تعارف

اردو کارپس

قومی کونسل برائے فروغِ اردو زبان (NCPUL)، حکومتِ ہند، وزارتِ تعلیم کا ایک اہم قومی ادارہ ہے، جس کا بنیادی مقصد اردو زبان و ادب کا فروغ، تحفظ اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ کونسل اردو زبان کی تعلیم، رسائل و جرائد کی ترویج اور اردو زبان وادب کے علمی و ادبی سرمائے کو ڈیجیٹل شکل میں فراہم کرنے کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔
قومی کونسل ملک بھر میں اردو زبان کے فروغ کے لیے مختلف تعلیمی و تربیتی پروگرامز، اشاعتی منصوبے اور تحقیقی سرگرمیوں کی سرپرستی کرتی ہے۔ ڈیجیٹل انڈیا کے اس دور میں کونسل کا خصوصی زور اردو مواد کو یونیکوڈ فارمیٹ میں تبدیل کرنے، آن لائن تلاش کے قابل بنانے اور نئی نسل کو اردو زبان سے جوڑنے پر ہے؛ تاکہ اردو زبان کی ادبی اور تہذیبی وراثت کو ڈیجیٹل دنیا کے ادبیات عالم میں ایک مقام حاصل ہوسکے۔
اسی سمت میں پیش رفت کرتے ہوئے قومی کونسل برائے اردو زبان، نئی دہلی نے اردو ای لائبریری تیار کی ہے۔ جہاں اردو کتابیں ePub فارمیٹ میں موجود ہیں۔
جن سے ای-کتاب (e-Kitaab) نامی موبائل ایپ کے ذریعہ بھی استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ یہ ایپ اینڈرائیڈ اور iOS پلیٹ فارمز پر بالترتیب گوگل پلے اسٹور اور ایپل ایپ اسٹور پر دستیاب ہے۔

اس کے علاوہ کونسل کی پی ڈی ایف کتابیں بھی
https://www.urducouncil.nic.in/urdu-e-library
ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کر کے پڑھی جا سکتی ہیں۔ اس وقت کونسل کی سائٹ پر تقریباً 750 پی ڈی ایف کتابیں اور 260 سے زائد ePub کتابیں موجود ہیں۔ ڈیجیٹل ایڈیشن کی سمت میں کونسل مستقل کوشاں ہے۔ اور مرحلہ وار کونسل کی تمام کتابیں اس پلیٹ فارم پر اپڈیٹ کی جائیں گی۔
ڈیجیٹل دنیا میں اردو زبان و ادب کے سرمائے کی موجودگی اور اس میں مستقل طور پر ہو رہی تحقیقات تک لوگوں کی رسائی کو آسان بنانے کے لیے قومی کونسل برائے فروغِ اردو زبان نے ایک سرکاری، منظم اور CMS-based ڈیجیٹل ویب سائٹ تیار کی ہے۔ جس سے اردو زبان و ادب کے علمی، ادبی اور تحقیقی سرمائے کو جدید تقاضوں کے مطابق محفوظ کرنا، محققین اور عام قارئین تک آسان، مؤثر اور مساوی رسائی کی امید ہے۔
یہ اقدام وِکست بھارت کے مشن اور قومی تعلیمی پالیسی 2020 کی روح کے عین مطابق ہے، تاکہ اردو زبان وادب کو ڈیجیٹل دور میں مضبوط، فعال اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جا سکے۔

اس ویب سائٹ پر کونسل کے رسائل اردو دنیا اور فکر و تحقیق میں شائع شدہ اردو مضامین کو یونیکوڈ فارمیٹ میں منتقل کر کے اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر یکجا کیا جاتا ہے۔ اس وقت اس ویب سائٹ پر ادب، تنقید، تحقیق، تاریخ، تہذیب، زبان و تعلیم اور دیگر موضوعات سے متعلق تقریباً 1500 مضامین دستیاب ہیں، جو اردو کے ایک مستند، منظم اور قابلِ اعتماد علمی کارپس کی نمائندگی کرتے ہیں۔ یونیکوڈ فارمیٹ میں دستیابی کے باعث یہ مواد نہ صرف طویل مدتی طور پر محفوظ ہے بلکہ مکمل طور پر قابلِ تلاش بھی ہے، جس سے تحقیق، تدریس اور مطالعے میں نمایاں سہولت حاصل ہوتی ہے۔

قابلِ ذکر ہے کہ یہ مواد اس سے قبل کونسل کے بلاگ اسپاٹ پلیٹ فارم پر شائع کیا جاتا تھا، تاہم ڈیٹا کے بہتر تحفظ، سرکاری پالیسی تقاضوں اور طویل مدتی ڈیجیٹل منصوبہ بندی کے پیشِ نظر اب اسے باقاعدہ طور پر کونسل کی مرکزی ویب سائٹ کے ایک محفوظ سب ڈومین پر منتقل کر دیا گیا ہے:
https://urducouncil.nic.in/ncpulblog/

یہ ویب سائٹ ظاہری طور پر خوبصورت، جاذبِ نظر اور مکمل طور پر موبائل فرینڈلی ہے، نیز مطالعے کے لیے نہایت سہل اور صارف دوست انداز میں ڈیزائن کی گئی ہے، جس سے قارئین کو ایک جدید، مربوط اور معیاری ڈیجیٹل مطالعے کا بہتر تجربہ حاصل ہوتا ہے۔

چونکہ یہ ایک CMS-based پلیٹ فارم ہے، اس لیے اس میں اردو مواد کی منظم درجہ بندی، آسان اپڈیٹ، مواد کے مؤثر انتظام اور مستقبل میں توسیع کی بھرپور گنجائش موجود ہے۔ مجموعی طور پر یہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم عوامی اطلاع، علمی استفادے اور اردو زبان کے تحفظ و فروغ کے لیے قومی کونسل کی ایک سنجیدہ، بامقصد اور مستقبل بیں کوشش ہے، جو حکومتِ ہند کی ڈیجیٹل ترجیحات کے مطابق اردو زبان کو قومی اور عالمی ڈیجیٹل منظرنامے میں ایک مضبوط، فعال اور باوقار مقام فراہم کرتا ہے۔

نوٹ : اس ویب سائٹ سے متعلق اگر کسی بھی نوعیت کی تعمیری اور مفید تجاویز ہوں تو ان کا خیر مقدم کیا جائے گا، تاکہ اس پلیٹ فارم کو مزید مؤثر، جامع اور معیاری انداز میں ترقی دی جا سکے.