گوپی چند نارنگ : رجحان ساز ناقد،مضمون نگار:عارف این

April 16, 2026 0 Comments 0 tags

اردو دنیا، اپریل 2026:

اردو تنقید کی تاریخ میں بیسویں صدی کا نصف آخر اور اکیسویں صدی کا آغاز ایک ایسی فکری تبدیلی کا شاہد رہا ہے جس نے ادب کو پرکھنے کے تمام روایتی پیمانے بدل دیے۔ اس تبدیلی کے مرکز میں ڈاکٹر گوپی چند نارنگ کی شخصیت بھی نظر آتی ہے، جنھوں نے اردو تنقید کو  ایسی علمی اور فلسفیانہ بنیاد فراہم کی جو عالمی پس منظرمیںبھی اہم ہے۔ یہ مضمون  ڈاکٹر گوپی چند نارنگ کے اسی رجحان ساز کردار کاجائزہ پیش کرتا ہے۔ آج کے دور میں جب عالمی سطح پر ’’تھیوری‘‘کی اہمیت بڑھ چکی ہے، نارنگ کا کام اردوکے طالب علموں اور نقادوں کے لیے ایک مشعلِ راہ ہے۔ 
اردو تنقید کا باقاعدہ آغاز حالی اور شبلی سے ہوا، لیکن بیسویں صدی میں اسے دو بڑے دبستانوں نے متاثر کیا۔ اول، ترقی پسند تحریک جس نے ادب کو سماجی مقصدیت، مارکسی فلسفے اور طبقاتی کشمکش کے ترازو میں تولا۔ ترقی پسند نقادوں کے ہاں متن  سے زیادہ مصنف کے سماجی نظریات اورپیغام کی اہمیت تھی۔دوم، جدیدیت  کی لہر جس نے ترقی پسندی کے ’’خارجی شور‘‘ کے خلاف رد عمل کے طورپرجنم لیا۔ جدیدیت نے انفرادیت، داخلیت، علامت اور ابہام پر زور دیا۔ اگرچہ جدیدیت نے فن پارے کی ہیئت  کی طرف توجہ دلائی، لیکن اس کے باوجو د  تنقید کا اسلوب زیادہ تر تاثراتی یا وجودی مباحث تک محدود رہا۔
شمس الرحمن فاروقی کے بقول:
’’ترقی پسندوں نے ادب کو سماج کا تابع کر دیا تھا، جبکہ جدیدیت نے اسے فرد کی داخلی کائنات تک محدود پایا، لیکن ان دونوں کے درمیان فن پارے کی اپنی لسانی ساخت اور متن کی خود مختاری کے سوالات ہنوز تشنہ تھے۔‘‘ 1 ؎
ڈاکٹرگوپی چند نارنگ کی اردو تنقید میں آمد ایک ایسے ’’لسانیاتی موڑ‘‘کی علامت ہے جس نے اردو ادب کو عالمی ادبی تھیوری  سے جوڑ دیا۔ نارنگ صاحب کا بنیادی امتیازیہ ہے کہ انھوںنے لسانیات کوتنقیدکی اساس بنایا۔ انھوں نے محسوس کیا کہ اردو تنقید میں کسی سائنسی طریقہ کار کی کمی ہے، جس کی وجہ سے ہم متن کی تہوں تک پہنچنے کے بجائے اس کے گرد گھومتے رہتے ہیں۔
نارنگ نے اردو میں ساختیات ، پس ساختیات  اور مابعد جدیدیت کے نظریات کو نہ صرف متعارف کرایا بلکہ ان کا اطلاق کلاسیکی اور جدید اردو ادب پر کر کے دکھایا۔ ان کی آمد سے تنقید میں ’’مصنف کی موت‘‘ اور ’’متن کی مرکزیت‘‘ جیسے تصورات جڑ پکڑنے لگے۔
ڈاکٹر گوپی چند نارنگ خود اس تبدیلی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے لکھتے ہیں:
’’ادبی تنقید محض تعریف یا برائی کا نام نہیں ہے، بلکہ یہ متن کے اس لسانی نظام کو ڈی کوڈ Decode کرنے کا عمل ہے جس کے ذریعے معنی کی تخلیق ہوتی ہے۔ ہمیں دیکھنا ہوگا کہ زبان کس طرح متن کے اندر کام کرتی ہے۔‘‘ 2؎
ڈاکٹر گوپی چند نارنگ کی تنقیدی فکر کو سمجھنے کے لیے ان کے علمی سفر اور ان فکری محرکات کا مطالعہ ضروری ہے جنھوں نے انھیں ایک روایتی استاد سے بلند کر کے ایک بین الاقوامی سطح کا نظریہ ساز مفکر بنا دیا۔ 
ڈاکٹر گوپی چند نارنگ 11 فروری 1931کو دکی، بلوچستان میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد دھرم چند نارنگ خود علم و ادب کے شائق تھے، جس کی وجہ سے علمی ذوق انھیںورثے میںملا۔ ان کی ابتدائی تعلیم بلوچستان اور پنجاب کے مختلف شہروں میں ہوئی۔ تقسیم ہندکے بعد وہ دہلی منتقل ہو گئے، جہاں ان کی علمی شخصیت کو جلا ملی۔
نارنگ صاحب نے دہلی یونیورسٹی سے 1954میں  اردو میں ایم ۔اے کیا اور پھر 1958 میں اسی یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ ان کے تحقیقی مقالے کا موضوع’’اردو مثنویوں کے ہندوستانی قصے‘‘ تھا، جو آج بھی اس موضوع پر ایک مستند حوالہ سمجھا جاتا ہے۔اس ابتدائی کام نے ان کے اندر کلاسیکی ادب کی تفہیم اور ہندوستانی تہذیبی جڑوں کی تلاش کا مادہ پیدا کر دیا تھا۔
گوپی چند نارنگ کی علمی زندگی میں سب سے اہم موڑ1960 کی دہائی میں آیاجب وہ بطور وزٹنگ پروفیسر امریکہ گئے۔ وہاں ان کا سابقہ جدید لسانیات کے ان نظریات سے ہوا جو اس وقت یورپ اور امریکہ میں علمی انقلاب برپا کر رہے تھے۔نارنگ صاحب نے محسوس کیا کہ اردو میں تنقید کا اسلوب زیادہ تر سوانحی یا جذباتی ہے، جبکہ مغرب میں لسانیات کو ایک سائنسی اوزار کے طور پر استعمال کر کے متن کی تہوں کو کھولا جا رہا ہے۔ انھوں نے ایڈورڈ ساپیر، بلوم فیلڈ اور نوم چومسکی جیسے ماہرین لسانیات کا گہرا مطالعہ کیا۔ ان کا ایقان تھا کہ ادب کا خام مال’’زبان‘‘ہے، اس لیے زبان کے سائنسی مطالعے کے بغیر ادب کی فنی قدر پیمائی ممکن نہیں۔
گوپی چند نارنگ نے ساختیات کو ایک اوزار کے طورپر استعمال کر کے اردو تنقید کے جمود کو توڑ دیا۔ انھوںنے ثابت کیا کہ ادب کی تفہیم کے لیے زبان کے نظام کو سمجھناناگزیرہے۔ ان کی کتاب نے نہ صرف نئے نظریات کومتعارف کرایابلکہ اردو تنقید کو ایک نیا وقار اور عالمی تناظر عطا کیا۔ یہی وجہ ہے کہ ا نھیں اردو میں ساختیاتی فکر کابڑا نقیب اور رجحان ساز مفکر مانا جاتا ہے۔
وہ اپنے اس شغف کے بارے میں لکھتے ہیں:
’’لسانیات نے مجھے وہ نظر دی جس سے میں لفظوں کے محض لغوی معنی نہیں بلکہ ان کے داخلی رشتوں اور اس نظام کو دیکھنے کے قابل ہوا جسے ہم ‘ادبیت’ کہتے ہیں۔ 3؎‘‘
نارنگ صاحب کی فکر پر تین بڑے مغربی مفکرین کے اثرات نہایت گہرے ہیں، جنھوں نے ان کی کتاب’’ساختیات، پس ساختیات اور مشرقی شعریات‘‘ کے بنیادی تلازمات ترتیب دیے۔
فرڈیننڈ ڈی سوسیر :نارنگ نے سوسیر کے تصور زبان سے یہ سیکھا کہ زبان ایک خود مختار نظام ہے۔ سوسیر کے مطابق ’’دال‘‘ اور ’’مدلول‘‘ کا رشتہ اتفاقی ہوتا ہے۔ نارنگ نے اسی بنیاد پر اردو میں یہ نظریہ عام کیا کہ متن کے معنی مصنف کے تابع نہیں بلکہ زبان کے داخلی نظام کے تابع ہوتے ہیں۔
رولاںبارتھ:رولاںبارتھ کامشہورنظریہ ’’مصنف کی موت‘‘  نارنگ کی فکر کا ایک اہم ستون بنا۔ انھوں نے بارتھ سے یہ سیکھا کہ ایک بار جب متن تخلیق ہو جائے تو مصنف کا رشتہ اس سے ختم ہو جاتا ہے اور قاری کی قرأت  اس کے نئے معنی پیدا کرتی ہے۔ نارنگ نے نشانیات کے تصور کو اردو افسانے اور شاعری پر کامیابی سے منطبق کیا۔
ژاک دریدا: نارنگ کی مابعد ساختیاتی فکر پر ژاک دریدا کا اثر سب سے نمایاں ہے۔ دریدا کے ’’ردِ تشکیل‘‘کے نظریے نے نارنگ کو یہ سکھایا کہ متن کی کوئی ایک حتمی سچائی نہیں ہوتی۔
“There is nothing outside the text”
ـمتن سے باہر کچھ بھی نہیں ہے۔’’یعنی ہر چیز متن کی صورت میں موجود ہے اور معنی کی تلاش متن کے اندر ہی ہونی چاہیے۔نارنگ نے دریدا کے اس نظریے کو اردو کے کلاسیکی شعرا بالخصوص غالب کے مطالعے میں استعمال کیا اور یہ ثابت کیا کہ غالب کے ہاں معنی کا جو تنوع ہے وہ دراصل ان کے کلام کی ’’رد تشکیلی‘‘ نوعیت کا نتیجہ ہے۔
ڈاکٹر گوپی چند نارنگ کا علمی سفر بلوچستان کی گلیوں سے شروع ہو کر امریکہ کی جدید درسگاہوں تک پھیلا ہوا ہے۔ ان کی فکری بنیادیں کلاسیکی اردو ادب میں پیوست ہیں لیکن ان کی نظر جدید لسانیات اور مغربی فلسفے پر تھی۔ انھوں نے سوسیر، بارتھ اور دریدا کے نظریات کو اردو کے مزاج میں اس طرح سمو دیا کہ وہ اجنبی محسوس نہیں ہوتے۔ یہی وہ فکری پس منظر تھا جس نے انھیں ’’رجحان ساز مفکر‘‘کے منصب پر فائز کیا۔
اردو تنقید میں ’’ساختیات‘‘ کا تعارف محض ایک نئے نظریے کی آمد نہیں تھا بلکہ یہ ایک مکمل فکری انقلاب تھا۔ ڈاکٹر گوپی چند نارنگ نے اس نظریے کے ذریعے اردو ادب کو متن کی سائنسی اور معروضی تفہیم کا وہ طریقہ سکھایا جس سے اردو دنیا پہلے ناآشنا تھی۔
ساختیات کی بنیاد اس خیال پر ہے کہ کسی بھی چیز کی حقیقت اس کے انفرادی وجودمیں نہیںبلکہ اس بڑے نظام  میں چھپی ہوتی ہے جس کا وہ حصہ ہے۔ ادبی تناظر میں اس کا مطلب یہ ہے کہ کوئی بھی فن پارہ اپنی ذات میں کوئی حتمی معنی نہیں رکھتا، بلکہ وہ زبان کے اس وسیع نظام کے تابع ہوتا ہے جس میں وہ تخلیق کیا گیا ہے۔
نارنگ صاحب کے نزدیک ساختیاتی تنقیدکا مقصد یہ دیکھنا ہے کہ ایک شاعر یا ادیب نے زبان کے موجودہ نظام کو کس طرح برتا ہے اور اس کے متن کے اندر کون سے لسانی رشتے کام کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر گوپی چند نارنگ کی کتاب ’’ساختیات، پس ساختیات اور مشرقی شعریات‘‘ اردو تنقید کی تاریخ میں ایک موڑ کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس کتاب نے اردو میں پہلی بار ساختیات، نشانیات  اور مابعد ساختیات کے پیچیدہ نظریات کو سہل زبان میں پیش کیا۔
نارنگ اس کتاب کی ضرورت کے بارے میں لکھتے ہیں:
’’اردو تنقید طویل عرصے تک محض تاثراتی رہی یا پھر خارجی نظریات کی غلام تھی۔ ساختیات نے ہمیں متن کے ’جوہر‘ تک پہنچنے کا وہ راستہ دکھایا جو معروضی بھی ہے اور سائنسی بھی۔ ‘‘ 4؎
اگرچہ نارنگ سے قبل کچھ نقادوں نے ساختیات کا ذکر کیا تھا، لیکن اسے ایک ’’رجحان‘‘ بنانے کا سہرا نارنگ ہی کے سر ہے۔ انھوں نے اس نظریے کا اطلاق عملی طور پر کر کے دکھایا۔ انھوں نے میر اور غالب کے کلام کا ساختیاتی مطالعہ پیش کیااوربتایاکہ ان کی شاعری کی عظمت ان کے انوکھے لسانی نظام میں پوشیدہ ہے۔ پریم چند اور راجندر سنگھ بیدی کے افسانوں کے ’’بنیادی ڈھانچوں‘‘ کو نمایاں کیا اور ثابت کیا کہ افسانہ محض کہانی نہیں بلکہ علامات کی ایک پیچیدہ ساخت ہے۔ان کی اس کوشش سے اردو تنقید میں ’’متن کی مرکزیت‘‘ کا رجحان پیدا ہوا اور نقادوں نے مصنف کی سوانح یا اس کے سیاسی نظریات کے بجائے تحریر کے فنی محاسن پر توجہ دینا شروع کی۔
ڈاکٹر گوپی چند نارنگ نے اردو تنقید کو جس سب سے بڑے فکری موڑسے روشناس کرایا، وہ مابعد جدیدیت کا تصور ہے۔ اگرچہ جدیدیت نے اردو ادب کو ہیئت اوراسلوب کے نئے تجربات دیے تھے، لیکن مابعد جدیدیت نے ان تمام ’’مرکزوں‘‘کو چیلنج کیا جو فکر و نظر پر حاوی تھے۔ 
مابعدجدیدیت کاسب سے بنیادی اصول مرکزیت کا خاتمہ ہے۔ ڈاکٹر گوپی چند نارنگ نے یہ واضح کیا کہ انسانی فکر صدیوں سے کسی نہ کسی ’’مرکز‘‘ کی تلاش میں رہی ہے، چاہے وہ مذہب ہو، عقل ہو، یا کوئی سیاسی نظریہ۔ مابعد جدیدیت ان تمام ’’عظیم بیانیوں‘‘ پر سوال اٹھاتی ہے جو پوری کائنات کو ایک ہی چشمے سے دیکھنے کا دعویٰ کرتے ہیں۔
نارنگ صاحب نے اس فلسفے کو اردو ادب پر منطبق کرتے ہوئے یہ ثابت کیا کہ ادب کو کسی ایک نظریے کا پابند کرنا اس کی تخلیقی آزادی کو سلب کرنے کے مترادف ہے۔ مرکزیت کی نفی کا مطلب یہ ہے کہ اب کوئی ایک سچائی حتمی نہیں، بلکہ سچائی کے کئی رنگ اور کئی زاویے ہو سکتے ہیں۔
تکثیریت مابعد جدیدیت کا وہ ستون ہے جس پر ڈاکٹر گوپی چند نارنگ نے سب سے زیادہ زور دیا۔ تکثیریت کا مطلب ہے کہ ایک ہی وقت میں کئی متضاد حقیقتوں کا وجود تسلیم کیا جائے۔ نارنگ کے نزدیک ادب ایک ایسا میدان ہے جہاں معانی کی کثرت ہوتی ہے، اور قاری اپنی بصیرت کے مطابق متن سے مختلف معنی کشید کر سکتا ہے۔
نارنگ صاحب لکھتے ہیں:
’’مابعد جدیدیت ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ کائنات بکھری ہوئی ہے اوراس بکھراؤمیںبھی ایک حسن ہے۔ ادب میں تکثیریت کا مطلب یہ ہے کہ ہم ‘دوسرے’  کے وجود اور اس کے سچ کا احترام کریں۔‘‘ 5؎
اردو تنقید کا ایک بڑا حصہ نظریاتی کشمکش کا شکار رہا ہے۔ ترقی پسندوں نے ادب کو سماجی مقصدیت کا پابند کیا، جبکہ جدیدیت پسندوں نے اسے انفرادی داخلیت تک محدود کر دیا۔ نارنگ نے ان دونوں انتہاؤں کے درمیان’’متن کی مرکزیت‘‘ کا اصول پیش کیا۔ان کے نزدیک متن کسی نظریے کا اشتہار نہیں ہوتا۔ جب ایک تخلیق کار کوئی فن پارہ تخلیق کرتا ہے، تو وہ اپنی نظریاتی وابستگیوں سے ماورا ہو کر زبان کے تخلیقی نظام میں داخل ہو جاتا ہے۔ مابعد جدید نقاد کا کام یہ نہیں کہ وہ مصنف کے سیاسی یا مذہبی خیالات کی تصدیق کرے، بلکہ یہ ہے کہ وہ متن کی داخلی ساخت اور اس کے اندر چھپے ہوئے معانی کے تنوع کو دریافت کرے۔
نارنگ نے واضح کیا کہ نظریاتی وابستگی اکثر نقاد کی آنکھوں پر پٹی باندھ دیتی ہے، جس سے وہ متن کے ان معانی کو نہیںدیکھ پاتاجو مصنف کے لاشعور سے برآمدہوئے ہیں۔نارنگ نے مابعدجدیدیت اور تکثیریت کے ذریعے اردو تنقید کو ایک وسیع اور کشادہ کینوس عطا کیا۔ انھوں نے مرکزیت کی نفی کر کے ادب کو نظریاتی جبر سے نجات دلائی اور یہ ثابت کیا کہ متن کی اہمیت اس کی’’ادبیت‘‘ اور ’’معانی کی کثرت‘‘ میں ہے۔ ان کی اس فکر نے اردو میں مابعد جدید تنقید کی وہ بنیاد رکھی جس پر آج کی نئی تنقید کی عمارت کھڑی ہے۔
 نارنگ نے اردو تنقید کو صرف نظریاتی بحثوں تک محدود نہیں رکھا بلکہ اسے ’’اسلوبیات‘‘ جیسے سائنسی طرز مطالعہ سے بھی روشناس کرایا۔ ان کا ماننا تھا کہ کسی بھی ادیب کی تخلیقی شخصیت کا اصل جوہر اس کے لفظوں کے استعمال اورجملوںکی ساخت میںچھپاہوتاہے۔ اسلوبیات  ادبی تنقید کی وہ شاخ ہے جو لسانیاتی اصولوں کے تحت متن کے اسلوب کا تجزیہ کرتی ہے۔ نارنگ صاحب نے اس فن کو میر انیس کے مرثیوں پر منطبق کر کے ایک نئی راہ دکھائی۔ ان کی کتاب ’’انیس اسلوبیاتی مطالعہ‘‘ اس سلسلے کی ایک اہم تصنیف  ہے۔انھوں نے ثابت کیا کہ میر انیس کی عظمت محض ان کی جذبات نگاری میں نہیں، بلکہ ان کے لسانی شعور میں ہے۔ نارنگ نے انیس کے ہاں لفظوں کی تکرار، صوتی آہنگ، اور نحوی ساخت کاگہراتجزیہ کیا۔ ان کے نزدیک انیس کا اسلوب ان کا ’’تخلیقی ‘‘اظہار ہے جہاں الفاظ ایک خاص ترتیب سے معنوی وسعت پیدا کرتے ہیں۔
فکشن کی تنقید میں نارنگ کا کام نہایت بنیادی ہے۔ ان کی کتاب “اردو افسانہ: روایت اور مسائل” نے افسانوی تنقید کو فنی باریکیوں کی طرف موڑ دیا۔ انھوں نے افسانے کو محض ایک’’کہانی‘‘کے طور پر نہیں بلکہ ایک’’علامتی ساخت‘‘ کے طور پر دیکھا۔انھوں نے پریم چند کی فنکاری کو نئے زاویوں سے پرکھا۔اور بتایا کہ پریم چند صرف دیہاتی زندگی کے عکاس نہیں تھے بلکہ ان کا اسلوب زمینی جڑوں سے جڑا ہوا ایک طاقتور لسانی تجربہ تھا۔ اسی طرح راجندر سنگھ بیدی کے فن پر بات کرتے ہوئے نارنگ نے بیدی کے افسانوں میں موجود ’’اساطیری‘‘ اور ’’نفسیاتی‘‘ تہوں کو واضح کیا۔ ان کے نزدیک بیدی اردو فکشن کے وہ فنکار ہیں جن کے ہاں لسانی ساخت اور تہذیبی علامتیں ایک دوسرے میں پیوست ہیں۔
نارنگ نے نقادوں کی ایک نسل تیار کی۔ آج اردو تنقید میں جو سائنسی لب و لہجہ اور نظریاتی گہرائی نظر آتی ہے، اس میں نارنگ کاکرداربھی اہم نظرآتاہے۔ ناصر عباس نیر، شمیم حنفی، قدوس جاوید اور کئی دیگر معاصر نقادوں کے ہاں نارنگ کے قائم کردہ تنقیدی معیارات کی بازگشت سنائی دیتی ہے۔ انھوں نے اردو تنقید کو وہ ’’لغت‘‘ فراہم کی جس کے بغیر آج کا ادبی مکالمہ ادھورا ہے۔
ڈاکٹر گوپی چند نارنگ محض ایک نقاد نہیں تھے بلکہ اردو تنقید کے ایک ’’پیراڈائم‘‘ تھے۔انھوں نے ساختیات، مابعد جدیدیت اور اسلوبیات کے ذریعے اردو ادب کو متن کی مرکزیت اور معنوی تکثیریت کا درس دیا۔ ان کا سب سے بڑا کارنامہ یہ ہے کہ ا نھوں نے مغرب کے جدید ترین نظریات کو اردو کی مشرقی اور کلاسیکی شعریات کے ساتھ ہم آہنگ کیا۔ اردو دنیاانھیں ایک ایسے رجحان  ساز مفکر کے طور پر تسلیم کرتی ہے جس نے اردو ادب کومختلف نظریات کی شمولیت سے ثروت مندکیا۔
حواشی
1 شمس الرحمن فاروقی۔ اردو تنقید کی تاریخ۔(ترمیم شدہ ایڈیشن)۔ لکھنؤ: مکتبہ جامعہ، 1995۔ ص 212
 2 گوپی چند نارنگ۔ ساختیات، پس ساختیات اور مشرقی شعریات۔ دہلی: تعلیمی پبلشنگ ہاؤس، 1993۔ ص 18
3 گوپی چند نارنگ ۔ ادبی تنقید اور اسلوبیات۔ دہلی: تعلیمی پبلشنگ ہاؤس، 1989۔ ص 24۔
 4 گوپی چند نارنگ ۔ ساختیات، پس ساختیات اور مشرقی شعریات۔ دہلی: تعلیمی پبلشنگ ہاؤس، 1993۔ ص 42۔
 5 گوپی چند نارنگ ۔ مابعد جدیدیت: نظریاتی تناظر۔ دہلی: شاہد پبلی کیشنز، 2004۔ ص 58۔
Mr. ٌٌٌٌٌٌٌٌٌٌArif  N
Research Scholar, Dept.of Urdu,
Sree Sankaracharya  University of Sanskrit,
Regional Campus Koyilandi, Naduvathur P.O.,
Koyilandy, Kozhikode – 673 330,Kerala
Mob.: 918089810461
E-mail: arifn651@gmail.com  

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Explore More

آسمان ادب کا نیر تاباں: قاسم خورشید،مضمون نگار: عشرت صبوحی

اردو دنیا،دسمبر 2025: ادب کے آسمان پر کبھی کبھی ایسے نام جگمگاتے ہیں جنھیں وقت کے غبار میں چھپانا ممکن نہیں ہوتا۔ یہ وہ آفتاب ہیں جو اپنی زندگی میں

عشق اورنگ آبادی کی شعری جہات،مضمون نگار: کلیم احمد

اردودنیا،فروری 2026: عشق اورنگ آبادی کا نام مرزا جمال اللہ تھا۔ یہ مرزا داؤد بیگ اور نگ آبادی کے بیٹے تھے۔ اورنگ آباد میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد مرزا

علامہ محوی صدیقی لکھنوی کی علمی، ادبی اور تعلیمی خدمات،مضمون نگار:محمد نعمان خاں

اردو دنیا،دسمبر 2025: محمد حسین محوی صدیقی نے 15 مئی 1891 کو لکھنؤ کے ایک متوسط علمی خانوادے میں آنکھیں کھولیں۔ ان کے والد حافظ حسین فوز عالم اور شاعر