ہندوستان میں فارسی ثقافت کی ترویج واشاعت میں صوفیانہ روایت کاکردار،مضمون نگار:حفصہ بیگم

April 6, 2026 0 Comments 0 tags

اردو دنیا، اپریل 2026:

اسلامی روایات وتعلیمات سے جنم لینے والی اصطلاحات میں سے ایک تصوف بھی ہے۔ یہ ایک اعتدال پسند، اصلاحی اور روحانی تحریک ہے جو محض مذہبی ریاضت تک محدود نہیں بلکہ ایک ہمہ جہت تہذیب واخلاق کا نمونہ بھی ہے۔ اس کی فکری بنیادیں ایران اور وسطی ایشیا میں استوار ہوئیں۔ گیارہویں صدی تک اس کی جڑیں برصغیر کی فکری اور سماجی اساس میں رچ بس گئیں۔ صوفیا کرام نے اسے اپنے مخصوص روحانی مزاج اور اخلاقی بصیرت کے ذریعے دولت کی نمود و نمائش، مذہبی شدت پسندی اوراخلاقی زوال کے برخلاف ایک خاموش مگر ہمہ گیر مزاحمت ، انسانی وقار، باطنی پاکیزگی اور اخلاقی اعتدال کا مرکز بنایا۔
صوفی روایت کی اصل قوت اس کی فکری وسعت اور روحانی جامعیت میں مضمر تھی۔ ان کی تعلیمات اور شاعری نے نہ صرف روحانیت بلکہ ادب، جمالیات اور ثقافتی اظہار کے مختلف سانچوں کو نئی معنویت عطا کی۔ محبت، رحمت اور شفقت عامہ کو انھوں نے اپنی فکر کا بنیادی ستون قرار دیا اوراسے انھوں نے مذہبی و تہذیبی سرحدوں سے ماوراہو کر انسان دوستی اور ہمہ گیر رواداری کے ایسے تصورات کو فروغ دینے کاآلہ کاربنایاجس نے برصغیر کے اجتماعی شعور کی تشکیل میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔صوفیا نے ہند آریائی فلسفے اور اسلامی روحانیت کے درمیان حائل فکری فاصلے کو نہ صرف پاٹنے کاکام کیا بلکہ اسے ایک تخلیقی مکالمے میں تبدیل کر دیا۔ انھوں نے ہندو اور بدھ مت کی بعض فکری جہات کو اپنے روحانی بیانیے میں جذب کیا اور مختلف مذہبی و فلسفیانہ روایتوں کے مابین مشترک انسانی اقدار کو دریافت کرنے کی سنجیدہ کوشش کی۔ اس فکری ہم آہنگی سے جہاں مذہبی مکالمے کو وسعت ملی وہیں برصغیر میں ایک ایسے مخلوط تہذیبی شعور کا جنم ہوا جو اختلاف کے باوجود بقائے باہم پر یقین رکھتا ہے۔
برصغیر میں پروان چڑھنے والی قومی یکجہتی، سماجی ہم آہنگی اور تہذیبی امتزاج کو اس وقت تک مکمل طور پر نہیں سمجھا جا سکتا جب تک کہ یہاں کی صوفی روایت کے فکری و اخلاقی اثرات کا ادراک نہ کیا جائے۔ جہاں سیاسی حکمرانوں نے اقتدار کے دوام اور ریاستی استحکام کے لیے مختلف راستے اختیار کیے، وہیں صوفیا کرام نے سماج کے باطن کو بدلنے کا بیڑا اٹھایا۔ ان کا راستہ محبت، رواداری اور اخلاقی تطہیر کا راستہ تھا—ایسا راستہ جس نے مختلف مذہبی اور ثقافتی نظاموں کے درمیان ایک بامعنی ربط قائم کیا اور برصغیر کی تہذیبی شناخت کو ایک ہمہ گیر انسانی آہنگ عطا کیا۔
صوفی شعرا اور ادبا کی فارسی تخلیقات نے برصغیر کے ادبی افق پر نہایت گہرے اور دیرپا اثرات مرتب کیے۔ انھوں نے اپنے باطنی واردات، روحانی مشاہدات اور فلسفیانہ افکار کو علامتوں، استعارات اور لطیف تشبیہات کے پیکر میں ڈھال کراس طرح پیش کیا، اس سے صوفی ادب کو نہ صرف فکری گہرائی بلکہ جمالیاتی رفعت بھی حاصل ہوئی۔ ہند–ایرانی تہذیب کے ارتقا اور صوفی موسیقی کی روایت کی تشکیل میں ان روحانی اہل قلم اور اہل دل کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ انھوں نے موسیقی کو محض تفریح نہیں بلکہ روحانی وابستگی اور معبود حقیقی سے قرب کے ایک موثر وسیلے کے طور پر متعارف کرایا، اور یہی وجہ ہے کہ صوفیانہ نغمگی اور شعری آہنگ ہندوستانی ثقافت کے مستقل اور زندہ اجزا میں شمار ہونے لگے۔
صوفیاکرام نے سماجی انصاف، خیرات اور انسان دوستی کو اپنی عملی زندگی کا مرکزی اصول بنایا۔ انھوں نے محروم، مفلس اور مظلوم طبقات کی سرپرستی کی اور ضرورت مندوں کی اعانت کے لیے یتیم خانے، شفاخانے اور پناہ گاہیں قائم کر کے ایک فلاحی روایت کی بنیادڈالی۔ ان کی تعلیمات، تخلیقی اظہار اور انسانی خدمت کے پیغام نے معاشرے پرایسے دیرپانقوش چھوڑے جن کے نتیجے میں روحانیت، ادبی شائستگی، موسیقی، فن تعمیر اور رفاہ عامہ کی ایک ہم آہنگ اور بامعنی روایت وجود میں آئی، جو پورے ہندوستان کے تہذیبی تانے بانے کو مضبوط اور مربوط کرتی ہے۔
صوفی علما،جنھیں اولیا اور درویش کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے، نے اسلام کے پیغام کو عام کرنے اور روحانی مراکز قائم کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی رسوم، فکری روایتوں اور زبانوں کو بھی اپنی دعوت اور عملی زندگی میں جذب کیا۔ انھوں نے ہندو اور بدھ مت کے بعض تصورات، یوگا، موسیقی اور شاعری کے عناصر کو اپنے فکری نظام میں اس طرح ضم کیا کہ اسلامی تصوف اور ہندوستانی روحانیت کا ایک نادر اور بامعنی امتزاج سامنے آیا۔ یہی تہذیبی ہم آمیزی آگے چل کر ہند– اسلامی ثقافت کی تشکیل و ترقی کا ایک بنیادی محرک ثابت ہوئی۔ صوفی سنتوں اور ان کے متبعین نے خانقاہوں اور مزارات کی ایسی ہمہ جہت روایت قائم کی جو محض عبادت گاہیں نہیں بلکہ روحانی تربیت، اجتماعی بہبود، علمی مکالمے اور سماجی خدمت کے موثر مراکز کی حیثیت اختیار کر گئیں۔ صوفیاکی خانقاہیں بالخصوص بزرگوں کے مزارات اس کامرکزومحوربنے، جہاں روحانی برکت، اخلاقی رہنمائی اور باطنی تسکین کے متلاشی افراد جوق در جوق حاضر ہوتے ۔ یہ مقامات رفتہ رفتہ خطے کی تہذیبی شناخت اور فن تعمیر کے نمایاں ستونوں میں تبدیل ہوگئے ۔
قرون وسطیٰ کے ہندوستان میں صوفیا نے موسیقی اورشاعری کو محض جمالیاتی اظہار کے بجائے روحانی جذب و حال اور وابستگی معبود کے ایک طاقتور وسیلے کے طورپربروئے کار لایا۔ قوالی جیسے صوفیانہ گیتوں کے ذریعے قلب و روح کی تطہیر اور وجدانی کیفیت کی آبیاری ہوئی۔ اس کے ساتھ ساتھ صوفی معاشرے نے سماجی خدمت کی ایک مضبوط روایت قائم کی— جس کے تحت لنگر اور دھرم شالاؤں کے ذریعے غریبوں، مسافروں اور ضرورت مندوں کو غذا، پناہ اور امداد فراہم کی جاتی تھی، پھربعدمیں تصوف عبادت سے بڑھ کر خدمت خلق کی عملی صورت اختیار کر تاچلاگیا۔
ہندوستان کی سرزمین کایہ اختصاص رہاہے کہ اس نے ایسے بے شمار اولیائے کرام کو جنم دیاجنھوں نے پیاسے دلوں اور مضطرب روحوں کو سکونِ جاوداں عطا کیا—اور جن کے فضائل و کرامات کو سمیٹنا ریت کو مٹھی میں بند کرنے کے مترادف ہے—ہم یہاں صرف چندایسی اورنمایاں صوفی شخصیات کی جانب اشارہ کریںگے جنھوں نے فارسی زبان اور تہذیب کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اس سلسلے میں سب سے درخشاں نام پیرانِ پیر حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کا ہے، جن کی شہرہ آفاق تصنیف کشف المحجوب کوتصوف کی دنیا میں ایک مرجع کی حیثیت حاصل ہے۔ ان کی روحانی وجاہت اور صوفیانہ مرجعیت نے فارسی کی تہذیبی شناخت پر گہرا اور دیرپا اثر مرتب کیا، اور ان کی تحریروں نے صوفی تعلیمات اور تصوف کے دقیق تصورات کی بدولت ہندوستان اور باہربھی ایک وسیع فکری حلقے کومتاثرکیا۔
کشف المحجوب کو ہندوستان میں تصوف پر لکھی جانے والی پہلی باقاعدہ تصنیف کا اعزاز حاصل ہے بلاشبہ یہ فارسی زبان میں روحانیت اور صوفی فکر کی قدیم ترین اور سب سے اثر انگیز کتابوں میں شمار ہوتی ہے۔ اس میں صوفی عقائد کی گوناگوں جہات، روحانی سلوک کے مدارج اور باطنی ارتقا کے مراحل کو نہایت جامع انداز میں بیان کیا گیا ہے،اس نے صوفی ادب کی تشکیل اور تصوف کے فکری ڈھانچے کو ایک مضبوط بنیاد فراہم کی بلکہ اس کے ذریعے فارسی زبان کو روحانی اور ادبی اظہار کا ایک وقیع وسیلہ میسر آیا۔ اسی طرح اس کے بعدداتاگنج بخش کی تعلیمات نے فارسی داں معاشروں میں تصوف کے اصولوں کو راسخ کرنے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ اس کتاب سے صوفی اداروں کی فکری آبیاری ہوئی اور اس سے فارسی بولنے والی دنیا میں صوفی روایت کے فروغ اور استحکام کا ایک سنگِ میل بھی ثابت ہوئی۔
خواجہ معین الدین چشتی — جنھیں عقیدتاً خواجہ غریب نواز کہا جاتا ہے—فارسی صوفی روایت کی وہ درخشاں ہستی ہیں جنھوں نے برصغیر میں فارسی ادب و تہذیب کو نئی معنویت عطا کی۔ ان کی روحانی قیادت، چشتی سلسلے کی فکری بنیاد اور اخلاقی بصیرت نے فارسی ادبی روایت، تہذیبی اقدار اور روحانی طرز حیات پر گہرے اور دیرپا نقوش ثبت کیے۔ فارسی ادب و ثقافت کے دائرے میں ان کی خدمات غیر معمولی حیثیت رکھتی ہیں۔ ان کی فارسی شاعری، ثقافتی ہم آمیزی پر اصرار، فارسی زبان کی سرپرستی اور صوفی مراکز کا قیام ہند– فارسی تہذیبی امتزاج کی تشکیل میں فیصلہ کن ثابت ہوا۔ ان کی تعلیمات آج بھی روحانی متلاشیوں کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہیں اور ہندوستان کے ثقافتی ورثے کی وسعت و تنوع میں مسلسل اضافہ کر رہی ہیں۔ ان سے منسوب یا ان کی روایت میں محفوظ چند معروف تصانیف میں دیوانِ معین الدین چشتی، انیس الارواح، گنج اسرار، دلیل العارفین، رسالہ وجودیہ اور کلمات خواجہ معین الدین چشتی شامل ہیں۔
اسی طرح قطب الدین بختیار کاکی قرون وسطیٰ کے ہندوستان میں فارسی صوفیانہ ادب کے ایک نہایت وقیع نمائندہ کے طور پر جلوہ گر ہوتے ہیں۔ وہ نہ صرف ایک بلندپایہ صوفی تھے بلکہ فارسی شاعری کے بھی صاحب اسلوب تخلیق کاربھی تھے۔ ان کی تعلیمات، روحانی اثرات اور اہل علم کی سرپرستی نے فارسی ادب و ثقافت اور صوفی فکر کے ارتقا پر گہرے نقوش چھوڑے۔ انھوں نے فارسی زبان میں ایسی نظمیں تخلیق کیں جن میں ان کے باطنی تجربات، عشقِ الٰہی اور روحانی ادراک پوری شدت کے ساتھ منعکس ہوتا ہے۔ اسلوب کی سادگی، جذبات کی گہرائی، محبت ربانی اور وجدانی کیفیات ان کی شاعری کی امتیازی خصوصیات ہیں، اور یہی عناصر ہندستان میں فارسی صوفیانہ شاعری کی نشوونما میں ان کے اثر کو مستحکم کرتے ہیں۔ ان سے منسوب دو اہم تصانیف—دیوان اور فوائد السالکین— تصوف کے فکری اور عملی مباحث میں ان کے مقام کو مزید واضح کرتی ہیں۔
بابا فرید،جنھیں فرید الدین گنج شکر کے نام سے شہرت حاصل ہوئی ، تصوف اور شاعری کی اس درخشاں روایت کے نمائندہ تھے۔ انھوں نے اپنی تعلیمات کی بدولت برصغیر کے روحانی اور ادبی افق کو نئی جہتیں عطا کیں۔ وہ پنجابی اور صوفی شاعری کی تشکیل و ارتقا میں سب سے زیادہ موثر اور ہمہ گیر شخصیات میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کی ادبی میراث بنیادی طور پر صوفیانہ نظموں پر مشتمل ہے۔ باطنی مشاہدات، روحانی تعلیمات اور وجدانی بصیرت نہایت ہی گہرائی سے ان کی شاعری میں منعکس ہوتی ہے۔ ان کے متعدد اقوال سکھوں کی مقدس کتاب گرو گرنتھ صاحب میں شامل ہیں، جو ان کی فکر کی ہمہ گیر قبولیت اور بین المذاہب معنویت کا واضح ثبوت ہیں۔ بابا فرید کی شاعری اپنی سادگی، روحانی گہرائی اور انسانی دل سے براہِ راست مکالمے کی صلاحیت کے باعث ممتاز مقام رکھتی ہے، اور اس نے مذہبی و ثقافتی سرحدوں سے ماورا ہو کر ہندوستان کے روحانی و ادبی ورثے پر ایک مستقل اور گہرا نقش ثبت کیا ہے۔ فوائد السالکین، گنج اسرار، جوگی نامہ، تحفۃ الرسالہ (یا نصائح الملوک)، رسالہ وجودیہ، اسرار الاولیا، راحت القلوب، رسالہ عرفانی (یا گفتار عرفانی) اور سراج الوجودان کی اہم تصانیف ہیں— یہ ان کے فکری و روحانی مقام کی وسعت کو نمایاں کرتی ہیں، جب کہ پنجابی اور اردو میں ان سے منسوب اشعار اس روایت کو مزید تقویت بخشتے ہیں۔
اسی طرح حضرت نظام الدین اولیا—جنھیں عقیدتاً محبوب الٰہی کہاجاتاہے—قرون وسطیٰ کے ہندستان میں فارسی صوفیانہ ادب اور تہذیب کے ایک مرکزی ستون کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کی تعلیمات، شعری تخلیقات اور روحانی اثرات نے فارسی ادب و ثقافت اور صوفی فکر کی تشکیل میں نہایت گہرے اور دیرپا اثرات مرتب کیے۔ انھوں نے غزلوں، نظموں اور دیگر شعری اصناف میں اپنے باطنی تجربات، عشق الٰہی اور روحانی بصیرت کو جس شدت اور لطافت کے ساتھ بیان کیاہے، وہ انھیں ہندوستانی فارسی صوفی ادب کا ایک ناگزیر حوالہ بنا دیا۔ ان کی شاعری جذبات کی گہرائی، روحانی تڑپ اور آفاقی محبت کے عناصر سے مملو ہے، اور اسی لیے وہ برصغیر کی صوفیانہ روایت میں ایک ممتاز مقام رکھتی ہے۔
حضرت نظام الدین اولیا نے اپنے کارناموں کی بدولت فارسی اور ہندوستانی تہذیب کے مابین ایک تخلیقی اور بامعنی پل کاکام کیا۔ انھوں نے فارسی تصوف کے اصولوں کو مقامی ثقافتی روایتوں کے ساتھ ہم آہنگ کر کے سماجی رواداری اور بین الثقافتی مفاہمت کو فروغ دیا۔ ان کی مذہبی مجالس اور تعلیمی نشستیں فارسی زبان میں منعقد ہوتی تھیں، جن سے ہندوستان میں فارسی زبان و ادب کے تحفظ اور اشاعت میں نمایاں مدد ملی۔ ان کی روحانی محافل میں موسیقی کو بھی ایک خاص مقام حاصل تھا۔ اس سے بھی فارسی اور ہندوستانی موسیقی کے عناصر باہم مدغم ہوکرایک منفردہند–فارسی موسیقی روایت کا جنم ہوا۔ اس روایت کا روحانی اثر لسانی اور ثقافتی سرحدوں سے کہیں آگے تک پھیل گیا، اور ان کی تعلیمات و خدمات نے مختلف مذاہب کے ماننے والوں کو یکساں طور پر اپنی جانب متوجہ کیا۔ ان سے منسوب اہم تصانیف میں سیر الاولیا، فوائد الفواد، فصل الفواد اور راحت المحبین، ان کی فکری اور روحانی میراث کو محفوظ رکھنے کا مستند ذریعہ ہیں۔
امیر خسرو اپنے عہد کے ان درخشاں فارسی شعرا میں سے ایک ہیں جن کی تخلیقی وسعت اور فنی مہارت نے فارسی ادب کو نئی رفعتیں عطا کیں۔ انھوں نے غزل، مثنوی اور نظم جیسی مختلف اصناف میں ایسی تخلیقات پیش کیں جو نہ صرف ان کے غیر معمولی لسانی ذوق اور فکری بالیدگی کی آئینہ دار ہیں بلکہ فارسی شاعری کے فنی امکانات کو بھی نئی جہات عطا کرتی ہیں۔ ان کی شاعری میں محبت، روحانیت، تصوف اور عہد حاضر کے سماجی تناظر کی بازگشت پوری معنویت کے ساتھ سنائی دیتی ہے۔ امیر خسرو کی ادبی کاوشوں نے فارسی ادب کے ارتقا میں فیصلہ کن کردار ادا کیا، اور ان کا منفرد اسلوب اور زبان کے تخلیقی استعمال نے بعد کے شعرا و ادبا کے لیے ایک زندہ روایت قائم کی جو آج تک تخلیقی تحریک کا سرچشمہ ہے۔
ادب کے ساتھ ساتھ امیر خسرو موسیقی کے بھی بلندپایہ ماہر تھے۔ انھوں نے فارسی اور ہندوستانی موسیقی کے عناصر کو ایک ہم آہنگ اور تخلیقی وحدت میں سموکرہندوستانی راگوں کوفارسی شعری سانچوں میںڈھالا صوفیانہ مذہبی موسیقی کی صنف قوالی کی تشکیل کا سہرا انہی کے سرجاتا ہے۔ وہ شاعری، راگ اور صوفیانہ مضامین ملاکر روحانی تجربے کا جمالیاتی تصورپیش کرتے ہیں۔ زبان کے میدان میں بھی امیر خسرو ایک جدت پسند معلم کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انھوں نے فارسی الفاظ و محاورات کی توسیع و ارتقا میں بنیادی کردار ادا کیا۔ نئے نئے الفاظ، اصطلاحات اور استعارات متعارف کراکر انھوں نے فارسی اظہار کی سرحدوں کو وسعت دی اور آنے والی نسلوں کے شعرا و ادبا کے لیے لسانی امکانات کے نئے در وا کیے۔ ان کی تصانیف کی فہرست ان کی ہمہ جہت تخلیقی قوت کی شاہد ہے۔ ان کے معروف فارسی کارناموں میں تحفۃ الصغر، وسط الحیات، غرۃ الکمال، بقیہ نقیہ، نہایت الکمال، ہشت بہشت، قران السعدین، مطلع الانوار، مفتاح الفتوح، مثنوی دولت رانی– خضرخان، نہ سپہر، تغلق نامہ، خمسہ، اعجاز خسروی، خزائن الفتوح، افضل الفوائد، خالق باری، لیلیٰ مجنوں، آئینہ سکندری اور شیرین خسرو شامل ہیں۔ ان کی ایسی تخلیقات جنھوں نے فارسی ادب، ہند–فارسی تہذیب اور صوفیانہ روایت کو ایک ہمہ گیر اور پائیدار فکری ورثہ عطا کیا۔
خواجہ بندہ نواز گیسو درازؒ فارسی زبان و ادب کے ان ممتاز صوفی شعرا میں شمار ہوتے ہیں جنھوں نے جنوبی ہند میں اسلام اور فارسی تہذیب کی جڑیں نہایت گہرائی سے پیوست کیں۔ انھوں نے غزل، رباعی اور نثرکے ساتھ ساتھ شعری و ادبی اصناف کے ہر دائرے میں ایسی گراں قدر تخلیقات پیش کیں جن میں روحانی واردات، عشقِ الٰہی اور وحدتِ وجود کی بازگشت پوری شدت سے سنائی دیتی ہے۔ ہندستان میں فارسی زبان کے تحفظ اور فروغ میں ان کا کردار بنیادی نوعیت رکھتا ہے۔ ان کی مجالس، تدریسی نشستیں اورروحانی اجتماعات فارسی ہی میں منعقد ہوتے تھے، جس کے باعث اس زبان کو برصغیر میں ایک مستحکم علمی اور روحانی مقام حاصل ہوا۔ انھوں نے فارسی اور ہندوستانی ثقافتی روایتوں کے مابین ایک بامعنی مکالمہ قائم کیا، اور مقامی رسوم و روایات کو صوفیانہ فکر کے ساتھ ہم آہنگ کر کے ایک منفرد ہند–فارسی تہذیبی شناخت کی تشکیل میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ ان کی شاعری میں روحانی پیاس، جذبات کی گہرائی، عشق ربانی اور بین المذاہب ہم آہنگی جیسے موضوعات جس شدت اور لطافت سے جلوہ گر ہوتے ہیں، وہ ہندوستان میں فارسی صوفیانہ شاعری کی ترقی میں ان کے اثر کو نمایاں کرتے ہیں۔ ان سے منسوب اہم تصانیف میں حواشی کشاف، شرح مشارق، شرح فقہ الاکبر، شرح آداب المریدین، شرح تعارف، رسالہ سیرت النبی، ترجمہ مشارق، شرح فصوص الحکم، ترجمہ رسالہ قشیریہ، جوامع الکلم اور قصیدہ امالی شامل ہیں۔
اسی طرح شہزادہ دارا شکوہ سترہویں صدی کے مغل عہد کا وہ نادر المثال عالم اور صوفی مزاج شہزادہ تھے جن کی فکری شخصیت فنون لطیفہ، روحانیت اوربین الثقافتی مکالمے کا حسین امتزاج تھی۔ تصوف اور ہندو فلسفے میں اس کی غیرمعمولی دلچسپی نے اسے اپنے عہد کا ایک منفرد مفکر بنا دیا۔ ان کی تصانیف اور فکری کاوشیں مشترکہ تہذیب اور گنگا–جمنی ثقافت کی روشن علامت ہیں۔ وہ مذہبی اور تہذیبی سرحدوں سے بالاتر ہو کر انسانیت کی وحدت کا علم بردارتھے اور علم و عرفان کے ایک بحر بے کراں کی حیثیت رکھتے تھے۔ ان کے نمایاں صوفیانہ و فلسفیانہ کاوشوں میں سفینۃ الاولیا، سکینۃ الاولیا، رسالہ حق نما، مجمع البحرین اور سر اکبر شامل ہیں۔ یہ ان کی ایسی تصانیف ہیں جنھوں نے اسلامی تصوف اورہندو فلسفے کے درمیان ایک فکری پل قائم کیا۔
یہ امر نہایت افسوس ناک ہے کہ دارا شکوہ کی زندگی ایک الم ناک انجام سے دوچار ہوئی۔ ان کے اپنے بھائی اورنگزیب سے شکست کے بعد 1659 میں اسے قتل کر دیا گیا۔ تاہم اس کی ناگہانی موت کے باوجود اس کا علمی اور روحانی ورثہ آج بھی زندہ ہے اور ان کی فکری گہرائی اور عرفانی بصیرت اب بھی اہلِ علم و دل کی تحسین کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
غرض یہ کہ اگرچہ حکمرانوں نے بسا اوقات مذہبی احکام کی تعبیر اپنے سیاسی مقاصد کے تحت کی، مگر صوفیا کرام نے اسلام کے اس روشن اور انسان دوست چہرے کو نمایاں کیا جو محبت، رحمت اور اخلاقی وقار پر مبنی ہے۔ انھوں نے تمام مذاہب اور عقائد کا احترام کیا اور انسان کو محض اس کی شناخت کے بجائے خالقِ کائنات کا بندہ سمجھا۔ ان کے نزدیک اصل اصول یہ تھا کہ خالق سے محبت کا حقیقی اظہار اس کی مخلوق سے محبت میں ہے—کیونکہ خود خالق بھی اپنی مخلوق سے محبت کرتا ہے۔ اسی فکری زاویے نے سماج میں رواداری، ہم آہنگی اور انسان دوستی کو فروغ دیا اور ساتھ ہی فارسی تہذیب اور ثقافتی روایت کو بھی ایک نئی وسعت و استحکام عطا کیا۔

Dr. Hafsa Begum
Assistant professor
Deptt. of PG Studies & Research in Urdu,
Kuvempu university shivamoggam, Karnataka
Mob.: 7022501540
E-mail: hafsabaig2708@gmail.com

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Explore More

امیر خسرو کی پہیلیاں: لسانی حسن اور فکری رنگ، مضمون نگار: انور ہادی جنیدی

اردو دنیا،نومبر 2025   امیر خسرو کوبرصغیر کی ادبی و تہذیبی تاریخ میں ’ہندوستان کی زبانوں اور ثقافتوں کا سفیر‘ کہا جا تا ہے۔ ان کا اصل نام ابوالحسن یمین