پنج کوش فلسفہ اور ہمہ جہتی تعلیم: قدیم ہندوستانی حکمت کی عصری معنویت،مضمون نگار:پروفیسر نوشاد حسین

March 3, 2026 0 Comments 0 tags

اردودنیا،مارچ 2026:

تعلیم کا بنیادی مقصد صرف معلومات فراہم کرنا نہیں بلکہ انسان کی ہمہ جہت نشوونما اور اس کی فکری، اخلاقی اور روحانی تربیت ہے۔ حقیقی تعلیم وہ ہے جو انسان کے ظاہر و باطن دونوں کو جِلا دے، اس میں علم کے ساتھ کردار، فہم کے ساتھ عمل اور ذہانت کے ساتھ وجداں کی بیداری شامل ہے۔ مسابقتی اور پیشہ ورانہ تقاضوں تک محدود ہو چکا ہے۔ آج تعلیم کا مرکز توجہ انسان نہیں بلکہ معاشی پیداوار بن گیا ہے۔ نتیجتاً طلبہ میں جذباتی توازن، اخلاقی انحطاط اور روحانی شعورکافقدان ہے۔
یہی وہ بحران ہے جس نے جدید تعلیم کو ’’انسان سازی‘‘ کے بجائے ’’معلوماتی تربیت‘‘ تک محدود کر دیا ہے۔ اس تناظر میں قدیم ہندوستانی فلسفہ ایک متوازن اور باطنی تربیت کا متبادل پیش کرتا ہے۔ ہندوستانی فکری روایت میں تعلیم کا مقصد صرف روزگار نہیں بلکہ موکش (Moksa) یعنی نجات، آزادی اور خودی کی تکمیل تھا۔ اس خیال کاسرچشمہ’’ویدانت‘‘ اور’’اُپنشد‘‘ ہیں جنھوں نے انسان کو ایک جامع وجود کے طور پر دیکھا — جسم، ذہن، عقل، توانائی اور روح کی مربوط وحدت کے طور پر۔
انھی اپنشدوں میں’’تیتریہ اپنشد‘‘ نے ایک غیر معمولی تصور پیش کیا جسے ’’پنج کوش‘‘ (Panchakosha) کہا جاتا ہے۔ یہ نظریہ انسانی وجود کی پانچ پرتوں کی وضاحت کرتا ہے۔ یہ پانچوں پرتیں تعلیم کے مختلف پہلوؤں— جسمانی صحت، جذباتی توازن، عقلی بصیرت اور روحانی آگہی — کی نمائندگی کرتی ہیں۔ قدیم ہندوستانی فلسفہ اس بات پربھی زور دیتا ہے کہ حقیقی تعلیم وہی ہے جو انسان کے ان تمام پہلوؤں کو یکجا کر کے اس میں اندرونی توازن پیدا کرے۔
اس مضمون کا مقصد یہ واضح کرنا ہے کہ’’پنج کوش‘‘ کا یہ قدیم تصور موجودہ تعلیم میں کس طرح نئی معنویت اختیار کر سکتا ہے۔ یہ تحریر اس سوال کا جواب تلاش کرتی ہے کہ موجودہ تعلیمی نظام کے بحران کو ختم کرنے کے لیے کیا ہم دوبارہ اس فکری ورثے کی طرف لوٹ سکتے ہیں جہاں علم کا مقصد محض مادی وسائل تک رسائی نہیں بلکہ انسان کی باطنی وروحانی ترقی تھا۔
فلسفہ تعلیم کی قدیم ہندوستانی روایت
قدیم ہندوستانی تہذیب میں تعلیم محض علمی یا پیشہ ورانہ تربیت کا نام نہیں تھی بلکہ یہ انسان کے باطنی ارتقا، اخلاقی استحکام اور روحانی بیداری کا عمل سمجھی جاتی تھی۔ ویدوں، اپنشدوں، دھرم شاستروں اور مختلف تہذیبی وثقافتی روایات میں تعلیم کو’’ودیا‘‘ (Vidya) یعنی بصیرت، آگہی اور خود شناسی کے مترادف قرار دیا گیا ہے۔ اس کے برعکس ’’اَوِدیا‘‘ (Avidya) جہالت نہیں بلکہ وہ حالت ہے جس میں انسان اپنے حقیقی وجود سے غافل رہتا ہے۔ چنانچہ قدیم ہندوستانی فکروفلسفہ میں تعلیم کا مقصد انسان کو اس غفلت سے نکال کر خودآگہی وخودشناسی کی اس منزل تک پہنچاناتھا جواس کااصل منصب تھی۔
ویدک عہد میں تعلیم کی بنیاد ’’رت‘‘ (Rta) یعنی کونی نظم اور سچائی کے ازلی اصول پر رکھی گئی تھی۔ اس تصور کے مطابق کائنات کی ہر شے ایک اخلاقی و روحانی نظم کے تحت قائم ہے اور تعلیم کا فریضہ اس نظم کی تفہیم اور اس کے مطابق زندگی گزارنے کا شعور پیدا کرنا ہے۔ ’’رت‘‘ دراصل وہ داخلی قانون ہے جو کائنات میں توازن، عدل اور ہم آہنگی کو برقرار رکھتا ہے۔ اسی سے سچ (Satya) اور دھرم (Dharma) کے اصول جنم لیتے ہیں۔ اس پس منظر میں تعلیم انسان کو نہ صرف خارجی دنیا کی سمجھ دیتی ہے بلکہ وہ اپنے باطن کے اس قانون فطرت سے بھی واقف ہوتا ہے جو اسے اپنی فطری نیکی اور سچائی کی طرف لے جاتا ہے۔
اپنشدوں میں تعلیم کوروحانی بیداری کاایک طاقتور وسیلہ قرار دیا گیا ہے۔ وہاں ’’ودیا‘‘ کا مفہوم یہ ہے کہ انسان اپنے اندر موجود الوہی جوہر (Atman) کو پہچانے۔ تعلیم کے ذریعے فرد اپنی جہالت (Avidya) کو ترک کر کے عرفان کی اس منزل تک پہنچتا ہے جہاں وہ ’’برہمن‘‘ یعنی کُل وجود سے اپنی وحدت کو محسوس کرتا ہے۔ اس اعتبارسے تعلیم انسان کو ’’میں‘‘ (Ahankar) کے محدوددائرے سے نکال کراس عالمی شعور (Universal Consciousness)سے جوڑتی ہے جو ہر شے میں رچا بسا ہے۔
اسی فکری روایت کے مطابق، تعلیم کا اصل مرکز ’’گرو‘‘ اور’’ششیہ‘‘ (استاد و شاگرد) کا مقدس رشتہ تھا۔ گروکل نظام میں تعلیم محض کتابی علم نہیں بلکہ زندگی گزارنے کا طریقہ تھی۔ یہاں علم، عمل اور اخلاق — تینوں ایک ساتھ پروان چڑھتے تھے۔ شاگرد اپنے گرو کی صحبت میں رہ کر صرف علم حاصل نہیں کرتا تھا بلکہ ضبط نفس، احترام، سچائی، عاجزی اور خدمت جیسے اوصاف بھی اپناتا تھا۔ اس نظام کا مقصد ایک ایسے انسان کی تشکیل تھا جو خود باخبر ہو، سماج کے لیے مفید ہو اور فطرت کے ساتھ ہم آہنگ ہو۔
قدیم ترین ہندوستانی فلسفوں کی روسے تعلیم کے مختلف زاویے سامنے آتے ہیں۔ سانکھیا درشن میں انسان کو دو بنیادی اصولوں — پرکرتی (فطرت) اور پورش (روح) — کا مرکب سمجھا گیا ہے۔ یہاں تعلیم کا مقصد یہ شعور پیدا کرنا ہے کہ انسان اپنی فطری مادی خواہشات پر قابو پا کر اپنی روحانی حقیقت سے جڑ جائے۔ یوگ درشن تعلیم کو ذہن کی یکسوئی اور داخلی سکون کا ذریعہ مانتا ہے۔ پتنجلی کے نزدیک تعلیم دراصل ’’چتّ ورتّی نرو دھ‘‘ یعنی ذہن کے ارتعاشات کو روکنے کا عمل ہے، تاکہ انسان اپنی اصل ذات سے ہم آہنگ ہو سکے۔
فلسفہ پنج کوش کا تعارف
ہندوستانی فلسفے میں انسان کو ایک کثیرالجہت اور باطنی طورمربوط وجود کے طور پر دیکھا گیا ہے، جس میں جسم، ذہن، علم، توانائی اور روح ایک دوسرے سے مربوط ہیں۔ ویدانت فلسفہ کے مطابق انسان محض ایک جسمانی مخلوق نہیں بلکہ وہ ایک روحانی ہستی ہے جو مختلف پرتوں (Sheaths) سے گزر کر اپنی اصل حقیقت یعنی’’آتما‘‘ (Atman) تک پہنچتا ہے۔ اسی روحانی ارتقاکو ’’پنج کوش‘‘ (Panchakosha) کے نظریے میں نہایت گہرائی سے بیان کیا گیا ہے۔’’پنج کوش‘‘ کا ذکر تیتریہ اُپنشد (Taittiriya Upanishad) میں ملتا ہے، جو ویدانت کے بنیادی متون میں سے ایک ہے۔ یہاں انسان کو پانچ پرتوں یا غلافوں (Sheaths) کے مجموعے کے طور پر بیان کیا گیا ہے، جو اس کے وجود کو بیرونی جسمانی سطح سے لے کر اندرونی روحانی شعور تک محیط کرتی ہیں۔ لفظ کوش (Kosha) سنسکرت کے لفظ غلاف یا پوشش سے ماخوذ ہے، جس کا مطلب ہے کوئی ایسا پردہ جو اصل حقیقت کو ڈھانپتا ہو۔ ان پانچ غلافوں کے ماوراء ہی ’’آتما‘‘ کا وہ نورانی جوہر ہے جو انسانی وجود کی حقیقی شناخت ہے۔ انسانی ارتقا کے ان پانچ مرحلوں کو مندرجہ ذیل انداز میں بیان کیا جاتا ہے:
1اَننمَی کوش (Annamaya Kosha) — جسمانی پرت
یہ انسانی وجود کی بیرونی پرت ہے جو جسم، خوراک اور مادی عناصر سے بنی ہے۔’’اننمَی‘‘ کا مطلب ہے ’’خوراک سے بنا ہوا‘‘۔ اس پرت کا تعلق جسمانی صحت، قوت اور عملی سرگرمیوں سے ہے۔ تعلیم کے ابتدائی مرحلوں میں جسمانی تندرستی، نظم و ضبط اور صحت مند طرز زندگی اسی کوش سے متعلق ہے۔ یہ وہ بنیاد ہے جس پر باقی تمام پرتوں کی تعمیر ہوتی ہے۔
2 پرانمَی کوش (Pranamaya Kosha) — حیاوی یا توانائی کی پرت
یہ پرت زندگی کی قوت محرکہ (Vital Energy) کی نمائندہ ہے۔ ’’پران‘‘ (Prana) کا مطلب ہے سانس، توانائی یا حیات کا اصول۔ یہ کوش جسم کو زندگی اور حرکت عطا کرتا ہے۔ سانس، نظم نفس اور یوگ کی مشقیں اسی سطح سے تعلق رکھتی ہیں۔ تعلیم میں اگر سانس، سکون اور توانائی کا توازن شامل کیا جائے تو طلبہ میں یکسوئی، ذہنی قوت اور مثبت طرزعمل پیدا ہوتا ہے۔
3منومَی کوش (Manomaya Kosha) — ذہنی و جذباتی پرت
یہ پرت احساسات، جذبات اور خیالات پر مشتمل ہے۔’’منس‘‘ (Manas) یعنی ذہن کے ذریعے انسان سوچتا، محسوس کرتا اور ردعمل ظاہر کرتا ہے۔ اگر یہ پرت غیر متوازن ہو جائے تو انسان میں خوف، غصہ، حسد یا اضطراب جنم لیتا ہے۔ تعلیم کا ایک اہم مقصد یہ ہے کہ طلبہ کے جذبات کو مثبت رخ دیا جائے اور ان میں ہمدردی، صبر اور توازن پیدا ہو۔ منومَی کوش کی تربیت دراصل جذباتی ذہانت کی بنیاد ہے۔
4 وِجنان می کوش (Vijnanamaya Kosha) — علمی و شعوری پرت
یہ پرت عقل، فہم، شعور اور فیصلہ سازی کی علامت ہے۔ ’’وِجنان‘‘ (Vijnana) کا مطلب ہے علم بصیرت یا تجزیاتی فہم۔ یہ سطح وہ ہے جہاں انسان حق و باطل میں تمیز کرنا سیکھتا ہے۔ تعلیم کے ذریعے طلبہ میں تنقیدی سوچ، تخلیقی فہم اور اخلاقی فیصلے کی صلاحیت اسی کوش سے وابستہ ہے۔ اگر یہ پرت مضبوط ہو تو انسان نہ صرف علمی طور پر باشعور بنتا ہے بلکہ اخلاقی طور پر بھی مستحکم رہتا ہے۔
5آنندمَی کوش (Anandamaya Kosha) — روحانی پرت
یہ انسانی وجود کی سب سے داخلی اور لطیف ترین پرت ہے۔’’آنند‘‘ (Ananda) کا مطلب ہے مسرت یا روحانی خوشی۔ یہ وہ سطح ہے جہاں انسان اپنی اصل ہستی یعنی آتما سے جڑتا ہے۔ اس کوش کا تجربہ داخلی سکون، اطمینان، محبت اور وحدت کے احساس سے عبارت ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں تعلیم کا حقیقی مقصد پورا ہوتا ہے — یعنی انسان اپنے آپ اور کائنات کے درمیان ہم آہنگی محسوس کرتا ہے۔
ان پانچوں پرتوں کا مجموعہ دراصل انسان کی مکمل شخصیت کا خاکہ پیش کرتا ہے۔ جسم سے لے کر شعور تک، ہر سطح ایک دوسرے سے مربوط ہے۔ اگر کسی ایک پرت میں عدم توازن پیدا ہو تو باقی تمام سطحیں متاثر ہوتی ہیں۔ ویدانت کے مطابق تعلیم کا اصل فریضہ یہی ہے کہ وہ ان پانچوں کوشوں کے درمیان توازن پیدا کرے تاکہ انسان اپنی حقیقت — ’’آتما‘‘ — تک رسائی حاصل کر سکے۔
’’پنج کوش‘‘ دراصل جسم سے روح تک کا ایک ارتقائی سفر ہے۔ یہ انسان کو بتاتا ہے کہ اس کا وجود محض مادی نہیں بلکہ اس کے اندر ایک لامحدود روحانی جوہر پوشیدہ ہے۔ تعلیم کے تناظر میں اس فلسفے کا مطلب یہ ہے کہ سیکھنے کا عمل محض ذہنی سرگرمی نہیں بلکہ ایک داخلی بیداری ہے جو انسان کو خود شناسی کی طرف لے جاتی ہے۔یوں کہا جا سکتا ہے کہ ’’پنج کوش‘‘ فلسفہ انسان کے اندر موجود اس وحدتی شعور کی نمائندگی کرتا ہے جو علم، عمل، محبت اور آگہی — چاروں کو ایک ساتھ جوڑتا ہے۔ یہی فلسفہ تعلیم کو ایک مقدس عمل بناتا ہے — ایسا عمل جو انسان کو خود سے، سماج سے اور کائنات سے جوڑتا ہے۔
تعلیم کے تناظر میں پنج کوش فلسفہ
قدیم ہندوستانی فلسفے میں تعلیم کا مقصد محض معلومات حاصل کرنا نہیں بلکہ خود شناسی ہے۔ ویدانت کے مطابق علم کا اعلیٰ ترین درجہ وہ ہے جو انسان کو اپنے حقیقی وجود یعنی ’’آتما‘‘ (Self) کی پہچان تک پہنچا دے۔ ’’پنج کوش‘‘ کا نظریہ تعلیم کو اسی باطنی شعور کے راستے سے جوڑتا ہے۔ یہ فلسفہ سکھاتا ہے کہ حقیقی تعلیم وہی ہے جو جسم، ذہن، عقل، جذبات اور روح کی تربیت کرے اور انسان کو باطنی توازن و سکون عطا کرے۔تعلیم کے تناظر میں ’’پنج کوش‘‘ فلسفہ ایک جامع ماڈل فراہم کرتا ہے، جو سیکھنے کو انسان کی پانچوں سطحوں سے جوڑتا ہے۔ ہر ’’کوش‘‘ تعلیم کے ایک مخصوص پہلو کی نمائندگی کرتا ہے اور ان سب کی ہم آہنگی ہی مکمل تربیت کی ضامن ہے۔تعلیم کے تناظر میں پنج کوش فلسفہ کی پانچوں پرتوں کی تفصیل مندرجہ ذیل ہیں:
1اَننمَی کوش (Annamaya Kosha) — جسمانی صحت، خوراک اور سرگرمی
تعلیم کی ابتدائی بنیاد جسمانی تربیت پرہے۔ اگر جسم صحت مند نہ ہو تودماغ اور روح کی نشوونما بھی ممکن نہیں۔ ’’اَننمَی کوش‘‘ جسمانی طاقت، متوازن غذا، نیند، صفائی اور جسمانی مشقوں پر زور دیتا ہے۔ اسکول اور کالج کے نصاب میں کھیل، یوگ، جسمانی سرگرمیاں اور متوازن طرز زندگی کو شامل کرنا اسی کوش کی عملی صورت ہے۔ قدیم گروکل نظام میں شاگردوںکے لیے جسمانی محنت (Sharirik Sadhana) لازمی تھی تاکہ جسم طاقتور، ذہن پر سکون اور حواس متوازن رہیں۔
2پرانمَی کوش (Pranamaya Kosha) — توانائی، سانس اور یوگ کی اہمیت
یہ کوش زندگی کی توانائی اور سانس کے نظم سے متعلق ہے۔ ’’پران‘‘ (Prana) دراصل وہ حیاتی قوت ہے جو جسم کو متحرک رکھتی ہے۔ اگر یہ توانائی غیر متوازن ہو تو انسان میں بے چینی، تھکن اور انتشار پیدا ہوتا ہے۔ تعلیم میں اس کوش کی اہمیت اس وقت سامنے آتی ہے جب ہم یوگ، پرانایام، سانس لینے کی مشقیں اور ارتکاز (Concentration) جیسی سرگرمیوں کو سیکھنے کے عمل میں شامل کرتے ہیں۔ جب طلبہ سانس کی طاقت کو متوازن طور پر استعمال کرتے ہیں تو اُن کے اندر توانائی، ارتکاز اور ذہنی استحکام بڑھتا ہے۔ جدید تعلیم میں ’’Mindfulness‘‘ اور ’’Meditation‘‘ کی تکنیکیں اسی کوش کی جدید تشریحات ہیں۔
3 منومَی کوش (Manomaya Kosha) — ذہنی نظم، جذباتی تربیت اور ہمدردی
یہ کوش انسانی احساسات، تخیل اور ذہنی کیفیتوں سے تعلق رکھتا ہے۔ اگر ذہن مضطرب ہو تو سیکھنے کا عمل رُک جاتا ہے۔ تعلیم کے ذریعے طلبہ کے ذہنی و جذباتی توازن کو برقرار رکھنا لازمی ہے۔ منومَی کوش کے ذریعے ہم جذباتی ذہانت (Emotional Intelligence)، ہمدردی، احترام، تعلق اور اعتماد جیسے اوصاف پیدا کر سکتے ہیں۔ اس کوش کی تربیت سے طلبہ صرف عقلی طور پر نہیں بلکہ انسانی طور پر بہتر سیکھنے والے بنتے ہیں۔ معلم کا کردار یہاں محض معلومات دینے والے کا نہیں بلکہ ایک رہنما اور مشیر کا ہوتا ہے جو شاگردوں کے دلوں میں اعتماد اور سکون پیدا کرتا ہے۔
4 وِجنانمَی کوش (Vijnanamaya Kosha) — عقلی و تخلیقی صلاحیت، علم و استدلال
یہ کوش شعور، عقل اور فہم سے وابستہ ہے۔ تعلیم کا یہ مرحلہ طلبہ کی علمی صلاحیت، تجزیاتی سوچ اور تخلیقی قوت کو پروان چڑھاتا ہے۔ اس سطح پر نصاب میں منطق، سائنسی استدلال، مشاہدہ اور تحقیق کو اہمیت دی جاتی ہے۔ وِجنانمَی کوش کی تربیت طلبہ کو علم کے ساتھ بصیرت بھی عطا کرتی ہے، تاکہ وہ صرف کتابی ذہانت تک محدود نہ رہیں بلکہ سماج کے لیے مثبت اور باخبر کردار ادا کریں۔ یہ کوش ہمیں یہ سمجھاتا ہے کہ ’’علم‘‘ اگر شعور سے خالی ہو تو وہ بوجھ بن جاتا ہے اور ’’شعور‘‘ اگر علم کے ساتھ ہو تو وہ روشنی بن جاتا ہے۔
5 آنندمَی کوش (Anandamaya Kosha) — اخلاق، مسرت اور روحانی سکون
یہ پانچواں اور سب سے لطیف کوش ہے، جو انسان کے باطنی سکون، محبت اور روحانی یکسوئی کی علامت ہے۔ تعلیم کا اعلیٰ مقصد اسی سطح پر پورا ہوتا ہے — جہاں طالبِ علم اپنے اندراورکائنات کے درمیان وحدت کااحساس کرتا ہے۔ آنند مَی کوش کی تربیت کے لیے مراقبہ، خاموش مطالعہ، خدمتِ خلق اور اقداری تعلیم کو فروغ دیا جانا چاہیے۔ یہاں تعلیم انسان کو صرف کامیاب نہیں بلکہ پر سکون، بامقصد اور بااخلاق بناتی ہے۔
موجودہ تعلیمی نظام کے مسائل اور چیلنجز
اکیسویں صدی کا تعلیمی نظام بظاہر ترقی یافتہ اور سائنسی معلوم ہوتا ہے، لیکن اس کے اندرون میں آج تعلیم کا مقصد انسان کی ہمہ جہت تربیت نہیں بلکہ معاشی ترقی، مادی کامیابی اور مسابقتی برتری حاصل کرنا بن چکا ہے۔ نتیجتاً تعلیم کا محور ’’انسان‘‘ سے ہٹ کر ’’بازار‘‘ کی ضروریات پر مرکوز ہو گیا ہے۔ یہ وہ موڑ ہے جہاں سے تعلیم نے اپنی اصل روح یعنی اخلاق، کردار اور روحانیت کو کھو دیا ہے۔ موجودہ نظامِ تعلیم کا سب سے نمایاں مسئلہ مادیت پرستی (Materialism) ہے۔ علم کا تعلق اب اقدار اور شعور سے نہیں بلکہ پیشے، پیداوار اور منافع سے جوڑ دیا گیا ہے۔ تعلیم نے انسان کو علم تو دیا، مگر انسانیت چھین لی۔ طلبہ محض امتحانات اور نمبروں کی دوڑ میں مصروف ہیں اور علم کی اصل غایت یعنی تفکر، تخلیق اور خود آگہی پس منظر میں چلی گئی ہے۔
اس مادی رجحان نے ایک اور سنگین مسئلہ پیدا کیا ہے — مقابلہ آرائی۔ آج تعلیم کا ماحول ایک دوڑ میں تبدیل ہو گیا ہے، جہاں کامیابی کا مطلب دوسروں سے آگے نکلنا ہے، نہ کہ اپنی ذات کو بہتر بنانا۔ اس غیرصحت مند مقابلے نے طلبہ میں حسد، اضطراب، دباؤ اور ناکامی کا خوف پیدا کر دیا ہے۔ تعلیم کے ادارے ذہنی دباؤ اور جذباتی انتشار کے مراکزبنتے جا رہے ہیں۔ مزید یہ کہ جدید تعلیم نے شخصیت کے توازن کو توڑ دیا ہے۔ انسان اب ’’شخص‘‘ نہیں بلکہ ’’پروجیکٹ‘‘ بن چکا ہے۔ علم کامقصد شخصیت سازی کے بجائے کارکردگی بن گیا ہے۔ اس کے نتیجے میں فرد کا وجود ٹکڑوں میں بٹ گیا ہے — جسم الگ، ذہن الگ، روح الگ۔ یہ شخصیت کا ٹکراؤ تعلیم کے سب سے بڑے بحرانوں میں سے ایک ہے۔ یہی صورتحال اخلاقی بحران کی صورت میں بھی سامنے آتی ہے۔ تعلیم نے انسان کو ذہانت تو بخشی، مگر دیانت نہیں۔ وہ سوچ تو سکتا ہے مگرمحسوس نہیں کرتا۔ سائنسی ترقی اورتکنیکی سہولتوں کے باوجود انسان کے اندر انصاف، ہمدردی، محبت اور قربانی جیسے جذبات کمزورہوتے جا رہے ہیں۔ معاشرے میں بڑھتا ہوا خود غرضی، تشدد اور عدم برداشت کا رجحان اسی تعلیمی خلا کا نتیجہ ہے۔
آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اس بحران کے علاج کے لیے اپنی قدیم علمی روایت سے رہنمائی لیں۔ ’’پنج کوش‘‘ جیسا فلسفہ ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ تعلیم کا عمل صرف دماغ کی تربیت نہیں بلکہ شعور کی بیداری ہے۔ جب تعلیم جسم، ذہن، جذبات، علم اور روح — سب کا احاطہ کرے، تب ہی وہ انسان کو مکمل بناتی ہے۔ عصری تعلیم کو دوبارہ انسانیت کے محور پر لانے کے لیے ضروری ہے کہ اس میں اخلاقی اور روحانی اقدار کو شامل کیا جائے۔ تعلیم میں توازن، سکون اور خدمت کے اصولوں کو زندہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جدید تعلیم اگر ’’پنج کوش‘‘ جیسے فلسفے سے ہم آہنگ ہو جائے تووہ نہ صرف ذہانت بلکہ انسانیت کی بھی پرورش کرے گی۔
قومی تعلیمی پالیسی 2020 اور پنج کوش فلسفہ
ہندوستان کی قومی تعلیمی پالیسی 2020 دراصل ایک فکری و عملی انقلاب کی حیثیت رکھتی ہے جس کا بنیادی مقصد تعلیم کو مادی واقتصادی فتوحات کے ساتھ ساتھے انسانی ترقی کا ذریعہ بنانا ہے۔ اس پالیسی نے پہلی بار تعلیم کو ’’ہمہ جہت، کثیرالشعبہ اور قدر پر مبنی تعلیم ‘‘ کے اصول پر استوار کیا، جو براہِ راست قدیم ہندوستانی فلسفے خصوصاً ’’پنج کوش‘‘ کے نظریات سے مطابقت رکھتا ہے۔
یہ پالیسی تسلیم کرتی ہے کہ تعلیم محض علم کا حصول نہیں بلکہ شعور، کردار اور اقدار کی تربیت کا عمل ہے۔ اسی لیے NEP 2020 نے تعلیم کو’’علم+کردار+ شعور‘‘ کے مثلث پر قائم کرنے کی تجویز دی ہے، جو دراصل ’’پنج کوش‘‘ فلسفے کی عملی توسیع ہے۔
قدیم ہندوستانی تعلیم میں جن اصول ونظریات پر زور دیا گیا تھا — یعنی جسمانی صحت، ذہنی یکسوئی، اخلاقی شعور اور روحانی بیداری — وہیNEP 2020 کے مرکزی نکات میں نمایاں ہیں۔ مثال کے طور پر، اس پالیسی میں ’’ہمہ جہت اور کثیرالشعبہ تعلیم‘‘ کے ذریعے طلبہ کی ہمہ جہت نشوونما پر زور دیا گیا ہے تاکہ تعلیم صرف ذہنی یا معلوماتی نہ رہے بلکہ انسانی شخصیت کے تمام پہلوؤں کااحاطہ کرے۔
اسی طرح پالیسی میں ’’اخلاقی اقدار پر مبنی تعلیم‘‘ کو ایک کلیدی جزو کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ اس کے تحت کردار سازی، اخلاقیات، ہمدردی، سچائی اور انسانیت پسندی کو تعلیم کے بنیادی مقاصد میں شمار کیا گیا ہے۔ یہ تمام اصول ’’پنج کوش‘‘ فلسفے کے پانچوں مراحل — جسم، توانائی، ذہن، علم اور روح — کے عملی اظہار ہیں۔
NEP 2020 کا ایک اہم پہلو ہندوستانی نظام علم کی شمولیت ہے۔ پالیسی میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ہندوستانی علم و فلسفے کی قدیم روایات کو جدید نصاب میں شامل کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے ’’آیوش‘‘، ’’یوگ‘‘، ’’آیور وید‘‘، ’’نیّائے‘‘، ’’ویدانت‘‘ اور دیگر نظامِ فکر کو تعلیمی نظام میں رائج کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ ’’پنج کوش‘‘ فلسفہ، جو تیتریہ اپنشد میں انسانی ارتقا کے پانچ درجات کے طور پر پیش کیا گیا تھا، اسی سلسلے کا ایک لازمی جزو ہے۔
مزید برآں، NEP 2020 نے مادری زبان کو ابتدائی تعلیم کا ذریعہ قرار دے کر لسانی تنوع (Linguistic Diversity) اور ثقافتی رشتے کو مضبوط کیا ہے۔ مادری زبان میں تعلیم محض لسانی سہولت نہیں بلکہ جذباتی ربط اور فکری آزادی کا ذریعہ ہے۔ ’’پنج کوش‘‘ فلسفے میں جس طرح انسان کے اندرونی وجود کی پرتیں ایک دوسرے سے ہم آہنگ ہیں، اسی طرح زبان، ثقافت اور تعلیم کا تعلق بھی گہری ہم آہنگی پر مبنی ہے۔ پالیسی میں روحانی تربیت اور انسانی اقدار پر بھی خاص زور دیا گیا ہے۔ اس کا مقصد طلبہ میں باطنی سکون، خود آگہی اور خدمت خلق کا جذبہ پیدا کرنا ہے۔ اس تربیت کی بنیاد ’’آتما‘‘ (Self) کی آگہی پر ہے، جو ’’پنج کوش‘‘ فلسفے کا مرکزی نکتہ ہے۔
تعلیم کا نیا تصور اب صرف ’’کیا جاننا ہے‘‘ (What to Know) پر مبنی نہیں رہا بلکہ ’’کیسے جاننا ہے‘‘ (How to Know) اور ’’کیوں جاننا ہے‘‘ (Why to Know) جیسے سوالات کو بھی شامل کرتا ہے۔ یہ تبدیلی دراصل تعلیم کو شعور، وجدان اور اقدار کے ساتھ جوڑنے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ یوں کہا جا سکتا ہے کہNEP 2020 نے قدیم ہندوستانی فکری ورثے کو جدید عصری ضرورتوں سے ہم آہنگ کر کے تعلیم کو ایک ’’پنج کوشی‘‘ نظامِ تربیت میں ڈھالنے کی کوشش کی ہے۔ یہ پالیسی اس بات کی علامت ہے کہ تعلیم اب صرف ’’علم کی منتقلی‘‘ نہیں بلکہ ’’شعوری تبدیلی‘‘ کا عمل ہے — یعنی علم سے شعور تک اور شعور سے کردار تک کا سفر۔یہی ’’پنج کوش‘‘ فلسفہ کا خلاصہ ہے: تعلیم وہی ہے جو انسان کو اپنی اندرونی روشنی سے آشنا کرے، تاکہ وہ خود بھی منور ہو اور سماج کے لیے بھی روشنی کا ذریعہ بنے۔
پنج کوش فلسفہ کی عصری معنویت
اکیسویں صدی کی تعلیم اگرچہ تکنیکی طور پر ترقی یافتہ ہے، مگر فکری و اخلاقی لحاظ سے ایک شدید بحران سے گزر رہی ہے۔ آج کے تعلیمی ادارے ذہانت تو پیدا کر رہے ہیں، لیکن شعور نہیں۔ انسان کے اندر معلومات تو بڑھ رہی ہیں، مگر معنی اور مقصد کا احساس ماند پڑ رہا ہے۔ اسی تناظر میں ’’پنج کوش‘‘ فلسفہ ایک ایسا فکری و اخلاقی ماڈل پیش کرتا ہے جو جدید تعلیم کو توازن، سکون اور معنویت کی نئی سمت عطا کر سکتا ہے۔ قدیم ہندوستانی فکر کے مطابق تعلیم کا مقصد صرف ذہانت نہیں بلکہ انسان کی روحانی بیداری ہے۔ ’’پنج کوش‘‘ فلسفہ اس بات پر زور دیتا ہے کہ انسان کے اندر پانچ پرتیں ہیں — جسم، توانائی، ذہن، علم اور روح — اور ان سب کی ہم آہنگی ہی حقیقی تعلیم کا مقصد ہے۔ یہی اصول آج کی دنیا میں ہمہ جہت تعلیم اوراقدار پر مبنی تعلیم کے نام سے دوبارہ ابھر رہے ہیں۔ پنج کوش فلسفہ کی عصری معنویت کو مندرجہ زیل سمجھا جا سکتا ہے:
1 جدید تعلیم میں اخلاقی و روحانی پہلو کی واپسی
پچھلی چند دہائیوں میں تعلیم کی مادّی سمت نے انسان کے اخلاقی اور روحانی توازن کو متاثر کیا ہے۔ اس کے نتیجے میں ذہنی دباؤ، خود غرضی اور سماجی انتشار میں اضافہ ہوا ہے۔ اب دنیا بھر میں تعلیمی ماہرین یہ محسوس کر رہے ہیں کہ تعلیم کو دوبارہ اخلاقی اور روحانی بنیادوں پر استوار کرنا ضروری ہے۔ ’’پنج کوش‘‘ فلسفہ اس ضرورت کا فطری جواب فراہم کرتا ہے، کیونکہ یہ تعلیم کو جسم سے روح تک ایک ہمہ گیر عمل سمجھتا ہے۔ یہ نظریہ سکھاتا ہے کہ علم اگر اخلاق سے جڑا نہ ہو تو وہ صرف ہتھیار ہے، روشنی نہیں۔
2 ذہنی صحت، کردار سازی اور سماجی ہم آہنگی
جدید سماج میں ذہنی صحت ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے۔ طلبہ اور اساتذہ دونوں ذہنی دباؤ، بے چینی اور تنہائی کے شکار ہیں۔ ’’پنج کوش‘‘ فلسفہ تعلیم کو ذہنی سکون اور کردار سازی کے عمل سے جوڑتاہے۔ اگرنصاب میںجسمانی سرگرمی، سانس کی مشق، مراقبہ، اخلاقی تربیت اور تخلیقی اظہار شامل ہوں تو طلبہ کے اندر اعتماد، ہم آہنگی اور مثبت توانائی پیدا ہوتی ہے۔یہ فلسفہ تعلیم کو صرف علم دینے والا نہیں بلکہ شخصیت سازی کا عمل بناتاہے۔ سماجی سطح پر بھی یہ نظریہ ہم آہنگی، برداشت اور ہمدردی کو فروغ دیتا ہے — وہ اقدار جن کی آج کے تقسیم شدہ معاشرے میں شدید ضرورت ہے۔
3 عالمی رجحانات اور پنج کوش کی مماثلت
دنیا بھر میں تعلیمی نظام اب ’’بچے کی ہمہ جہت تعلیم‘‘ اور ’’سماجی و جذباتی اکتساب‘‘ جیسے ماڈلز کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ ان کا مقصد بچے کی ہمہ جہتی نشوونما — جسمانی، ذہنی، جذباتی اور سماجی — کو یقینی بنانا ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ یہ تمام رجحانات دراصل ’’پنج کوش‘‘ فلسفے کے قدیم اصولوںسے مطابقت رکھتے ہیں۔جہاں مغرب میں سماجی وجذباتی اکتساب طلبہ کی جذباتی اور سماجی ذہانت پر زور دیتا ہے، وہیں ’’منومَی‘‘ اور ’’وِجنانمَی کوش‘‘ انہی اصولوں کو ہزاروں برس پہلے بیان کر چکے ہیں۔ اس طرح ’’پنج کوش‘‘ نہ صرف ہندوستانی تعلیم کا روحانی ماڈل ہے بلکہ وہ عالمی سطح پر تعلیم کے لیے ایک پائیدار فلسفیانہ بنیاد بھی فراہم کرتا ہے۔
4 ہندوستانی فلسفہ کا عالمی کردار
جدید دنیا میں تعلیم زیادہ تر علم(Knowledge) تک محدود ہے، مگر ’’پنج کوش‘‘ فلسفہ اسے دانائی (Wisdom) میں تبدیل کرتا ہے۔ علم اور دانائی میں یہی فرق ہے کہ علم ہمیں یہ بتاتا ہے کہ کیا ہے، جبکہ دانائی ہمیں سکھاتی ہے کہ کیا ہونا چاہیے۔ ’’پنج کوش‘‘ انسان کو اپنی اندرونی روشنی کے ذریعے دانائی کی طرف لے جاتا ہے۔اسی لیے یہ فلسفہ آج عالمی تعلیمی مباحث میں مرکزی مقام حاصل کر رہا ہے۔ یوگ، دھیان، شعوری بیداری، اخلاقی اقدار کی تعلیم، کردارسازی اور امن کے مطالے جیسے موضوعات ’’پنج کوش‘‘ کے جدید مظاہر ہیں۔
5 تعلیم برائے امن، توازن اور خوشی
آج دنیا کو سب سے زیادہ ضرورت ایسی تعلیم کی ہے جو انسان کے اندر امن، توازن اور خوشی پیدا کرے۔ ’’پنج کوش‘‘ فلسفہ اس مقصد کے لیے ایک جامع فریم ورک مہیا کرتا ہے۔ اگر تعلیم انسان کو اپنی حقیقت پہچاننے، دوسروں کے ساتھ ہمدردی کرنے اور کائنات کے ساتھ ہم آہنگی میں جینے کا ہنر سکھائے تو وہ محض پیشہ نہیں بلکہ عبادت بن جاتی ہے۔ تعلیم برائے امن دراصل ’’آنندمَی کوش‘‘ کا مظہر ہے، جہاں علم انسان کو سکون، محبت اور خدمت کا ذریعہ بناتا ہے۔ یہ فلسفہ ہمیں بتاتا ہے کہ تعلیم کا اصل مقصد مقابلہ نہیں بلکہ مکمل ہونا ہے۔
عصری تعلیم میں ’پنج کوش‘ کے عملی نفاذ کے امکانات
موجودہ تعلیمی نظام میں ’’پنج کوش‘‘ فلسفے کو متعدد طریقوں سے عملی طور پر نافذ کیا جا سکتا ہے۔ اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں ایسا نصاب تیار کیا جا سکتا ہے جو جسمانی صحت، ذہنی توازن، جذباتی تربیت، تخلیقی سوچ اور روحانی بیداری — پانچوں کو یکجا کرے۔ یہ ماڈل طلبہ کو محض پیشہ ور نہیں بلکہ بامقصد انسان بننے کی ترغیب دیتا ہے۔عصری تعلیم میں ’’پنج کوش‘‘ کے عملی نفاذ کے لیے کچھ سفارشات مندرجہ ذیل ہیں:
1 نصاب میںفلاح وبہبوداورذہن یکسوئی کی شمولیت
ہر سطح کی تعلیم میں جسمانی و ذہنی سکون، ارتکاز اور توازن کے اصول شامل کیے جائیں۔ اسکولوں میں روزانہ پانچ منٹ کی مراقبہ مشق یا یوگ سیشن طلبہ کی کارکردگی اور رویے دونوں پر مثبت اثر ڈال سکتا ہے۔
2 اساتذہ کی تربیت میں روحانی و اخلاقی اصول
معلمین کو ’’شعوری تدریسیات‘‘ کے اصولوں پر تربیت دی جائے تاکہ وہ محض معلومات فراہم کرنے والے نہیں بلکہ کردار ساز، رہنما اور بیدار شعور کے مبلغ بن سکیں۔
3 طلبہ کے لیے یوگ، دھیان اور شخصیت سازی کے ماڈیول
طلبہ کی ہمہ جہتی تربیت کے لیے یوگ، سانس کی مشقیں، خدمتِ خلق اور اخلاقی تعلیم کے مختصر ماڈیول نصاب کا حصہ بنائے جائیں۔
4 تعلیم میں کردار، خدمت اور خود شناسی پر مبنی جائزہ نظام
امتحانات اور جانچ صرف علمی کارکردگی تک محدود نہ رہیں بلکہ طلبہ کے کردار، ہمدردی اور سماجی شرکت کو بھی شامل کیا جائے۔
اختتامیہ
تعلیم ہمیشہ سے انسانی تہذیب کی روح رہی ہے، مگر اس کا حقیقی مقصد محض معلومات کا حصول نہیں بلکہ خود شناسی (Self-Realization) اور اخلاقی بیداری (Moral Awakening) ہے۔ انسان کی اصل ترقی اس وقت ممکن ہوتی ہے جب وہ اپنی ذات، سماج اور کائنات کے درمیان توازن اور ربط کو پہچان لے۔ ’’پنج کوش‘‘ فلسفہ اسی داخلی توازن کا علم دیتا ہے — ایک ایسا فکری ماڈل جو جسم سے روح تک انسان کی مکمل تربیت کا راستہ دکھاتا ہے۔قدیم ہندوستانی علمیات نے تعلیم کو ایک روحانی اور اخلاقی عمل کے طور پر پیش کیا تھا، جبکہ جدید تعلیم اسے ایک سائنسی اور تکنیکی سرگرمی کے طور پر دیکھتی ہے۔ ’’پنج کوش‘‘ فلسفہ ان دونوں کے درمیان ایک فکری سنگم پیدا کرتا ہے یعنی قدیم حکمت اور جدید تعلیم کا حسین امتزاج ۔ یہ فلسفہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ تعلیم کا سفر باہر کی دنیا سے نہیں بلکہ انسان کے اندر سے شروع ہوتا ہے، جہاں شعور، محبت، خدمت اور دانائی کی روشنی بستی ہے۔عصرِ حاضر میں جب تعلیم مسابقت، مادیت اور سطحی مقاصد کا شکار ہو چکی ہے، ’’پنج کوش‘‘ فلسفہ ہمیں ایک نئی سمت عطا کرتا ہے — ایسی سمت جہاں علم کے ساتھ سکون، عقل کے ساتھ محبت اور ترقی کے ساتھ توازن ہو۔یہ فلسفہ تعلیم کو ’’کمانے کے لیے سیکھنا (Learning for Earning)‘‘ سے نکال کر ’’وجود سازی کے لیے سیکھنا(Learning for Being)‘‘ — یعنی وجود کے ادراک — تک لے جاتا ہے۔

Prof. Noushad Husain
Principal, Maulana Azad National Urdu University
(MANUU)Campus Bhopal
Near Prakash Vidayalava, Airport Road
Gandhi Nagar, Bhopal-462036
(Madhya Pradesh)
Mob.: 7063594144
E-mail: noushadhusain@gmail.com

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Explore More

زبان کی تدریس میں پہیلیوں کی اہمیت امیر خسرو کے حوالے سے،مضمون نگار: بی بی رضا خاتون

اردودنیا،فروری 2026: پہیلیاں صدیوں سے انسانی تہذیب و ثقافت کا اہم حصہ رہی ہیں۔ تفنن طبع کے لیے کہی جانے والی پہیلیاں ہمیں تفکرو تفہم کی طرف لے جاتی ہیں۔

امتزاجی تعلیم : عصرِ حاضر کی ایک ناگزیر ضرورت،مضمون نگار: محمد مہتاب عالم

اردودنیا،جنوری 2026: تعلیم کا نظام وقت اور معاشرتی ضروریات کے ساتھ ہمیشہ ارتقا پذیر رہا ہے۔ اکیسویں صدی جسے ڈیجیٹل انقلاب کا دور کہا جاتا ہے، نے انسانی زندگی کے

قومی تعلیمی پالیسی 2020 اور اردو تدریس کے امکانات،مضمون نگار:مفتی سہیل ندوی

اردودنیا،فروری 2026: تعلیم کسی بھی قوم کی فکری، تہذیبی اور سماجی تشکیل کا بنیادی ذریعہ ہوتی ہے۔ زبان اس تعلیمی عمل کی روح ہے، کیوںکہ زبان ہی کے ذریعے علم