پنڈت دینا ناتھ مدن معجز دہلوی کی ادبی خدمات ،مضمون نگار:محمد سلیم پلسارکت

August 11, 2026 0 Comments 0 tags

اردو دنیا، اگست 2026:

پنڈت دینا ناتھ مدن معجز دہلوی نے اردو ادب کی تاریخ میں محض تخلیقی سطح پر ہی نہیں بلکہ فکری، تہذیبی اور روحانی سطح پر بھی گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔ ان کی شخصیت نہ صرف ادبی میدان میں ممتاز ہے بلکہ وہ ایک ایسے علمی و روحانی سلسلے کے نمائندہ ہیں جنھوں نے ہندوستانی فلسفے، تصوف اور اردو ادب کے درمیان ایک حسین امتزاج پیدا کیا۔
معجز دہلوی کی خدمات کا سب سے نمایاں پہلو یہ ہے کہ انھوں نے ہندو مذہبی کتابوں خصوصاً بھگوت گیتا، اشٹاوکر گیتا اور اودھوت گیتا کو اردو نظم میں منتقل کر کے ایک ایسا ادبی کارنامہ انجام دیا جو تہذیبی ہم آہنگی اور فکری اشتراک کی اعلیٰ مثال ہے۔ ان کا یہ کارنامہ محض ترجمہ نہیں بلکہ ایک تخلیقی، فنی اور روحانی باز آفرینی ہے۔
پنڈت دینا ناتھ مدن کا تعلق ایک ممتاز کشمیری برہمن خاندان سے تھا جسے دہلی میں ‘مدن فیملی’ کے نام سے شہرت حاصل تھی۔ یہ خاندان شروع ہی سے علم و ادب، فلسفہ اور تصوف سے گہرا تعلق رکھتا تھا۔ان کے والد رائے بہادر پنڈت جانکی ناتھ مدن ایک بڑے عالم تھے جو سنسکرت، فارسی اور اردو پر یکساں قدرت رکھتے تھے۔ ان کی تصنیف ’برہم درشن‘ فلسفہ الوہیت کی ایک اہم کتاب ہے۔ اس علمی ماحول نے معجز دہلوی کی فکری تشکیل میں بنیادی کردار ادا کیا۔یہ کہنا بجا ہوگا کہ معجز دہلوی کی ادبی و فکری سمت کسی اتفاق کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک مضبوط خاندانی روایت کا تسلسل ہے۔
معجز دہلوی محکمہ تعمیرات پنجاب میں اکاؤنٹنٹ تھے۔ وہ بچپن سے ہی سنسکرت زبان اور اس میں شامل علمی اور ادبی خزانے سے کافی گہرا علمی شغف رکھتے تھے۔  خاص کر  فلسفہ الوہیت میں۔
معجز دہلوی کا زمانہ وہ تھا جب دہلی علمی و ادبی سرگرمیوں کا مرکز تھی۔ یہاں اردو زبان اپنی مکمل تہذیبی و ادبی صورت میں موجود تھی۔ ہندی، فارسی اور سنسکرت کے میل جول سے ایک ایسا فکری ماحول پیدا ہوا جس میں بین المذاہب مکالمہ ممکن ہوا۔اسی ماحول نے معجز دہلوی کو یہ حوصلہ دیا کہ وہ ہندو فلسفے کو اردو زبان کے قالب میں پیش کریں۔
معجز دہلوی کی ادبی خدمات کو درج ذیل اہم شعبوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے:منظوم تراجم ،تصوف اور فلسفہ کی تشریح ،غزل گوئی ،تہذیبی و فکری ہم آہنگی ،لسانی تجربہ اور اصطلاح سازی،ترجمہ اور تخلیق کا امتزاج وغیرہ۔
ان کے یہاں ترجمہ محض لفظی منتقلی نہیں بلکہ ایک تخلیقی عمل ہے ۔ان کی سب سے بڑی فنی کامیابی یہ ہے کہ انھوں نے اصل مفہوم کو پوری دیانت داری کے ساتھ برقرار رکھتے ہوئے اسے اردو شعری روایت کے مطابق نہایت خوبصورتی سے ڈھالا ہے۔ انھوں نے ہر اشلوک کو ایک مکمل شعر کی شکل میں پیش کیا، جس سے نہ صرف مفہوم کی مکمل ترسیل ممکن ہوئی بلکہ کلام کا شعری حسن بھی قائم رہا۔ زبان سادہ، رواں اور عام فہم ہے، جس کے باعث قاری بغیر کسی دقت کے معنی تک رسائی حاصل کر لیتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اشعار میں ادبی چاشنی اور فنی لطافت بھی برقرار رہتی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ مفہوم، سادگی، روانی اور شعری حسن کو ایک ساتھ نبھانا کسی بھی مترجم کے لیے ایک بڑا فنی چیلنج ہوتا ہے، لیکن مترجم نے اس ذمہ داری کو کامیابی کے ساتھ انجام دیا ہے۔ ایک شعر ملاحظہ ہو۔
ایک اشارہ مکتفی ہے مردِ عاقل کے لیے
عمر بھر تعلیم نا کافی  ہے جاہل کے لیے 
(پیامِ سالک ص ۷۷)
’مخزن اسرار‘ معجز دہلوی کی سب سے اہم تصنیف ہے، جو شریمد بھگوت گیتا کا اردو منظوم ترجمہ ہے۔ انھوں نے مخزن اسرارکے نام سے دو بار شائع کیا تھا۔ پہلی بار 1915 میں چودہ ابواب کا منظوم ترجمہ تھا اور 1930 میں مکمل اٹھارہ ابواب کا ۔
بھگوت گیتا ہندو مذہب کی ایک نہایت مقدس، بااثر اور عالمگیر روحانی کتاب ہے، جسے ہندوستانی فلسفے کا نچوڑ کہا جاتا ہے۔ یہ عظیم صحیفہ رزمیہ داستان مہابھارت کا حصہ ہے اور ’بھیشم پرب‘ میں شامل ہے۔ اس کتاب کی بنیاد کرشن اور ارجن کے درمیان ہونے والے مکالمے پر قائم ہے، جو میدانِ جنگ میں پیش آتا ہے۔ جب کوروکشیتر کی جنگ شروع ہونے والی ہوتی ہے تو ارجن اپنے عزیز و اقارب، اساتذہ اور دوستوں کو مخالف صف میں دیکھ کر شدید ذہنی اضطراب اور اخلاقی کشمکش میں مبتلا ہو جاتا ہے۔ اس موقع پر شری کرشن اس کی روحانی اور اخلاقی رہنمائی کرتے ہیں، اور یہی تعلیمات ’بھگوت گیتا‘  کہلاتی ہیں۔
بھگوت گیتا اٹھارہ ابواب (ادھیاؤں) اور تقریباً سات سو اشلوکوں پر مشتمل ہے۔ ہر باب انسانی زندگی کے کسی خاص روحانی یا اخلاقی پہلو پر روشنی ڈالتا ہے۔ اس کا اسلوب مکالماتی ہے، جس میں سوال و جواب کے ذریعے گہرے فلسفیانہ مسائل کو نہایت بلیغ انداز میں بیان کیا گیا ہے۔
پنڈت دینا ناتھ مدن معجز دہلوی کا ’مخزنِ اسرار‘ اردو ادب میں منظوم ترجمہ نگاری کا ایک منفرد اور قابلِ قدر نمونہ ہے۔ یہ محض شریمد بھگوت گیتا کا اردو ترجمہ نہیں بلکہ ایک ایسا فکری اور ادبی کارنامہ ہے جس میں ہندوستانی فلسفے، اسلامی تصوف اور اردو شعری روایت کا حسین امتزاج نظر آتا ہے۔ معجز دہلوی نے اس ترجمے کے ذریعے نہ صرف گیتا کے دقیق روحانی مضامین کو اردو قالب میں منتقل کیا بلکہ انھیں عام فہم، سلیس اور دلنشیں انداز میں پیش بھی کیا۔بھگوت گیتا جیسے دقیق متن کو ایسی زبان میں منتقل کرنا جس میں اصل مفہوم بھی محفوظ رہے اور شعری حسن بھی برقرار رہے، ایک نہایت دشوار کام تھا، مگر معجز دہلوی اس میں بڑی حد تک کامیاب نظر آتے ہیں۔معاصر ناقدین نے بھی اس خصوصیت کو سراہتے ہوئے لکھاہے ۔ 1931میں شائع ہوا اخبار ’ریاست ‘   میں لکھا ہے:
’’اُردو اشعار نہایت سلیس اور عام فہم ہیں اور اصل کتاب کے نفسِ مطلب کو کہیں ہاتھ سے نہیں جانے دیا۔‘‘(مخزن ِ اسرار ص 7)
یہی سادگی دراصل ان کے ترجمے کی سب سے بڑی قوت ہے۔
معجز دہلوی کی فنی مہارت کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ انھوں نے بھگوت گیتا کے ہر اشلوک کو ایک مکمل شعر میں منتقل کرنے کی کوشش کی۔ یہ اسلوب نہایت مشکل تھا کیونکہ سنسکرت اشلوکوں کے مفہوم کو اردو شعر کے محدود دائرے میں سمیٹنا آسان نہیں۔انھوں نے نہ صرف مفہوم کی حفاظت کی بلکہ شعری بندش اور موسیقیت کو بھی قائم رکھا۔ یہی وجہ ہے کہ ان کا ترجمہ محض لفظی ترجمہ نہیں بلکہ ایک تخلیقی باز آفرینی محسوس ہوتا ہے۔ یہ انداز اردو منظوم ترجمہ نگاری میں ان کی انفرادیت کو ظاہر کرتا ہے۔
مخزنِ اسرار کی ایک بڑی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں ہندو فلسفے اور اسلامی تصوف کے درمیان ایک فکری ہم آہنگی پیدا کی گئی ہے۔ معجز دہلوی نے گیتا کے روحانی تصورات کو صوفیانہ اصطلاحات اور افکار کے ذریعے واضح کیا، جس سے اردو داں طبقے کے لیے ان تعلیمات کو سمجھنا آسان ہوگیا۔انھوں نے یہ واضح کرنے کی کوشش کی کہ روحانی تجربات اور باطنی حقائق مختلف مذہبی روایتوں میں الگ الفاظ کے باوجود ایک دوسرے سے قریب ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ انھوں نے سنسکرت اصطلاحات کے مقابل صوفیانہ اصطلاحات پیش کیں، مثلاً:
محویت، سمادھی، وحدت، ادویت، فنا، لیہ، نفس، پران، عالم، جگت، شاہد، ساکشی وغیرہ۔
یہ تقابل محض لسانی نہیں بلکہ فکری اور روحانی نوعیت کا ہے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ معجز دہلوی نہ صرف سنسکرت فلسفے سے واقف تھے بلکہ اسلامی تصوف پر بھی گہری نظر رکھتے تھے۔
معجز دہلوی نے گیتا کے پیچیدہ فلسفیانہ مضامین کو سمجھانے کے لیے تمثیلی اور تصویری اسلوب اختیار کیا۔ انھوں نے ہر باب سے پہلے مختلف تصویری خاکے اور علامتی توضیحات شامل کیں، جن کا مقصد قاری کو روحانی مفاہیم تک رسائی دینا تھا۔انھوں نے دل، عقل، نفس، روشنی اور تاریکی جیسے عناصر کو تمثیل کے پیرائے میں پیش کیا۔ مثلاً وہ دل کو حاکم، عقل کو منصف، اور محسوسات کو اہل کار قرار دیتے ہیں۔ اس اندازِ بیان سے مجرد فلسفہ ایک جیتی جاگتی کیفیت میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ان کے نزدیک ظاہری کائنات اور انسانی باطن کے درمیان گہرا تعلق موجود ہے۔ اسی تصور کو واضح کرتے ہوئے وہ لکھتے ہیں:
’’انسان اور عالم کے درمیان کامل مشابہت ہے، چنانچہ ایک کو عالمِ صغیر اور دوسرے کو عالمِ کبیر کہا گیا ہے۔‘‘ (مخزنِ اسرا ر ۔ص25)
یہ تمثیلی انداز ان کی فکری گہرائی اور تخلیقی صلاحیت دونوں کا مظہر ہے۔
مخزنِ اسرار صرف فکری اعتبار سے ہی اہم نہیں بلکہ ادبی و فنی لحاظ سے بھی ایک بلند پایہ تصنیف ہے۔ اس میں کئی ایسی خصوصیات پائی جاتی ہیں جو اسے اردو منظوم تراجم میں ممتاز مقام عطا کرتی ہیں۔
’پیامِ سالک‘ دینا ناتھ مدن معجز دہلوی کی ایک اہم علمی اور ادبی تصنیف ہے، جو مہامنی اشٹاوکر کی مشہور روحانی کتاب اشٹاوکر گیتا کا اردو منظوم ترجمہ ہے۔ یہ کتاب 1932 میں شائع ہوئی اور اردو ادب میں روحانی و فلسفیانہ تراجم کے سلسلے میں ایک نمایاں اضافہ ثابت ہوئی۔ معجز دہلوی نے اس تصنیف کے ذریعے سنسکرت کی ایک نہایت دقیق اور عمیق روحانی کتاب کو اردو داں طبقے کے لیے قابلِ فہم بنایا۔
اشٹاوکر گیتا ہندوستانی فلسفے خصوصاً ادویت (غیر دوئی) کی ایک اہم کتاب ہے، جس میں راجہ جنک اور مہامنی اشٹاوکر کے درمیان سوال و جواب کے انداز میں معرفت، توحید اور حقیقتِ مطلق کے مسائل بیان کیے گئے ہیں۔ معجز دہلوی نے اس فلسفیانہ متن کو اردو نظم کا پیرایہ عطا کر کے اسے ادبی اور روحانی دونوں اعتبار سے مؤثر بنا دیا۔
پیامِ سالک کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ خالص روحانی متن کا اردو منظوم ترجمہ ہے۔ اس میں ظاہری رسوم و قیود سے زیادہ باطنی شعور، معرفتِ نفس اور حقیقتِ مطلق پر زور دیا گیا ہے۔ اشٹاوکر گیتا بنیادی طور پر انسان کو اس کی اصل روحانی حقیقت سے آگاہ کرتی ہے اور دنیاوی وابستگیوں سے بلند ہو کر حق کی معرفت حاصل کرنے کی تلقین کرتی ہے۔معجز دہلوی نے اس کتاب کے ذریعے ان روحانی تعلیمات کو اردو قارئین تک پہنچایا، جو اس سے پہلے صرف سنسکرت جاننے والوں تک محدود تھیں۔ ان کے نزدیک یہ ترجمہ صرف ادبی خدمت نہیں بلکہ روحانی رہنمائی کا ذریعہ بھی تھا۔
دیباچے میں وہ خود اپنے مقصد کی وضاحت کرتے ہوئے لکھتے ہیں:
’شائقینِ علمِ توحید کو اس بزرگ ہستی کی نادر اور دلکش روحانی تعلیم سے حتی المقدور آگاہ کرنا مقصود ہے۔‘ (پیام ِ سالک۔ ص 2)
’پیامِ سالک‘  میں توحید، معرفتِ نفس، ترکِ خواہشات اور روحانی آزادی جیسے مضامین نہایت نمایاں ہیں۔ اشٹاوکر گیتا کے مطابق انسان کی اصل حقیقت جسم یا ذہن نہیں بلکہ خالص شعور ہے۔ جب انسان اپنی اس حقیقی شناخت کو پا لیتا ہے تو وہ دنیاوی خوف، غم اور وابستگیوں سے آزاد ہو جاتا ہے۔
یہ تعلیمات تصوف کے کئی بنیادی تصورات سے مماثلت رکھتی ہیں، مثلاً:فنا فی الحق ،ترکِ نفس ،وحدت الوجود ،معرفتِ ذات  وغیرہ۔اسی لیے معجز دہلوی نے ان فلسفیانہ تصورات کو اردو صوفیانہ اصطلاحات کے ذریعے واضح کیا۔ ان کا انداز اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ ہندو فلسفے اور اسلامی تصوف دونوں پر گہری نظر رکھتے تھے۔
اشٹاوکر گیتا کی ایک اہم خصوصیت اس کا مکالماتی اسلوب ہے۔ یہ کتاب راجہ جنک اور اشٹاوکر کے درمیان سوال و جواب کی صورت میں ترتیب دی گئی ہے۔ اس اسلوب سے فلسفیانہ مسائل نہ صرف زیادہ واضح ہو جاتے ہیں بلکہ قاری کی دلچسپی بھی برقرار رہتی ہے۔
پیامِ سالک کی زبان نہایت سادہ، رواں اور دلنشیں ہے۔ معجز دہلوی نے فلسفیانہ مضامین کو پیچیدہ اصطلاحات کے بجائے آسان اور عام فہم زبان میں بیان کیا۔ یہی وجہ ہے کہ کتاب خواص کے ساتھ ساتھ عام قارئین کے لیے بھی قابلِ استفادہ بن گئی۔ان کے اشعار میں تصنع یا لفظی نمائش نہیں بلکہ فکری سلاست اور معنوی شفافیت پائی جاتی ہے۔ایک شعر ملاحظہ ہو۔
ہٹ گئے اس کے لیے دیر و حرم فعل و جزا
ہو گیا  بے لوث جس کا  قلب مانندِ خلا 
سادگی کے باوجود اس ترجمے میں گہری فکری اور روحانی معنویت موجود ہے۔ ہر شعر اپنے اندر فلسفے اور معرفت کی کئی پرتیں سموئے ہوئے ہے۔ معجز دہلوی نے اشٹاوکر گیتا کے دقیق مضامین کو نہایت فکری دیانت کے ساتھ اردو قالب میں منتقل کیا۔انھوں نے محض ترجمہ نہیں کیا بلکہ فلسفے کی روح کو بھی برقرار رکھا۔ یہی وجہ ہے کہ پیامِ سالک صرف ادبی متن نہیں بلکہ ایک روحانی تجربہ محسوس ہوتی ہے۔
معجز دہلوی بنیادی طور پر ایک قادرالکلام شاعر تھے، اس لیے ان کے ترجمے میں شعری حسن نمایاں ہے۔ انھوں نے قوافی کی خوبصورتی ،بحر کی روانی ، بندش کی چستی ،موسیقیت کا خاص خیال رکھا۔ انھوں نے ’پیامِ سالک‘ کے تمام اشعار بحرِ رمل مثمن سالم محذوف الآخر میں کہے ہیں۔نمونے کے لیے ایک شعر ملاحظہ ہو۔
رنج و راحت وصل و فرقت سے نظر اپنی  ہٹا
نیستی  ہستی سے  بالا خود بخود  ہو جا فنا
رنج و راحت، وصل و فرقت، سے نظر اپنی  ہٹا
 فاعلاتن، فاعلاتن، فاعلاتن، فاعلن
نیستی ہستی سے بالا، خود بخود ہو، جا فنا
پیامِ سالک کا دیباچہ معجز دہلوی کی فکری بصیرت کا اہم مظہر ہے۔ اس میں انھوں نے واضح کیا ہے کہ ان کا مقصد محض ایک قدیم سنسکرت متن کو اردو میں منتقل کرنا نہیں بلکہ اہلِ اردو کو روحانی معرفت کی ان تعلیمات سے روشناس کرانا ہے جو انسان کو باطنی سکون اور حقیقت کی پہچان عطا کرتی ہیں۔
اودھوت گیتا ہندوستانی روحانی ادب کی ایک نہایت عمیق، وجدانی اور بلند پایہ کتاب ہے، جسے روایتی طور پر سوامی دتاتریہ (Dattatreya)  سے منسوب کیا جاتا ہے۔ یہ کتاب ادویت فلسفے یا وحدتِ مطلق کے نظریے کی خالص تعبیر پیش کرتی ہے۔ ہندوستانی فلسفیانہ روایت میں اسے ایک ایسا روحانی متن سمجھا جاتا ہے جس میں سالک کی آخری روحانی کیفیت، یعنی کامل آزادی اور عرفانِ ذات، اپنے انتہائی درجۂ اظہار تک پہنچ جاتی ہے۔اودھوت گیتا کا اسلوب دیگر فلسفیانہ متون سے مختلف ہے۔ اس میں منطقی استدلال یا فلسفیانہ موشگافیوں کے بجائے وجدانی تجربہ، روحانی سرمستی اور باطنی انکشافات کو زیادہ اہمیت دی گئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس متن میں ایک خاص قسم کی روحانی حرارت اور داخلی کیفیت محسوس ہوتی ہے۔ لفظ ’اودھوت‘ سنسکرت زبان کا لفظ ہے، جس کے معنی ہیں: ایسا شخص جو دنیاوی آلائشوں، نفسانی خواہشات اور ظاہری بندھنوں سے مکمل طور پر آزاد ہو چکا ہو۔ ہندوستانی روحانی روایت میں اودھوت اس سالک کو کہا جاتا ہے جو روحانی سفر کی آخری منزل تک پہنچ کر ظاہری اور باطنی قیدوں سے ماورا ہو جائے۔اس تصور کو تصوف میں ’مجذوب‘، ’فانی فی اللہ‘یا ’صاحبِ حال‘ سے قریب تر سمجھا جا سکتا ہے۔
پنڈت دینا ناتھ مدن معجز دہلوی نے اودھوت گیتا کو’ ترانۂ  مجذوب ‘کے عنوان سے اردو نظم میں منتقل کیا۔ یہ ترجمہ اردو ادب میں ایک منفرد ادبی اور روحانی کارنامہ تصور کیا جاتا ہے۔معجز دہلوی نے نہ صرف اشلوکوں کا ترجمہ کیا بلکہ ان کی روحانی کیفیت، وجدانی فضا اور صوفیانہ رمزیت کو بھی اردو شاعری میں منتقل کرنے کی کوشش کی۔انھوں نے اس ترجمے میں سادہ مگر مؤثر زبان ،شعری موسیقیت ،فکری گہرائی  اور روحانی تاثیر کو یکجا کیا۔
اودھوت گیتا اپنی شدتِ اظہار، وجدانی کیفیت اور رمزیت کے باعث اردو صوفیانہ ادب سے گہری مماثلت رکھتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ’ترانۂ مجذوب‘ اردو تصوف کی روایت کے قریب محسوس ہوتی ہے۔معجز دہلوی کے ترجمے میں روحانی مضامین خشک فلسفہ نہیں رہتے بلکہ ایک شعری تجربے میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔ مثال کے طور پر:
عالمِ کثرت میں ہے جو خود بخود جلوہ طراز
کیسے میں اس پاک ہستی سے کروں عرضِ نیاز
(ترانۂ  مجذوب ۔ ص21)
اس شعر میں وحدتِ وجود، عرفان اور روحانی استغنا کی کیفیت نمایاں ہے۔ترانہ مجذوب کی ایک اہم خصوصیت اس کا وجدانی اسلوب ہے۔ اشعار میں جذب، کیف اور روحانی سرشاری کی فضا موجود ہے۔ یہ اسلوب قاری کو محض فکری سطح پر نہیں بلکہ جذباتی اور روحانی سطح پر بھی متاثر کرتا ہے۔
ترانۂ مجذوب کے اشعار میں ایک خاص صوفیانہ کیفیت پائی جاتی ہے۔ یہ کیفیت انسان کو ظاہری دنیا سے بلند کر کے باطن کی دنیا کی طرف لے جاتی ہے۔ اس میں سالک کی وہ داخلی حالت جلوہ گر ہے جس میں وہ اپنی ذات کو مٹا کر حقیقتِ مطلق میں گم ہو جاتا ہے۔ اسی کیفیت کی ترجمانی ان کے اس شعر میں ملتی ہے:
مانندِ خلا ہے جانِ جہاں
بے لوث و صافی و پنہاں
تقسیمِ جز و کل سے برتر
قید اور بریت میں یکساں
غرض اودھوت گیتا  کا یہ ترجمہ نہ صرف اردو منظوم ترجمہ نگاری کی ایک عمدہ مثال ہے بلکہ ہندوستانی فلسفے اور اسلامی تصوف کے درمیان ایک فکری اور روحانی پل کی حیثیت بھی رکھتا ہے۔
’گلزارِ معانی ‘پنڈت دینا ناتھ مدن معجز دہلوی کا مجموعۂ غزلیات ہے، جو ان کی شاعرانہ بصیرت، روحانی فکر اور فلسفیانہ رجحانات کا آئینہ دار ہے۔ اگرچہ معجز دہلوی کو زیادہ شہرت ان کے منظوم تراجم، خصوصاً مخزنِ اسرار، پیامِ سالک اور ترانہ مجذوب کی وجہ سے حاصل ہوئی، تاہم ان کی غزل گوئی بھی اردو ادب میں ایک منفرد مقام رکھتی ہے۔
ان کی غزلوں میں روایتی عشقیہ مضامین کے بجائے تصوف، معرفت، وحدت، باطنی تجربات اور روحانی کیفیات نمایاں ہیں۔ ان کا کلام محض جذباتی اظہار نہیں بلکہ ایک گہری فکری اور روحانی جستجو کی علامت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گلزارِ معانی اردو کی صوفیانہ شاعری کی روایت میں ایک اہم اضافہ تصور کیا جاتا ہے۔
معجز دہلوی کی غزلوں میں توحید کا تصور نہایت گہرائی سے موجود ہے۔ ان کے نزدیک کائنات کی تمام رنگا رنگی ایک ہی حقیقت کا اظہار ہے۔ ظاہری کثرت کے پیچھے وحدت کا راز پوشیدہ ہے، اور انسان اگر بصیرت کی نگاہ پیدا کرے تو ہر شے میں ایک ہی نور کا جلوہ دیکھ سکتا ہے۔ان کا یہ شعر اسی تصور کی ترجمانی کرتا ہے:
ہمیں باہر نظر آتی ہے جو نیرنگیِ عالم
حقیقت میں وہ پرتو ہے ہمارے دل کے اندر کا
غرض پنڈت دینا ناتھ مدن معجز دہلوی اردو ادب کی اُن نابغۂ روزگار شخصیات میں شمار ہوتے ہیں جنھوں نے اپنی علمی، ادبی اور روحانی بصیرت کے ذریعے اردو زبان کے دامن کو وسعت عطا کی۔ ان کی ادبی خدمات کا سب سے نمایاں پہلو سنسکرت کے اہم روحانی اور فلسفیانہ متون ،خصوصاً شریمد بھگوت گیتا، اشٹاوکر گیتا اور اودھوت گیتا کے منظوم اردو تراجم ہیں، جنھیں انھوں نے بالترتیب مخزنِ اسرار، پیامِ سالک اور ترانۂ مجذوب کے نام سے اردو ادب میں پیش کیا۔ ان تراجم کی اہمیت صرف اس اعتبار سے نہیں کہ انھوں نے ایک زبان سے دوسری زبان میں مفاہیم منتقل کیے، بلکہ اس اعتبار سے بھی کہ انھوں نے ہندو فلسفے اور اسلامی تصوف کے درمیان ایک فکری اور روحانی ہم آہنگی پیدا کی۔ انھوں  نے پیچیدہ روحانی اور فلسفیانہ مضامین کو نہایت سادہ، سلیس اور شعری انداز میں بیان کر کے اردو منظوم ترجمہ نگاری کو ایک نئی جہت عطا کی۔
یہ کہنا بجا ہوگا کہ ان کی ادبی خدمات محض ترجمہ نگاری یا شاعری تک محدود نہیں بلکہ وہ ہندوستان کی مشترکہ تہذیب، بین المذاہب فکری روابط اور روحانی ادب کے ایک اہم نمائندہ ہیں۔ ان کا علمی و ادبی سرمایہ اردو ادب میں ایک قیمتی اضافہ ہے، جس پر مزید تحقیق اور تنقیدی مطالعے کی ضرورت ہے تاکہ نئی نسلیں ان کی فکری عظمت اور تہذیبی خدمات سے بہتر طور پر آگاہ ہو سکیں۔
Dr. Mohamed Saleem Pulsarakath
Associate Professor Department of Urdu
Farook College (Autonomous)
Kozhikode, Kerala-673632
Mob. 9497612434
Email: saleempulsarakath@farookcollege.ac.in

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Explore More

پروفیسردیوان حنان خاں کی یاد میں،مضمون نگار: معصوم مرادآبادی

اردودنیا،جنوری 2026: پروفیسردیوان حنان خاں نے جس خاموشی اور گوشہ نشینی کے ساتھ زندگی بسر کی ، وہ اسی خاموشی کے ساتھ دنیا سے رخصت ہوگئے۔ یہ خاموشی اتنی مہیب

ڈاکٹربشریٰ رحمن کی ادبی خدمات،مضمون نگار: ذاکر حسین ذاکر

اردودنیا،جنوری 2026: ڈاکٹربشریٰ رحمن(1940-2009) شہر گورکھپور کے ایک ایسے روشن خیال اور اعلیٰ تعلیم یافتہ خاندان سے تعلق رکھتی تھیں، جو عالمی شہرت کا حامل ہے۔ ان کے والد عبد القدوس

مولانا خیر رحمانی کے علمی وادبی نقوش،مضمون نگار:عبدالودود قاسمی

اردو دنیا، مئی 2026: دربھنگہ کی سرزمین زمانۂ قدیم سے علم و ادب کا گہوارہ رہی ہے،اس کی خاک سے بڑے بڑ ے جید علما، صوفیا، اطبا،شعرا وادبا پیدا ہوئے،