اردو دنیا،مارچ2026:
اکیسویں صدی کو اگر علم، تحقیق اور ٹیکنالوجی کی صدی کہا جائے تو اس میں کسی طور پربھی مبالغہ نہیں ہوگا، کیونکہ اس دور میں انسانی زندگی کا کوئی بھی شعبہ ایسا نہیں ہے جو جدید سائنسی اور تکنیکی ترقی سے متاثر نہ ہوا ہو۔ معلوماتی انقلاب Information Revolution نے نہ صرف انسان کے طرزِ زندگی کو بدل دیا ہے بلکہ اس کے سوچنے، سیکھنے اور فیصلہ کرنے کے انداز میں بھی بنیادی تبدیلیاں پیدا کی ہیں۔ خصوصاً انفارمیشن ٹیکنالوجی(Information Technology)کی حیرت انگیز ترقی نے دنیا کو ایک عالمی گاؤں میں تبدیل کر دیا ہے، جہاں علم کی رسائی آسان، تیز اور ہمہ گیر ہو چکی ہے۔ ان تبدیلیوں کے اثرات اگرچہ معیشت، صحت، صنعت اور مواصلات سمیت تمام شعبوں میں نمایاں طور پر محسوس کیے جا سکتے ہیں۔ شعبۂ تعلیم بھی بڑے پیمانے پر اس سے متاثر ہوا ہے۔
جدید دور میں تعلیمی نظام کو جن پیچیدہ چیلنجز کا سامنا درپیش ہے، ان میں طلبہ کی انفرادی ضروریات کو پورا کرنا، معیاری تعلیم تک مساوی رسائی، تدریسی معیار میں بہتری، اور علم کو عملی زندگی سے ہم آہنگ بنانا شامل ہیں۔ انھیں چیلنجز کے پس منظر میں حالیہ برسوں کے دوران مصنوعی ذہانت Artificial Intelligence ایک ایسی طاقتور، ہمہ جہت اور تیزی سے ترقی کرنے والی ٹیکنالوجی کے طور پر سامنے آئی ہے جس نے تعلیمی نظام کو بنیادی سطح پر تبدیل کرنے کی صلاحیت کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔ مصنوعی ذہانت محض کمپیوٹر یا مشین کو انسانی ذہانت کی نقل کرنے کے قابل بنانے کا نام نہیں، بلکہ یہ ایک ایسا مربوط نظام ہے جو Data کی بنیاد پر سیکھنے، تجزیہ کرنے، فیصلہ کرنے اور مسائل کے حل کی خودکار صلاحیت رکھتا ہے۔ یہی خصوصیات اسے تعلیم کے شعبے میں غیر معمولی اہمیت عطا کرتی ہیں۔
تعلیم کے میدان میں مصنوعی ذہانت نے سیکھنے کے روایتی تصور کو ایک نئے زاویے سے متعارف کرایا ہے۔ جہاں ماضی میں تعلیم زیادہ تر معلومات کی یک طرفہ منتقلی تک محدود تھی، وہیں AIنے اسے ایک تعاملی، شخصی اور Learner Centered عمل میں تبدیل کر دیا ہے۔ آج تعلیم محض کتاب، تختۂ سیاہ اور روایتی کلاس روم تک محدود نہیں رہی، بلکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، آن لائن لرننگ سسٹمز، ورچوئل کلاس رومز، ای-لرننگ ماڈیولز اور اب مصنوعی ذہانت پر مبنی تعلیم،نظامِ تعلیم کا لازمی حصہ بنتے جا رہے ہیں۔ ان جدید ذرائع نے سیکھنے کے عمل کو نہ صرف زیادہ لچک دار اور آسان بنایا ہے بلکہ ایسے طلبہ کے لیے بھی تعلیمی مواقع پیدا کیے ہیں جو روایتی تعلیمی نظام سے کسی وجہ سے مکمل استفادہ نہیں کر سکتے تھے۔
مزید برآں، مصنوعی ذہانت نے تعلیم کے تمام اہم اجزا، جیسے تدریس، احتسابAssessment، رہنمائی، انتظامی امور اور تعلیمی منصوبہ بندی کو متاثر کیا ہے۔ AIپر مبنی نظام طلبہ کی تعلیمی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لیتا ہے، ان کی کمزوریوں اور صلاحیتوں کی نشاندہی کرتا ہے اور اسی بنیاد پر تعلیمی مواد اور تدریسی حکمت عملی ترتیب دیتا ہے۔ اس طرح تعلیم ایک جامد اور یکساں نظام کے بجائے ایک متحرک اور انفرادی تجربے کی صورت اختیار کر لیتاہے۔ تاہم اس تکنیکی ترقی کے ساتھ ساتھ یہ سوال بھی اہم ہو جاتا ہے کہ کیامصنوعی ذہانت تعلیم کے اخلاقی، سماجی اور انسانی اقدار سے ہم آہنگ ہے یا نہیں، اور اگر ہے تو کس حد تک؟
مصنوعی ذہانت کا تصور اور پس منظر
مصنوعی ذہانت Artificial Intelligence ایک ہمہ جہت اور بین المضامین Interdisciplinary علمی شعبہ ہے جو بنیادی طور پر کمپیوٹر سائنس، ڈیٹا سائنس، ریاضی، شماریات، علمِ نفسیات اور علمِ اعصاب Neuroscience کے اشتراک سے وجود میں آیا ہے۔ اس شعبے کا مرکزی ہدف ایسی ذہین مشینیں اور نظام تیار کرنا ہے جو انسانی ذہانت سے مشابہ افعال انجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ ان افعال میں انسانی زبان کو سمجھنا اور اس کا تجزیہ کرنا، بصری معلومات جیسے تصاویر اور ویڈیوز کی شناخت کرنا، منطقی استدلال کرنا ، تجربے سے سیکھنا، خود کار طور پر معلومات کی درجہ بندی کرنا اور حالات کے مطابق فیصلے کرنا شامل ہیں۔ مصنوعی ذہانت دراصل انسانی ذہنی عمل کی نقل ہی نہیں کرتی بلکہ ڈیٹا کی بنیاد پر ایسے نتائج اخذ کرتی ہے جو بعض اوقات انسانی صلاحیت سے بھی زیادہ تیز اور درست ہو سکتے ہیں، خصوصاً ایسے معاملات میں جہاں بڑی مقدار میں معلومات کا تجزیہ درکار ہو۔
تاریخی اعتبار سے اگر دیکھا جائے تو مصنوعی ذہانت کا تصور بیسویں صدی کے وسط میں سامنے آیا، تاہم تعلیم کے میدان میں اس کے عملی استعمال کا آغاز نسبتاً سادہ اور محدود نوعیت کے نظاموں سے ہوا۔ ابتدائی طور پر AIکو خودکار احتسابی نظام Automated Assessment Systems، کمپیوٹر پر مبنی امتحانات Computer-Based Testing اور لرننگ مینجمنٹ سسٹمز Learning Management Systems میں استعمال کیا گیا، جن کا مقصد انتظامی امور کو سہل بنانا، جانچ کے عمل کو تیز کرنا اور تعلیمی ڈیٹا کو منظم کرنا تھا۔ یہ نظام اگرچہ تکنیکی طور پر محدود تھے، تاہم انھوں نے تعلیم میں ڈیجیٹلائزیشن Digitalization کی بنیاد رکھ دی۔ وقت کے ساتھ ساتھ ڈیٹا اینالیٹکس، Data Analytics مشین لرننگMachine Learning اور ڈیپ لرننگ Deep Learning میں ہونے والی پیش رفت نے مصنوعی ذہانت کے تعلیمی استعمال کو ایک نئے مرحلے میں داخل کر دیا۔ آج تعلیم میں مصنوعی ذہانت محض انتظامی یا احتسابی سہولت تک محدود نہیں رہی بلکہ یہ تدریسی عمل کا ایک فعال اور بااثر حصہ بن چکی ہے۔ AIپر مبنی ذہین ٹیوٹرز Intelligent Tutoring Systemsطلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں کا مسلسل تجزیہ کر کے انھیں انفرادی رہنمائی فراہم کرتے ہیں، بالکل اسی طرح جیسے ایک نجی استاد طالب علم کی ضرورت کے مطابق درس دیتا ہے۔ اسی طرح ایڈاپٹو لرننگ سسٹمز Adaptive Learning Systems طالب علم کی کارکردگی، سیکھنے کی رفتار اور دلچسپیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیمی مواد میں خود بخود تبدیلی کرتا ہے، جس سے سیکھنے کا عمل زیادہ مؤثر اور شخصی Individualisation بن جاتا ہے۔
تعلیم میں مصنوعی ذہانت کے جدید مظاہر میں چیٹ بوٹس، ذہین تعلیمی ایپلیکیشنز اور لرننگ اینالیٹکس نمایاں ہیں۔AIچیٹ بوٹس نہ صرف طلبہ کے سوالات کے فوری جوابات فراہم کرتا ہے بلکہ انھیں نصابی رہنمائی، مطالعے کے طریقوں اور تعلیمی منصوبہ بندی میں بھی مدد فراہم کرتا ہے۔AI Applications، جیسے زبان سیکھنے یا ریاضی کی مشقوں کی ایپس، طالب علم کی غلطیوں کا تجزیہ کر کے آئندہ مشقوں کو اسی بنیاد پر ترتیب دیتی ہیں۔ اسی طرح ڈیٹا اینالیٹکس کے ذریعے تعلیمی ادارے طلبہ کی مجموعی کارکردگی، مشغولیت اور تعلیمی رجحانات کا مطالعہ کر کے بہتر تعلیمی فیصلے کر سکتے ہیں۔
یہ تمام ترقیات اس بات کی غماز ہیں کہ مصنوعی ذہانت نے تعلیم کو محض معلومات کے حصول کا ذریعہ نہیں رہنے دیا بلکہ اسے ایک متحرک، اشتراکی اور نتائج پر مبنی عمل میں تبدیل کر دیا ہے۔ مصنوعی ذہانت کے ذریعے تدریسی عمل زیادہ مؤثر، تدبر پر مبنی اور طفل مرکوز ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں سیکھنے کے نتائج بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ تعلیمی معیار میں بھی نمایاں بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔ تاہم اس کے ساتھ یہ امر بھی ضروری ہے کہ مصنوعی ذہانت کا استعمال تعلیمی مقاصد، انسانی نگرانی اور اخلاقی اصولوں کے دائرے میں کیا جائے تاکہ تعلیم کا انسانی اور سماجی پہلو متاثر نہ ہو۔
تعلیم میں AIکی ضرورت اور اہمیت
عالمی سطح پر تعلیمی نظام اس وقت جن پیچیدہ اور ہمہ جہت مسائل کا سامنا کر رہا ہے، وہ محض کسی ایک خطے یا ملک تک محدود نہیں بلکہ ایک عالمی چیلنج کی صورت اختیار کر چکا ہے۔ بڑھتی ہوئی آبادی، اکتساب(Learning)کے بدلتے ہوئے تقاضے، معلومات کی تیزی سے وسعت اور وسائل کی محدود دستیابی نے تعلیمی نظام کو شدید دباؤ میں مبتلا کر دیا ہے۔ ان مسائل میں سب سے نمایاں مسئلہ یہ ہے کہ روایتی تعلیمی نظام اکثر طلبہ کی انفرادی ضروریات، اکتساب کے انداز اور ذہنی صلاحیتوں کو پوری طرح مدنظر نہیں رکھ پاتا۔روایتی کلاس روم میں تدریس عموماً ایک ہی رفتار اور ایک ہی طریقے سے کی جاتی ہے، جہاں تمام طلبہ سے یہ توقع رکھی جاتی ہے کہ وہ ایک ہی وقت میں ایک ہی نصاب کو ایک ہی انداز سے سیکھیں۔ اس طرزِ تدریس سے وہ طلبہ منفی طور پرمتاثر ہوتے ہیں جو یا تو سیکھنے میں سست رفتار ہوتے ہیں یا غیر معمولی صلاحیت رکھتے ہیں۔ کم رفتار سے سیکھنے والے طلبہ پیچھے رہ جاتے ہیں، جبکہ زیادہ صلاحیت رکھنے والے طلبہ بوریت اور عدم دلچسپی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ اس یکسانیت Uniformity کے باعث نہ صرف تعلیمی معیار متاثر ہوتا ہے بلکہ طلبہ کا اعتماد، تجسس اور سیکھنے کا شوق بھی کمزور پڑ جاتا ہے۔اساتذہ پر بڑھتا ہوا تعلیمی بوجھ بھی جدید تعلیمی نظام کا ایک اہم مسئلہ ہے۔ اساتذہ سے نہ صرف تدریس کی توقع کی جاتی ہے بلکہ نصاب کی تکمیل، امتحانی جانچ، تعلیمی ریکارڈ کی تیاری، والدین سے رابطہ اور انتظامی فرائض بھی ان کے ذمے ہوتے ہیں۔ ان ذمہ داریوں کے باعث اساتذہ، طلبہ کی انفرادی رہنمائی پر مطلوبہ توجہ نہیں دے پاتے۔ اس کا براہِ راست اثر تدریسی معیار اور طلبہ کی مجموعی کارکردگی پر پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ تربیت یافتہ اساتذہ کی کمی اور تعلیمی وسائل کی قلت نے اس مسئلے کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ تعلیمی معیار میں تفاوت بھی عالمی تعلیمی منظرنامے کا ایک اہم مسئلہ ہے۔ شہری اور دیہی علاقوں، ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک، اور نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کے درمیان تعلیمی سہولیات اور معیار میں واضح فرق پایا جاتا ہے۔ وسائل کی کمی، جدید ٹیکنالوجی تک محدود رسائی اور تربیت یافتہ عملے کی عدم دستیابی ایسے عوامل ہیں جو مساوی اور معیاری تعلیم کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ ایسے حالات میں تعلیم کا بنیادی مقصد، یعنی ہر فرد کی ہمہ جہت ترقی، مکمل طور پر حاصل نہیں ہو پاتا۔
ان تمام مسائل کے تناظر میں مصنوعی ذہانت Artificial Intelligence ایک مؤثر، قابلِ عمل اور مستقبل دوست حلFuture Friendly Solution کے طور پر سامنے آئی ہے۔ مصنوعی ذہانت ایسے جدید نظام فراہم کرتی ہے جو طلبہ کے تعلیمی ڈیٹا کا تجزیہ کر کے ان کے سیکھنے کی رفتار، دلچسپی، کمزوریوں اور صلاحیتوں کو سمجھنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس تجزیے کی بنیاد پر ہر طالب علم کے لیے ایک مخصوص اور انفرادی تعلیمی منصوبہ تیار کیا جا سکتا ہے۔
تعلیم میں مصنوعی ذہانت کا تعمیری کردار
تعلیم میں مصنوعی ذہانت کا کردار محض ایک نظری تصور نہیں بلکہ عملی، تجرباتی اور روزمرہ تعلیمی سرگرمیوں میں واضح طور پر محسوس کیا جا سکتا ہے۔ مصنوعی ذہانت نے سیکھنے اور سکھانے کے عمل کو اس طرح تبدیل کیا ہے کہ اب تعلیم یکساں اور جامد نظام کے بجائے ایک لچک دار، طفل مرکوز اور شخصی تجربہ بن چکی ہے۔ اس تبدیلی کی سب سے نمایاں مثال شخصی تعلیم Personalised Learning ہے، جہاں AIپر مبنی تعلیمی پلیٹ فارمز طالب علم کی سابقہ کارکردگی، سیکھنے کی رفتار اور دلچسپیوں کا تجزیہ کر کے مناسب تعلیمی مواد فراہم کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر Khan Academyاور Coursera جیسے پلیٹ فارمز مصنوعی ذہانت کی مدد سے یہ شناخت کرتے ہیں کہ طالب علم کس موضوع میں کمزور ہے اور اسی کے مطابق اضافی مشقیں، ویڈیوز اور وضاحتی مواد پیش کرتے ہیں، جس سے سیکھنے کا عمل نہ صرف مؤثر بلکہ طالب علم کی نفسیاتی ضروریات سے ہم آہنگ ہو جاتا ہے۔ اس طرح مصنوعی ذہانت تعلیم میں مساوات اور انفرادی توجہ کے تصور کو عملی شکل دیتی ہے۔
اساتذہ کے کردار کے حوالے سے بھی مصنوعی ذہانت نے ایک مثبت اور تعمیری تبدیلی پیدا کی ہے۔ روایتی طور پر اساتذہ کو نہ صرف تدریسی بلکہ انتظامی اور احتسابی ذمے داریاں بھی ادا کرنی پڑتی تھیں، جس سے ان کے تدریسی معیار پر اثر پڑتا تھا۔ تاہم AI پر مبنی خودکار نظام، جیسے Google Classroomمیں اسائنمنٹ کی جانچ اور گریڈنگ کے ٹولز، اساتذہ کا وقت بچاتے ہیں اور انھیں اس قابل بناتے ہیں کہ وہ طلبہ کی اخلاقی تربیت، رہنمائی اور انفرادی مسائل پر زیادہ توجہ دے سکیں۔ یوں استاد کا کردار ایک محض معلومات فراہم کرنے والے سے بڑھ کر رہنما، مربی اور شخصیت ساز کی صورت اختیار کر لیتا ہے، جو تعلیم کے اصل مقصد کے عین مطابق ہے۔
احتساب اور تعلیمی جائزے میں بھی مصنوعی ذہانت نے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ AIپر مبنی سسٹمز نہ صرف نتائج کا فوری اور درست تجزیہ کرتے ہیں بلکہ طلبہ کو تعمیری فیڈبیک بھی فراہم کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر Turnitinجیسے سافٹ ویئرز AI کی مدد سے طلبہ کی تحریروں میں علمی دیانت داری Plagiarism کو جانچتے ہیں اور انھیں بہتر تحریر کے لیے رہنمائی فراہم کرتے ہیں، جس سے طلبہ میں ایمانداری، خود احتسابی اور تحقیقی اخلاقیات کو فروغ ملتا ہے۔ اس طرح مصنوعی ذہانت علمی اقدار کے تحفظ میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے۔
خصوصی تعلیم کے میدان میں مصنوعی ذہانت کی شمولیت تعلیم کو مزید جامع اور انسان دوست بناتی ہے۔ بصارت سے محروم طلبہ کے لیے Text-to-Speech ٹیکنالوجی، سماعت سے محروم طلبہ کے لیے Speech-to-Text نظام اور سیکھنے میں دشواری رکھنے والے بچوں کے لیے Adaptive Learning ایپس نہ صرف تعلیمی رکاوٹوں کو کم کرتی ہیں بلکہ خود اعتمادی اور خود مختاری کے جذبے کو بھی فروغ دیتی ہیں۔ یہ مثالیں واضح کرتی ہیں کہ مصنوعی ذہانت تعلیم میں مساوی مواقع فراہم کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ بن سکتی ہے۔
آن لائن اور فاصلاتی تعلیم میں بھی مصنوعی ذہانت نے اکتساب کے تجربے کو بامعنی بنا دیا ہے۔ AIپر مبنی چیٹ بوٹس یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں کی ویب سائٹس پر طلبہ کی رہنمائی کرتے ہیں، داخلہ، نصاب اور امتحانات سے متعلق فوری معلومات فراہم کرتے ہیں اور طلبہ کے احساسِ تنہائی کو کم کرتے ہیں۔ Covid-19کے بعد آن لائن تعلیم کے فروغ میں یہ ٹیکنالوجی ایک ناگزیر سہولت بن کر سامنے آئی ہے۔
یہ تمام مثالیں اس امر کو واضح کرتی ہیں کہ مصنوعی ذہانت تعلیم میں ایک تعمیری، معاون اور ہمہ جہتی کردار ادا کر رہی ہے۔ تاہم یہ ضروری ہے کہ اس ٹیکنالوجی کا استعمال انسانی نگرانی، تعلیمی اقدار اور اخلاقی اصولوں کے دائرے میں کیا جائے، تاکہ تعلیم کا انسانی اور اخلاقی پہلو متاثر نہ ہو۔ اگر مصنوعی ذہانت کو حکمت، ذمہ داری اور مقصدیت کے ساتھ اپنایا جائے تو یہ مستقبل کی ایسی تعلیم کی بنیاد رکھ سکتی ہے جو نہ صرف علمی لحاظ سے مضبوط ہو بلکہ اخلاقی، سماجی اور انسانی اقدار سے بھی آراستہ ہوگی۔
مستقبل کے امکانات:
تعلیم اور مصنوعی ذہانت Artificial Intelligence کے درمیان تعلق آنے والے برسوں میں مزید گہرا، وسیع اور ہمہ جہت ہوتا چلا جائے گا۔ جس رفتار سے ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز ترقی کر رہی ہیں، اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ مستقبل کا تعلیمی نظام روایتی کلاس روم کی حدود سے نکل کر ایک ایسے ذہین، لچک دار اور تعاملی نظام میں تبدیل ہو جائے گا جہاں سیکھنے کے طریقے، مواد اور ماحول سب طالب علم کی ضروریات کے مطابق ڈھلے ہوں گے۔ مصنوعی ذہانت اس تبدیلی کا مرکزی ستون بن کر سامنے آئے گی، جو تعلیم کو نہ صرف زیادہ مؤثر بلکہ زیادہ بامعنی اور ہمہ گیر بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
مستقبل کے تعلیمی منظرنامے میں اسمارٹ کلاس رومز Smart Classrooms کا تصور نمایاں ہوگا۔ یہ کلاس رومز AI، انٹرنیٹ آف تھنگز (IoT)اور ڈیجیٹل سینسرز کے امتزاج سے تشکیل پائیں گے، جہاں تدریسی عمل کو حقیقی وقت(Real-time) میں جانچا اور بہتر بنایا جا سکے گا۔ مصنوعی ذہانت طلبہ کی توجہ، شرکت اور فہم کا تجزیہ کر کے اساتذہ کو فوری فیڈبیک فراہم کرے گی، جس سے تدریسی حکمتِ عملی کو بروقت بہتر بنانا ممکن ہوگا۔ اس طرح تعلیم ایک جامد عمل کے بجائے ایک متحرک ، خوشگوار اور لچکدار تجربہ بن جائے گی۔
اسی طرح ورچوئل ریئلٹی Virtual Reality – VR اور اگمینٹڈ ریئلٹیAugmented Reality – AR کا تعلیمی استعمال مستقبل میں غیر معمولی اہمیت اختیار کر لے گا۔ ان ٹیکنالوجیز کی مدد سے طلبہ محض کتابوں میں پڑھے گئے تصورات کو نہیں دیکھیں گے بلکہ انھیں عملی اور تجرباتی انداز میں محسوس بھی کر سکیں گے۔ مثال کے طور پر تاریخ کے طلبہ قدیم تہذیبوں کا ورچوئل سفر کر سکیں گے، سائنسی مضامین کے طلبہ انسانی جسم یا کہکشاؤں کا مشاہدہ براہِ راست تجربے کی صورت میں کر سکیں گے، جبکہ ٹیکنیکل اور پیشہ ورانہ تعلیم میں پیچیدہ مشینری اور عملی تربیت کو محفوظ انداز میں سیکھا جا سکے گا۔ اس سے سیکھنے کا عمل زیادہ پائیدار، دلچسپ اور مؤثر ہو جائے گا۔
مستقبل میں AI پر مبنی سیکھنے کے ماحول AI-driven Learning Environments تعلیم کو مزید شخصی بنا دیں گے۔ ہر طالب علم کے لیے انفرادی تعلیمی راستہ (Personalized Learning Path)تیار کیا جائے گا، جو اس کی سیکھنے کی رفتار، دلچسپیوں اور اہداف کے مطابق ہوگا۔ مصنوعی ذہانت نہ صرف طالب علم کی موجودہ کارکردگی کا تجزیہ کرے گی بلکہ اس کی آئندہ تعلیمی ضروریات کی پیش گوئی بھی کرے گی۔ اس کے نتیجے میں تعلیم ایک ردِعمل پر مبنی نظام کے بجائے پیشگی منصوبہ بندی پر مبنی عمل بن جائے گی، جس سے ناکامی کے امکانات کم اور کامیابی کے مواقع زیادہ ہو جائیں گے۔
اساتذہ کے کردار میں بھی مستقبل میں نمایاں تبدیلی متوقع ہے۔ مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باوجود اساتذہ کی اہمیت کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ جائے گی، کیونکہ ٹیکنالوجی صرف معلومات فراہم کر سکتی ہے، مگر کردار سازی، اخلاقی تربیت اور انسانی اقدار کی منتقلی اب بھی انسان ہی کا کام ہے۔ مستقبل کا استاد محض معلومات دینے والا نہیں بلکہ رہنما، مربی اور سیکھنے کے عمل کا تسہیل کار ہوگا۔ مصنوعی ذہانت انتظامی اور تکنیکی کاموں کو سنبھالے گی جبکہ اساتذہ طلبہ کی ذہنی، جذباتی اور سماجی نشوونما پر توجہ دے سکیں گے۔
تاہم مستقبل کی اس تکنیکی ترقی کے ساتھ کئی اخلاقی اور سماجی سوالات بھی جنم لیتے ہیں۔ ڈیٹا پر انحصار کرنے والے AI نظاموں میں رازداری (Privacy) ،شفافیت اور انصاف (Fairness)جیسے مسائل پر سنجیدہ غور و فکر ضروری ہوگا۔ اگر تعلیمی نظام میں مصنوعی ذہانت کو بلا سوچے سمجھے اپنایا گیا تو یہ خدشہ پیدا ہو سکتا ہے کہ ٹیکنالوجی انسان پر حاوی ہو جائے گی، جس سے تعلیم کا انسانی پہلو متاثر ہو سکتا ہے۔ اس لیے مستقبل کے تعلیمی نظام میں یہ لازمی ہوگا کہ مصنوعی ذہانت کو انسانی اقدار، اخلاقیات اور سماجی ذمہ داری کے دائرے میں استعمال کیا جائے۔
مزید برآں، یہ بھی ضروری ہے کہ ٹیکنالوجی کی ترقی کے فوائد معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچیں۔ اگر AI تک رسائی صرف مخصوص اداروں یا ترقی یافتہ علاقوں تک محدود رہی تو تعلیمی عدم مساوات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ لہٰذا مستقبل کی تعلیمی پالیسیوں میں مساوی رسائی، شمولیت (Inclusion)اور سماجی انصاف کو مرکزی حیثیت دینا ناگزیر ہوگا۔ مصنوعی ذہانت کو ایسا آلہ بنانا ہوگا جو کمزور، پسماندہ اور مخصوص ضروریات کے حامل طلبہ کے لیے بھی تعلیمی مواقع میں اضافہ کرے۔
آخرکار، مستقبل کی تعلیم کا اصل مقصد محض تکنیکی مہارتوں کی تربیت نہیں بلکہ ایسی ہمہ جہت شخصیت کی تشکیل ہونا چاہیے جو علم، اخلاق، تخلیقی سوچ اور سماجی شعور کا حسین امتزاج ہو۔ انسانیت، اخلاقیات اور سماجی اقدار کے لیے تعلیم کو مرکز میں رکھ کر اگر مصنوعی ذہانت استعمال کیا جائے تو یہ نہ صرف سیکھنے کے تجربے کو بہتر بنا سکتی ہے بلکہ ایک ایسے معاشرے کی تشکیل میں بھی مددگار ثابت ہو سکتی ہے جو علم دوست، انصاف پسند اور انسانی اقدار سے مزین ہوں۔ یوں ٹیکنالوجی انسان پر حاوی ہونے کے بجائے انسان کی خدمت گزار بن سکتی ہے، جو مستقبل کی پائیدار اور بامقصد تعلیم کی بنیاد ثابت ہوگی۔
مصنوعی ذہانت بلا شبہ تعلیم کے شعبے میں ایک انقلابی قوت کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے، جس نے تدریس، اکتساب اور احتساب کے روایتی طریقوں کو نئی جہتیں فراہم کی ہیں۔ جدید تعلیمی نظام میں AIپر مبنی ٹیکنالوجیز نے سیکھنے کے عمل کو زیادہ شخصی، لچک دار اور مؤثر بنا دیا ہے، جہاں ہر طالب علم کی انفرادی ضروریات، صلاحیتوں اور دلچسپیوں کو مدنظر رکھا جا سکتا ہے۔ اس کے ذریعے نہ صرف تعلیمی نتائج میں بہتری ممکن ہوئی ہے بلکہ اساتذہ کے تدریسی بوجھ میں کمی اور تعلیمی عمل کی مجموعی بہتری بھی سامنے آئی ہے۔تاہم یہ حقیقت بھی نہایت اہم ہے کہ مصنوعی ذہانت اپنی ذات میں کسی مثبت یا منفی اثر کی حامل نہیں بلکہ اس کا انحصار اس کے استعمال کے طریقۂ کار پر ہے۔ اگر AIکو بغیر اخلاقی اصولوں اور انسانی نگرانی کے اپنایا جائے تو تعلیمی عدم مساوات، پرائیویسی کے مسائل اور انسان و مشین کے درمیان عدم توازن جیسے خدشات جنم لے سکتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ تعلیم میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کو دانشمندی، ذمہ داری اور اخلاقی شعور کے ساتھ فروغ دیا جائے۔اگر تعلیمی پالیسی سازی، نصاب کی تشکیل اور تدریسی حکمتِ عملیوں میں انسانی اقدار، سماجی ذمہ داری اور تعلیمی انصاف کو مرکزی حیثیت دی جائے تو مصنوعی ذہانت نہ صرف تعلیمی معیار کو بلند کر سکتی ہے بلکہ ایک ایسے تعلیمی نظام کی بنیاد بھی رکھ سکتی ہے جو مساوی، جامع اور مستقبل دوست ہو۔ یوں مصنوعی ذہانت محض ایک تکنیکی جدت نہیں بلکہ باوقار، بااصول اور انسانی اقدار پر مبنی تعلیم کے فروغ کا ایک مؤثر ذریعہ بن سکتی ہے، جو آنے والی نسلوں کی فکری، اخلاقی اور سماجی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔
Dr. Momin Sumaiya
Assist. Prof.
Dept. of Educationa and Training
Maulana Azad National Urdu University
Hydrabad-8125231214