش لفظ:یادیں)
اس حقیقت سے بھی انکار ممکن نہیں ہے کہ وہ اپنی شاعری کے سب سے بڑے ناقد خود تھے ۔ وہ چاہتے تھے کہ ان کی شاعری کے متعلق جو بھی اظہار خیال کیا جائے وہ غور و فکر کے بعد کیا جائے۔مجموعہ’ بنت لمحات‘ میں شامل ان کی ایک مشہور نظم ہے ’’ کل کی بات ‘‘۔ اس نظم کا جو پس منظر ہے وہ 1947کا ہے۔ نظم لکھی گئی ہے 1962میں۔ جن لوگوں نے اختر الایمان کی خود نوشت سوانح ’’ اس آباد خرابے میں ‘‘ کا مطالعہ کیا ہے ، وہ جانتے ہیں کہ ان کی اہلیہ سلطانہ ایمان سنہ1947میں فسادات کے وقت دہلی میں تھیںاور فسادات پھوٹ پڑے تھے۔ کسی طرح ان کی جان بچی تھی اور وہ اخترالایمان کے پاس بمبئی پہنچی تھیں۔ لیکن اس حادثے کے تقریباً پندرہ سال بعد یہ نظم ’’ کل کی بات ‘‘ لکھی گئی ہے۔
کل کی بات
ایسے بیٹھے تھے اِدھر بھیا تھے دائیں جانب
ان کے نزدیک بڑی آپا شبانہ کو لیے
اپنی سسرال کے کچھ قصے، لطیفے، باتیں
یوں سناتی تھیں ہنسے پڑتے تھے سب
سامنے اماں وہیں کھولے پٹاری اپنی
منہ بھرے پان سے سمدھن کی انھیں باتوں پر
جھنجھلاتی تھیں کبھی طنز سے کچھ کہتی تھیں
ہم کو گھیرے ہوئے بیٹھی تھیں نعیمہ، شہناز
وقفہ وقفہ سے کبھی دونوں میں چشمک ہوتی
حسب معمول سنبھالے ہوئے خانہ داری
منجھلی آپا کبھی آتی تھیں کبھی جاتی تھیں
ہم سے دور ابا اسی کمرے کے اک کونے میں
کاغذات اپنے اراضی کے لیے بیٹھے تھے
یک بیک شور ہوا ملک نیا ملک بنا
اور اک آن میں محفل ہوئی درہم برہم
آنکھ جو کھولی تو دیکھا کہ زمیں لال ہے سب
تقویت ذہن نے دی، ٹھیرو، نہیں خون نہیں
پان کی پیک ہے یہ اماں نے تھوکی ہوگی!
نظم کے آغاز میں ایک سپاٹ بیانیہ ہے۔ لگتا ہے کوئی معلومی شاعر ، کوئی معمولی واقعہ بیان کر رہا ہے۔ لیکن جب یک بیک شور ہوا، اور ایک نیا ملک بنا تو سرحد کے دونوں جانب زمین خون سے لال ہو چکی تھی۔ پہلے اس ڈرامائی انداز نے قاری کو چونکایا اور پھر آخر کے دو مصرعوں نے نظم کو زمین سے آسمان پر پہنچا دیا۔ ’’ پان کی پیک ہے یہ اماں نے تھوکی ہوگی ‘‘ جیسا مصرع اختر الایمان ہی لکھ سکتے تھے۔ حادثہ چاہے جتنا بڑا ہو زندگی اس سے بڑی ہے۔ ہر حال میں زندگی چلتی رہتی ہے۔
اخترالایمان کے یہاں یادیں، ایک لڑکا، میر ناصر حسین، میرا نام اور کالے سفید پروں والا پرندہ اور میری ایک شام جیسی طویل نظمیں بھی ہیں اور کل کی بات ، قبر ، عہد وفا، تبدیلی، بیٹے نے کہا ، شیشے کا آدمی ، شفقی اور کتبہ جیسی مختصر نظمیں بھی ہیں۔ ان کی مختصر نظموں میں بھی بھرپور زندگی نظر آتی ہے۔ محض آٹھ دس مصرعوں کی نظم میں وہ بھرپور ڈرامائی کیفیت بھی پیدا کرتے ہیں اور طنز کے تیر بھی چلاتے ہیں۔ ایسی ہی ایک مختصر نظم ہے ’’ بیٹے نے کہا ‘‘۔
بیٹے نے کہا
ایک شب خیز نے یہ سوچ کے اس دنیا کا
سلسلہ یوں ہے کہ جو باپ ہے بیٹا ہو وہی
اپنے ہمراہ لیا لختِ جگر کو اک رات
راہ ماری کے لیے چل پڑا تاریکی میں
دونوں چپ چاپ چلے جاتے تھے آگے پیچھے
جب نکل آئے بہت دور تو اک سمت کہیں
باپ نے رک کے کسی گھر کی طرف دیکھا، کہا
’وہ جو گھر ہے نا، دیا رکھا ہے کھڑکی میں جہاں
میں نے اس گھر کو کئی بار کیا ہے تاراج!‘
سن کے بیٹے نے کہا باپ سے، ’لیکن بابا
پھر یہ کیوں ہے کہ اندھیرا ہے ہمارے گھر میں
اور اس گھر میں ابھی تک بھی دِیا جلتا ہے؟ـ‘
ڈرامائی کیفیت سے بھرپور اس مختصر سی نظم میں زندگی کا کتنا بڑا پیغام پوشیدہ ہے۔ شب خیزی ، اندھیرا اور روشنی کی علامتوں سے سجی ہوئی یہ نظم اپنے تاثر کے لحاظ سے بھی اور اپنے آفاقی پیغام کے لحاظ سے بھی بے حد کامیاب نظم ہے۔ سچ بات یہ ہے کہ اردو شاعری کی تاریخ میں اختر الایمان کو ایک منفرد و ممتاز مقام یوں ہی حاصل نہیں ہوا ہے۔ ان کی شاعری میں جدید انسان کی نفسیاتی کیفیات، سماجی مسائل، تہذیبی تبدیلیاں، داخلی کشمکش اور زندگی کے تلخ تجربات کی عکاسی ملتی ہے۔ اختر الایمان نے نظم کی صنف کو اپنے منفرد اسلوب، فکری گہرائی اور حقیقت پسندانہ نقطہ نظر کے ذریعے ایک نئی جہت عطا کی۔ ان کی مختصر نظمیں بھی فنی اور فکری اعتبار سے اہم ہیں، کیونکہ ان میں کم الفاظ کے ذریعے زندگی کے وسیع تجربات اور گہرے احساسات کو پیش کیا گیا ہے۔
اخترالایمان کی مختصر نظموں کی ایک نمایاں خصوصیت اختصار اور معنویت ہے۔ وہ غیر ضروری تفصیلات اور لفظی آرائش سے گریز کرتے ہوئے اپنے موضوع کو مؤثر انداز میں پیش کرتے ہیں۔ ان کی نظموں میں الفاظ کی سادگی کے باوجود معنی کی گہرائی موجود ہوتی ہے۔ شاعر بظاہر روزمرہ زندگی کے کسی معمولی واقعے، منظر یا تجربے کو موضوع بناتا ہے، لیکن اس کے ذریعے انسانی زندگی کی پیچیدگیوں اور سماجی حقیقتوں کو نمایاں کرتا ہے۔ یہی خصوصیت ان کی شاعری کو عام بیانیہ انداز سے ممتاز کرتی ہے۔ان کی مختصر نظموں میں فرد اور معاشرے کے تعلق کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ ان کے یہاں فرد محض ایک انفرادی وجود نہیں، بلکہ اپنے عہد کے سماجی، تہذیبی اور اخلاقی حالات سے متاثر ہونے والی شخصیت ہے۔ جدید شہری زندگی کی بے اطمینانی، انسانی رشتوں کی پیچیدگی، ماضی کی یادیں اور حال کی تلخ حقیقتیں ان کی شاعری کے اہم موضوعات ہیں۔ وہ انسانی تجربات کو جذباتی مبالغے کے بجائے حقیقت پسندانہ انداز میں پیش کرتے ہیں۔ اس لیے ان کی نظموں میں زندگی کی سچائی اور تجربے کی صداقت نمایاں طور پر محسوس ہوتی ہے۔ نظم ’’ تبدیلی ‘‘ میں انھی حقیقتوں کو اپنے خاص انداز میں بیان کرتے ہیں۔
تبدیلی
اس بھرے شہر میں کوئی ایسا نہیں
جو مجھے راہ چلتے کو پہچان لے
اور آواز دے ’’ او بے او سر پھرے ‘‘
دونوں اک دوسرے سے لپٹ کر وہیں
گرد و پیش اور ماحول کو بھول کر
گالیاں دیں، ہنسیں، ہاتھا پائی کریں
پاس کے پیڑ کی چھائوں میں بیٹھ کر
گھنٹوں اک دوسرے کی سنیں اور کہیں
اور اِس نیک روحوں کے بازار میں
میری یہ قیمتی بے بہا زندگی
ایک دن کے لیے اپنا رخ موڑ دے !
فنی اعتبار سے اختر الایمان کی مختصر نظموں میں آزاد نظم کی روایت اور جدید اسلوب کی خصوصیات دیکھی جا سکتی ہیں۔ نظم معرا میں بھی انھوں نے اپنے فن کا کمال دکھایا ہے۔ وہ روایتی شعری پابندیوں کے مقابلے میں خیال اور تجربے کی فطری پیش کش کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔ ان کے اسلوب میں مکالماتی انداز، روزمرہ زبان، علامت، تلمیح اور ڈرامائی کیفیت کا استعمال بھی ملتا ہے۔ بعض نظموں میں بظاہر سادہ گفتگو کے ذریعے ایسے سوالات اٹھائے جاتے ہیں جو قاری کو انسانی رویوں اور معاشرتی اقدار پر غور کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔ اس طرح ان کی مختصر نظمیں محض جذبات کا اظہار نہیں کرتیں، بلکہ فکری تحریک بھی پیدا کرتی ہیں۔دنیا کی بے ثباتی کو وہ اپنے خاص انداز میں پیش کرتے ہیں۔ ہم سب جانتے ہیں کہ دنیا فانی ہے ، قبر کی تنگی اور قبر کے عذاب کے قصے ہم سنتے رہے ہیں ۔ لیکن کیا بعض لوگوں کے لیے یہ دنیا ہی قبر کے مانند نہیں ہے ؟ نظم قبر میں ایک معصوم بچے کی زبانی جو مکالمہ ادا کیا گیا ہے وہ ہمارے احساس کو بر انگیختہ کرنے کے لیے کافی ہے۔
قبر
عجم کے شہروں میں اک شہر کا ہے یہ قصہ
یہ رفت و بود کا اک سلسلہ جو قائم ہے
بھنور میں جس کے ہر اک چیز ڈوب جاتی ہے
سنا ہے اس میں کسی قصبہ کا رئیس بڑا
پھنسا کچھ ایسا کوئی چال کارگر نہ ہوئی
ہر ایک طبی مدد، ہر دوا، علاج، غرض
وہ سب جو قبضۂ انسان و ممکنات میں تھا
کیا، تمام مسیحا قریب و دور جو تھے
طلب کیے گئے، سب کو زرِ کثیر دیا
مگر خدا کو جو منظور تھا وہ ہو کے رہا
اجل نے بیٹے سے محبوب باپ چھین لیا
خبر یہ پھیل گئی دور، پاس پل بھر میں
ہر ایک روتا تھا زار و قطار سن سن کر
پسر کے بین کا دل پر اثر شدید ہوا
وہ سینہ پیٹ کے کہتا تھا بار بار، ’’پدر
چلے ہو ایسی جگہ چھوڑ کر ہمیں سب کو
جہاں نہ دوست، نہ ہمدم، نہ کوئی مونس ہے
اندھیری کوٹھری ہوگی، اکیلے رہنا ہے
نہ کھانا پانی جہاں ہے، نہ روشنی کا گزر
وہاں پہ جیسے بھی گزرے گی خود ہی سہنا ہے
ہر ایک چیز کو ترسوگے ہائے ہائے وہاں
کوئی مدد کو نہ آئے گا، ایسی دنیا ہے ‘‘
غریب بھی کوئی شامل تھا اس جنازے میں
اور اپنے نور ِ نظر کو بھی ساتھ لایا تھا
سنی جو آہ و بُکا اس نے کچھ نہیں سمجھا
پلٹ کے باپ سے پوچھا بہت ہی سادگی سے
ہمارے گھر لیے جاتے ہیں کیا انھیں بابا؟
اس نظم قبر میں بھی بھرپور ڈرامائی کیفیت ہے۔ طنز بھی ہے اور زندگی کی تلخ حقیقت بھی ہے۔ اختر الایمان کی دوسری بہت سی نظموں کی طرح اس نظم میں بھی آخری مصرع نظم کی معراج ہے۔
اخترالایمان کی شاعری کا ایک اہم پہلو ماضی اور حال کے درمیان کشمکش ہے۔ وہ ماضی کو محض رومانوی یادوں کے طور پر پیش نہیں کرتے، بلکہ اس کے حوالے سے موجودہ زندگی کے مسائل اور انسانی شعور کی تبدیلیوں کو بھی سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان کی مختصر نظموں میں تجربے کی گہرائی، مشاہدے کی قوت اور اظہار کی کفایت شعاری نمایاں ہے۔ یہی عناصر ان کی شاعری کو جدید اردو نظم کی روایت میں اہم مقام عطا کرتے ہیں۔
مختصراً، اخترالایمان کی مختصر نظمیں موضوعاتی تنوع، فکرکی گہرائی، حقیقت نگاری اور فنی اختصار کا عمدہ نمونہ ہیں۔ ان نظموں میں جدید انسان کی داخلی اور خارجی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو موثر انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ ان کی اہمیت اس حقیقت میں مضمر ہے کہ وہ مختصر شعری اظہار کے ذریعے وسیع انسانی تجربات کو معنی خیز بناتے ہیں۔ اسی بنا پر اخترالایمان کی مختصر نظموں کا مطالعہ جدید اردو نظم کے فکری ارتقا، اسلوبیاتی تبدیلیوں اور انسانی زندگی کی تفہیم کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔

Dr. Shafi Ayub (Shafiuzzama Khan)
Centre of Indian Languages
SLL & CS / JNU, New Delhi-110067 (India)
Email : shafiayub75@rediffmail.com

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Explore More

غالب کی فارسی شاعری،مضمون نگار:ملک سلیم جاوید

اردو دنیا،دسمبر 2025: مرزا اسداللہ خاںغالب نہ صرف اپنے عہد کے سب سے بڑے شاعر تھے بلکہ وہ اس دور کی خاص شاعرانہ روایات کے بہترین ترجمان بھی ہیں۔ غالب

فضا ابن فیضی: مجھ کو میرے سخن سے پہچانو!،مضمون نگار:رضیہ پروین

اردو دنیا،دسمبر 2025: ٹونس ندی کے لب ساحل پر آباد شہر مئو ناتھ بھنجن کو شہر سخن کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ علمی اور صنعتی اعتبار سے یہ

نظیراکبر آبادی کی شاعری میں متصوفانہ رجحان،مضمون نگار:نعیمہ جعفری پاشا

اردو دنیا، اپریل 2026: تصوف ایک فکر ہے، سوچ ہے، نظریہ ہے ۔ یہ ایک عقیدہ اور یقین ہے جس کا تعلق قلب اور باطن سے ہوتاہے۔ یہ کوئی مسلک