کلیم عاجزکی غزل گوئی: روایت اور اسلوب،مضمون نگار:محمد ناصر حسین

August 13, 2026 0 Comments 0 tags

اردو دنیا،اگست 2026:

کلیم عاجز نے غزل، نظم، نعت، مرثیہ اور رباعی جیسی مختلف اصناف میں طبع آزمائی کی ہے، لیکن ان کا اصل میدان غزل ہے۔ یہ بھی ایک قابلِ غور بات ہے کہ غزل کی صنف میں اتنا گہرا ڈوبنے کے لیے محض ذوق کافی نہیں، اس کے لیے روایت پر پکڑ اور اپنے مزاج کی گہری پہچان دونوں ضروری ہیں۔ کلیم عاجز کے یہاں یہ دونوں چیزیں موجود ہیں۔ وہ جمال پرست تھے اور شاعری سے انھیں عشق تھا۔ پیکر تراشی کے دلنواز نمونے ان کے یہاں جابجا دیکھنے کو ملتے ہیں۔ ان کے کلام میں اپنے ہم عصروں کے مقابلے میں ادا بندی، بیباکی، سہل پسندی اور مسلسل گوئی کا عنصر نمایاں ہے۔ یہ عناصر یوں ہی نہیں آ گئے، ان کے پیچھے ایک پوری روایت ہے جسے کلیم عاجز نے اپنے اندر جذب کیا اور پھر اپنی شرطوں پر باہر نکالا۔
روایت کے تناظر میں دیکھا جائے تو کلیم عاجز کا سب سے گہرا اور فطری رشتہ میر تقی میر سے ہے۔ اردو غزل کی تاریخ میں میر وہ پہلے شاعر ہیں جنھوں نے درد کو شاعری کی روح بنایا، سادہ زبان میں ایسی بات کہی جو دل کی گہرائی میں اترتی ہے اور اپنی ذات کے تجربے کو اس طرح پیش کیا کہ وہ ہر پڑھنے والے کا تجربہ بن جائے۔ کلیم عاجز نے یہی راستہ اپنایا۔ فرق صرف یہ ہے کہ میر کا درد ایک ٹوٹی ہوئی تہذیب کا ماتم ہے جب کہ کلیم عاجز کا درد تقسیمِ ہند کے خونی سانحے، عزیزوں کی شہادت، دربدری اور ذاتی محرومیوں کا حاصل ہے۔ یوں میر کی روایت کو انھوں نے اپنے عہد کی زبان اور اپنی زمین کا لہجہ دیا۔ غالب سے ان کا رشتہ نسبتاً مختلف نوعیت کا ہے۔ غالب کی پیچیدہ معنویت اور فلسفیانہ تہہ داری کلیم عاجز کے سہل پسند مزاج کے ساتھ نہیں چلتی، تاہم غالب کی طرح اپنے فن پر اعتماد اور تعلّی کا وصف انھوں نے ضرور اپنایا، البتہ اسے اپنی مٹی کے رنگ میں رنگا۔ داغ کی عوامی زبان اور محاورے کی چاشنی کا عکس بھی کلیم عاجز کے یہاں ملتا ہے، مگر داغ کی شوخی اور رنگینی کے بجائے کلیم عاجز نے سنجیدگی اور وقار کو ترجیح دی۔ اس طرح انھوں نے اردو غزل کی روایت کے مختلف دھاروں سے انتخابی رشتہ قائم کیا اور ہر جگہ سے وہی لیا جو ان کی شخصیت اور ان کے عہد کے لیے موزوں تھا۔
دبستانِ عظیم آباد کی شعری روایت بھی کلیم عاجز کی تفہیم میں کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔ شاد عظیم آبادی اور اس دبستان کے دیگر شعرا کی طرح کلیم عاجز کے یہاں بھی مقامی رنگ، علاقائی زبان کی چاشنی اور زمین سے جڑی ہوئی شاعری کا وصف موجود ہے۔ یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ کلیم عاجز اس روایت کے سب سے معتبر اور جاندار وارث ہیں جس نے شاعری کو عوام کی زبان اور عوام کے دل کے قریب رکھا۔ انھوں نے اس روایت کو نہ صرف آگے بڑھایا بلکہ اسے ایک نئی قومی اور ادبی شناخت عطا کی۔ جو کام دبستانِ دہلی اور دبستانِ لکھنؤ میں اپنی اپنی جگہ ہوا، اسی کا ایک اور رنگ دبستانِ عظیم آباد میں ملتا ہے اور کلیم عاجز اس رنگ کی سب سے روشن مثال ہیں۔ اس روایتی پس منظر کو سمجھے بغیر کلیم عاجز کے اسلوب کا صحیح اندازہ لگانا ممکن نہیں۔
روایت اور کلیم عاجز کے اس رشتے کو بیان کرنے میں پروفیسر عتیق اللہ نے ایک جامع بات کہی ہے جو اس مقام پر نقل کرنا ضروری معلوم ہوتا ہے:
’’روایت کو قبول کرنے یا نہ کرنے کے ان کے اپنے کچھ شعری جواز ہوں گے۔ اتنی بات ضرور ہے کہ وہ خواہ مخواہ روایت سے خوف نہیں کھاتے اور نہ ہی روایت کے لیے راستے کھلے رکھتے ہیں بلکہ وہ اسے اخذ بھی کرتے ہیں تو اپنی شرطوں پر۔ اس کا مطلب یہ بھی نہیں کہ کلیم عاجز تجربہ پسند شاعر تھے، وہ تجربہ پسند تو قطعاً نہیں تھے لیکن روایت کو تجربۂ ذات کے ساتھ مربوط کر کے دیکھنے کا ان کا اپنا ایک انداز تھا۔ اس لیے کلیم عاجز روایت کو من و عن قبول نہیں کرتے اس سے دو دو ہاتھ کرتے، جھگڑتے اور پھر کچھ نہ کچھ ٹوٹ پھوٹ سے عاری ہے تو اس کا ایک مطلب یہ تھا کہ وہ اپنے عصر کی شاعری کے مقبول عام رجحانات اور محاورے کو فیشن کے طور پر قبول کرنے سے انکار کرتے ہیں…‘‘
(سہ ماہی بھاشا سنگم، جنوری تا جون 2019، ص 97)
یہ بات اس لیے اہم ہے کہ اردو غزل کی روایت میں تجربے کی صداقت ہمیشہ سے کلیدی معیار رہی ہے۔ میر نے جو کہا وہ جھیلا تھا، غالب نے جو لکھا وہ محسوس کیا تھا۔ کلیم عاجز کا معاملہ بھی یہی ہے۔ تقسیمِ ملک کا وہ خونی سانحہ، عزیز و اقربا کی شہادت، دربدری اور بھائی کا فراق یہ محض موضوعات نہیں بلکہ ان کی شاعری کی اصل جڑیں ہیں۔ اسی تجربے نے انھیں روایت کا معتبر وارث بنایا اور اسی نے ان کے اسلوب کو ایک الگ وزن اور گہرائی دی۔ جو شاعر محض روایت کا پیروکار ہوتا ہے وہ نقال رہتا ہے، مگر جب روایت کسی جیے ہوئے تجربے سے گزرتی ہے تو نئی شاعری جنم لیتی ہے۔ کلیم عاجز کے یہاں یہی ہوا۔
اب کلیم عاجز کے اسلوب کی بنیادی خصوصیات کی طرف آتے ہیں۔ ان کے اسلوب کا پہلا اور سب سے نمایاں وصف عربی و فارسی الفاظ کے بجائے عوامی زبان، خصوصاً عظیم آباد کی علاقائی بولیوں کا خوبصورت استعمال ہے۔ اس پہلو پر غور کریں تو معلوم ہوتا ہے کہ یہ محض زبان کا معاملہ نہیں بلکہ ایک شعری موقف ہے۔ کلیم عاجز کا یہ انتخاب اس بات کا اعلان ہے کہ شاعری صرف فارسی دان یا عربی دان طبقے کے لیے نہیں، بلکہ وہ عوام کے لیے ہے جو بازار میں بولتے اور گھروں میں جیتے ہیں۔ ان کے اشعار میں اس کی جھلک دیکھیے ؎
اس کی فکر نہ کیجو عاجز کون یہاں کیا بولے ہے
کرنے والا کام کرے ہے بولنے والا بولے ہے
بنسی تو اک لکڑی ٹھہری بنسی بھی کیا بولے ہے
بنسی کے پردے میں پیارے کرشن کنہیا بولے ہے
یہ الفاظ اور یہ لہجہ اردو کی ادبی زبان میں بالعموم نہیں ملتا۔ لیکن کلیم عاجز نے انھیں ایسے سلیقے سے برتا ہے کہ یہ اجنبی نہیں لگتے بلکہ قاری کے دل کی آواز معلوم ہوتے ہیں۔ یہاں یہ نکتہ بھی قابلِ توجہ ہے کہ علاقائی بولی کا یہ استعمال کلیم عاجز کے فن کی کمزوری نہیں بلکہ ایک شعوری ادبی انتخاب ہے جو انھیں اپنی مٹی سے جوڑے رکھتا ہے اور ان کی شاعری کو ایک مخصوص جغرافیائی اور ثقافتی شناخت عطا کرتا ہے۔ مگدھی اور دیسی لہجے کا یہ رنگ انھیں دبستانِ عظیم آباد کی روایت کا حصہ بناتا ہے اور بیک وقت اس روایت کو ایک نئی بلندی تک لے جاتا ہے۔
دوسری خصوصیت یہ ہے کہ کلیم عاجز غمِ جاناں کو غمِ دوراں اور غمِ دوراں کو غمِ جاناں بنا دیتے ہیں۔ ان کے اشعار میں ذاتی دکھ اور اجتماعی کرب اس طرح گھل مل جاتے ہیں کہ انھیں الگ کرنا ممکن نہیں رہتا۔ یہ وہ مقام ہے جہاں شاعری محض اظہار نہیں رہتی بلکہ ایک اجتماعی تجربے کی ترجمان بن جاتی ہے۔ اردو غزل کی روایت میں یہ وصف میر کے یہاں سب سے زیادہ نمایاں ہے اور کلیم عاجز نے اسے اپنے عہد کے تناظر میں نئے سرے سے زندہ کیا۔ چند اشعار دیکھیے ؎
جھومتے ہیں سب مرے اشعار پر
میرے دل میں سب کے دل کی بات ہے
جو سبب بن گیا محفل کی پریشانی کا
وہ فسانہ تھا مری سوختہ سامانی کا
مری شاعری میں نہ رقصِ جام نہ مے کی رنگ فشانیاں
وہی دکھ بھروں کی حکایتیں وہی دل جلوں کی کہانیاں
پہلے شعر میں جو دعویٰ ہے ’’میرے دل میں سب کے دل کی بات ہے‘‘ یہ محض شاعرانہ مبالغہ نہیں۔ یہ اس حقیقت کا اعتراف ہے کہ کلیم عاجز کا درد اتنا آفاقی ہے کہ مختلف لوگ اس میں اپنا اپنا درد پہچانتے ہیں۔ یہی وہ خصوصیت ہے جو کسی شاعر کو مقبول سے عظیم بناتی ہے۔
تیسری خصوصیت سادہ الفاظ میں بلند خیالی اور معنی آفرینی ہے، جسے اردو تنقید میں سہلِ ممتنع کہا جاتا ہے اور جسے حاصل کرنا سب سے مشکل ہے۔ کلیم عاجز کے اسلوب پر غور کرتے ہوئے اس پہلو کی گواہی خود ان کے اشعار دیتے ہیں ؎
کبھی جو گوشۂ خلوت میں شمع ہاتھ آئی
لپٹ کے رو لیے یاران انجمن کے لیے
ہم ان سے شکوۂ بے داد کیا کریں عاجز
یہاں تو پاس وفا قفل ہے دہن کے لیے
تجھے سنگ دل یہ پتا ہے کیا کہ دکھے دلوں کی دوا ہے کیا
کبھی چوٹ تو نے بھی کھائی ہے کبھی تیرا دل بھی دکھا ہے کیا
تو رئیسِ شہر ستمگراں میں گدائے کوچۂ عاشقاں
تو امیر ہے تو بتا مجھے میں غریب ہوں تو برا ہے کیا
پہلے دو اشعار میں تقسیمِ ملک کا درد، بے گھری کا کرب اور وطن سے محبت کا جذبہ ایک ہی مصرعے میں سمٹ آیا ہے۔ ظاہر میں یہ ایک سادہ بات ہے مگر اس سادگی کے پیچھے معنی کی ایک پوری دنیا آباد ہے۔ اگلے دو شعروں میں طبقاتی امتیاز پر جو طنز ہے وہ آج بھی اتنا ہی تازہ اور چبھتا ہوا ہے جتنا اس وقت تھا۔ اس طرح کلیم عاجز کی بظاہر سادہ شاعری ایک سماجی دستاویز کا درجہ بھی رکھتی ہے جسے ادبی تنقید میں اکثر نظرانداز کیا گیا ہے۔
اسلوب کی چوتھی خصوصیت آپ بیتی کو پوری صداقت کے ساتھ پیش کرنا ہے۔ کلیم عاجز کی شاعری محض تخیل کی اڑان نہیں بلکہ جیے ہوئے لمحوں کی تعبیر ہے۔ جو کچھ انھوں نے بھوگا وہی انھوں نے لکھا اور اسی صداقت نے ان کے کلام کو لازوال بنایا۔ یہ بات یاد رہے کہ محض ذاتی تجربہ شاعری کو عظیم نہیں بناتا، عظیم وہ شاعری بنتی ہے جو ذاتی تجربے کو آفاقی سچ میں بدل دے۔ کلیم عاجز کی خوبی یہ ہے کہ انھوں نے تقسیمِ ملک کا ذاتی درد، عزیزوں کی شہادت اور دربدری کا کرب اس طرح بیان کیا کہ ہر وہ شخص جس نے کبھی کوئی گہرا نقصان اٹھایا ہو، اس شاعری میں اپنا عکس پا لیتا ہے۔ کلیم عاجز نے عنفوانِ شباب میں جو حالات کے ستم دیکھے انھیں قیامتِ صغریٰ سے بھی تعبیر کیا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ ان حادثوں کے بعد تاحیات جب بھی ان کی آنکھیں بھیگیں تو آنسوؤں میں اس درد کا نمک پایا گیا اور جب بھی مسکرائے تو زخموں نے انہی ان کا ماضی یاد دلایا:
یہ جو آہ و نالہ و درد ہیں کسی بے وفا کی نشانیاں
یہی میرے دن کے رفیق ہیں یہی میری رات کی رانیاں
کبھی آنسوؤں کو سکھا گئیں مرے سوزِ دل کی حرارتیں
کبھی دل کی ناؤ ڈبو گئیں مرے آنسوؤں کی روانیاں
چند آہوں کا مرقع ہے کلامِ عاجز
ڈال رکھا ہے نقاب اس پہ غزل خوانی کا
پانچویں خصوصیت غزل میں مسلسل گوئی کا وصف ہے جو کلیم عاجز کے اسلوب کو ایک خاص امتیاز بخشتا ہے۔ وہ ایک ہی موضوع کو تسلسل کے ساتھ اس طرح بیان کر دیتے ہیں کہ غزل اور نظم دونوں کی لذت بیک وقت حاصل ہو جائے۔ یہ تسلسل محض اتفاقی نہیں بلکہ کلیم عاجز کی فنی بصیرت کا ثبوت ہے۔ وہ جانتے تھے کہ جدید قاری کو غزل کی روایتی بکھری ہوئی ابیات پرستی سے آگے جا کر ایک ایسی کیفیت کی ضرورت ہے جو مسلسل اور یکسو رہے۔ اسی لیے ان کی غزلیں پڑھتے ہوئے ذہن کا دھیان نہیں بٹتا، بات ایک سرے سے دوسرے سرے تک بہتی چلی جاتی ہے۔ ایک مسلسل غزل سے چند اشعار دیکھیں؎
جب بھی تری نظروں نے شہ دل کو ذرا دی ہے
کہہ دی ہے غزل ہم نے اور تجھ کو سنا دی ہے
رنگوں کی ہنر مندی لفظوں میں چھپا دی ہے
جو بات بھی کہہ دی ہے تصویر بنا دی ہے
اے صنفِ غزل تیری توقیر بڑھا دی ہے
تو اور جواں ہوگی جا میں نے دعا دی ہے
ہر سمت ڈھنڈھورا ہے ہر سو یہ منادی ہے
عاجز کو خوشی مت دو یہ درد کا عادی ہے
اس غزل میں ہر شعر ایک مستقل اکائی ہونے کے ساتھ ساتھ اگلے شعر کا سیاق بھی ہے۔ یہ وہ فن ہے جو غزل کی روایت میں نادر ہے اور کلیم عاجز نے اسے بار بار اور کامیابی سے برتا ہے۔
کلیم عاجز کے اسلوب کی ایک اور اہم خصوصیت جس پر تنقیدی نظر ڈالنا ضروری ہے وہ تعلّی کا وصف ہے۔ اردو شاعری کی تاریخ میں میر، غالب اور اقبال نے بھی اپنے فن پر ناز کا اظہار کیا ہے، مگر اس کے پیچھے ان کے کلام کا وہ ٹھوس سرمایہ تھا جو خود اس دعوے کی دلیل بنتا تھا۔ کلیم عاجز کے یہاں بھی تعلّی کے اشعار کی کمی نہیں ؎
ساتھ عاجز کے گیا سوزِ سخن سازِ سخن
پھر کوئی ایسا غزل خواں نہ زمانے سے اٹھا
بیاں جب کلیم اپنی حالت کرے ہے
غزل کیا کہے ہے قیامت کرے ہے
آزمانا ہے اگر بازو و دل کی قوت
تو بھی شمشیر اٹھا ہم بھی غزل کہتے ہیں
ان اشعار میں اعتماد ہے اور یہ اعتماد بے بنیاد نہیں بلکہ ان کا کلام خود اس کا جواز فراہم کرتا ہے۔ تاہم ناقد کا کام یہ ہے کہ وہ دعوے اور دلیل دونوں کو ایک ساتھ پرکھے۔ جب تعلّی کثرت سے آئے اور ہر غزل میں اپنی برتری کا اعلان ہو تو یہ فنی اعتماد کی بجائے عادتِ ثانیہ بننے لگتی ہے اور ایک حد پر پہنچ کر قاری کو خوشگوار نہیں لگتی۔ اس پہلو کو نظرانداز کرنا کلیم عاجز کے ساتھ تنقیدی انصاف نہیں ہوگا۔
کلیم عاجز کے اسلوب کا ایک اور پہلو جو توجہ کا مستحق ہے وہ طنز کا استعمال ہے۔ وہ شیخ، ناصح اور واعظ کو بیچ میں لاتے ہیں مگر ان کے ساتھ برتاؤ میں کلاسیکی رسمی مخالفت نہیں بلکہ ایک سچا اور تیکھا طنز ہے جو ان کے اپنے مشاہدے اور تجربے سے نکلتا ہے؎
جنابِ شیخ پر افسوس ہے، ہم نے تو سمجھا تھا
حرم کے رہنے والے ایسے نامحرم نہیں ہوں گے
مجھ سے چاہیں تو اہلِ خرد مانگ لیں
تھوڑی آشفتگی تھوڑا دیوانہ پن
ان اشعار میں طنز کی جو دھار ہے وہ کلیم عاجز کے اسلوب کا ایک اہم لیکن کم زیر بحث آنے والا پہلو ہے۔ کلاسیکی غزل میں شیخ کی مخالفت ایک رسمی عمل تھا جو تقریباً ہر شاعر کرتا تھا۔ کلیم عاجز نے اسی روایتی عمل کو ایک نئی اور ذاتی معنویت دی اور یوں روایت کو نئے سیاق میں زندہ کیا۔
اسلوب کے حوالے سے عظیم ناقد کلیم الدین احمد کی ایک جامع رائے جو کلیم عاجز کی شاعری کی داخلی ساخت کو سمجھنے میں معاون ہے، اسے یہاں نقل کرنا مناسب معلوم ہوتا ہے:
’’کلیم عاجز کے شعروں کو سمجھنے میں کوئی دشواری نہیں ہوتی۔ وجہ یہ ہے کہ ان کے شعروں میں ایک مخصوص سادگی ہے۔ ان کے الفاظ جانے پہچانے اور ان کی ترکیبیں ایسی سیدھی سادی ہوتی ہیں کہ مفہوم فوراً ذہن نشین ہو جاتا ہے۔ یہ نہیں کہ ان کے اشعار سطحی ہوتے ہیں، بلکہ الفاظ، ترکیبوں اور معنی کے درمیان کوئی پردہ نہیں رہتا۔ یوں کہیے کہ ان کے الفاظ ایسے شفاف ہیں کہ معنی کو ایک نگاہِ غلط انداز بھی پا لیتی ہے۔‘‘
(کلیم الدین احمد، وہ جو شاعری کا سبب ہوا، طوبیٰ پبلی کیشنز، حیدرآباد، طبعِ سوم: 1996، ص:29)
یہ رائے اپنی جگہ بالکل درست ہے مگر اس کے ساتھ یہ بھی دیکھنا ضروری ہے کہ اس سادگی اور شفافیت کا منبع کہاں ہے۔ کلیم عاجز نے یہ سادگی روایت کو توڑ کر نہیں بلکہ روایت کو اپنے مزاج کے رنگ میں ڈھال کر حاصل کی ہے۔ انھوں نے فارسی آمیز اور علمی اصطلاحات سے لدے اسلوب کو چھوڑا، مگر غزل کی روایتی بحروں، ردیف و قافیے کی پابندی اور شعری مزاج کو برقرار رکھا۔ اس طرح ان کا اسلوب نہ روایت کی نفی ہے نہ اس کی اندھی تقلیدبلکہ یہ ایک تخلیقی مکالمہ ہے جو ایک باشعور فنکار اپنی روایت کے ساتھ کرتا ہے۔
کلیم عاجز کے کلام کے کلیدی الفاظ میں غم، دکھ، بہار، دامن، لہو، صحرا، چمن، آنسو، آہ اور ٹیس بنیادی ہیں۔ ان کے اسلوب میں حسن و عشق کی باتیں کم اور درد و غم و اندوہ کا بیان زیادہ ہے۔ یہ درد محض موضوع نہیں، یہ ان کا اسلوب ہے، ان کا لہجہ ہے اور ان کی شناخت ہے۔ موضوع کے لحاظ سے چاہے وہ حمدِ باری لکھیں یا نعت، عشق کے مضامین باندھیں یا سیاست کے، اخلاقیات کو موضوع بنائیں یا پند و نصیحت کو، سب میں درد کا کوئی نہ کوئی عنصر ضرور موجود رہتا ہے۔
کلیم عاجز کو گل و بلبل و چمن جیسی فرسودہ علامتوں سے گریز ہے اور جہاں یہ علامتیں استعمال ہوئی بھی ہیں وہاں انھیں نئے سیاق میں برتا گیا ہے۔ روایتی علامتوں کا یہ تخلیقی استعمال اس بات کی دلیل ہے کہ کلیم عاجز روایت کے باشعور اور ہوشیار وارث ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ روایت کی طاقت اس میں ہے کہ اسے نئے معنی دیے جائیں نہ کہ اسے حرفاً حرفاً دہرایا جائے ؎
خوشی کیا ہے کسی آوارۂ وطن کے لیے
بہار آئی تو آیا کرے چمن کے لیے
یہاں چمن اور بہار روایتی علامتیں ہیں مگر ان کا سیاق نیا ہے۔ تقسیم کا درد، بے گھری کا کرب یہی کلیم عاجز کا فن ہے۔تاہم ایک اہم نکتہ جو تنقیدی ایمانداری کا تقاضا کرتا ہے وہ یہ ہے کہ کلیم عاجز کے اسلوب کا مرکزی محور درد اور غم تک محدود رہا۔ یہ بات جہاں ان کی عظمت کی دلیل ہے وہیں ایک حد تک ان کی محدودیت کی بھی نشاندہی کرتی ہے۔ اردو غزل کا دامن بہت وسیع ہے۔ اس میں فلسفے کی گہرائی بھی ہے، طنز کی تیزی بھی، عشق کی لطافت بھی اور سماجی شعور کی پختگی بھی۔ کلیم عاجز نے اپنی شاعری کا بیشتر حصہ درد کی ایک ہی وادی میں بسر کیا۔ یہ وادی شاعری کے باب میں بلاشبہ سرسبز اور دلکش ہے، مگر اس سے باہر کی دنیا بھی اتنی ہی بامعنی ہے۔ یہ کہنا ناانصافی نہ ہوگی کہ اگر کلیم عاجز نے اپنے موضوعاتی دائرے کو تھوڑا اور وسیع کیا ہوتا تو ان کا کلام اور بھی کثیر الجہات ہوتا۔
یہ بھی ایک افسوسناک حقیقت ہے کہ کلیم عاجز کے زیادہ تر ناقدین نے ان کے محاسن بیان کرنے میں اس قدر فیاضی دکھائی ہے کہ معائب کی طرف نظر ہی نہیں گئی۔ تعریف کو تنقید کا لباس پہنانا نہ ادب کی خدمت ہے نہ شاعر کی۔ ایک ناقد کا اصل امتحان یہ ہے کہ وہ اپنی پسند اور نا پسند سے بالاتر ہو کر متن کو اس کی پوری پیچیدگی میں دیکھے۔ کلیم عاجز ایک بڑے شاعر ہیں اور بڑے شاعر اس بات کے مستحق ہیں کہ ان کے ساتھ بڑی تنقید ہو۔
مجموعی طور پر کلیم عاجز کو اردو کی حزنیہ شاعری کے اماموں میں شمار کیا جا سکتا ہے۔ انھوں نے اردو غزل کی کلاسیکی روایت سے درد کی میراث لی، دبستانِ عظیم آباد سے زمین سے جڑے لہجے کی نعمت پائی اور ان دونوں کو ملا کر ایک ایسا اسلوب تراشا جو خالص ان کا اپنا ہے۔ یہ اسلوب روایت کی توسیع بھی ہے اور اس سے ایک تخلیقی انحراف بھی نیز یہی وہ تناؤ ہے جو کلیم عاجز کی شاعری کو زندہ اور بامعنی رکھتا ہے۔ 2015 میں کلیم عاجز اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے اور اردو ادب ایک ایسی آواز سے محروم ہو گیا جسے دوبارہ پیدا کرنا ممکن نہیں۔ انہی کے ایک شعر پر اپنی بات ختم کرتے ہیں جو ان کی شاعری کا ایک حد تک نمائندہ بھی ہے اور ان کی انفرادیت کا اعلان بھی ؎
یہ طرزِ خاص ہے کوئی کہاں سے لائے گا
جو ہم کہیں گے کسی سے کہا نہ جائے گا

Md Nasir Husain
MM Johar Hall of Boys Room No.:3
Jamia Millia Islamia, Jamia Nagar,
New Delhi-110025
Mob: 8674840809
Email: nkmisbahi0@gmail.com

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Explore More

غالب کی فارسی شاعری،مضمون نگار:ملک سلیم جاوید

اردو دنیا،دسمبر 2025: مرزا اسداللہ خاںغالب نہ صرف اپنے عہد کے سب سے بڑے شاعر تھے بلکہ وہ اس دور کی خاص شاعرانہ روایات کے بہترین ترجمان بھی ہیں۔ غالب

نظیراکبر آبادی کی شاعری میں متصوفانہ رجحان،مضمون نگار:نعیمہ جعفری پاشا

اردو دنیا، اپریل 2026: تصوف ایک فکر ہے، سوچ ہے، نظریہ ہے ۔ یہ ایک عقیدہ اور یقین ہے جس کا تعلق قلب اور باطن سے ہوتاہے۔ یہ کوئی مسلک

معاصر اردو غزل کی شعریات ،مضمون نگار:ڈاکٹرلیاقت علی

اردو دنیا، مارچ2026: انسان جب اپنے خارجی اور داخلی تجربات کو الفاظ کی گرفت میں لانے کی کوشش کرتا ہے، تو ایک نیا تخلیقی عمل جنم لیتا ہے جسے ہم